کورونا ویکسنیز لگوانے والے پاکستانی مسافروں کو برطانیہ آنے کی اجازت مل گئی

برطانیہ نے کورونا کی سائنو فارم اور سائنو ویکسنیز لگوانے والے پاکستانی مسافروں کو برطانیہ آنے کی اجازت دے دی ہے۔

سائنو فارم اور سائنو ویک ویکسین کو برطانیہ نے رجسٹر کرلیا، سائنو فارم اور سائنو ویک کے ڈوز لگوانے والے پاکستانی برطانیہ جاسکیں گے۔

22 نومبر سے چین کی تیار کردہ دونوں کورونا ویکسین لگوانے والے پاکستانی برطانیہ جاسکیں گے۔

برطانوی ہائی کمشنر کے مطابق برطانیہ نے دونوں ویکسینز کو رجسٹر کرلیا ہے۔

قومیں فکر، سوچ ، ذہانت اور علم کی بنیاد پر بنتی ہیں، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ قومیں فکر، سوچ ، ذہانت اور علم کی بنیاد پر بنتی ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے ایوانِ صدر میں صدارتی اقبال ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال نے مسلم امہ کو اتفاق و اتحاد کا درس دیا۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اقبال کے فلسفے اور فکر کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال دو قومی نظریے اور مسلمانوں کی علیحدہ شناخت کے حامی تھے، اقبال کی شاعری اس دور کے مسلمانوں کی فکر کی عکاس ہے۔

 ڈاکٹر عارف علوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے امت مسلمہ اور مسلمان قیادت کو ایک نیا وژن دیا ، اقبال کے ویژن کو عام افراد اور قیادت تک پہنچانا بہت ضروری ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اقبال شاعر، مفکر، فلسفی ہونے کے ساتھ سائنس کو بھی سمجھتے تھے، اقبال نے “اسلام میں مذہبی فکر کی احیائے نو” میں فلسفہ، فکر اور اسلام کی نشاۃ  ثانیہ کا ذکر کیا۔

ڈاکٹر عارف علوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ اقبال کی سوچ موجودہ دور میں بھی اثر رکھتی ہے، جدید دور میں ترقی جدید افکار اور نئی سوچ اپنانے سے ہی ممکن ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ قومیں فکر، سوچ، ذہانت اور علم کی بنیاد پر بنتی ہیں، امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اقبال کی فکر اور سوچ پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔

تقریب میں وفاقی وزیر قومی تاریخ اور ادبی ورثہ، شفقت محمود، اور سینیٹر ولید اقبال نے شرکت کی۔

یاد رہے کہ شاعر مشرق اور حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 144 واں یوم پیدائش آج ملی جوش و خروش سے منایا جارہا ہے۔

مسلمانوں کے لیے آزاد ملک کا خواب دیکھنے والے اور انسانی روح بیدار کرنے والے شاعر مشرق ڈاکٹرعلامہ اقبال 9 نومبر1877 کوسیالکوٹ میں پیدا ہوئے، ان کے والد کا نام شیخ نور محمد تھا، آپ نے قانون اور فلسفے ميں ڈگرياں لیں لیکن جذبات کے اظہار شاعری سے کیا۔

شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال بیسویں صدی کے معروف مفکر، شاعر، مصنف، قانون دان، سیاست دان، مسلم صوفی اور تحریک پاکستان کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک تھے۔

ملت اسلامیہ کو ” لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری “ جیسی آفاقی فکر دینے والے علامہ اقبال نے قانون اورفلسفے میں ڈگریاں لیں لیکن انہوں نے جذبات کے اظہار کیلئے شاعری کا سہارا لیا۔

علامہ اقبال نے اپنے خیالات اشعار کی لڑی میں ایسے پروئے کہ وہ قوم کی آواز بن گئے۔

شاعرمشرق نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ یورپ اور انگلستان میں گزارا لیکن انہوں نے انگریزوں کا طرز رہن سہن کبھی نہیں اپنایا، اپنی شاعری میں علامہ اقبال نے زیادہ تر نوجوانوں کو مخاطب کیا، علامہ اقبالؒ کو دورِ جدید کا صوفی بھی سمجھا جاتا ہے۔

علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلانے کے لیے جداگانہ قومیت کا احساس اُجاگر کیا اور اپنی شاعری سے مسلمانوں کو بیدار کیا۔ اُن کے افکار اور سوچ نے اُمید کا وہ چراغ روشن کیا جس نے نا صرف منزل بلکہ راستے کی بھی نشاندہی کی۔

علامہ اقبال کا شہرہ آفاق کلام دُنیا کے ہر حصے میں پڑھا اور سمجھا جاتا ہے، انہوں نے ہمیشہ مسلمانوں کو آپس میں اتحاد اور اتفاق کی تلقین کی اور دعوت عمل دی۔

آپ 21 اپریل 1938 کو 60 سال کی عمر میں لاہور میں انتقال فرما گئے آپ کا مزار بادشاہی مسجد کے سائے میں مرجع خلائق ہے۔

رینسم ویئر حملوں کیخلاف گلوبل کریک ڈاؤن، 7 ہیکرز گرفتار

عالمی سائبر کرائم کریک ڈاؤن میں رینسم ویئر حملوں سے  منسلک مشتبہ ہیکرز  کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

یورپی قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ فروری سے اب تک رینسم ویئر حملوں  میں ہزاروں لوگوں کو متاثر کرنے والے 7 مشتبہ ہیکرز کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی بنیاد پر بتایا کہ ایف بی آئی اور محکمہ انصاف کی جانب سے آج پیر کے روز  گرفتار ملزمان کے خلاف رینسم ویئر سے منسلک مجرمانہ الزامات کے ساتھ ساتھ 6 ملین ڈالر ضبط کرنے کا اعلان متوقع ہے۔

گرفتار کیے گئے ہیکرز میں سے کسی کی بھی نام سے شناخت نہیں کی گئی لیکن یوروپول کی جانب سے دو مشتبہ ہیکرز کا تعلق رینسم ویئر گینگ’آر ایول ‘سے جوڑا گیا ہے جنہیں گزشتہ ہفتے 5  لاکھ 80 ہزار ڈالر تاوان وصول کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا ۔

کویت میں گزشتہ ہفتے ایک ہیکر کو گرفتار کیا  گیا تھا جبکہ جنوبی کوریا نے گزشتہ فروری سے اب تک تین ہیکرز کو گرفتار کیا ہے۔ ساتویں ہیکر کو گزشتہ ماہ یورپ میں گرفتار کیا گیا تھا۔

یہ گرفتاریاں گولڈ ڈسٹ نامی قانون نافذ کرنے والی تحقیقات کا حصہ تھیں جس میں امریکا سمیت 16 دیگر ممالک شامل تھے۔

’آر ایول ‘ نامی گینگ کو ’سوڈینوکیبی ‘کے نام سے بھی جانا جاتا ہے جس نے حالیہ مہینوں میں دنیا کے سب سے بڑے میٹ (گوشت) پروسیسر جے بی ایس ایس اے کو نشانہ بنایا تھا ۔

اس کے علاوہ ان پر جولائی میں ہونے والے حملے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے جس  میں فلوریڈا کی ایک سافٹ ویئر کمپنی کیسیا کا ڈیٹا چوری کرکے دنیا بھر کے کاروبار کو نقصان پہنچایا تھا۔

واضح رہے کہ  رینسم ویئر ہیکنگ کی اس قسم  کو کہتے ہیں جس میں  سسٹم ہیک کرنے کے بعد اسے کھولنے کے لیے تاوان طلب کیا جاتا ہےاور یہ غیر قانونی عمل سائبر کرائم کے زمرے میں آتا ہے۔

آصف علی آئی سی سی پلئیر آف دی منتھ قرار

جارح مزاج قومی بلے باز آصف علی کو آئی سی سی پلئیر آف دی منتھ (اکتوبر) قرار دے دیا گیا۔

آصف علی نے نمیبیا  کے جنوبی افریقی نژاد آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزے اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کو شکست دے کر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔

انہیں نیوزی لینڈ اور افغانستان کے خلاف ناقابل فراموش اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی منتھ قرار دیا گیا ہے۔

آصف علی نے نیوزی  لینڈ کے خلاف 12 گیندوں پر ناقابل شکست 27 رنز بنائے تھے جبکہ افغانستان کے خلاف ایک ہی اوور میں چار چھکے لگاکر فتح باآسانی پاکستان کے نام کی تھی۔

دوسری جانب خواتین کرکٹرز میں آئرلینڈ کی لورا ڈیلانی پلیئر آف دی منتھ قرار پائی ہیں۔

یمن: ماڈل کو بے حیائی پھیلانے کے الزام میں 5 سال قید کی سزا

یمن میں جواں سال ماڈل کو بے حیائی پھیلانے کے الزام میں سزا سنادی گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حوثی فورسز نے 20 سالہ ماڈل انتصار الحمادی کو فروری میں حراست میں لیا تھا اور ان پر بے حیائی پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حوثیوں نے انتصار الحمادی کو بے حیائی پھیلانے کے الزام میں 5 سال قید کی سزا سنائی ہے جب کہ ان کے ساتھ دیگر تین خواتین کو بھی قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ صنعا شہر کی عدالت میں ماڈل کے خلاف مقدمہ چلایا گیا جس میں ان پر بے حیائی پھیلانے اور منشیات رکھنے کا جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی گئی۔

انتصار الحمادی کے ساتھ تین خواتین کو بھی پانچ پانچ سال کی سزا سنائی گئی ہے اور دیگر کو تین سال کے لیے جیل بھیجا گیا ہے۔

یمنی حکومت کے وزیر اطلاعات نے فیصلے پر رد عمل میں اسے یمنی خواتین کے خلاف حوثیوں کے جرائم کی ایک مثال قرار دیا ہے۔

کلبھوشن و دیگر معاملات پر قانون سازی کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 11 نومبر کو طلب

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائے جانے سےمتعلق حتمی مشاورت کی گئی اور 11 نومبر کو صبح 11 بجے اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ممکنہ قانون سازی پر کابینہ ارکان کو بریفنگ دی  اور کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں انتخابی و قانونی اصلاحات، الیکٹرانک ووٹنگ اور ادارہ جاتی اصلاحات پر قانون سازی کروائی جائے گی۔

بابر اعوان نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھارتی جاسوس کلبھوشن کیس سے  متعلق قانون سازی بھی کروائی جائے گی۔

کابینہ کی منظوری کے بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 11 نومبر کو صبح 11 بجے طلب کرلیا گیا ہے اور  سمری صدر مملکت عارف علوی کو ارسال کردی گئی ہے۔

احساس راشن رعایت رجسٹریشن پورٹل کا اجرا

احساس راشن رعایت رجسٹریشن پورٹل کا اجرا ہوگیا ہے۔

احساس راشن رعایت پورٹل رجسٹریشن کےلیےکھول دیا گیا ہے۔ پورٹل کا پتہ ehsaasrashan.pass.gov.pk ہے۔

احساس پروگرام کی چیئرپرسن ثانیہ نشتر کا اس حوالے کہنا ہے کہ کم آمدنی والے گھرانے اپنی درخواستیں پورٹل پر آن لائن جمع کرواسکتے ہیں جبکہ فی گھرانہ کی ایک ہی درخواست جمع ہوگی۔

ثانیہ نشتر نے بتایا کہ درخواست گزار یقینی بنائیں کہ سم گھرانےکے اسی فرد کے نام پر رجسٹر ہو، اہل گھرانے کا صرف رجسٹرڈ فرد راشن رعایت حاصل کر سکے گا۔

رجسٹریشن کے 4 ہفتے میں پیغامات 8171 سے بھجوا دئیے جائیں گے، جس میں دو کروڑ اہل گھرانوں کےلیے آٹا، خوردنی تیل، دالوں پر ماہانہ ایک ہزار کی رعایت ہوگی۔

احساس پروگرام کی چیئرپرسن ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ کریانہ دکانداروں کی رجسٹریشن کے لیے بینک اکاؤنٹ نمبر فراہم کرنا ضروری ہے۔

ذرائع کے مطابق کریانہ دکانداروں کی رجسٹریشن کیلیئے بینک اکاؤنٹ نمبر فراہم کرنا ضروری ہے۔

جن کریانہ دکانداروں کے بینک اکاؤنٹ نہیں ہیں، وہ نیشنل بینک کی قریبی شاخ میں اپنا اکاؤنٹ کھلوا سکیں گے۔

کریانہ مالکان کے بارے میں ڈاکٹر ثانیہ نے بتایا کہ پروگرام کے تحت حکومت کی جانب سے کریانہ مالکان کیلیئے خصوصی پیکج شامل کیا گیا ہے اور ان کو سیل پر پرکشش کمیشن بھی دیا جائے گا۔

ہر سہ ماہی میں کریانہ مالکان کو کارکردگی کی بنیاد پرخصوصی انعامات گاڑیاں، موٹر سائیکل، موبائل فون اور دیگر انعامات بھی قرعہ اندازی کے ذریعے دئیے جائیں گے۔

وزیراعظم کل اتحادی ارکان پارلیمنٹ کو ظہرانہ دینگے

وزیراعظم عمران خان کل پی ٹی آئی ، اتحادی ارکان قومی اسمبلی اور سینٹرز کے اعزاز میں ظہرانہ دینگے۔

وزیراعظم ہاؤس میں کل سہ پہر 2 بجے ظہرانہ کا اہتمام کیاجائے گا، وزیراعظم عمران خان اس موقع پر تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم مختلف قومی امور پر ارکان اسمبلی اور سینیٹرز کو اعتماد میں لیں گے۔

ارکان پارلیمنٹ کو قومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس کی حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

اس سے قبل وزیراعظم نے کہا کہ عالمی برادری کی اخلاقی ذمہ داری ہے وہ افغان عوام کو درپیش مسائل کے حل میں مدد کرے۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں لکھا کہ افغانستان میں انسانی بحران سے خبردارکرتا رہاہوں، افغانستان میں انسانی بحران کےخدشہ سےمتعلق ایک بار پھر تنبیہ کررہاہوں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان افغانستان کو ریلیف فراہم کرتارہےگا لیکن اب دنیا کوبھی اقدامات کرنا ہونگے۔

وزیراعظم نے مزید کہاکہ اب اس حوالے سے عالمی ادارہ خوراک کےسربراہ نےبھی الرٹ جاری کردیا ہے۔

شعیب ملک سے شادی کرنے سے متعلق سوال پر عائشہ عمر سیخ پا

معروف پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر نے قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک سے شادی کرنے سے متعلق صارفین کی غلط فہمی دور کردی۔

ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی میں نمیبیا کیخلاف شاندار کارکردگی کے بعد عائشہ عمر نے شعیب ملک کے ہمراہ کرائے گئے تشہیری فوٹو شوٹ کی پرانی تصاویر شیئر کیں جس پر صارفین کے تبصروں کا انبار لگ گیا۔

اداکارہ اور کرکٹر کے اس فوٹو شوٹ پر مداحوں نے سخت تنقید کی جب کہ کچھ افراد نے دونوں کی شادی سے متعلق چہ مگوئیاں بھی شروع کردیں۔

ایک صارف نے تصویر پر کمنٹ کیا کہ کیا آپ دونوں کا شادی کا پروگرام ہے؟

اداکارہ اس تبصرے کو نظر انداز نہیں کرسکیں اور جواب میں کافی طویل کمنٹ کیا۔

عائشہ عمر نے لکھا کہ جی نہیں بالکل نہیں، ان کی شادی ہوچکی ہے اور وہ اپنی بیوی کے ساتھ بہت خوش ہیں۔

عائشہ عمر نے کمنٹ میں شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ میں دونوں کی بہت عزت کرتی ہوں، شعیب اور میں اچھے دوست اور ایک دوسرے کے خیر خواہ ہیں، ہم ایک دوسرے کی عزت کرتے ہیں، ایسے رشتے بھی ہوتے ہیں دنیا میں۔

دورہ پاکستان سے متعلق بعض کھلاڑیوں میں بے چینی ہے: آسٹریلوی کپتان

آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین نے دورہ پاکستان سے متعلق اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

غیر ملکی کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق ٹم پین نے کہا کہ بعض کھلاڑیوں میں پاکستان میں کھیلنےسے متعلق بے چینی پائی جاتی ہے جب کہ بعض کھلاڑی دورے سے متعلق ماہرین کی رائے پر مطمئن ہوجائیں گے، بعض کچھ زیادہ جاننا چاہئیں گے۔

آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک سے دورے سے قبل تمام معاملات پر بات ہوتی ہے اور بات چیت میں جب درست جواب ملتے ہیں تو آرام دہ محسوس کرتے ہیں جب کہ بات چیت کے بعد بہترین ٹیم بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔

ٹم پین نے مزید کہا کہ دورہ پاکستان سے متعلق ابھی بہت کچھ ہونا باقی ہے، کھلاڑیوں کو آرام دہ محسوس کرنے کے لیے سکیورٹی کو دیکھنا ہے، سکیورٹی معاملے میں ہر کوئی انفرادی طور پر فیصلہ کرتا ہے، 2017 میں ورلڈ الیون کے ساتھ دورہ پاکستان میں جو سکیورٹی ملی اتنی زندگی میں نہیں دیکھی، ہمارے اوپر ہیلی کاپٹرز ہوتے تھے اور ہمارے ارد گرد 5 کلومیٹرز تک سڑکیں بند کر دی جاتی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم پاکستان جاتے ہیں تو یہ بہت اچھی بات ہو گی کیونکہ ہم کھیل کی ترقی کا حصہ اور پاکستان جیسے ملک میں کھیلنا چاہتے ہیں البتہ ابھی ہم نے ایشیز سیریزکھیلنی ہے، پھر دیکھیں گے کہ کیا معاملات ہوتے ہیں۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز پی سی بی کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا کہ آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی جو مارچ سے شروع ہوگا۔

ڈینگی آؤٹ آف کنٹرول: پنجاب میں مزید 6 مریضوں سمیت کل 75 ہلاکتیں، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا ڈینگی سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار

ملک بھر میں ڈینگی کے حملے جاری ہیں۔ پنجاب میں ڈینگی سے مجموعی اموات کی تعداد 75 ہوگئی۔ ادھر خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں بھی ڈینگی کے کیسز میں تبزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں مزید 456 مریض رپورٹ ہوئے، ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد 19 ہزار 21 ہوگئی۔ پنجاب میں مزید 6 افراد جان کی بازی ہار گئے، مجموعی اموات کی تعداد 75 ہوگئی، لاہور میں ڈینگی کے اب تک 14 ہزار 145 مریض رپورٹ ہوئے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈینگی سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہلک مرض سے نمٹنے کیلئے مؤثر اقدامات کر رہے ہیں، ڈینگی سرویلنس پلان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، عملے کو فیلڈ میں ہونا چاہیے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سعودی عرب سے صوبائی وزیر صحت اور انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ خراب کارکردگی کی کوئی گنجائش نہیں، جواب طلبی کے ساتھ محکمانہ کارروائی بھی ہوگی، عوام کو صحت کی معیاری سہولتیں بہم پہنچانے کیلئے یکسو اور پرعزم ہیں، شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنا حکومت کا وژن ہے، ڈینگی سے بچاؤ اور سدباب حکومت پنجاب کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں انسداد ڈینگی کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، موثر اقدامات کے ذریعے ڈینگی سے نمٹنے کیلئے کاوشیں کی جا رہی ہیں، ڈینگی سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ ہے، متعلقہ محکموں کا فرض ہے کہ وہ جانفشانی سے انسداد ڈینگی کے وضع کر دہ پلا ن پر عملدرآمد یقینی بنائیں، ڈینگی سرویلنس پلان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، متعلقہ افسران اور عملے کو دفتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں ہونا چاہیئے، ڈینگی پر قابو پانے کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم کی ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز خود نگرانی کریں، ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کیلئے کلینیکل مینجمنٹ پر فوکس کیا جائے، ہسپتالوں میں ڈینگی کے مرض میں مبتلا مریضوں کی مکمل نگہداشت کی جائے، مریضوں کو علاج معالجے کے حوالے سے ہر طرح کی سہولت دی جائے، انسداد ڈینگی کے حوالے سے بہترین کارکردگی پر متعلقہ اضلاع کے افسروں اور عملے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، انسداد ڈینگی کے لئے اجتماعی کاوشوں کو مربوط بناکر رزلٹ دینا ہوں گے۔

اسلام آباد میں بھی ڈینگی کے وار جاری ہیں، مزید 45 کیسز رپورٹ ہوئے، ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد 4 ہزار 167 ہوگئی۔ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں 2 ہزار 3 سو 99 لوگ ڈینگی کا شکار ہیں۔ خیبر پختونخوا میں بھی کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، مزید 136 مریض رپورٹ ہوئے، صوبے میں ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد 8 ہزار 393 ہوگئی۔ پشاور میں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 27 ہے جبکہ صوبے میں اب تک 9 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

بجلی کی قیمت میں ڈھائی روپے سے زائد کا اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(خبریں) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کےمطابق بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 2 روپے 52 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہےکہ ‏بجلی ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے جس کی قیمت میں اضافہ نومبر کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ‏اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور  لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔

نوٹوں کا کوئی نیا ڈیزائن زیر غور نہیں، سول میڈیا پر وائرل خبر کی اسٹیٹ بنک کی جانب سے تردید

کراچی: اسٹیٹ بینک نے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن سے متعلق خبروں پر بیان جاری کردیا۔

اسٹیٹ بینک کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن کے بارے میں گردش کرنے والی خبروں کو جعلی قرار دیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہےکہ کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن کی کوئی تجویزفی الحال زیرغور نہیں۔