بھارتی ڈومیسٹک کرکٹرابھیشیک گپتا آٹھ ماہ کیلئے معطل

موہالی (یواین پی)بھارتی کرکٹ بورڈ نے پنجاب کے وکٹ کیپر بیٹسمین ابھیشیک گپتا کو ڈو پنگ کی خلاف ورزی پر آٹھ ماہ کیلئے معطل کردیا۔ انکا 15جنوری کو ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران اینٹی ڈوپنگ ٹیسٹنگ پروگرام کے تحت یورین سمپل حاصل کیا گیا تھا ۔جس میں ممنوع اجزاء پائے گئے۔ ان پر عائد پابندی 14ستمبر کو ختم ہوگی۔ انہوں نے کھانسی کا سیرپ استعمال کیا تھا جس میں ممنوع اجزاء شامل تھے۔

گرین شرٹس کی ٹی 20میچزسے قبل بھرپورپریکٹس

لندن(آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم نے سکاٹ لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی میچز سے قبل پریکٹس کا آغاز کر دیا ہے، بھرپور پریکٹس سیشن میں کھلاڑیوں نے فٹنس پر خصوصی توجہ دی۔پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے مابین دو میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کا آغاز 12جون سے ہو گا۔ ایڈنبرا میں موجود گرین شرٹس نے سیریز سے قبل ٹریننگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ ٹیم سرفراز نے بیٹنگ، بولنگ کی خامیاں دور کرنے کے علاوہ فٹنس پر خصوصی توجہ دی۔ شاہین میزبان ٹیم کے خلاف کامیابی کیلئے پرعزم ہیں۔ قومی ٹیم 12اور 13جون کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

تحمل کا مطلب ہے بدلے کی طاقت ہونے کے باوجود دوسروں کو معاف کردینا: علامہ ضیاءاللہ بخاری، امت مسلمہ کےساتھ دنیا میں جو سلوک ہورہا ہے سب جانتے ہیں ، لیکن حق کی آواز بلند کر نیکی جرا ت کسی میں نہیں: علامہ رشید ترابی، چینل ۵ کی خصوصی ٹرانسمیشن ”مرحبا رمضان “ میں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) طاقتور انسان وہ نہیں جو غصے میں دوسروں کا گریباں چاک کرے بلکہ طاقتور وہ ہے جو اپنے غصے پر قابو پائے۔ چینل ۵ کے پروگرام ”مرحبا رمضان“ میں گفتگو کرتے ہوئے علامہ ضیاءاللہ بخاری نے کہا ہے کہ اسلام نے ہمیں تحمل‘ برداشت اور رواداری کا سبق دیا ہے لیکن افسوس آج کا مسلمان برداشت و تحمل کا مظاہرہ نہیں کرتا۔ آج کے دور میں ہماری جیلیں بے صبری اور برداشت ختم ہونے کی وجہ سے بھری پڑی ہیں۔ نبی اکرم نے برداشت اور صبر کی عظیم مثالیں پیش کی ہیں۔ تحمل کا مطلب ہے بدلے کی طاقت ہونے کے باوجود دوسروں کو معاف کردینا ‘ صبر و برداشت انسان کے اخلاق کو ظاہر کرتا ہے اور مومن کی سب سے بھاری نیکی روز قیامت اس کا اچھا اخلاق ہوگی۔ اللہ کی رضا کے لئے دوسروں کو معاف کرنے والے کی عزت میں اللہ تعالیٰ اضافہ فرما دیتے ہیں۔ مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں ان کے حقوق و فرائض پورا کرنے لازم ہیں۔ چھوٹی چھوٹی بات پر غصہ کرنا اور گالیاں نکالنا مسلمان کو زیب نہیں دیتا۔ نبی اکرم نے گالیاں نکالنے والے کو فاسق قرار دیا ہے۔ اسلام بہت وسیع اور خوبصورت دین ہے۔دوسروں کا دل دکھانے سے اللہ تعالیٰ نے سختی سے منع فرمایا ہے اور معاف کرنے والوں کو وہ اپنا دوست رکھتا ہے۔ میڈیا کو بھی چاہئے صبروتحمل لوگوں میں پیدا کرنے کیلئے مزید پروگرامزکریں۔علامہ ترابی نے کہا کہ ہم اللہ کو مانتے ہیں لیکن اللہ کی نہیں مانتے ہیں۔ معاشرہ دن بہ دن بغض ‘ کینہ اور بدتمیزی میں آگے بڑھتا جارہا ہے۔ اسلام نے مسلمانوں کو بہترین زندگی گزارنے کے بہت سے اصول بتائے ہیں۔ نبی اکرم اور صحابہ اکرام کی بہت سی مثالیں موجود ہیں۔ خندق کے میدان دوران جنگ ایک یہودی نے آپ کے منہ مبارک پر تھوک (نعوذ باللہ) پھینک دی تو حضرت علیؓ نے فوراً یہودی کو چھوڑ دیا صحابہ اکرامؓ نے پوچھا کیا ایسے موقع پر دشمن کو چھوڑ دینا دانشمندی ہے‘ تو حضرت علیؓ نے فرمایا اس کی اس جسارت پر میرا ذاتی غصہ شامل ہوجاتا لیکن میں اللہ کے لئے لڑتا ہوں اسی لئے اسے چھوڑ دیا۔ اسلام میں ایسی اور بھی بہت سی مثالیں موجود ہیں اپنے ضمیر اور غصے پر قابو پانا بہت ضروری ہے۔ آجکل اقتدار میں آنے والے لوگ میڈیا پر بیٹھ کر سرعام گالم گلوچ کرتے ہیں۔ صبروتحمل نام کی چیز ختم ہوگئی ہے اور بے بسی بڑھتی جارہی ہے۔ امت مسلمہ کے ساتھ دنیا بھر میں جو سلوک ہورہا ہے سب کو معلوم ہے لیکن آواز حق بلند کرنے کی جرا¿ت نہیں ہے۔ مسلمانوں کو مولی اور گاجر کی طرح کاٹا جارہا ہے۔

سکاٹ لینڈکیخلاف نئے پلیئرزکوآزمایاجائے: طاہرشاہ، حارث سہیل کی جگہ کامران اکمل کومنتخب کیاجاتاتوبہترتھا: ہمایوں نذیرکی ” گگلی “ میں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق فرسٹ کلاس کرکٹر طاہر شاہ نے کہا ہے کہ ٹیم میں تبدیلیاں کرتے رہنا چاہئے۔ کپتانی کا موقع بھی دوسروں کو دینا چاہئے۔ چینل ۵ کے پروگرام گگلی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیٹنگ‘ فٹنس پر سوالیہ نشان ہے۔ نئے لڑکے اور ٹیلنٹ کو موقع نہ دے کر قوم اور کھلاڑیوں کے ساتھ زیادتی ہے۔ اسکاٹ لینڈ کا انٹرنیشنل سطح پر نام نہیں ہے تو وہاں نئے لڑکوں کو تجربہ کے طور پر کھلانا چاہئے۔ ہار اورجیت کھیل کا حصہ ہے‘ لیکن ٹیم کے لیے ہیرے تراشنے کا اسکاٹ لینڈ میں اچھا موقع ہے۔ سپورٹس جرنلسٹ ہمایوں نذیر نے کہا ہے کہ بابراعظم کی انجری کے بعد حارث سہیل کو منتخب کرنا غلط ہے۔ بابراعظم کے بعد اصولی طور پر کامران اکمل کا نام آنا چاہئے تھا۔ ٹیم مینجمنٹ کو سوچ سمجھ کر کھلاڑیوں کو موقع دینا ہو گا۔ ٹیسٹ میچ میں راحت کی اچھی کارکردگی نہ ہونے کے باوجود ٹی ٹوئنٹی میں دوبارہ کھلایا گیا ہے۔ نئے لڑکوں کو کھلا کر اسکاٹ لینڈ سے ریٹنگ میں فرق نہیں آنا تھا۔ آغا سلمان کو موقع دے کرسپنرز چننے چاہئیں۔ قومی ٹیم کو سپنرز کی ضرورت ہے۔

معطل کرکٹر شرجیل نے پھر قوانین کی دھجیاں اڑادیں

لاہور(آئی این پی) سپاٹ فکسنگ سکینڈ ل میں پابندی کا شکار شرجیل خان نے پھر سے قوانین کی دھجیاں اڑا دیں اور پابندی کے باوجود ٹورنامنٹ کھیلنے شروع کردیئے ہیں۔ذرائع کے مطابق حیدر آباد میں آل پاکستان ٹی ٹونٹی نائٹ کرکٹ لیگ میں بیٹنگ کی۔ان پر اسپاٹ فکسنگ کیس میں پانچ سال کیلئے پابندی عائد کی گئی تھی۔ جبکہ انہوں نے پابندی کو نظر انداز کرتے ہوئے دھڑلے سے کرکٹ ٹورنامنٹس کھیلنے شروع کردیئے ۔پی ایس ایل سٹار ابتسام شیخ اور انٹرنیشنل کرکٹر فیصل اطہر بھی شرجیل کی ٹیم میں شامل۔فکسنگ سکینڈل میں پابندی کی وجہ سے شرجیل کھیلنا تو دور کرکٹ گرانڈ میں جا بھی نہیں سکتے۔خیال رہے کہ کرکٹ لیگ حیدر آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے تعاون سے پی سی بی قوانین کے تحت ہورہی ہے جبکہ شرجیل خان کو دس فروری دو ہزار سترہ کو معطل کیا گیا۔سپاٹ فکسنگ کیس میں کرکٹرکو اڑھائی سال تک ہر طرز کی کرکٹ سے معطل کر رکھا ہے اورسپاٹ فکسنگ کیس میں شرجیل خان پر پانچ سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

وزیراعظم پی پی کاہو گا ، عمران کا راستہ روکا جائیگا ،ن لیگ اور پی پی میں خفیہ ڈیل کا انکشاف ، چینل ۵ کی رپورٹ میں بھانڈا پھوٹ گیا

لاہور (چینل ۵ رپورٹ) خبریں گروپ کے چیف ایڈیٹر ضیاشاہد نے اپنے پروگرام ”ضیاشاہد کے ساتھ“ میں سیاست کے کھیل سے باخبر کچھ حلقوں کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان ڈیل قریباً حتمی شکل اختیار کر چکی ہے اور گزشتہ دنوں نجم سیٹھی کے گھر پر ہونے والی نواز شریف اور آصف علی زرداری کی ملاقات بھی اسی سلسلے کی کڑی تھی تاکہ معاملات کو سرے تک پہنچایا جائے۔ ان ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیل کا بنیادی نقطہ ہر قیمت پر عمران کا راستہ روکنا ہے تاکہ وہ اقتدار میں نہ آ سکیں کیونکہ ان کا اقتدار میں آنا دونوں جماعتوں کے لئے انتہائی نقصان کا باعث ہو گا۔ اس مقصد کے لئے عمران خان کو آئین کے آرٹیکل62 اور63 کے تحت نااہل قرار دلوانے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔ جس کے لئے مسلم لیگ ن کا میڈیا سیل گزشتہ سات برس سے کام کر رہا تھا۔ اس سیل نے بہت سی دستاویزات، رپورٹیں اور فلمیں بھی حاصل کر لی ہیں جن میں بنی گالا کے معاملات کی خفیہ فائلیں بعض میڈیکل رپورٹس، ڈی این اے ٹیسٹ بھی شامل ہیں اور اب ریحام خان کی کتاب بھی اس سلسلے کی کڑی نظر آتی ہے۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ آصف علی زرداری ماضی کے تجربات کے پیش نظر نوازشریف کے ساتھ ہاتھ ملانے کے لئے تیار نہیں تھے مگر گزشتہ ماہ جب ان کی دست راست اور بہن فریال تالپور کو نیب میں طلب کیا گیا جبکہ ان کی دوسری ہمشیرہ عذرا پچیہو کے خاوند کے خلاف نیب انکوائری شروع ہوگئی تو آصف زرداری کی پریشانی میں اضافہ ہو گیا چنانچہ دونوں جماعتوں میں رابطے اور کسی نہ کسی شکل میں میثاق جمہوریت کو بحال کرنے کی کوششیں شروع ہو گئیں۔ یہ کوششیں بیک ڈور چینل کے ذریعے تھیں اور انہی کے نتیجے میں سابق صدر اور سابق وزیراعظم کی ملاقات ممکن ہو سکی جس کے لئے نجم سیٹھی نے بھی اہم کردار ادا کیا جو دونوں شخصیات کے قریب سمجھے جاتے ہیں۔ اگرچہ حتمی ڈیل کے حوالے سے تو کوئی یقینی بات کہنا مشکل ہے تاہم جن امور پر معاملات طے پا رہے ہیں ان میں پنجاب اور سندھ کی حکومتوں کی صورتحال تبدیل نہیں ہوگی۔ پنجاب میں میاں شہبازشریف ہی وزیراعلیٰ رہیں گے جبکہ سندھ میں بھی پیپلز پارٹی ہی حکمران رہے گی۔ تاہم مرکز میں ن لیگ پیپلز پارٹی کو حق دینے کےلئے تیار ہے کہ وہ اپنا وزیراعظم لے آئے۔ اس سے وہ خود اپنی پارٹی کے اندر سے کسی کو نامزد کر دیں۔ کسی دوسری جماعت سے انتخاب کر لیں یا باہر سے کوئی شخصیت لے آئیں، یہ پیپلز پارٹی کی مرضی پر منحصر ہوگا۔ ضیاشاہد نے کہا کہ سیاستدانوں کے وعدے اردو کی روایتی محبوبہ کے وعدے ہوتے ہیں، ایک مہینہ پہلے زرداری کہہ رہے تھے کہ وہ اور بلاول لاہور میں آ کر رہیں گے۔ پنجاب کا وزیراعلیٰ ہمارا ہو گا۔ نواز سے ملاقات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اب 3دن پہلے ایک ملاقات ہوئی ہے۔ نجم سیٹھی نے ملاقات سے پہلے کوئی بات نہیں کی۔ وہ بھی ”پروانڈین“ مشہور ہیں۔ ایسے لوگ سیاسی جماعتوں کو بڑے مرغوب ہوتے ہیں۔ میں ایک زمانے میں پاکستان ایڈیٹرز کونسل کا صدر اور نجم سیٹھی جنرل سیکرٹری ہوتے تھے۔ ان کو بڑی مدت سے جانتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ چند روز قبل نواز، زرداری ملاقات کرائی، ملاقات سے پہلے پتہ چلا کہ یہ خوف پیدا ہو گیا ہے کہ پی ٹی آئی پنجاب میں بہت مضبوط ہو گئی ہے، جنوبی پنجاب سارا ٹوٹ کر اس میں شامل ہو گیا ہے۔ وہاں سارے ن لیگ کے لوگ تھے جو اب پی ٹی آئی میں ہیں۔ آدھے پنجاب میں زیادہ اثرورسوخ رکھنے والے تحریک انصاف میں جا رہے ہیں۔ اس وقت پی ٹی آئی کا زیادہ رش ہے۔ زرداری صاحب کبھی کہتے ہیں کہ فوجیوں کی اینٹ سے اینٹ بجا دینگے پھر بھاگ جاتے ہیں۔ دوبارہ واپس آ کر پھر سیٹ ہو جاتے ہیں۔ اب اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ تحریک انصاف سب لے دے گئی اس لیے اب درمیان کا راستہ نکالا گیا۔ اب جو طے ہوا ہے اس میں ایک بات کہ شہباز شریف ایم ا ین اے و ایم پی اے دونوں سیٹوں سے کھڑے ہونگے۔ ان کو وزیراعظم کا امیدوار بھی کہا جاتا ہے۔ ن لیگ و پی پی میں اتفاق رائے ہو چکا ہے کہ سندھ میں پی پی، پنجاب میں ن لیگ اور مرکز میں عمران خان کو نہیں آنے دینا۔ سراج الحق بھی اب فضل الرحمن سے مل گئے ہیں۔ اب یہ چلے ہوئے کارتوس ہیں، خیبرپختونخوا میں ان کا شاید تھوڑا اثر پڑے ورنہ پرانے دور والے ایم این اے کے مزے اب دونوں بھول جائیں۔ ن لیگ کے میڈیا سیل نے جب مشاہد حسین وزیراطلاعات تھے اس وقت کی فائلیں بنی ہوئی ہیں کہ عمران خان کو نااہل کرانے کےلئے کیا کیا ا خلاقی الزامات لگانے ہیں۔ اس میں سیتا وائٹ کیس سرفہرست ہے، مختلف ایجنسیوں کے ذریعے بنی گالا کی فلمیں و قصے اکٹھے کرتے رہے اب ریحام خان سامنے آ گئی جس پر ایک انڈین پیسے خرچ رہا ہے۔ ریحام خان کی کتنی ہی دوستیاں ہوں سب اپنی جگہ لیکن پی ٹی آئی کہہ چکے ہیں کہ شہباز شریف نے ایک لاکھ یورو ڈالر دئیے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا ریحام خان کی کتاب بھارت میں چھپے گی۔ لندن میں کوئی پبلشر تیار نہیں۔ شاید وہ حسین حقانی سے ملکر کوشش کر رہی تھیں کہ نیویارک یا واشنگٹن میں چھپ جائے۔ میری معلومات کے مطابق اسددرانی کی کتاب والا پبلشر ہی ریحام خان کی کتاب کو چھاپ رہا ہے۔ اس کے بعد یہ کتاب پاکستان و برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں سمگل کی جائے گی۔ انٹرنیٹ پر بھی دستیاب ہو گی۔ آدھے سے زیادہ کتاب تو نیٹ پر آ بھی چکی ہے۔ کوشش یہ ہے کہ پنجاب میں ن لیگ اور سندھ میں پی پی حکمران رہے۔ خود زرداری ناراض ہیں کہ فریال تالپور کے خلاف بھی کیسز کھل گئے ہیں۔ ن اور پی پی کے پاس آپس میں ملنے کے سوال کوئی چارہ کار ہی نہیں۔ نواز شریف کی طرف سے فارمولا دیا گیا ہے کہ اگر ہم ملکر عمران خان کا راستہ روکیں، 63,62 کے تحت نااہل کروا سکیں تو پھر ن لیگ پنجاب میں، پی پی سندھ میں اور مرکز میں سمجھوتہ کر لیں گے۔ پیپلز پارٹی اس شرط پر مانی ہے کہ آئندہ وزیراعظم پی پی کا یا اس کا نامزد کردہ ہوگا۔ اب ن و پی پی آپس میں خفیہ طور پر مکمل گٹھ جوڑ کر چکی ہے۔ عمران خان اکیلا رہ گیا ہے وہ اکیلا مقابلہ کر سکے گا؟ ریحام خان کی کتاب ن لیگ کا بنا بنایا فارمولا ہے۔ اس کے بہت سارے صفحات کی فوٹو سٹیٹ دیکھی ہیں جو عمران خان کو آﺅٹ کرنے کےلئے بنایا گیا تھا۔ شواہد، فلمیں، کتابیں وغیرہ ابھی ایک کتاب کو روک رہے ہیں میرے پاس 2اور کتابیں ایسی ہیں جس میں سے ایک کتاب ایک خاتون سے لکھوائی گئی ہے جو چھپ چکی ہے، اس میں بقول اس کے وہ بنی گالہ میں انصاف کےلئے گئی اور عمران خان نے کہا کہ اب میں تم سے شادی نہیں کروں گا۔ یہ سارا مواد اس لیے رکھا گیا ہے کہ 63,62 پر عمران خان کو بالکل اسی طرح نااہل کروا سکیں جس طرح نواز شریف ہوئے۔ ن لیگ اپنے اس فارمولے میں کامیاب ہو گی یا نہیں یہ معلوم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو تیسری شادی کے بعد بہت بدلا ہوا پایا۔ وہ کہتے ہیں کہ اگر پروردگار کو منظور ہوا تو ضرور موقع ملے گا حالانکہ سیاستدان ایسے نہیں کہتے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی یا غیرفوجی کوئی بھی ہو جس نے بھی کوئی غلط کام کیا ہے اس کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیتا وائٹ کی بیٹی جمائما کے تحفظ میں ہے، جمائما نے اسے گھر لیکر دیا، اس کے اخراجات بھی برداشت کر رہی ہیں، ڈیڑھ سال پہلے پاکستان میں سے کچھ لوگ آفرز لیکر گئے تھے اور یہ شیڈول طے ہو چکا تھا کہ سیتاوائٹ کی بیٹی کو پاکستان لایا جائے گا اور وہ 5 بڑے شہروں میں پریس کانفرنس کریں گے جس سے عمران خان سیاست سے آﺅٹ ہو جائے گا۔ جواب میں پی ٹی آئی کے بھی باغی ہو سکتے ہیں۔ گل صاحبہ جن کے بارے کہا جاتا ہے کہ ایک گھنٹے کےلئے گرفتار ہوئیں، سب جانتے ہیں کہ لاہور کے سرکردہ اخبار کی خاتون ایڈیٹر نے تحفے کے طور پر مریم نواز کو پیش کی۔ یہ ان کی سوشل میڈیا سیل کی سربراہ تھیں۔ اس میڈیا سیل کا اتنا بڑا بجٹ تھا جو سب سرکاری وسائل سے حاصل کیا گیا۔ نیب سمیت دوسرے ادارے و عمران خان کو چاہیے کہ اس کی تحقیق کروائیں کہ مریم نواز کے سوشل میڈیا سیل پر جتنا پیسہ خرچ ہوا کیا وہ واقعی ن لیگ کے سیاسی فنڈز سے کیا۔ مجھ تک یہ بات پہنچی تو میں نے تحقیق کروانے سے انکار کر دیا۔ اگر ن لیگ کسی کی بیوی، بیٹی کے بارے میں شواہد اکٹھے کر سکتے ہیں تو پھر شیشے کے گھروں میں کوئی نہیں بیٹھا ہوا۔ جو تیاری کی گئی ہے عمران خان بھی اس کے خلاف ہے کہ غیر شائستہ بات ہوگی لیکن شاید عمران کے بس میں بھی نہ رہے، جب بات حد سے بڑھی تو پی ٹی آئی کے باغی ورکر کیا کچھ سامنے لائیں گے اس کےلئے تیار ہو جائیں۔

چین میں ابابیلوں نے عمارت کو انہدام سے بچا لیا

چین (ویب ڈیسک)مشرقی چین میں ابابیل کے گھونسلوں اور بچوں کی وجہ سے ایک پرانی عمارت کا انہدام روک دیا گیا۔چین کے مشرقی صوبے زی جیان کے گاو¿ں زو یوان میں ایک پرانی عمارت کو نقص عامہ کے خطرے کے پیش نظر 5 جون کو منہدم کیا جانا تھا۔لیکن وہاں کام کرنے والے انجینئرز نے عمارت میں پرندوں کی آوازیں سنیں اور پھر وہاں ابابیل کے 4 گھونسلے دیکھے جن میں سے ایک میں ابابیل کے بھوکے بچے موجود تھے جو خوراک کے لیے چیخ رہے تھے۔وہاں کام کرنے والے ایک مزدور نے بتایا کہ ایک گھونسلے میں چار بچے بھوک کے مارے بار بار اپنا سر گھونسلے سے نکالتے اور آوازیں نکال رہے تھے، اس کے علاوہ گھونسلوں میں ابابیل کے 7 انڈے بھی پائے گئے۔چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق جب عمارت گرانے والی ٹیم کا عملہ مقامی وائلڈ لائف ایسوسی ایشن کے دفتر پہنچا تو انہیں تجویز دی گئی کہ ان پرندوں کو یہاں سے نہ ہٹایا جائے۔وائلڈ لائف حکام کی جانب سے حکام کو بتایا گیا کہ اگر ابابیلوں کو یہاں سے ہٹایا گیا تو خدشہ ہے کہ انسانی بو سے ابابیل گھونسلے چھوڑ کر چلے جائیں جس سے ان میں موجود بچوں کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ڈیمولیشن حکام کی جانب سے عمارت گرانے کے لیے نئی تاریخ نئی دی گئی لیکن وائلڈ لائف حکام کے مطابق ابابیل کے بچے 15 روز میں انڈوں سے باہر آ جاتے ہیں اور نئے بچوں کو خود سے اڑنے اور خوراک کھانے میں 10 روز لگ جاتے ہیں۔اس طرح عمارت کو دوبارہ گرانے میں تقریباً ایک ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔

علاؤ الدین مری نے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کا حلف اٹھالیا

کوئٹہ(ویب ڈیسک) علاو¿ الدین مری نے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گورنر ہاو¿س میں تقریب حلف برداری ہوئی جس میں گورنر بلوچستان سمیت اعلی حکام و سیاسی رہنماو¿ں نے شرکت کی۔گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے علاو¿ الدین مری سے نگران وزیر اعلیٰ کا حلف لیا۔ یاد رہے کہ نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان سے متعلق حزب اقتدار اور حزب مخالف میں فیصلہ نہ ہونے پر معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس گیا تھا۔الیکشن کمیشن حکام نے مشاورت کے بعد بلوچستان کے نگران وزیراعلیٰ کے لیے علاو¿ الدین مری کے نام کا اعلان کیا تھا۔نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاو¿الدین مری کا تعلق بلوچستان سے ہے جو 1980 میں ضلع مستونگ کے علاقے کلی اشکنہ میں پیدا ہوئے۔علاو¿الدین مری نے ابتدائی تعلیم تعمیر نو اسکول کوئٹہ سے حاصل کی اور یونیورسٹی آف خضدار انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے بی اے کی ڈگری حاصل کی۔نامزد نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاو¿الدین مری نے انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد ذاتی کاروبارشرو ع کیا جس سے وہ اب تک منسلک ہیں۔

ناک کی غلط سرجری نے پریانکا سے 7 فلمیں چھینیں

ممبئی (ویب ڈیسک)بالی وڈ اداکار پریانکا چوپڑا کو ناک کی غلط سرجری کرانے کی وجہ سے 7 فلموں سے ہاتھ دھونے پڑے۔حال ہی میں پریانکا چوپڑا کی زندگی پر لکھی جانے والی کتاب ’پریانکا چوپڑا: دی ڈارک ہارس ‘ میں کئی رازوں سے پردے اٹھائے گئے ہیں۔ پریانکا کے بالی وڈ میں ڈیبو سے پہلے ہی کئی فلمیں ہاتھ سے نکل گئیں تھیں جس کی وجہ ناک کی سرجری تھی جب کہ سرجری کے باعث ناک کی ہڈی خراب ہوگئی ہے۔خاتون صحافی بھارتھی ایس پرادھان کی تحریر کردہ کتاب کے مطابق پریانکا کو سب سے پہلے اداکار بوبی دیول کے مدمقابل فلم کا کردار ملا تھا اور اس فلم کو ہدایت کار مہیش منجیکر ڈائریکٹ کررہے تھے۔فلم کی شوٹنگ کے روز اداکارہ کے منیجر نے فلم کے پروڈیوسر وجے گلانی کو میک اپ روم میں پریانکا سے ملاقات کا کہا جس پر وہ روم میں گئے تو اداکارہ کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔کتاب میں پروڈیوسر نے لکھا ہے کہ میں اداکارہ کو دیکھ کر حیران رہ گیا تھا اور اداکارہ سے سوال کیا جس پر انہوں نے ناک کو ٹھیک ہونے کے لیے ایک ماہ کا وقت مانگا لیکن ایک ماہ بعد بھی ان کی ناک ٹھیک نہیں ہوسکی تھی جس پر فلم کو بند کردیا گیا۔میک اپ آرٹس نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خراب سرجری کی وجہ سے اداکارہ 7 سے 8 ماہ تک فلمی دنیا سے دور ہوگئی تھیں۔ اداکارہ کی بالی وڈ میں پہلی فلم ’ہیرو‘ تھی جس کے ہدایت کار انیل شرما سرجری کی وجہ سے ہی انہیں فلم سے نکالنے کی منصوبہ بندی کرچکے تھے لیکن منیجر کی درخواست پر انہیں کردار دیا گیا۔ یاد رہے کہ پریانکا چوپڑا کا شمار بالی وڈ کی ان کامیاب ترین اداکاراو¿ں میں ہوتا ہے جنہوں نے اب ہالی وڈ کو بھی اپنا مسکن بنالیا ہے جہاں وہ ٹی وی سیریز کے علاوہ فلموں کی شوٹنگ میں بھی مصروف ہیں۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان کی پہلی پوزیشن برقرار

لاہور (ویب ڈیسک)آئی سی سی کی نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔آئی سی سی کی جانب سے افغانستان کے ہاتھوں بنگلہ دیش کی شکست کے بعد نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق پاکستان 130ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں دوسرا نمبر آسٹریلیا اور تیسرا بھارت کا ہے جب کہ نیوزی لینڈ چوتھے، انگلینڈ پانچویں اور جنوبی افریقا چھٹے نمبر پر ہے۔بنگلہ دیش کو تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کرنے کے بعد افغانستان کی ٹیم رینکنگ ٹیبل پر بنگلا دیش اور سری لنکا سے اوپر آگئی ہے۔آئی سی سی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کے بہترین بلے بازوں کی فہرست میں پاکستان کے بابر اعظم بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں جب کہ بولرز میں افغانستان کے راشد خان پہلے اور پاکستان کے شاداب خان دوسرے نمبر پر ہیں۔ٹاپ بولرز کی فہرست کی خاص بات یہ ہے کہ10 میں سے 9 پوزیشن اسپنرز کے پاس ہیں۔

سب کچھ قانون سے بالاترہورہا ہے، نوازشریف

اسلام آباد(ویب ڈیسک)احتساب عدالت کے باہرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ ججوں کونظربند کرنے، 12 مئی کا واقعہ ، دوبارآئین توڑنے، بگٹی قتل کیس میں بھی پرویزمشرف شامل ہے، کس آئین کے تحت مشرف کواجازت دی گئی، اس کی شق ہمیں بھی پڑھادیں، ایسے شخص کوکیسے گارنٹی دی جا سکتی ہے اورمیں نے بیگم کی عیادت کے لئے تین دن کا استثنیٰ مانگا جو نہیں مل رہا۔نوازشریف نے کہا کہ ہماری عقل و فراست میں یہ بات نہیں آ رہی، سب کچھ قانون سے بالاترہورہا ہے، ایک طرف سنگین غداری کا مقدمہ دوسری طرف الیکشن لڑنے کی مشروط اجازت مل گئی، اب کہاں گیا آئین و قانون، آرٹیکل 6 اورکدھر گئے سارے مقدمے، ایک شخص کس طرح قانون اورآئین سے بالاترہوسکتا ہے۔

نواب آف کالا باغ کا عمران خان کیخلاف الیکشن لڑنے کا اعلان

کالاباغ (ویب ڈیسک) نواب آف کالاباغ ملک وحید خان نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے مقابلہ میں الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ہے۔ ملک وحید خان نے حلقہ این اے 71(موجودہ این اے 95)میں 2013ءمیں عمران خان کی چھوڑی ہوئی نشست پر ضمنی الیکشن لڑا تھاتاہم جیت نہ سکے تھے۔اس کے بعد لگاتار ملک وحید خان تحریک انصاف کے جلسوں دھرنوں اور ریلیوں میں بھر پور طریقے سے شرکت کرتے رہے اور کروڑوں روپے خرچ کئے۔ان کے ساتھ 2013کے الیکشن میں عائلہ ملک نے بھی بھر پور طریقے سے الیکشن مہم میں حصہ لیا اور میانوالی سے تحریک انصاف نے چار سیٹیں حاصل کر لیں۔اب تحریک انصاف حلقہ پی پی 86کا ٹکٹ نہ ملنے پر نواب ملک وحید خان نے عمران خان کے مقابلہ میں این اے 95جبکہ پی پی 85میں تحریک انصاف کے امیدوار عبدالرحمان خان المعروف ببلی خان جبکہ ملک وحید کے بیٹے ملک امیر نے حلقہ پی پی 86میں تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر امین ا? خان کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ حلقہ این اے 95میں اس وقت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ، سابق ایم این اے ن لیگ عبید ا? خاں شادی خیل ، نواب ملک وحید خان اور دیگر امیدوار مد مقابل ہوں گے۔

جمشید دستی کاغذات نامزدگی جمع کرانے گدھا گاڑی پر پہنچ گئے

مظفرگڑھ(ویب ڈیسک) الیکشن مہم میں لاکھوں روپے مالیت کی لگڑری گاڑی استعمال کرنیوالے جمشید دستی کی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے گدھا گاڑی پر آئے ، جمشید دستی ہاتھ جھاڑو اور ماتھے پر پاکستان زندہ باد کا نعرہ والی پٹی باندھ کر گدھا ریڑھی پر بیٹھ کر ریٹرنگ آفیسر کے دفتر کاغذات نامزدگی جمع کرانے پہنچے۔ تفصیل کے مطابق عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے اپنی مہنگی گاڑی چھوڑ کر گدھا ریڑھی پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا دلچسپ انداز اپنایا۔ لیکن انہوں نے ایک بار پھر 2018 کے عام انتخابات سے قبل ہاتھ میں جھاڑو تھامے گدھا ریڑھی پر بیٹھ کر جلوس کے ہمراہ ریٹرننگ آفیسر کے دفتر پہنچے جہاں انہوں نے تین قومی اسمبلی اور ایک صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔ اس بار جمشید دستی نے ماتھے پر تخت لاہور کے قیدی کے نعرے کے بجائے پاکستان زندہ باد کے نعرے والی پٹی باندھی ہوئی تھی۔