ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ، الیکشن کمیشن میں پولیس اور ایف کے 1000 جوان تعینات ہونگے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن میں ہنگامی اجلاس ہوا۔
ذرائع کے مطابق لاء ونگ حکام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ممنوعہ فنڈنگ کیس کے متعلق تیاری پر حتمی بریفنگ دی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ چیف الیکشن کمشنر نے متعلقہ حکام کو کیس کے متعلق تمام تیاریاں مکمل کرنےکی ہدایت کی اور کیس کے فیصلے کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ ضرورت پڑنے پر رینجرز اہلکار الیکشن کمیشن پر تعینات کیے جائیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ممنوعہ فارن فنڈنگ فیصلے کے موقع پر اسلام آباد کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے، پولیس اور ایف سی کے ایک ہزار جوان ڈیوٹی پر مامور ہوں گے، غیر متعلقہ افراد کو الیکشن کمیشن میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، میڈیا سمیت ریڈ زون دفاتر جانے والوں کو شناخت کے بعد جانےکی اجازت ہوگی جب کہ سیاسی جماعتوں کے کارکنان کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ کل سنایا جائےگا۔
پاکستان تحریک انصاف کا مستقبل کیا ہو گا؟ کیا پارٹی کی رجسٹریشن منسوخ ہوگی؟ کیا عمران خان پر غلط بیانِ حلفی دینے پر آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق ہو گا؟ کیا فوجداری مقدمات قائم کیے جائیں یا پھر پارٹی کو کلین چٹ ملے گی؟ الیکشن کمیشن آف پاکستان کل صبح دس بجے فیصلہ سنائےگا۔
الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے کیلئے کازلسٹ جاری کردی ہے۔ پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ 21 جون کو محفوظ کیا گیا تھا۔
کاز لسٹ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دیگر دو ارکان فیصلہ سنائیں گے۔

صلاحیت موجود ہے مگر ایٹم بم بنانے کا ارادہ نہیں رکھتے، ایران

تہران: (ویب ڈیسک) ایران کی جوہری توانائی کے سربراہ محمد اسلامی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایٹم بم اور ہتھیار بنانے کی تمام تر تکنیکی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن فی الحال ایسا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق محمد اسلامی کا کہنا ہے کہ ایران کے پاس ایٹمی بم بنانے کی تکنیکی مہارت اور صلاحیت موجود ہے تاہم ابھی ایسا کوئی ادارہ نہیں رکھتے۔
ایرانی جوہری ادارے کے سربراہ کا یہ بیان اس وقت آیا ہے جب عالمی جوہری معاہدے میں ایران کی دوبارہ شمولیت کے لیے ویانا میں دیگر عالمی قوتوں کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔
چند روز قبل محمد اسلامی نے ہی اصفہان جوہری تنصیب کے معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ یہاں جوہری تحقیقی ری ایکٹر کی تعمیر کا کام چند ہفتوں میں باضابطہ طور پر شروع ہو جائے گا۔
اسی طرح ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ایک مشیر کمال خرازی نے بھی ایسے ہی ایک بیان میں کہا تھا کہ ایران جوہری ہتھیاروں کی پیداوار میں دلچسپی رکھتا ہے۔
ایران فی الوقت 60 فیصد یورنیئم افزود کر رہا ہےاور اس میں اضافے کے لیے متحرک ہے تاہم ہمیشہ ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری کی تردید کرتا آیا ہے۔

نواز شریف، شہباز شریف ، زرداری اور عمران خان سب ایک ہیں، سراج الحق

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف، شہباز شریف، زرداری اور عمران خان سب ایک ہیں، یہ سب آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے غلام ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ ملک میں ہر طرح کی حکومت آگئی اب اسلامی نظام کو بھی دیکھ لیں، بارش سے سیلاب آیا اور 200 لوگ شہید ہو گئے، بلوچستان میں سیوریج کا نظام تباہ ہے، یہاں جعلی حکومت مسلط کی گئی ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ عمران خان کے دور میں 10 لوگوں کو مچھ میں شہید کیا گیا، میں حیران تھا کہ عمران خان وزیر اعظم تھے اور کہتے ہیں کہ بلیک میل نہیں ہوں گا۔
سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کو ایک انقلاب کی ضرورت ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نذیر چوہان کو گرفتار کرلیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما نذیر چوہان کو علاقے چونگ سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
نذیر چوہان کو سی آئی اے پولیس نے لاہور کے تھانہ جوہر ٹاؤن میں درج مقدمے میں گرفتار کیا ہے۔ نذیر چوہان پر پی ٹی آئی کے دفتر پر حملے اور تحریک انصاف کے کارکنان کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن پر پی ٹی آئی رکن پنجاب اسمبلی شبیر گجر کے بھتیجے کو بھی زخمی کرنے کا الزام ہے۔
نذیر چوہان کیخلاف مقدمہ ضمنی انتخابات کے دوران پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ دوسری جانب لاہور پولیس نے بھی نذیر چوہان کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔

میانمار؛ فوجی قیادت نے ایمرجنسی کی میعاد میں 6 ماہ کی توسیع کردی

رنگون: (ویب ڈیسک) میانمار میں جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قابض ہونے والی فوجی قیادت نے ہنگامی حالت کی میعاد ختم ہونے پر مزید 6 ماہ کی توسیع کردی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میانمار کے فوجی حکمراں نے کہا ہے کہ مکمل طور پر امن کی بحالی میں اب بھی رکاوٹیں حائل ہیں اور ملک بدستور عدم استحکام کا شکار ہے اس لیے ملک میں نافذ ایمرجنسی میں 6 ماہ کی توسیع کی جاتی ہے۔
میانمار میں فوجی بغاوت کے سربراہ جنرل من آنگ ہلیئنگ نے گزشتہ برس فروری میں اقتدار پر قبضہ کرکے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی تھی اور حکمراں آنگ سان سوچی کو گرفتار کرلیا تھا اور حال ہی میں ایک رکن اسمبلی سمیت جمہوریت کے علمبردار کارکن اور 4 دیگر افراد کو پھانسی بھی دی گئی۔
میانمار میں فوجی بغاوت پر ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کے 10 ارکان نے میانمار کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنے کے لیے ایک 5 نکاتی ایجنڈا دیا تھا تاہم فوجی قیادت اس پر عمل کرنے میں ناکام رہی۔

پی ٹی آئی کی دو نمبری دیکھیں 11 ممبران ڈی نوٹیفائی کرنے پر عدالت چلےگئے، راجہ ریاض

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نےکہا ہےکہ اگر عمران خان قومی اسمبلی میں آکر بیٹھیں تو استعفیٰ دینےکے لیے تیار ہوں۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے 11 ممبران کو ڈی نوٹی فائی کیا، ان کی دو نمبری دیکھیں اب وہ فیصلےکے خلاف عدالت گئے ہیں۔
راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اگر استعفےکی بات کرتے ہو تو فرح خان کی کرپشن کا جواب دو، میں استعفیٰ دینےکو تیار ہوں۔
اپوزیشن لیڈرکا کہنا تھا کہ عمران خان کو کرپشن اور فارن فنڈنگ پر جواب دینا ہوگا۔

پی ٹی آئی ارکان نے کیسے استعفے دیے کہ تنخواہ لے رہے ہیں لاجز بھی نہیں چھوڑ رہے: وزیر قانون

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں نے کیسے استعفے دیے ہیں کہ ممبران تنخواہ بھی لے رہے ہیں لاجز بھی نہیں چھوڑ رہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دور کے وزراء نے ابھی تک منسٹر انکلیو میں گھر نہیں چھوڑے، اگر آپ کے ممبران نے استعفے دے دیے ہیں تو تنخواہ نہ لیں، استعفے دے دیے ہیں تو سرکاری گاڑی واپس کریں، لاجز چھوڑیں۔
انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر پی ٹی آئی کے مقرر کردہ ہیں، غیر ملکی فنڈنگ کیس کی وجہ سے الیکشن کمیشن پر چڑھائی مناسب نہیں، آپ کی مرضی کے فیصلے نہیں آتے تو ایسے چڑھائی تو مت کریں، الیکشن کمیشن پر پہلے بھی آپ نے چڑھائی کی اور پھر تحریری معافی مانگی۔

کامن ویلتھ گیمز، قومی سکواش کھلاڑی فائزہ ظفر سیمی فائنل میں داخل

برمنگھم: (ویب ڈیسک) کامن ویلتھ گیمز میں سکواش کورٹ سے اچھی خبر آگئی، قومی کھلاڑی فائزہ ظفر نے سیمی فائنل میں‌ رسائی حاصل کر لی۔
برمنگھم میں جاری میگا ایونٹ میں ویمن سکواش کوارٹر فائنل میچ میں پاکستانی کھلاڑی فائزہ ظفر نے گیانا کی آشلے خلیل کو شکست دے کر اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
فائزہ ظفر کا سیمی فائنل میں سامنا منگل کو بھارتی حریف سنینا سارا کرو ویلا سے ہوگا۔

کشمیر پریمیئر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے حتمی شیڈول کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) کے پی ایل انتظامیہ نے کشمیر پریمیئر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے حتمی شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔
خیال رہے کہ کشمیر پریمیئر لیگ کے ترجمان نے کہا تھا کہ لیگ کی براڈ کاسٹنگ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے معیار جیسی ہوگی جس میں اسپائے کیم، ہاک آئی اور بگی کیم کی مدد سے کوریج کی جائے گی۔
کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کے دوسرے ایڈیشن میں 13 سے 26 اگست تک 25 میچز کھیلے جائیں گے۔
13 اگست کو افتتاحی میچ راولا کوٹ ہاکس اور جموں جانباز کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ گروپ مرحلے کا آخری میچ 23 اگست کو کوٹلی لائنز اور راولاکوٹ ہاکس کے درمیان کھیلا جائے گا۔
24 اگست کو کوالیفائر ون اور الیمینیٹر ون میچ کھیلا جائے گا جبکہ ایلیمینیٹر ٹو 25 اگست اور فائنل میچ 26 اگست کو کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ کشمیر پریمیئر لیگ کے تمام میچز مظفر آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ہالینڈ کے سفیر کی الوداعی ملاقات

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید سے پاکستان میں ہالینڈ کے سفیر ووٹر پلمپ نے جی ایچ کیو میں الوداعی ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پرآرمی چیف نے ہالینڈ کے سفیر کی خدمات کا شکریہ بھی ادا کیا، دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کے لئے ان کے تعاون کو سراہا۔
آرمی چیف جنرل قمر جایود باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہالینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،ہم مشترکہ مفادات کی بنیاد پر باہمی تعلقات کو بڑھانے کے خواہش مند ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معزز مہمان نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا،پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو یقینی بنایا۔

ایران : سیلاب سے 69 افراد جاں بحق ، 39 زخمی اور 45 لاپتہ

تہران : (ویب ڈیسک) ایران میں شدید بارشوں سے آنے والے سیلاب کے باعث 69 افراد جاں بحق اور 39 زخمی ہو گئے جبکہ 45 لاپتہ ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ آرگنائزیشن (این ڈی ایم او) کے نائب سربراہ نجاد جہانی نے بتایا کہ ایران میں ہفتے سے جاری شدید بارشوں سے آنے والے سیلاب کے باعث 69 افراد جاں بحق اور 39 زخمی ہو گئے جبکہ 45 لاپتہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں سے 6زخمیوں میں سے 3 اور لاپتہ ہونے والوں میں سے 3 افراد کا تعلق عراق سے ہے، مزید اموات کے خدشے کا ظہار کیا ہے۔
ایرانی ہلال احمر سوسائٹی کے صدر پیر حسین نے کہا کہ 24 صوبوں کے 661 علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جن میں صوبہ تہران کی کاؤنٹی فیروزکوہ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جہاں سیلاب کی وجہ سے بند سڑکوں کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
اصفہان کی تنظیم نظم و نسق کے ڈائریکٹر جنرل منصورنے کہا کہ سیلاب سے صوبہ اصفہان کی 18 کاؤنٹیز میں28.12 ملین ڈالر کا نقصان ہوا ہے، جس سے 4000 ہیکٹر زرعی زمین، 50 ہیکٹر باغات، 30 مویشی پالنے والے یونٹ اور 10 فش فارمنگ یونٹ متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے میں شدید بارشوں سے 98 کلومیٹر سڑکوں اور 61 عمارتوں اور پلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

پاک فوج کا سیلاب متاثرین کیلیے اپنا 2 روز کا راشن عطیہ کرنے کا اعلان

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے سیلاب متاثرین کے لیے اپنا 2 روز کا راشن عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے سیلاب متاثرین کے لیے اپنا دو روز کا راشن عطیہ کرنےکا اعلان کیا ہے۔ یہ راشن سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرین کو فراہم کیا جائیگا۔
آئی ایس پی آر کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ راشن آرمی فارمیشنز متاثرین میں تقسیم کریں گی اور اس راشن میں آٹا، چینی، چاول، چائے، دالیں، خوردنی تیل اور خشک دودھ شامل ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے جس سے سب سے زیادہ صوبہ بلوچستان متاثر ہوا ہے۔
اب تک موسلا دھار بارشوں اور اس کے نتیجے میں سیلابی ریلوں اور دیگر حادثات میں 200 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ان میں سے 125 سے زائد کا تعلق بلوچستان سے ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان اور جنوبی پنجاب اور سندھ کے بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے امداد کا اعلان بھی کیا ہے جب کہ بارش اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج اور فضائیہ کی امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

دنیا جانتی ہے چیف الیکشن کمشنر عمران خان نے لگایا تھا، خورشید شاہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ قوم یہ سوال پوچھ رہی ہے چیف الیکشن کمشنر لگایا کس نے تھا؟ دنیا جانتی ہے کہ چیف الیکشن کمشنر عمران خان نے لگایا تھا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ افہام وتفہیم کیلئے اس وقت کی اپوزیشن نے اس کی حمایت کی تھی، پی ٹی آئی عوام کو بے وقوف بنانے سے باز نہیں آ رہی، آئین کسی کو پسند نہیں ہے تو کیا قرارداد سے معاملہ حل ہو سکتا ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ عارف نقوی کا معاملہ نیا نہیں لیکن یہ برطانیہ سے ہوکر اب امریکہ پہنچا ہے، ان سے متعلق جو بھی فیصلہ آتا ہے اس پر قوم کو یقین کرنا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔