لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت نے آئی ایم ایف کو راضی کرنے کے لیے 200 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے کی تیاری کرلی۔
حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ کے مطالبے پر 200 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے کے لیے 2 مسودہ آرڈیننس تیار کرلیے ہیں۔
نجی چینل کے مطابق ملک کی اعلیٰ ٹیکس مشینری کی جانب سے تیار کردہ ان دونوں مسودہ آرڈیننس میں سے ایک آرڈیننس 100 ارب روپے کے نئے ٹیکسز اور دوسرا درآمدات پر 100 ارب روپے کے فلڈ لیوی کے نفاذ سے متعلق ہے۔
حکومت پاور سیکٹر کی سبسڈی کو ختم کرنے اور ایکسپورٹ سیکٹر کے لیے خام مال پر سیلز ٹیکس لگانے پر بھی غور کر رہی ہے۔
بجلی اور گیس کے نرخوں میں مزید اضافہ بھی حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
دوسری جانب حکومت نے پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کا تیل مہنگا کر دیا ہے۔ پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 35 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا۔مٹی کا تیل اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل 18 روپے فی لیٹر مہنگا ہو اہے۔
Monthly Archives: January 2023
اسلام آباداورگردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے
لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ، راولپنڈی اور گردونواح میں زلزلے سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے ۔
زلزلہ پیما مرکز کےمطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 3 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس کی گہرائی 150کلومیٹر زیر زمین تھی ۔
زلزلہ پیما مرکز کےمطابق زلزلے کا مرکز تاجکستان تھا ۔
جڑواں شہروں میں زلزلے کے جھٹکے چند سیکنڈز تک محسوس کیے گئے ہیں جبکہ پاکستان سمیت ایران ، افغانستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔
زلزلے سے کسی جانی ومالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔
ابھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مزید بڑھیں گی، گیس بھی مہنگی ہوگی،شوکت ترین
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے مہنگائی کی نئی لہر کی پیش گوئی کردی۔
سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا۔ان کا کہنا ہے کہ ابھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مزید بڑھیں گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ حکومت گیس کی قیمت بھی بڑھائے گی۔کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں 45فیصد تک اضافہ ہوگا۔حالیہ دنوں میں روپیہ 14سے15فیصد تک گرا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اداروں کو سوچنا چاہیے کہ یہ اس حکومت کے بس کی بات نہیں۔2 اسمبلیاں تحلیل ہو چکی ہیں عام انتخابات کروائے جائیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت ناگزیر ہے کہ عوامی مینڈیٹ والی حکومت آئے تاکہ سخت اور درست فیصلے لے سکے۔
واضح رہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35،35 روپے اضافہ کیا جارہاہے۔ جبکہ لائٹ ڈیزل اور کیروسین کی قیمتوں میں 18،18روپے فی لیٹراضافہ کیا گیا ہے۔
ڈنمارک کے سیاستدان کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی قابل مذمت اقدام ہے : وزیراعظم
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈنمارک کے سیاستدان کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی انتہائی قابل مذمت اقدام ہے ،اس سے ہماری دل آزاری ہوئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ڈنمارک کے ایک سیاستدان کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کا تیسرا واقعہ ہے ، جس کی مہذب معاشرے کی جانب سے مذمت کی جانی چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے خلاف لڑنے کے لئے عالمی یکجہتی کی فوری ضرورت جتنی آج ہے پہلے نہ تھی ، اس واقعہ سے ہماری دل آزاری ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ سویڈن اور نیدرلینڈز کے بعد ڈنمارک میں بھی قرآن نذرِ آتش کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے جس کی پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلم ممالک کی جانب سے مذمت کی جارہی ہے ۔
اوگرا نظر انداز، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں وزارت خزانہ نے خود بڑھائیں
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے حالیہ اضافے میں وزارت خزانہ نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو نظر انداز کرتے ہوئے خود ہی قیمتیں بڑھانے کا اعلان کیا۔
ذرائع کے مطابق اوگرا سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی سمری طلب نہیں کی گئی، قانون کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری اوگرا نے 30 جنوری کو بھجوائی تھی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اوگرا حکام لاعلم نکلے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے امکان کو اوگرا حکام رد کرتے رہے، آئی ایم ایف سے مذاکرات سے پہلے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی ورکنگ وزارت خزانہ میں ہوئی جس کے بعد وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے منظوری دی۔
2025 میں امریکا اور چین کے درمیان جنگ ہو سکتی ہے،امریکی جنرل
امریکا : (ویب ڈیسک) امریکی ایئر فورس کے ایک فور اسٹار جنرل نے پیش گوئی کی ہے کہ امریکا اور چین کے درمیان تائیوان کے معاملے پر جاری تناؤ کے نتیجے میں 2025 میں امریکا اور چین کے درمیان جنگ ہو سکتی ہے۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سوشل میڈیا پر منظرعام پر آنے والے میمورنڈم میں جنرل مائیک منی ہن نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد ان کو روکنا اور اگر ضرورت ہو تو چین کو شکست دینا ہونا چاہیے۔
انہوں نے اپنے کمانڈرز کو اس سال اپنی تمام تر تیاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتا ہوں میں غلط ثابت ہوں لیکن مجھے خدشہ ہے کہ ہمارے درمیان 2025 تک جنگ ہوگی۔
امریکی جنرل نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ سال تائیوان کے صدارتی انتخابات ہیں جو چین کو فوجی جارحیت کا جواز فراہم کر سکتے ہیں جبکہ امریکا خود بھی وائٹ ہاؤس میں نئےصدر کے انتخاب کےلیے مقابلے میں مصروف ہو گا۔
امریکی جنرل کی جانب سے لکھے گئے اس میمورنڈم کی پینٹاگون کی جانب سےبھی تصدیق کردی گئی ہے ۔ میمورنڈم میں موبائل کمانڈ کی ٹیم کے تمام اہلکاروں کو فائرنگ رینج کی پریکٹس اور سر کو نشانہ بنانے کی تربیت کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
ایران میں زلزلہ ، 3 افراد جاں بحق ، 300 زخمی
تہران : (ویب ڈیسک) ایران کے شمال مغربی حصے میں ترکیہ کی سرحد کے قریب زلزلےکے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران میں زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 9 ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کے باعث مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 300 سے زائد زخمی ہو ئے ہیں ۔
ایرانی میڈیا کے مطابق زلزلے کا مرکز ایران کے شہر خوی کے قریب تھا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق زلزلے کے بعد کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی تاہم امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے ، ایمرجنسی ٹیم کے اہلکار کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ کچھ علاقوں میں برف باری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
بارش کے باعث آسٹریلیا اور پاکستان ویمنز ٹیموں کا تیسرا ٹی 20 بغیر کھیلے ختم
کینبرا: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں ہونے والا پاکستان ویمن اور آسٹریلیا ویمن کے مابین تیسرا ٹی 20 میچ بارش کے باعث ختم کر دیا گیا۔
پاکستان اور آسٹریلیا ویمن ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی 20 میچ مانوکا اوول کینبرا میں شیڈولڈ تھا لیکن مسلسل بارش کے باعث میچ کا ٹاس بھی ممکن نہیں ہو سکا تھا۔
تین ٹی 20 میچز کی سیریز آسٹریلیا نے دو صفر سے اپنے نام کی۔
اس سے قبل آسٹریلین ویمن ٹیم نے تین ون ڈے میچز کی سیریز تین صفر سے جیتی تھی۔
افغانستان : جامعات میں لڑکیوں کے داخلہ امتحانات میں شرکت پر پابندی
کابل : (ویب ڈیسک) طالبان حکومت کی وزارت اعلیٰ تعلیم نے افغانستان میں نجی یونیورسٹیوں کو حکم دیا ہے کہ وہ لڑکیوں کی یونیورسٹی تعلیم پر پابندیوں کے بارے میں پالیسی سخت کرتے ہوئے اگلے ماہ طالبات کو داخلہ کے امتحانات دینے کی اجازت نہ دیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ حکم افغانستان کی اعلٰی تعلیم کی وزارت نے تمام یونیورسٹیوں کی انتظامیہ کو ایک خط کے ذریعے دیا ہے جہاں فروری کے آخر میں امتحانات ہونے والے ہیں۔
وزارت تعلیم کے جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے ادارے کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
وزارت اعلیٰ تعلیم نے دسمبر 2022 میں یونیورسٹیوں سے کہا تھا کہ وہ طالبات کو “تا اطلاع ثانی ” داخلے کی اجازت نہ دیں۔
اس فیصلے کے کچھ دن بعد افغان حکومت نے ’این جی اوز‘ میں بھی کام کرنے والی افغان خواتین پر بھی پابندی عائد کردی تھی ۔
افغانستان میں خواتین پر تعلیم اور روزگار کے دروازے بند کیے جانے کے خلاف عالمی سطح پر ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے ، خواتین کے کام اور تعلیم پر پابندیوں کی بین الاقوامی سطح پر مذمت کی گئی ۔
بہت سے ممالک کے مغربی سفارت کاروں کا خیال ہے کہ طالبان کو خواتین کے حوالے سے اپنی پالیسیوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ باضابطہ بین الاقوامی شناخت کا موقع حاصل کر سکیں اور اپنی معاشی تنہائی کو کم کریں۔
دوسری جانب ملک کو معاشی بحران کا بھی سامنا ہے، جس کی ایک وجہ پابندیاں ہیں جو اس کے بینکنگ سیکٹر کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔
تاہم ورلڈ بینک نے ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ طالبان انتظامیہ کی توجہ معاشی طور پر خود کفیل بننے پر مرکوز ہے ، طالبان کی حکومت نے گذشتہ برس کے دوران ٹیکس جمع کرنے کی رفتار کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ برآمدات میں بھی اضافہ کیا ہے۔
ایران : دفاعی تنصیب پر ڈرون حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی
تہران : (ویب ڈیسک) ایران کے مرکزی شہر اصفہان میں دفاعی تنصیب پر ڈرون حملوں کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے ۔
ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق ایران کے مرکزی شہر اصفہان کی دفاعی تنصیب پر دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں ، جس کے بعد ایرانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ وزارت دفاع کے ایک ورکشاپ کمپلیکس پر ڈرون حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اصفہان میں وزارت دفاع کے ایک ورکشاپ کمپلیکس پر حملے کی کوشش کی گئی ، ایرانی سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ حملے میں مائیکرو برڈز کا استعمال کیا گیا، ایک مائیکرو برڈ کو ایئرڈیفنس نے مار گرایا گیا جبکہ دو پھٹ گئے۔
اصفہان صوبے کے نائب گورنر محمد رضا جان ناصری نے سرکاری ٹیلی ویژن کو تصدیق کی کہ مبینہ حملے کی تحقیقات جاری ہیں جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، تاہم حکام نے شہر کے شمال میں ہدف بنائے گئی فوجی تنصیب پر ہونے والی سرگرمیوں کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق علاقے میں ایران کے جوہری تحقیق کی کئی تنصیبات واقع ہیں جن میں یورینیم کی افزودگی کا پلانٹ شامل ہے۔
اپریل 2021 میں تہران نے اعلان کیا تھا کہ اس نے صوبہ اصفہان میں نطنز کے مقام پر 60 فیصد افزودہ یورینیم کی پیداوار شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ ایران، یورپی یونین اور چھ بڑی طاقتوں کے درمیان 2015 کے جوہری معاہدے کو بحال کرنے کے لیے مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔
کورونا کے مثبت کیسز کی تعداد بڑھنے لگی، 11 مریضوں کی حالت تشویشناک
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 675 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 675 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 18 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.39 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 11 مریضوں کی حالت نازک ہے۔
کوئی روئے گا یا روئے گی بعد کی بات، آج ساری قوم رو رہی ہے: شیخ رشید
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کوئی روئے گا یا روئے گی بعد کی بات ہے آج ساری قوم رو رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے لکھا کہ 9 فروری کو IMF کی شرائط سب کو رُلا دے گی، ذبح خانے میں لے جائے گی اور سڑکوں پر ماتم کرائے گی، دیکھتے ہیں ڈالر پہلے 300 کا ہوتا ہے یا پیٹرول ہوتا ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 100 دن میں الیکشن ناگزیر ہیں، صوبے اور مرکز میں اکٹھے نہ ہوئے تو جوڈو کراٹے ہوں گے، ڈارکو آؤٹ سورس کرنا ہوگا۔
حکومت کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں35،35 روپے اضافےکا اعلان
لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کردیا۔
حکومت نے پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کا تیل مہنگا کر دیا ۔ پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 35 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا۔ پیٹرول کی نئی قیمت 249 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل مہنگا ہو کر 262 روپے 80 پیسے کا ہو گیا۔ مٹی کا تیل اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل 18 روپے فی لیٹر مہنگا کیا گیا ہے۔ مٹی کا تیل 189روپے83پیسے کا ہو گیا جب کہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل187 روپے کا ہو گیا ہے۔
وزیر خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی قیمتوں کااطلاق فوری ہوگا۔
ان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کی خبریں سامنے آئیں اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تقریباً 11 فیصد تک کا اضافہ ہوا، ہمیں ان سب چیزوں کو سامنے رکھنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ اوگرا کی جانب سے تجویز پیش کی گئی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کو ختم کرنے کے لیے قیمتوں میں اضافہ کیا جائے۔
پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے فی لیٹر تک اضافے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، پچھلے 4 ماہ میں ایک بار بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت کو نہیں بڑھایا گیا بلکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کی گئیں۔


















