کل سندھ بھر میں چھٹی کا اعلان

کراچی(ویب ڈیسک): وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کل سندھ بھر میں چھٹی کا اعلان کردیا۔

 رپورٹ کے مطابق کراچی میں طوفانی بارشوں کے پیش نظر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کل سندھ بھر میں چھٹی کا اعلان کردیا۔

مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ تمام سرکاری، نیم سرکاری اور نجی ادارے کل بند رہیں گے، اہم خدمات انجام دینے والے ادارے کھلے رہیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلدیات، صحت، واٹر بورڈ، پی ڈی ایم اے، ریونیو دفاتر کھلے رہیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت کی جانب سے 9 اور 10 محرم الحرام کے سلسلے میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔

سندھ غیر متوقع قدرتی آفت سے دو چار ہے، بلاول بھٹو زرداری

(ویب ڈیسک)کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ غیر متوقع قدرتی آفت سے دو چار ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں جاری طوفانی بارشوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز سندھ نے 90 سالہ تاریخ کا بدترین مون سون دیکھا اور آج بھی سندھ میں موسلا دھار بارشیں اور سیلاب جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اس وقت غیر متوقع قدرتی آفت سے دوچار ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں رات سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر کی کئی اہم شاہراہوں پر کئی کئی فٹ پانی موجود ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ شاہراہ فیصل پر مسافروں سے بھری بس پانی میں پھنس گئی، بس میں پھنسے مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

ناظم آباد اور غریب آباد انڈر پاس کو پانی بھر جانے کی وجہ سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔ گجر نالہ بھر جانے سے رحمان آباد اور اطراف کی آبادی میں پانی داخل ہو گیا۔ ایف بی ایریا بلاک 5 کی گلیاں اور مکانات میں کئی کئی فٹ پانی داخل ہو گیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے متعلقہ اداروں کو ملیر میں اسکول کی عمارتیں خالی کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے باعث ملیر اور سکھن ندی میں طغیانی کے باعث لوگ پھنس گئے ہیں۔

کرنٹ لگنے کے خدشے کے پیش نظر شہری انتظامیہ نے لوگوں کو فٹ پاتھ یا سیلابی پانی میں پیدل چلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی۔

بین الاقوامی ایوارڈ پاکستان کی خاتون وکیل کے نام

(ویب ڈیسک)پاکستان کی معروف سماجی و سیاسی کارکن اور انسانی حقوق کے لیے سرگرداں میری جیمز گل نے سینیٹری ورکرز کے لیے اپنی خدمات کے عوض بین الاقوامی ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق اینا لندھ میموریل فنڈ کے اپنے اعلامیے میں کہا گیاہے کہ سینیٹری ورکرز اور دیگر محرومی کے شکار طبقات کے حالات بہتر بنانے کی کوششوں کے عوض اس سال کا ایوارڈ میری جیمز گل کو دئیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ادارے نے اپنے اعلامیے میں مزید کہا ہے کہ میری جیمز گل کی کاوشوں سے پاکستان میں خاکروبوں اور سینیٹری ورکرز کے حالات میں بہتری آئی ہے اور ان کی حفاظت اور عزت وتوقیر میں اضافہ ہوا۔

اینا لندھ میموریل فنڈ نے مزید کہا کہ اس ایوارڈ کے ذریعے دنیا بھر کے سینیٹری ورکرز کے حالات کی طرف توجہ دلانے کی کوشش کی گئی ہے۔

واٹر ایڈ پاکستان سمیت دنیا بھر میں محروم اور غریب ترین طبقات کی صاف پانی، نکاسی آب اور صاف صحتمند ماحول تک رسائی کے لئے کوشاں ہے۔

سابق ممبر قومی اسمبلی میری جیمز گل کو یہ ایوارڈ سینیٹری ورکرز کے لیے چلائی جانے والی مہم ’سوئپرز آر سپر ہیروز‘ کے لیے دیا گیا ہے۔

ایوارڈ کی تقریب 8 نومبر کو کو منعقد ہوگی جو کہ ورلڈ ٹوائلٹ ڈے سے منسوب ہوگی جو 9 نومبر کو منایا جاتا ہے۔

سوئیڈن کے ادارے اینا لندھ میموریل فنڈ کی جانب سے یہ انعام ہر سال ان افراد کی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے جو کسی قسم کے امتیاز، ناانصافی، بے حسی کے خلاف اپنا کردار ادا کرتے ہیں،میری گل کو اس ایوارڈ کے لیے واٹر ایڈ سوئیڈن نے نامزد کیا تھا۔

ورجن اٹلانٹک ایئرویز کا پاکستان کیلئے پروازیں شروع کرنے کا اعلان

اسلام آباد(ویب ڈیسک) : ورجن اٹلانٹک ایئرویز نے پاکستان کیلئے نئی پروازوں کے آغاز کیلئے تیار کرلی، چیف کمرشل آفیسر جوہا جارونین کا کہنا ہے کہ لاہور اور اسلام آباد دونوں ہی مشہور منزلیں، اپنے جہاز پر مسافروں کے استقبال کے منتظر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ورجن اٹلانٹک ایئرویز نے لندن اور مانچسٹر سے پاکستان کیلئے نئی پروازوں کے آغاز کیلئے تیار کرلی ، مسافر ورجن اٹلانٹک ائرویز کی اپر کلاس، پریمیم اور اکانومی لائٹ مناسب پیش کش سے لطف اندوز ہوں گے۔

نئی سروس کا مقصد برطانیہ اور امریکہ میں مقیم شہریو ں کو بہتر ین سہو لیات فراہم کر نا ہے ، کوڈ شیئر اور انٹر لائن شراکت داروں کے ذریعہ بھی یورپی اور شما لی امریکہ کے مقامات سے رابطے دستیاب ہوں گے۔

ورجن اٹلانٹک ائر ویز مسافروں کے علا وہ ایک تیز، موثر کارگو سروس کیلئے نئے مواقع کی پیش کش کرے گا۔

چیف کمرشل آفیسر جوہا جارونین کا کہنا ہے کہ لاہور اور اسلام آباد دونوں ہی مشہور منزلیں، اپنے جہاز پر مسافروں کے استقبال کے منتظر ہیں، برطانیہ جانے اور آنے کیلئے نان سٹاپ پروازیں ہو ں گی، مسافروں کی صحت کی حفاظت کیلئے اعلی معیار کے اقدامات کو یقینی بنانا گیا ہے ۔

جوہا جارونین نے مزید کہا کہ کسٹمر کی مانگ کو دیکھ کر اپنے نیٹ ورک کو وسیع کرنے کا منصوبہ بنا یا تا کہ لو گو ں کو بہترین سفری سہو لیات مہیا کی جا سکیں۔

بر طانیہ کے قائمقام ہا ئی کمشنر ایلیسن بلیک برن کا کہنا ہے کہ ورجن اٹلانٹک کا پاکستان کیلئے پروازیں شروع کرنا روازانہ کی بنیاد پر سفر کر نیوالوں کیلئے با عث مسرت ہیں ، ائر ویز کا خیر مقدم کر نے کے منتظر ہیں ، اس سے دونو ں ممالک میں تجاوتی روابط کو فرو غ ملے گا۔

ارکان قومی اسمبلی کراچی میں لوگوں کی مدد کیلئے حلقے میں نکلیں: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ بالخصوص کراچی کے حالات سے واقف ہوں، ارکان قومی اسمبلی کراچی میں لوگوں کی مدد کیلئے حلقے میں نکلیں۔

وزیراعظم نے گورنرسندھ عمران اسماعیل کو ٹیلیفون کر کے بارشوں سے ہونیوالے نقصان پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا گورنرسندھ لوگوں کو ریلیف کے لیے اقدامات کریں، متاثرہ شہریوں کو کھانے پینے کی اشیا بر وقت فراہم کی جائیں، نشیبی علاقوں میں متاثرین کو مناسب مقامات پر پہنچایا جائے۔

 ادھر کراچی میں موسلا دھار بارش نے شہر کے بیشتر علاقوں کو ڈبو دیا، شاہراہیں، گلیاں، بازار ندی نالوں میں تبدیل ہوگئے، شہر کے بیشتر علاقے کمر کمر تک پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ موٹر سائیکلیں، گاڑیاں، منہ زور پانی کے رحم پر کرم پر ہیں۔ بیشتر علاقوں کے مکینوں نے گھر کی چھتوں پر پناہ لے رکھی ہے۔

ایم اے جناح روڈ، تبت سینٹر کے قریب بھاری کنٹینروں کو پانی میں تیرتا دیکھ کر شہری حیران ہو گئے۔ شہریوں کی کنٹینرز کو مصروف شاہراہوں سے ہٹانے کی کوشش بے سود رہی۔ ملیر، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، پی ای سی ایچ سوسائٹی سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہو گئی۔

اورنگی ٹاؤن، نیو کراچی، لائنز ایریا، پی آئی بی کالونی، ملیرسٹی رفیع گارڈن میں بتی گل ہے۔ محمودآباد، منظورکالونی، لیاقت اشرف کالونی سمیت دیگر علاقے بھی متاثر ہیں۔ کے الیکٹرک ذرائع کا کہنا ہے متعدد فیڈرز حفاظتی اقدامات کے تحت بند کئے گئے۔

نیوزی لینڈ کی مساجد میں نمازیوں کو شہید کرنے والے دہشتگرد کوعمر قید کی سزا

(ویب ڈیسک)کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کی مساجد میں 51 نمازیوں کو شہید کرنے والے دہشتگرد برینڈن ٹیرنٹ کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔

بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہرکرائسٹ چرچ کی النور مسجد اور لنووڈ اسلامک سینٹر میں فائرنگ کرکے 51 نمازیوں کو شہید کرنے والے دہشتگرد برینڈن ٹیرنٹ کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔

خبر ایجنسی کے مطابق 29 سالہ آسٹریلوی شہری برینڈن ٹیرنٹ نے پہلے صحت جرم سے انکار کیا تاہم بعد میں جرم قبول کرلیا جب کہ نیوزی لینڈ کی تاریخ میں پہلی بار کسی ملزم کو بغیر پیرول کے عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا ایڈرن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دہشت گرد برینڈن ٹیرنٹ عمر قید کی سزا کا ہی مستحق تھا۔

واضح رہے کہ برینڈن ٹیرنٹ نے 15 مارچ 2019 کو کرائسٹ چرچ کی 2 مساجد میں فائرنگ کرکے 51 افراد کو شہید اور 40 کو زخمی کر دیا تھا۔

ماہرین کے مشورے پر تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولے جائیں گے: این سی او سی

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ماہرین کے مشورے پر تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولے جائیں گے۔

این سی او سی کے اعلامیے کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں ایک نکاتی ایجنڈے پر غور ہوا جس میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، مدارس کےنمائندوں، آزادکشمیر،گلگت بلتستان اور صوبائی حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جب کہ اجلاس کا مقصد فریقین میں تعلیمی ادارےکھولنے پر اتفاق رائے پیدا کرنا تھا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ تعلیمی ادارے حتمی فیصلے سے پہلے احتیاطی تدابیر اور انتظامات مکمل کرلیں۔

اعلامیے کے مطابق ماہرین کے مشورے پر تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولے جائیں گے،  پہلے مرحلے میں جامعات ،کالج، ہائی اسکول متبادل دن سےکھولے جائیں گے جب کہ تعلیمی اداروں میں اجتماعات اور ہم نصابی سرگرمیوں پرپابندی ہوگی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حتمی فیصلے سے پہلے تمام تعلیمی اداروں کو کورونا پروٹوکولز پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بریفنگ میں کہا کہ تعلیمی ادارے کھولنےکا حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو اجلاس میں کیا جائے گا، تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق دو طرح کے چینلجز درپیش ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا  کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کی نگرانی کی جائے گی۔

لائیو: کراچی میں طوفانی بارش کا ایک اور اسپیل، بیشتر علاقوں میں بجلی معطل، حد نگاہ بھی کم ہوگئی

کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے شہر کی سڑکیں ایک بار پھر تالاب بن گئیں جب کہ شدید بارش سے حد نگاہ بھی کم ہوگئی۔

کراچی میں جاری مون سون کے اسپیل نے شہر کو ایک بار پھر پانی پانی کردیا ہے، جمعرات کی صبح کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

ملیر، قائدآباد، نیشنل ہائی وے، شارع فیصل، لیاری، آئی آئی چند ریگر روڈ، صدر، اولڈ سٹی ایریا، قیوم آباد، کورنگی، نارتھ کراچی، راشد منہاس روڈ، یونیورسٹی روڈ، حسن اسکوائر، نمائش، گرومندر، لانڈھی، گلشن حدید، ملیر اور ناظم آباد سمیت مختلف علاقوں میں صبح سے ہی تیز بارش شروع ہوگئی۔

موسلا دھار بارش سے شہر کی اہم شاہراہوں پر ایک بار پھر پانی جمع ہوگیا ہے جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔

شہر میں شدید بارش کے باعث حد نگاہ بھی انتہائی کم ہوگئی اور دوپہر کے اوقات میں اندھیرا چھانے سے گاڑیوں کی ہیڈ لائٹس جلاکر سفر کیا جارہا ہے۔

’ رات 11 بجے تک بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے‘

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج ہلکی تیز بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتی ہے اور سہہ پہر میں بارش تیز ہوسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بحیرہ عرب میں بننے والا سسٹم کمزور پڑ رہا تھا لیکن بارش کا سسٹم کمزور ہونے کی بجائے دوبارہ زور پکڑ رہا ہے، کمزور ہوتا سسٹم بلوچستان سے آنے والے سسٹم سے مل کر مضبوط ہوگیا، بلوچستان سے آنے والے سسٹم کے بقیہ حصے نے اسے مضبوط کردیا اور دباؤ کے زیر اثر کراچی میں بادل برس رہے ہیں۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر میں رات 11 بجے تک بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے اور کل بھی بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

سردار سرفراز نے مزید بتایا کہ 10 محرم کو بھی کراچی میں معتدل بارش کا امکان ہے۔

بجلی کی فراہمی معطل

شہر میں بارش کے باعث کے الیکٹرک کے متعدد فیڈرز ٹرپ گئے جس سے شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہے۔

گارڈن، ملیر، جعفر طیارسوسائٹی، غریب آباد، علیم آباد، شبانہ ٹاؤن، مہران گوٹھ،، صدر، اولڈ سٹی ایریا، ڈیفنس، پی ای سی ایچ ایس، محمودآباد، کلفٹن، شاہ فیصل کالونی،گلستان جوہر، گلشن اقبال، گلبرگ، ایف سی ایریا، رنچھوڑ لائن، جوبلی، کھارادر، لیاری،نشتر روڈ، لسبیلہ، منظور کالونی، کشمیر کالونی، دادا بھائی ٹاؤن، قیوم آباد، کھوکھراپار، سعود آباد، گلبہار، گولیمار، رضویہ، پٹیل پاڑہ، پاک کالونی، شاہ لطیف ٹاؤن، بن قاسم، رزاق آباد، قائد آباد اور ملحقہ علاقے بجلی سے محروم ہیں۔

بجلی بحالی کا وقت نہیں بتا سکتے: کے الیکٹرک

کے الیکٹرک ذرائع کا کہنا ہےکہ کچھ علاقوں میں حادثات سے بچنےکے لیے بجلی بند کی گئی ہے اور بجلی بحالی کا وقت نہیں بتا سکتے، نشیبی علاقوں میں نکاسی کے بعد بجلی بحالی کا کام شروع ہوگا۔

ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ بارش کی صورت میں احتیاط کریں، غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول جان لیوا ہے، شہری ٹوٹے ہوئے تاروں،کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں۔

کراچی: پانی کی نکاسی کے لئے انتظامیہ کام کر رہی ہے،کمشنر کراچی

واضح رہے کہ کراچی میں اگست میں ہونے والی ریکارڈ بارشوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے جس میں سرجانی ٹاؤن سمیت بعض علاقوں میں گھروں میں پانی بھرنے سے لوگ نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

منی لانڈرنگ کیس: سلیمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

لاہور: احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت لاہور کی احتساب عدالت میں ہوئی۔

کیس کی سماعت کے دوران شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حاضری لگا کر انہیں جانے کی اجازت دیدی گئی جب کہ سلیمان شہباز آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

عدالت نے سلیمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے سلیمان شہباز کے وارنٹ سے متعلق آئندہ سماعت پر رپورٹ بھی طلب کر لی۔

عدالت نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کو نوٹس جاری کر کے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔

عدالت نے شہباز شریف کی دونوں بیٹیوں رابعہ عمران اور جویریہ علی کو بھی طلب کر لیا۔

اس کے علاوہ عدالت نے شہباز شریف کے داماد ہارون یوسف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

عدالت نے کمرہ عدالت میں موجود ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں تقسیم کرنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی

ٹائیگر فورس سرکاری افسروں کی نگرانی کریگی

وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کے ذریعے ای گورننس سسٹم لانے کی منظوری دے دی۔

ٹائیگر فورس مقامی سطح پر گورننس کے معاملات رپورٹ کر سکے گی اور تھانے، کچہری، لینڈ ریکارڈ، بجلی چوری کی شکایات پر بھی نظر رکھے گی۔

ای گورننس سسٹم کی منظوری کے بعد ٹائیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، صحت کی سہولتوں کے حوالے سے بھی رپورٹ کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ گورننس سسٹم بہتر بنانے کے لیے نوجوانوں کا تعاون درکار ہے، نوجوانوں کو سسٹم بہتر بنانے کے موقع دیں گے۔

جرمنی: سکھ اور کشمیری کمیونٹی کی جاسوسی کرنے والابھارتی شہری گرفتار

جرمنی(ویب ڈیسک) سکھوں، کشمیریوں کی تحریک اور رشتہ داروں کی معلومات بھارتی قونصل خانے کو فراہم کرتا تھا۔ جنوری ۵۱۰۲سے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کیلئے کام کرنے کا الزام ہے۔ بلویرایس کیخلاف فرینکفرٹ کی عدالت میں مقدمے کا آغاز ہوگیا۔ جاسوس کیخلاف مقدمے کی ۰۱ سماعتیں ہوچکیں، آخر ی سماعت اکتوبر میں ہوگی۔ گزشتہ برس ایک بھارتی جوڑے کو بھی جاسوسی پر ۰۱ ماہ قید و جرمانہ کی سزا ہوچکی ہے۔

حب ڈیم 13 سال بعد مکمل بھر گیا، اسپل ویز سے پانی کے اخراج کا امکان

کراچی کو پینے کا اضافی پانی اور بلوچستان کے کئی علاقوں کی آبی ضروریات پوری کرنے والے حب ڈیم میں سطح آب 13 سال بعد ساڑھے 338 فٹ کا نشان عبور کر گئی ہے، آج کسی بھی وقت ڈیم کے اسپل ویز سے اضافی پانی کا اخراج شروع ہو سکتا ہے۔

واپڈا ذرائع کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے پہاڑی سلسلے تک پھیلے حب ڈیم کے کیچمنٹ ایریا میں حالیہ بارشوں کے بعد 3 روز کے دوران حب ڈیم میں 8 فٹ سے زائد کی سطح پانی آچکا ہے اور گذشتہ ایک رات کے دوران حب ڈیم میں پانی کی سطح 2 فٹ بلند ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کیچمنٹ ایریا سے بارشوں کے پانی کے مزید ریلے حب ڈیم پہنچ رہے ہیں، 339 فٹ کی سطح پر آج کسی بھی وقت حب ڈیم کے اسپل ویز سے پانی کا اخراج شروع ہو سکتا ہے۔

اس موقع پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حب ڈیم کے انتظامی ادارے واپڈا کے حکام اور ایریگیشن کے افسران حب ڈیم پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ہنگامی صورتحال میں حب ڈیم کے نیچے کی آبادیوں سے دلیل نظامیہ کی جانب سے انخلا کرایا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپل ویز سے پانی کے ازخود اخراج سے قبل حب ڈیم کے ہنگامی گیٹ کھولے جا سکتے ہیں، حب ڈیم مکمل بھرنے پر اضافی پانی حب ندی کے راستے سمندر میں گرنے لگتا ہے۔

ذرائع کے مطابق مون سون کی حالیہ بارشوں کے بعد حب ڈیم میں 30 فٹ سے زائد پانی آچکا ہے۔

واپڈا کے متعلق افسر سہیل صدیقی کے مطابق اب ٹیم آخری مرتبہ سال 2007 میں مکمل طور پر بھرا تھا، بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے سال پہلے ایسی صورت حال پیدا ہو گئی تھی کہ ڈیم سے پانی کا اخراج بند ہو گیا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ 45 کلو میٹر کے علاقے تک پھیلے حب ڈیم سے دو نہریں نکلتی ہیں جن میں سے ایک کینال حب ڈیم کے اطراف کے بلوچستان کے علاقوں کی زرعی ضروریات کا پانی فراہم کرتی ہیں جبکہ دوسری جانب کی حب کینال سے کراچی کے غربی علاقوں کو پینے اور دیگر استعمال کے لیے یومیہ 100 ملین گیلن پانی سپلائی کیا جاتا ہے۔

واٹر بورڈ ذرائع کے مطابق حب ڈیم میں پانی کا یہ ذخیرہ کراچی کو سپلائی کرنے کے لئے آئندہ 3 سال تک کے لیے کافی ہے۔

نواز شریف خود واپس آجائیں ورنہ انہیں واپس لایا جائے گا، یاسمین راشد

ویب ڈیسک : وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدکا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف مفرور ہیں، اب ان کی ضمانت نہیں ہو سکتی، وہ خود واپس آجائیں ورنہ انہیں واپس لایا جائے گا۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو انسانی ہمدردی کے باعث علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی تھی اور ان کے بھائی شہباز شریف نے ان کی ضمانت دی تھی، اس لیے اگر نواز شریف کا علاج ہوگیا ہے تو انہیں چاہیے کہ وہ واپس آجائیں۔

نواز شریف کے واپس نہ آنے کی صورت میں شہباز شریف کے بطور ضامن گرفتاری کے سوال پر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ان کی گرفتاری کا فیصلہ محکمہ داخلہ کو کرنا ہے۔

اس سوال پر کہ کیا نواز شریف لندن میں علاج کروارہے ہیں یا سیر سپاٹے کررہے ہیں، یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ یہاں پر ڈاکٹروں نے انہیں جو دوائیاں دی تھیں لگتا ہے ان کا اچھا اثر ہوا ہے اور جس طرح وہ لندن میں سیر سپاٹا کررہے ہیں اس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ ٹھیک ہیں، اس لیے انہیں واپس آجانا چاہیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن کی سڑک پر بیٹے کے ساتھ چہل قدمی کی نئی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس پر حکومتی حلقوں کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے۔

اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ نواز شریف بیماری کا بہانہ بناکر چلے گئے، انہیں واپس لانا ضروری ہوگیا جب کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی اس حوالے سے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی ہے۔

دوسری جانب نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس سے متعلق بھی بعض حکومتی وزرا نے شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے تاہم وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس میں جعل سازی کی تردید کی ہے۔