کینساس: (ویب ڈیسک) امریکا میں اچانک فائر ہونے اور مالک کی ہلاکت کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ اس میں ایک کتے کا پاؤں رائفل پر پڑا اور فائر ہونے سے مالک موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
کینساس پولیس کے مطابق 30 سالہ جوزف آسٹن اسمتھ اپنے کتے کے ساتھ شکار پر جارہے تھے کہ کتا پہلے سے ہی ٹرک نما کار کی پچھلی نشست پر بیٹھا تھا اور اس کے پاس کارتوس بھری رائفل رکھی تھی۔ جیسے ہی مالک نے دروازہ کھولا غلطی سے کتے کا پاؤں رائفل پر پڑگیا اور اس سے گولی چل گئی۔ رائفل کی نال کا رخ عین جوزف کی سیدھ میں تھا۔
اس طرح گولی جوزف کے کمر کے اوپری حصے پر لگی اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ ہفتے کی صبح جب طبی عملہ اس کے پاس پہنچا تو وہ زندہ تھا لیکن ابتدائی طبی امداد اور سانس بحال کرنے کی سی پی آر کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکا۔
یہ واقع رائفل پر کتے کے پیر رکھنے سے پیش آیا جو پچھلی سیٹ پر بیٹھا تھا اور ساتھ ہی دیگر سامان بھی رکھا تھا۔ پولیس نے اپنے بیان میں بھی عین اسی واقعے کو موت کی وجہ قرار دیا ہے۔
امریکا میں ایسے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق سال 2004 سے 2015 تک کم ازکم دس ایسے واقعات رونما ہوئے ہیں جن میں پالتو یا شکاری کتوں سے اچانک گن چل گئی اور مالک یا زخمی ہوا یا ہلاک ہوا ہے۔ اسے نصف واقعات شکار کے دوران اور 40 فیصد گاڑیوں میں سفر کے دوران پیش آئے ہیں۔
Monthly Archives: January 2023
رنگ بدل کرعمارتوں کو گرم یا سرد رکھنے والا انقلابی مٹیریئل
شکاگو: (ویب ڈیسک) جامعہ شکاگو کے ماہرین نے سالماتی سطح پر کام کرنے والا ایک ایسا تعمیراتی مٹیریئل بنایا ہے جو موسم گرم اور سرد ہونے کی وجہ سے رنگ بدل کر یا تو گرمی جذب کرے گا یا پھر حرارت خارج کرے گا۔
گرم دنوں میں یہ عمارت پر پڑنے والی 92 فیصد حرارت خارج کرکے ہوا میں لوٹادے گاجس سے عمارت نہ صرف ٹھنڈی رہے گی بلکہ ایئرکنڈیشنڈ کا بل بھی کم آئے گا۔ دوسری جانب سرد موسم میں یہ اطراف کی حرارت کی صرف 7 فیصد مقدار ہی جمع کرسکےگا تاہم اس سے بلڈنگ کو گرم رکھنے میں کچھ نہ کچھ مدد ضرور ملے گی۔
جامعہ میں سالماتی انجینئرنگ کے نائب پروفیسر پو چُن سو اور ان کے ساتھیوں نے یہ کم خرچ اور مؤثر مٹیریئل بنایا ہے۔ اس سے ایک جانب تو توانائی کی بچت ہوگی تو دوسری جانب عمارتوں کو ٹھنڈا اور گرم رکھنے والےنظام کو ماحول دوست بنایا جائےگا۔
سائنسی جریدے نیچر میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق یہ مٹیریئل آگ پکڑنے والا نہیں اور ہر قسم کے مضر کیمیکل سے پاک ہے۔ اس میں ایک جانب تو ٹھوس تانبے کی پرت ہے جو حرارت جذب کرتی ہے جبکہ ایک محولو ہے جو انفراریڈ کی صورت میں حرارت باہر بھیجتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں کیفیات میں یہ فوری طور پر اپنی ماہیت تبدیل کرتا ہے اور بار بار دھاتی یا مائع صورت میں بدل جاتا ہے۔ اس طرح کل 1800 مرتبہ یہ سرد گرم کے چکر سے گزر کر کام کرسکتا ہے۔
اگلے مرحلے میں ماہرین نے کمپیوٹرماڈل سے 15 امریکی ریاستوں میں اس کی افادیت کا اندازہ لگایا ہے۔ یہ عمارت میں بجلی کی کھپت میں 0.2 فیصد کمی کرسکتا ہے اور ایک سال میں یہ شرح 8.4 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ اس طرح ہزاروں لاکھوں عمارتوں میں اس کا وسیع اثر دیکھا جاسکتا ہے۔
سائنسدانوں کے مطابق اس مٹیریئل کی صرف 6 سینٹی میٹر پرت کافی ہوگی جو اپنے پورے اثرات ظاہر کرے گی۔
نیوزی لینڈ میں بارشوں سے تباہی ، 3 افراد ہلاک
آکلینڈ : (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں شدید بارشوں کے باعث مختلف واقعات میں 3 افراد ہلاک ہوگئے ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ میں شدید بارشوں کے باعث ہنگامی صورتحال نافذ ہے ، مختلف واقعات میں 3 افراد ہلاک اور ایک لاپتہ ہو گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جہاں پر 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 249 ملی میٹر بارش ہوئی ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آکلینڈ میں طوفانی بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں اور ٹرانسپورٹ کا نظام بھی متاثر ہوا ہے ، ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل پروازیں اتوار تک کے لیے گراؤنڈ کردی گئی ہیں ۔
دوسری جانب سیلابی پانی میں گھرے افراد کی مدد کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے اگلے پانچ روز تک مزید بارشوں اور طوفانی ہواؤں کی پیش گوئی کرتے ہوئے عوام کو احتیاط برتنے اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔
شیخ رشید کی لال حویلی خالی کرانے سے روکنے کی درخواست خارج
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) راولپنڈی کی عدالت نے شیخ رشید کی لال حویلی خالی کرانے سے روکنے کی درخواست خارج کردی۔
راولپنڈی کے سول جج نوید اخترکی عدالت نے شیخ رشید کی حکم امتناع کی درخواست خارج کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کسی بھی ادارے کوقانون کے مطابق کسی بھی قسم کی کارروائی کی کارروائی کرنے سے نہیں روک سکتی۔ عدالت نے 15 فروری کو آئندہ سماعت مقرر کرتےہوئے فریقین کو طلب کرلیا۔
شیخ رشید کی جانب سے دائر حکم امتناع کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ لال حویلی کیس اور محکمہ وقف متروکہ املاک فیصلے خلاف اپیلیں زیر سماعت ہیں۔ لال حویلی جبری خالی کرانا غیر قانونی اور سیاسی انتقام ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ محکمہ وقف متروکہ املاک سیاسی انتقامی کارروائی کر رھا ہے اس لیے حکم امتناع جارج کر کے لال حویلی خالی کرانے سے روکا جائے۔
چودھری پرویز الٰہی سے گلگت بلتستان کے مسلم لیگی رہنماؤں کی ملاقات
لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے گلگت بلتستان کے مسلم لیگی رہنماؤں نے ملاقات کی۔
ملاقات کرنے والوں میں صدر گلگت بلتستان مسلم لیگ اسد اللہ خان ایڈووکیٹ، ہارون خالد وانی اور سلطان عالم شاہ شامل تھے۔
اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے سب سے مقبول ترین لیڈر ہیں، انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے بڑی ترقی کرنی ہے، پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت تھی، جب انہوں نے کہا امانت واپس کر دی، ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں خلوص اور دل سے ساتھ نبھاتے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نالائق ن لیگ والے سب پیچھے رہ جائیں گے، شہباز شریف سمیت پوری پی ڈی ایم مکمل طور پر ایکسپوز ہو گئی، بڑا شور سنا کہ ڈار ڈالر کو کنٹرول کر لے گا، اب ڈار نے سب کچھ آؤٹ آف کنٹرول کر دیا ہے۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ن لیگ والوں کو کسی چیز کی سمجھ نہیں، اب حالات دیکھ لیں، میں نے وزارت اعلیٰ کا منصب غریب عوام کیلئے وقف کیا، غریب لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے دن رات ایک کیا۔
اس موقع پر اسد اللہ خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے جس جرأت سے اسمبلی توڑنے کا فیصلہ کیا اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، عوام میں ان کے اس فیصلے سے بڑی پذیرائی ملی ہے۔
پی ٹی آئی کو راجہ ریاض کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے ہٹانے کا موقع مل گیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کو راجہ ریاض کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے ہٹانے کا موقع مل گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے بعد بھی راجہ ریاض مشکل میں پڑ گئے، تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں 27 مخصوص نشستیں ملیں گی، پی ٹی آئی کو 23 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان کی نشستیں ملیں گی۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن سے مخصوص نشستیں ملنے کے بعد پی ٹی آئی کی قومی اسمبلی میں تعداد 30 ہو جائے گی، اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کو 20 منحرف ارکان کی حمایت حاصل ہے، الیکشن کمیشن آئندہ ہفتے سے پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دینے کا عمل شروع کرے گا۔
الیکشن کمیشن تحریک انصاف سے ترجیحی فہرستیں مانگے گا، ترجیحی فہرست ملنے کے بعد الیکشن کمیشن نئے ممبران کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔
فواد چودھری کی مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص راجہ نے فواد چودھری کی مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
اسلام آباد کی عدالت نے فواد چودھری کو وکلاء اور خاندان سے ملاقات کی بھی اجازت دے دی، پندرہ منٹ کیلئے خاندان کے افراد اور وکلاء سے ملاقات کرلیں۔
واضح رہے سیشن کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کے جسمانی ریمانڈ میں اضافے کی پولیس کی درخواست منظور کی تھی، فواد چودھری کو تھانہ کوہسار کے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے فواد چودھری کے جسمانی ریمانڈ میں اضافے کے حوالے سے پولیس کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے جو آج ہی سنائے جانے کا امکان ہے۔
ن لیگ کو طعنے دینے والوں نے خود اپنی حکومتیں توڑیں، اب رو رہے ہیں، مریم نواز
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کو طعنے دینے والوں نے اپنی حکومت خود توڑی اب رو بھی خود رہا ہے، جن حکومتوں کے بل بوتے پر یہ خرچہ چلاتا تھا، ہیلی کاپٹر پر پھرتا تھا اپنے ہاتھ سے حکومت توڑ کر سڑکوں پر پھر رہا ہے۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ بھائیو، بہنو، بزرگو آپ سب کو مریم نواز اور نواز شریف کی طرف سے پوری قوم کو سلام، میں خوشخبری سنا دوں آپ کو، آپ کا اور میرا محبوب قائد جلد آپ کے اور ہمارے ساتھ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی نواز شریف ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے، نواز شریف کو 2 مرتبہ ملک سے اور 3 مرتبہ حکومت سے نکالا گیا، نواز شریف بار بار واپس آیا، اس مرتبہ بھی پہلے سے زیادہ طاقت سے واپس آئے گا۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی طرف سے اعتماد اور نئی ذمہ داریوں پر شکریہ ادا کرتی ہوں، پوری قوم اور آپ سے وعدہ ہے جب تک آپ کو مشکلات سے نہیں نکالیں گے آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف نے تم سے انتقام نہیں لیا، شیرو ذرا بتانا نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے سارے کردار اپنے اپنے انجام کو پہنچے یا نہیں پہنچے۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو احساس ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے، مجھے احساس ہے کہ مہنگائی ہے، بجلی، روٹی، گیس مہنگی ہے، پوری قوم اور آپ سے وعدہ ہے جب تک آپ کو مشکلات سے نہیں نکالیں گے آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ وہ نواز شریف ہی تھا جس نے 3 مرتبہ ملک کو ترقی دی اور مشکلات سے نکالا، وہ دن دورنہیں جب نواز شریف کی قیادت میں ملک ایک مرتبہ پھر آگے بڑھے گا، میرا آپ سے وعدہ ہے نواز شریف کی قیادت میں ملک آگے بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج اس شخص کو مہنگائی کا خیال آ رہا ہے جو اپنے دور میں فرعونیت سے کہتا تھا مہنگائی کا مجھے ٹی وی سے پتا چلا، 8 مہینےکاحساب بعد میں ہو گا پہلے پچھلے 5 سال کا ہو گا۔
مریم نواز نے کہا کہ اسحاق ڈار پر، اللہ تعالیٰ پر یقین رکھو، انشا اللہ معیشت کو اس گرداب سے نکالیں گے، مسلم لیگ ن اور میرے شیر الیکشن سے نہیں ڈرتے، جس دن بھی الیکشن ہوں گے ن لیگ بھاری اکثریت سے جیتے گی، انہوں نے کہا کہ سرجری کے باعث میرا گلا خراب ہے، میری سرجری ہونی تھی پچھلے 5 سال مجھے بیرون ملک سفر کیلئے پاسپورٹ نہیں دیا گیا۔
مریم نواز نے کارکنوں سے کہا کہ وعدہ کرو پاکستان اور پنجاب کی تقدیر بدلنے کیلئے نواز شریف، شہباز شریف کا ساتھ دو گے، یکم فروری سے پنجاب کے دورے پر نکل رہی ہوں، شیڈول بن گیا، اب آپ سے روزانہ ملاقات ہو گی۔
دریں اثنا مریم نواز خطاب کے بعد جاتی امرا پہنچ گئیں جہاں لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد نے اپنی قائد کا پُرتپاک استقبال کیا۔
عمران خان کے الزامات سے میرے خاندان کیلئے خطرات بڑھ گئے: بلاول بھٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے میرے والد آصف زرداری پر جھوٹے الزامات لگائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیر اعظم عمران خان کے خطاب پر اپنے رد عمل میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے بیان سے میرے خاندان کیلئے خطرات بڑھ گئے ہیں، ہم اپنی تاریخ کو دیکھتے ہوئے ایسے بیانات کو سنجیدگی سے لیتے ہیں۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ عمران خان کے حالیہ بیان کیخلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے، ماضی میں دہشتگرد تنظیموں کی جانب سے مجھے اور میری پارٹی کو دھمکیاں دی گئیں۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہم عمران خان کے حالیہ توہین آمیز اور خطرناک الزامات کے حوالے سے قانونی پہلوؤں کو بھی دیکھ رہے ہیں، عمران خان ان الزامات سے قبل میرے والد کو بندوق کی نوک پر رکھنے کی دھمکی بھی دے چکا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی اور اس کے حواریوں کی دہشتگردوں کی سہولت کاری اور ہمدردی کے حوالے سے دستاویزات تاریخ کا حصہ ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان جب حکومت میں تھا تو دہشتگردوں کو رہا اور جمہوریت پسندوں کو گرفتار کیا، اس نے خیبرپختونخوا کو دہشتگرد تنظیموں کے حوالے کیا، آج تک اس کی پارٹی دہشت گرد گروہوں کی فنڈنگ کرتی ہے، اگر مجھ پر، میرے والد یا پارٹی پر کوئی حملہ ہوا تو اس سب کا بھی حساب لیا جائے گا۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا عمران خان کو سمجھنا چاہئیے کہ ہر مرتبہ اس کی بیوی کو خواب آنے پر وہ ٹی وی پر آکر لوگوں سے متعلق الزامات عائد نہیں کر سکتا، ان کی اہلیہ کے خواب عدالتوں میں ثابت نہیں کئے جا سکتے، عمران خان کا الزام ہے کہ میرے خاندان کا کسی دہشت گرد تنظیم سے کوئی ناطہ ہے یا ہم کسی کو بھرتی کر کے نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کا الزام نہ صرف غیر منطقی ہے پیپلزپارٹی عمران خان کو چیلنج کرے گی، ہم پاپولر فکشن کو اپنے بیانئے پر حاوی نہیں ہونے دیں گے، جو ہماری سیاست کو زہر آلود اور جمہوریت کو تاراج کرے، ہم دہشت گردوں اور ان کے سیاسی فرنٹ مین کے پروپیگنڈے کا چارہ بننا بھی برداشت نہیں کریں گے۔
فواد چودھری کو کپڑا ڈال کر لے جانے پر جوڈیشل مجسٹریٹ تفتیشی افسر پر برہم
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد پولیس کی جانب سے فواد چودھری کو کپڑا ڈال کر لے جانے پر عدالت نے تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کیا۔
عدالت کی جانب سے منع کرنے کے باوجود فواد چودھری کی اہلیہ اور بھائی فیصل چودھری جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ کے پاس پہنچ گئے، اہلیہ ہبہ نے جوڈیشل مجسٹریٹ سے شکایت کی کہ فواد چودھری پر پولیس نے پھر کپڑا ڈال دیا ہے۔
شکایت پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے استفسار کیا کہ کیوں کپڑا ڈالا گیا ہے، تفتیشی افسر کو بلائیں، جس پر تفتیشی افسر نے حاضر ہو کر جواب دیا کہ فواد چودھری کو حفاظتی گارڈ لے کر گئے ہیں، میں یہیں کھڑا ہوں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تفتیشی افسر سے کہا آپ یہاں کھڑے کیا کر رہے ہیں؟ جائیں اور کپڑا ہٹائیں۔
اس دوران فیصل چودھری نے استدعا کی کہ آپ پولیس کے ایس پی کو بھی بلا کر یہی حکم کر دیں، جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے جواب دیا تفتیشی افسر کو کہہ دیا ہے، وہ کر دے گا۔
فواد کو دہشتگرد کی طرح پیش کیا، کوئی شک نہیں ہم بنانا ریپبلک میں رہ رہے ہیں: عمران
لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ فواد چودھری کی پیشی سے ظاہر ہوتا ہے امپورٹڈ حکومت اور ریاست کس حد تک پہنچ چکی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ فواد چودھری کو ہتھکڑیاں لگا کر اور سر پر کپڑا ڈال کر عدالت میں پیش کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کو عدالت میں ایک دہشت گرد کی طرح لے جایا گیا، فواد چودھری، اعظم سواتی اور شہبازگل کے ساتھ ایسا سلوک ہوا، لوگوں کو کوئی شک باقی نہیں رہا کہ ہم بنانا ری پبلک میں رہ رہے ہیں۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ملک میں اب جنگل کا قانون چلتا ہے، جس کی لاٹھی اس کی بھینس، موجودہ فرعونوں نے آئین و قانون کو روند کر رکھ دیا ہے۔
اردومیں بات کیوں کی ؟ نجی سکول نے بچے کے چہرے پر کالک لگا دی
کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے نجی اسکول میں مبینہ طور پر اردو میں بات کرنے پر بچے کے چہرے پر کالک لگا دی گئی ۔
کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک جے کے نجی اسکول میں بچے کو اردو بولنے پر تضحیک کا نشانہ بنایا گیا ، سوشل میڈیا پر بچے کے والد کی وڈیو گردش کرنے لگی۔
وائرل ویڈیو میں بچے کے والد نے کہا کہ اردو میں بات کیوں کی ؟ اس پر سکول والوں نے بچے کے چہرے پر کالک لگائی اور سب بچوں کے سامنے اس کا مذاق اڑایا گیا ۔
ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ اسکولز نے سوشل میڈیا پر چلنے والی اس ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے نجی اسکول سے جواب طلب کرلیا ۔
ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ اسکولز کا کہنا ہے کہ ہمارے علم میں ویڈیو آئی ہے ، واقعے کی تصدیق یا تردید اب تک نہیں ہو سکی تاہم تین رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے جو واقعے کی تحقیقات کرے گی۔
مہنگائی کی ذمہ دار عمران حکومت، آٹے کی قیمتوں پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں: مراد علی شاہ
گھوٹکی: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ مہنگائی کی ذمہ دار عمران حکومت ہے، اس کی حکومت میں مہنگائی ہوئی جس کو ہماری حکومت نبھا رہی ہے۔
اوباڑو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ عمران خان کو سلیکٹڈ حکومت ملی تھی، جنہوں نے عمران خان کو سلیکٹڈ حکومت دی انہوں نے اسے پہچان لیا۔
انہوں نے کہا کہ امن وامان کا مسئلہ انتہائی اہم ہے، اس مسئلے پر اہم فیصلے کیے جائیں گے، ڈاکوؤں نے پنجاب کے کچے کے علاقے اور سندھ گھوٹکی کے کچے کے علاقوں کو نوگو ایریا بنا رکھا ہے، ڈاکوؤں کے پاس جدید اور بھاری اسلحہ کہاں سے آرہا ہے جلد آپریشن ہوگا۔
مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے مہنگاٸی بڑھی ہے، آٹے کی قیمتوں پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں، گھوٹکی میں قائم مقام 5 شوگر ملز جو زمینداروں کو گنے کی فصل کی ادائیگی نہیں کر رہیں اس کا جلد نوٹس لیں گے۔


















