شجاع آباد میں المناک ٹریفک حادثہ ، خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق

شجاع آباد: (ویب ڈیسک) جلالپور روڈ بستی مٹھو کے قریب ویگن اور رکشہ میں تصادم کے نتیجے میں خاتون سمیت 2افراد جاں بحق ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق شجاع آباد کے علاقے بستی مٹھو کے قریب ویگن اور رکشہ آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں خاتون سمیت دو افراد موقع پر دم توڑ گئے ۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا، ریسکیو کے مطابق حادثے میں 11 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ۔
ریسکیو کی جانب سے جاں بحق افراد اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔
ریسکیو شجاع آباد کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ۔

پرویزالٰہی کا فواد چودھری کی اہلیہ سے رابطہ، اپنے بیان پر معذرت کی

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے فواد چودھری کی اہلیہ سے معذرت کر لی۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری کی اہلیہ حبا چودھری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور اپنے بیان پر معذرت کی۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ فواد چودھری ایک زیرک سیاستدان ہیں اور عمران خان کے اہم کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
چودھری پرویز الٰہی کی معذرت پر حبا چودھری نے مشکل وقت میں اظہار یکجہتی پر سابق وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) مریم نواز ساڑھے 3 ماہ بعد لاہور پہنچ گئیں

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کمرشل پرواز کے ذریعے ابوظہبی سے لاہور پہنچ گئی ہیں۔
مریم نواز کی پرواز میڈیکل ایمرجنسی کی بنا پر تاخیر کا شکار ہوئی، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پرواز پی کے 264 نے امارات کے مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے پاکستان کے لیے روانہ ہونا تھا اور سہ پہر 03:05 پر لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا مگر اسی پرواز میں سوار ایک مسافر محمد ہارون کو دل میں تکلیف کی وجہ سے روانگی روک دی گئی تھی۔
میڈیکل ٹیم نے طیارے میں داخل ہو کر مسافر کا طبی معائنہ کیا اور مزید طبی امداد کے لیے مسافر کو طیارے سے اتار کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اب یہ پرواز ایک گھنٹے کی تاخیر سے دوپہر 12 بج کر 54 منٹ پر ابوظبی سے لاہور کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔

وزیر خارجہ 29 سے 30 جنوری تک ماسکو کا دورہ کریں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 29 سے 30 جنوری تک ماسکو کا سرکاری دورہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو روسی وزیر خارجہ کی دعوت پر ماسکو کا دورہ کر رہے ہیں۔
دورہ ماسکو کے دوران وزیر خارجہ روسی ہم منصب کے ساتھ باضابطہ بات چیت کریں گے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

زرداری پر قتل کی سازش کا الزام، پیپلزپارٹی کا عمران کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق صدر آصف زرداری پر قتل کی سازش کا الزام لگانے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کر دیا ہے۔
عمران خان کے بیان پر اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ عمران خان روز ہرزہ سرائی کرتے رہتے ہیں، عمران خان اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہیں، جب ادارے نیوٹرل ہو گئے تو فوج کو گالیاں دینا شروع ہوگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آصف زرداری پر ایک مخصوص الزام لگایا ہے، ان کے بیان سے تکلیف ہوئی، اُس کی مذمت کرتے ہیں، ہماری قیادت پر الزام لگایا گیا ہے، کل کو کوئی پی ٹی آئی کارکن اس پر مشتعل ہوسکتا ہے۔
قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ عمران خان کے بیان کا نوٹس لے اور تحقیقات ہونی چاہیے، عمران خان ثبوت نہ دیں تو اُنہیں سزا ملنی چاہیے۔
اس موقع پر پارٹی رہنما نیئر حسین بخاری نے کہا کہ عمران خان نے جو الزام آصف زرداری پر لگایا جھوٹا اور بے بنیاد ہے، ان بے بنیاد الزامات پر عمران خان کو لیگل نوٹس جاری کر رہے ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران فرحت اللہ بابر نے کہا کہ عمران خان کا دماغ چل گیا ہے، وہ خود دہشت گردوں کا سرپرست رہا ہے، آصف زرداری دہشت گردوں کو کیسے پیسے دے سکتے ہیں؟۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز الزام عائد کیا تھا کہ آصف زرداری نے اُنھیں قتل کرانے کے لیے ایک دہشت گرد تنظیم کو پیسے دیئے ہیں، انہوں نے مزید کہا تھا کہ میں قوم کو اس لیے بتا رہا ہوں کیونکہ جو پہلے چار نام دیئے تھے ان کے ساتھ آصف زرداری کا نام بھی آئے گا۔

فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عدالت نے فواد چوہدری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے جسمانی ریمانڈ مسترد کرنے کیخلاف درخواست منظور کر لی۔
اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے فواد چوہدری کے وکلاء اور پراسیکیوشن کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ جس پر عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے فواد چوہدری کا جسمانی ریمانڈ مسترد کرنے کیخلاف درخواست منظور کر لی۔ عدالت نے فواد چودھری کو دوبارہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
اس سے قبل فوادچودھری کو سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیش کیا گیا۔ فواد چودھری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں نے جو باتیں کیں انکو مانتا ہوں اور کہتا ہوں کہ یہ میرا حق ہے۔طاقت ور لوگ ہمیشہ سے یہی سمجھتے ہیں کہ ان پر تنقید درحقیقت غداری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تاریخ اس بات کا تعین کرے گی کہ کون درست تھا اور کون غلط۔ طاقت ور لوگوں کو سمجھنا ہو گا کہ عزت اپنے کنڈکٹ سے کرائی جاتی ہے، ڈنڈے سے نہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ میں منہ پر اچھا اچھا کہوں اور باہر جا کر گالیاں دوں، یہ کونسی عزت ہے۔اگر آپ تنقید نہیں لے سکتے تو آپ اس طرح کے عہدے نہ لیں۔
فواد چودھری نے جج سے مکالمے میں کہا میری تضحیک کر کے یہ سمجھ رہے ہیں کہ پتہ نہیں کیا کر لیں گے۔میں سابق وزیر، ممبر پارلیمنٹ رہ چکا ہوں اور سپریم کورٹ کا وکیل ہوں۔یہ کپڑا ڈال کر لانا اور تضحیک کرنا اس کو بھی دیکھ لیجئے گا۔
عدالت نے پراسیکیوشن سے استفسار کیا کہ پولیس نے فواد چودھری سے 2 روز میں کیا تفتیش کی؟
سرکاری وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ فواد چوہدری کا 2 روز کا جسمانی ریمانڈ ملا لیکن فوٹو گرامیٹرک ٹیسٹ کرانا ہے، فواد چوہدری کی ویڈیو لی تاکہ فوٹوگرامیٹرک ٹیسٹ کرایا جائے، فواد چوہدری کو فوٹوگرامیٹرک ٹیسٹ کے لیے لاہور ساتھ لےکرجانا ضروری ہے، موبائل، لیپ ٹاپ اور دیگر ڈیوائسز کے ذریعے دیکھنا ہے کہ فواد چوہدری کے بیان کے پیچھے کون ہے۔
تفتیشی افسر کا کہنا تھا رات 12 بجے جسمانی ریمانڈ کا آرڈر دیا گیا، صرف ایک دن تفتیش کے لیے ملا، جسمانی ریمانڈ میں صرف وائس میچ کیا گیا، فواد چوہدری کی ایف آئی اے سے وائس میچ کرا لی ہے، فواد چوہدری سے الیکٹرک ڈیوائسز بھی برآمد کرنی ہیں۔
فواد چوہدری کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری کے بیان میں الیکشن کمیشن کا ذکر کہاں ہے؟ کہاں لکھا ہےکہ فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کو دھمکی دی؟ بیان کے مطابق فواد چوہدری پر جرم بنتا کہاں پرہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کا سیکرٹری انفرادی طور پر الیکشن کمیشن نہیں۔ الیکشن کمیشن کا کام صرف شفاف انتخابات کرانا ہے۔ عدالت میں الیکشن کمیشن کا کوئی ایسا فرد موجود نہیں جس کو دھمکی دی گئی ہو۔
بابر اعوان کا کہنا تھا فواد چوہدری کی تقریر سے کیا ملک ٹوٹ جائے گا؟ مذاق بنایا جا رہا ہے، فواد چوہدری نے ایسا کیا کہہ دیا جس سے سکیورٹی کو خطرہ لاحق ہو گیا؟
ان کا کہنا تھا کہ عدالت سے استدعا کرتے ہیں کہ فواد چوہدری کو کیس سے ڈسچارج کیا جائے۔ ایسا لگتا ہے پی ڈی ایم کا پاکستان سے تعلق نہیں، پی ڈی ایم عمران خان کو ہٹانے کا کھل کر کہہ رہی ہے۔ شرم آتی ہے جس طرح پی ڈی ایم ملک پر حکومت کر رہی ہے، الیکشن کمیشن حکومت کا منشی بن چکا ہے۔
سیشن کورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ میں اضافے سے متعلق درخواست فیصلہ محفوظ کر لیا۔عدالت نے فواد چودھری کی فیملی سے ملاقات کی استدعا منظور کرلی۔
خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت کی مقامی عدالت میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں پراسیکیوشن نے جسمانی ریمانڈ مسترد کرنے کا فیصلہ چیلنج کیا تھا۔
واضح رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے فواد چودھری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی تھی۔

17 ارب کی کرپشن: ڈاکٹر عاصم کی نیب ریفرنس سے بریت کی درخواست

کراچی: (ویب ڈیسک) رہنما پاکستان پیپلزپارٹی اور سابق وفاقی مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے 17 ارب کی کرپشن سے متعلق نیب ریفرنس سے بریت کی درخواست کر دی۔
سابق وفاقی مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین و دیگر جے جے وی ایل میں 17 ارب روپے کے کرپشن ریفرنس میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے جہاں انہوں نے ریفرنس سے بریت کے لیے درخواست دائر کر دی۔
ریفرنس سے بریت کی درخواست پر عدالت نے آئندہ سماعت 4 فروری تک ملتوی کردی جس میں وکلا بریت کی درخواست پر اپنے دلائل دیں گے۔
احتساب عدالت میں پیشی کے بعد غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ ملک سخت ترین حالات سے گزر رہا ہے، اب وہ وقت آگیا ہے کہ سیاسی مصلحتوں سے بالا تر ہو کر فیصلے لیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ معاملہ منی بجٹ سے حل نہیں ہوگا، ہمیں اپنے اخراجات کم کرنا ہوں گے، عوام کو سمجھنا پڑے گا کہ ہم کس مشکل کا سامنا کر رہے ہیں، ملک بہت ہی سخت حالات کی طرف جا رہا ہے، ہم نے ٹھیک اقدامات نہ کیے تو حالات سنگین ہوں گے، اب وہ وقت آگیا ہے کہ سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہوکر فیصلے لیے جائیں۔

پی ٹی آئی کا پھر سے سڑکوں پر آنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کراؤ تحریک کے تحت پھر سے سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کر لیا۔
پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان ڈاکٹرز سے اجازت ملنے کے بعد میدان میں اتریں گے اور انہوں نے جلسوں کا شیڈول تیار کرنے کے لیے پارٹی کو ہدایت کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیکیورٹی واپس بلانے اور رہنماؤں کے خلاف مقدمہ کو ہائی لائٹ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے جبکہ الیکشن کراؤ ملک بچاؤ اور ڈور ٹو ڈور مہم میں بھی مزید تیزی لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ جب بھی انتخابات ہوئے تحریک انصاف بھاری اکثریت سے جیتے گی اور عمران خان نے پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ انتخابات سے پہلے پی ٹی آئی کا پیغام گھر گھر پہنچنا چاہیے۔

اسحاق ڈار کی کارکردگی سے مسلم لیگ ن مطمئن نہیں، محمد زبیر

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کی کارکردگی سے پارٹی مطمئن نہیں ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے کہا کہ اس وقت معاشی اشاریے خراب ہیں، وہ یہ سمجھتے ہیں کہ جو فیصلے آج ہوئے ہیں وہ پہلے ہونے چاہیے تھے۔
محمد زبیر نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی آئی ایم ایف کی شرط تھی۔ معیشت سے متعلق یہ فیصلے پہلے کر دیے جاتے۔
انکا کہنا ہے کہ انتخابات تو ہونے ہیں دو ماہ بعد ہوں یا چھ ماہ بعد، سی سی آئی میں فیصلہ ہوا تھا کہ انتخابات نئی مردم شماری پر ہوں گے، سی پی آئی 35 فیصد ہونے کے چانسز ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ن لیگ نے پہلے تین ادوار میں بھی ڈیلیور کیا تھا۔ مریم نواز کو اس لیے اہم کردار دیا گیا کہ وہ عوام میں مقبول ہیں۔

پی ٹی آئی نے پاکستان کو فل اسٹاپ لگا دیا، مریم نواز

لاہور : (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ترقی کرتے ہوئے پاکستان کو فل اسٹاپ لگا دیا ہے۔
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے وطن واپسی کے دوران اپنے ایک بیان میں کہا کہ جو ذمہ داریاں دی گئی ہیں وہ احسن طریقے سے انجام دوں گی جبکہ پی ٹی آئی نے ترقی کرتے ہوئے پاکستان کو فل اسٹاپ لگا دیا۔
اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ن لیگی نائب صدر مریم نواز آج شام لاہور پہنچیں گی۔ پارٹی رہنما، کارکنان اور عوام مریم نواز کا خوشی سے انتظار کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز پارٹی کی تنظیم نو کا آغاز کریں گی اور ملک بھر میں ورکرز اور عوام سے رابطہ مہم شروع کی جائے گی۔

گرین لائن ایکسپریس نے ریکارڈ توڑ دیا

سکھر: (ویب ڈیسک) اسلام آباد سے کراچی جانے والی گرین لائن ایکسپریس نے تیز رفتاری میں اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔
اسلام آباد سے کراچی جانے والی گرین لائن ایکسپریس نے اپنے پہلے ہی دن نیا ریکارڈ بنا دیا۔ چائینز کوچز پر مشتمل گرین لائن ایکسپریس نے تیز رفتاری میں اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔
19 کوچز پر مشتمل مسافر ٹرین گرین لائن ایکسپریس مقررہ وقت سے 10 منٹ پہلے روہڑی اسٹیشن پہنچ گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق گرین لائن ٹرین کے افتتاح کے بعد پہلے ہی روز بکنگ بھی 70 فیصد رہی۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز چائنیز کوچز پر مشتمل گرین لائن ایکسپریس کا افتتاح کیا تھا۔

سندھ طاس معاہدہ: بھارت کی عالمی عدالت میں قانونی عمل رکوانے کی کوشش

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بھارت سندھ طاس معاہدے سے فرار کے لیے روایتی حربے استعمال کرنے لگا، عالمی بینک کی ثالثی عدالت میں کیس کمزور ہونے پر قانونی عمل رکوانے کی کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔
کشن گنگا اور راتلے ہائیڈرو پاور پراجیکٹ منصوبوں کے متنازع ڈیزائن کے معاملے پر مؤثر دفاع کی غیر موجودگی میں نظر آتی واضح شکست دیکھ کر بھارت ایک بار پھر بھاگنے کی تیاری کر رہا ہے جس کے لیے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے میں نظرثانی تجویز کر کے عالمی بینک کی مصالحتی عدالت میں قانونی عمل رکوانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پاکستان نے کسی بھی صورت سندھ طاس معاہدے میں نظر ثانی کی اجازت نہ دینے کا ٹھوس فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں کہا گیا ہے کہ سندھ طاس معاہدے میں نظرثانی کی تجویز ناجائز اور بے ایمانی کے بھارتی رویے کی عکاس ہے۔
سندھ طاس معاہدہ دو خود مختار ریاستوں کے مابین وقت کے ساتھ ثابت شدہ موثر معاہدہ ہے، معاہدے میں کوئی بھی تبدیلی دونوں پارٹیوں کے باہمی اتفاق رائے ہی سے ممکن ہے، معاہدے کی کسی شق کی یکطرفہ تبدیلی و تشریح کی کوئی اہمیت نہیں، سندھ طاس معاہدے کے تحت دریائے جہلم اور چناب کے پانیوں پر پاکستان کا حق ہے۔
بھارت کے آبی منصوبوں کے متنازع ڈیزائن پر پاکستان نے 19 اگست 2016ء کو عالمی بینک کی ثالثی عدالت سے باضابطہ رجوع کیا، پاکستان کے ٹھوس مؤقف اور طویل کوششوں کے بعد ورلڈ بینک نے مارچ 2022ء میں عدالتی تشکیل کا عمل شروع کیا۔
واضح رہے کہ 330 میگا واٹ کے کشن گنگا منصوبے کو ماہرین ہر اعتبار سے محض اسٹریٹجک منصوبہ قرار دے رہے ہیں، کشن گنگا اور راتلے آبی منصوبے مودی سرکار کی پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کے عکاس ہیں۔
کشن گنگا منصوبے کے ڈیزائن سے پاکستان کا ایک ہزار میگا واٹ کا نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ شدید متاثر ہو سکتا ہے جب کہ عالمی بینک کی ثالثی عدالت سے بھارت کے فرار کی ہر کوشش ناکام بنانے کے لیے پاکستان کا کیس ٹھوس نکات پر مبنی ہے۔

سپریم کورٹ: 13 سال تک شہری کو جھوٹے مقدمے میں الجھانے والے شخص کو جرمانہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ جھوٹے مقدمات پر بھاری جرمانہ ہونا چاہیے تاکہ کوئی بھی درخواست دینے سے پہلے 10 بار سوچے۔
سپریم کورٹ میں شہری کو غیرضروری اور جھوٹے مقدمات میں الجھنے کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے 13 سال تک شہری کو مقدمات میں الجھانے والے درخواست گزار کو ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔
سپریم کورٹ نے ریمارکس میں کہا کہ جھوٹے مقدمات سے عدالتوں پر مصنوعی بوجھ ڈالا جاتا ہے اور اصل سائلین متاثر ہوتے ہیں، جھوٹے مقدمات پر بھاری جرمانہ ہونا چاہیے تاکہ درخواست دینے والا 10 بارسوچے، جھوٹی اور فضول مقدمہ بازی عدالتی عمل کا غیرقانونی استعمال ہے۔
عدالت نے مزید کہا کہ قاضی مبشر نامی شہری نے مرحوم والد کے اکاونٹ سے 32 ہزار نکلوانے کے لیے وراثت کا دعویٰ دائر کیا، کزن قاضی نوید نے پراپرٹی تنازع کی وجہ سے وراثت کا دعویٰ چیلنج کیا کہ بہنوں کے نام شامل نہیں کئے، بہنوں نے عدالت میں پیش ہو کر بیان دیا کہ ہم نے 32 ہزار سے حصہ لے لیا پھر بھی مقدمہ چلتا رہا۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ 13 سال تک ذاتی رنجش کی وجہ سے فراڈ کی درخواست پر مقدمات چلتے رہے، درخواست گزار کی درخواستیں ٹرائل، سیشن اور ہائی کورٹ سے مسترد ہوئیں، معمولی تنازعات کے حل کے لیے اے ڈی آر سسٹم کو فعال کرنے کی ضرورت ہے، غیرضروری تنازعات کے لئے عدالتوں کا قیمتی وقت ضائع کرنے سے اصل حقداروں کی حق تلفی ہوتی ہے۔