طرابلس: (ویب ڈیسک) لیبیا کے ریگستان سے 20 تارکین وطن کی لاشیں ملی ہیں، جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ بھٹک جانے کے بعد شدید پیاس کے سبب جاں بحق ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق لاشوں کو چاڈ کی سرحد سے 120 اور کفرۃ شہر سے 320 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ریگستان سے گزرنے والے ایک ٹرک ڈرائیور نےدیکھا، جس پر اس نے لیبیائی حکام کو اطلاع دی۔ مقامی امدادی ٹیموں کا کہنا ہے کہ مرنے والے افراد تارکین وطن تھے۔ جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں ایک سیاہ رنگ کی گاڑی کے قریب سے ملیں، جو کہ خراب حالت میں بند تھی۔ کفرۃ ایمبولینس سروس کے سربراہ ابراہیم بالحسن نے میڈیا کو بتایا کہ یہ 20 افراد کم از کم 14 دن پہلے ہی جاں بحق ہو گئے تھے جب ان کا آخری مرتبہ 13 جون کو موبائل فون کے ذریعے رابطہ ہوا تھا، تاہم اس کے بعد یہ بھٹک گئے۔ تارکین وطن کی گاڑی چاڈ سے یہاں پہنچی تھی اور اس پر سوار تمام لوگ پیاس کی شدت کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔
Monthly Archives: June 2022
پیرس حملوں کے مجرم صالح عبدالسلام کو عمر قید کی سزا
پیرس: (ویب ڈیسک) فرانسیسی عدالت نے 2015 میں پیرس کے مختلف مقامات پرحملوں میں ملوث صالح عبدالسلام کو عمر قید کی سزا سنادی۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق فرانس کی عدالت نے 2015 میں پیرس حملوں کے کیس کے مرکزی ملزم صالح عبدالسلام کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنا دی۔ صالح عبدالسلام کی عمر 32 سال ہے اور وہ فرانسیسی شہری ہیں۔ صالح عبدالسلام کو 30 سال قید کے بعد پرول پر رہائی مل سکتی ہے۔ حملوں کے دیگر19 ملزموں کو بھی مجرم قراردیا گیا ہے۔مجرم قرار دئیے جانے والے چھ افراد کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ ان کا انتقال ہوچکا ہے۔ نومبر2015 میں پیرس کے ریسٹورنٹ، بارز،نیشنل فٹ بال اسٹیڈیم اور میوزک وینیو پرحملوں میں 130 افراد ہلاک اور490 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ پیرس حملوں کا کیس فرانس کی تاریخ کا سب سے بڑا مقدمہ تھا۔
’’سینچری کی ڈیمانڈ نہیں، چاہتے ہیں کوہلی میچ وننگ اننگز کھیلیں‘‘
لندن:(ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ راہول ڈریوڈ کا کہنا ہے کہ سابق کپتان ویرات کوہلی پر کپتان روہت شرما کی انجری کا شکار ہونے کے بعد ذمہ داری بڑھ گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کا کہنا ہے کہ انگلیںڈ کے خلاف پانچویں ٹیسٹ میں روہت شرما کی عدم دستیابی کی صورت میں ویرات کوہلی کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری ہوگی، فینز اور ٹیم کو اسٹار کرکٹر سے سینچری کی کوئی ڈیمانڈ نہیں لیکن چاہتے ہیں کوہلی میچ وننگ اننگز کھیلیں۔ ہیڈکوچ نے کہا کہ انگلیںڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ سے قبل روہت شرما کوویڈ کا شکار ہوگئے تھے جس کے باعثا نہیں قرنطینہ کردیا گیا ہے جبکہ میچ میں انکی شرکت بھی مشکوک ہے۔قبل ازیں لیسٹرشائر کے ساتھ کھیلے گئے چار روزہ وارم اپ میچ کے دوران کوہلی نے 67 گیندوں پر 33 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔واضح رہے کہ سال 2019 میں ویرات کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف جوہانسبرگ میں سینچری اسکور کی تھی، جس کے بعد سے کوہلی مسلسل آؤٹ فارم چل رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہیں کپتانی سے بھی ہاتھ دھونا پڑا تھا۔
گال ٹیسٹ میں طوفانی بارش سے گرینڈ اسٹینڈ گرگیا
کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان گال ٹیسٹ میں طوفانی بارش سے گرینڈ اسٹینڈ گرگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رات گئے تیز ہواؤں اور طوفانی بارش کے باعث گرینڈ اسٹینڈ گرا تو خوش قسمتی سے وہاں کوئی تماشائی موجود نہیں تھا۔ سری لنکا اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے مابین کھیلے جارہے گال ٹیسٹ میچ کا دوسرا تاخیر کا شکار ہے، میربان سری لنکا نے پہلی اننگز میں 212 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جبکہ آسٹریلیا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 98 رنز اسکور کرلیے ہیں۔ کھیل کے پہلے روز 13 وکٹیں گری تھیں جبکہ خراب موسم کے باعث میچ کو روک دیا گیا تھا، پچ کی موجودہ صورتحال کو دیکھ کر ماہرین ٹیسٹ میچ تین روز میں ختم ہونے کی پیشگوئی کررہے ہیں۔ دوسری جانب گراؤنڈ اسٹاف نے میدان اور پچ کو ڈھانپ دیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آج مزید بارش کا عندیہ دیا ہے۔
مریدکے: با اثر چودھری نے گاؤں کے چوراہے پر محنت کش کو قتل کردیا
مریدکے:(ویب ڈیسک) آبادی فتح پوری میں با اثر چودھری نے گاؤں کے چوراہے پر محنت کش کو قتل کردیا۔پولیس کے مطابق ملزم ضیغم چٹھہ نے پہلے محنت کش عمران کو بہیمانہ تشدد کا بھی نشانہ بنایا، مقتول چھ بچوں کا باپ تھا، ورثاء کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔اس حوالے سے پولیس کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ مقتول عمران کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا، ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا گھر کو تالے لگے تھے، جلد پکڑا جائے گا۔
ومبلڈن اوپن ڈبلز مقابلہ، ثانیہ مرزا کو ابتدائی راؤنڈ میں شکست، ایونٹ سے باہر
لندن: (ویب ڈیسک ) بھارتی نامور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور ان کی جمہوریہ چیک کی جوڑی دار لوئس ہراڈیکا رواں سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز ڈبلز کے ابتدائی راؤنڈ میں ہی شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ثانیہ مرزا اور ان کو پاؤلش کھلاڑی میگڈالینا فریچ اور ان کی برازیلین جوڑی دار بیٹریز حداد مایا نے شکست دی۔ویمنز ڈبلز مقابلوں کے ابتدائی راؤنڈ میں پاؤلش کھلاڑی میگڈالینا فریچ اور ان کی برازیلین جوڑی دار بیٹریز حداد مایا عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے بھارتی نامور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور ان کی جمہوریہ چیک کی جوڑی دار لوئس ہراڈیکا کو 6-4، 4-6 اور 2-6 سے شکست دیکر دوسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
اعصام الحق کا ومبلڈن چیمپئن شپ میں فاتحانہ آغاز
لندن: (ویب ڈیسک) پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق نے ومبلڈن چیمپئن شپ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے مینز ڈبلز کا پہلا میچ جیت لیا۔سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ومبلڈن میں اعصام الحق کے پارٹنر قازقستان کے ایلکزینڈر نیڈویوسوو ہیں، مینز ڈبلز کے پہلے میچ میں پاک قازق جوڑی کا مقابلہ امریکا کے مارکوس گیرون اور آسٹریلیا کے جیمز ڈکورتھ کی جوڑی سے تھا۔2 گھنٹے 25 منٹ تک جاری رہنے والا میچ اعصام اور نیڈویوسوو نے 4 سیٹس میں جیتا، ان کی جیت کا اسکور 3-6،6-7 ، 1-6 اور 2-6 رہا۔مقابلے کے دوسرے سیٹ کے سوا پورے کھیل میں اعصام اور نیڈویوسوو حریف پر چھائے رہے اور یوں انہوں نے میچ جیت کر راؤنڈ آف 32 میں اپنی جگہ پکی کرلی۔
ایک برس قبل انتقال کرجانے والا شخص بیٹی کو رخصت کرنے پہنچ گیا
نئی دہلی:(ویب ڈیسک) بھارتی دوشیزہ دلہن بنی تو اسٹیج پر ‘مرحوم والد’ کو دیکھ کر ہکا بکا رہ گئی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست حیدرآباد میں دلہن سائی وشنوئی کے والد ایک برس قبل کرونا میں مبتلا ہوکر دنیا سے چل بسے تھے اور شادی کے موقع پر وشنوئی اپنے والد کو یاد کرکے بہت اداس تھی جسے بھائی ایسا انوکھا تحفہ دیا کہ دلہن سمیت تمام اہل خانہ جذباتی ہوگئے۔ دلہن کے بھائی نے شادی کے روز اسٹیج پر والد کا مومی مجسمہ بنوا کر رکھ دیا جسے دیکھ کر دلہن اور ماں پہلے کو دنگ رہ گئے پھر رونے لگے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دلہن اپنے والد کے گال پر بوسہ دیتی ہے پھر مومی مجسمے کو گلے لگاتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مومی مجسمہ ریاست کرناٹک میں تیار کیا گیا جس کی تیاری میں 365 دن لگے۔
ٹک ٹاک چیلنج سے فلوریڈا ساحل پر گہرے گڑھے پڑگئے
فلوریڈا: (ویب ڈیسک) گزشتہ ہفتے جنوب مغربی فلوریڈا کے ساحل پر کئی غیرمعمولی گہرے گڑھے ملے ہیں جن کے متعلق خیال ہے کہ یہ ٹک ٹاکرز نے بنائے ہیں۔ ساحل کے نگراں میں شامل ایلیسن وارڈ کہتی ہیں کہ انہوں نے صرف ایک ہفتے میں چار ایسے گڑھے دیکھے ہیں جو پانچ فٹ تک گہرے اور چار فٹ وسیع ہیں اور یہ مختلف مقامات پر شعوری طور پر کھودےگئے ہیں۔ غالباً یہ من چلوں نے کسی ٹک ٹاک چیلنج کے طور پر کھودے ہیں۔اسی طرح ایک اور شخص نے بتایا کہ وہ ایک گڑھے میں تقریباً گر چکا تھا اور خود کو بمشکل باہر نکالا ہے۔ اسی طرح علاقے کے میئر ہولی اسمتھ نےبتایا کہ ان گڑھوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ ان کی اطراف میں ریتیلی مٹی کے گھر یا قلعے (سینڈ کاسل) نہیں بنائے گئے اور یہ شعوری طور پر گڑھے کھودے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ ایک ٹک ٹاک چیلنج جاری ہے جس میں کہا گیا کہ آپ ساحلی ریت پر کتنا گہرا گڑھا کھود سکتے ہیں۔ شاید یہ غیرمعمولی گڑھے کسی وائرل ٹک ٹاک چیلنج کے طور پر کھودے گئے تھے۔مارکو آئی لینڈ کی پولیس نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک بہت وسیع گڑھے کی تصویر شائع کی ہے جس کے اندر پھاؤڑا بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ اس پوسٹ کے نیچے انہوں نے لکھا ہے کہ براہِ مہربانی اس گڑھے کو دوبارہ پر کیجئے اور اپنا سامان بھی لے جائیں۔پولیس کے مطابق یہ گڑھے بالخصوص بوڑھے افراد ک لیے پریشانی کی وجہ بن سکتے ہیں اور ساحلوں تک آنے والے کچھوے بھی اس کا شکار ہوسکتے ہیں۔
ننھے کتے نے عقاب کا حملہ ناکام بنا دیا
برٹش کولمبیا: انٹرنیٹ پر تیزی سے مقبول ہونے والی ایک ویڈیو میں یورکی قسم کے کتے کے بچے پر اچانک ایک بڑا عقاب حملہ کیا اور اسے گرفت میں لے لیا تاہم ننھا منا کتا کسی طرح اس کی گرفت سے آزاد ہوگیا۔ یہ واقعہ کینیڈا کی ریاست، برٹش کولمبیا کے ایک چھوٹے سے دیہات میٹلاکاٹکلا میں پیش آیا ہے جہاں ایک گھر کے باہر یورکی نسل کا کتا کھیل رہا تھا کہ اس پر ایک بڑے امریکی عقاب بالڈ ایگل نے اچانک حملہ کر دیا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کوکو نامی کتا صرف آٹھ ماہ کا ہے اور اسے عقاب نے اپنے مضبوط پنجوں میں گرفت کیا ہے۔16 جون کو پیش آنے والے اس واقعے میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پرندے نے کوکو نامی کتے کو قابو کرلیا اور اسے لے کر نیچے گرا ہے تاہم اگلے لمحے وہ ویڈیو کیمرے کے فریم سے باہر چلے جاتے ہیں۔ دوسری سیکیورٹی کیمرے میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کوکو اس کے چنگل سے آزاد ہوچکا ہے اور بھاگ کر اپنے گھر میں جا گھستا ہے۔ماہرین کے مطابق بالڈ ایگل بے پناہ قوت رکھتے ہیں اور چھوٹے ممالیوں کو قابو کرکے ان کی دعوت اڑاتے ہیں۔یہ منظر دروازے کے گھنٹی کے ساتھ لگے کیمرے میں قید ہوگیا جسے دنیا بھر کی عوام نے دم سادھے دیکھا ہے۔ کوکو کتے کے مالک جسٹن ڈیوڈووارڈ نے بتایا کہ یہ نایاب نسل کا کتا ہے جس کی جسامت عموماً چھوٹی ہوتی ہے۔ وہ اپنے شکاری سے آزاد ہوکر یوں دوڑتا ہے کہ جیسے کچھ ہوا ہی نہیں۔ تاہم بعد میں اس کا جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ عقاب کے نوکیلے پنجوں سے اس کے پیٹ پر گہرا زخم آیا ہے۔کوکو کو فوری طور پر ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا جہاں مرہم پٹی کے بعد وہ تندرست ہے۔
ترکی میں کئی فٹ بلندی سے گرنے والا شیرخوار بچہ محفوظ رہا
انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکی میں کئی فٹ بلندی سے شیرخوار بچہ نیچے آگرا، تاہم خوش قسمتی بچہ نیچے کھڑے راہ گیر کی پشت سے ٹکرانے کے باعث محفوظ رہا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق شیر خوار بچے کے کئی فٹ بلندی سے گرنے کا ہولناک واقعہ ترکی کے شہر اماسیا میں پیش آیا جہاں اچانک ایک راہ گیر کی پشت پر اوپر کوئی چیز آگری۔ ترک شہری نے پیچھے مڑ کر دیکھا تو حیران رہ گیا کہ وہ شیرخوار بچہ تھا جو مبینہ طور پر پہلی منزل کے اپارٹمنٹ کی بالکونی میں کھیل رہا تھا جب وہ پھسل کر “ہینڈریل” سے گر گیا۔ راہ گیرنے کہاکہ میں نے سوچا کہ مجھ پر پھولوں کا ٹوکرا گرا ہے، لیکن جب میں مڑا تو مجھے معلوم ہوا کہ یہ بچہ ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثے کے باعث بچے کے بعد منہ تھوڑا سا خون بہا، جسے طبی امداد کیلئے والدہ کے ہمراہ اسپتال منتقل کردیا۔
چینی خلائی جہاز نے پورے سیارہ مریخ کی تصاویر اتارلیں
بیجنگ: (ویب ڈیسک) سرخ سیارے پر ایک دو نہیں بلکہ 1300 سے زائد چکر لگانے کے بعد چینی جہاز تیان وین اول نے پورے مریخ کی تصاویر کھینچی ہیں۔ اس نے پہلی مرتبہ وہاں کے قطبِ جنوبی کے عکس بھی لیے ہیں۔ اس کے لئے سائنسدانوں نے تیان وین اول کو مختلف سمتوں اور زاویوں میں مریخ کے گرد گھمایا اور ایک طرح سے پورے سیارے کو اسکین کرکے اس کی بلند معیاری تصاویر لی گئی ہیں۔بدھ کے روز چینی خلائی ایجنسی نے سب سے پہلے مریخی قطبِ جنوبی کی تصویر جاری کی ہے اور اس کے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہاں پانی کے ذخائرموجود ہوسکتے ہیں۔ تیان وین اول فروری 2021 کو مریخی مدار میں پہنچا تھا اور یہ چین کا پہلا مریخی مشن بھی ہے۔ اسی کے ساتھ ایک روبوٹک گاڑی بھی مریخ پر اتاری گئی تھی۔اس سے قبل 2018 میں یورپی خلائی ایجنسی کے ایک آربٹر نے کہا تھا کہ مریخ کے قطبِ جنوبی پر پانی کے وسیع ذخائر گویا بند پڑے ہیں۔ اس پر مزید تحقیق سے معلوم ہوا کہ شاید یہاں حیات کی کوئی شکل بھی موجود ہو، تاہم اب تک گمان یہی ہے کہ مریخ جنوبی قطب پر برف بھی ہوسکتی ہے۔چینی خلائی جہاز نے 4000 کلومیٹر طویل ویلس میرینیرس کی تصاویر بھی لی ہیں جو ایک تنگ گھاٹی ہے اس کے علاوہ چھوٹے بڑے گڑھے بھی کیمرے میں محفوظ کئے ہیں۔
نظام شمسی سے قریب دو زمین نما سیارے دریافت
شیکاگو: (ویب ڈیسک) ناسا کے ٹرانزٹنگ ایکسوپلینٹ سروے سیٹلائیٹ نے حال ہی میں دو چٹانی، زمین کے جیسے سیاروں کی دریافت کی ہے۔ نو دریافت شدہ ان سیاروں کی موجودگی ہمارے نظامِ شمسی سے قریب ترین بتائی جا رہی ہے۔ یہ ایکسو پلینٹ یعنی نظام شمسی سے باہر یہ دو سیارے زمین سے 33 نوری سال کے فاصلے پر موجود HD 260655 نامی سرخ ڈوارف سیارے کے گرد گھوم رہے ہیں۔ یہ سیارے ہماری زمین کی طرح چٹانی تو ہیں لیکن ہیئت میں زمین سے بڑے ہیں۔ ایک سیارہ زمین سے 1.2 گُنا جبکہ دوسرا سیارہ زمین سے 1.5 گُنا بڑا ہے۔ سیاروں کی دریافت یونیورسٹی آف شیکاگو میں پوسٹ ڈاکٹرل کے فیلو رافیل لوک کی سربراہی میں کام کرنے والی بین الاقوامی محققین کی ٹیم نے ٹیس سے موصول ہونے والے ڈیٹا میں کی۔ محققین کی جانب سے پہلے اس دریافت کے متعلق معلومات امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر پیسیڈینا میں منعقد ہونے والی امیریکن آسٹرونومیکل سوسائیٹی کی 240 ویں میٹنگ میں پیش کی گئیں تھیں۔ 2018 میں خلاء میں نظامِ شمسی سے باہر موجود سیاروں کی تلاش کے لیے بھیجا جانے والا یہ اسپیس کرافٹ ٹرانزٹ طریقہ کار استعمال کرتا ہے۔ اس طریقہ کار کے تحت یہ فاصلے پر موجود ستارے کا مشاہدہ کرتا رہتا ہے اور انتظار کرتا ہے کب اس کی روشنی میں خلل آئے جو اس بات ثبوت ہوتی ہے کہ اس ستارے گرد گھومنے والے سیارے ٹیس اور اس ستارے کے درمیان سے گزر رہے ہیں۔ یہ اسپیس کرافٹ 200 سے زائد مصدقہ ایکسو پلینٹ دریافت کر چکا ہے، جس کے بعد ماہرینِ فلکیات کی دریافتوں کی تعداد 5000 سے تجاوز کر گئی ہے۔