اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم ہاﺅس اسلام آباد میں اتحادی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کی،ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کے ارکان کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس
بلانے کے معاملے پر اعتماد میں لیا۔ ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کے ارکان سے ملاقات کا ون پوائنٹ ایجنڈا تھا جس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قانون سازی سے متعلق ارکان کو اعتماد میں لینا تھا، آئندہ ہفتے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا جس میں انتخابی اصلاحات سمیت 30بل پیش کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پیر کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا جس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سمیت دیگر انتخابی اصلاحات اور مبینہ انڈین جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق بل پیش کیا جائے گا۔منگل کو اتحادی جماعتوں کے ارکان کے ساتھ اجلاس میں ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فروغ نسیم، خالد مقبول صدیقی، سید امین الحق، عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد، جی ڈی اے کی جانب سے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا شریک اور مسلم لیگ ق کے مونس الہی شریک تھے۔
ٹی20 ورلڈکپ کے 31ویں اور اہم میچ پاکستان نے نمبیبیا کو 45 رنز سے شکست دیکر سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا۔
ابوظہبی میں کھیلے جارہے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستان نے مقررہ 20 اوورز قومی ٹیم 189 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں نمیبیا نے محتاط آغاز کیا تاہم اوپنر مائیکل وین لنگن جلد وکٹ گنوا بیٹھے اور محض 4 رنز اسکور کیےجبکہ اسٹیفن بارڈ نے 29 گیندوں پر 29 رنز اسکور کیے۔
نمیبیا کی جانب سےکریگ ولیمز نے پاکستانی بولرز کی مزاحمت کی تاہم 40 رنز بناکر شاداب خان کا شکار ہوئے جبکہ کپتان گیرہارڈ ایراسمس 15 رنز ہی بناسکے۔ ان کے علاوہ ڈیوڈ ویزے نے ناقابلِ شکست 29 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی، عماد وسیم، حارث روؤف اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 113 رنز کی شراکت داری کی تاہم بابراعظم 70 رنز بناکر ڈیوڈ ویزے کا شکار بنے جبکہ فخر زمان محض 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور محمد حفیظ ناقابل شکست رہے جنہوں نے باالاترتیب 55 اور 40 رنز کی اننگز کھیلی۔
نمیبیا کی جانب سے ڈیوڈ ویزے اور فرائے لنک ایک ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
نز کی مشین بابراعظم نے ویرات کوہلی سے ایک اور ریکارڈ چھین لیا۔
پاکستانی بیٹنگ لائن میں ریڑھ کی حیثیت رکھنے والے بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی میں ایک اور نصف سنچری بناتے ہوئے ویرات کوہلی کا بطور کپتان سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی ففٹیز پلس کا ریکارڈ توڑ دیا۔
ویرات کوہلی 45 اننگز میں 13 ففٹی پلس کے ساتھ سرفہرست تھے تاہم بابراعظم نے نمیبیا کے خلاف نصف سنچری بنائی اور 70 رنز کی باری کھیل کر نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔
بابراعظم نے 49 گیندوں پر 70 رنز بنائے جس میں 7 چوکے شامل تھے۔ آج کی اننگز کے ساتھ بابراعظم ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔
اس فہرست میں محمد حفیظ 2450 رنز کے ساتھ پہلے اور بابراعظم 2396 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
حکومت پنجاب نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے 800 سے زائد کارکنوں کو دو ہفتوں کے احتجاج کے بعد ہونے والے معاہدے کے کئی دنوں بعد رہا کردیا۔
پنجاب کے وزیر قانون اور پارلیمانی امور راجا بشارت نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ رہا کیے گئے افراد میں وہ شامل ہیں جو 12 ربیع الاول کو شروع ہونے والے احتجاج پر چھاپوں کے دوران حراست میں لیے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ان کو اسکروٹنی کے بعد رہا کیا گیا ہے اور جن کارکنوں کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی گئی ہے انہیں عدالت سے ضمانت حاصل کرنی پڑے گی۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ یہ فیصلہ کرنا باقی ہے کہ ٹی ایل پی کے وہ کارکن جنہیں ایم پی او 1960 کے تحت گرفتار کیا گیا تھا وہ رہا ہوں گے یا نہیں۔
خیال رہے کہ ٹی ایل پی نے سربراہ حافظ سعد رضوی کی رہائی کے لیے 20 اکتوبر کو لاہور میں احتجاج شروع کیا تھا، جنہیں 12 اپریل کو حکومت پنجاب کی جانب سے ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔
تاہم ٹی ایل پی کے رہنما پیر اجمل قادری نے بعد میں کہا تھا کہ یہ اقدام پیغمبر اسلامﷺ کے احترام کے لیے تھا جبکہ سعد رضوی کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔
اہور میں تین روز تک پولیس کے ساتھ جھڑپون کے بعد ٹی ایل پی نے 22 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ شروع کردیا تھا، اسی دوران لاہور، گوجرانوالا اور گرینڈ ٹرنک (جی ٹی) روڈ میں 5 پولیس اہلکار شہید اور دونوں اطراف سے کئی افراد زخمی ہوگئے تھے۔
ٹی ایل پی کی قیادت نے 30 اکتوبر کو اپنے کارکنوں کو وزیر آباد میں مزید احکامات تک انتظار کرنے کی ہدایت کی تھی اور دوسری طرف حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان مذاکرات شروع ہوگئے تھے۔
معاہدہ
اتوار کو حکومت کی مذاکراتی ٹیم نے دعویٰ کیا تھا کہ کالعدم تنظیم کے ساتھ ان کا معاہدہ ہوگیا ہے لیکن تفصیلات بتانے سے انکار کیا تھا۔
مذاکرات میں دیگر علمائے کرام کے ساتھ کلیدی کردار ادا کرنے والے مفتی منیب الرحمٰن نے کہا تھا کہ معاہدے کی تفصیلات مناسب وقت پر عام کردی جائیں گی۔
انہوں نے کہا تھا کہ اگلے ہفتے 10 دنوں کے اندر قوم مثبت نتائج دیکھے گی اور تفصیلات بتانے سے منع کرتے ہوئے کہا تھا کہ الفاظ کی آواز سے زیادہ عمل کی آواز غالب ہوتی ہے۔
ذرائع کےمطابق حکومت نے ٹی ایل پی قیادت کو یقین دلایا ہے کہ کالعدم تنظیم کے اکاؤنٹس اور اثاثے بحال کردیے جائیں گے اور حکومت، ٹی ایل پی قیادت اور کارکنوں کے خلاف معمولی کیسز جاری نہیں رکھے گی لیکن انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج مقدمات کا فیصلہ عدالتیں کریں گی۔
‘ٹی ایل پی کے ساتھ اتحاد کا مطلب تنہائی’
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی جلد ہی سنی تحریک کی طرح بن جائے گی، سنی تحریک نے 2012 میں سیاست میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مذہبی انتہا پسند گروپ کشیدگی کے لیے ہجوم استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن سیاست میں ان کی سرگرمیاں ہمیشہ محدود ہوجاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت میں سنی تحریک تشدد پسند تھی لیکن اس طرح کی پارٹی کے ساتھ اتحاد کا مطلب عالمی سطح پر تنہائی ہوگی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئےازبکستان کی سلامتی کونسل کے سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل وکٹر مخمودوف کی وزارتِ خارجہ میں شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ازبکستان کے مابین ،پہلے سے موجود دفاعی اور عسکری تعاون کے معاہدوں کو فعال بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،دفاعی و عسکری تعاون، افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا ۔
اس موقع پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کے قریبی ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے پاکستان اور ازبکستان یکساں طور پر افغانستان میں قیام امن کے خواہاں ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور ازبکستان کے مابین دو طرفہ تعلقات یکساں مذہبی، ثقافتی اور تہذیبی اقدار کی بنیاد پر برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔
وزیر خارجہ نےیہ بھی کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو اسٹریٹیجک شراکت داری میں بدلنے کا خواہشمند ہے، وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ء تاشقند اور ازبک صدر شوکت مرزاایوف کیساتھ ہونے والی ملاقات سے، دو طرفہ تعلقات مزید وسعت پذیر ہوئے ۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان”وژن وسط ایشیا “پالیسی کے تحت، ازبکستان سمیت وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مشترکہ سکیورٹی کمیشن کے قیام سے متعلق معاہدہ، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگا جبکہ اس معاہدے سے دہشت گردی کی روک تھام ، منشیات کی سمگلنگ کو روکنے اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں تعاون کے حصول میں مدد ملے گی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کے حوالے سے پاکستان اور ازبکستان کے نقطہ نظر میں مماثلت ہے، تہران میں افغانستان کے قریبی ہمسایہ ممالک کے دوسرے وزاراتی اجلاس کے موقع پر میری ازبک وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات انتہائی سود مند رہی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اپنی توجہ جغرافیائی اقتصادی ترجیحات پر مرکوز کئے ہوئے ہے۔ افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری، افغان عوام کی مدد کرے، افغانستان میں قیام امن سے وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارتی و اقتصادی روابط کو فروغ ملے گا۔
انگلینڈ کے سابق کرکٹر کیون پیٹرسن نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں انگلینڈ کو پاکستان یا افغانستان ہی شکست دے سکتا ہے لیکن ساتھ ہی انہوں نے ایک کنڈیشن بھی بتائی۔
پیٹرسن نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ اس ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں صرف پاکستان یا افغانستان اس پوزیشن میں ہیں کہ وہ باآسانی انگلینڈ کو شکست دے سکیں۔
انہوں نے لکھا کہ ایسا صرف اسی صورت میں ممکن ہوسکتا ہے اگر میچ شارجہ میں استعمال شدہ وکٹ پر کھیلا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ون میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 26 رنز سے ہرایا تھا جب کہ پاکستان اب تک سپر 12 مرحلے میں ناقابل شکست رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں آج ڈالر کی قدر گذشتہ بندش سے 75 پیسے کم ہوئی ہے۔
آج کاروبار بند ہونے پر ایک امریکی ڈالر کی انٹربینک میں قدر 170 روپے 54 پیسے رہی، دو روز میں ڈالر انٹربینک میں ایک روپیہ 11 پیسے سستا ہوا ہے۔
ملک میں تاریخ کی بلند ترین سطح 175 روپے 24 پیسے سے ڈالر محض چھ روز میں 4 روپے 73 پیسے سستا ہوچکا ہے،اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 70 پیسے کم ہو کر 171.50 روپے ہے۔a
امریکی تربیت یافتہ سابق افغان فوجی داعش میں شامل ہونے لگے، امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے بڑا دعویٰ کر دیا۔
امریکی اخبار کے مطابق سابق افغان حکومت کے کمانڈوز اور انٹیلی جنس اہلکار داعش کا حصہ بن رہے ہیں، سابق فوجی داعش کو انٹیلی جنس اور ملٹری آپریشن سے متعلق اہم مہارتیں فراہم کر رہے ہیں، سابق فوجی خود کو طالبان سے محفوظ رکھنے کے لئے داعش کا حصہ بن رہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کاراباخ کے رہائشی کا کہنا تھا کہ اس کا کزن جو افغان سپیشل فورسز کا اہم رکن تھا اور ستمبر میں لاپتہ ہو گیا تھا اب داعش کے گروپ کا حصہ بن چکا ہے، اس نے مزید بتایا کہ 4 ایسے افراد جو افغان نیشنل فورسز کا حصہ تھے اب داعش میں شامل ہو چکے ہیں۔
افغانستان کے دیگر علاقوں سے بھی ایسی ہی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ ملک کی انٹیلی جنس ایجنسی نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی کے سابق سربراہ نے کہا کہ ایسے سابق افغان فوجی جو ملک سے باہر نہیں جا سکتے، داعش میں شمولیت ان کیلئے پرکشش انتخاب ہے۔
اسلام آباد: وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران ملک میں تجارتی خسارے میں 103 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا جس کی وجہ برآمدات کے مقابلے میں درآمدات میں تقریباً دوگنا اضافہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق تجارتی خسارہ جولائی تا اکتوبر 2021 میں 15 ارب 52 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا تھا جو گزشتہ سال کے اسی مہینوں میں 7 ارب 61 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تھا۔
رواں سال کا آغاز بڑھتے ہوئے درآمدی بل کے ساتھ ہوا جس سے بیرونی جانب سے دباؤ بڑھنے کا شدید خطرہ ہے۔
وزارت خزانہ کا خیال ہے کہ ترسیلات زر میں اضافہ، برآمدی آمدنی میں اضافہ اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے بڑی حد تک دباؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
تجارتی خسارے میں بڑھتے ہوئے رجحان کو لگاتار چوتھے مہینے بھی نوٹ کیا گیا کیونکہ تجارتی خسارہ اکتوبر میں 3 ارب 77 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا جو گزشتہ سال کے اسی مہینے میں ایک ارب 80 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تھا۔
ابتدائی تخمینوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ بڑھتا ہوا درآمدی بل مالی سال 2022 میں کرنٹ اکاؤنٹ کو 10 ارب ڈالر تک دھکیل سکتا ہے۔
اسٹیٹ بینک نے صارفین اور عوام کو پیغام دیا ہے کہ پاکستان کا بینکنگ سسٹم محفوظ ہے اور کسی دوسرے بینک پر سائبر حملے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
نیشنل بینک کے نظام پر سائبر حملے کے بعد ملک میں افواہوں کا بازار گرم ہوگیا، سوشل میڈیا پر پاکستان کے مالیاتی شعبہ پر بڑے سائبر حملے کی غلط اطلاعات گردش کرنے لگیں جن میں کسٹمر کا ڈیٹا چوری ہونے اور رقوم کے نقصانات کے دعوے کیے جانے لگے تاہم اسٹیٹ بینک نے اس کی تردید کی ہے۔اسٹیٹ بینک نے صارفین اور عوام کو پیغام دیا ہے کہ پاکستان کا بینکنگ سسٹم محفوظ ہے اور کسی دوسرے بینک پر سائبر حملے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ اسٹیٹ بینک نے اپنے آفیشل ٹویٹر کے ذریعے کہا ہے کہ 9 بینکوں پر سائبر حملے اور ڈیٹا سمیت رقوم کے نقصان کی اطلاعات غلط ہیں اور اس حوالے سے اسٹیٹ بینک کے ترجمان سے منسوب کرکے پھیلایا جانے والا پیغام جعلی ہے۔
اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ ملک میں نیشنل بینک آف پاکستان کے سوا کسی بینک پر سائبر حملے کی اطلاع نہیں ملی، اسٹیٹ بینک ان اطلاعات کی تردید کرتا ہے جن میں 9 بینکوں پر سائبر حملے، مالیاتی اور ڈیٹا کی چوری کا دعویٰ کیا جارہا ہے، اسٹیٹ بینک صورتحال کو مانیٹر کررہا ہے اور کوئی بھی اطلاع اسٹیٹ بینک کے آفیشل ابلاغی ذرائع سے ہی نشر کی جائے گی۔
پنجاب کے سیکرٹری صحت کا کہنا ہےکہ اسموگ کی صورتحال محفوظ حد سے تجاوز کر گئی لہٰذا شہری باہر نکلتے وقت ماسک اور عینک کا استعمال کریں۔
سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئرپنجاب عمران اسکندر نے ایک بیان میں کہا کہ لاہور میں اسموگ بڑھنے لگی ہے جس کے باعث اسپتالوں میں اسموگ کاؤنٹرز متحرک کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
سیکرٹری صحت کا کہنا تھا کہ اسموگ کی وجہ سے آنکھوں میں جلن، گلا خراب اور سانس کی شکایات ہوسکتی ہیں۔
ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر ہارون نے بھی شہریوں کو ہدایت کی کہ گلے میں خراش کی صورت میں غرارے کریں، سانس کے دائمی امراض میں مبتلا مریض خصوصی احتیاط کریں، سردیوں میں فضائی آلودگی زیادہ خطرناک ہو سکتی ہے لہٰذا شہری احتیاط کریں۔