دوحہ: (ویب ڈیسک) قطر کے دارالخلافہ دوحہ میں یورپی یونین کی وساطت سے ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے 2 روزہ بالواسطہ مذاکرات بغیر کسی نتیجے پر پہنچے ختم ہو گئے ہیں۔
مذاکرات کے اختتام پرامریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایران، امریکا بالواسطہ مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے ہیں۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر نے قطری وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حقیقی معاہدے پر پہنچنے تک بات چیت جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ایرانی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہم مضبوط اور پائیدارمعاہدے کے لیے سنجیدگی سے کوشش کر رہے ہیں، ہمارے اندازے کے مطابق دوحہ مذاکرات مثبت رہے ہیں اور جوہری معاہدے کی بحالی تک پہنچا جاسکتا ہے۔
Monthly Archives: June 2022
برطانیہ نے دفاعی اخراجات میں اضافے کا اعلان کردیا
میڈرڈ: (ویب ڈیسک) برطانوی حکومت کی جانب سے ملکی دفاعی اخراجات میں اضافے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ برطانوی وزیر اعظم کا کہنا ہےکہ جنگی صلاحیتوں میں طویل المدت سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے میڈرڈ میں نیٹو کانفرنس کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 2030 سے سالانہ دفاعی بجٹ مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کا 2.5 فیصد کردیا جائے گا۔
حکومت نے مڈل کلاس کی کمر توڑ دی ہے، فواد چوہدری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اس حکومت نے مڈل کلاس کی کمر توڑ دی ہے،پیٹرول مصنوعات کی قمیتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہوگا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ملک کو تباہی کے راستے پر لانے کے لیے آئیں ہیں، یہ روس سے تیل کی خریداری کیوں نہیں کر رہے ہیں؟انہوں نے کہا کہ ملک کو بہتر راستے پر لانے کے لیے شہباز شریف کو استعفی دینا چاہیے اور نئے عام انتخابات ہونے چاہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام سے معاشی استحکام آئے گا، روس سے سستا تیل لیں اور عوام کو سکون کا سانس لینے دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ اور تیل کی قمیتیں اس حکومت کے قابو میں نہیں ہیں تو یہ آئیں کیوں ہیں۔
پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت مل گئی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دو جولائی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت انتظامیہ کی طرف سے مل گئی، جلسے کا این او سی جاری کر دیا گیاہے۔ اسلام آباد انتظامیہ نے این او سی میں کہا ہے کہ احتجاج کے دوران ریاست کے خلاف نعرے بازی نہیں ہوگی، پریڈ گراؤنڈ میں احتجاج مقررہ وقت میں ختم کرنا ہوگا اور دھرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ این او سی میں کہا گیا کہ مظاہرین کو پُرامن منتشر کرنا پی ٹی آئی کی ذمہ داری ہوگی، اسٹیج پر آنے والے افراد کی لسٹ 12 گھنٹے قبل ایڈمنسٹریشن کو دینا ہوگی، آرگنائزر پرائیویٹ سکیورٹی انتظامات سے متعلق ایس ایس پی آپریشنز کو آگاہ کرے گا۔ سی سی ٹی کیمرے لگائے جائیں گے، کسی قسم کے تشدد، جھگڑے اور اموات کی صورت میں آرگنائزر ذمہ دار ہوگا، راستے بند نہیں کیے جائیں گے ورنہ خلاف ورزی پر ایکشن لیا جائے گا اور طاقت کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ جلسے کے دوران اسلام آباد ایکسپریس وے سمیت سڑکیں بند نہیں کی جائیں گی۔ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بیان حلفی جمع کرایا گیا تھا۔ گزشتہ روز انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دینے سے گریز کرنے پر مرکزی سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر نے سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا۔ پیٹرول کی نئی قیمت 14روپے 85پیسے اضافے سے 248روپے 74پیسے لیٹر ہوگئی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 13روپے 23پیسے اضافہ کیا گیا ہے، نئی قیمت 276روپے 54پیسے ہوگئی۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 18 روپے 68 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 226 روپے 15پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 18 روپے 83 پیسے کا اضافہ ہوا ہے اور نئی قیمت 230روپے 26 پیسے ہوگئی ہے۔ پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی 10 روپے فی لیٹر عائد کی گئی ہے جبکہ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل پر 5، 5 روپے پیٹرولیم لیوی عائد کی گئی ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12بجے سے ہوگا۔
بروقت فیصلے نہ ہوتے تو پی ٹی آئی پاکستان کو تباہ کرکے ہی چھوڑتی: فضل الرحمان
راولاکوٹ: (ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ بروقت فیصلے نہ ہوتے تو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پاکستان کو تباہ کرکے ہی چھوڑتی۔ راولاکوٹ میں وحدت کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان مذہب کے نام بنا تھا اب اسے سیکولر بنایا جا رہا ہے۔ پاکستان کے حالات کو انارکی کی طرف لے جایا جا رہا تھا، عمران خان نے سی پیک کورول بیک کیا چین جیسے دوست کو ناراض کیا، اگر بروقت فیصلے نہ ہوتے تو عمران خان پاکستان کو تباہ کر کے چھوڑتا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت کے پیچھے ایک ایجنڈا تھا کسی نے بھی اس پر توجہ نہیں دی، مفادات کی سیاست کرنے والے کبھی آزادی حاصل نہیں کر سکتے۔ پہلی دفعہ اداروں نے بروقت فیصلہ کیا، ادارے اسی طرح فیصلے کرتے رہے تو ہم ان کی پشت پر ہوں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فنانس بل 2022 کی منظوری دے دی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فنانس بل 2022 کی منظوری دے دی۔صدر مملکت نے فنانس بل کی منظوری آئین کے آرٹیکل 73 اور 75 کے تحت دی۔گزشتہ دنوں قومی اسمبلی میں فنانس بل 23-2022 کی منظوری دی گئی تھی جس میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔
نیٹو نے چین کو مغربی ممالک کے مفادات اور سلامتی کیلیے چیلنج قرار دے دیا
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) نیٹو نے پہلی بار چین کو اس کی ’زبردستی پر مبنی پالیسیوں‘ کے باعث مغربی ممالک کے ’مفادات، سلامتی اور اقدار‘ کے لیے چیلنج قرار دے دیا۔ اسپین میں سربراہی اجلاس میں منظور میں نیٹو کے نئے اسٹریٹجک تصور (پی ڈی ایف) کو منظور کیا گیا جو آئندہ دہائی کے لیے اپنی ترجیحات کا تعین کرتا ہے اس دستاویز میں روس کے لیے سخت ترین زبان استعمال کی گئی جس میں مغربی ممالک کے امن اور سلامتی کے لیے ماسکو کو ’سب سے اہم اور براہ راست خطرہ‘ قرار دیا لیکن کہا کہ بیجنگ کے فوجی عزائم، تائیوان کے خلاف اس کی تصادم پر مبنی بیان بازی اور ماسکو کے ساتھ اس کے بڑھتے ہوئے قریبی تعلقات نے ’منظم چیلنجز‘ کو جنم دیا۔ نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے صحافیوں کو بتایا کہ ’چین اپنی فوجی طاقت کو مزید مضبوط بنا رہا ہے بشمول جوہری ہتھیار کے ذریعے پڑوسی ممالک کو دھونس دے رہا ہے، تائیوان کو دھمکیاں دے رہا ہے، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنے ہی شہریوں کی نگرانی اور کنٹرول کر رہا ہے اور روس جھوٹ اور غلط معلومات پھیلا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ہمارا مخالف نہیں ہےلیکن ہمیں ان سنگین چیلنجوں کے بارے میں واضح نظر رکھنی چاہیے۔ اس کے جواب میںچین نے کہا کہ اس نے نیٹو کے اعلان کی ’سختی سے‘ مخالفت کی اور اسے ’مکمل طور پر جانبدار‘ وارننگ قرار دیا۔
اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 2 ارب ڈالر کا اضافہ
کراچی:(ویب ڈیسک)اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 2 ارب ڈالر کا اضافہ ہوگیا۔مرکزی بینک کے ذخائر 10 ارب 30 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے جبکہ دیگر بینک کے ذخائر میں 8 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی۔اسٹیٹک بینک کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 1 ارب 98 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا، ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر 16 ارب 19 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے۔
فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی انٹرنیشنل رکنیت بحال کردی
کراچی: (ویب ڈیسک) فیڈریشن آف انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشن (فیفا) نے پاکستان کی انٹرنیشنل رکنیت بحال کرتے ہوئے پاکستان فٹبال پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔پابندی کے خاتمہ کے بعد پاکستانی ٹیم پر انٹرنیشنل فٹبال کے دروازے کھل گئے۔ملکی سطح پر فٹبال سرگرمیوں کا سلسلہ بھی بحال ہوجائےگا۔چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک کا کہنا ہے کہ این سی کی انتھک محنت اور فٹبال فیملی کی دعائیں رنگ لے آئیں، فیفا نے این سی کے مینڈیٹ میں بھی ایک سال کی توسیع کردی، ہارون ملک کے مطابق فٹبال کی بحالی، پی ایف ایف الیکشنز کا انعقاد اور اثاثہ جات کی واپسی اولین ترجیح ہو گی۔فیفا کی نارملائزیشن کمیٹی الیکشن کیلئے پیش رفت کرے گی،فٹبال ہاﺅس پر اشفاق گروپ کا قبضہ معطلی کا سبب بنا تھا۔
جوز بٹلرکو انگلینڈ ون ڈے کرکٹ ٹیم کا کپتان بنادیا گیا
لندن:(ویب ڈیسک) ایوئن مورگن کے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد جوز بٹلر کو انگلش کرکٹ ٹیم کی ون ڈے ٹیم کا کپتان بنادیا گیا ہے۔ کرکٹ کی دنیا کی معروف ویب سائٹ کرک انفو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جوز بٹلر کے انگلینڈ کی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے نئے قائد مقرر ہونے کی خبر شیئر کی۔ گزشتہ دنوں اس حوالے سے ایوئن مورگن نے کہا کہ کافی غور اور مشاورت کے بعد میں نے فوری طور پر ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ 35 سالہ مورگن نے 16 ٹیسٹ، 248 ون ڈے اور 115 ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں جبکہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ اور انٹرنیشنل کمنٹری سے وابستہ رہیں گے۔ گزشتہ روز انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی نے برطانوی خبر رساں ادارے کے ٹیسٹ میچ سپیشل کو بتایا تھا کہ کپتان یہ محسوس کرتے ہیں کہ انہوں نے کافی بین الاقوامی کرکٹ کھیل لی ہے، ان کے لئے ٹیم اب بھی سرفہرست ہے جو کہ یہ ثابت کرتی ہے کہ وہ کس حد تک اپنی ٹیم کے ساتھ مخلص ہیں، یقینی طور پر انہوں نے بہت عمدہ کام کیا اور وہ سب سے بہتر تھے۔ دریں اثنا رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مورگن کے نائب جوز بٹلر وائٹ بال کرکٹ میں کے اگلے کپتان ہوں گے۔ خیال رہے کہ مورگن کو 2014 میں کپتان مقرر کیا گیا تھا اور انہوں نے انگلینڈ کی وائٹ بال کرکٹ میں اہم کردار ادا کیا ہے، بائیں ہاتھ کے بلے باز نے انگلینڈ کو 2019 میں اپنا پہلا ورلڈ کپ ٹائٹل بھی جتوایا۔
نیوٹرل کو مداخلت کی دعوت دینے پر آرٹیکل6 لگتا ہے: مریم اورنگزیب
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نیوٹرل کو مداخلت کرنے کی دعوت دینے پر آرٹیکل6 لگتا ہے، قومی اسمبلی سے لے کر پنجاب اسمبلی تک عمران خان نے آئین شکنی کرائی، آر ٹی ایس سسٹم بٹھا کرچار سال تک ایک نااہل مسلط کیاگیا۔ عمران خان کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پریس کانفرنس کا مقصد عمران خان کی نااہلیوں اور ناکامیوں کو سامنے لانا ہے،صحیح اور درست فیصلوں کو عوام تک پہنچانا میری ذمہ داری ہے ۔ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی نے بھی عمران خان کے مقدمات کو جھوٹا قرار دیا،ایسٹ ریکوری یونٹ اصل میں عمران خان کا ایسٹ میکنگ یونٹ تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سپریم کورٹ میں وزیراعظم شہباز شریف کی ضمانت کے خلاف اپنی اپیل واپس لی، اپیل واپس لینے کا مطلب ہے وزیراعظم کے خلاف جھوٹا مقدمہ بنایا گیا۔ وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے سوال اٹھایا کہ عمران خان نے بطور وزیراعظم مبینہ سائفر پر شفاف تحقیقات کیوں نہیں کرائیں؟ عمران خان نے کیوں 28 مارچ تک انتظار کیا؟ نیوٹرل کو مداخلت کرنے کی دعوت دینے پر آرٹیکل6 لگتا ہے،قومی اسمبلی سے لے کر پنجاب اسمبلی تک عمران خان نے آئین شکنی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح پر مبنی رپورٹنگ کی،لاہور ہائیکورٹ کے فیصلےکے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو عہدے سے نہیں ہٹایا گیا،پی ٹی آئی والے فیصلہ پڑھے بغیر دھمال ڈالتے ہیں پھر یوٹرن لے لیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا مقصد گالی دینا اور معاشرے میں انتشار پھیلانا ہے،عمران خان کا روزلگایاجانے والا تماشا اب بند ہونا چاہیے،فرح گوگی کو استعمال کر کے ذاتی فائدے حاصل کیے گئے۔ وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف 3 بارعوام کے دیئے گئے مینڈیٹ سے وزیراعظم بنے ،عمران خان کو جھوٹ بولتے ہوئے شرم آنی چاہیے،عمران خان کی نالائقی کی وجہ سے آج پاکستانی عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ ،عمران خان نے 4 سال اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے انتقامی سیاست کی،عمران خان نے تمام اداروں کو استعمال کرکے مخالفین پر جھوٹے مقدمات بنائے،عدالتوں میں عمران خان کے بنائے مقدمات جھوٹے ثابت ہوئے،عدالتوں نے اپنے فیصلوں میں تحریر کیا کہ یہ تمام مقدمات بے بنیاد الزامات پر بنے۔
امید رکھتے ہیں آج رات بھی عدالتیں کھل سکتی ہیں: راجہ بشارت
لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما راجہ بشارت نے حمزہ شہباز کے بطور وزیراعلیٰ پنجاب انتخاب کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزارت اعلیٰ کے الیکشن کےلیے 24 گھنٹے کا وقت دیا گیا، اس کے پیچھے ایک صاف سوچ نہیں۔ تمام اقدامات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کررہے ہیں۔ عدالتی فیصلے کے بعد ہم اپنا سیاسی رول ادا کریں گے، امید رکھتے ہیں آج رات بھی عدالتیں کھل سکتی ہیں۔ راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ اس وقت ایوان مکمل نہیں ہے، ہم چاہتے ہیں ہاوس مکمل ہو اور پھر الیکشن کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شیڈول کا اعلان ہوچکا مگر ہمارے 6کے قریب لوگ ملک سے باہر ہیں جبکہ ہمیں 5 سیٹوں کا ابھی تک نوٹیفکیشن بھی نہیں ملا۔ ہائی کورٹ نے16اپریل کا الیکشن کالعدم قرار دیا ہے اب ہم سپریم کورٹ جارہے ہیں تاکہ 16اپریل کی صورتحال بحال ہو۔