دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا ، دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
Monthly Archives: November 2021
حکومتی قرضوں میں 16 ہزار ارب کا اضافہ، سینٹ اجلاس میں انکشاف
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے ایوان کوبتایا کہ گھریلوصارفین کو سردیوں میں دن میں تین وقت صبح دوپہراورشام گیس ملے گی،ملک میں گیس کے ذخائر تیزی سے کم ہورہے ہیں دو سال میں سندھ میں گیس پیداکم اور استعمال زیادہ ہوگا، ایل این جی گھریلوصارفین کو دینے سے شدید نقصان ہوتا ہے،گیس کی قیمتوں میں 2019سے کوئی اضافہ نہیں کیاگیاہے ،اپوزیشن سینیٹرز نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کو ایل این جی مہنگامعاہدہ کرنے پر جیل میں ڈالاتحریک انصاف حکومت نے اس سے بھی مہنگے معائدے کئے ان کو کون جیل میں ڈالے گا؟گیس کی قیمتوں میں 3سو فیصد اضافہ ہوگیا ہے گیس عوام کے پہنچ سے باہر ہوگئی ہے، حکومت نے 4آرڈیننس
سینیٹ میں پیش کردیئے ۔جمعہ کوسینیٹ کااجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاو س میں ہوا۔اجلاس میں وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمدخان نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے سال 2018-19کی سالانہ رپورٹ ایوان میں پیش کی۔اس کے ساتھ سرکاری جائیدادوں (تجاوزات ہٹانے)آرڈیننس2021ّ(آرڈیننس نمبر16بابت2021) اور پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (ترمیمی)آرڈیننس 2021ایوان میں پیش کیا۔
ڈینگی جانیں نگلنے لگا، پنجاب میں اموات کی مجموعی تعداد 90 ہوگئی
ڈینگی جانیں نگلنے لگا، پنجاب میں اموات کی مجموعی تعداد 90 ہوگئی۔ لاہور میں صورتحال بگڑنے لگی۔ اسلا م آباد اور خیبر پختونخوا میں بھی کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔
ملک بھر میں ڈینگی کے وار جاری ہیں۔ پنجاب میں مزید 277 مریض رپورٹ ہوئے، ڈینگی سے مزید چار افراد دم توڑ گئے، جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 90 تک پہنچ گئی۔ لاہور میں سب سے زیادہ 225 کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد 20 ہزار 922 ہوگئی۔
اسلام آباد میں ڈینگی کے مزید 23 مریض سامنے آئے، شہر اقتدار میں ڈینگی کے مجموعی مریضوں کی تعداد 4 ہزار 315 ہے جبکہ اب تک ڈینگی سے 19 افراد جاں بحق ہو چکے۔
خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی کے وار جاری ہیں، مزید 114 مریض رپورٹ ہوئے، جس کے بعد صوبے بھر میں ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد 9 ہزار 91 ہوگئی جبکہ اب تک ڈینگی سے 9 افراد جان کی بازی ہار چکے، پشاور سب سے زیادہ متاثر، کیسز کی مجموعی تعداد 4 ہزار 559 ہے۔
‘یہ وقت ایک دوسرے کا ساتھ دینے اور آگے بڑھنے کا وقت ہے’
شعیب ملک نے ٹوئٹر پر ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی کے قومی اسکواڈ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ٹیم بنانے کیلئے مستقل مزاجی ضروری ہوتی ہے، جب ہم کھیلتے ہیں تو ایک ٹیم کی طرح فتح یاب ہوتے ہیں اور بطور ٹیم ہی شکست سے دوچار بھی ہوتے ہیں۔
کرکٹر نے اپنے پہلے پیغام میں کہا کہ سب سے اہم یہ ہے کہ ہم آخر تک لڑتے ہیں اور اس بار بھی ہم نے ایسا ہی کیا، یہ وقت ایک دوسرے کا ساتھ دینے اور آگے بڑھنے کا وقت ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 11 نومبر کو ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی کا سیمی فائنل آسٹریلیا کیخلاف کھیلا جس میں آسٹریلیا کو 19 ویں اوور میں 5 وکٹوں سے فتح حاصل ہوئی۔
‘اتحادیوں کو ہمیشہ اہمیت دی، ان کیساتھ ورکنگ ریلیشن شپ مزید بہتر بنائیں گے’
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اتحادیوں کو ہمیشہ اہمیت دی، ان کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ مزید بہتر بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مسلم لیگ ق کے تحفظات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ق اہم اتحادی ہے، ہمیشہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر چلنے کی پالیسی اختیار کی ہے، پنجاب میں کبھی سولو پالیسی اختیار نہیں کی، پنجاب میں مشاورت کا عمل ہمیشہ ترجیح رہا ہے اگر اتحادیوں کے کوئی تحفظات ہوئے تو انہیں دور کریں گے، اتحادی ہوں یا مننتخب ارکان ان کی رائے کو ہمشہ وزن دیا ہے، پنجاب میں مشاورت کا عمل ہمیشہ ترجیح رہا ہے۔
ادھر ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا ہے کہ کرپشن کرنے والے پی ڈی ایم کی چھتری تلے جمع ہیں، یہ سیاسی اتحاد نہیں، کرپٹ ٹولے کی پناہ گاہ ہے، فضل الرحمان، شہباز شریف اور بلاول قوم کو گمراہ نہیں کر سکتے، یہ تینوں ایک دوسرے کو دھوکہ دے رہے ہیں، عوام انہیں 2018 کے عام انتخابات میں مسترد کر چکے، قوم ملک کو لوٹنے والوں کے جھانسے میں نہیں آئے گی، آج کراچی میں پی ڈی ایم کا شو ایک بار پھر ناکام رہے گا۔
حسن علی کی اہلیہ نے پاکستان سے دھمکیاں ملنے کی خبروں کی تردید کردی
11 نومبر کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں حسن علی سے شاہین آفریدی کی گیند پر آسٹریلوی بلے باز میتھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ ہوگیا جسے متعدد سوشل میڈیا صارفین نے میچ ہارنے کی وجہ قرار دیتے ہوئے فاسٹ بولر پر تنقید کے تیر برسا دیے۔
ایسے میں ٹوئٹر پر کرکٹر کی اہلیہ سے منسوب اکاؤنٹ سے کی گئی کچھ ٹوئٹس وائرل ہوگئیں جس میں انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو مخاطب کرتے ہوئے ان سے درخواست کی تھی کہ پاکستان کے لوگوں کو تنقید کا نشانہ بنانے سے روکا جائے۔
ٹوئٹس میں مزید لکھا گیا تھا کہ بہت سے پاکستانی مداح یہ سوچتے ہیں کہ میں بھارت کی ایجنٹ ہوں، میچ کے بعد ہمیں دبئی اور پاکستان میں دھمکیاں مل رہی ہیں۔
ٹوئٹ میں مزید لکھا تھا کہ ہماری بیٹی کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے، اگر ہماری حفاظت کیلئے اعلیٰ حکام کی جانب سے کچھ نہ کیا گیا تو میں اپنی بیٹی کے ہمراہ والدین کے پاس بھارتی شہر ہریانہ منتقل ہوجاؤں گی۔
تاہم حسن علی کی اہلیہ نے اس ٹوئٹر اکاؤنٹ کو جعلی قرار دیتے ہوئے اسے فوری رپورٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔
سامعہ آرزو نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری پوسٹ کی اور لکھا کہ اس اکاؤنٹ سے منسوب بہت سے ٹوئٹس زیر گردش ہیں کہ مجھے، حسن اور ہماری بیٹی کو پاکستانی لوگوں سے دھمکیاں مل رہی ہیں جو کہ بالکل غلط ہے بلکہ لوگوں کی جانب سے ہماری حمایت کی جارہی ہے۔
انہوں نے مداحوں سے درخواست کی کہ برائے مہربانی ان ٹوئٹس اور ایسے بیانات پر یقین نہ کیا جائے کیونکہ میرا ٹوئٹر پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے۔
سیمی فائنل میں آسٹریلوی کھلاڑی کی غلطی نے مشکل میں ڈال دیا
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر نے محمد حفیظ کی ڈیڈ بال پر چھکا لگالر اسپورٹس مین اسپرٹ کو نظر انداز کیا جس پر انہیں بعض کرکٹرز کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
ایسے میں سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر نے وارنر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کی حرکت کو شرمناک قرار دیا تھا اور ٹوئٹر پر جاری بیان میں گمبھیر نے بھارتی اسپنر ایشون سے بھی اس پر رائے مانگی تھی۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق بھارتی اسپنر ایشون نے اپنا وزن ڈیوڈ وارنر کے پلڑے میں ڈالتے ہوئے ان کی اس حرکت کی حمایت کی ہے۔
ایشون نے اس حوالے سے اپنے جواب میں وارنر کے شاٹ کو ایک زبردست شاٹ قرار دیا۔ بھارتی اسپنر کا کہنا تھا کہ یقینی طور پر یہ ڈیوڈ وارنر کا ایک بہترین شاٹ تھا جو واقعی زبردست تھا۔
کراچی: پی ڈی ایم کا حکومت مخالف احتجاج، اہم سڑک بند کردی گئی
کراچی: پی ڈی ایم حکومت مخالف ملک گیر احتجاج کا سلسلہ شروع کرنے جارہی ہے، جس کا پہلا پاور شو آج کراچی میں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ حکومت مخالف احتجاج آج کراچی کی مشہور معروف ریگل چوک پر کررہی ہے، احتجاج میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف سمیت دیگر قائدین شرکت کرینگے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان گذشتہ رات سے ہی کراچی میں موجود ہیں اور حکومت مخالف احتجاج کو کامیاب بنانے کے لئے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے کرتے ہوئے انہیں احتجاج میں شامل ہونے کی دعوت دے رہے ہیں۔
دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کا دوپہر2 بجے ریگل چوک پر اجتماع ہوگا، کچھ ہی دیر میں تمام گلیوں کو مکمل طور پربند کردیا جائےگا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ صدر ریگل چوک جانے اور آنے والی سڑک پر پولیس کی نفری پہنچ گئی اور سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔
بائیو سیکیور ببل ختم، حسن علی کا عوام کا سامنا کرنے سے گریز
دبئی: میتھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ کرنے والے حسن علی نے بائیو سیکیور ببل ختم ہونے کے باوجود عوام کے سامنے آنے سے گریز کیا۔
ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ سیمی فائنل میں آسٹریلیا کیخلاف آخری لمحات میں میتھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ کرنے والے حسن علی نے بائیو سیکیور ببل ختم ہونے کے باوجود عوام کے سامنے آنے سے گریز کیا۔
بائیو سکیور ببل ختم ہونے پر کھلاڑی ہوٹل کی لابی میں شائقین سے گھل مل گئے لیکن حسن علی شائقین اور میڈیا کو دیکھ کر واپس چلے گئے۔حارث رؤف اورشاہین شاہ آفریدی نے شائقین سے گفتگو کی، سیلفیزبنوائیں اور آٹو گراف دیے۔
بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے ایک اور سہولت کا اضافہ
مکہ مکرمہ : سعودی وزارت حج و عمرہ نے سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفشل انٹیلی جنس اتھارٹی (سدایا) کے تعاون سے بیرون مملکت سے آنے والے زائرین کے لیے ایک اور سہولت کا اضافہ کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجسنی ایس پی اے کے مطابق بیرون مملکت سے آنے والے زائرین ’قدوم‘ پلیٹ فارم میں اندراج اور مملکت پہنچنے کے بعد ’اعتمرنا‘ اور ’توکلنا‘ ایپس کے ذریعے مسجد الحرام میں نماز، عمرے اور مسجد نبوی میں زیارت کے اجازت نامے جاری کرا سکتے ہیں۔
وزارت حج و عمرہ اور سدایا نے اعتمرنا اور توکلنا ایپس استعمال کرنے والے تمام افراد سے کہا ہے کہ وہ پہلی فرصت میں گوگل پلے اور ایپل سٹور ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے اسے اپ ڈیٹ کر لیں۔
یاد رہے کہ عمرے ،مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز کے اجازت نامے ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والوں کو اعتمرن اور توکلنا ایپس کے ذریعے جاری کیے جاتے ہیں۔
بھان متی کنبہ سے کوئی خطرہ نہیں:PTI کور کمیٹی
سلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل وقت ہے گھبرائیں نہیں، مہنگائی پر قابو پا لیں گے۔جمعہ کووزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کی اندرونی
کہانی سامنے آ گئی، وزیراعظم نے اپوزیشن کے سیاسی معاملات پر گفتگو سے گریز کیا۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس کے دوران معیشت مہنگائی اور عوامی ریلیف کے اقدامات زیر بحث رہے۔وزیراعظم نے ویلفیئر کے حکومتی اقدامات کو عوام تک پہنچانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو آسان الفاظ میں بتائیں کہ حکومت ان کیلئے کیا کر رہی ہے، عام آدمی کا ریلیف اس وقت حکومت کی توجہ کا مرکز ہے۔اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت ہے گھبرائیں نہیں ہم اس پر قابو پا لیں گے۔اس دوران وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر قومی کرکٹ ٹیم کو نہ گھبرانے کا مشورہ دیا، انھوں نے گفتگو کے دوران سیمی فائنل میچ میں شکست کا حوالہ دیا، اور ارکان سے کہا کہ کل کے میچ میں آپ نے دیکھا کیا ہوا؟وزیر اعظم نے کہا کہ پر اعتماد ٹیم جیسے ہی خوف کی جانب گئی تو بولنگ غلط ہونے لگی، بظاہر ٹیم آخر میں دبا کو بہتر طریقے سے ہینڈل نہیں کر سکی، اگر ٹیم آخر تک پر اعتماد رہتی تو نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی برادری صورتحال کی سنگینی کو تسلیم کرے، افغان عوام کی مشکلات کو کم کرنے میں مدد کیلئے منجمد اثاثوں کی بحالی سمیت فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔جمعہ کووزیر اعظم سے ٹرائیکا پلس کے خصوصی نمائندگان برائے افغانستان کی ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران انہوں نے ٹرائیکا پلس میکانزم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے افغانستان کی صورتحال اور چیلنجز پر قابو پانے کے لیے کامیاب خصوصی نمائندگان کو مبارکباد دی اور ٹرائیکا پلس کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر عمران خان نے خطے کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے افغانستان میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلسل کہتا رہا ہوں افغانستان کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، پاکستان نے ہمیشہ ایک جامع سیاسی تصفیے کی حمایت کی۔وزیراعظم نے انسانی حقوق کے احترام اور انسداد دہشت گردی کے پرعزم اقدامات کی اہمیت پر زور دیا اور بین الاقوامی برادری کا افغانستان کے ساتھ عملی اور تعمیری کردار کی اہمیت پر بھی زور دیا۔انہوں نے افغانستان میں انسانی بحران اور اقتصادی تباہی سے بچنے کے لیے بھی اقدامات پر خصوصی طور پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری صورتحال کی سنگینی کو تسلیم کرے، افغان عوام کی مشکلات کو کم کرنے میں مدد کے لیے منجمد اثاثوں کی رہائی سمیت فوری اقدامات کی ضرورت ہے
پی پی اور ن لیگ کا حکومت کو مزید وقت نہ دینے کا فیصلہ ، نواز شریف ضرورت پڑنے پر واپس آئیں گے: ذرائع
پیپلز پارٹی کی لانگ مارچ اور دھرنے کے بجائے مرکز، پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کی تجویز۔ تحریک عدم اعتماد پر تمام جماعتیں متفق اجلاس چند دنوں میں اسلام آباد میں ہوگا۔ خورشید شاہ کی شہباز شریف اور مولانا سے ملاقاتوں کے بعد ناراضگیاں دور ہوجائیں۔ ن لیگ کا مزاحمتی گروپ پی پی سے قربت پر ناراض ۔ نواز کا مذاق اڑانے کا الزام۔ مولانا جلد چودھری برادران سے بھی ممکنا گے۔
’ناچتے سالمات‘ سے جسمانی معذوری کے علاج میں نمایاں کامیابی
الینوائے:
سائنسدانوں نے حرام مغز(اسپائنل کارڈ)میں شدید چوٹ لگنے سے معذور ہونے والے چوہوں کو صرف ایک انجیکشن سے ہی چار ہفتے میں ٹھیک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے ماہرین نے بالکل نئی انجیکشن تھراپی میں خاص قسم کے تھرتھراتے سالمات استعمال (مالیکیول) استعمال کئے ہیں ۔ ایک ہی خوراک سے متاثرہ حرام مغز کے منفی اثرات زائل کئے گئے اور ان کی بافتوں (ٹشوز) میں بحالی بھی دیکھی گئی ہے۔
جرنل سائنس میں 12 نومبر کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق نئے علاج نے کئی طرح سے متاثرہ چوہوں کی کیفیت بحال کی۔ اول، نیورون کے اگلے کنارے یا ایکسون دوبارہ بنے، زخمی ٹشو بہتر ہوگیا، خلیات کے درمیان سگنل بھیجنے والی باریک پرت مائلین بہتر ہوئیں، اورجسمانی حرکت کو یقینی بنانے والے (موٹر)نیورون بہتر ہوئے۔ اس طرح یہ نئی تھراپی بہت ہی مؤثر ثابت ہوئی ہے۔
ناچتے سالمات
اس تھراپی میں استعمال ہونے والے مالیکیول کی حرکت کو خاص انداز سے بدلا گیا ہے تاکہ وہ مستقل تھرتھراتے ہوئے خلوی ریسپٹر سے اچھی طرح جڑسکیں۔ سالمات کو مائع کی حالت میں بدن میں داخل کیا جاتا ہے جہاں وہ ایک جل کی شکل اختیار کرلیتی ہے اور اعصابی خلیات (نیورونز) سے رابطہ کرلیتی ہے۔
سالمات کی تھرتھراہٹ سے ان کی افادیت بڑھ گئی اور اپنا کام کرنے کے 12 ہفتوں بعد وہ ازخود ختم ہوجاتے ہیں جس کا کوئی منفی اثر نہیں پڑتا۔ واضح رہے کہ چوہوں پر تحقیق سے انسانی علاج کا راستہ کھل سکتا ہے کیونکہ ان پر استعمال شدہ ادویہ بعد میں انسانوں پر استعمال ہوتی رہی ہیں۔ اب یونیورسٹی کے پروفیسر سیموئیل آئی اسٹپ نئے علاج کی انسانی آزمائش کے لیے ایف ڈی اے سے رابطہ کررہے ہیں۔
اپنی تمام تر کامیابیوں کے ساتھ تبصرہ نگاروں نے اس تجربے کو انسانوں کے لیے بہت حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔


















