اصفہان حملے کے پیچھے اسرائیل کا ہاتھ لگتا ہے: امریکہ

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی محکمہ دفاع ‘پینٹاگون’ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ واشنگٹن نے ایران میں کسی فوجی آپریشن میں حصہ نہیں لیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اصفہان میں ایک فوجی فیکٹری پر ڈرون حملے کے پیچھے اسرائیل کا ہاتھ ہے۔
بریگیڈیئر جنرل پیٹرک رائیڈر نے کہا کہ کوئی بھی امریکی فوجی ایران میں حملوں میں ملوث نہیں تھا اور انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی اصفہان میں ہونے والی کارروائی سے اپنے آپ کو دور رکھنا چاہتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ عرصے میں تہران کے حوالے سے واشنگٹن کا موقف زیادہ سخت ہوگیا ہے۔
یہ بیانات ہفتے کی رات اصفہان میں ہونے والی کارروائی سے واقف امریکی حکام اور لوگوں کی جانب سے اس انکشاف کے بعد سامنے آئے ہیں کہ اسرائیل نے ایران میں ایک دفاعی کمپلیکس کو نشانہ بناتے ہوئے ایک خفیہ ڈرون حملہ کیا تھا۔
ایرانی خلائی تحقیقی مرکز جس پر امریکہ نے ایران میں اپنے کام کے لیے پابندیاں عائد کردی تھیں سے تعلق رکھنے والے ایرانی حکام نے کہا کہ ایران نے تین ڈرونز کے ذریعے حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا جس نے اصفہان شہر میں ایک گولہ بارود کی فیکٹری کو نشانہ بنایا تھا۔
ایران نے کہا تھا کہ اس کے فضائی دفاع نے ایک ڈرون کو مار گرایا تھا جبکہ دو دیگر گودام کے اوپر پھٹ گئے تھے جس سے چھت کو معمولی نقصان پہنچا۔

جنوبی افریقا : سالگرہ کی تقریب میں فائرنگ ، 8 افراد ہلاک

جوہانسبرگ: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقا میں سالگرہ کی تقریب کے دوران فائرنگ سے 8 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقا کے شہر پورٹ الزبتھ میں سالگرہ کی ایک تقریب کے دوران دو حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ جولائی 2022 میں بھی ایک حملہ آور نے مختلف مقامات پر فائرنگ کر کے 19 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا میں فائرنگ کے واقعات عام ہیں ، اس وقت دنیا میں قتل ، تشدد کی شرح یہاں سب سے زیادہ ہے ۔

پاکستان اسٹاک ایکسچنج میں کاروبار کا منفی دن

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچنج میں آج کاروبار کا منفی دن رہااور 100 انڈیکس 579 پوائنٹس کم ہوکر 39871 پر بند ہوا۔
بازار میں 14 کروڑ شیئرز کا کاروبار 5.45 ارب روپے میں طے ہوا۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 58 ارب روپے کم ہوکر 6293 ارب روپے ہے۔

انٹربینک میں ڈالر 269 اور اوپن مارکیٹ میں 275 روپے تک پہنچ گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) حکومت اور ایکس چینج کمپنیوں کا کیپ اٹھاتے ہی ڈالر کے انٹربینک ریٹ پیر کے دن بھی ساتویں آسمان پر پہنچ کر 269 روپے سے زائد ہوگئے جبکہ اوپن ریٹ 275 روپے کی سطح پر آگئے۔
پیر کو بھی ڈالر کی سرپٹ دوڑنے سے انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر یک دم 7.03 روپے کے اضافے سے 269.63 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوئی۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 6 روپے کے اضافے سے 275 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ اس طرح سے گذشتہ تین سیشنز میں انٹربینک میں ڈالر کی بہ نسبت روپیہ 16 اشاریہ 77 فیصد ڈی ویلیو ہوگیا۔
آئی ایم ایف قرض پروگرام طول اختیار کرنے اور منفی معاشی اعشاریوں سے روزانہ ڈالر کی اہمیت بڑھتی جارہی ہے، اسٹیٹ بینک اقدامات کے باوجود بینکوں کا خام مال کے ایل سیز نہ کھولنے سے تجارت صنعت مشکلات کا شکار رہے، نئے انفلوز آنے میں تاخیر سے زرمبادلہ ذخائر پر دباؤ بڑھتاجارہا۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ ڈالر کو آزاد کرنے سے مہنگائی و کاروباری لاگت بڑھ جائے گی تاہم آئی ایم ایف شرائط پوری ہونے سے قرض پروگرام بحال ہونے کی امید پیدا ہوگئی ہے اور قرض پروگرام بحال ہونے سے پاکستان کو جون 2023ء تک دو ارب 80 کروڑ ڈالر کی جو لازمی ادائیگیاں کرنی ہیں وہ ممکن ہوسکے گی۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ دوست ممالک اور عالمی مالیاتی اداروں سے بھی قرضوں کا حصول ممکن ہوگا، مقامی ایکسچینج کمپنیوں نے بھی اوورسیز پاکستانیوں اور کمپنیوں سے ماہانہ 1 ارب ڈالر دو سالہ ادھار پر حاصل کرکے حکومت کو فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے لیکن اب تک حکومت کی جانب سے اس ضمن میں کوئی احکامات سامنے نہیں آئے۔
ایکس چینج کمپنیوں کا کہنا ہے کہ کیپ ختم ہونے سے چونکہ ڈالر اپنی حقیقی ویلیو پر آگیا ہے لہذا اب ایکسپورٹرز کو بیرون ملک رکھے ہوئے 8 سے 10 ارب ڈالر مالیت کی اپنی برآمدی آمدنی کی ترسیلات پاکستان منگوا کر کیش کرانا چاہئیے تاکہ ڈالر بحران پر قابو پایا جاسکے۔

لال حویلی کو سربمہر کردیا گیا، شیخ رشید سیل توڑ کر اندر داخل ہوگئے

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی راولپنڈی میں آبائی رہائشگاہ لال حویلی کو سیل کر دیا گیا، محکمہ متروکہ وقف املاک نے علی الصبح پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ کارروائی کی تاہم شام کو شیخ رشید سیل توڑ کر اندر داخل ہوگئے۔
ایڈمنسٹریٹر محکمہ متروکہ وقف املاک آصف محمود نے بتایا کہ محکمہ نے راولپنڈی میں شیخ رشید کی لال حویلی سمیت 7 یونٹس کو سیل کیا ہے جبکہ لال حویلی کے ایک یونٹ کی رجسٹری کی تصدیق کے لیے حکام کو لکھ دیا ہے، رجسٹری تصدیق پر سیل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
آصف محمود نے کہا کہ لال حویلی سرکاری اراضی ہے جس پر عرصہ دراز سے قبضہ کیا گیا ہے۔
لال حویلی سیل کرتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری اور ضلعی انتظامیہ کے افسران موجود تھے۔ محکمہ اوقاف نے لال حویلی کے تمام داخلی دروازوں پر سرکاری تالے لگا کر سیل کر دیے ہیں، محکمہ مزید قانونی کارروائی آج سے شروع کرے گا۔
دوسری جانب، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے لال حویلی کو سیل کرنے کا اقدام اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وکلاء کو پٹیشن تیار کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور دو گھنٹے میں اقدام چیلنج کیا جائے گا۔ درخواست میں لال حویلی ڈی سیل کرنے کی استدعا کی جائے گی اور سینیر جج جسٹس صداقت علی خان سماعت کریں گے۔
شیخ رشید متروکہ وقف املاک کی لال حویلی پر لگائی گئی سیل توڑ کر اندر داخل ہوگئے اور عمارت کی بالکونی سے لوگوں کو دیکھ کر ہاتھ بھی ہلایا۔

اسمبلی تحلیل کے 90 روز میں الیکشن ہونے چاہییں، لاہور ہائیکورٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب میں عام انتخابات کی تاریخ نہ دینے کے خلاف دائر کی گئی درخواست کی سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ اسمبلی تحلیل کے 90 روز میں انتخابات ہو جانے چاہییں۔
عدالت نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ تحریک انصاف کی درخواست میں اہم قانونی نکتہ اٹھایا گیا ہے۔ عدالت نے پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے گورنر پنجاب کو بذریعہ سیکرٹری اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔
پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس جواد حسن نے کی، جس میں تحریک انصاف کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیے۔ سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری اسد عمر اور سابق اسپیکر سبطین خان، میاں اسلم اقبال، شبلی فراز، علی ساہی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
بیرسٹر علی ظفر نے دلائل میں کہا کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے 90روز کے اندار الیکشن ہونا ہوتے ہیں جب کہ گورنر پنجاب نے تاحال الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔عدالت گورنر کو الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنے کی ہدایت دے۔ جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دیے کہ میں اس بات پر آپ سے متفق ہوں کہ 90روز میں الیکشن ہونے چاہییں، سوال یہ ہے کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان کون کررہے ہیں ۔ آپ سب سے پہلے الیکشن کمیشن کو فریق بنائیں۔
پی ٹی آئی وکیل کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے بھی گورنر پنجاب کو الیکشن کی تاریخ دینے کے حوالے سے مراسلہ لکھا ، گورنر نے تاحال کوئی جواب نہیں دیا ۔ اس مؤقف پر الیکشن کمیشن بھی ہمارے ساتھ کھڑا ہے۔ جسٹس جواد حسن نے کہا کہ 90 دن میں الیکشن کرانے ہیں ۔ کس نے کرانے ہیں یہ ہم ڈھونڈ لیں گے۔ ہم جمہوریت کے لیے جدوجہد کریں گے۔
دوران سماعت عدالت نے گورنر پنجاب کے وکیل کی جانب سے تیاری نہ کر کے آنے پر اظہار برہمی کیا۔عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل کو روسٹرم پر بلا کر استفسار کیا کہ آپ کو تحریک انصاف نے خط لکھا ، آپ کو الیکشن کمیشن نے خط لکھا ، آپ کا مؤقف ہے کیا ہے۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے دلائل کےلیے مہلت مانگ لی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ تحریک انصاف کی درخواست میں اہم قانونی نکتہ اٹھایا گیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے گورنر پنجاب کو بذریعہ سیکرٹری اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر کے 3 فروری تک جواب طلب کرلیا۔

بھارتی کسان نے جامنی اور نارنجی رنگ کی گوبھیاں کاشت کرلیں

کلکتہ: (ویب ڈیسک) اگرچہ گوبھیاں زردی مائل سفید رنگت میں عام ملتی ہیں تاہم دنیا کے دیگر ممالک میں ان میں دیگر رنگوں کے شیڈ ہوسکتے ہیں۔ اب ایک بھارتی کسان نے برسوں کی محنت سے گہرے جامنی اور نارنجی رنگ کی گوبھیاں کاشت کی ہیں۔
کلکتہ کے نواح میں شمالی مدنا پور کے گاؤں برندبان چک کے پرماتھا ماجی نے رنگ برنگی گوبھیاں اگائی ہیں جس میں اطراف کے لوگوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
62 سالہ پرماتھا نے بتایا کہ اگرچہ وہ ایک عرصے سے جامنی اور نارنجی پھول گوبھی کاشت کررہے ہیں لیکن پہلی مرتبہ انہوں نے آن لائن بیج خرید کر انہوں نے ساڑھے تین ایکڑ پر رنگ برنگی گوبھی کاشت کی ہے۔ اس سے قبل وہ 2013 سے دو مختلف اقسام کو ملاکر رنگ برنگی گوبھیاں اگانے کی کوشش کررہے ہیں۔
تاہم بھارت میں ہی دیگر کاشتکار بھی رنگ برنگی گوبھیاں اگا رہے ہیں۔

کم وقت میں زیادہ سویٹر پہننے کا گینیز ورلڈ ریکارڈ

نیو یارک: (ویب ڈیسک) ایک پروگرام کے پروڈیوسر کی جوڑی نے 30 سیکنڈوں میں زیادہ تعداد میں سویٹر پہن کر گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
چینل اے بی سی کے ٹاک شو کے میزبان کیلی رِیپا اور ریان سی کریسٹ نے حال ہی میں ایک براڈکاسٹ کے دوران 30 سیکنڈوں میں زیادہ سویٹر پہننے کا ریکارڈ بنانے کی کوشش کی (ایک فرد نے سویٹر پہنے اور دوسرے نے پہننے میں مدد کی) لیکن 8 سویٹر پہننے کا گزشتہ ریکارڈ توڑنے میں ناکام رہے۔
پروگرام کے اس حصے کے ختم ہونے کے بعد پروڈیوسر جین شیلے اور جِم نیلبر نے ریکارڈ کے لیے کوشش کا فیصلہ کیا۔
سیٹ پر موجود گینیز ورلڈ ریکارڈ کے نمائندے نے اس بات کی تصدیق کی کہ دونوں پروڈیوسروں نے 30 سیکنڈ کے دورانیے میں نو سویٹر پہن کر ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

زمین سے 1450 نوری سال دور ویری ایبل ستاروں کی تصویر عکس بند

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ناسا اور یوروپین اسپیس ایجنسی کی ہبل اسپیس ٹیلی اسکوپ نے دو ویری ایبل ستاروں کی تصویر عکس بند کی ہے جو زمین سے 1450 نوری سال کے فاصلے پر موجود ستارہ ساز خطے اورائن نیبیولا میں موجود ہیں۔
ویری ایبل ستارے وہ ستارے ہوتے ہیں جن کی روشنی وقت کے ساتھ تبدیل ہوتی ہے۔
جاری کی گئی تصویر کے درمیان میں وی 372 اورائنِس نامی ستارہ موجود ہے جبکہ بائیں جانب اوپر کی طرف ایک چھوٹا ویری ایبل ستارہ موجود ہے۔
وی 372 اورائنِس ایک مخصوص قسم کا ویری ایبل ستارہ ہے جو اورائن واری ایبل کی نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ کم عمر ستارے طوفانی کیفیت میں مبتلا ہیں جس کا مشاہدہ ماہرینِ فلکیات نے ان ستاروں کی بے ترتیب روشنی کی مدد سے کیا۔
اورائن ویری ایبل ستاروں کا تعلق عموماً گیس اور غبار کے بادلوں پر مشتمل اورائن نیبیولا سے جوڑا جاتا ہے۔
یہ تصویر ہبل کے دو آلات کو استعمال کرتے ہوئے بنائی گئی ہے۔ تفصیلی تصویر کے لیے ڈیٹا ایڈوانس کیمرا فار سروے اور وائڈ فیلڈ کیمرا 3 سے انفرا ریڈ اور قابلِ دید طول امواج پر حاصل کیا گیا ہے۔

ناسا کا اہم سیارچے کی جانب خلائی جہاز بھیجنے کا اعلان

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ناسا نے ایک اہم سیارچے (ایسٹرائڈ) کی جانب خلائی جہاز بھیجنے کا اعلان کیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اس سیارچے پر قیمتی دھاتوں کی کل قدر پورے کرہ ارض کی مجموعی سالانہ معیشت سے بھی 70 ہزار گنا زائد ہے۔
اگرچہ ناسا سال 2017 سے اس سیارچے کے قریب اپنا خلائی جہاز بھیجنے کا خواہاں رہا تاہم یہ منصوبہ کئی مرتبہ تعطل کا شکار رہا، اس شہابیے کا نام 16 سائیکے ہے اور توقع ہے کہ اس سال اکتوبر میں ایک خلائی جہاز سائیکے کی جانب روانہ کیا جائے گا، ایک طویل سفر کے بعد اگست 2029 میں وہ سیارچے تک اتر جائے گا۔
اطالوی فلکیات دان اینی بیل ڈی گیسپارس نے اسے 1852 میں دریافت کیا تھا جو آلو کی شکل کا ایک ناکام سیارہ بھی ہے، اس کا رقبہ 140 میل ہے۔
واضح رہے کہ یہ مریخ اور مشتری کے درمیان مشہور سیارچی پٹی کے درمیان موجود ہے۔
2020 میں امریکی تحقیق سے معلوم ہوا کہ یہ جست (نکل) اور فولاد سے بنا ہے اور دیگر قیمتی دھاتیں بھی موجود ہیں جبکہ اکثر سیارچے چٹان اور برف سے بنے ہوتے ہیں، ناسا کی ماہر لِنڈی ایلکنس کے مطابق اس میں موجود فولاد اور دیگر قیمتی دھاتوں کی قیمت دس ہزار کواڈریلیئن ڈالر کے برابر ہے تاہم سائنسدانوں کا ایک دوسرا گروہ اسے اتنا قیمتی نہیں کہتا۔
یہی وجہ ہے کہ ناسا نے اس بحث کو ختم کرنے کے لیے اس کی جانب خلائی جہاز بھیجنے کا منصوبہ بنایا ہے لیکن ماہرین نے نزدیک سونے چاندی سے زیادہ اس کی سائنسی راز اہمیت رکھتے ہیں، 16 سائیکے پر تحقیق سے خود ہمیں نظامِ شمسی کے ارتقا اور اس کے دیگر پہلوؤں کو جاننے میں مدد ملے گی۔

صوابی: سی ٹی ڈی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی ، شرپسندوں نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا

صوابی: (ویب ڈیسک) خیبر پختون خوا کے ضلع صوابی کے علاقے ہنڈ میں شرپسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور سی ٹی ڈی نے کارروائی کی، اس دوران 2 شرپسندوں نے خود کو دھماکے سے اُڑا دیا۔
پولیس کے مطابق صوابی کے علاقے ہنڈ میں سی ٹی ڈی اور پولیس نے رات گئے مشترکہ آپریشن کیا ، پولیس نے آپریشن میں شرپسندوں کے مکان کو قبضے میں لے لیا ۔
شرپسندوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی جبکہ فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا ، آپریشن کے دوران فرار کی راہ نہ پاتے ہوئے دونوں شرپسندوں نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا ۔
صوابی پولیس کا کہنا ہے کہ ایک شر پسند کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، شرپسندوں کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے ۔

وزیراعظم شہباز شریف پشاور پہنچ گئے، ہنگامی اجلاس طلب

پشاور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف پشاور پہنچ گئے، سانحہ پشاور کے افسوسناک واقعہ کے بعد ہنگامی اجلاس اور تمام متعلقہ اداروں کے حکام کو طلب کر لیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ امن وامان سے متعلق وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس میں پشاور پولیس لائنز میں ہونے والے دہشت گردی کے آج کے واقعے کے محرکات پر غور کیا جائے گا۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ شہباز شریف کے زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں واقعے پر ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی جائے گی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف بذریعہ ہیلی کاپٹر پشاور پہنچے، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب وزیراعظم کے ساتھ ہیں، بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت بھی کریں گے۔
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو ہدایت کرتا ہوں کہ خودکش حملے میں زخمیوں کی جان بچانے کے لئے خون کے عطیات دیں، خاص طور پر او۔نیگیٹو خون کے حامل عوام، طالب علم اور پارٹی کارکنوں سے اپیل ہے کہ فی الفور لیڈی ریڈنگ ہسپتال، پشاور پہنچیں اور قیمتی انسانی جانیں بچانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔

پٹرولیم مصنوعات کے بعد گیس اور بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگا، فرخ حبیب

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب گیس اور بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپنے ایک بیان میں رہنما پی ٹی آئی فرخ حبیب نے کہا کہ مریم صفدر گزشتہ روز کہہ رہی تھی اسحاق ڈار پر یقین رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ مریم کہاں گئی جو کہتی تھی ایک روپیہ اضافہ ہوتا ہے تو میاں صاحب کا دل خون کے آنسو روتا ہے، یہاں تو 35,35 روپے پٹرول اور ڈیزل انتہائی مہنگا کر دیا گیا ہے۔