لاہور: (ویب ڈیسک) عدالت نے اداکارہ میرا کی تکذیب نکاح کی اپیل مسترد کرتے ہوئے عتیق الرحمان کی بیوی قرار دے دیا۔
سیشن کورٹ کی جانب سے فیصلہ سنایا گیا ہے کہ اداکارہ میرا کا نکاح درست تھا اور وہ عتیق الرحمان کی بیوی ہے ۔
ایڈیشنل سیشن جج مظہر حسین نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ درست قرار دیتے ہوئے اداکارہ میرا کی تکذیب نکاح کی اپیل مسترد کی ہے۔
خیال رہے کہ ادکارہ میرا نے فیملی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی تھی اور فیملی کورٹ نے میرا کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دیا تھا۔
Monthly Archives: January 2022
سپریم کورٹ سندھ میں بلدیاتی اختیارات کے کیس کا فیصلہ کل سنائے گی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان سندھ میں بلدیاتی اختیارات کے کیس کا فیصلہ کل سنائے گی۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزاراحمد کل اپنی مدت کے آخری دن متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) کی درخواست پرفیصلہ سنائیں گے۔
خیال رہے کہ بلدیاتی اختیارات کیلئے پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے 2017 میں درخواستیں دائر کی تھیں۔ سپریم کورٹ نے 26 اکتوبر 2020 کو درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو کل سنایا جائے گا۔
چیف جسٹس گلزار احمد 10 سال بطور سپریم کورٹ جج اور 2 سال 2 ماہ 10 دن بطور چیف جسٹس پاکستان کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کل ریٹائر ہوجائیں گے۔
واضح رہے کہ نئے چیف جسٹس جسٹس عمر عطاء بندیال پرسوں سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کی ویب سائٹ پر جاری کردہ تفصیل کے مطابق جسٹس عمر عطا بندیال 17 ستمبر 1958ء کو لاہور میں پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم کوہاٹ، راولپنڈی اور پشاور میں حاصل کرنے کے بعد کولمبیا یونیورسٹی امریکا سے گریجویشن کیا۔ کیمبرج یونیورسٹی کے لنکن اِن سے بیرسٹر کی سند حاصل کی۔ 1983ء میں لاہور ہائی کورٹ اور کچھ برسوں بعد سپریم کورٹ کے وکیل کی حیثیت سے درج ہوئے۔
جسٹس عمر عطاء بندیال نے 4 دسمبر 2004ء کو لاہور ہائی کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اُٹھایا لیکن نومبر 2007ء میں انہوں نے سابق فوجی حکمراں پرویز مشرف کے عبوری آئینی حکم نامے (پی سی او) کے تحت حلف اُٹھانے سے انکار کر دیا تھا۔ بعدازاں وہ دو سال کے لئے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بھی رہے۔
جون 2014ء میں ان کو سپریم کورٹ کا جج بنایا گیا۔ اپنے اعلیٰ عدالتوں میں منصب قاضی کی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے جسٹس بندیال نے اہم مقدمات کے فیصلے دیئے۔
سپریم کورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق جسٹس گلزار احمد نے 21 دسمبر 2019ء کو جسٹس ثاقب نثار کی جگہ چیف جسٹس کا منصب سنبھالا تھا۔ جسٹس بندیال کے منصب کی میعاد مکمل ہونے پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ان کی جگہ لیں گے۔ ان کی چیف جسٹس کے لئے میعاد 25 اکتوبر 2024ء تک ہوگی۔
جسٹس مقبول باقر اور جسٹس مظہر عالم خان چیف جسٹس بنے بغیر ہی عدالت عظمیٰ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی سمری مسترد کردی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی سمری مسترد کر دی۔
وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق عمران خان نے پٹرول11روپے، ڈیزل 14 روپے بڑھانے کی سمری کو عوامی مفاد میں مسترد کردیا۔ آئندہ 15 دن کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں لیکن عوام کو اس مہنگائی سے بچانے کے لئے حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی۔ اس وقت حکومت اس بڑھتی قیمت کا بوجھ اپنے اوپر لے گی اور عوام کو آزادی بوجھ سے بچانے کی کوشش کرے گی۔
دوسری طرف ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا دنیا میں بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں لیکن پاکستانی عوام کو اس مہنگائی سے بچانے کے لئے حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی۔ اس لئے وزیراعظم نے اس سمری کو ڈیفر کردیا۔ اس وقت حکومت اس بڑھتی قیمت کا بوجھ اپنے اوپر لے گی اور عوام کو اس سے بچانے کی کوشش کرے گی۔
سندھ حکومت کا 5 فروری کو عام تعطیل کا اعلان
کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کردیا۔
سندھ حکومت نے پانچ فروری کو عام تعطیل کا اعلان کردیا جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ یوم یکجہتی کمشیر کی مناسبت سے سندھ میں عام تعطیل ہوگی اور تمام سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی ادارے اور بازار بند رہیں گے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت اس سے پہلے ہی پانچ فروری کو عام تعطیل کا اعلان کرچکی ہے، 5 فروری ہر سال وفاقی حکومت کے گزیٹڈ ہالیڈے کی فہرست میں شامل ہوتا ہے۔
قوم کیلیے اچھی خبر، تھر میں تین ارب ٹن کوئلے کے ذخائر نکل آئے
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی قوم کے لیے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے، تھر کول فیلڈ بلاک 1 میں تین ارب ٹن کوئلے کے ذخائر برآمد ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ہمیشہ کہتے ہیں کہ ’’تھر بدلے گا پاکستان‘‘، آج یہ نعرہ حقیقت بنتا جارہا ہے، آج صبح بلاک 1 میں 145 میٹر کھدائی کے بعد کوئلہ نکلا ہے، یہ سندھ حکومت کی دوسری بڑی کامیابی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ تھر کول فیلڈ بلاک 1 میں 3 ارب ٹن کوئلہ کے ذخائر موجود ہیں جو 5 ارب بیرل خام تیل کے برابر ہیں، تھر کول فیلڈ بلاک 1 سے کوئلہ برآمد ہونے پر پورے ملک کے عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
بل پاس کرانے میں تعاون کا شکریہ، آپ کا استعفیٰ دینا بنتاہے: شہبازگل
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی کی جانب سے دیے جانے والے استعفے پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بل پاس کرانے میں آپ کے تعاون کا شکریہ، آپ کا استعفیٰ دینا بنتا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے شہباز گل نے دعویٰ کیا کہ شہبازشریف بھی باہرجانے کی اجازت کی شرط پر استعفے کی پیشکش کرچکے ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ استعفیٰ لینے کے لیے آنے والے اب استعفے دے رہے ہیں۔
شہبازگل نے کہا کہ اب یہ لوگ لوٹ مار کا حساب بھی دیں گے ، بس دیکھتے جائیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی جنوبی پنجاب میں بڑی کامیابی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی جنوبی پنجاب میں بڑی کامیابی ہوگی
نواب آف بہاولپور کے صاحبزادے نواب بہاول کی تحریک انصاف میں شمولیت صوبائی صدر جنوبی پنجاب مخدوم خسرو بختیار کے ہمراہ اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی
کپل شرما کا دپیکا پڈوکون سے اظہارِ محبت
ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت کے معروف کامیڈین کپل شرما نے بالی ووڈ سپر اسٹار دپیکا پڈوکون سے محبت کے اظہار کی اداکاری کرکے اپنے مداحوں کو قہقہہ لگانے پر مجبور کردیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مقبول ترین مزاحیہ پروگرام ‘دی کپل شرما’ کے نئے شو کا پرومو جاری کیا گیا جس میں بالی ووڈ اداکارہ ڈپیکا پڈوکون نے اپنی نئی فلم ‘گہرائیاں’ کی پروموشن کے لیے ٹیم اور ساتھی فنکاروں کے ہمراہ شرکت کی۔
شو کا پرومو بہت دلچسپ دکھایا گیا جہاں میزبان کپل شرما مزاحیہ انداز میں اداکاری کرتے ہوئے دپیکا سے پیار کا اظہار کرتے نظر آئے۔
کپل نے شو کے پرومو میں دپیکا پڈوکون سے کہا آپ سچ میں اتنی پیاری لگتی ہیں کہ میں آپ کو بتا نہیں سکتا۔ اور پھر ‘ہمیں تم سے پیار کتنا یہ ہم نہیں جانتے مگر جی نہیں سکتے تمہارے بنا’ گانا بھی گایا۔
دپیکا کا کہنا تھا کہ اگر کپل شرما کوئی کامیڈی فلم بنائیں تو میں ان کے ساتھ کام کرنا پسند کروں گی۔ دی کپل شرما کے میزبان نے شو کے دوران دپیکا سمیت دیگر مہمانوں سے بھی دلچسپ سوالات کیے۔
خیال رہے کہ نئے شو میں گہرائیاں فلم کے ہدایت کار شھاکن بترا نے بھی شرکت کی۔ دی کپل شرما کے نئے شو کا پرومو دپیکا کے پرستاروں کو بھی خوب بھایا۔
امریکا میں 2 سالہ بچے نے گھر والوں کو زندہ جل جانے سے بچالیا
ٹیکساس: (ویب ڈیسک) امریکا میں 2 سال کے بچے برینڈن نے والدین اور بہن بھائیوں کو خوفناک آگ میں زندہ جل جانے سے بچالیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست ٹیکساس کا ایک مکان خوفناک آتشزدگی میں مکمل طور پر جل کر راکھ کا ڈھیر ہوگیا تاہم دو سالہ بچے کی بروقت مداخلت نے والدین اور بہن بھائیوں کو بچالیا۔
آتشزدگی میں گھر کا سارا سامان جل کر خاکستر ہوگیا لیکن خوش قسمتی سے اہل خانہ محفوظ رہے۔ والدین کے کپڑے عقب سے جل گئے اور کچھ بچوں کو خراشیں آئیں۔ اہل خانہ نے زندہ بچ جانے پر پارٹی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
والدہ نے میڈیا کو بتایا کہ بیڈ روم میں سب بے خبر سو رہے تھے اور آگ پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے چکی تھی۔ ہم لوگ حال ہی میں کورونا سے صحت یاب ہوئے ہیں لیکن سونگھنے اور چکھنے کی حس کام نہیں کر رہی ہے۔
والدہ کا مزید کہنا تھا کہ آگ بڑھتی گئی اور ہمیں احساس تک نہ ہوا، اسی دوران دو سالہ برینڈن کمرے میں آیا اور میرا پاؤں ہلا کر زور زور سے کہنے لگا کہ ہاٹ ۔۔ ہاٹ ۔۔۔ جس پر میں نے کمرے کے باہر بلند شعلے دیکھے اور دوڑ لگا دی۔
یوں ایک ننھے بچے نے 7 افراد کی جانوں کو بچالیا۔ سوشل میڈیا پر 2 سالہ برینڈن کو ہیرو قرار دیا جا رہا ہے۔
صرف دو دن کے لیے باہر نکلنے والی بھڑ چارسالہ تحقیق کے بعد نئی نوع قرار
نیویارک: (ویب ڈیسک) سائنسدانوں نے چار سال تک ایک بھڑ (واسپ) کی نئی قسم دریافت کی ہے لیکن اس کی شناخت میں کوئی چار سال لگے ہیں کیونکہ یہ اپنی پناہ گاہ سے صرف دو دن کے لیے باہر نکلتی ہے۔
اسے بھڑ کہیں یا تتیا، یہ انڈے نکلنے سے بلوغت تک بید کے درختوں کی کھو، یا پتوں کے نیچے یا پھولوں میں ہی رہنا پسند کرتی ہے۔ بہار میں بھی یہ کوئی لمحہ ضائع نہیں کرتی اور چند دن کے لیے باہر نکل کر ملاپ کرتی ہے اور انڈے دے کر مرجاتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ اس کے درخت قریب ہونے کے باوجود سائنسدانوں کو اسے دیکھنے میں چار برس لگے۔ دوم اس کی زندگی کا دورانیہ بھی بہت کم ہوتا ہے۔ اسی لیے رائس یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے برسوں بعد اس کی نئی نوع ہونے کی تصدیق کی ہے۔
اب ایک ملی میٹر جسامت کی اس بِھڑ کو ’نیوروٹیرس ولہالا‘ کا نام دیا ہے۔ یہ گال واسپ سے تعلق رکھتی ہے جس کی اب تک 1000 اقسام دریافت ہوچکی ہے اور یہ اس ضمن میں ایک نیا اضافہ ہے۔ 2018 میں پروفیسر پیڈرو برانڈاؤ ڈیاس نے اس کی ایک جھلک دیکھی تھی جس کی ٹانگیں غیرمعمولی لمبی تھی ۔ ان کا خیال تھا کہ شاید یہ بھڑ کی کوئی نئی قسم ہے۔
پھر 2019 میں فلوریڈا کے ماہرین نے ایک بِھڑ کو پکڑ ہی لیا اور اس کا جینیاتی جائزہ لیا۔ اس سے معلوم ہوا کہ یہ ایک نئی قسم ہے لیکن اپنی زندگی میں صرف دو یا تین دن کے لیے باہر نکلتی ہے۔ دوم اس کی چھوٹی جسامت کی وجہ سے اسے دیکھنا اور تحقیق کرنا بہت ہی مشکل ہوتا ہے۔
صاف پانی ریفرنس میں رہنماؤں کی بریت؛ سیاسی انتقام کی دھند چھٹ رہی ہے، شہباز شریف
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ راجہ قمرالاسلام، سابق ایم پی اے وسیم اجمل سمیت 16 ملزمان کی صاف پانی ریفرنس میں بریت پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں
شہباز شریف نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ سیاسی انتقام کی دھند بتدریج چھٹ رہی ہے اور سچائی کی روشنی بڑھتی جا رہی ہے، بہادری اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے والے ساتھیوں پر فخر ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف کی عوامی خدمت اور ایمانداری قانون اور عوام کی عدالت میں ایک بار پھر ثابت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ صاف پانی کیس میں ثابت ہوا کہ سب سے کم بولی دینے والی کمپنی سے بھی 20 کروڑ روپے کم کرائے گئے لہذا اس کیس میں کرپشن ہونے کا تمام ’عمرانی‘ افسانہ سراسر جھوٹ اور سیاسی انتقام ثابت ہوا.
مریم اورنگزیب نے کہا کہ قمرالاسلام اور تمام بری ہونے والوں کو مبارک ہو، ہر آنے والا ہر فیصلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو سرخرو کرے گا۔
یوسف گیلانی شریف آدمی ہیں استعفیٰ تو بلاول یا زرداری کا بنتا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے سینیٹ میں اپوزیشن کی شکست اور اسٹیٹ بینک بل منظور ہونے پر بلاول یا آصف زرداری سے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی شریف آدمی ہیں استعفیٰ تو بلاول کا بنتا ہے یا آصف زرداری کا، جن کے کہنے پر پیپلز پارٹی کے سینیٹرز تشریف نہیں لائے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی کی سینئر لیڈرشپ اپنی جماعتوں کی لیڈرشپ کے کرتوتوں سے پریشان بھی ہے اور شرمندہ بھی، بہرحال ان جماعتوں میں تبدیلیوں کا سفر خوش آئند ہے۔
تعلیم وطن کے ہر بچے کا حق ہے: چودھری پرویز الہیٰ
لاہور: (ویب ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ تعلیم وطن کے ہر بچے کا حق ہے ، پرائیویٹ سکولز تعلیم کے حصول میں حکومت کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
سپیکر چودھری پرویز الہیٰ سے پاکستان ایجوکیشن کونسل کے عہدیداروں نے صدر و سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود کی سربراہی میں اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی ۔
ملاقات میں کورونا اور حکومت کی عدم توجہ کی وجہ سے پرائیویٹ سکولز کو درپیش مسائل کے حل کے لئے گفتگو کی گئی ۔
تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لئے ان اداروں کی کیسے مدد کی جائے یہ معاملہ بھی ملاقات میں زیربحث رہا ۔
چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان ایجوکیشن کونسل کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔