کوہاٹ : تاندہ ڈیم میں سیاحوں کی کشتی ڈوب گئی ، ہلاکتوں کا خدشہ

کوہاٹ : (ویب ڈیسک) تاندہ ڈیم میں سیاحوں کی کشتی ڈوب گئی ، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے ۔
تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کے تاندہ ڈیم میں سیر کیلئے آئے افراد کی کشتی ڈوب گئی ، کشتی میں 20 افراد سوار تھے جن میں زیادہ تعداد
بچوں کی ہے۔
حادثے میں متعدد افراد کے زخمی اور ہلاک ہونے کا خدشہ ہے ۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ، ریسکیو کی جانب سے آپریشن جاری ہے ۔

عمران خان کی چیف جسٹس سے فواد چودھری کے آئینی حقوق کے تحفظ کی اپیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان سے زیر حراست فواد چودھری کے آئینی حقوق کے تحفظ کی اپیل کی ہے۔
عمران خان کی جانب سے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے نام لکھے گئے خط میں کہا کہ زیرِ حراست افراد پر تشدد یا وقار کے خلاف اقدامات آئین کی خلاف ورزی ہے، فواد چودھری کو بنیادی انسانی حقوق فراہم کیے جائیں۔
خط میں چیئرمین پی ٹی آئی نے اعظم سواتی اور شہباز گل پرتشدد اور غیرانسانی سلوک کا حوالہ بھی دیا، انہوں نے اپیل کی کہ زیر چیف جسٹس پاکستان آئین کے محافظ ہونے کے ناطے زیر حراست افراد کی عزت اور وقار کے لیے اقدامات کریں۔
دوسری جانب فواد چودھری کے بھائی اور وکیل فیصل چودھری نے بھی چیف جسٹس کے نام خط لکھ کر فواد چودھری کی گرفتاری کا ازخود نوٹس لینے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ خدشہ ہے فواد چودھری کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جائے گا۔
فیصل چودھری نے مزید کہا کہ فواد چودھری کے کیس میں شہباز گل والی قسط دہرائی گئی ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے پر پمپس اچانک بند، عوام خوار

لاہور/ راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات میں ممکنہ اضافے کی اطلاعات پر راولپنڈی اور لاہور میں مالکان نے متعدد پٹرول پمپس کو بند کردیا گیا جس کی وجہ سے شہریوں کو پٹرول کے حصول میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
راولپنڈی شہر کی اہم شاہراہوں مری روڈ، مال روڈ، ایئرپورٹ پر متعدد پٹرول پمپس کو مالکان نے بند کر دیا ہے جبکہ پٹرول کی تلاش میں شہری مارے مارے پھر رہے ہیں، بند پمپس پر موجود عملے نے بتایا کہ پٹرول کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو دیکھتے ہوئے پٹرول پمپس کو مالکان نے بند کیا ہے۔
ادھر پٹرول کی تلاش میں پھرنے والے شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے موقع پرست پٹرول پمپس مالکان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔
دوسری جانب لاہور شہر میں پمپ بند ہونے کی وجہ سے شہری پریشان ہیں جبکہ جو پٹرول پمپ کھلے ہیں وہاں مالکان نے پمپ کھولے ہوئے ہیں وہ دو ہزار روپے سے زائد کا پٹرول فراہم نہیں کر رہے، بعض پیڑول مالکان نے سپلائی یاریٹ بڑھنے کے پیش نظر پمپ بند کر دیئے۔
پٹرول کم دینے پر پمپ انتطامیہ اور گاہکوں کے درمیان تکرار بھی جاری ہے جبکہ اس تمام تر صورتحال کے باوجود ضلعی انتظامیہ لاہور خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے کوئی اقدامات نظر نہیں آ رہے جبکہ شہری پمپوں پر پیٹرول کے حصول کے لیے دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قلت کی خبریں سامنے آئی ہیں، گوجرانوالہ میں 50 فیصد سے بھی کم پٹرول پمپس پر تیل دستیاب ہے جبکہ لاہور، فیصل آباد، دیپالپور، رحیم یار خان، بہاولپور ، شیخوپورہ، خانیوال اور ساہیوال سمیت کئی شہروں میں بھی پٹرول نایاب ہوگیا ہے، صارفین کو تیل حاصل کرنے کیلئے لمبی قطاروں میں لگنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ عوام کیلئے ہر چیز کا حصول مشکل ہوگیا ہے، پٹرول مہنگا ہونے کے باوجود ہمیں مل نہیں رہا۔
پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کے بعد خیبرپختونخوا میں تیل کی قلت پیدا ہو گئی، صوبے میں پمپ مالکان نے پٹرول کی فروخت کم کر دی ہے جس کے باعث صارفین کو تیل کے حصول میں دشواری کا سامنا رہا، نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے معاملے کا نوٹس بھی لیا ہے۔
دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا ) نے میڈیا میں تیل کی قیمتوں کے حوالے سے چلنے والی خبروں کو مسترد کر دیا۔
ترجمان اوگرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیا میں تیل کی قیمتوں سے متعلق زیر گردش خبریں بے بنیاد ہیں، میڈیا پر چلنے والی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے متعلق معلومات غلط ہیں، عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر ان چیزوں کو نظر انداز کیا جائے۔
اوگرا کی وضاحت کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی خبروں کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں مالکان نے تیل کی فروخت روک دی جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جن پمپس پر پٹرول کی سیل جاری ہے وہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

عمران خان نے تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا

لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے موجودہ سیاسی ومعاشی صورتحال پر کورکمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے تمام سابق اراکین قومی اسمبلی کوبھی زمان پارک بلالیا ، کورکمیٹی کےاجلاس میں ملکی معاشی و سیاسی صورتحال پر مشاورت ہوگی ۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کی جانب سےقومی اسمبلی کےضمنی الیکشن کےانعقاد پر گفتگو ہوگی جبکہ عمران خان آئندہ ضمنی الیکشن میں حصہ لینے پر مشاورت کریں گے ۔
اجلاس میں فواد چودھری کے ساتھ اپنائے گئے رویے پر بھی حکمت عملی مرتب کی جائےگی

لسبیلہ : مسافر کوچ کھائی میں جاگری ، 39 افراد جاں بحق

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں چینکی اسٹاپ کے قریب مسافر کوچ کھائی میں جاگری ، جس کے نتیجے میں اب تک 39 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہیں ۔
تفصیلا ت کے مطابق مسافر کوچ کوئٹہ سے کراچی آرہی تھی ، کھائی میں گرنے کے بعد کوچ میں آگ بھڑک اٹھی ، امدادی کارروائیوں کے دوران کوچ سے اب تک 39 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں ، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔
حادثے کی اطلاع پر فائربریگیڈ گاڑیوں اور ریسکیو عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی ، اے سی بیلہ کے مطابق مسافر کوچ میں 48 مسافر سوار تھے۔
ریسکیو کی جانب سے امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے المناک حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ حادثہ میں بہت سی قیمتی جانوں کے ضیاع پر صدمہ ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی ۔

سابق صدر آصف زرداری سے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری سے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، صوبہ کو درپیش مسائل اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔
سابق صدر آصف علی زرداری اور گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے شہر قائد کے ترقیاتی منصوبوں اور انفرا سٹرکچر کی تعمیر نو پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی مشاورت سے تمام مسائل کو حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

عمران نیازی ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، شازیہ مری

کراچی: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ عمران احمد نیازی پاگل ہو چکے ہیں اور ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی سربراہ کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری پر الزامات کی مذمت کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ نیازی کے الزامات اور بیانات جواب دینے کے قابل بھی نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے اپنے مخالفین کے خلاف کبھی ایک لفظ بھی نہیں بولا، عمران نیازی ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
شازیہ مری نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کسی صوبے کو نظر انداز نہیں کیا، وہ مثبت رویے کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں اور ہر صوبائی حکومت سے رابطہ کر رہے ہیں، سندھ حکومت ان کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ان کے ساتھ اس وقت بھی تعاون کیا جب وزیر اعظم شہباز شریف نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کے لیے 25ہزار روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔

وزارت داخلہ کا سیف سٹی اسلام آباد کا دائرہ کار پھیلانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت داخلہ نے سیف سٹی اسلام آباد کا دائرہ کار پھیلانے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے 50 نئے کیمرے لگانے کی منظوری دے دی، جس کے بعد نئے سیف سٹی کیمروں کی تنصیب پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا
ذرائع کے مطابق اگلے 24 گھنٹے میں نئے سیف سٹی کیمرے لگا دئیے جائیں گے، سیف سٹی اسلام آباد کا دائرہ کار نورخان ائیر بیس راولپنڈی تک پھیلایا جائے گا۔

مریم نواز نے وطن پہنچتے ہی اپنی والدہ کی قبر پر حاضری دی

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز شریف نے وطن واپس پہنچتے ہی اپنی والدہ کی قبر پر حاضری دی۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی نے والدہ بیگم کلثوم نواز کی قبر پر حاضری کے دوران پھولوں کی چادر چڑھائی اور اپنی والدہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم شہباز شریف نے مریم نواز کی وطن آمد پر لکھا کہ الحمد اللہ، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور قوم کی دعاؤں سے بیٹی مریم نواز صحت مند ہوکر واپس تشریف لائی ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید لکھا کہ جس طرح انہوں نے ہمیشہ بہادری اور جرأت کے ساتھ قائد مسلم لیگ (ن) کے نظریات، اصولوں اور حق گوئی کا پرچم سر بلند کیا، اب اسی جذبے اور تندہی سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔

پاکستان سپر لیگ نے عالمی سطح پر اپنی شناخت بنالی ہے، نجم سیٹھی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل ایک برانڈ بن چکا ہے۔ لیگ نے عالمی سطح پر اپنی شناخت بنا لی ہے،پی ایس ایل کو کامیاب بنانے میں تمام فرنچائز نے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
کراچی میں ایک تقریب میں میڈیا سے گفتگوکے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئےانھوں نے کہاکہ کراچی کرکٹ کے متوالوں کا شہر ہے۔ہم نےانٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کراچی سے کرائی۔ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ میں کراچی کا شاندار دورہ کیا ۔راچی طویل عرصہ تک مشکلات کا شکار رہا۔شہر قائد میں کرکٹ کے مداح رہتےہیں،کراچی کو کبھی نظر انداز نہیں کرسکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 8 کو شایان شان طریقے سے منعقد کرایا جائے گا۔رواں ایڈیشن میں دنیا کے نامور کرکٹرز پاکستان آرہے ہیں۔پی ایس ایل قومی شناخت بن چکا ہے،لیگ کو کامیاب بنانے میں ہرفرنچائز نے اپنا کردار ادا کیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے ندیم عمر نے پی ایس ایل کو ہمیشہ آگے بڑھ کر سپورٹ کیا،ہر فرنچائز نے پی ایس ایل کےلیے جدوجہد کی ہے۔ابتدا میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کے حوالے سے مشکلات رہیں،غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے کے لیے ہچکچاہٹ کا شکار تھے،ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی کے پاکستان آنے سے بہت فائدہ ہوا،غیر ملکی کرکٹرز کا اعتماد بڑھ گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی کامیابی میں پاک فوج نے بھی نمایاں کردار ادا کیا۔لیگ کو کامیابی سے ہمکنار کرنےمیں ہر شعبے سے تعاون اور مدد ملی۔ہم دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور پاکستان میں سب کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔ خواہش تھی کے پی ایس ایل کے میچ کوئٹہ میں بھی کراتے۔ تاہم ایساممکن نہ ہوسکا۔کوئٹہ میں5 فروری کو پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈیٹر کے درمیان نمائشی میچ کھیلا جائے گا۔اسٹار سے بھری دو ٹیمیں میدان میں آمنے سامنے ہونگی۔نمائشی میچ میں شامل چار سے پانچ کھلاڑی بی پی ایل کھیل رہے ہیں۔ہم نے تمام کھلاڑیوں کہ واضح طور پر سفارشات کو منع کردیا ہے۔تمام کھلاڑی جن کا نمائشی میچ میں نام ہے، وہ بی پی ایل سے واپس آئیں گیں۔سب اسٹارز کو پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈیٹر کی جرسی میں دیکھنا چاہتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی کاکہنا تھا کہ ہم اس سال مزید پیسہ پی ایس ایل8 میں لگانے جارہے ہیں۔اس بار کا پی ایس ایل گزشتہ لیگ سے بہترین ہوگا۔ابتدا میں پی ایس ایل میں پانچ ٹیموں کی شرکت کا فیصلہ ہوا تھا،دوسرے سیزن کا فائنل لاہور کرانا تھا،انٹرنیشنل کھلاڑی راضی نہیں تھے،تمام فرنچائزز نے تعاون کیا اور فائنل لاہور میں ہوا۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل پر ایک کتاب لکھیں گے جس میں بتائیں گے لیگ کو کامیابی سے ہمکنار کرانے میں کتنی مشکلات پیش آئیں۔
انھوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ ہم پرامن ہیں دنیا کی سب ٹیمیں یہاں آ رہی ہیں۔وفاقی اور بلوچستان کی حکومت نے درخواست کی تھی کہ پی ایس ایل کا ایک میچ کوئٹہ میں بھی ہونا چاہیئے۔نمائشی میچ میں شریک دونوں فرنچائز کو کہتا ہوں ملکی مفاد میں قربانی دیں۔چند کھلاڑیوں نے نمائشی میچ میں شرکت سے معذرت کا اظہار کیا ہے۔ یہ عمل ہمارے لئے نقصان دہ ہوگا۔تمام کھلاڑیوں کی درخواست مسترد کر دی ہے سب کو ملک کی خاطر لیگ چھوڑنی پڑے گی۔آپ نہیں چاہتے تو پی سی بی دوسری شرٹس بنا لے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی مارکیٹنگ اچھی نہیں ہو رہی،بہترمارکیٹنگ کے لیے زیادہ خرچہ کرنا ہوگا۔

سکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان میں آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا، دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر حملوں میں ملوث تھا۔

پاکستان نے سندھ طاس معاہدے پر نظر ثانی کی بھارتی تجویز سختی سے مستردکردی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے سندھ طاس معاہدے پر نظر ثانی کی بھارتی تجویز سختی سے مستردکردی ہے۔
کشن گنگا اور راتلے ہائیڈرو پاور پراجیکٹ منصوبوں کے متنازع ڈیزائن پر عالمی بینک کی ثالثی عدالت میں شکست دیکھنے پر بھارت پھربھاگنےکی تیاری میں ہے۔
بھارت نے سندھ طاس معاہدے میں نظرثانی تجویزکرکے مصالحتی عدالت میں قانونی عمل رکوانےکی کوشش کی ہے تاہم پاکستان نےکسی صورت سندھ طاس معاہدے میں نظرثانی کی اجازت نہ دینےکا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان نے بھارتی تجویز کو ناجائز اور بے ایمان بھارتی رویےکی عکاسی قرار دیتے ہوئےکہا ہےکہ کسی شق کی یکطرفہ تبدیلی و تشریح کی کوئی اہمیت نہیں، سندھ طاس معاہدہ 2 خود مختار ریاستوں کے درمیان مؤثر معاہدہ ہے، سندھ طاس معاہدے میں کوئی بھی تبدیلی دونوں پارٹیوں کے باہمی اتفاق رائے سے ہی ممکن ہے، سندھ طاس معاہدے کے تحت دریائے جہلم اور چناب کے پانیوں پر پاکستان کا حق ہے۔
خیال رہےکہ بھارت کے آبی منصوبوں کے متنازع ڈیزائن پر پاکستان نے 19 اگست 2016 کو عالمی بینک کی ثالثی عدالت سے باضابطہ رجوع کیا تھا، پاکستان کی کوششوں کے بعد ورلڈ بینک نے مارچ 2022 میں عدالتی تشکیل کا عمل شروع کیا، 330 میگا واٹ کے کشن گنگا منصوبے کو ماہرین ہر اعتبار سے محض اسٹریٹجک منصوبہ قرار دے رہے ہیں، اس منصوبے کے ڈیزائن سے پاکستان کا ایک ہزار میگا واٹ کا نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ شدید متاثر ہوسکتا ہے۔

راکھی ساونت کی والدہ چل بسیں

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کی معروف رقاصہ و اداکارہ راکھی ساونت کی والدہ جیا ساونت چل بسیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راکھی کی والدہ میں کینسر اور برین ٹیومر کی تشخیص ہوئی تھی اور طویل عرصے سے موذی مرض سے جنگ لڑ رہی تھیں۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ راکھی کی والدہ ممبئی کے اسپتال میں زیر علاج تھیں جہاں آج وہ چل بسیں۔
اداکارہ نے بھارتی میڈیا کو والدہ کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔
راکھی ساونت والدہ کے بے حد قریب تھیں اور ان کی دیکھ بھال کیلئے اسپتال میں رہتی تھیں۔
گزشتہ دنوں اداکارہ نے والدہ کا علاج کرانے پر سلمان خان کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ہی راکھی ساونت نے والدہ کی خواہش پر قریبی دوست عادل درانی سے شادی کی تھی۔
انہوں نے اسلام قبول کرکے نکاح کیا تھا۔