لاہور : (ویب ڈیسک) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان اور ٹرانسپورٹرز کیجانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں حالیہ اضافے کو مسترد کر تے ہوئے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کا بھی اعلان کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو جہاں تاجروں اور ٹرانسپورٹرز نے مسترد کیا ہے وہیں ٹرانسپورٹ کے کرایے بڑھانے کا اعلان کرتےہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت نے کرایوں میں اضافے میں رکاوٹ ڈالی تو ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کریں گے ۔
تنظیم تاجران پاکستان کےصدرکاشف چوہدری نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں35 روپےفی لیٹراضافہ یکسر مسترد کرتےہیں ، قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا مزید طوفان آئےگا ، مہنگائی نے عوام کیلئے ایک وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنا دیا ہے۔
کاشف چوہدری نے حکومت سے فوری طور پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
علاوہ ازیں رکن سندھ اسمبلی و صدرپاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35 ،35 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے، تمام ٹرانسپورٹرز سے مشاورت کے بعد اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی پالیسیاں اس ملک کو بربادی کے دہانے پر لے آئی ہیں ، اب وقت آگیا ہے کہ حکومت کیخلاف سڑکوں پر نکلا جائے۔
دوسری جانب مرکزی تنظیم تاجران خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری ظاہر شاہ کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، حکومت پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ واپس لے۔
Monthly Archives: January 2023
پی سی بی کا تو کوئی توشہ خانہ نہیں، تحائف گھر لے جاوں گا، نجم سیٹھی
کوئٹہ : (ویب ڈیسک) سربراہ پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا ہے پی سی بی کا تو کوئی توشہ خانہ نہیں، تحائف گھر لے جاوں گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے تحائف ملنےکےبعد دلچسپ ردعمل دے دیا۔
نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پی سی بی کا تو کوئی توشہ خانہ نہیں، یہ تحفے تو میں اپنے ساتھ گھر ہی لے جاؤں گا۔
کوئٹہ میں تقریب میں کہاکہ تلوار کا تحفہ ساتھ نہیں لے جاسکتا۔ وہ فریم کرکے یہیں لگوا دوں گا۔
بھارت میں ریاستی وزیر پر قاتلانہ حملہ، سینے میں دو گولیاں لگیں
اڑیسہ : (ویب ڈیسک) بھارت میں ریاستی وزیر پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ اڑیسہ کے وزیر صحت پر پولیس اہلکار نے فائرنگ کر دی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اڑیسہ کے وزیر صحت نابا کشور داس پر براج راج نگر شہر میں فائرنگ کی گئی۔
نابا کشور داس ایک تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے تھے۔ جیسے ہی وہ اپنی گاڑی سے اترے تو اے ایس آئی گوپال داس نے ان پر فائرنگ کر دی۔ملزم فائرنگ کرتے ہی فرار ہو گیا۔ کشور داس کے سینے میں دو گولیاں لگیں اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر صحت جیسے ہی اپنی کار سے اترے سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار نے سرکاری پستول سے یکے بعد دیگرے دو گولیاں چلایں۔
وزیر صحت کو انتہائی تشویش ناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبیعت نہ سنبھلنے پر طیارے کے ذریعے بھونیشور لے جایا گیا جہاں ماہر ڈاکٹر کی زیر نگرانی پیچیدہ آپریشن کیا جا رہا ہے۔
کوئلے کی کان میں دب کر 2 بھائی جاں بحق
کھیوڑہ: (ویب ڈیسک) مارٹن کے ایریا میں واقع کوئلے کی کان میں دب جانے سے 2 بھائی جان کی بازی ہار گئے۔
واقعہ میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو ضلع چکوال کلر کہار کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق کوئلہ کی کان میں ہونے والا حادثہ کان کی چھت بیٹھ جانے کے باعث پیش آیا۔
آصف زرداری پر الزامات عمران خان کا نیا پینترا ہے: خواجہ آصف
سیالکوٹ: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آصف زرداری پر الزامات عمران خان کا نیا پینترا ہے، عمران خان نے سیاست کا رخ تشدد کی طرف موڑنے کی کوشش کی ہے، عمران خان کے بیان سے پیپلز پارٹی لیڈرشپ کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔
پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بہت بڑی قربانی دی ہے، دہشتگردی کی جنگ میں بینظیر بھٹو شہید ہوئیں، اتنی بڑی قربانی کے باوجود پیپلز پارٹی نے سیاسی جدوجہد جاری رکھی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو جھوٹے الزامات اور مقدمات میں قید نہیں کرنا چاہیے، سیاسی انتقام کا سخت مخالف ہوں، اگر خدانخواستہ کوئی بڑا سانحہ ہوا تو اس کا ذمہ دار عمران خان ہوگا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان ایک دن میں کئی بار پینترا بدلتا ہے، استعفے منظور ہوگئے تو اب کہتے ہیں عدالت میں جا رہے ہیں، جب استعفے منظور ہونے شروع ہوئے تو کہا کہ اسمبلی میں واپس آنا چاہتے ہیں، عمران خان نے استعفے دیے اور اسمبلی کے خلاف بیانات دیے۔
وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان پہلے کہتے رہے مجھے بین الاقوامی سازش کے تحت اقتدار سے ہٹایا گیا، اب اس کے بیان کا رخ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی پر آگیا ہے، جس طرح سے سیاست کا رخ بدل رہا ہے اس سے بڑی بد دیانتی کوئی نہیں ہوسکتی۔
وزیراعظم کا لسبیلہ میں مسافرکوچ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پراظہار افسوس
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع لسبیلہ میں مسافر کوچ حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے بلندی درجات کے لئے دعا اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
وزیراعظم نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ، انہوں نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا اظہار افسوس
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی بلوچستان کے علاقہ لسبیلہ میں کوچ کھائی میں گرنے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔
جاری بیان کےمطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس دردناک حادثے پر پورا ملک غمزدہ ہے،حادثے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ متعلقہ حکام حادثے کے اسباب معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کریں تاکہ آئندہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔
سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا اظہارافسوس
قومی اسمبلی کےسپیکر راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے لسبیلہ میں کوچ کو پیش آنے والے المناک حادثے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
واضح رہے کہ آج بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے علاقے میں کوئٹہ سے کراچی آنیوالی مسافر کوچ گہری کھائی میں گرنے سے کم ازکم 40 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ حکومتی ناکامی کا ثبوت ہے: شاہ محمود قریشی
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نائب چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ حکومتی ناکامی کا ثبوت ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک پہلے ہی معاشی تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے، آج عوام ان امپورٹڈ حکمرانوں کے ہاتھوں مزید بوجھ تلے آگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر 35 روپے کا اضافہ ان کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، عوام کب تک ان کی نااہلی کی قیمت ادا کریں گے، کیا اربابِ اختیار مزید تباہی کا انتظار کریں گے۔
شہباز شریف کپڑے بیچیں اور سستا پٹرول لائیں، خرم شیر زمان
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما خرم شیرزمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اب اپنے کپڑے بیچیں اور قوم کو سستا پٹرول لا کر دیں۔
اپنے ایک بیان میں رہنما پی ٹی آئی خرم شیر زمان نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کرعوام دشمن حکومت ہونے کا ثبوت دیا، لگتا ہے امپورٹڈ حکومت کا مشن عوام کے منہ سے نوالہ چھیننا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول مہنگا ہونے سے ہر چیز مہنگی ہوگی،صنعتیں، سفری کاروبار متاثر ہوں گے، عوام کو ریلیف دینے کیلئے کہتے ہیں پیسہ نہیں ہے، قوم کا پیسہ غیر ضروری دوروں، سرجریوں پر خرچ کیا جا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکال دیں ہیں، پی ڈی ایم ٹولے کو گھر بھیجنا ضروری ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ، عمران خان کا ردعمل آگیا
لاہور: (ویب ڈیسک) چئیر مین تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔
چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے بد انتظامی کے ذریعے ملکی معیشت کا برا حال کر کے تنخواہ دار اور غریب عوام کو کچل کر رکھ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 35 روپے کا اضافہ اور ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر 262 روپے 60 پیسے تک پہنچ گئی ہے ، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی 35 فیصد اضافہ کیا گیا۔
عمران خان نےحکومت پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ اب حکومت 200 ارب روپے کا منی بجٹ لارہی ہے جس سے مہنگائی میں بے تحاشہ اضافہ ہو گا۔
واضح رہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آج صبح پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 35 روپے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 18 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا تھا۔
عوام کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ ٹرانسپورٹرز نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔
بلاول بھٹو اگلے دو 2 ماہ میں امریکہ کے 3 دورے کریں گے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو آئندہ دو ماہ کے دوران امریکہ کے 3 دورے کریں گے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو 7 فروری کو امریکن کونسل آف چرچز کے دعائیہ ناشتے میں شرکت کریں گے، دعائیہ ناشتے میں امریکی صدر جو بائیڈن بھی بطور خاص شرکت کریں گے، امریکی صدر بائیڈن ناشتے کی تقریب سے خطاب اور شرکاء سے ملاقات بھی کریں گے، کونسل آف چرچز کے ناشتے میں پاکستان اور آزاد کشمیر کی مختلف شخصیات کو شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔
بلاول بھٹو 8 مارچ کو اقوام متحدہ کے زیر اہتمام مسلم خواتین کے حوالے سے عالمی کانفرنس میں شریک ہوں گے۔
وزیر خارجہ 18 مارچ کو اقوام متحدہ کے زیر اہتمام اسلاموفوبیا کے حوالے سے خصوصی تقریب میں بھی شرکت کریں گے، اقوام متحدہ نے ہر سال 15 مارچ کو یہ دن عالمی سطح پر منانے کی منظوری دی تھی، رواں سال مارچ میں پہلی دفعہ یہ دن منایا جائے گا اقوام متحدہ 18 مارچ کو اسلاموفوبیا کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب منعقد کر رہا ہے جس میں بلاول بھٹو پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
چشتیاں: ٹریفک حادثے میں 6 افراد جاں بحق
چشتیاں: (ویب ڈیسک) نواحی علاقہ 24 گجیانی کے قریب پیش آنے والے خوفناک حادثے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے، جاں بحق افراد شادی میں شرکت کے لئے جا رہے تھے۔
تیز رفتار کار موٹر سائیکل سے ٹکرانے کے بعد درخت کو جا لگی، حادثے میں 6 اموات کے علاوہ 2 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ حادثے سے متعلق ابتدائی معلومات میں یہ چیز سامنے آئی ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
عمران خان سے گینیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ڈاکٹر بو عبداللہ کی ملاقات
لاہور: (ویب ڈیسک) دبئی کے گینیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ڈاکٹر بو عبداللہ نے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر بو عبداللہ نے کہا کہ سابق وزیراعظ عمران خان سے ملاقات کر کے بہت خوشی ہوئی ہے۔
ڈاکٹر بو عبداللہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان پاکستانیوں کی محبت اور یقین کے حق دار ہیں۔
FINCA مائیکروفنانس بینک کا اپنا مائیکروفنانس بینک کے ساتھ انضمام کا جائزہ
لاہور(ویب ڈیسک)FINCA مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ (FINCA Pakistan)، اپنا مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ (Apna).
کے ساتھ انضمام کے قابل عمل ہونے کیلئے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے۔دونوں بینک ملک سے غربت کے خاتمے کا مشترکہ عزم رکھتے ہیں.۔دونوں بینکوں نے اس حوالے سے ایک غیر مشروط لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کیے ہیں اور اسٹیٹ بینک نے اس حوالے سے جانچ پڑتال کی منظوری بھی دیدی ہے۔
یہ مشترکہ ادارہ پاکستان کے سب سے بڑے مائیکرو فنانس اداروں میں سے ایک ہوگا اور FINCA پاکستان کو مالیاتی تعلیم اور خدمات تک رسائی کے ذریعہ غریب کاروباری افراد کو غربت سے نکالنے کے اپنے مشن کی وسعت کیلئے با اختیار بنائیگا۔
FINCA پاکستان کے سی ای او جہانزیب خان کا کہنا ہے کہ ”FINCA پاکستان انتہائی کم آمدن والے کاروباری افرادکی مالی بہتری اور ان کے مستقبل اور ان کی کمیونٹیز میں سرمایہ کاری کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ انضمام پایہ تکمیل تک پہنچتا ہے تو ہم دیہی اور شہری علاقوں میں اپنی مائیکرو فنانس کی خدمات کو بہتر بناسکیں گے اور خواتین اور دیہی صارفین پر زیادہ توجہ دیں سکیں گے،ہم اپنا کے بارے میں مزیدجاننے کیلئے پر تجسس ہیں۔“
FINCA پاکستان،ایک تجربہ کار انتظامی ٹیم اور عملہ،مضبوط برانڈ ساکھ،ڈیجیٹل مالیاتی خدماتاور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ بینکاری معیارات پر عمل کیلئے کوشاں ہے۔FINCAپاکستان،پاکستان کا پہلا مائیکرو فنانس بینک ہے،جس نے ملک میں اسمارٹ سرٹیفکیشن معیارات کے تحت کلائنٹ پروٹیکشن سرٹیفکیشن حاصل کی۔
FINCAپاکستان،16مائیکرو فنانس بینکوں پر مشتمل ایک عالمی نیٹ ورک FINCA Impact Finance (FIF), کا حصہ ہے،جو مائیکرو فنانس اور مالی شمولیت میں معلومات،وسائل اور بہترین اطوار شیئر کرتا ہے۔تقریباً40سالوں نے FINCA کے مائکرو فنانس بینکوں اور اداروں نے لاکھوں لوگوں کو مالی طور پر مضبوط بنانے کیلئے با اختیار بنایا ہے۔


















