جولائی میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کروں گا: امریکی صدر

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جولائی میں شیڈول دوہ سعودی عرب کے دوران ولی عہد محمد بن سلمان سے ملیں گے۔ سپین میں میڈیا ٹاک کے دوران صحافی کے سوال پر صدر بائیڈن نے اعتراف کیا کہ وہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملیں گے۔ اس سے پہلے وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے کہا تھا کہ صدر بائیڈن اور محمد بن سلمان کی انفرادی ملاقات شیڈول نہیں ہے۔ یاد رہے کہ صدر بائیڈن حلف برداری کے بعد محمد بن سلمان کے خلاف بولتے رہے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر بائیڈن نے کہا کہ وہ دورے کے دوران سعودی عرب سے تیل کی پیداوار بڑھانےکی بات نہیں کریں گے۔

‘عمران حکومت کے پٹرولیم شعبے میں غلط فیصلوں کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنایا جائیگا’

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت کے پٹرولیم کے شعبے میں غلط فیصلوں کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا جائے گا۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پچھلے 4 سال میں بجلی، گیس، پٹرول، ایل این جی سمیت دیگر معاملات کا جائزہ لینے کے لیے کمیشن بنایا جائے گا، کمیشن کی کارروائی میڈیا کے لیے اوپن ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اور ان کی کابینہ کے غلط فیصلوں سے ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہوا، عمران خان نے پچھلے چار سال میں انرجی سیکٹرکوتباہ کیا، کمیشن کی رپورٹ عوام کے سامنے رکھی جائے گی، عمران خان اور ان کے وزرا کمیشن کو اپنی صفائی پیش کرسکتے ہیں۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت کے پٹرولیم کے شعبے میں غلط فیصلوں کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا جائے گا، پاکستان بدترین توانائی کے بحران سے گزر رہا ہے، موجودہ حکومت کو آئے ہوئے دو ماہ ہوگئے، ہمیں یہ صورتحال ورثے میں ملی، ملکی معیشت کوبحال کرنے کے لیے مسلسل محنت کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اتنا بڑا چھید کر کے گئے دن رات محنت کر رہے ہیں، چند ماہ میں معیشت کو مستحکم بنائیں گے، کمیشن کی رپورٹ کے بعد جو ذمہ داران ہونگے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، لوڈشیڈنگ سے عوام اور صنعتیں متاثر ہو رہی ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سری لنکا جیسے فسادات سے بچنے کے لیے عمران خان کو نکالا گیا، عمران خان نے پاکستان کو بند گلی میں لاکر کھڑا کر دیا ہے، سابق وزیراعظم کی بدترین کارکردگی کے بعد آئی ایم ایف سے واک آؤٹ نہیں کر سکتے تھے، آئی ایم ایف نے کہا ہمیں آپ پر اعتماد نہیں ہے، عمران خان نے عالمی اداروں کے سامنے پاکستان کی ساکھ کو متاثر کیا، سابقہ حکومت نے گیس کے بروقت سودے نہیں کیے۔

پاک قطر مضبوط تعلقات پائیدار شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں: آرمی چیف

دوحہ: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے مضبوط تعلقات ایک پائیدار شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کا قطر کا سرکاری دورہ کیا، دورے کے دوران آرمی چیف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد التھانی ، نائب وزیراعظم ڈاکٹر خالد بن محمد العطیہ سے ملاقات کی۔ بیان کے مطابق ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی، سیکیورٹی تعاون اور علاقائی ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں اطراف نے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا، معززین نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہا جبکہ دونوں برادر ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے کام جاری رکھنے کا عہد کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک دوستانہ تعلقات اور بھائی چارے کے گہرے جذبے کی عظیم تاریخ رکھتے ہیں، مضبوط تعلقات ایک پائیدار شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں۔

پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں تقریباً 5روپے اضافے کی سفارش

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے حکومت سے ایک مرتبہ پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کردی۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے وزارت خزانہ کو سمری ارسال کی گئی ہے جس میں پیٹرول پر 4 روپے 80 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 8 روپے 60 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری میں تجویز دی گئی ہے کہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کا تیل 13 روپے فی لیٹر مہنگا کیا جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ  وزیراعظم شہباز شریف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کریں گے۔

ملک میں فی تولہ سونا سستا ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں آج ایک تولہ سونے کی قیمت میں 350 روپے کی کمی ہوئی ہے۔ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 350 روپے کمی کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کا بھاؤ ایک لاکھ 41 ہزار 500 روپے ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ 10 گرام سونے کا بھاؤ 300 روپے کمی کے بعد ایک لاکھ 21 ہزار 313 روپے ہے۔ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی صرافہ بازار میں سونے کا بھاؤ 22 ڈالر کم ہو کر ایک ہزار 804 ڈالر فی اونس ہوگیا ہے۔ مالی سال 21-2022 کے دوران پاکستان میں ایک تولہ سونے کی قیمت 31.01فیصد یعنی 33 ہزار 500 روپے بڑھی ہے۔

وزیراعظم کی اتحادیوں کو منانے کی درخواست، زرداری کی تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کو اتحادیوں کو منانے کی درخواست کر دی۔ وزیراعظم سے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر اور سابق صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنااللہ، سابق سپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزیرِ اقتصادی امور سردار ایاز صادق، وفاقی وزیرِ ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق اور رہنما مسلم لیگ (ن ) ملک احمد خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، چیئرمین نیب کی تقرری اور مجوزہ ناموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے آصف زرداری کو اتحادیوں کو منانے، ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کی بھی درخواست کی اور کہا کہ ایم کیو ایم سے جو وعدے کیے گئے ہیں وہ پورے ہونے چاہئیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیر اعظم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جو بھی مسائل ہیں ان سے جلد نکل آئیں گے۔

جسٹس ملک شہزاد احمد نے قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا حلف اٹھالیا

لاہور: (ویب ڈیسک) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے۔ جسٹس محمد امیر بھٹی کی فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانگی پر سینیئر ترین جج جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے بطور قائم مقام چیف جسٹس ہائی کورٹ حلف اٹھالیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کےجسٹس شجاعت علی خان نے قائم مقام چیف جسٹس سےحلف لیا۔ قائم مقام چیف جسٹس کی تقریب حلف برداری میں ہائی کورٹ کے ججز اور وکلا رہنماؤں نے شرکت کی۔

عہدے آنی جانی چیز ہے اصل کام مخلوق کو راضی کرنا ہے، حمزہ شہباز

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے حمزہ شہباز کا بطور وزیراعلیٰ پنجاب انتخاب کالعدم قرار دیے جانے کے بعد حمزہ شہباز نے فیصلے کے ردعمل پر کہا ہے کہ عہدے آنی جانی چیز ہے اصل کام اللہ کی مخلوق کو راضی کرنا ہے، ہمیشہ کی طرح آج بھی عدلیہ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ ماڈل ٹاؤن میں اراکین پنجاب اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے پنجاب میں 3 ماہ سے جاری آئینی بحران کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہو گا اور امید ہے کہ اس فیصلے کے اثرات صوبے کے عوام کے لئے خیر کا باعث بنیں گے- انہوں نے کہا کہ سیاست برائے سیاست کا قائل نہیں بلکہ سیاست کو خدمت کا درجہ دیتا ہوں، مخلوق خدا کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا میری زندگی کا مقصد اوردکھی انسانیت کی تکالیف کا مداوا میری سیاست ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ اپوزیشن نے اپنی انا پرستی کی تسکین کے لیے صوبہ کو آئینی بحران میں دھکیلا اورآئینی بحران کا سب سے زیادہ نقصان صوبے کے عوام کو اٹھانا پڑا، جن لوگوں نے آئین اور قانون سے کھلواڑ کیا ان کے چہرے قوم کے سامنے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف عمران خان کا سپریم کورٹ جانے کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے کیس میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ اڑڈھائی مہینے سے جس طرح پنجاب چل رہا ہے سب کے سامنے ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ سندھ بلدیاتی الیکشن پر حکومت کے اپنے اتحادی انگلیاں اٹھا رہے ہیں، بلدیاتی الیکشن میں پولیس کو استعمال کیا گیا، پنجاب کے 20 حلقوں کے الیکشن میں مداخلت ہو رہی ہے، مجھے دوامیدواروں نے بتایا کہ انہیں فون آیا آپ نے تحریک انصاف کا ٹکٹ نہیں لینا، جس پارلیمنٹ میں راجہ ریاض اپوزیشن لیڈر ہو تو سمجھ لے اسمبلی کیا ہو گی؟ لاہورہائی کورٹ فیصلے کے خلاف کل سپریم کورٹ جارہے ہیں۔ الیکشن کمیشن پرکسی کواعتماد نہیں، جو اس سیٹ اپ کومسلط کر رہا ہے اداروں کو نقصان پہنچا رہا ہے، ایک ہی راستہ ملک میں فری اینڈ فیئرالیکشن کرائے جائیں، سندھ، پنجاب کے الیکشن سے مزید انتشاربڑھے گا، سندھ، پنجاب جیسا نہیں فری اینڈ فیئرالیکشن ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ رجیم چینج کے بعد میڈیا پرپریشرڈالا گیا، پاکستان بننے کی بڑی وجہ لوگ آزادی چاہتے تھے، قائداعظم کی ساری جدوجہد آزادی حاصل کرنا تھی، پاکستان اس لیے نہیں بنا تھا کہ ایک غلامی سے نکل کردوسری غلامی میں آجائیں، ہمارا کلمہ انسان کوآزاد کر دیتا ہے، طاقت ورکواین آراودینے سے قوم تباہ ہوجاتی ہیں۔ غریب ممالک کا مسئلہ طاقتور کو سزا نہیں ملتی، ہر سال غریب ملکوں سے اربوں ڈالر چوری ہوتے ہیں، 7 ہزارارب ڈالرغریب ملکوں کا آف شور کمپنیوں میں پڑا ہوا ہے، لبنان کے لوگ کرپشن کی وجہ سے 70 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے، اللہ نے حکم دیا اپنی نبی ﷺ کی زندگی سے سیکھو، انگلینڈ میں پہلی دفعہ فلاحی ریاست دیکھی، بڑے، بڑے ڈاکوؤں کو1100ارب کی چھوٹ دیدی گئی ہے۔ پاکستان میں ساری سہولیات رولنگ کلاس کو حاصل ہے۔ عمران خان نے کہا کہ سائفرمیں کہا گیا عمران خان کو فارغ نہ کیا تو نتائج بھگتنا ہوں گے، کبھی کسی سیلف ریسپکٹ ملک کو اس طرح کا سائفر نہیں آ سکتا، دھمکی آمیزمراسلہ یہ ملک کی توہین ہے، وزیراعظم تومیں تھا کس کوحکم دیا گیا وزیراعظم کوہٹادو؟ ایکدم عدم اعتماد آگئی اورہمارے اتحادیوں نے کہا حکومت ٹھیک نہیں چل رہی، ایکدم سارے لوٹے بھی بن گئے۔ پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کے کورونا کی وجہ سے پہلے دوسال بڑے مشکل تھے، اپوزیشن نے 3 ماہ لاک ڈاؤن لگانے کا پریشرڈالا نہیں لگایا، ہماری حکومت کے دوسال بڑے مشکل تھے، سترہ سال بعد ہماری حکومت میں مستحکم گروتھ ہوئی۔ زراعت، کنسٹرکشن سیکٹر میں ریکارڈ گروتھ ہوئی۔ پاکستان کی 6 فیصد گروتھ ہو رہی تھی، شکر ہے اسمبلی میں ان کے منہ سے نکل گیا ہے کہ کدھرسے فون آ رہے تھے، لوٹے امریکی سفیرسے ملاقاتیں کرتے رہے، اسی لیے چاہتا ہوں جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے، جوڈیشل انکوائری ہوگی تو پاکستان کوفائدہ ہوگا تاکہ آئندہ غلطیوں کو نہ دہرایا جائے، میں نے اور شوکت ترین نے بھی نیوٹرل کوبتایا ملک میں عدم استحکام نہیں آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نیوٹرل ہونا بڑی اچھی چیزہے، ماشااللہ آپ نیوٹرل ہی رہیں، ہم نے بتادیا تھا کہ اگر سازش کامیاب ہوگی تو حالات خراب ہوں گے، شروع دن سے کہا تھا یہ سب اکٹھے ہوں گے، مجھ سے این آر او لینے کے لیے بلیک میل کیا گیا، ایک سال سے پلان چل رہا تھا، میرا ذہن نہیں مان رہا تھا کہ شہبازشریف، زرداری اقتدار میں پھرسے آ جائیں گے، تیس سال سے یہ دو خاندان ملک پر مسلط ہے، عالمی میڈیا نے ان کی کرپشن پر آرٹیکل، ڈاکیو منٹری بنائیں، پرویز مشرف نے ان کواین آر او دیا میں نے احتجاج کیا تھا، نوازشریف کا حدیبیہ پیپر مل کا اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، این آراوون میں ان کی ساری کرپشن معاف کردی گئی، میری حکومت میں صرف مقصود چپڑاسی والا کیس بنا باقی توسارے پرانے کیسزتھے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو سزا ہونے والی تھی، ان کیسے کوئی آدمی اس کو اس ملک پر مسلط کر سکتا تھا، شائد وہ اس کوبڑا جنئس سمجھ رہے تھے کہ صبح جلدی اٹھتا ہے اور ملک کو بہتر کر لے گا، شہبازشریف نے اشتہارات میں 50 ارب خرچ کیا تھا، شائد وہ غلطی فہمی میں تھے شائد ٹرن آؤٹ کر جائے گا، حکومت کے اکنامک سروے کے مطابق ہماری حکومت میں ترقی ہو رہی تھی، ہماری حکومت میں ریکارڈ ایکسپورٹ ہوئی۔ آج مہنگائی آسمانوں پر اور ملک نیچے جا رہا ہے کون ذمہ دارہے؟ صدرمملکت نے سپریم کورٹ کو سائفربھیجا ہے کہ اوپن انکوائری کریں تاکہ ذمہ داروں کا پتا توچلے، 25سال بعد حمود الرحمان کمیشن کی رپورٹ آئی۔ اُن کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی خلاف جنگ میں 80 ہزارپاکستانی مرگئے، آج بھی ہمارے فوجی قربانیاں دے رہے ہیں، ہم نے کیوں امریکا کی جنگ میں شرکت کی، سب سے زیادہ مغربی سوچ کوسمجھتا ہوں، عالمی دنیا میں کوئی دوستی نہیں اپنے اپنے مفادات ہوتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے اتنی بڑی قربانی دی، کیا کبھی امریکا نے ہماری اتبی بڑی قربانی کو سراہا، رجیم چینج کے بینشفری نہیں چاہتے سائفرکی انکوائری ہو، امریکا کو کرپٹ لوگ سوٹ کرتے ہیں، امریکا جیسے ملک میں کسی کرپٹ کو چپڑاسی بھی نہیں رکھا جاسکتا، امریکا کوپتا ہے کرپٹ لوگ کنٹرولڈ ہوتے ہیں۔ عمران خان نے کہاکہ اگراس طرح کے چوروں کو اقتدارمیں بٹھانا ہے تو پاکستان کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں، ہماری حکومت بھی آئی ایم ایف پروگرام میں تھی ہمارے اوپر بھی پریشرتھا، اگر ہم ہی ذمہ دارتھے تو اتنی محنت کر کے کیوں ہٹایا، چوروں کا ٹولہ ملک کے اداروں کو تباہ کر رہا ہے، ان کی وجہ سے رول آف لا تباہ ہورہا ہے، کرپٹ لوگوں نے اسمبلی میں اپنے 1100 ارب کے کیسز معاف کرا لیے، ہم سپریم کورٹ گئے ہوئے ہیں، نیب ترامیم کے بعد اب نیب کچھ نہیں کرسکتا۔ نیب ترامیم کے بعد وائٹ کالر کرائم کو پکڑنا ناممکن ہوگا۔ چیئر مین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ لوگ اقتدارمیں اپنی کرپشن بچانے سے آئے تھے، نوازشریف دورہ بھارت گیا تو حریت رہنماؤں سے ملاقات ہی نہیں کی تھی، یہ کرپٹ لوگ ہے ان کا کوئی نظریہ نہیں ہے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا، اگراسی طرح کمپرؤمائز ہی کرنا تھا تو پھر پاکستان کیوں بنا، تیس سال سے یہ خاندان حکمرانی کر رہے ہیں، دونوں جماعتوں کے دور میں 400 ڈرون حملے ہوئے یہ چپ کر کے بیٹھے تھے، ملک کی اکثریت ابھی بھی قائداعظم کے نظریے پراعتماد کرتی ہے، عام سا آدمی ہوں زندگی میں بڑی غلطیاں بھی کیں، ہمیشہ اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کیں، ساڑھے تین سال میری زندگی کے مشکل سال تھے، ساڑھے تین سالوں میں بہت کچھ سیکھا، ہرروزکوئی نا کوئی کرائسزہوتا تھا۔

حکومت ختم کرتے کرتے گنتی پوری کرنے کے لالے پڑ گئے: مریم کی اپوزیشن پر تنقید

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پنجاب میں اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ختم کرتے کرتے اپنی گنتی پوری کرنے کے لالے پڑ گئے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ پنجاب کوایک بار پھر بحرانوں میں دھکیلنے والوں کو لینے کے دینے پڑ گئے، پنجاب کے مینڈیٹ کو ایک بار پھر دھاندلی سے ہتھیانے کی کوشش کرنے والے اب انتخاب روکنے پر بضد ہیں کیونکہ انکے اپنے بہت سارے ارکان اڑان بھرنے کو تیار بیٹھے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ حکومت ختم کرتے کرتے اپنی گنتی پوری کرنے کے لالے پڑ گئے۔

وزیراعظم شہبازشریف سے چینی سرکاری کمپنی نورینکو کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف سے چینی سرکاری کمپنی نورینکو کے وفد نے ملاقات کی، چینی وفد کی قیادت نورینکو انٹرنیشنل کے نائب صدر مسٹر وانگ شیاؤ بنگ اور سی ای او نورینکو انٹرنیشنل (پاکستان) مسٹر لی چن نے کی۔ وزیراعظم سے چینی سرکاری کمپنی نورینکو کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق، سید نوید قمر، چودھری سالک حسین، مشیر وزیراعظم احد چیمہ موجود تھے،وزیراعظم نے دونوں دوست ممالک کے باہمی فائدے اور ترقی کے لیے سی پیک کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اعلامیہ نے مطابق وزیراعظم نے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں قابل تجدید توانائی بالخصوص شمسی توانائی کے وسیع امکانات میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔ وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق نورینکو کمپنی پاکستان میں بجلی اور قابل تجدید توانائی، انفراسٹرکچر، ٹیلی کام، کان کنی اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی تعاون کو مضبوط کرنا پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے اہم ہے، لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے میں کمپنی کے کردار کو سراہتے ہیں، اورنج لائن ٹرین لاہور میں روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں مسافروں کو سہولت فراہم کر رہی یہ پہلی بار تھا کہ جی ٹو جی پروجیکٹ یعنی لاہور اورنج لائن میں کھلی بولی لگائی گئی،سب سے کم بولی دینے والی کمپنی کے ساتھ مزید مذاکرات سے 600 ملین ڈالر کی بچت ہوئی۔ وفد نے پاکستان کو موجودہ معاشی بحران سے نکالنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی انتھک کوششوں کی تعریف کی۔ چینی وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی کاروباری دوست پالیسیوں نے اقتصادی تعاون کو مضبوط کیا اور ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو آسان بنایا۔ نورینکو کے وفد نے پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کے وسیع میدان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی ظاہرکی۔

پرویز الٰہی کی قانونی ٹیم سے مشاورت، فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے قانونی ٹیم سے مشاورت کی ہے جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ کے الیکشن کے خلاف تحریک انصاف کی درخواستیں منظور کر کے منحرف ارکان کے 25 ووٹ نکال کر دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا۔ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی اپیلوں پر جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ لارجر بینچ میں جسٹس شہرام سرور چودھری، جسٹس ساجد محمود سیٹھی، جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس شاہد جمیل خان بھی شامل ہیں۔ اُدھر سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے قانونی ٹیم سے مشاورت کر لی۔ مشاورت میں علی ظفر ایڈووکیٹ ،مونس الہی، راجہ بشارت، صمصام بخاری، غضنفر عباس چھینہ، حسین جہانیان گردیزی، حافظ عمار یاسر اور دیگر وکلا شریک تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔ اس کے لیے قانونی پٹیشن کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران بریفنگ دی گئی کہ تحریک انصاف کے 5 ارکان حج کے لیے گئے ہیں، چھ ارکان ضروری کام کے سلسلے میں بیرون ملک ہیں، تحریک انصاف کے 5 ارکان کا ہائیکورٹ کے فیصلے کے باوجود الیکشن کمیشن نے نوٹیفیکیشن نہیں کیا، ہائی کورٹ کے فیصلے میں کئی آئینی اور قانونی ابہام موجود ہیں، سپریم کورٹ کے سامنے قانونی نکات رکھے جائیں گے۔

افغان اکابرین کا جرگہ شروع، 3 ہزار علماء اور قبائلی عمائدین کی شرکت

کابل: (ویب ڈیسک) افغان اکابرین کا تین روزہ جرگہ شروع ہوگیا، جرگے میں ملک بھر سے تین ہزار علماء اور قبائلی عمائدین شرکت کر رہے ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افغان وزیر اعظم محمد حسن اخوند کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت مسائل کے حل پر بھرپور توجہ دے رہی ہے، جرگے کا مقصد ملک کا انتظام و انصرام ٹھیک کرنا ہے۔ اس دوران ہال کے باہر دھماکہ سنا گیا ور فائرنگ بھی ہوئی، طالبان حکام کے مطابق قریبی چھت سے دو مسلح افراد نے فائرنگ کی، سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں دونوں حملہ آور مارے گئے، جرگے میں صحافیوں کو شرکت کی اجازت نہیں ملی۔