کراچی میں ماں نے اپنی ڈھائی سالہ بچی کو سمندر میں ڈبو دیا

کراچی(ویب ڈیسک)کراچی کے علاقے کلفٹن میں ماں کے ہاتھوں سمندر میں ڈبو کر قتل کی گئی ڈھائی سالہ بچی کی لاش دو دریا کے قریب سے مل گئی۔ ایس ایس پی ساﺅتھ پیر محمد شاہ کے مطابق گزشتہ روز ساحل پولیس نے ڈیفنس فیز 8 میں شہریوں کی نشاندہی پر 29 سالہ ملزمہ شکیلہ راشد کو حراست میں لے لیا تھا۔شہریوں نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ خاتون نے اپنی کمسن بچی کو سمندر میں ڈبو دیا ہے۔ پیر محمد شاہ کے مطابق ڈھائی سالہ بچی انعم کی لاش آج ساحل سے مل گئی جس کے بعد قتل کا مقدمہ درج کرکے ملزمہ کو باقاعدہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔خاتون کے ابتدائی بیان کے مطابق اس کے شوہر نے ایک ماہ قبل اسے بچی سمیت گھر سے نکال دیا تھا جبکہ اس کے باپ نے بھی اپنے گھر میں رہنے کے لیے جگہ نہ دی جس کے نتیجے میں وہ دربدر ہوگئی۔اپنی زندگی سے تنگ آکر خاتون نے بچی سے چھٹکارا پانے کےلئے اسے سمندر کی لہروں کی نذر کردیا۔ ملزمہ کے بیان کے مطابق وہ بھی پانی میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرنا چاہتی تھی لیکن شہریوں نے اسے روک لیا۔پولیس کے مطابق ملزمہ شکیلہ راشد گولیمار کے علاقے سلطان آباد کالونی کی رہائشی ہے اور اس کا شوہر راشد شاہ کراچی کے نجی اسپتال میں ملازم ہے۔۔ خاتون اعلیٰ تعلیم یافتہ ہے اور اس نے بی بی اے کررکھا ہے۔ایس ایچ او غزالہ کے مطابق خاتون نے دوران تفتیش بتایا کہ شوہر ماں باپ کے گھر بھیجتا ہے اور والدین واپس شوہر کے پاس بھیج دیتے ہیں، ان حالات میں وہ سخت پریشانی کا شکار تھی، جبکہ معاشی حالات ابتر ہونے کی وجہ سے گزر بسر کرنا محال ہوگیا تھا۔

شبانہ اعظمی اور جاوید اختر پاکستان آنے کیلئے تیار

کراچی(ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی اور ان کے شوہر نامور شاعر جاوید اختر کراچی آنے کیلئے تیار ہوگئے ہیں۔کراچی آرٹس کونسل نے معروف شاعر کیفی اعظمی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں بھارت سے شبانہ اعظمی اور جاوید اختر سمیت کئی نامورشخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ کراچی میں 23اور 24 فروری کو ہونے والے ایک ادبی فیسٹیول میں کیفی اعظمی کو خراج عقیدت پیش کیا جائے جس کے لئے شبانہ اعظمی اورجاوید اختر اپنی آمد کی تصدیق کردی ہے۔

فلم اور ٹی وی کے سینئراداکارخاور بٹ انتقال کرگئے

لاہور(ویب ڈیسک) فلم اور ٹی وی کے سینئر اداکارخاور بٹ انتقال کرگئے جن کی نمازجنازہ پرانی انارکلی میں اداکی گئی۔سینئراداکارخاور بٹ کی نماز جنازہ میں فلم انڈسٹری سے وابستہ بہت سے افراد نے بھی شرکت کی۔ خاور بٹ کا شمار انڈسٹری کے تعلیم یافتہ فنکاروں میں ہوتا تھا، انہوں نے ایم اے اوکالج سے گریجوایشن کے بعد اداکاری کے شعبے میں قدم رکھا اور 40 برس تک فلموں اور ڈراموں میں کام کیا۔خاور بٹ کے دیرینہ دوست اور سینئراداکار اچھی خان نے بتایا کہ مرحوم کا شمار بہت ہی محنتی اورایماندار افراد میں ہوتا تھا جو صوم وصلوة کے پابند تھے، ہم دونوں نے 30 سال اکھٹے کام کیا۔ انہوں نے کبھی کسی کی دل شکنی نہیں کی، میری دعا ہے کہ اللہ تعالی ان کی مغفرت کرے، اچھی خان کے علاوہ خاورخان،سید فیصل بخاری، الطاف حسین،پرویزکلیم اور جراررضوی سمیت دیگر نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں کو کرنا ہے، صدر مملکت

آزادجموںوکشمیر(ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کشمیر پر صرف کشمیریوں کا حق ہے اور کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں کو کرنا ہے۔یوم کشمیرپرقانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ برصغیرکی تقسیم کے وقت پاکستان اورکشمیرکےساتھ ناانصافی اورسازش کی گئی، باﺅنڈری کمیشن نے مسلم اکثریتی علاقوں کو بھارت کے حوالے کیا، باﺅنڈری کمیشن نےسوچے سمجھے منصوبے کے تحت سازش کی۔صدر پاکستان نے کہا کہ صدیوں سے کشمیری بھائی ظلم سہتے آئے ہیں، کشمیر پر صرف کشمیریوں کا حق ہے اور کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں کو کرنا ہے جب کہ کشمیر کے حوالے سے پاکستانی سیاستدانوں میں کوئی اختلاف نہیں۔عارف علوی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بھارت کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھایا لیکن قابض بھارت بات چیت سے بھاگتا ہے،بھارت سے جب بھی بات چیت کا کہا اس نے کو ئی ناکوئی بہانہ بنادیا، کشمیروں کے حق خود ارادیت کی بلاتفریق حمایت کرتے ہیں۔

کنگ خان نے اکشے کمار کیساتھ کام نہ کرنے کی وجہ بتادی

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے کھلاڑی اکشے کمار کے ساتھ فلمیں نہ کرنے کی وجہ بتادی۔کنگ خان کا ستارہ ان دنوں گردش میں ہے اور گزشتہ کئی سالوں سے وہ کوئی بھی ہٹ فلم دینے میں ناکام رہے ہیں، ان کی پچھلی فلم ’زیرو‘ بھی مداحواں کو متاثر کرنے میں ناکام رہی لیکن اس کے برعکس بالی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار سال میں 3،3 فلمیں دینے کے باوجود عروج پر ہیں اور ان کی ہر فلم کامیاب ثابت ہوتی ہیں تاہم 25 سال سے انڈسٹری سے وابستہ رہنے کے باوجود دونوں اداکاروں آج تک کسی بھی فلم میں ایک ساتھ دکھائی نہ دیے۔اکشے کمار اور شاہ رخ خان نے 90 کی دہائی میں بالی ووڈ میں قدم رکھا لیکن اس کے باوجود کوئی فلم نہیں کی اور اس حوالے سے جب مداحوں نے کنگ خان سے سوال کیا تو انہوں نے اس پر دلچسپ جواب دیتے ہوئے کہا کہ دراصل میں اتنی جلدی نہیں اٹھ سکتا جتنی جلدی اکشے کمار اٹھتا ہے اور جب میرے کام کرنے کا وقت شروع ہوتا ہے اس وقت وہ واپس جانے کی تیاری کررہا ہوتا ہے۔شاہ رخ خان نے کہا مجھے رات میں کام کرنا پسند ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ زیادہ تر لوگ میری طرح رات میں کام کرنا پسند کرتے ہیں تاہم اکشے کمار کے ساتھ کام کرنے میں مزہ آئے گا، اور اگر وہ دونوں کسی فلم میں کاسٹ ہوئے بھی تو مجھے نہیں لگتا ہم کبھی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر مل پائیں گے کیوں کہ جب میں آرہا ہوں گا تو وہ جارہا ہوگا۔

جنید خان ورلڈکپ کھیلنے کیلیے پرعزم

لاہور (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ بولر جنید خان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف کم بیک کرنے کے ساتھ ورلڈکپ کپ اسکواڈ کا بھی ضرور حصہ بنوں گا۔میڈیا سے گفتگو جنید خان نے کہا کہ مایوس نہیں ہوں اورنہ ہی بولنگ اسپیڈ کم ہوئی ہے،اس وقت بھی ایک سو چالیس کی رفتار سے بولنگ کرسکتا ہوں۔ پی ایس ایل میں بہترین پرفارمنس دے کر ایک بارپھر سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ کے دل جیت کر قومی ٹیم میں واپس آﺅں گا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہاں کی کنڈیشنز تیز بولرز کے لیے زیادہ ساز گار نہیں ،اس کے باجود کوشش کی ہے کہ ٹیم کی توقعات پر پورا اترسکوں۔اپنی رفتار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیاکہ ٹیم میں ان اور آﺅٹ ہونے سے اعتماد متذلزل ہوتاہے۔ اگر ٹیم سے باہر ہونےکا خوف نہ ہو تو زیادہ تیز گیند کرنے سے رنز بھی پڑجائیں تو فکر نہیں ہوتی، بولنگ نام ہی اعتماد ہے۔ جتنا زیادہ بولر پر کپتان اور ٹیم انتظامیہ کا اعتماد ہوگا، اتناہی وہ زبردست پرفارم کرنے کے قابل ہوگا۔صوابی سے تعلق رکھنے والے پیسر نے کہا کہ چھوٹے سے گاﺅں سے قومی ٹیم کے سفر کا کبھی سوچا نہ تھا، اب بھی اپنی محنت پر یقین ہے کہ آسٹریلیا کےخلاف کم بیک کرنے کے ساتھ ورلڈکپ کپ اسکواڈ کا بھی ضرور حصہ بنوں گا۔ جنید خان کے مطابق اب پی ایس ایل پر فوکس ہے،کوشش ہوگی کہ ملتان سلطانز کے لیے شاندار پرفارمنس دوں۔ پی ایس ایل کے آٹھ میچز پاکستان ہونا بہت خوش آئندہے،اس سے نہ صرف پاکستان کا امیج بہتر ہوگا بلکہ نوجوانوں میں کھیل کا شوق بھی بڑھے گا۔بائیں ہاتھ کے پیسر نے کھلنا ٹائٹنز کی جانب سے سات میچز میں گیارہ وکٹ لیے جس میں کومیلا وکٹورینز کے خلاف بیتیس رنز دےکر چار وکٹوں کی بہترین کارکردگی شامل ہے۔

پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری اپنی ہمت، جرا¾ت، بہادری سے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے مسلسل کوشاں ہیں۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ 5 فروری حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کے غیر متزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ اس موقع پر حکومت پاکستان اور اس کے عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں اور بالعموم دنیا بھر پر واضح کرتے ہیں کہ ہم جموں و کشمیر کے طویل عرصہ سے حل طلب تنازعہ اور بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد کو نہیں بھولے۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارت “مسلح جنگجوﺅں کو ہلاک” کرنے کے جھوٹے بیانیہ کی آڑ میں اپنی دہشت گردی کو جواز دینے کی کوشش کرتا رہا ہے تاہم وہ اپنی اس کوشش میں بری طرح ناکام ہوا۔ ہم اپنے کشمیر ی بہن بھائیوں کو یقین دہانی کراتے ہیں کہ ہم کشمیر کے بارے میں اپنے اصولی مو¿قف پر پوری طرح کاربند ہیں ، پوری پاکستانی قوم اس بہادرانہ جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے جوکہ وہ اپنے جائز حق خوادادیت کے حصول کیلئے کر رہے ہیں ، ہمیں پختہ یقین ہے کہ کشمیری اپنی اس جدوجہد میں ضرور کامیاب ہوں گے۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ 7 دہائیاں گزر نے کے باوجود جموں و کشمیر کا تنازعہ حل نہیں ہوسکا، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے گناہوں کے قتل عام، بچوں پر پیلٹ فائرنگ، آبروریزی و تشّدد سمیت بھارتی مظالم جاری و ساری ہیں اور کشمیری اپنی ہمت، جرا¾ت، بہادری سے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے مسلسل کوشاں ہیں۔ بھارتی افواج سفاکانہ طریقے سے ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کو بے رحمانہ تشدد، غیر قانونی حراست کے دوران قتل کررہی ہیں۔ ہر سال 5 فروری کو منایا جانے والا “یوم یکجہتی کشمیر” کشمیریوں کے بھارتی تسلط کے خلاف اور حق خود ارادیت کیلئے عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے، یہ ارادہ ہر گزرنے والے دن اور ہر ڈھائے جانے والے بھارتی ظلم کے ساتھ تقویت پکڑتا جا رہا ہے۔

لندن کانفرنس: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد منظور

لندن(ویب ڈیسک) لندن کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی۔لندن میں برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر کانفرنس منعقد ہوئی جس میں برطانوی ارکان اسمبلی نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس میں مقررین نے مسئلہ کشمیر کی تاریخی حیثیت پر روشنی ڈالی اور وہاں جاری بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا۔کانفرنس کے اختتام پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ شرکاءنے قرارداد میں کشمیریوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے میں کردار ادا کرے۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی پیلٹ گنز فائرنگ سے متاثر ہونے والے افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔ شرکا نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، کیونکہ مسئلہ حل نہ ہونے سے نہ صرف کشمیریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا بلکہ یہ معاملہ خطے کی سلامتی کیلیے بھی خطرہ ہے۔

امریکا میں 11 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا کر حاملہ کرنیوالے شخص کو 60 سال قید

ڈلاس(ویب ڈیسک) امریکی عدالت نے 11 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا کر حاملہ کرنے والے شخص کو 60 سال قید کی سزا سنادی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کی عدالت نے مقامی شہری رولی آرولڈو کو 11 سالہ بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے اور بچی کے حاملہ ہوجانے پر مجرم قرار دیتے ہوئے 60 سال قید کی سزا سنادی۔عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ یہ سنگین جرم ہے، بچی کے ساتھ نہ صرف زیادتی کی گئی بلکہ وہ حاملہ ہونے کے سبب کم سنی میں ہی ایک بچے کی ماں بن گئی۔ بچے کا ڈی این اے بھی ملزم کے ساتھ مل گیا ہے۔پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم نے 11 سالہ بچی کو فروری 2018 میں زیادتی کا نشانہ بنایا تھا اور اسی وقت شکایت درج کرائی گئی تھی۔ پولیس نے بچی کو حفاظت میں لے لیا اس دوران ملزم نے پھر سے رابطہ کرنے کی کوشش کی اور گرفتار ہوگیا۔تفتیش کے دوران ملزم نے جنسی زیادتی کا الزام قبول کرلیا جب کہ ملزم کا ڈی این اے بھی زیادتی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بچے سے میچ کرگیا ہے۔ ملزم کو 60 سال قید کے دوران پے رول پر بھی رہا نہیں کیا جا سکے گا۔

فرانس میں کثیر المنزلہ عمارت میں آتشزدگی سے 8 افراد ہلاک

پیرس(ویب ڈیسک) فرانس میں ایک کثیر المنزلہ عمارت میں آگ لگنے سے 8 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں رہائشی اپارٹمنٹ میں آگ بھڑک ا±ٹھی جس کے نتیجے میں 8 افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے جب کہ 30 زخمی ہیں۔ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔فائر بریگیڈ کے عملے کے 250 اراکین نے 10 گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا تاہم اس دوران عملے کے 6 اراکین بھی زخمی ہوگئے۔ کسی ممکنہ حادثے بچنے کے لیے ارد گرد کی عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ پہلی ترجیح متاثرین کو امداد کی فراہمی ہے جس کے بعد تفتیشی عمل شروع کیا جا سکے گا، ابتدائی طور پرآگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔آگ نے عمارت کی دو منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

یوم یکجہتی کشمیر پر پاک فوج بھی میدان میں، دھماکہ خیز بیان ، بھارتیوں کے تن بدن میں آگ لگا دی،رہی سہی کسر شاہ محمود نے پوری کردی

راولپنڈی،لندن ( ویب ڈیسک ) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ انشااللہ پرعزم کشمیری اپنا حق لینے میں کامیاب ہوں گے۔ سما جی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے جاری پیغام میں کہاکہ مسئلہ کشمیر 1948 سے اقوام متحدہ ایجنڈے پر حل کا منتظر ہے، دہائیوں سے قابض فوج تحریک آزادی کچلنے میں ناکام ہےانشااللہ پرعزم کشمیری اپنا حق لینے میں کامیاب ہوں گے۔دریں اثنا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستانکی تمام جماعتیں کشمیر ایشو پر ایک پیج پرہیں ، مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال روز بروز بگڑی جا رہی ہے، بھارتی وزیر اعظم مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے دور ان مکمل ہڑتال اور ہو کا عالم طاری تھا، اس سے زیادہ احتجاج اور کیا ہو سکتا ہی پہلی بار برطانوی پارلیمنٹ کے ہاس آف کامنز میں کھل کر مقبوضہ جموں و کشمیر پر بات چیت ہوئی، کشمیریوں کے خون کی وجہ سے رائے عامہ میں تبدیلی نظر آرہی ہے،مسئلہ جموں و کشمیر شخصیات سے بالاتر ہے یہ ایک بڑی کاز ہے جو شخصیات کی محتاج نہیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انڈیا کسی تیسرے کو مداخلت کی اجازت نہیں دیتا کہ یہ ہم دو ممالک کا مسئلہ ہے اور یو این جی اے میں جب ملاقات طے ہوتی ہے تو ششما سراج ملاقات کو کینسل کر دیتی ہیں جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال روز بروز بگڑی جا رہی ہے۔

رنویر سنگھ کی اچانک مداحوں پر چھلانگ، خواتین زخمی

ممبئی (ویب ڈیسک)یہ تو سب ہی جانتے ہیں کہ بولی وڈ اداکار رنویر سنگھ کا شمار سب سے جوشیلے اداکاروں میں کیا جاتا ہے، تاہم کبھی کبھار ان کا یہ جوش اور اینرجی دوسروں کے لیے خطرناک بھی ثابت ہوجاتی ہے۔ایسا ہی کچھ رنویر سنگھ کی آنے والی فلم ’گلی بوائے‘ کی پروموشن کے دوران ہوا، جب رنویر سنگھ کچھ زیادہ ہی جوش میں آگئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ ممبئی میں لیکمے فیشن ویک میں موجود تھے، جہاں وہ اپنی آنے والی فلم ’گلی بوائے‘ کے گانوں پر پرفارم کررہے تھے کہ اچانک مداحوں پر چھلانگ لگا دی جسکی وجہ سے کئی خواتین زخمی ہو گئیں۔

شناختی کارڈ کے بغیر شادی کرنے پر پابندی عائد،نیا قانون متعارف

اسلام آباد(ویب ڈیسک)قومی شناختی کارڈ کے بغیر دلہا اور دلہن کے شادی کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے دی مسلم فیملی لاز آرڈیننس 1961ئ میں شادیوں کی رجسٹریشن میں ترمیم کی تجویز دے دی۔ پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے ترمیم کا بل پنجاب اسمبلی میں جمع کروایا گیا۔بل کے سیکشن 5 کے سب سیکشن 1 کے بعد (1a) کے اضافہ کی ترمیم کی تجویز کی گئی۔ ترمیم کے تحت کوئی بھی شادی دلہا اور دلہن کے قومی شناختی کارڈ کے بغیر رجسٹرڈ نہیںہو گی۔ اس وقت قانون کے مطابق شادی کی رجسٹریشن کے لیے دلہا اور دلہن کے شناختی کارڈ کے موجود ہونے کا کوئی قانون موجود نہیں ہے۔ ترمیم دینے کا مقصد کم عمری کی شادیوں کی روک تھام کو یقینی بنانا اور چھوٹی بچیوں کی شادی کے رجحان کو قانونی طور پر ختم کرنا ہے۔دی چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ میں اس وقت 18 سال سے کم عمر بچہ اور 16 سال سے کم عمر بچی کو چائلڈ تصور کیا جاتا ہے۔ مسرت جمشید چیمہ نے اس قانون میں بھی بچیوں کی عمر 18 سال کرنے کا ترمیمی بل پنجاب اسمبلی میں جمع کروا رکھا ہے۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ دی مسلم فیملی لاز آرڈینن 1961ئ کے سیکشن 5 میں 1a شامل کرنے سے کم عمری کی شادیوں کی روک تھام ہو گی اور دونوں قوانین ایک دوسرے کو سپورٹ کریں کے۔اس کے علاوہ اس بل کے قانون بننے سے شناختی کارڈ کی اہمیت میں اضافہ ہو گا اور نئے شادی شدہ جوڑوں کے خانگی معاملات میں بھی بہتری آئے گی۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ کے آخر میں سینیٹ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے شادی کی عمر کی حد اٹھارہ سال کرنے کا بل منظور کیا تھا۔اس بل کی منظوری کے بعد کم عمر کے بچے اور بچیوں کی شادیوں میں کمی آئے گی جبکہ اس امر کو یقینی بنانے کے لیے اب شادی کے وقت دلہا اور دلہن کے قومی شناختی کارڈ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔