طاقتور اور کمزور کیلئے الگ قانون ہو تو قوم ترقی نہیں کر سکتی، عمران خان

پشاور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ طاقتور اور کمزور کے لیے الگ قانون ہو تو قوم کبھی ترقی نہیں کر سکتی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آیا تو سیمینار میں تھا مگر یہاں تو جلسہ ہو گیا۔ نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہیں اور تعلیم جتنی بہتر ہو گی اتنے ہی بہترین لیڈر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں چوروں کو این آر او دیا جا رہا ہے۔ طاقتور اور کمزور کے لیے الگ قانون ہو تو قوم کبھی ترقی نہیں کرتی۔ شریف خاندان کے اربوں روپے کے فلیٹس لندن میں ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ جس ملک میں انصاف نہیں ہوتا وہاں غربت ہوجاتی ہے اور مریم نواز نے کہا لندن میں کیا میری تو پاکستان میں بھی جائیداد نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اپنے لیے نیب قوانین تبدیل کیے اور خود کو این آر او دیا۔

اسحاق ڈار کو ایک اور اہم عہدہ مل گیا، سینٹ میں قائد ایوان نامزد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو سینٹ میں قائد ایوان نامزد کردیا، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے قائد ایوان کا منصب واپس لے لیا گیا۔
لندن سے واپسی پر پہلے سینیٹر پھر وفاقی وزیر اور اب اسحاق ڈار کو ایک اور اہم عہدہ مل گیا، وزیراعظم شہباز شریف نے سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا اور اس ضمن میں وزیر خزانہ سینٹراسحاق ڈار کو سینٹ میں قائد ایوان نامزد کردیا۔
ذرائع کے مطابق قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے اسحاق ڈار کو قائد ایوان نامزد کرنے کی منظوری دی، وزیراعظم شہباز شریف نے اہم نامزدگی سے متعلق چئیرمین سینٹ کو بھی آگاہ کردیا ہے جس پر سینٹ سیکرٹریٹ نے ضروری کارروائی کا آغاز کردیا ہے اورسینٹ سیکرٹریٹ جلد اسحاق ڈار کا بطور قائد ایوان نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قائد ایوان اعظم نذیر تارڑ آج قائد ایوان سے عہدے سے الگ ہو جائیں گے تاہم وہ وفاقی وزیر قانون کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔

شریف، زرداری خاندان کے بیرون ملک پیسوں کا پاکستانیوں کو علم ہی نہیں، فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ شریف، زرداری خاندان کے باہر موجود پیسوں کا پاکستانیوں کو علم ہی نہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کے خلاف درخواست دے چکے ہیں اور ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت انصاف کے نظام پر سوالیہ نشان ہے۔ شہباز شریف نے کہا تھا والد غریب اور محنت کش آدمی تھے۔
انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی 1998 تک کمپنیاں بڑھ کر 27 ہو گئیں جبکہ شہباز شریف سمیت 7 بھائیوں نے محنت کی اور اتفاق فاؤنڈری کی بنیاد رکھی اور حکومت پاکستان کی طرف سے فاؤنڈری چلانے کے لیے 50 کروڑ روپے قرض دیا گیا لیکن جہاں 7 بھائیوں کی ایک فیکٹری تھی وہاں 27 کمپنیاں بن گئیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ 1990 میں نواز شریف وزیر اعظم بنے تو انہوں نے اسلام آباد لاہور موٹروے بنانے کا سوچا اور اسلام آباد لاہور موٹروے اس وقت ایشیا کا سب سے مہنگا کنٹریکٹ تھا لیکن اس دوران گفتگو شروع ہوئی کہ ملک کا پیسہ لندن جا رہا ہے اور شریف خاندان کی منی لانڈرنگ میں اہم کردار اسحاق ڈار کا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے 15 ملین ڈالر منتقل کیے گئے اور 1994 کو تحقیقات کا عمل شروع ہوا اور مشرف دور میں پہلا ریفرنس دائر ہوا۔ 2000 میں یہ ریفرنس عدالت پہنچا ہی تھا کہ سعد حریری اور ایک نمائندہ پاکستان آئے اور جب پیسہ پاکستان سے گیا تو اس کے دو حصے ہوئے۔ ایک حصہ پارک لین میں پرآپرٹی خریدی گئی دوسرا پاکستان واپس آیا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت آئی تو رحمان ملک نے حدیبیہ تحقیقات شروع کیں اور شہباز شریف نے حلف لیا اور 2 دن بعد ہی منی لانڈرنگ کیس کا وکیل تبدیل ہو گیا۔ 3 اپریل 2016 کو جرمن اخبار نے بڑا اسکینڈ ل شائع کیا جس میں پتہ چلا کہ دنیا کے کئی حکمرانوں نے پانامہ میں شیل کمپنیاں بنائی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی بیٹیوں اور بیٹوں نے پاکستان میں تعلیم حاصل کی اور جب شریف خاندان کے بیٹوں سے حساب کا پوچھا تو کہا گیا کہ ہم پاکستانی شہری نہیں۔ جعلی آفشور کمپنیاں بنا کر حکمرانوں نے بیرون ملک جائیدادیں خریدیں اور شریف، زرداری خاندان کے باہر پڑے پیسے کا پاکستانیوں کو علم ہی نہیں۔

پلیز کسی کے منہ سے امریکا کا نام نہ نکلے، عمران خان کی نئی مبینہ آڈیو لیک

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان کی نئی آڈیو لیک ہو گئی، جس میں عمران خان، اعظم خان، اسد عمر اور شاہ محمود قریشی سے سائفر سے متعلق بات کر رہے ہیں۔
آڈیو لیک میں عمران خان کا کہنا ہے کہ شاہ جی ہم نے کل میٹنگ کرنی ہے ، اس میں ہم نےکہنا ہے کہ وہ جولیٹرہے نا اس کے مرضی کے منٹس لکھ دے، یہ سائفر 8 یا 9 کو آیا تھا، ہم نے امریکنزکا نام کسی صورت نہیں لینا، پلیزکسی کے منہ سے نام نہ نکلے، یہ بہت اہم ہے ہم سب کیلئے کہ کس ملک سے لیٹرآیا ہے، میں کسی کے منہ سے اسکا نام نہ سنوں ۔
جس پر سابق وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ آپ جان کر لیٹر کہ رہے ہیں یہ لیٹر نہیں میٹنگ کی ٹرانسکرپٹ ہے، عمران خان اس پر کہتے ہیں کہ وہی نا میٹنگ کی ٹرانسکرپٹ یا لیٹر ایک ہی چیز ہے، لوگوں کو ٹرانسکرپٹ کی تو سمجھ نہیں آنی تھی، آپ پبلک جلسے میں ایسے ہی کہتے ہیں۔

کس نام سے پکاروں کیا نام ہے تمہارا؟ فیصل کنڈی کا عمران سے سوال

لاہور: (ویب ڈیسک) رہنما پیپلز پارٹی اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی فیصل کریم کنڈی نے سابق وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا ہے کہ کس نام سے پکاروں، کیا نام ہے تمہارا؟
فیصل کریم کنڈی نے عمران خان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آپ کا کیا نام ہے؟ طالبان خان، یوٹرن خان، دھمکی خان یا معافی خان؟ غلط بیانی عمران خان کا وطیرہ اورمنشور ہے، سائفر ڈرامہ پٹ چکا آزادی اور بیانیہ نیا دھوکہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سیلاب متاثرین کو 14 ارب روپے دیں پھر کال کا شوق پورا کریں۔

ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس: مونس الٰہی سمیت دیگر کیخلاف چالان سماعت کیلئے منظور

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کی بنکنگ جرائم کورٹ نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں بڑی پیش رفت، چوہدری مونس الٰہی سمیت دیگر کے خلاف چالان سماعت کیلئے منظور کردیا، 11 اکتوبر کو ملزمان ذاتی حیثیت میں طلب کرنے کا حکم دیا ہے۔
لاہور کی بنکنگ جرائم کورٹ کے جج اسلم گوندل نے چالان سماعت کے لئے منظور کیا، ایف آئی اے کی جانب سے چوہدری مونس الٰہی سمیت دیگر کے خلاف تحقیقات مکمل کرکے عدالت پیش کیا جس پر عدالت نے کارروائی کرتے ہوئے چوہدری مونس الٰہی سمیت نامزد ملزمان کو طلب کرلیا۔
عدالت نے گیارہ اکتوبر کو ملزمان کو پیش ہونے کا سمن جاری کردیا، دیگر ملزمان میں چوہدری پرویز الٰہی ،مظہر عباس، واجد بھٹی، نواز احمد کو نامزد کیا گیا ایف آئی اے نے گزشتہ روز مونس الٰہی کے خلاف چالان جمع کروایا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی انعامی رقم کا اعلان ، ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کو 36 کروڑ روپے ملیں گے

لاہور: (ویب ڈیسک) آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی انعامی رقم کا اعلان کر دیا۔ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو 36 کروڑ روپے ملیں گے۔
آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ کا فائنل ہارنے والی ٹیم کو 18 کروڑ روپے کے قریب رقم دی جائے گی، سُپر 12 مرحلے سے باہر ہونے والی آٹھ ٹیموں کو 70 ہزار ڈالر دئیے جائیں گے۔
ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہارنے والی ہر ٹیم کو 5اعشاریہ 6 ملین ڈالر کے کل انعامی رقم میں سے 4 لاکھ ڈالر ملیں گے۔
سپر 12 مرحلے میں براہ راست رسائی حاصل کرنے والی آٹھ ٹیمیں افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان اور جنوبی افریقہ ہیں۔
دیگر آٹھ ٹیمیں چار چار کے دو گروپس میں تقسیم کی گئیں ہیں، گروپ اے میں نمیبیا، سری لنکا، نیدرلینڈز، یو اے ای اور گروپ بی میں ویسٹ انڈیز، اسکاٹ لینڈ، آئرلینڈ اور زمبابوے شامل ہیں، جو پہلا راؤنڈ کھیلیں گی۔
پہلے مرحلے میں ایک میچ جیتنے کی انعامی رقم چالیس ہزار ڈالر ہے، جبکہ کُل بارہ میچوں کے جیتنے کی انعامی رقم چار لاکھ اسی ہزار ڈالر ہوگی۔
پہلے راؤنڈ میں ناک آؤٹ ہونے والی چار ٹیموں کو 40 ہزار ڈالر ملیں گے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کا آغاز 16 اکتوبر سے آسٹریلیا میں ہونے جارہاہے جو کہ 13 نومبر تک جاری رہے گا ۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بارہ کہو بائی پاس کا سنگ بنیاد رکھ دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت میں بارہ کہو بائی پاس کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کو حکام کی جانب سے بارہ کہو بائی پاس منصوبے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ منصوبے میں ایک ہزار 350 میٹر طویل اوورہیڈ برج بنایا جائے گا اور منصوبے سے بارہ کہو میں ٹریفک کا رش ختم ہو گا۔
شہباز شریف کو بتایا گیا کہ 5 اعشاریہ 4 کلومیٹر طویل منصوبے کو 4 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کا ہدف ہے۔
سنگ بنیاد کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارہ کہو بائی پاس منصوبے سے شہریوں کوسہولت ملے گی یہ عوامی منصوبہ ہے۔بارہ کہو بائی پاس منصوبے کو 4 ماہ میں مکمل کرنے کا معاہدہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارہ کہو بائی پاس منصوبے پر متعلقہ حکام سے گزارش ہے 3 ماہ میں مکمل کریں اور اس منصوبے پر اخراجات میں کفایت شعاری پر حکام کے مشکور ہوں گے۔ منصوبے پر ساڑھے 6 ارب روپے خرچ ہوں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بارہ کہو بائی پاس مکمل ہو گا تو مریض، شہری اور مسافروں کے لیے فائدہ مند ہو گا اور نواز شریف دور میں جو منصوبے شروع ہوئے تھے کسی کو مکمل کرنے کا خیال ہی نہیں آیا۔ ابھی ہمارا عزم ہے کہ ہم عوام کے لیے سفری سہولیات سے متعلق ہر ممکن اقدام کریں گے جبکہ گزشتہ حکومت کو عوام کی تکالیف سے کوئی سروکار نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ عوامی منصوبے تب مکمل ہوتے ہیں جب دل میں درد اور احساس ہو گا جبکہ بدقسمتی سے گزشتہ حکومت نے عوامی منصوبوں پر کام کرنے کے بجائے غلط بیانی کی۔ عمران نیازی دن رات غلط بیانی سے کام لیتے ہیں اور میں نے 40 سال بڑے بھائی کی قیادت میں حالات میں اتار چڑھاؤ دیکھا اور ہم نے 40 سال میں آمریت کا دور دیکھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ورلڈ کپ جیتنے کے بعد عمران خان کو اللہ نے عزت دی اور عمران خان نے شوکت خانم اسپتال تعمیر کروایا، کس کو پتہ تھا یہ ایسے انسان نکلیں گے۔ عمران خان سازشی ذہن کے مالک ہیں انہوں نے قوم کو تقسیم کیا اور لوگوں کو گمراہ اور پاکستانیوں کو بدنام کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں غلط بیانی کرنے والےعمران خان جیسے شخص کو کبھی نہیں دیکھا اور گزشتہ روز آڈیو لیکس سے عمران خان کا ارادہ ظاہر ہوا۔ ہماری اتحادی حکومت آئی تو عمران خان نے سب کو غدار کہہ دیا۔ دنیا نے دیکھ لیا ایک منتخب وزیر اعظم کس انداز میں کیا بات کرتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان نے قوم کے وقار کو داؤ پر لگایا اور زور لگایا کہ ہماری حکومت امپورٹڈ ہے جبکہ عمران خان نے اداروں کو تقسیم کرنے کی ایک بدترین سازش کی۔ بدقسمتی سے عمران خان نے ہمارے خلاف زہریلا پراپیگنڈا کیا۔ گھناؤنی سازش اور اپوزیشن کو بدنام کرنے پر مجھے تکلیف ہوتی ہے۔

عوام کا مقدمہ عدالتوں اور سڑکوں پر لڑیں گے، حافظ نعیم الرحمان

کراچی: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ عوام کا مقدمہ عدالتوں اور سڑکوں پر لڑیں گے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مرتضیٰ وہاب اپنی نااہلی بتانے کے بجائے رونا روتے ہیں۔ نیپرا عوام کا تحفظ کرے اور ہم نے فیصلہ کیا ہے ایک ایک چیز پر عدالت جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیپرا اسٹے پر فالو اپ نہیں کررہا لیکن جماعت اسلامی کرے گی اور اسٹے کو ختم کروائیں گے عوام کے پیسے واپس ملنے چاہیئیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم عوام کا مقدمہ عدالتوں اور سڑکوں پر لڑیں گے کیونکہ کراچی میں مسائل کو حل نہیں کیا جا رہا، مرتضیٰ وہاب بتائیں کیا اچھا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں سے ٹیکس لیا جا رہا ہے لیکن وہ سڑکوں کی سہولت سے محروم ہیں، کے ایم سی کے چارجز کے پہلے بھی خلاف تھے اور آج بھی ہیں۔

عمران خان کی کال پر نہ نکلے تو اگلے 75 سال شریف اور زرداری کے بچوں کی حکومت پر مہر لگ جائے گی، فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رہنما تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام اس بارعمران خان کی کال پر باہر نہ نکلے تو اگلے 75 سال شریف اور زرداری کے بچوں کی حکومت پر مہر لگ جائے گی۔
فواد چودھری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ شریف اور زرداری پر نوازشات کی بارش سے طے ہے کہ اگر پاکستان کے عوام اس بارعمران خان کی کال پر باہر نہ نکلے تو اگلے 75 سال شریف اور زرداری کے بچوں کی حکومت پر مہر لگ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کروڑوں لوگ ایک بدمعاش اشرافیہ کی غلامی پر مجبور رہیں گے، واحد حل عوام کا سڑک پر آنا ہی ہے تیاری کریں۔
ایک اور ٹوئٹ میں رہنما تحریک انصاف نے عمران خان کی سیشن کورٹ میں خاتون جج سے مانگنے کی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ اگر ہم نے بھی عدالتیں نون اور پیپلز پارٹی کی طرح اپنے ججوں سے بھری ہوتیں اس طرح چکر نہ لگانے پڑتے۔

دوست ممالک اور عالمی اداروں کے 133 طیارے امدادی سامان لیکر پاکستان آئے: دفترخارجہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے دوست ممالک اور عالمی ادارے پیش پیش ہیں اور اب تک امدادی سامان لے کر 133 طیارے پاکستان آئے ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق اب تک 17 ممالک، 3 عالمی تنظیموں کی جانب سے امدادی سامان لے کر 133 طیارے پاکستان آئے ہیں، یو اے ای سے 41 ،امریکہ سے 21، ترکیہ کے 14 طیارے امدادی سامان لے کرآئے، سعودی عرب سے 10، عمان سے 8، چین اور قطر سے چار، 4 امدادی طیارے پاکستان پہنچے۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ انڈونیشیاء نے2، ازبکستان، فرانس، ترکمانستان، اردن، سے ایک ایک طیارہ پاکستان آیا، نیپال، برطانیہ، روس، یونان اور اٹلی نے بھی امدادی سامان کا ایک، ایک طیارہ بھیجوایا، یونیسف 3، اقوام متحدہ ادارہ برائے مہاجرین 14، عالمی ادارہ خوراک نے 3 طیارے بھیجوائے، جبکہ ایران، ترکیہ، تاجکستان، عمان، یو اے ای نے زمینی اور بحری راستے سے بھی امداد بھیجوائی۔

عمران خان خاتون جج زیبا چودھری سے معافی مانگنے پہنچ گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چوہدری سے معذرت کرنے کے لیے ان کی عدالت پہنچ گئے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چوہدری کی عدالت پہنچے تاہم پولیس نے خاتون جج کا کمرہ بند کر دیا اور انہیں بتایا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چوہدری رخصت پر ہیں۔
عمران خان نے ریڈر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے زیبا چوہدری صاحبہ کو بتانا ہے کہ عمران خان آئے تھے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چوہدری سے معذرت کرنے کے لیے آیا ہوں، ریڈر آپ گواہ رہنا، زیبا چوہدری صاحبہ کو بتانا کہ اگر ان کی دل آزاری ہوئی ہو تو عمران خان معذرت کرنے آئے تھے۔

کابل: تعلیمی ادارے کے قریب خودکش دھماکا، 19 افراد جاں بحق،27 زخمی

کابل: (ویب ڈیسک) افغان دارالحکومت کابل میں خودکش دھماکا سے 19 افراد جاں بحق جبکہ 27زخمی ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل کے مغربی علاقے دشت برچی میں واقع تعلیمی ادارے کے قریب خود کش دھماکا ہوا جس میں 19 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہوئے ہیں۔
مرکز کے عہدیداروں نے کہا کہ طلباء یونیورسٹی کے پریکٹس امتحان میں بیٹھے تھے،اس علاقے میں رہنے والوں میں سے بہت سے ہزارہ اقلیت سے تعلق رکھتے ہیں، جنہیں ماضی کے حملوں میں نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ خودکش دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔
طالبان کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہری اہداف پر حملہ کرنا دشمن کے غیر انسانی ظلم اور اخلاقی معیار کی کمی کو ثابت کرتا ہے۔