گیٹ کیپر سے اداکار بننے والے طلعت حسین تاخیر سے ایوارڈ ملنے پر بول پڑے

(ویب ڈیسک)اداکاری، صداکاری اور فنون لطیفہ کو اپنی زندگی کا نصف سے زائد حصہ دینے والے سینئر اداکار طلعت حسین کو حال ہی میں حکومت پاکستان نے ان کی اداکاری کے باعث سول صدارتی ایوارڈ دینے کا اعلان کیا تھا۔

صدر پاکستان کی جانب سے 79 سالہ طلعت حسین کو ان کی شاندار اداکاری کے باعث ستارہ امتیاز ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا تھا اور انہیں پہلی بار حکومت کی جانب سے اعلیٰ سول ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

طلعت حسین کو حکومت پاکستان کی جانب سے آئندہ برس 23 مارچ کو ستارہ امتیاز سے نواز دیا جائے گا اور ان کے ساتھ ہی دیگر 184 شخصیات کو بھی ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔

طلعت حسین سمیت متعدد اداکاروں، فنکاروں، سیاستدانوں اور سماجی رہنماؤں کو حکومت کی جانب سے زائد العمری میں ایوارڈز دیے جا رہے ہیں، جس پر کچھ لوگوں نے مایوسی کا اظہار بھی کیا۔

طلعت حسین کو بھی 50 سال سے زائد کا عرصہ اداکاری کرنے کے بعد ستارہ امتیاز دیا جا رہا ہے اور ایوارڈ دینے میں اتنی تاخیر پر ان کے مداحوں نے مایوسی کا اظہار بھی کیا مگر خود اداکار اس حوالے سے منفرد رائے رکھتے ہیں۔

حکومت کی جانب سے تاخیر سے ایوارڈ دیے جانے کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے  بتایا کہ انہیں اتنی تاخیر سے حکومت کی جانب سے اعلیٰ سول ایوارڈ دیے جانے پر کوئی اعتراض نہیں۔

طلعت حسین کا کہنا تھا کہ جو انہیں تاخیر سے ایوارڈ دیے جانے کی باتیں کر رہے ہیں وہ لوگ اپنی ذہنی استطاعت کے مطابق باتیں کر رہے ہیں اور انہیں ایسی باتوں پر کوئی یقین نہیں۔

طلعت حسین نے واضح کیا کہ اداکار ایوارڈ کے لیے کام نہیں کرتے۔

طلعت حسین نے حالیہ پاکستانی ڈراموں کی کہانیوں پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تو آج کل کے ڈراموں کے اسکرپٹ ہی سمجھ نہیں آتے اور اسی وجہ سے ہی وہ آج کل کام نہیں کرتے۔

ساتھ ہی انہوں نے اعتراف کیا کہ اب انہیں اداکاری کی پیش کش بھی نہیں ہوتی تاہم انہوں نے اداکاری کی پیش کش نہ ملنے کی وجوہات بیان نہیں کیں۔

انٹرویو میں طلعت حسین نے انکشاف کیا کہ والد کی وفات کے بعد گھر میں مالی مشکلات کے باعث انہوں نے کم عمری میں ہی نوکری کرنا شروع کی تھی اور ایک دوست نے انہیں سینما کے گیٹ کیپر کی نوکری دلوائی تھی۔

طلعت حسین نے بتایا کہ ان کے دوست نے انہیں کراچی کے لیرک سینما میں گیٹ کیپر کی نوکری دلوائی مگر وہاں کے مینیجر نے دیکھا کہ وہ تعلیم یافتہ ہیں تو انہوں نے انہیں ایڈوانس بکنگ سیکشن میں رکھوادیا۔

سینما کے گیٹ کیپر سے اداکار بننے والے طلعت حسین کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر انہوں نے ریڈیو پاکستان میں صداکاری کے کیریئر کا آغاز کیا تاہم بعد ازاں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے منیجر ڈائریکٹر (ایم ڈی) اسلم اظہر نے انہیں اداکاری پر توجہ دینے کا کہا اور پھر 1964 کے بعد ان کی اداکاری کا آغاز ہوا۔

اداکاری میں قدم رکھنے کے چند سال بعد ہی طلعت حسین اداکاری کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے لندن چلے گئے اور وہاں بھی انہوں نے اسٹیج و تھیٹر پر کام کرنے سمیت نشریاتی اداروں کے ساتھ بھی کام کیا۔

لندن سے واپسی کے بعد انہوں نے ایک بار پھر اداکاری کا آغاز کیا اور انہوں نے گزشتہ 5 دہائیوں میں پی ٹی وی کے درجنوں ڈراموں میں شاندار کردار ادا کیے۔

طلعت حسین نے کچھ فلموں میں بھی کام کیا جب کہ انہوں نے اسٹیج تھیٹرز میں بھی جوہر دکھائے اور کئی منصوبوں میں وائس اوور بھی کیا۔

زائد العمری کے باعث اب طلعت حسین ٹی وی پر کم دکھائی دیتے ہیں تاہم اس باوجود انہیں شوبز کی تقریبات میں دیکھا جاتا ہے۔

کراچی میں بارش سے تباہی، ‘ہمیں حالات سے سبق سیکھ کر آئندہ کی پلاننگ کرنی چاہیے’

اسلام آباد (ویب ڈیسک): وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچوہدری نے کراچی میں بارش سے تباہی پر کہا کہ ہمیں حالات سے سبق سیکھ کر آئندہ کی پلاننگ کرنی چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ مسئلہ یہ ہے آج بارش ختم ہوتی ہے چنددنوں میں حالات معمول پرآجاتے ہیں ، ہم سب کچھ بھول کر زندگی گزارنا شروع کر دیں گے، اگلے سال پھر بارشیں ہوں گی،معمولات زندگی میں تعطل آئےگا ، پھرشوراٹھے گا، ہمیں حالات سےسبق سیکھ کر آئندہ کی پلاننگ کرنی چاہیے۔

یاد رہے وفاقی وزیرفوادچوہدری کا کہنا تھا کہ کراچی بارشوں نےمضبوط مقامی حکومتوں کےنظام کی اہمیت کو اجاگر کیا ، 22کروڑ کی آبادی کے ملک کو1935 کے نظام کے تحت نہیں چلایا جا سکتا، ایک اہل آرگنائزیشنل نیٹ ورک ہونا چاہئے جو مقامی ضرورتوں کو سمجھتا ہو۔

انھوں نے کہا تھا کہ روایتی انتظامیہ،وزرائےاعلیٰ اوسط درجےکےہوں انتظامی امورنہیں چلا سکتے، آج شہری سہولتیں نہیں، پولیس نظام تباہ ، تعلیم وصحت تسلی بخش نہیں ، صوبائی حکومتوں کی نااہلی پر سیاسی جماعتوں کوسوچنے کی ضرورت ہے۔

نواز شریف نے عدالتی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی

سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایون فیلڈ اور  العزیزیہ اسٹیل ملز  ریفرنس میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی۔

نواز شریف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں کل کی حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائر کر دی۔

سابق وزیراعظم نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ بیماری کی وجہ سے بیرون ملک زیر علاج ہوں، بیماری کی وجہ سے حاضر نہیں ہوسکتا لہذا استثنیٰ دیا جائے۔

خیال رہے کہ ایون فیلڈ، العزیزیہ ملز اور فلیگ شپ ریفرنس کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کل ہو گی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ کل سماعت کرےگا، بینچ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ہے۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں سزاوں کے خلاف نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر نے اپیلیں کر رکھی ہیں۔

نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر ایون فیلڈ کیس میں ضمانت پر ہیں جب کہ نواز شریف نے العزیزیہ اسٹیل ملز میں سزا کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔ نیب نے بھی العزیزیہ کیس میں نواز شریف کی سزا بڑھانے کی اپیل کر رکھی ہے۔

احتساب عدالت نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کو بری کر دیا تھا جس کے خلاف نیب نے اپیل کر رکھی ہے۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نواز شریف کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی جب کہ اسی ریفرنس میں مریم نواز کو7 سال اور کیپٹن صفدر کو ایک سال قید سنائی گئی تھی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ کیس میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزائیں معطل کر دی تھیں جب کہ سپریم کورٹ نے بھی ایون فیلڈ کیس میں تینوں کی سزائیں معطل رکھنےکا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔

احتساب عدالت نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف نواز شریف نے اپیل دائر کر رکھی ہے۔

نیب نے العزیزیہ ریفرنس میں بھی نواز شریف کی سزا بڑھانے کے لیے اپیل دائر رکھی ہے۔

کراچی میں آج بھی بارش کی پیشگوئی

کراچی: محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ شہر میں گزشتہ رات بارش یا بوندا باندی نہیں ہوئی البتہ آج شام یا رات معتدل اور کہیں تیزبارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہواؤں کا زیادہ تر اثر مشرقی اور وسطی سندھ پرہے جب کہ سندھ کے بعد ہواؤں کا رخ جنوبی پنجاب اورشمال کی جانب ہو گا جس سے پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر اور ٹھٹھہ میں بادل جم کر برسے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور کئی علاقوں کی بجلی بھی معطل ہوگئی۔

اس کے علاوہ اسلام آباد، پاکپتن، سیالکوٹ، چیچہ وطنی، جہلم اور نکیال آزاد کشمیر سمیت گردونواح میں موسلادھار بارش ہوئی ہے۔

 

وزیراعظم عمران خان کا عاشورہ کے پُرامن انعقاد پر قوم کا شکریہ

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے  عاشورہ کے پُرامن انعقاد پر قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ واریت کے شعلے بھڑکانے کی کوشش کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہاعاشورہ کے پرامن انعقاد پر قوم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، بعض عناصرنےفرقہ واریت کےشعلےبھڑکانےکی کوشش کی، ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کروں گا۔

یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے یوم عاشورکےموقع اپنے پیغام میں کہا تھا کہ آج مسلمان امام حسینؓ کی لازوال قربانی کی یادتازہ کرتے ہیں، جذبہ شبیری مسلمانوں کے ایمان ویقین کوجلا بخشتا ہے، کشمیریوں نےحق پرقائم رہتےہوئےسنت امام حسینؓ کو زندہ رکھا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہدائے کربلا کی قربانی ہمیں تین اہم پیغامات دیتی ہے ، دوام انہیں ملتا ہے جو ناانصاٖفی کے خلاف جانوں کی عظیم قربانی دیتے ہیں،محض امیر،طاقتور اور تعلیم یافتہ بننے سے دوام نہیں ملتا،تاریخ میں بہت سےمسلمانوں کو واقعہ کربلا سے ترغیب ملی۔

عمران خان نے کہا تھا کہ واقعہ کربلا سے متاثرمسلمانوں نے تسلط،نوآبادیات اور ناانصافی کے خلاف جانیں قربان کیں،آج مقبوضہ کشمیر میں جبر اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد جاری ہے، بہادر کشمیری بدترین فوجی قبضے کے خلاف لڑ رہے ہیں۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں نبردآزما کشمیریوں کو واقعہ کربلا سے سبق لینا چاہیے،واقعہ کربلاکی طرح ظلم کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد کامیاب ہوگی۔

آج مسلمان امام حسینؓ کی لازوال قربانی کی یادتازہ کرتے ہیں، جذبہ شبیری مسلمانوں کے ایمان ویقین کوجلا بخشتا ہے، کشمیریوں نےحق پرقائم رہتےہوئےسنت امام حسینؓ کو زندہ رکھا ہے۔ .

بھارت اور چین کے درمیان سرحدی تنازع ایک بار پھر گرم

بھارت اور چین کے درمیان سرحدی تنازع نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا ہے۔

لداخ کے علاقے گلوان میں 15 جون کو بھارت اور چین کی افواج کے درمیان جھڑپوں میں بھارتی فوج کے افسران سیت 20 فوجی مارے گئے تھے۔

گزشتہ تین ماہ سے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم اونٹ کسی کروٹ بیٹھنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔

اب بھارت کی جانب سے چین کی پیپلز لبریشن آرمی پر لائن آف ایکچوئل کنٹرول کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان سرحدی تنازع ایک بار پھر سر اٹھانے لگا ہے۔

بھارتی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ پی ایل اے نے 29 اور 30 اگست کی شب ایل او اے سی پر اشتعال انگیز نقل و حرکت کی جسے روک دیا گیا۔

بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ صورت حال پر قابو پانے کے لیے بریگیڈ کمانڈر سطح کی فلیگ میٹنگ چوشول پر ہو رہی ہے۔

پانی کی سطح بلند: راول ڈیم کے اسپل ویز کھول دیے گئے

اسلام آباد : راول ڈیم  میں پانی کی سطح بلند ہونے پر اسپل ویز کھول دیے گئے۔

راول ڈیم انتظامیہ کے مطابق پانی کا لیول 1751.90 فٹ بلند ہونے پراسپل ویز کھولے گئے جو کچھ گھنٹے کھلے رہیں گے۔

ڈیم انتظامیہ کا کہنا ہےکہ پانی کے اخراج سے قبل سائرن بجائے گئے جس کا مقصد قریبی آبادیوں کو الرٹ کرنا تھا۔

انتظامیہ کے مطابق راول ڈیم کےاسپل ویز تیزبارش اور مزید پیش گوئی کے بعد کھولے، ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 1752 فٹ ہے جو مکمل ہوچکی ہے۔

سندھ کا وفاق سے کسانوں کے زرعی قرضے، ٹیکس معاف کرنے کا مطالبہ

سندھ حکومت نے شدید بارشوں کی وجہ فصلوں اور کھیتوں کو پہنچنے والے نقصانات کے سبب وفاق سے کسانوں کے زرعی قرضہ جات اور ٹیکس معاف کرنے کا مطالبہ کردیا۔

وزیر زراعت سندھ اسمٰعیل راہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت کسانوں کے زرعی قرض اور ٹیکس معاف کرنےکا اعلان کرے۔

خیال رہے کہ مون سون کے چھٹے اسپیل کے دوران سندھ کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں کی نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔

شہری علاقوں کے ساتھ سندھ کے دیہی علاقوں میں بھی بارشوں نے خاصی تباہی مچائی اور متعدد گاؤں سیلاب کی زد میں آگئے تھے جبکہ فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

جس کے بعد صوبائی حکومت نے صوبے کے 4 ڈویژن کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص اور شہید بینظیر آباد (نواب شاہ) میں موجود 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا تھا۔

صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ سندھ حکومت کاشت کاروں کی بحالی کے لیے تمام اقدامات کرے گی اور متاثرہ فصلوں کے صوبائی زرعی ٹیکس معاف کیے جائیں گے۔

اسمٰعیل راہو کا کہنا تھا کہ وفاق کی غلط پالیسی کی وجہ سے زرعی شعبہ پہلے ہی شدید دباؤ میں ہے، کھاد، زرعی ادویات، ڈیزل، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے زراعت ناممکن بنا دی ہے اور ملک کا کاشتکار مقروض در مقروض ہوتا جارہا ہے۔

انہوں نے ،مطالبہ کیا کہ وزیراعظم سندھ میں حالیہ بارشوں سے متاثرہ اضلاع کے کسانوں کے زرعی قرضے اور ٹیکس کی معافی کا اعلان کریں۔

صوبائی وزیر زراعت نے بتایا کہ آفت زدہ اضلاع حالیہ بارشوں سے شدید متاثر ہوئے ہیں, کپاس، ٹماٹر، مرچ اور دیگر نقدآور فصلیں مکمل تباہ ہوچکی ہیں جبکہ چاول، گنے اور باغات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ زرعی ترقیاتی بینک اور دیگر کمرشل بینکوں کے 2020 کے تمام زرعی قرضہ جات معاف اور پرانے زرعی قرضوں کی وصولی میں ایک سال کی چھوٹ دی جائے اس کے ساتھ کاشتکاروں کو بغیر سُود اور آسان شرائط پے نئے قرضے دیے جائیں۔

خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے بارش کے نتیجے میں مکانوں اور فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کے سروے کی ہدایت اور کراچی، حیدر آباد، میرپورخاص کے ڈپٹی کمشنرز کو 50 لاکھ روپے جاری کردیے تھے۔

حکومت نواز شریف پر بحث چھیڑ کر مسائل سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے: رانا ثناءاللہ

مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر و رکن قومی اسمبلی رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ حکومت کو اندیشہ ہےکہ کہیں نوازشریف واپس نہ آجائے، حکومت نواز شریف کے بارے میں بحث چھیڑکر مسائل سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔

 رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ حکومت نےخود نوازشریف کو باہر بھیجا، جس کیس میں نوازشریف کو سزا ہوئی، اس میں وہ بری ہونے والے ہیں، سزاسنانے والاجج بھی مس کنڈکٹ کا مرتکب ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی پہلی ترجیح علاج ہے، کورونا کی وجہ سے نوازشریف کا علاج تاخیرکا شکار ہوا، اکتوبر تک علاج کے معاملات حل ہوں گے تو اس کے بعد وطن واپسی ہوگی، بیماری کی نوعیت ایسی ہےکہ تھوڑی سی بھی بے احتیاطی مسائل پیدا کرسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چھوٹی سوچ کے مالک لوگ نوازشریف کی صحت پر سیاست کررہے ہیں، ہر کسی کو سازش کرکے سزا نہیں دلائی جاتی، نوازشریف کا بطور قیدی دوسرے قیدی سے موازنہ نہیں کرایا جاسکتا، حکمرانوں کے جھوٹ اور سازشیں بے نقاب ہوچکی ہیں، مسلم لیگ ن کا کوئی نقصان نہیں ہورہا۔

صدر ن لیگ پنجاب کا کہنا تھا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس( ایف اے ٹی ایف) پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے قومی سلامتی کے اداروں کے کہنے پر حکومت سے مذاکرات کیے، چھوٹی جماعتوں کواعتماد میں نہ لینے سے ان میں بے اعتمادی پیدا ہوئی۔

اپوزیشن اتحاد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تمام جماعتیں اپوزیشن کےاتحاد میں شامل ہوں گی اور ہم مولانا فضل الرحمان کو لکھ کر دینےکے لیے تیار ہیں، شہباز شریف انگوٹھا بھی ثبت کریں گے، ایک دوسرے پراعتماد اور ساتھ چلنےکی ضرورت ہے، اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس (اےپی سی) جو فیصلہ کرےگی ن لیگ اس کے ساتھ ہوگی۔

مریم نواز کا یکم ستمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے یکم ستمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز نے اپنی لیگل ٹیم کو انتظامات کرنے کی ہدایت کردی ہے اور وہ یکم ستمبر کو مری سے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچیں گی۔

خیال رہے کہ مریم نواز نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹنس کیس میں سزا کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔

واضح رہے کہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے سزا کے خلاف اپیل پر بھی سماعت یکم ستمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوگی۔

ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ درخواست پر سماعت کرے گا جس میں جسٹس عامرفاروق اورجسٹس محسن اخترکیانی شامل ہیں۔

جنوبی وزیرستان: آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ، پاک فوج کے 3 جوان شہید

جنوبی وزیرستان میں سرچ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے تین سیکیورٹی اہلکار شہید اور چار زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سرچ آپریشن کےدوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے تین سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے جن میں صوبیدار ندیم، سپاہی سلیم اورلانس نائیک مصور شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے 4اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

کراچی کے مسائل نے اداکار شان کو بھی مایوس کردیا

کراچی میں بجلی سمیت دیگر مسائل نے نامور اداکار شان کو بھی مایوس کردیا۔

کراچی میں حالیہ بارشوں میں شہر کی تباہی وبربادی نے صوبائی وبلدیاتی حکومتوں کی کارکردگی کی قلعی کھول دی اور ساتھ ہی کے الیکٹرک کی انتظامیہ کو بھی ایک بار پھر سے بے نقاب کردیا، جنہوں نے بارش کے باعث مسائل سے پریشان عوام کو 3 دن گزرنے کے باوجود بجلی کی فراہمی معمول پر نہ لاکر مزید پریشانی میں مبتلا کیا۔

کراچی کے بڑھتے مسائل نے جہاں شہریوں کو مایوس کیے رکھا وہیں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے چند فنکاروں نے بھی اس صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اداکار شان نے اپنی ٹوئٹ میں کراچی کے مسائل پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک بجلی واپس آئے گی تب تک وہ امید کی کرن واپس لے جاچکی ہوگی اور ہم ہمیشہ کی طرح سب کچھ بھول جائیں گے کہ جیسے یہ مسئلہ کبھی ہوا ہی نہیں اور ایک بار پھر سے اپنے معمول پر آجائیں گے اور دوبارہ ویسے ہی جینے لگیں گے۔

اداکار شان نے مزید کہا کہ آخر کب تک یہ سلسلہ چلتا رہے گا اور ہم ایسے کب تک جیتے رہیں گے، اگر آزادی ایسی زندگی جینے کا موقع دیتی ہے تو پھر ایسی آزادی کا کیا فائدہ ہے، اپنی آواز اٹھاو۔

سویڈن میں قرآن مجید کو نذر آتش کرنے کی ناپاک حرکت کے خلاف شدید احتجاج

المو(ویب ڈیسک ): يورپی ملک سويڈن ميں انتہائی دائيں بازو کی جماعت کی جانب سے قرآن پاک کے صفحات کو نذر آتش کرنے پر 3 ارکان کو حراست میں لے لیا گیا ہے جب کہ ملک بھر میں شدید احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سویڈن کے شہر مالمو میں دائیں بازو کے ايک گروپ کے ارکان کی جانب سے مقدس کتاب قرآن کو نذر آتش کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس میں ڈنمارک کے متعصب سیاست دان راسمس پلودن کو بھی شرکت کرنا تھی۔

پولیس نے راسمس پلودن کو قرآن نذر آتش کرنے کے اجتماع میں شرکت سے روک دیا اور ان کے ملک میں داخلے پر دو سال تک پابندی عائد کرکے واپس سرحد کی جانب بھیج دیا تھا۔

راسمس پلودن کو روکنے کے باوجود ان کے حامیوں نے کسی دوسری جگہ مسلم مخالف اجتماع کیا جس کے دوران قرآن پاک کو نذرِ آتش کیا گیا اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی گئی جس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوگئے اور مسلم کمیونٹی میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

مسلمانوں کی کثیر تعداد نے سویڈن کی سڑکوں پر احتجاج کیا جس کے دوران پولیس کی جانب سے تشدد کا راستہ اختیار کرنے پر احتجاج پُر تشدد ہوگیا اور مشتعل ہجوم نے درجنوں تنصیبات کو نذر آتش کردیا۔ پتھراؤ سے پولیس اہلکار زخمی ہوگئے اور 9 مظاہرین کو حراست میں بھی لیا گیا۔

پولیس نے مظاہرین کو تحمل سے کام لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن پاک کو جلانے کی شر انگیزی کرنے والے 3 ملزمان کو حراست میں لیا جا چکا ہے اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ڈنمارک کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت اسٹریم کرس کے سربراہ راسمس پلودن کو رواں سال کے اوائل میں سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اسلام مخالف ویڈیوز شائع کرنے کے الزام میں ایک ماہ قید میں رکھا گیا تھا۔