اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے وزیراعظم ہاﺅس کی اضافی گاڑیاں فوری نیلام کرنےکا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت اضافی گاڑیوں کی نیلامی کا حکم دیا ہے جس کے بعد مجموعی طور پر 33 گاڑیاں نیلام کرنے کے لیے اشتہار جاری کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیلامی کے لیے پیش گاڑیوں میں 8 جدید لگڑری بی ایم ڈبلیو اور 4 جدید مرسیڈیز بینز گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ نیلام کی جانے والی گاڑیوں میں 16 ٹویوٹا کرولا، 3 سوزوکی، ایک ہنڈا اور ایک ایچ ٹی وی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق باقی گاڑیاں کابینہ ڈویڑن کے کنٹرول میں ہیں جو غیر ملکی مہمانوں کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ماضی میں سارک کانفرنس اور ڈونر کانفرنس کے لیے بھاری رقوم پر کرائے پر گاڑیاں لی گئیں تھیں۔یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے پہلے خطاب میں بھی وزرائے اعظم کے زیر استعمال لگڑری گاڑیوں کی نیلامی کا اعلان کیا تھا۔
Monthly Archives: August 2018
رکشہ کھینچنے والے کی بیٹی کا طلائی تمغہ
جکارتہ(ویب ڈیسک) بھارت میں رکشہ کھینچنے والے محنت کش کی بیٹی سواپنا برمن نے ایشین گیمز کے ویمنز ہیپٹاتھلون ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیت لیا۔سواپنا کے والدین کیلیے اپنی بیٹی کو اسپورٹس ٹریننگ دلانا ممکن نہیں تھا،ان کے والد نہ صرف رکشہ کھینچتے بلکہ چائے پلانے کا کام بھی کرتے تھے، سواپنا کی صلاحیتیں اسپورٹس حکام کی نگاہوں میں آئیں تو ان کے لیے اسکالرشپ کا بندوبست کیا گیا۔ایشین گیمز میں مقابلے کے آخری روز سے ایک رات قبل ان کے مسوڑھے میں سخت تکلیف شروع ہوئی جس کی وجہ سے شرکت ہی مشکوک ہوگئی تھی، تاہم انھوں نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کا تمغہ جیت لیا۔
پاکستانی سائنسدان کا پانی سے آرسینک ختم کرنے والا دنیا کا سستا فلٹر تیار کرنے کا دعویٰ
فیصل آباد(ویب ڈیسک)فیصل آباد زرعی یونیورسٹی کے ایک سائنسدان نے پانی میں شامل انہتائی خطرناک مرکب آرسینک کو پانی سے الگ کرنے کے لیے دنیا کا سستا ترین فلڑ تیار کرنےکا دعویٰ کیا ہے۔فیصل آباد کی زرعی یونیورسٹی کے ڈاکٹر نبیل نیازی نے تربوز کے چھلکے کی مدد سے پانی سے آرسینک کو الگ کرنے کے لیے دنیا کا کم قیمت ترین فلٹر تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔آرسینک ایسا زہر ہے جو قدرتی طور پر زیر زمین پانی میں موجود ہے، اس پانی کے استعمال سے پیٹ کے امراض،گردوں اور جگر کی بیماریوں سے ہر سال 43 ہزار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔آرسینک کو پانی سے الگ کرنے والے دستیاب طریقوں پر ہر چار ماہ بعد 20 سے 25 ہزار روپے کا خرچ آتا ہے لیکن ڈاکڑ نبیل خان نیازی نے تربوز کے چھلکے سے صرف 5 ہزار روپے میں 8 ماہ کے لیے قابل استعمال ٹیکنالوجی ایجاد کی ہے۔ڈاکٹر نبیل کا بتانا ہے کہ واٹر میلن کا چھلکا مفت میں دستیاب ہے، ہم نے اس کو پیسا اور زینٹھیٹ نامی ٹیکنالوجی کے ذریعے اس میں تھوڑی سی ترمیم کی، اس کا فائدہ یہ ہوا کہ یہ نا تو پانی میں حل ہو گا اور نا ہی خراب ہو گا، اسے لیبارٹری میں ٹیسٹ کیا کہ یہ آرسینک کو نکالتا ہے یا نہیں تو ہمیں بڑے اچھے رزلٹ ملے، تقریبا 95 سے 98 فیصد آرسینک پانی سے ختم ہو گیا۔ڈاکٹر نبیل نے بتایا کہ اس ٹیکنالوجی میں بجلی کا استعمال نہیں ہے، اس فلڑ سے ملک کے پسماندہ علاقوں میں غریب آبادی کے لیے آرسینک سے پاک پانی فراہم کیا جا سکتا ہے۔فیصل آباد یونیورسٹی کے سائنسدان کا کہنا ہے کہ تھوڑے سے فنڈز کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں یہ ٹیکنالوجی انتہائی کم قیمت میں پہنچائی جا سکتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں پانی کو آرسینک سے پاک کرنے کے ساتھ ساتھ اس ٹیکنالوجی کو آرسینک کے مسائل سے دوچار دوسرے ملکوں کو فروخت کر کے پاکستان زرمبادلہ بھی حاصل کر سکتا ہے۔
سلیکٹرز کو بھولے بسرے عماد وسیم کی پھر یاد آگئی
لاہور(ویب ڈیسک) سلیکٹرز کو بھولے بسرے عماد وسیم کی پھر یاد آگئی،ایشیا کپ کیلیے منتخب 18 ممکنہ کھلاڑیوں میں آل راونڈر کا نام بھی شامل ہے۔ایشیا کپ یواے ای میں 15ستمبر کو شروع ہوگا، انضمام الحق کی زیرسربراہی کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی نے کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد سے مشاورت کے بعد تربیتی کیمپ کیلیے 18کرکٹرزکا اعلان کردیا،رواں سال فروری میں پی ایس ایل کے دوران انجرڈ ہونے کے بعد مسلسل انٹرنیشنل کرکٹ سے دور رہنے والے عماد وسیم بھی کیمپ کا حصہ ہونگے۔گزشتہ سال اکتوبر میں سری لنکا سے ون ڈے کے بعد کوئی انٹرنیشنل میچ نہ کھیل پانے والے آل راونڈر پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے زخمی ہوئے، اس کے بعد رویہ درست نہ ہونے کی وجہ سے نظر انداز کیے جانے کی بازگشت بھی سنائی دیتی رہی،دورئہ زمبابوے میں ٹی ٹوئنٹی ٹرائنگولر سیریز کے بعد ایک روزہ میچز کیلیے بھی انھیں زیر غور نہیں لایا گیا۔عماد وسیم نے حال ہی میں کیریبیئن پریمیئر لیگ میں جمیکا تلاواز کی جانب سے ایکشن میں نظرآئے ہیں، ٹیسٹ مزاج کے حامل شان مسعود کو حیران کن طور پر اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے، اوپنر نے اب تک 12ٹیسٹ میں 23.54کی اوسط سے 565رنز بنائے اور ون ڈے ڈیبیو کے منتظر ہیں۔کیمپ میں شاہین شاہ آفریدی کو بھی کال کیا گیا،3ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والے نوجوان بولر ون ڈے کرکٹ میں انٹری کا انتظار کررہے ہیں تاہم ان کا حتمی اسکواڈ میں جگہ بنانا مشکل نظر آرہا ہے، ممکنہ کھلاڑیوں میں حفیظ کا نام بھی شامل ہے۔دورئہ زمبابوے میں ون ڈے سیریز کا ایک بھی میچ نہ کھیل پانے والے آل راونڈرکا ستارہ گردش میں ہے، سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی پر ڈھکے چھپے احتجاج کے بعد بیک فٹ پر آنیوالے حفیظ کی حتمی اسکواڈ میں جگہ مشکل سے ہی بنے گی، دورئہ زمبابوے میں آزمائے جانیوالے یاسر شاہ باہر ہوگئے۔
تربیتی کیمپ کیلیے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، شان مسعود، امام الحق، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، حارث سہیل، آصف علی، بابر اعظم، شاداب خان، محمد نواز، عماد وسیم، حسن علی، عثمان خان شنواری، محمد عامر، جنید خان، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔
دوسری جانب ون ڈے اور ٹیسٹ پلیئرز کا ایبٹ ا?باد میں 3روزہ کنڈیشننگ کیمپ گزشتہ روز ختم ہوگیا، جمعے کوواپسی کیلیے رخت سفر باندھنے والے کرکٹرز لاہور میں رپورٹ کرینگے جہاں 3سے 10ستمبر تک تربیتی کیمپ لگایا جائے گا، نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور قذافی اسٹیڈیم میں کھلاڑی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پریکٹس پر توجہ دیںگے،اغاز میں فٹنس ٹیسٹ بھی لیے جائیں گے۔
رمیز راجہ نے احسان مانی کو بطور چیئرمین پی سی بی موزوں انتخاب قرار دے دیا
لاہور(ویب ڈیسک) رمیز راجہ نے احسان مانی کو بطور چیئرمین پی سی بی موزوں انتخاب قرار دے دیا۔ایک انٹرویو میں سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویڑن کو پیش نظر رکھتے ہوئے بورڈ کے نئے سربراہ اپنی ذات سے بالا تر ہوکر کام کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان ریجنل کرکٹ کے زبردست حامی ہیں،یہ تصور پی ایس ایل میں کامیاب رہا، کئی سابق کرکٹرز بھی اس کی حمایت کرتے ہیں، اب یہ احسان مانی پر ہے کہ وہ اس معاملے میں کس نوعیت کے اقدامات اٹھاتے ہیں۔رمیز راجہ نے کہا کہ گزشتہ دنوں بنی گالا میں ملاقات کے دوران عمران خان نے اپنی جدوجہد پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ اس سلسلے میں کرکٹ کے پس منظر نے کیا کردار ادا کیا،ان کا وزیر اعظم منتخب ہونا صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ عالمی کرکٹ برادری کیلیے بڑے فخر اور اعزاز کی بات ہے۔
پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 41 پیسے فی لیٹر کمی
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں دو روپے 41 پیسے فی لیٹر کمی کردی جس کے بعد اس کی قیمت 92 روپے 83 پیسے ہوگئی ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 37 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی قیمت 106 روپے 57 پیسے ہوگئی۔اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 46 پیسے کی کمی کی گئی ہے اور اب یہ 83 روپے 50 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 59 پیسے اضافہ کیا گیا ہے اور اس کی نئی قیمت 75 روپے 96 پیسے ہوگئی۔پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ خیال رہے کہ اگست کے مہینے کے لیے نگران حکومت نے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔جولائی کے ماہ میں پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 54 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا تاہم بعد میں حکومت نے ٹیکس میں کمی کردی اور جولائی میں پیٹرول 95 روپے 24 پیسے میں دستیاب رہا۔
ایشین گیمز بیس بال؛ پاکستان نے ہانگ کانگ کو ہرا دیا
جکارتا(ویب ڈیسک) ایشین گیمز میں پاکستان بیس بال ٹیم نے ہانگ کانگ کو شکست دیدی۔جکارتا میں جاری میگا ایونٹ میں قومی مینز بیس بال ٹیم نے ہانگ کانگ کے خلاف 2-12 سے کامیابی حاصل کی، پاکستان بیس بال ٹیم نے اس سے قبل ایونٹ میں 4 میچز کھیلے جن میں سے 2 میں کامیابی حاصل کی جب کہ 2 میں ناکام رہی، جاپان اور چین کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کے خلاف کامیابی حاصل کر چکی ہے۔قومی رگبی سیونز ٹیم کو چین نے 0-53 سے آﺅٹ کلاس کر دیا جب کہ پاکستان ٹیم نے انڈونیشیا کے خلاف 5-21 سے کامیابی حاصل کی۔ آج افغانستان اور یو اے ای کے ساتھ پوزیشن میچز ہوں گے۔ سیپاک ٹاکرا میں ویتنام نے پاکستان کو 0-2 سے ہرا دیا۔
ٹرمپ کی ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن سے علیحدہ ہونے کی دھمکی
واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) سے علیحدگی اختیار کرنے کی دھمکی دے دی۔امریکی صدر نے ’بلوم برگ‘ کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ اگر ڈبلیو ٹی او نے امریکا کے ساتھ غیر منصفانہ رویہ جاری رکھا تو وہ تنظیم سے علیحدگی اختیار کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اپنی محفوظ تجارتی پالیسی پر سودے بازی نہیں کرے گا، اگرعالمی تجارتی تنظیم نے امریکی تجارتی پالیسی کے برخلاف فیصلے دیئے تو ہم خود کو ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن سے علیحدہ کرلیں گے۔قبل ازیں امریکی صدر نے کہا تھا کہ سوائے امریکا کے ڈبلیو ٹی او ہر ملک کو فائدہ پہنچا رہی ہے جب کہ امریکا کے ساتھ اس تنظیم کا رویہ نامناسب اور غیر منصفانہ رہا ہے اس لیے اب امریکا کو اس تنظیم کے ساتھ تعلق پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔دوسری جانب امریکا پہلے ہی ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے جنیوا میں دو ممالک کے درمیان عالمی تجارتی تنازعات کو سننے اور ان کا فیصلہ کرنے والی ’ سٹیلمنٹ باڈی‘ کے لیے ججز کی تقرری کے عمل کو روک چکی ہے اور ججز کی کمی کے باعث پورا نظام معطل ہو چکا ہے۔واضح رہے کہ ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے قیام کا مقصد عالمی تجارت کے لیے قوانین مرتب کرنے اور دو ممالک کے درمیان تجارتی تنازعوں کو حل کرنا ہے تاہم امریکی صدر ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے حال ہی میں کیے گئے چند فیصلوں سے ناخوش نظر آتے ہیں
بھارتی سپریم کورٹ میں آرٹیکل 35 اے کیس کی سماعت پر مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال
نئی دہلی/ سری نگر(ویب ڈیسک) بھارتی سپریم کورٹ نے آرٹیکل 35 اے کو ختم کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کو آئندہ برس جنوری تک کے لیے ملتوی کردیا ہے دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں آج دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال کی جا رہی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نے آرٹیکل 35 اے کی منسوخی سے متعلق مقدمے کی سماعت کو آئندہ برس کے پہلے ماہ تک کے لیے ملتوی کردیا ہے۔ اب اس کیس کی سماعت جنوری کے آخری ہفتے یا فروری کے ابتدائی دنوں میں کی جائے گی تاہم کیس کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
بھارتی سپریم کورٹ میں آج ہونے والی سماعت کے موقع پر اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال نے سماعت کو جنوری تک ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ کیس کے فیصلے سے وادی میں بڑے پیمانے پر حالات خراب ہونے کا خدشہ ہے جب کہ رواں برس دسمبر میں پنچائیت کے لیے انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔اٹارنی جنرل نے مزید کہا کہ پنچائیت الیکشن کے لیے پیرا ملٹری فورسز کی بڑی تعداد مصروف ہوگی۔ اس لیے امن و امان کو برقرار رکھنے کے ضروری ہوگا کہ کیس کا فیصلہ پنچائیت الیکشن کے بعد سنایا جائے تاکہ کسی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پیرا ملٹری فورسز موجود ہوں۔قبل ازیں 27 اگست کو بھی درخواست گزار کی جانب سے سماعت کو ملتوی کرنے کے لیے اپیل دائر کرنے پر چیف جسٹس دیپک مشرا اور بنچ کے دیگر دو ارکان نے کیس کی سماعت ملتوی کردی تھی جب کہ اس سے قبل بھی 6 اگست کو ہونے والی سماعت کو ملتوی کیا جا چکا ہے۔دوسری جانب حریت رہنماﺅں نے اس اآٹیکل کے خاتمے کو کشمیریوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی مذموم کوشش قرار دیتے ہوئے دو روزہ ہڑتال کی اپیل کی تھی جس پر آج مقبوضہ کشمیر میں دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال کی جاری ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں تمام کاروباری سرگرمیاں معطل، تعلیمی ادارے بند اور ذرائع آمداورفت نہ ہونے کے باعث شاہراﺅں پر مکمل سناٹا ہے۔واضح رہے کہ ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کی سرپرستی میں قائم ایک غیر سرکاری تنظیم نے دفعہ 35۔ اے کی مدت ختم پر دفعہ کی تجدید کے بجائے مکمل طور پر منسوخی کیلئے بھارتی سپریم کورٹ میں ایک عرضداشت دائر کی تھی۔ اگر یہ دفعہ ختم کردی گئی تو غیر مقامی شخص کو بھی کشمیری شہری تسلیم کرکے جائیدادیں خریدنے اور کاروبار کرنے کی اجازت حاصل ہوجائے گی۔
فیس بک بمقابلہ یو ٹیوب ، نیا فیچر آگیا، کیا آپ نے دیکھا؟
کیلیفورنیا(ویب ڈیسک) فیس بک نے پوری دنیا میں ’فیس بک واچ‘ کے نام سے ویڈیو سروس متعارف کروادی ہے جس کے ذریعے ویڈیو آن ڈیمانڈ کی طرز پر ٹی وی شوز اور دیگر ویڈیوز دیکھی جاسکیں گی۔گوگل کے یوٹیوب پلیٹ فارم کی طرز پر اب فیس بک نے بھی ’فیس ب±ک واچ‘ کے نام سے ویڈیو سروس پیش کردی ہے جسے ایک سال تک تجرباتی طور پر امریکا میں چلایا گیا اور اب پوری دنیا کے لوگ اس سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ اس کے لیے فیس بک ایپ میں نیچے کی جانب ایک ’پلے‘ بٹن کا اضافہ کیا گیا ہے جسے آپ آج سے ہی دیکھ سکتے ہیں۔فیس بک کے ترجمان نے کہا ہے کہ ویڈیو آن ڈیمانڈ سروس آج سے پوری دنیا کےلیے پیش کی جاری ہے۔ اسے یوٹیوب کے متبادل کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔’فیس بک (اس سروس کے ذریعے) دنیا بھر میں ویڈیو سازوں اور پبلشروں کی دو طرح سے مدد کرنا چاہتی ہے: اول کہ وہ اس طرح کچھ رقم بناسکیں اور دوم یہ دیکھ سکیں کہ ان کی ویڈیوز کس حد تک مو¿ثر ہیں،‘ فیس بک کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا۔اس وقت ریڈ ٹیبل ٹاک اور حسن کی صنعت سے وابستہ ہوڈا کیٹان کا ہوڈا بوس شو دکھایا جارہا ہے جبکہ کھیلوں کے مقابلوں میں پی جی اے ٹور اور میجر لیگ بیس بال کے میچز بھی شامل ہیں۔ فیس بک کے مطابق اس کے پانچ کروڑ صارفین نے مہینے میں کم ازکم ایک منٹ تک انہیں ضرور دیکھا ہے۔ اگلے مراحل میں کرسچیانو رونالڈو اور کیتھرین زیٹا جونز کے پروگرام بھی اس سروس کے ذریعے دستیاب ہوں گے۔فیس بک درمیان میں اشتہارات کے ذریعے معاوضہ کمائے گی جس کا ایک حصہ ویڈیو ساز اداروں کو بھی دیا جائے گا۔ فیس بک نے ویڈیو چینلز کےلیے رقم کمانے کی شرائط میں بہت نرمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے لیے ضروری صرف 10 ہزار فالوورز ہوں یا پھر ایک ماہ میں 30 ہزار مرتبہ کسی نے بھی کم ازکم ایک منٹ تک ان کی ویڈیو دیکھی ہو۔
امریکا میں ہیلی کاپٹر حادثے میں 4 افراد ہلاک
فلوریڈا(ویب ڈیسک) امریکی ریاست فلوریڈا میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے 4 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سول ہیلی کاپٹر بی-60 ایئر کرافٹ فلوریڈا کے ایئر فورس بیس پر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار چاروں افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔قبل ازیں صرف ایک شخص کی ہلاکت کا دعوی کیا گیا تھا کیوں کہ ایئر بیس کے کاغذات میں ہیلی کاپٹر میں صرف پائلٹ کی موجودگی ظاہر کی گئی تھی تاہم ہیلی کاپٹر کے ملبے سے 4 لاشیں برآمد ہونے نے حادثے کو مشکوک بنادیا ہے۔امریکی ادارے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر نے ایئر فورس بیس سے ڈِسٹن ایگزیکیٹو ایئر پورٹ کے لیے پرواز بھری تھی تاہم تھوڑی دیر بعد ہی ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا۔امریکی ایئر فورس نے حادثے کی تحقیقات کے لیے تفتیشی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ ہیلی کاپٹر کا ملبہ ایئر فورس بیس کے رن وے سے دور درختوں سے بھرے علاقے میں گرا ہے جہاں ریسکیو ادارے امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ملتان کی سڑکوں پر بھیک مانگنے والا لکھ پتی نکلا
ملتان(ویب ڈیسک)ملتان کی سڑکوں پر بھیک مانگ مانگ کر ایک ایک روپیہ جمع کرنے والا بھکاری لکھ پتی نکلا۔شکل و صورت اور اپنے حلیے کے اعتبار سے انتہائی غریب دکھنے والا مظفر گڑھ کے رہائشی نے ملتان کی سڑکوں پر بھیک مانگ مانگ کر اپنے بینک اکاو¿نٹ میں لاکھوں روپے جمع کر لیے ہیں۔شوکت بھکاری نامی شخص اردو، پنجابی اور انگریزی روانی سے بولتا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ شوکت بھیک مانگتے مانگتے اب لکھ پتی بن چکا ہے جس کا اعتراف سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں اس نے خود کیا ہے۔شوکت کا ویڈیو میں کہنا ہے کہ میں روزانہ ملتان سے ایک ہزار روپے کماتا ہوں اور اس طرح مہینے میں 30 ہزار روپے آرام سے کما لیتا ہوں جب کہ یہ ساری رقم بینک اکاﺅنٹ میں جمع کراتا ہوں۔اس کا مزید کہنا ہے کہ آج کل کے دور میں ایک روپیہ کسی کی جیب میں کھلا نہیں ہوتا اسی لیے لوگ مجھے دس سے بیس روپے دے دیتے ہیں۔شوکت نے بتایا کہ اس کے اکاﺅنٹ میں تقریباً 10 لاکھ سے زائد کی رقم موجود ہے جو کہ اس نے بچوں کے نام کردی ہے۔اس کے علاوہ وہ سالانہ ہزاروں روپے بیمہ پالیسی کی مد میں بھی ادا کرتا ہے، شوکت کا کہنا ہے کہ وہ سالانہ 84 ہزار روپے بیمہ پالیسی کی مد میں ادا کرتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وہ کھانا بھی مانگ کر کھاتا ہے، چار جگہ سے مانگتا ہے تو ایک سے کچھ نہ کچھ کھانے کو مل ہی جاتا ہے۔شوکت بھکاری کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں نوکری کے لیے ایم این اے اور ایم پی اے کے پاس بھی گیا لیکن دھکے کھا کھا کر اب سڑک کا بادشاہ بن گیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اب اس کے پاس نوٹ ہی نوٹ ہیں اور وہ دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم کے لیے بھی فنڈ دیں گے۔
مصر میں پہلی بار عیسائی خاتون گورنر نامزد
قاہرہ(ویب ڈیسک) مصر میں پہلی مرتبہ ایک عیسائی خاتون کو گورنر نامزد کردیا گیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر میں ملک بھر کے گورنرز کو تبدیل کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت مصر کے ساحلی صوبے دمیاط کے نئے گورنر کے لیے 51 سالہ منال اوواد میخائل کا نام دیا گیا ہے۔مصر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک عیسائی خاتون کو گورنر کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ منال مصر کی دوسری خاتون گورنر ہوں گی اس سے قبل نادیہ عبدو کو ایک صوبے کی گورنری کا اعزاز حاصل رہا ہے تاہم وہ مسلمان خاتون گورنر تھیں۔
منال میخائل اس سے قبل بھی کئی اہم عہدوں پر ذمہ داریاں نبھا چکی ہیں۔ وہ 2015 میں ڈپٹی گورنر رہ چکی ہیں اور شہر کے انفراسٹرکچر اور عمارتوں کی از سر نو تعمیر کے پروجیکٹس سے بھی منسلک رہی ہیں۔واضح رہے کہ مصر کی کل آبادی کا 10 فیصد عیسائیوں پر مشتمل ہیں اور کئی عیسائی مرد گورنر کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں تاہم کسی خاتون عیسائی گورنر کی نامزدگی کا یہ پہلا واقعہ ہے۔