ماہرہ خان کو سرخ لباس نے چکرا کر رکھ دیا

کراچی(ویب ڈیسک) اداکارہ ماہرہ خان کو بھاری بھرکم سرخ لباس میں چکر کاٹنے کی شوٹنگ نے چکرا کر رکھ دیا۔حال ہی میں شہریار منور، مایہ علی اور ماہرہ خان کی فلم ’پرے ہٹ لو‘ کا ٹریلر جاری کیا گیا جسے اب تک یوٹیوب پر لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے۔ فلم کی اصل کہانی شہریار منور اور مایہ علی کے گرد گھومتی ہے تاہم ماہرہ خان بھی اس فلم میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم میں ماہرہ خان کی انٹری ایک کلاسیکل گیت کے ذریعے دکھائی گئی ہے۔کلاسیکل گیت میں ماہرہ خان نے سرخ لباس زیب تن کیے اتنی خوبصورتی سے رقص کیا ہے کہ ہر کوئی سوشل میڈیا پر اداکارہ کی تعریف کیے بنا نہیں رہ پار رہا تاہم نظر آنے والے ماہرہ خان کے سرخ لباس نے ماہرہ خان کو دلکش اور حسین تر بنانے میں اہم کردار ادا کیا وہیں اس ڈریس نے ماہرہ خان کو چکرا کر رکھ دیا۔ٹوئٹر پر ثاقب سلیم نامی صارف نے فلم ’پرے ہٹ لو‘ میں ماہرہ خان کے سرخ لباس میں رقص کی ایک تصویر شیئر کی اور ماہرہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سارا ٹریلر ایک طرف اور ماہرہ خان کا سرخ لباس میں گول چکر ایک طرف۔ماہرہ خان نے اپنے اس صارف کی بات پر کہا کہ یہ لباس بہت بھاری تھا جس نے مجھے چکر کے دوران چکرا کر رکھ دیا تھا۔عاصم رضا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ”پرے ہٹ لو“ میں شہریار منور اور مایہ علی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے جب کہ ماہرہ خان بھی فلم میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ یہ فلم عیدالاضحی موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

کیا پاکستان سیمی فائنل تک رسائی کرسکے گا؟

لندن(ویب ڈیسک)جنوبی افریقہ کے خلاف فتح کی بدولت پاکستان ٹیم کے سپر پر منڈلاتا ورلڈکپ سے اخراج کا خطرہ تو ٹل گیا لیکن سیمی فائنل تک رسائی کیلئے اگلے تینوں میچز میں کامیابی کے ساتھ دیگر ٹیموں کے مقابلوں کے نتائج پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔گرین شرٹس نے اب تک میگا ایونٹ میں 6 میچ کھیل کر 2 میں کامیابی حاصل کی، سری لنکا کیخلاف میچ بارش کی نذر ہونے سے ایک پوائنٹ ملا، 3 میں شکست ہوئی اور مجموعی طور پر 5 پوائنٹس ہیں، پاکستان کا اگلا میچ ابھی تک ناقابل شکست نیوزی لینڈ کیساتھ ہے، کیویز کو زیر کرنے کے بعد آخری دونوں میچز میں افغانستان اور بنگلادیش کو بھی ہرادیا تو 11 پوائنٹس اور سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات روشن ہوجائیں گے۔انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں گرین شرٹس کو اس دوڑ سے باہر کرسکتی ہیں لیکن دونوں کے میچ ابھی تک مضبوط ترین ثابت ہونے والی ٹیموں سے ہیں، 8 پوائنٹس کی حامل میزبان انگلش ٹیم کو آسٹریلیا، بھارت اور نیوزی لینڈ کا سامنا کرنا ہے، کم از کم دو فتوحات کی صورت میں 12 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں رسائی ممکن ہوجائے گی،اگر انگلینڈ ایک میچ میں فاتح اور 2 میں ناکام ہوتا ہے تو اس کے 10 پوائنٹس ہوں گے، یوں پاکستان ٹیم 11 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کرجائے گی۔سری لنکن ٹیم 6 پوائنٹس کی حامل لیکن آئی لینڈرز کو جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور بھارت کے مقابل ہونا ہے،ان تمام میچز میں فتوحات آسان نہیں ہوں گی، اگر سری لنکا 3 میں سے 2 میچز جیت جاتا ہے تو اس کے 10 پوائنٹس ہوں گے، بنگلہ دیش اس وقت 6 میچز کھیل کر5 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے اور اس کو بھی سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے اپنے باقی تینوں میچز جیتنا ہیں، ان میں سے ایک پاکستان کیخلاف بھی ہے، یوں گرین شرٹس ٹائیگرز کو ہراکر ایونٹ سے باہر کرسکتے ہیں، افغانستان، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہیں۔نیوزی لینڈ 11، آسٹریلیا 10 اور بھارت 9 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست اور ناک آﺅٹ مرحلے تک رسائی کے امکانات روشن کئے ہوئے ہیں۔

آٹھ سال تک اندھا بن کر حکومتی مراعات لینے والا گرفتار

سیﺅل(ویب ڈیسک) جنوبی کوریا میں ایک شخص گزشتہ 8 سال سے نابینا پن کا ڈھونگ رچا کر حکومتی مراعات حاصل کررہا تھا، ایک مرتبہ اس کے پڑوسی نے اسے گاڑی چلاتے ہوئے دیکھا اور یوں اس کے اندھے پن کا بھانڈا پھوٹ گیا اور اسے گرفتارکرلیا گیا۔سیﺅل کے بوسان ییونجی بولیس اسٹیشن کے مطابق ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جو 40 کے عشرے میں تھا اور وہ نابینا پن کا ڈرامہ رچا کر ’معذور افراد کے لیے پینشن اور مراعات کے قانون‘ کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے۔اس شخص نے خود کو پہلے درجے کا نابینا قرار دیا تھا جو اندھے پن کی سب سے شدید کیفیت ہوتی ہے، جنوری 2010ءسے اگست 2018ءتک اس شخص نے خود کو اندھا قرار دے کر حکومت سے خطیر مراعات رقم کی صورت میں حاصل کیں۔پولیس کے مطابق ایک مقامی ہسپتال نے اس شخص کی آنکھوں میں نابینا بن کی تصدیق کی تھی جہاں اس کا کئی بصری عارضوں کے تحت علاج ہورہا تھا۔کوریا میں انسدادِ بدعنوانی اور انسانی حقوق کے کمیشن کی رپورٹ کے تحت اس کے پڑوسی نے ایک سال بعد ہی اس کی بیماری پر شک کرنا شروع کردیا تھا اور اس کی اطلاع بھی دی تھی۔ اسے لوگوں نے ڈرائیونگ کرتے دیکھا اور اس نے بہت آرام سے کارپارک کی تھی۔ اس کے بعد پولیس نے مشتبہ شخص کے اسمارٹ فون کا جائزہ لیا تو دیکھا کہ اس نے ہائی وے پر کار ڈرائیو کرتے ہوئے ایک ویڈیو بھی بنائی ہے۔واضح رہے کہ اول درجے کے اندھے پن میں مبتلا افراد کسی بھی طرح ڈرائیونگ کے اہل نہیں ہوتے اور نہ ہی انہیں کسی سواری چلانے کا لائسنس دیا جاتا ہے۔ بھانڈا پھوٹنے کے بعد اب یہ شخص سلاخوں کے پیچھے ہے۔

کیا شاہ رخ خان نے بالی ووڈ سے کنارہ کشی اختیار کرلی؟

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے کنگ خان کا کہنا ہے کہ ان کا دل ابھی اس بات پرراضی نہیں کہ وہ کسی بھی فلم میں کام کریں۔بالی ووڈ انڈسٹری میں ایک طویل اورکامیاب سفرگزارنے کے بعد کنگ خان کا کہنا ہے کہ اس وقت انکا بالکل بھی دل نہیں چاہ رہا ہے کہ وہ کسی بھی فلم میں کام کریں جب کہ انہیں اس وقت کسی بھی فلم کی آفر بھی نہیں ہے۔اداکارنے کہا کہ عام طورپرجب آپ کسی بھی فلم میں کام کرتے ہیں تواس کے ختم ہونے سے پہلے سے ہی آپ کسی اورنئی فلم کا حصہ بن جاتے ہیں اورپھرسے 3 سے 4 ماہ کے لیے مصروف ہوجاتے ہیں پر اس وقت یہ والا معاملہ میرے ساتھ بالکل مختلف ہے۔اداکار نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ابھی مجھے صرف فلمیں دیکھنی چاہیئں، کہانیاں سننے سمیت زیادہ سے زیادہ سے کتابیں پڑھنی چاہیئں۔ اداکارنے مزید کہا کہ ان کے بچے بھی پڑھائی پربھرپور توجہ دے رہے ہیں اور اب وہ چاہتے ہیں کہ ان کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں۔

نئی میڈیا اشتہاری پالیسیاں،فردوس عاشق اعوان کا بیان خزاں میں بہار کا جھونکا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت نئی میڈیا اشتہاری پالیسی لارہی ہے تاکہ اسے دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔ پالیسی کی تیاری کے حوالے سے تمام فریقین سے مشاورت کی جائے گی۔ نئی اشتہاری پالیسی اگلے ماہ کے دوسرے ہفتے میں کابینہ کے سامنے پیش کریں گے اشتہاری ایجنسیوں کے کردار میں تبدیلیاں متعارف کرائی جائیں گی،ہم میڈیا کے لئے سازگار ماحول بنا رہے ہیں ، میڈیا مالکان کو معاشی آزادی دینا چاہتے ہیں تاکہ میڈیا ورکرز کو وقت پر تنخواہیں ملیں، پاکستان میں منفی اور جعلی خبروں کا بھی تدارک کرنا ہو گا، پرنٹ میڈیا کی اہمیت ختم نہیں ہوئی اس کا اہم اور مضبوط رول ہے۔ وقت کے ساتھ آج سوشل میڈیا بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے، اپنی نئی اشتہاری پالیسی میں سوشل میڈیا کو بھی حصہ بنا رہے ہیں تاکہ ان کو بھی آنر شپ ملے،ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای )کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سی پی این ای کے صدر عارف نظامی و دیگر ممبران کو اسلام آباد میں خوش آمدید کہتی ہوں۔ میں سمجھتی ہوں کہ اقتدار کے اس صوفے میں ان کی آمد سے اسلام آباد کو مزید تقویت ملے گی اس سے پہلے پریس کو خطرہ سمجھا جاتا تھا وزیراعظم کو آپ کا پیغام پہنچایا ہے کہ آپ ان سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ترجمان اس وقت تک مکمل فعال نہیں ہو سکتا جب تک وہ میڈیا کا ترجمان نہ بنے۔ انہوں نے شعر کہتے ہوئے کہا کہ ”تم نے درد دیا ہے تم ہی دوا دو” جہاں سے آپ کو درد ملا ہے وہاں سے ہی دوا ملنی ہے۔ جب دوا اور مرہم کرنے والی ایک ڈاکٹر ہے تو آپ محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے میڈیا کو طاقت مانا ہے۔ ہم میڈیا کو موثر رابطے کا ایک ذریعہ سمجھتے ہیں حکومتی بیانیہ میڈیا کے بغیر عوام تک نہیں پہنچ سکتا۔ جب ہماری حکومت آئی تو میڈیا میں غیریقینی صورتحال تھی۔ ہمارے مورچوں سے بھی میزائل چلتے تھے اس کی وجہ سے سانس لینا مشکل تھا اور مسائل پیدا ہوئے۔ میں نے آتے ہی آکسیجن کا لیول بڑھانا شروع کر دیا تاکہ میڈیا کی سانس بحال ہو اور میڈیا کے واجبات کی ادائیگی شروع کی۔ سابقہ حکومت میں اشتہار مخصوص لوگوں نے اپنی خودنمائی کے لئے جاری کئے۔ مگر اس کے باوجود ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم تمام بقایاجات دیں گے۔ ہمیں اپنی ذمہ داری کا احساس ہے حکومت وقت خاندان کے سربراہ کی طرح ہوتی ہے جو ہر کسی کا خیال رکھتی ہے۔ میڈیا کے تمام جائز مطالبات پورے کرنا ہمارا ویڑن ہے۔ اس کی وجہ سے سب سے زیادہ میڈیا ورکر متاثر ہوتا ہے اور میڈیا ورکر عمران خان کے دل کے بہت قریب ہیں۔ عمران خان نے اسی احساس کے جذبے کے تحت شوکت خانم بنایا۔ پناہ گاہ، احساس اور کفالت پروگرام شروع کئے۔ عمران خان چاہتے ہیں کہ پسے ہوئے طبقے کو ریلیف دیا جائے۔ عمران خان کے دل میں انسانیت کی خدمت کا جذبہ ہے۔ ہمیں اب ماضی میں نہیں حال میں رہنا ہے اور مستقبل کی تیاری کرنی ہے۔ لڑائی سے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ مذاکرات سے ہی تمام مسائل حل کئے جاتے ہیں چاہے چھوٹے ہوں یا بڑے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ واجبات کی ادائیگی میں کچھ مسائل ہیں جس کو دور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید سے پہلے جو واجبات ادا کئے گئے تھے اور شرط رکھی گئی تھی کہ اس سے تنخواہیں ادا کی جائیں گی ان میں کچھ اداروں نے ورکروں کو تنخواہیں ادا کیں اور کچھ نے نہیں کیں۔ نئی اشتہاری پالیسی بنا رہے ہیں پرانی اشتہاری پالیسی میں بہت زیادہ گیپ تھا جس کی وجہ سے پندرہ فیصد والے کو طاقت دی گئی اور 85 فیصد والا بھکاری کی طرح پیچھے پیچھے پھرتا رہا۔ تمام متعلقہ لوگوں سے رائے لیں گے۔ نئی اشتہاری پالیسی جولائی کے دوسرے ہفتے میں کابینہ کے سامنے پیش کریں گے۔ اشتہاری ایجنسیوں کے حوالے سے بھی کام کر رہے ہیں۔ اب کارکردگی کی بنیاد پر ان کو کاروبار ملے گا ذاتی مفاد پر کسی کو کاروبار نہیں دیا جائے گا۔ اصلاحات پر عمل درآمد ایمنسٹی سکیم کی وجہ سے مو¿خر کیا گیا تاکہ اس میں تاخیر نہ ہو ہم بہت جلد اس سٹیٹس کو کو ختم کریں گے۔ سب سے پہلے وزارت اطلاعات و نشریات میں اصلاحات کی جائیں گی۔ ہم میڈیا کے لئے سازگار ماحول بنا رہے ہیں تاکہ میڈیا کے ادارے میڈیا ورکرز کے لئے سازگار ماحول بنا سکیں۔ جب میڈیا ورکر میڈیا مالکان کے شکنجے میں آتے ہیں تو وہ ہمارے پاس آتے ہیں اس لئے ہم ایسی پالیسی بنا رہے ہیں کہ میڈیا مالکان کو معاشی آزادی دینا چاہتے ہیں تاکہ میڈیا ورکر ان کے چنگل سے آزاد ہوسکیں،میڈیا ورکرز کو وقت پر تنخواہیں ملیں اور نظام میں توازن پیدا ہو۔ مالکان اور ورکر کا رشتہ مضبوط کرنے میں تعاون کریں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی آئی او میڈیا مالکان سے رابطے میں رہے گا۔

ایتھوپیا میں بغاوت کی کوشش ناکام: فوج کے چیف آف اسٹاف حملے میں ہلاک

عدیس ابابا(ویب ڈیسک) افریقی ملک ایتھوپیا میں حکومت کے خلاف بغاوت کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا جب کہ باغیوں کے حملے میں فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل سیارے مکینن ہلاک ہوگئے۔ ایتھوپیا کے سرکاری میڈیا کے مطابق ریاست امہارا میں باغیوں نے حکومت کا تختہ اُلٹنے کے لیے حملہ کیا اس دوران آرمی چیف آف اسٹاف جنرل سیارے مکینن مزاحمت کرتے ہوئے باغیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔رپوٹ کے مطابق امہارا ایتھوپیا کی نو ریاستوں میں سے ایک ہے جہاں امہارا کے سربراہ اور مشیر کو بھی دفتر میں قتل کردیا گیا ہے۔ایتھوپیا میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے اور سیکیورٹی بھی سخت کردی گئی۔ ادھر امریکی سفارتخانے نے ایتھوپیا کی صورت حال پر سیکیورٹی الرٹ جاری کردیا ہے۔امریکی سفاتخانے کے مطابق دارالحکومت ادیس ابابا میں فائرنگ کی اطلاعات ہیں جب کہ دارالحکومت سے باہر دیگر علاقوں میں تشدد کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔واضح رہے کہ حالیہ چند سالوں میں ایتھوپیا کی ریاست المہارا سمیت کئی علاقوں میں قومیت کی بنیاد پر جھڑپوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

بھارت: ابھی نندن کی مونچھ کو ’قومی‘ قرار دینے کا مطالبہ

نئی دہلی(ویب ڈیسک) پاکستان میں اپنا فوجی لڑاکا طیارہ تباہ کرانے کے بعد پاک فوج کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھی نندن کی مونچھوں کو بھارت کی ’قومی مونچھ ‘ قرار دینے کا مطالبہ کردیا گیا ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ مطالبہ کانگریس سے تعلق رکھنے والے رہنما ادھیر رنجن چودھری نے کیا ہے۔لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے مطالبہ کیا ہے کہ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو ان کی بہادری کے لیے اعزاز دیا جانا چاہیے۔ اعزاز کے حوالے سے انہوں نے تجویز پیش کی ہے کہ ابھی نندن کی مونچھوں کو قومی مونچھ قرار دیا جائے۔بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھی نندن کے جہاز کو پاکستانی شاہینوں نے ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر مار گرایا تھا۔ ابھی نندن تباہ ہوتے بھارتی جہاز سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے اور زخمی حالت میں ملے تھے۔پاک فوج اور حکومت پاکستان نے کمال مہربانی کا ثبوت دیتے ہوئے ابھی نندن کا نہ صرف علاج کرایا، انہیں کھانا کھلانے اور چائے پلانے کے علاوہ بہترین قسم کا سوٹ بھی مہیا کیا۔ اسی سوٹ کو پہن کر وہ واہگہ بارڈر تک گئے جہاں انہیں بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔دنیا کی معلوم تاریخ میں یہ اپنی نوعیت کا ’انوکھا‘ ہی واقعہ گردانا جاتا ہے کہ جب دشمن ملک کے فوجی کو فوراً اس کے آبائی ملک کے حوالے کردیا جائے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ابھی نندن گزشتہ دنوں بہت موضوع بحث بنا تھا جس میں اس کی مونچھوں کا ذکر ضرور ہوتا تھا۔

کیپٹن صفدر ”ڈھائی ہزار ریال ماہانہ “کی چوڑیاں کب توڑنی ہیں۔فیاض الحسن کا دلچسپ ٹویٹ

لاہور(ویب ڈیسک)کیپٹن صفدر کے مریم نواز بارے ایک بیان کے رد عمل میں فیاض الحسن چوہان نے لاجواب ٹویٹ دے کر قارئین کی توجہ ایک اہم رخ کی طرف موڑ دی۔بظاہر ایک جواںمردی پر مبنی بیان ڈرامائی رخ اختیار کر گیا جب فیاض الحسن نے کیپٹن صفدرکے بیان سے ایک اور کڑی نکال لی۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ کیپٹن صفدر فرماتے ہیں میری بیگم نے چوڑیاںتوڑ کرہتھکڑیاں پہننے کا فیصلہ کر لیا ہے ،صفدر صاحب وہ تو ٹھیک ہے لیکن جناب آپکی بیگم نے جو ڈھائی ہزار ریال ماہانہ کی تنخواہ والی جو چوڑیاںآپ کے ہاتھوں میں پہنا رکھی ہیں کیا وہ آپ نے توڑنے کا فیصلہ کیا ہے کہ نہیں ۔۔جواب کا انتظار رہے گا۔

اورنج لائن ٹرین کون چلائے گا؟ فیصلہ آج متوقع

لاہور(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت کی طرف سے اورنج لائن ٹرین کو چلانے کے لیے ٹھیکیداروں کاحتمی فیصلہ آج متوقع ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اورنج لائن پراجیکٹ کوپنجاب حکومت کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی آج کمپنیوں کے نام فائنل کرے گی۔چیئرمین پی اینڈ ڈی حبیب الرحمن گیلانی کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوگا۔اس سے قبل چینی کمپنی کو ٹھیکہ دینے کے لیے حتمی نام ایوان وزیر اعلی کو بھیجے گئے تھے۔وزیر اعلی پنجاب نے چینی کمپنی کو دس سال کا ٹھیکہ دینے پر برہمی کا اظہار کیاتھا۔وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے کمیٹی کو اورنج لائن ٹرین منصوبے کے متعلق نئے ٹی او آرز طے کرنے کاحکم دیا ہے۔اورنج لائن ٹرین منصوبے کے آپریشن اینڈ مینٹیننس اخراجات کے لئے چین کی ایم سی آر سی سی آئی جے وی نامی کمپنی کو ٹھیکہ دینے کی پیشکش تھی۔ چینی کمپنی نے آپریشن اینڈ مینٹیننس کے لیے پیینتالیس کروڑ روپے کی بولی دی تھی۔اورنج لائن ٹرین پراجیکٹ میں کرایوں کے حصول کے لیے ایم ایس سوپر نیٹ لمیٹڈ کمپنی کو ٹھیکہ دینے کی تجویزبھی دی گئی تھی۔سابق وزیرا علی پنجاب شہباز شریف کی طرف سے شروع کیے گئے اورنج لائن ٹرین کی سیکیورٹی سروسز کے لیے کراچی کی ایم ایس سیکیورٹی پرائیوٹ لمیٹڈ کو دینے کی تجویز دی گئی تھی۔

سلمان خان کی نئی تصویرنے مداحوں کو پریشان کر دیا

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے دبنگ سلمان خان کی سوشل میڈیا پر جاری کی جانے والی نئی تصویر نے ان کے مداحوں کو حیران کردیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے دبنگ سلمان خان نے انسٹاگرام پراپنی ایک نئی تصویرجاری کی ہے، جسے دیکھ کر سب ہی حیران ہوگئے ہیں۔بالی ووڈ میں ایک لمبا وقت گزارنے کے باوجود بھی سلمان خان

دیگراداکاروں کے مقابلے میں بہت فٹ تصور کیے جاتے ہیں جس کا ثبوت انہوں نے خود اپنی اس تصویر کے ذریعے دے دیا جب کہ ان کے مداح بھی داد دیئے بنا نہیں رہ پارہے ہیں۔دوسری جانب سلمان خان ہدایتکارسنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’انشا اللہ‘ میں اداکارہ عالیہ بھٹ کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔

نوازشریف اور مرسی کا کوئی مقابلہ نہیں، فیاض الحسن چوہان کی میڈیا سے گفتگو

لاہور(صدف نعیم سے)فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی مایوسی سے بھرپور پریس کانفرنس کی سٹار پلس کے ڈراموں کی طرح ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کی پاکستان کی اعلی عدلیہ نے نواز شریف کو نااہل قرار دیا جیل میں 11 جون سے 21 جون تک نوازشریف چھوٹا گوشت کھاتے رہے ہیںکریلے گوشت ، بینگن گوشت، پھلیاں گوشت، کریلے قیمہ کھایا، آلو گوشت کھاتے رہے ہیں11 دن تک مسلسل گوشت کھایا ہے دل کا مریض کیا روزانہ چھوٹا گوشت کھا سکتا ہے نوازشریف کی رہائشگاہ پر ڈیڑھ پاﺅ کی ایک بوٹی پکتی ہے پاکستانی قوم کے سامنے بیگم صفدر اعوان اور جیل کا قیدی 420 فراڈ کررہا ہے مرسی اور نواز شریف کی مثال کہاں راجہ بھوجاور کہاں گنگو تیلی ،کس منہ کے ساتھ مرسی کے ساتھ نوازشریف کو جوڑا جاتا ہے صبح کا ناشتہ پیپتے اور تربوز کے جوس کے ساتھ کرتے ہیںکوٹ لکھپت قیدی نمبر 420کو کچھ ہوا تو انہیں اپنے بسیار خوری کی وجہ سے ہوگانوازشریف اور شہباز شریف تم پاکستان کے طیب اردگان نہیں خرد برد خان ہو منی لانڈرنگ کی بنیاد پر سپریم کورٹ نے نوازشریف کو تاحیات مجرم قرار دیا میک اپ والی سرکار عوام سے جھوٹ بولنا چھوڑ دیں کوٹ لکھپت جیل کے چار سو بیس قیدی کو چھوٹے گوشت کی ڈشیں دی جاتی ہیں خدانخواستہ نوازشریف کو کچھ ہوا تو ڈیڑھ پاﺅ کی بوٹی اور بسیار خوری کی وجہ سے کچھ ہو گا نوازشریف شوگر کے مریض ہوں تو چاول نہیں کھاتاکیا وہ کیپٹن صفدر کو کہناچاہتا ہوں بیوی نے فیصلہ کیا چوڑیاں توڑ کر ہتھکنڑیاں پہنوں گی کیپٹن صفدرپندرہ سو ریال کءچوڑیاں توڑنے کااعلان بھی کریں سزا یافتہ مریم نواز پروڈکشن آرڑر پر کوئی ایم پی اے یا ایم این اے میڈیا ٹاک نہیں کر سکتاعمران خان ملک کے ہیرو ہیں جب حمزہ نیکر پہن کر کھیلا کرتے تھے اسوقت وہ قوم کے ہیرو تھے حمزہ بتائیں کس قانون کے تحت جھوٹ بول رہے ہیں ایوان میں کہوں گا حمزہ شہباز کے پرویز الہی پروڈکشن آرڑر کو معطل کریں نااہل ڈیفٹڈ بھٹو عمران خان کو سلیکٹڈ وزیر اعظم کہتے رہے جس طرح آپ آئے اسی طرح عمران خان بھی اقتدار پر آئے جب کوئی بیمار ہوتا ہے وہ لوگوں سےکم ملتا ہے تاکہ جراثیم نہ لگ جائے فدر اعوان اور حمزہ کہتاہے بیمارشخص سے زیادہ لوگوں کو ملوایاجائے۔

قطر کا پاکستان میں 3 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان

دوحہ(ویب ڈیسک) قطر کی حکومت نے پاکستان میں 3 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا۔امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے دورہ پاکستان کے ثمرات نظر آنے لگے۔ قطر کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق قطر کی حکومت پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری اور ڈپوزٹس کی صورت میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ نئی سرمایہ کاری کے بعد قطر کی پاکستان میں سرمایہ کاری 9 ارب ڈالرز تک پہنچ جائے گی۔مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے نئی قطری سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ تمیم بن حماد الثانی نے پاکستانی خزانے میں جمع کروانے اور سرمایہ کاری کیلئے تین ارب ڈالرکا اعلان کیا ہے، اس پر امیر قطر کا شکریہ ادا کرتا ہوں، دونوں ممالک کے تعلقات مزید بہتر کرنے کی یقین دہانی پر بھی امیر قطر کے شکرگزار ہیں۔امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے ہفتہ اور اتوار کو پاکستان کا دو روزہ دورہ کیا ہے جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔

کراچی میں ٹائیفائیڈ کے 19 کیسز سامنے آگئے

کراچی (ویب ڈیسک)کراچی کے علاقوں مراد میمن گوٹھ اور شیدی گوٹھ ملیر میں ٹائیفائیڈ کے 19 کیسز سامنے آگئے۔ہم نیوز کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ ڈاکٹر مسعود سولنگی نے معاملے کی وجوہات جاننے کے لیے ڈاکٹرز کی ٹیم تشکیل دے دی۔ڈاکٹر اشفاق اور ڈاکٹر انعم کی سربراہی میں ٹیم معاملے کی تحقیقات کرکے پیر کو رپورٹ جمع کروائے گی۔ڈاکٹر مسعود سولنگی نے کہا کہ جمعہ کے روز 26 بچے تیز بخار کے باعث اسپتال میں داخل ہوئے تھے جن میں سے 19 میں ٹائیفائیڈ کی تصدیق ہوچکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گوٹھ کے بچوں میں ٹائیفائید مضر صحت پانی کے استعمال سے پھیلنے کے امکانات ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز کی ٹیم کل جامع رپورٹ پیش کرے گی۔