لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے سابق سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے ملاقات کی، اس موقع پر افضل ساہی بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی گئی، اس کے علاوہ ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت بھی کی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پشاور واقعہ میں ملوث عناصر انسانیت کے دشمن ہیں، نگران حکومت کے آنے کے بعد امن و امان کی صورتحال خراب ہو رہی ہے، ان کا سارا فوکس امن و امان اور عوامی ایشوز نہیں بلکہ انتقامی کارروائیوں پر ہے، نگران حکومت صرف سیاسی مخالفین کو کچلنے میں مصروف ہے۔
چودھری پرویز الہٰی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاحال تاریخ نہ دینے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نگران سیٹ اپ اور گورنرز اپنی آئینی ذمہ داریاں بھول کر کسی اور ایجنڈے پر گامزن ہیں، نگران سیٹ اپ اپنے مینڈنٹ سے تجاوز کر کے غیر آئینی، غیر قانونی اقدامات کا مرتکب ہو رہا ہے، نگران سیٹ اپ ہر وہ کام کر رہا ہے جو اس کامینڈنٹ ہی نہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا پی ڈی ایم ملک کی معاشی تباہی کی ذمہ دار ہے، ڈالر کو کنٹرول کرنے کے دعوے کرنے والوں نے ڈالر کو تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا، شہباز شریف نااہلی کے ورلڈ ریکارڈ قائم کر رہے ہیں، پٹرول 250 روپے لٹر کر کے پی ڈی ایم مریم نواز کی واپسی کا جشن منا رہی ہے، حکمران انتخابات ملتوی کرنے سے باز رہیں، انہیں آئین شکنی کا حساب دینا پڑے گا۔
Monthly Archives: January 2023
فواد چودھری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد، جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کے مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
اداروں کے خلاف اکسانے کے الزام میں گرفتار ہونے والے سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔
پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کے وکیل بابر اعوان، فیصل چودھری اور حبا چودھری عدالت میں موجود تھے، اس کے علاوہ خرم نواز اور سینیٹر شہزاد وسیم بھی عدالت میں موجود رہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ نے کیس کی سماعت کی، عدالت نے دونوں وکلاء کے دلائل سنے، اس موقع پر تفتیشی افسر کی جانب سے فواد چودھری کے مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
تفتیشی افسر نے عدالت میں اس حوالے سے موقف اختیار کیا کہ گزشتہ دو روزہ جسمانی ریمانڈ میں لاہور سے فوٹوگرامیٹرک ٹیسٹ کروایا گیا، فواد چودھری سے موبائل لیپ ٹاپ اور دیگر ڈیوائسز برآمد کرنی ہیں۔
اگر کوئی ٹھوس وجہ پیش نہ کی جائے تو مزید جسمانی ریمانڈ نہیں دیا جا سکتا، عدالت نے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فواد چودھری کو 13 فروری کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
عمران خان نے اپنے اسپتال میں دہشتگردوں کو پناہ دیکر ان کا علاج کرایا: فیصل کریم کنڈی
پشاور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی اور ترجمان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے الزام لگایا ہے کہ عمران خان نے اپنے اسپتال میں دہشت گردوں کو پناہ دے کر ان کا علاج کرایا۔
ایک بیان میں فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دہشت گردوں کے حق میں بیانات ریکارڈ پر موجود ہیں، عمران خان نے آصف زرداری پر الزام تراشی کرکے دہشت گردوں سے مدد مانگی ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خطرناک کھیل کھیلا ہے، عمران خان نے گھناؤنی سازش کے تحت پیپلزپارٹی کی قیادت کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے، ان کی سازشی ذہنیت سے ملک کو خطرہ ہے، پیپلزپارٹی عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی۔
دشمن ایک مرتبہ پھر امن کو خراب کرنے کی کوشش کررہا ہے، چودھری شجاعت حسین
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر ق لیگ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ دشمن ایک مرتبہ پھر امن کو خراب کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
پشاور مسجد میں خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معصوم لوگوں کو شہید کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران بے تحاشا قربانیاں دے چکے ہیں۔
انہوں نے اپیل کی کہ اپنے زخمی بھائیوں کو زیادہ سے زیادہ خون کے عطیات دیں ۔
پاک چین سرحد خنجراب کو خصوصی تجارتی سرگرمیوں کیلئے کھول دیا گیا
ہنزہ: (ویب ڈیسک) پاک چین سرحد خنجراب کو خصوصی تجارتی سرگرمیوں کیلئے کھول دیا گیا۔
پہلے مرحلے چین سے آج 11 کنٹینرز پاکستان پہنچ گئے۔ چین سے دس روزمیں 250 کینٹنرز کا سامان سوست پہنچے گا۔
کورونا کے باعث تجارتی سرگرمیاں معطل ہو گئیں تھیں جنہیں اب بحال کیا گیا ہے۔
ملک میں سونا مزید سیکڑوں روپے مہنگا ہوگیا
کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں آج مزید 1500 روپے اضافہ ہوگیا ہے۔
ملک میں ایک تولہ سونا 2 لاکھ 10 ہزار 500 روپے کا ہوگیا ہے جبکہ 10 گرام سونے کا بھاؤ 1286 روپے بڑھ کر 180470 روپے ہے۔
عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 4 ڈالر کم ہوکر 1924 ڈالر فی اونس ہے۔
ضروری نہیں کوچز غیر ملکی ہی ہوں، پاکستان بھی قابل لوگ موجود ہیں: آفریدی
کراچی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے کہا کہ صرف غیر ملکی کوچ ہی کیوں ضروری ہے،پاکستان میں بھی قابل اور اہل لوگ ہیں۔
چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے لیے غیر ملکی کوچ کی جانب سے آن لائن کوچنگ کا تصور سمجھ سے بالاتر ہے، ہر دور میں کپتان کی ذاتی پسند اور ناپسند ہوتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کو دوام بخشنے کے لئے گراس روٹ پر کام کرنا ضروری ہوگا،خواہش ہے کہ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو بہترین تربیت فراہم کی جائے،ملک کی بقا اور ترقی کے لیے سخت اقدامات کرنا انتہائی ضروری ہے۔
پشاور واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شاہ آفریدی نے کہا کہ آج اور کل کا دن قوم پر بھاری گزرا،لسبیلہ، کوہاٹ، اور پشاور کے واقعات افسوسناک ہیں،پاکستان میں کامیابی کا دور آنا چاہیے،مستقبل کیلئے مشکل فیصلے کرنا پڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 8 سے قبل کوئٹہ میں نمائشی میچ کا انعقاد خوش آئند ہے،کامیابی سے مثبت پیغام جائے گا،پاکستان ٹیم کی آن لائن کوچنگ بات سمجھ سے باہر ہے،صرف غیر ملکی کوچ ہی کیوں ضروری ہے،پاکستان میں بھی قابل اور اہل لوگ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چیف سلیکٹر کی ذمہ داری بہت اہم ہوتی ہے،پشاور زلمی سے دور نہیں ہوا تھا ہر ایک کا اپنا طریقہ کار ہوتا ہے،پاکستان کرکٹ ٹیم کو آل راؤنڈرزکی ضرورت ہے۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 10 فروری سے کیپ ٹاؤن میں شروع ہوگا
سڈنی : (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آٹھواں ایڈیشن آئندہ ماہ جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن سے شروع ہوگا۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میگا ایونٹ میں 10 خواتین ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی ، ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2023ء کا افتتاحی میچ میزبان جنوبی افریقا اور سری لنکا کے مابین کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا جبکہ فائنل میچ 26 فروری کو شیڈول ہے جبکہ 27 فروری فائنل کا ریزرو ڈے ہوگا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کوالیفائر کی فائنلسٹ ٹیمیں بنگلہ دیش اور آئرلینڈ بھی ٹورنامنٹ کی 10 ٹیموں میں شامل ہوگئی ہیں ، میگا ایونٹ میں شامل دس ٹیموں میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ ، جنوبی افریقا، سری لنکا ، بنگلہ دیش ،پاکستان، بھارت، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ شامل ہیں۔
دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نیوزی لینڈ ، جنوبی افریقا، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ہمراہ گروپ ون میں شامل ہوگی جبکہ پاکستان، بھارت، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ گروپ ٹو میں شامل ہیں۔
ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر ٹیموں کے ساتھ ایک ایک میچ کھیلے گی جبکہ دونوں گروپ کی پہلی دو ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی ، تمام ناک آؤٹ مقابلے سیمی فائنلز اور فائنل کیپ ٹائون میں کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی نے ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ آفیشلز کا پہلے ہی اعلان کررکھا ہے ، اعلان کردہ 13 میچ آفیشلز میں تمام خواتین شامل ہیں ، تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام خواتین میچ آفیشلز ٹورنامنٹ سپروائز کریں گی، آئی سی سی کے مطابق 13 رکنی پینل میں 3 ریفریز اور 10 امپائرز شامل ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق میچ ریفریز کا تعلق بھارت، جنوبی افریقا اور سری لنکا سے ہے، جن میں میچ ریفری، جی ایس لکشمی (بھارت)، شینڈرے فرٹز (جنوبی افریقہ)اور مشیل پریرا کا تعلق سری لنکا سے ہے۔
ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی 10خواتین امپائرز کا تعلق انگلینڈ، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، سری لنکا اور بھارت سے ہےجن میں آن فیلڈ اور ٹی وی امپائرز میں بھارت سے ورندا راٹھی اور این جانانی ، انگلینڈ سے سو ریڈفرن ، آسٹریلیا سے ایلوس شیریڈن اور کلیئر پولوساک ، ویسٹ انڈیز سے جیکولین ولیمز ، نیوزی لینڈ سے کم کاٹن ، جنوبی افریقا سے لارین ایجن بیگ ، انگلینڈ سےاینا ہیرس ، سری لنکا سے نیمالی پریرا شامل ہیں۔
واضح رہے کہ آٹھواں آئی سی سی ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 10 فروری سے جنوبی افریقا میں شروع ہوگا ۔
تانڈہ ڈیم سے مزید 13 بچوں کی لاشیں نکال لی گئیں، اموات 30 ہوگئیں
کوہاٹ: (ویب ڈیسک) کوہاٹ کے تانڈہ ڈیم میں ڈوبنے والے مزید 13 بچوں کی لاشیں نکال لی گئیں جس کے بعد جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 30 ہوگئی ہے۔
واقعے میں جاں بحق ہونے والے 7 بچوں کی تدفین کردی گئی ہے جبکہ کشتی بان، محمکہ ایریگیشن کے ایکسی این کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کا واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زیر علاج بچوں کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
خیال رہے کہ ڈیم میں گذشتہ روز کشتی الٹنے سے 25 سے30کے قریب مدرسے کے بچے اور کشتی بان ڈوب گئے تھے جن میں سے 6کو بچا لیا گیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر فرقان اشرف کا کہنا ہے کہ تمام لاشوں کو اسپتال لے جانے کے بعد ورثاء کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق کشتی میں ملاح اور معلم سمیت 40 بچے سوار تھے، حادثہ کشتی میں اوور لوڈنگ کی وجہ سے پیش آیا، اندھیرے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن روک دیا گیا ہے جسے کل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
عمران خان کی زیر صدارت اجلاس، ملکی صورتحال، فواد کی گرفتاری پر مشاورت
لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فرخ حبیب اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ قومی اسمبلی کے سابق ارکان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی اس کے علاوہ پنجاب اور کے پی کے کے عام انتخابات کے التواء کیلئے حکومتی اقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا گیا
اجلاس میں تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چودھری کی گرفتاری پر بھی غور ہوا، اس موقع پر پی ٹی آئی کی جانب سے عام انتخابات کے فوری انعقاد کیلئے اعلیٰ عدلیہ میں کی جانے والی پٹیشنز پر بھی مشاورت کی گئی۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان قائم کرنے پر توجہ دیں: بابر اعوان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ پشاور دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان قائم کرنے پر توجہ دیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قوم نے بہت قربانیاں دیں، خیبرپختونخوا کا گورنر اس بات پر لگا تھا کہ الیکشن نہیں کراؤں گا، گورنر حاجی غلام علی کو چلو بھر پانی میں ڈوب مرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا عمران خان کی کس بات پر گرفتاری ہو گی؟، گرفتاری سے ڈرنے والا لندن بیٹھا ہے، تیرہ جماعتوں نے ساری زہریلی جڑی بوٹیاں کابینہ میں بٹھائی ہیں، یہ خوش نہ ہوں ان کے ایک کیس کا بھی فیصلہ میرٹ پر نہیں ہوا، این آر او ٹو والوں کے کیسز ہم کہیں نہیں جانے دیں گے۔
بابر اعوان نے کہا کہ یہ لوگوں کونہیں اپنے آپ کو بیوقوف بنانے میں لگے ہیں، ان کی اکانومی، مہنگائی پر نہیں صرف اپنے پیسے بچانے پر توجہ ہے، فواد چودھری کے خلاف جو رویہ اپنایا گیا شدید مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کوئی لیگل راستہ نہیں چھوڑا، فواد چودھری کی ضمانت کی کل تاریخ ہے، ہمیں اچھے نتائج کی امید ہے، پی ٹی آئی رہنما کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے والوں کو شاباش دیتا ہوں۔
فیصل آباد میں تشدد سے ملازم جاں بحق، نگران وزیر اعلیٰ نے نوٹس لے لیا
لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے فیصل آباد میں مالک کے مبینہ تشدد سے ملازم کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔
محسن رضا نقوی نے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی اور تشدد کرنے والے ملزم کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کرنے کا حکم بھی دے دیا۔
نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جاں بحق ملازم کے خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے، انہوں نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کا بھی اظہار کیا۔
دوران پرواز خوف میں مبتلا خاتون کو فضائی میزبان کا دلاسا
لاہور:(ویب ڈیسک) پرواز کے دوران گھبرائی خاتون کو فضائی میزبان کی دلاسا دیتے ہوئے تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
رپورٹس کے مطابق امریکا کے شہر شمالی کیرولینا سے نیویارک کی طرف جانے والی پرواز میں ایک عورت سوار تھی جس کو پرواز کرنے سے بہت ڈر لگتا تھا، خاتون کے اس ڈر اور گھبراہٹ کو دور کرنے کے لیے فلائٹ اٹینڈنٹ نے خاتون کا ہاتھ تھامے رکھا۔
پرواز میں موجود مولی نامی ایک مسافر خاتون نے اس منظر کو اپنے کیمرے کی مدد سے قید کر لیا اور فیس بک پر شیئر کر دیا جس کو فیس بک سمیت سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ فلائٹ اٹینڈنٹ کی شناخت فلائیڈ ڈین شینن کے نام سے ہوئی ہے جس نے نیچے بیٹھ کر کر سارا راستہ گھبرائی خاتون کا ہاتھ پکڑ کر طے کیا اور راستے میں پرواز کی وجہ سے پیدا ہونے والے ہر شور اور حرکت کو مسافر خاتون کے ساتھ شیئر کر کے خاتون کو تسلی دی۔


















