عدالت نے فواد چودھری کا مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص راجہ نے پولیس کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے فواد چودھری کا مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔
سیشن کورٹ نے فواد چودھری کے جسمانی ریمانڈ میں اضافے کی پولیس کی درخواست منظور کی تھی جس کے بعد تحریک انصاف کے رہنما کو تھانہ کوہسار کے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
پولیس کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر دونوں جانب کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا جسے کچھ وقفے کے بعد ہی سناتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ نے فواد چودھری کا مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر کے انہیں پیر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
سماعت کے دوران اسلام آباد کی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کو وکلاء اور خاندان سے ملاقات کی بھی اجازت دے دی، پندرہ منٹ کیلئے خاندان کے افراد اور وکلاء سے ملاقات کرلیں۔

ایک شہزادی لندن سے آکر کہتی ہے میرا بھرپور استقبال کیا جائے، سراج الحق

بہاول پور: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ایک شہزادی لندن سے آکر کہتی ہے میرا بھرپور استقبال کیا جائے۔
سراج الحق نے بہاول پور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 75سال سے تمام تجربات ناکام ہوگئے ہیں، 35 سال سے اس ملک پر جرنیلوں نے حکومت کی، آج کا وزیر خزانہ کہتا ہے کہ پاکستان کا اللہ حافظ، آج پاکستانی آلو ٹماٹر پیاز کے لئیے ترس رہا ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ یہ وہ پاکستان ہے جو پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے دیا، اس ٹرائیکا کی وجہ سے تیس کروڑ عوام تباہ ہورہے ہیں، آپکی حکومت سارا نظام سود اور خیرات کی بنیاد پر چلا رہی ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ ایک شہزادی آج لندن سے آچکی ہے اور ڈیمانڈ کرتی ہے کہ میرا بھرپور استقبال کیا جائے، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ پی ڈی ایم اور ان حکمرانوں کا احتساب نہیں کر سکی ، انکا احتساب آپ عوام نے کرنا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ہم اقتدار میں آئے توسودی نظام کو ختم کریں گے، میں اپنے آپ کو مسجد میں احتساب کے لیے پیش کر سکتا ہوں، کیا یہ تمام حکمران اپنے آپ کو مسجد میں احتساب کے لیے پیش کر سکتے ہیں یہ نہیں کریں گے، عوام اسلامی نظام کے لیے جماعت اسلامی کو کامیاب کرائیں۔

سونے کی فی تولہ قیمت میں مزید 6500 روپے کا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ڈالر کی تیز اڑان جاری ہے اور آج بھی مقامی صرافہ بازاروں میں قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جس کے بعد فی تولہ کی قیمت 2 لاکھ 9 ہزار روپے پر پہنچ گئی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت 2 ڈالر گھٹ کر 1936 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باوجود مقامی صرافہ بازاروں میں قیمت مزید بڑھ گئی۔
انٹرنیشنل مارکیٹ میں کمی کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں ہفے کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 6 ہزار 500 روپے اور 5 ہزار 574 روپے کا اضافہ ہوا۔
اس کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 2 لاکھ 9 ہزار روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 179184 (ایک لاکھ 79 ہزار 814) روپے کی سطح پر آگئی۔

شادی کا منفرد کارڈ دیکھ کر باراتی حیرت میں مبتلا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں شادی کی تقریبات کے دوران مضحکہ خیز واقعات رونما ہوتے ہیں جو سوشل میڈیا کی زینت بن جاتے ہیں۔
ایسی ہی ایک لڑکی کے شادی کے دعوت نامے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جسے دیکھ کر مدعو باراتی الجھن کا شکار ہوگئے ہیں۔
دعوت نامہ یعنی شادی کا کارڈ ہی نوٹ کی شکل کا ہے اور نوٹ بھی پچاس یا سو والا نہیں 2 ہزار کا ہے، نوٹ کی طرح کا شادی کا یہ کارڈ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے اور موضوع بحث بنا ہوا ہے۔
بھارتی شہر حیدر آباد کے مشرقی گوداوری ضلع میں تیار یہ منفرد کارڈ تیار کیا گیا۔
راجہ مہیندر اورم اور کے اے وینکٹیش نے اپنی چھوٹی بیٹی ابھی نوی کی شادی کے سلسلے میں 2 ہزار روپے کے کرنسی نوٹ کی طرح شادی کا کارڈ تیار کروایا ہے، یہ شادی کارڈ موصول ہونے پر لوگ خوش بھی ہو رہے ہیں اور حیرت زدہ بھی ہیں۔
باراتی خوش اس لیے ہو رہے ہیں کہ انہیں منفرد اور دلچسپ انداز میں شادی میں شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے اور حیرت زدہ اس لیے کہ شادی کا کارڈ 2 ہزار کے نوٹ والا ہے تو سلامی میں دلہا دلہن کو تو اس سے کہیں زیادہ رقم دینا پڑے گی۔

فلپائنی شہری لاٹری جیت کر 2023 کا پہلا کروڑ پتی شخص بن گیا

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) میں کافی شاپ پر ملازمت کرنے والا فلپائنی شہری لاٹری میں 15 ملین درہم جیت کر 2023 کا پہلا کروڑ پتی شخص بن گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کافی شاپ پر مینجر کی ملازمت کرنے والے رسل ریز نامی فلپائنی شہری نے لکی ڈرا میں 15 ملین درہم (33 کروڑ روپے) جیتے ہیں جس کے بعد انہیں رواں سال 2023 کا پہلا کروڑ پتی شخص قرار دے دیا گیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ رسل ریز نے لاٹری کا ٹکٹ چند پیسوں میں خریدا تھا جبکہ ’’ 15 ‘‘ نمبر ان کے لئے لکی ثابت ہوا جس کی وجہ سے وہ 15 ملین درہم جتنی بڑی رقم جیتنے میں کامیاب ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دیئے گئے اپنے ایک انٹرویو میں رسل نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ مجھے ابھی تک اس بات پر یقین نہیں آرہا کہ میں اتنی بڑی رقم جیت چکا ہوں ‘‘۔
رسل نے مزید بتایا کہ انہوں نے لاٹری جیتنے کے بعد جب اپنی بیوی کو اس بات کی اطلاع دی تو اس نے انکی بات پر یقین نہیں کیا جبکہ اسکے بھائی نے اس بات کو مذاق قرار دیا ۔

آسٹریلین اوپن ویمن سنگلز، ارینا سیبالینکا نے ٹائٹل جیت لیا

میلبرن: (ویب ڈیسک) آسٹریلین اوپن ویمن سنگلزٹورنامنٹ کا ٹائٹل ارینا سیبالینکا نے جیت لیا۔
آسٹریلین اوپن فائنل میں ارینا سیبالینکا نے علینا ریبا کینا کو 1-2 سے شکست دے کر اپنے کیرئر کا پہلا گرینڈ سلیم جیت لیا۔
بیلا روسی ٹینس پلیئر ارینا سیبالینکا کی جیت کا سکور 6-4، 3-6 اور 4-6 رہا۔

پی ایس ایل 8 کی تیاریاں ، شاہین آفریدی اور بابر اعظم ایک دوسرے کے مدمقابل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی لاہور میں پریکٹس کے دوران آمنے سامنے آگئے ۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انجری سے چھٹکارا پانے والے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کی تیاریوں کا آغاز کردیا ۔
شاہین شاہ آفریدی نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں باؤلنگ کی مشقیں کیں ، لاہور قلندرز کے کپتان نے نیٹ سیشن میں بابر اعظم کو بولنگ کرائی۔
اس سے قبل پی ایس ایل کے گزشتہ سیزن کے ایک میچ میں شاہین آفریدی نے بابر اعظم کو بولڈ بھی کیا تھا۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل 8 میں بابر اعظم پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے جبکہ لاہور قلندرز شاہین آفریدی کی قیادت میں میدان میں اترے گی ۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز 13 فروری سے ہوگا جبکہ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں 28 فروری اور 7 مارچ کو مدمقابل آئیں گی۔

پاکستان بننے کے بعد آزادی کیلئے لڑنے والوں کی قدر نہیں کی گئی: فضل الرحمان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان بننے کے بعد آزادی کیلئے لڑنے والوں کی قدر نہیں کی گئی۔
باچا خان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خان ولی خان کو میں نے اپنے بچپن میں پہلی باردیکھا تھا، 1972 میں جمعیت حکومت قائم ہوئی تو میرے والد نے ان کا استقبال کیا، اگر آزادی کا مفہوم کوئی سمجھنا چاہے تو شیخ ہند کے پیرو کار سے سمجھے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا انگریز کے مظالم کے باوجود تحریک آزادی سے منسلک رہے، تحریک خلافت میں قربانیاں دینے والوں کو جگہ نہیں دی گئی، بھٹو صاحب کے زمانے میں خان عبدالغفار خان بھی قافلے میں ہوتے تھے۔
انہوں نے کہا باچا خان سے ڈانٹ بھی پڑتی تھی کہ کیا انقلاب برپا کرو گے، میرے والد کا انتقال ہوا تو میں اس وقت جیل میں تھا، باچا خان میرے گھر آئے تو میرے چھوٹے بھائی کو گود میں لیا، آج بھی میرے دل سے ولی خان کیلئے دعا نکلتی ہے، مجھے ولی خان نے نصیحت کی کہ کبھی بھی مایوس نہ ہونا۔

الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ کرنے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ کرنے کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست سماعت کے لیے مقرر ہو گئی۔
جسٹس جواد حسن 30 جنوری کو اسد عمر کی درخواست پر سماعت کریں گے، درخواست میں گورنر پنجاب کو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری فریق بنایا گیا ہے، تحریک انصاف نے بیرسٹر علی ظفر کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔
درخواست میں تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت اسمبلی تحلیل ہونے کے فوری بعد گورنر نے الیکشن کا اعلان کرنا ہے، گورنر پنجاب الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کر رہے جو کہ آئین کی خلاف ورزی ہے۔
تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ دس دن سے زائد کا وقت گزر چکا ہے گورنر پنجاب کی جانب سے تاحال الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، گورنر اپنے حلف کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، لاہور ہائیکورٹ پنجاب میں الیکشن کی تاریخ دینے کے لیے گورنر کو ہدایات جاری کرے۔

کلمہ پڑھا ہے تو نماز پڑھنا بھی میرا فرض بنتا ہے، راکھی ساونت

ممبئی: (ویب ڈیسک) راکھی ساونت کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے اسلام قبول کیا ہے تو وہ نماز کی ادائیگی بھی کریں گی۔
حال ہی میں اپنے مسلمان دوست عادل خان سے شادی کر کے اسلام قبول کرنے والی اداکارہ راکھی ساونت عرف فاطمہ نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کلمہ پڑھا ہے تو اب نماز کی ادائیگی کرنا بھی ان کا فرض بنتا ہے۔
راکھی نے میڈیا نمائندے کے نماز کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر جواب دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ نماز پڑھتی ہیں، ویڈیو میں راکھی کو کہتے سُنا جا سکتا ہے کہ ’میرے شوہر مسلمان ہیں اور میں نے کلمہ پڑھا ہے تو نماز پڑھنا میرا فرض بنتا ہے، میں نماز پڑھتی ہوں اور اپنے خدا سے دعا بھی کرتی ہوں، مجھے اس سے کوئی نہیں روک سکتا‘۔
دوسری جانب ان دنوں راکھی کی والدہ کی طبعیت بھی خراب ہے جسکی وجہ سے اداکارہ پریشان ہیں اس لئے انہوں نے حال ہی میں اپنے شوہر عادل خان کے ساتھ درگاہ پر حاضری دے کر اپنی والدہ کی صحتیابی کے لئے دعا بھی کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں اداکارہ کو درگاہ کے باہر پھولوں کی چادر خریدتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ساتھ ہی راکھی نے بتایا کہ وہ پہلی مرتبہ درگاہ پر حاضری دے رہی ہیں اور دعا کریں گی کہ ان کی والدہ ٹھیک ہوجائیں اور ان کی عادل خان درانی سے شادی کامیاب رہے۔

ابوظہبی جانیوالے مسافر کے پیٹ سے ہیروئن بھرے کیپسول برآمد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ابوظہبی جانیوالے مسافر کے پیٹ سے ہیروئن بھرے 65 کیپسول برآمد کرلے گئے۔
ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات برآمد کی گئی ہیں ۔
ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر غیر ملکی ائیرلائن کی پرواز سے ابوظبی جانیوالے مسافرکے پیٹ سے ہیروئن بھرے65 کیپسول برآمد کر لیے گئے ۔
ایک اور کارروائی میں کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر موزمبیق جانے والے مسافر کے بیگ سے 10 کیٹامائن انجیکشن برآمد کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق اے این ایف نے اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب کار سے 16کلو 800گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ رنگ روڈ پشاورکے قریب خیبر کے رہائشی 2 ملزمان سے 12 کلو چرس برآمد ہوئی۔
ترجمان نے بتایا کہ کوئٹہ ویسٹرن بائی پاس پرکار سے 21 کلو 850 گرام چرس برآمد کرکے تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں

روسی کمپنی کی پاکستان کے ساتھ تیل سپلائی کی پہلی ڈیل فائنل

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی کمپنی کی پاکستان کے ساتھ تیل سپلائی کی پہلی ڈیل فائنل ہوگئی، ایک ہزار ٹن تیل زمینی راستے سے پاکستان کو سپلائی کیا جائے گا۔
خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قازقستان میں روسی کمپنی کی ریفائنری سے تیل بذریعہ ریل افغانستان بارڈر لایا جائے گا، افغان بارڈرسے ٹرکوں کے ذریعے تیل پاکستان پہنچایا جائے گا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ فورٹ انویسٹ کو پاکستان کے لئے پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کے مزید آرڈرز بھی ملے ہیں۔

اوگرا نے پیٹرول مہنگا کرنے کی قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا

کراچی: (ویب ڈیسک) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا۔
ترجمان اوگرا عمران غزنوی نے کہا کہ پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں سے متعلق قیاس آرائیاں غلط ہیں، ابلاغ عامہ میں گمراہ کن قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں، مفاد عامہ میں غلط افواہوں سے گریز کیا جائے۔
واضح رہے کہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر پٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر اضافے اور پمپس پر پٹرول کی عدم دستیابی کی افواہیں اڑی ہوئی ہیں۔
قرض فراہم کرنے کےلیے آئی ایم ایف کی سخت شرائط کو اس اضافے کی وجہ قرار دیا جارہا ہے۔