لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی کے رکن واثق قیوم نے ڈپٹی اسپیکر کا حلف اٹھا لیا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس 2 گھنٹے 10 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ حزب اختلاف کے کسی بھی رکن نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔
اسمبلی سبطین خان نے کاغذات نامزدگی کی حوالے سے ایوان کو بتایا کہ واثق قیوم کے علاوہ کسی نے کاغذ جمع نہیں کرائے۔
انہوں نے کہا کہ واثق قیوم بطور ڈپٹی اسپیکر بلا مقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں۔ جس کے بعد نومنتحب ڈپٹی اسپیکر واثق قیوم سے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے حلف لیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار واثق قیوم بلا مقابلہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے۔
ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد مزاری کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہونے کے بعد ڈپٹی اسپیکر کی نشست خالی تھی، جس کے بعد پی ٹی آئی نے ڈپٹی اسپیکر کے لیے واثق قیوم عباسی کو امیدوار نامزد کیا اور انہوں نے اپنے کاغذات مامزدگی جمع کرائے تاہم اب وہ بلا مقابلہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہو گئے۔
Monthly Archives: July 2022
سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے، عمران خان کی ہدایت
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی اور مونس الہٰی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور پنجاب کے انتظامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عمران خان نے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر چودھری پرویز الہٰی کو مبارک باد دی۔ پرویز الہٰی نے وفاداریاں بدلنے والوں کے خلاف بھرپور مؤقف پر کھڑا رہنے پر عمران خان کی بصیرت کو سراہا۔
عمران خان نے پنجاب کی عوام کو ریلیف دینے کے لیے تمام تر کاوشیں بروئے کار لانے کی ہدایت کی اور وزیراعلیٰ پنجاب نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
عمران خان نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کی جائے۔
کراچی:پکنک پر ہاکس بے آنے والے4افراد ڈوب گئے
کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی کے سمندر میں نہانے پر پابندی کے باوجود 6 نوجوان ڈوب گئے۔ سینڈز پٹ پر ڈوبنے والے دو افراد کی لاشیں نکال لی گئی،ٹرٹل بیچ پر مزید چار افراد ڈوب گئے۔
کراچی میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی جاری ہے۔ سمندر میں نہانے پر پابندی کے باوجود ساحل پر رش لگا رہتا ہے۔ گزشتہ روز سینڈ پٹ پر نارتھ کراچی انڈہ موڑ کے رہائشی دو نوجوان ڈوب گئے تھے جن کی لاشیں رات گئے ایدھی بحری ٹیم نے نکال لی تھیں۔
آج صبح دوستوں کے ساتھ پکنک پر ہاکس بے آنے والے مزید چار افراد ڈوب گئے۔ جن میں سے دو کی لاشیں نکال کر سول اسپتال منتقل کردی گئیں جبکہ مزید دو کی تلاش جاری ہے۔ایدھی حکام کے مطابق ڈوبنے والے افراد لیاقت آباد سندھی ہوٹل کے رہائشی ہیں۔
سیلاب نے ثابت کیا حکومت نے جھوٹے دعوؤں کے سوا کچھ نہیں کیا، سراج الحق
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ سیلاب نے ثابت کر دیا حکومت نے جھوٹے دعوؤں کے سوا کچھ نہیں کیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں سیلاب سے شدید تباہی ہوئی ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ متاثرین کے پاس گورنر اور وزیراعلیٰ سمیت کوئی نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بھی سیلاب متاثرہ علاقوں میں تماشا کر کے چلے گئے۔ ان کے پاس اربوں روپے کے وسائل ہیں لیکن عوام کے لیے کچھ نہیں کیا۔ ہیلی کاپٹر لوگوں کو مارنے کے لیے تو ہے مگر امداد کے لیے نہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ حکمران جب ساتھ نہیں دیں گے تو لوگ بھی آپ کا ساتھ نہیں دیں گے۔ سیلاب نے ثابت کر دیا صوبائی اور وفاقی حکومت نے جھوٹے دعوؤں کے سوا کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پورے بلوچستان کو آفت زدہ قرار دے، وزیر اعظم نے 5 لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے لیکن بتائیں کون سا انجینئر اتنے پیسوں میں گھر بنا سکتا ہے۔
مفتاح کا 150 یونٹ سے کم استعمال کرنیوالے دکانداروں کو ٹیکس چھوٹ دینے کا اعلان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے 150 یونٹ سے کم استعمال کرنیوالے دکانداروں کو ٹیکس چھوٹ کا اعلان کر دیا، کہتے ہیں کہ روپے پر پریشر جلد ختم ہو گا، رواں ماہ 5 ملین ڈالر کی درآمدات ہوئیں۔ درآمدات میں کمی خوش آئند ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت نے تاریخ کا سب سے زیادہ قرضہ لیا، سابق حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے تجارتی خسارہ بڑھا، 4 سال میں 20 ہزار ارب قرض لیا جس سے ملک کو معاشی نقصان ہوا۔ عمران حکومت نے بجلی منصوبوں میں سرمایہ کاری نہیں کی۔ ان کے دور میں ٹیکس کولیکشن میں کمی ہوئی، معیشت کے تمام شعبوں کو تباہ کیا گیا۔ عمران خان بتائیں انہوں نے کیا معاشی اصلاحات کیں۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہماری حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ کوشش ہے کرنٹ اکاونٹ خسارہ ایک سال میں سرپلس کر دیں۔ مقامی صنعت کو فروغ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ درآمدات پر پابندیاں مرحلہ وار ختم کریں گے۔ شاہد خاقان عباسی نےایل این جی کے سستے ٹرمینل لگائے۔ الیکشن کمیشن سے اپیل ہے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی بڑھی گئی ہے مگر میرے ہاتھ بندھے ہیں، ملک کو اس حال تک لانے والے عمران خان ہیں۔پاکستان کو آج نوازشریف نے بچایا، آج تک یہ نہیں بتایا گیا نوازشریف نے کرپشن کہاں کی۔ عمران خان نے یوٹرن لے کر اپنے ہی لوگوں کو ایمنسٹی دی۔
مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کا آج 129 واں یوم ولادت
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی سمیت ملک بھر میں آج مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کا 129 واں یوم ولادت عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، مادر ملت کی قبر پر قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔
متحرمہ فاطمہ جناح کے یوم ولادت کے سلسلے میں مزار قائد انتظامیہ کی طرف سے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا، فاتحہ خواں قاری محمد شمس الدین نے مادر ملت کی قبر پر خصوصی دعا کروائی اور قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔
دعا کے اجتماع میں مزار قائد کے ملازمین کے علاوہ شہری اور پاک بحریہ اور سندھ رینجرز کے جوان بھی شریک ہوئے۔
امپورٹڈحکومت کے رہتے ہوئے کوئی اچھی خبر نہیں مل سکتی: حلیم عادل شیخ
کراچی: (ویب ڈیسک) اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کہتے ہیں کہ امپورٹڈ حکومت کے رہتے ہوئے کوئی اچھی خبر نہیں مل سکتی۔
ٹویٹر پیغام میں حلیم عادل شیخ کا حکمرانوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ لوگ مہنگائی کم کرنے نہیں آئے بلکہ این آر او لینے آئے ہیں، ترقی کرتے ملک کوتباہ کرنے کی ذمہ دار پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فوری شفاف الیکشن نہ ہوئےتو معاشی حالات انتہائی خراب ہو جائیں گے، عمران خان ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔
ججز کے تقرر میں کسی قسم کی عدم شفافیت کا شائبہ نہیں ہونا چاہئے: اٹارنی جنرل
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف جسٹس کے جوڈیشل کمیشن اجلاس کی ریکارڈنگ جاری کیے جانے کے بعد اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کا بیان بھی آ گیا، اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ ججز کا تقرر کرنا کمیشن کا مقدس فرض ہے جس کی ادائیگی میں کسی قسم کی عدم شفافیت کا شائبہ بھی نہیں ہونا چاہئے۔
ججز تقرر کے اٹھائس جولائی کے اجلاس کے معاملہ پر اٹارنی جنرل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میری جانب سے اجلاس موخر کیے جانے کو کوئی اور رنگ نہ دیا جائے، میں نے ان ناموں کی مخالفت کی تھی اور جسٹس (ر) سرمد جلال کی رائے سے مکمل اتفاق کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اجلاس میں کہا تھا کہ جسٹس اطہر من اللہ ہی اس وقت ہائی کورٹ کے سینیر اور اہل جج ہیں، انہیں نامزد ہونا چاہئے۔ اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے اپنے بیان میں کہا کہ نامزد کیے گیے ججز کی معلومات اجلاس سے بہت پہلے فراہم کی جانی چاہئیں تاکہ ان کاجائزہ لیا جا سکے، میں نے صرف اسی تناظر میں اجلاس موخر کرنے بات کی تھی۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے حوالے سے دفعہ 144 نافذ کر دی
لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت پنجاب نے محرم الحرام کے حوالے سے دفعہ 144 نافذ کر دی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق محرم الحرام میں ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہو گی، لائسنسی اسلحہ بھی ساتھ رکھنے پر پابندی ہو گی۔
حکومت کی جانب سے 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی کا اعلان کیا گیا ہے۔
کامن ویلتھ گیمز: قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی اہم کھلاڑی بھارت کیخلاف میچ سے باہر
برمنگھم : (ویب ڈیسک) کامن ویلتھ گیمز میں بھارت سے مقابلے سے قبل قومی ویمن ٹیم کو بڑادھچکا لگا۔
کامن ویلتھ گیمز میں آج ہونے والے پاک بھارت ویمن کرکٹ مقابلے سے قبل پاکستانی ٹیم کے لیے بری خبر آگئی۔بھارت کے خلاف قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی بارہ رکنی اسکواڈ میں ایک تبدیلی کر دی گئی۔
اطلاعات کے مطابق کن کشن کا شکار ہونے کے باعث ندا ڈار میچ میں شرکت نہیں کریں گی۔ان کی جگہ ایمن انور کو 12 رکنی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
ندا ڈار بارباڈوس کے خلاف میچ میں سر پر گیند لگنے کے باعث کن کشن کا شکار ہوئی ہیں۔ندا ڈار کی طبعیت بہتر ہے تاہم مزید پانچ روز ان کی طبعیت کا جائزہ لیا جائے گا
قومی ویمن کرکٹ ٹیم کے 12 رکنی اسکواڈ میں کپتان بسمہ معروف، منیبہ صدیقی، ارم جاوید، عمیمہ سہیل اور عالیہ ریاض شامل ہیں۔عائشہ نسیم، فاطمہ ثناء، طوبہ حسن، ڈیانا بیگ، انعم امین، کائنات امتیاز اور ایمن انور بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ویمن ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکی ہیں، پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میچ آج دوپہر 3 بجے شروع ہوگا۔
وزیر اعظم نے آج خیبر پختونخوا کے اضلاع کا دورہ ملتوی کر دیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے آج خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ ملتوی کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے آج ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنا تھا جو موسم کی خرابی کے باعث ملتوی کر دیا گیا۔
اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم کے دورے سے متعلق اطلاع دیتے ہوئے لکھا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف آج خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک اور ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کاموں کا جائزہ لیں گے۔
گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کا دورہ کیا تھا اور بارشوں سے ہونے والی تباہی کا جائزہ لیا تھا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا سیلاب متاثرین کیلئے مالی امداد کا اعلان
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ نے پنجاب کے سیلاب متاثرین کے لیے مالی امداد کا اعلان کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفر گڑھ اور میانوالی کے سیلاب متاثرین کے لیے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 8،8 لاکھ روپے مالی امداد دے گی۔
انہوں نے کہا کہ گھروں، فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرہ افراد کی مالی معاونت کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی جلد تعمیر ومرمت کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر شروع کیا جائے اور میڈیکل کیمپس میں سیلاب متاثرین کو وبائی امراض سے بچاؤ کی ویکسین بھی لگائی جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگانے کی ہدایت کی اور کہا کہ سانپ کے کاٹنےاور ہیضہ سے بچاؤ کی ادویات میڈیکل کیمپس میں دستیاب ہونی چاہئیں۔
پرویز الہیٰ نے کہا کہ سیلاب متاثرین میں خشک راشن تقسیم کیا جائے اور ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے سیلابی پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔ سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائے اور باقاعدگی سے رپورٹ پیش کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے مربوط انداز سے ریلیف کی سرگرمیوں کو مزید تیز کریں اور میں خود بھی جلد سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کروں گا۔ سیلاب سے متاثرہ بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
روس نے جنگی قیدیوں کی ہلاکت کے الزام پر اقوام متحدہ کو تحقیقات کی دعوت دےدی
روس : (ویب ڈیسک) روس نے اقوام متحدہ اور ریڈ کراس کے ماہرین کو جیل میں یوکرین کے درجنوں جنگی قیدیوں کی ہلاکت کےالزام پر تحقیقات کی دعوت د دے دی۔
روس کی وزارت دفاع کیا جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ بامقصد تحقیقات کے لیے اقوام متحدہ اور ریڈ کراس کے ماہرین کو دعوت دے رہی ہے۔
اس سے قبل جمعرات کی رات روس کے زیر قبضہ یوکرین کے صوبہ ڈونیٹسک کی جیل پر میزائل حملے کے بعد روس اور یوکرین ایک دوسرے پر قیدیوں کی ہلاکتوں کے الزام عائد کر رہے ہیں ۔
روسی وزیر دفاع نے الزام عائد کیا تھا کہ روس کے زیر قبضہ صوبہ ڈونیسک کی جیل میں بند یوکرینی جنگی قیدیوں پر حملہ یوکرین نے امریکہ کی جانب سے سپلائی کیے گئے میزائلوں سے کیا ہے۔
دوسری جانب یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے میزائل حملے کا ذمہ دار روس کو ٹھہرایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ روس نے جان بوجھ کر جنگی جرم کا ارتکاب کیا اور یوکرینی فوجیوں کا اجتماعی قتل کیا۔
یو کرینی فوج کا کہنا ہے کہ روسی توپ خانے نے جیل کو نشانہ بنایا تاکہ وہاں جنگی قیدیوں کے ساتھ رکھے گئے ناروا سلوک کو چھپایا جا سکے۔
صوبہ ڈونیٹسک میں روس کے حمایت یافتیہ علیحدگی پسندوں نے جیل میں مرنے والے جنگی قیدیوں کی تعداد 53 بتائی تھی۔
جیل میں ہلاک ہونے والوں میں وہ جنگی قیدی بھی شامل ہیں جنہوں نے جنوبی شہر ماریوپول میں کئی ہفتے روسی حملوں کا مقابلہ کرنے کے بعد ہتھیار ڈال دیے تھے۔