جب تک عمران خان سیاست سے مائنس نہیں ہوں گے استحکام نہیں آئے گا: عطاء تارڑ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ جب تک سابق وزیراعظم عمران خان سیاست سے مائنس نہیں ہوں گے یہ پاکستان میں استحکام نہیں آنے دیں گے۔
اپنے ایک بیان میں لیگی رہنما عطاء تارڑ نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو برا بھلا مت کہا جائے، چیف الیکشن کمشنر کو پی ٹی آئی نے تعینات کیا ہے، جب عمران خان کی مرضی نہیں چلتی تو اداروں کو گالیاں دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جب تک سیاست سے مائنس نہیں ہوں گے یہ پاکستان میں استحکام نہیں آنے دیں گے، سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے معاشی عدم استحکام آتا ہے، عمران خان اکانومی کو خراب کرنا چاہتے ہیں، معاشی استحکام بھی آئے گا اور سیاسی استحکام بھی آئے گا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ مریم نواز کا عظیم الشان استقبال کریں گے، جو ق در جوق قافلے مریم نواز کے استقبال کے لئے لاہور آ رہے ہیں، عمران خان کو سیاست کے میدان سے باہر پھینکیں گے۔
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی دیرینہ خواہش تھی کہ مونس الہٰی گرفتار ہو، میں مونس الہٰی کو کہوں گا الیکشن آ رہا ہے واپس آجائیں، اپنے باپ کو مشکل میں چھوڑ کر باہر نہیں بھاگا جاتا، واپس آکر سامنا کریں۔

ملک کو دہشتگردی سے زیادہ موجودہ حکومت نے نقصان پہنچایا: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک کو دہشتگردی سے زیادہ اس حکومت نے نقصان پہنچایا ہے، ادارے اور اثاثے جان سے زیادہ عزیز ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ معاشی سیاسی دہشت گرد اور قبضہ گروپ لوگوں کی بوٹیاں نوچ رہے ہیں، انکا مسئلہ غریب کو ریلیف نہیں تکلیف دینا اور اپنے کیس ختم کرانا ہے،90 دن میں الیکشن نہ ہوئے تو سڑکوں پر فیصلہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کرنسی رل گئی، ڈالر270 کا ہوگیا، پٹرول کی قیمتیں بھی بڑھیں گی، قوم پیٹ پر پتھر باندھ لے گی، قومی خودمختاری پر سودا نہیں کرے گی، 10 فروری تک آئی ایم ایف سے امداد کی شرائط طے ہونگی، ملک کو آئی ایم ایف کے ذبح خانوں میں ڈالنے کی شرائط بتائی جائیں۔
سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ لال حویلی پر قبضے کا خواب دیکھنے والے ذلیل اور رسوا ہونگے اور ہم انکا مقابلہ کریں گے، فتح حق کی ہوگی۔

فواد چودھری نے بھی جوڈیشل مجسٹریٹ کا فیصلہ چیلنج کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے کیس میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے بھی جوڈیشل مجسٹریٹ کا فیصلہ چیلنج کر دیا۔
سیشن کورٹ میں رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری نے الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے کیس سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کر دی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فواد چودھری کو جوڈیشل نہیں ڈسچارج کرنا بنتا تھا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ فواد چودھری کو کیس سے ڈسچارج کیا جائے جس پر سیشن جج طاہر محمود خان نے سٹیٹ اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیئے۔

لاہور : طلبا تنظیم کی ہنگامہ آرائی ، پولیس کی بھاری نفری پنجاب یونیورسٹی پہنچ گئی

لاہور : (ویب ڈیسک) پنجاب یونیورسٹی میں ٹیچر کی جانب سے طالب علم کو ہراساں کرنے کے معاملہ پر گزشتہ رات ہنگامہ آرائی کے باعث حالات کشیدہ ، پولیس کی بھاری نفری یونیورسٹی پہنچ گئی۔
ذرائع کے مطابق سٹوڈنٹ تنظیم کی جانب سے وی سی آفس کے باہر احتجاج کیا جارہا ہے ، احتجاج کے دوران طلبا کا یونیورسٹی کے سکیورٹی گارڈزسے تصادم ہوگیا۔
بعدازاں جب پولیس موقع پر پہنچی تو طلبہ اور پولیس کے درمیان بھی تصادم ہوگیا، جس کے بعد ایس پی اقبال ٹاؤن مزید نفری کے ہمراہ یونیورسٹی پہنچ گئے اور پولیس کی جانب سے طلبہ پر بھرپور لاٹھی چارج کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق طلبہ تنظیم نے وی سی آفس کے باہر ٹائروں کو آگ لگا رکھی ہے، تنظیم کے طلبا کا الزام ہے کہ ان کے متعدد ساتھی طلباء پر تشدد کیا گیا ہے ۔
طلباء تنظیم کا موقف ہے کہ جب تک ہمارے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا جائیگا پر امن احتجاج جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب پولیس کی بھاری نفری کو یونیورسٹی میں تعینات کردیا گیا ہے ، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس پر حملہ آور تنظیم کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے اور معاملہ کو پر امن رکھنے کی کوشش جاری ہے۔

پرویز الہٰی کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست جمع کرا دی گئی۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز لہٰی کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پاکستان جسٹس پارٹی کی جانب سے تھانہ انارکلی میں جمع کروائی گئی۔
جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ صوبائی اسمبلی توڑنے کے عمل سے پنجاب میں 36 ارب روپے کا نقصان ہوا جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی عبادت گاہ پر حملہ،7 افراد ہلاک

مدھیہ پردیش: (ویب ڈیسک) مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی عبادت گاہ پر حملے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہو گئے۔
مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی عبادت گاہ پر حملہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے حملے کے دو روز بعد ہواہے ۔ اسرائیلی حملے کے دوران 9 فلسطینیوں کی ہلاکت سے ماحول کشیدہ ہے۔
غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق یہودی عبادت گاہ میں فائرنگ کے وقت لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ حملے میں 7 افراد ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوئے ۔پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی ہلاک ہوگیا۔
حماس کے ترجمان حازم قاسم نے خبررساں ادارے روئٹرز کو دیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ کارروائی جنین میں قابضین کے جرائم کا جواب اور قابضین کے مجرمانہ اقدامات کا قدرتی ردعمل ہے۔
اسلامی جہاد تنظیم نے بھی اس حملے کا خیر مقدم کیا گیا ہے تاہم کسی فلسطینی گروپ نے تاحال اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
امریکا کے صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم سے رابطہ کرکے فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی اور اسے دہشت گردی کا خوفناک حملہ قرار دیاتاہم مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی دہشتگردی پر کوئی مذمت نہیں کی گئی۔

بھارتی فضائیہ کے 2طیارے آپس میں ٹکرا کرتباہ

مدھیہ پردیش: (ویب ڈیسک) بھارتی فضائیہ کے دو طیارے آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوگئے۔
بھارتی ریاست مدھیہ پردیش اور ریاست راجھستان کی سرحد پر ضلع مورینا میں بھارتی فضائیہ کے دو طیارے آپس میں ٹکرا گئے۔
حادثے میں ٹکرا کر تباہ ہونیوالے طیاروں میں سخوئی تھرٹی اور میراج شامل ہیں۔ دونوں طیاروں نے جنگی مشقوں کے دوران گوالیاراائیر بیس سے اڑان بھری تھی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز دنیا میں نفرت کے پھیلاؤ کا ذریعہ بن رہے ہیں : گوتریس

نیو یارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دنیا کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نفرت کے پھیلاؤ کا ذریعہ بن رہے ہیں، اس نفرت کی روک تھام کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں ۔
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے گذشتہ روز ہولو کاسٹ کے سلسلے کی ایک یادگاری تقریب سے خطاب میں کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے یہود مخالف ، نسل پرستی کے پراپیگنڈہ کے علاوہ اسلام کے خلاف بھی مہم جاری ہے ، اس کے علاوہ خواتین کو ہراساں کرنے کے بارے میں بھی ایسی مہم مسلسل چلائی جارہی ہیں ، اس سلسلے کو روکا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ صارفین کو سوشل میڈیا نے سکرین کے ساتھ جوڑ رکھا ہے اور اس نفرت میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے ، جبکہ اشتہار بازی کرنے والے اس کاروباری ماڈل کو معاونت فراہم کررہے ہیں ۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے 1933 اور آج کی دنیا کے درمیان مماثلت بیان کرتے ہوئے کہا: ” خطرے کی گھنٹیاں 1933 میں پہلے ہی بج رہی تھیں، لیکن بہت کم لوگوں نے سننے کی زحمت کی، اور بہت کم لوگ بولے ، نفرت پر مبنی وہی خطروں کی گھنٹیوں کی بازگشت آج بھی سنائی دے رہی ہے ۔ ”
انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسی دنیا میں رہ رہے ہیں جس میں معاشی بحران عدم اطمینان پیدا کر رہا ہے ، رہنما بحران کو ووٹ حاصل کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں اور غلط معلومات، سازشی تھیوریز، اور نفرت انگیز تقاریر تیزی سے پھیلتی ہیں ۔
گوتریس کا کہنا تھا ہم جانتے ہیں کہ کس قدر جلد یہ نفرت انگیز تقریریں زبانی تشدد میں بدلتی ہیں اور زبانی تشدد کس طرح جسمانی تشدد میں تبدیل ہو جاتا ہے ، اس صورت حال میں سماجی تنوع اور توازن متاثر ہو رہے ہیں اور وہ اقدار اور اصول مجروح ہو رہے ہیں جو ہم انسانوں کو آپس میں جوڑتے ہیں ۔
سربراہ اقوام متحدہ کافی عرصے سے سوشل میڈیا کی کمپنیوں کی طاقت کے بارے میں خبردار کرتے آ رہے ہیں اور ان کے لیے ریگولیشنز، ذمہ داری کے احساس اور شفافیت پر زور دے رہے ہیں ۔
انہوں نے اپنے خطاب میں دنیا میں بڑھتی ہوئے نفرت کو روکنے اور حکومتوں کو اس جانب توجہ دینے کی اپیل کی ہے ۔

بھارت : ہسپتال میں خوفناک آتشزدگی ، ڈاکٹر میاں بیوی سمیت 6 افراد ہلاک

نیو دہلی : (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست جھار کھنڈ کے علاقے دھن باد کے ایک ہسپتال میں آتشزدگی سے ڈاکٹر میاں بیوی سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دھن باد میں واقع ہزرا ہسپتال کی دوسری منزل پر گزشتہ رات شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ہی ہسپتال کی دو منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔
آگ کے باعث دم گھنٹے سے ڈاکٹر وکاس ہزار اور ان کی بیوی ڈاکٹر پرما ہزرا سمیت 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 9 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ، فائر بریگیڈ کی دو گاڑیوں نے ہسپتال میں لگی آگ پر قابو پایا۔
امدادی ٹیموں نے زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔

انٹیلی جنس ایجنسیز نے بڑی تباہی سے بچا لیا،خودکش حملہ آوروں کا نیٹ ورک گرفتار

پشاور: (ویب ڈیسک) انٹیلی جنس ایجنسیوں کا بروقت ایکشن، سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خود کش حملہ آوروں کے بڑے نیٹ ورک کو پکڑ لیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے بروقت کارروائیاں کر کے ملک کو بڑی تباہی سے بچا لیا ہے، سکیورٹی ایجنسیوں کی کارروائی کے دوران خود کش حملوں کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا ہے، دہشت گرد نیٹ ورک سے افغان موبائل سمز، منشیات اور کرنسی برآمد بھی برآمد کی گئی ہیں۔
موصول اطلاعات کے مطابق 19 جنوری کو جمرود تختہ بیگ چیک پوسٹ پر خود کش حملہ آور داخل ہوا تھا، اس حملے میں دہشت گرد نے فائرنگ سے 3 پولیس اہلکاروں کو شہید کیا تھا، فورسز سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران حملہ آور نے خود کو بم سے اڑا لیا تھا، حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
بعد ازاں فورسز نے دہشت گردوں کی گولیوں کے خول اور جسم کے اعضاء کو فرانزک ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری بھیجا تھا، جیو فینسنگ اور حاصل کردہ کلوز سرکٹ ٹیلی وژن( سی سی ٹی وی) فوٹیج کا تجزیہ کیا گیا تو 21 جنوری کو یہ بات سامنے آئی کہ خودکش حملے کے پیچھے عمر نامی کالعدم ٹی ٹی پی دہشت گرد تھا۔
ٹی ٹی پی دہشت گرد عمر کو تحصیل جمرود کے رہائشی ستانا جان نے سہولت فراہم کی، 23 جنوری کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں فرمان اللہ اور عبدالقیوم کو پکڑا گیا جس کے بعد ٹی ٹی پی نے قبول کیا کہ کارروائی میں سہولت کار ستانا جانا مارا گیا۔
واقعہ کے بعد 27 جنوری کو 3 مشتبہ افراد کی پہلے سے موجودگی کی اطلاع پر ایک اور بڑا آپریشن کیا گیا، اس آپریشن میں سہولت کار فضل امین، فضل احمد، محمد عامر اور حماد اللہ کو گرفتار کیا گیا، ستانا جان کے خلاف کارروائی میں دو افغان شہری بھی پکڑے گئے، جب کہ سہولت کار فضل احمد نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ خود کش حملہ آور افغان شہری تھا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خود کش حملہ آور کو ستانا جان پاکستان لے کر آیا تھا، ستانا جان نے خود کش حملہ آور کو ہتھیار اور خود کش جیکٹ بھی فراہم کیں، سہولت کار فضل احمد نے 18 جنوری کو اپنے موبائل سے جائے وقوعہ کی تصاویر لیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ستانا جان کالعدم ٹی ٹی پی شمالی وزیرستان میں اپنا نیٹ ورک چلا رہا تھا، ستانا جان چھپنے کیلئے 4 مکانات کو بطور ٹھکانے استعمال بھی کر رہا تھا، یہی مکان خود کش حملوں کیلئے استعمال ہوتے تھے، افغان خود کش حملہ آور کو افغانستان سے اس کے ہینڈلرز نے بھیجا تھا۔

ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر پاکستان کا شدید اظہار مذمت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سوئیڈن کے بعد ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے بیہودہ اور جارحانہ فعل کی شدید مذمت کرتا ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ قرآن پاک کی بےحرمتی اسلاموفوبک واقعہ ہے جیسا چند روز قبل سویڈن میں ہوا تھا، قرآن پاک کی بےحرمتی مذہبی منافرت پھیلانے اور تشدد پر اکسانے کے لیے اظہار رائے کی آزادی کے حق کا استحصال ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ قرآن پاک کی بےحرمتی اس قانونی فریم ورک پر بھی سوالیہ نشان ہے جس کے پیچھے نفرت پھیلانے والے چھپتے ہیں، اس وقت دنیا کو پرامن بقائے باہمی کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی احترام کی ضرورت ہے ۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری نفرت پھیلانے والوں سے آنکھیں بند نہیں کر سکتی ہے ، پاکستان اپنے اس موقف کا اعادہ کرتا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی ذمہ داریوں کے ساتھ آتی ہے ، قومی حکومتوں کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان نسل پرستانہ اور اسلام سے نفرت کی کارروائیوں کو روکے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے تحفظات ڈنمارک کے حکام تک پہنچائے جارہے ہیں ، ہم ڈنمارک سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھے، ڈنمارک ان نفرت انگیز اور اسلاموفوبک کارروائیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کرے۔
واضح رہے کہ سویڈن اور نیدرلینڈ کے بعد ڈنمارک میں بھی قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا ہے ، قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں

مریم نواز کی آمد سے کارکنوں کو امید کی کرن نظر آ رہی ہے: کیپٹن (ر) صفدر

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ہمیشہ سیاست سے زیادہ ریاست کو اہمیت دی لیکن عمران خان پیروں کے گھر گیا اور پیرنی لے کر آگیا۔
لاہور کے علاقے شام نگر کی یوسی 73 میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا تھا کہ کارکنوں کو مریم نواز کی آمد سے امید کی کرن نظر آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ سیاست سے زیادہ ریاست کو اہمیت دی، آج کل خبریں آ رہی ہیں کہ فلاں پیر عمران خان کے ساتھ مل گیا جب کہ عمران خان پیروں کے گھر گیا اور پیرنی لے کر آگیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پیر عمران خان سے یہ کیوں نہیں پوچھتے کہ چھ کلمے آتے ہیں یا نہیں۔

عمران خان کو پارٹی سربراہ سے ہٹانے کی کارروائی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو پارٹی سربراہ سے ہٹانے کیلئے الیکشن کمیشن کی کارروائی کے خلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔
رجسٹرار ہائی کورٹ آفس نے کازلسٹ جاری کر دی، جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ 30 جنوری کو کیس کی سماعت کرے گا۔
بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس شاہد کریم، جسٹس جواد حسن، جسٹس شمس محمود مرزا، جسٹس شہرام سرور چودھری شامل ہیں، لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس جواد جسن نے لارجر بنچ بنانے کی سفارش کی تھی۔
یاد رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی کارروائی کو ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔