قصور میں عدلیہ مخالف ریلی نکالنے پر ن لیگ کے سابق ایم این اے شیخ وسیم اختر سمیت 4 ملزموں کو ایک ایک ماہ قید ، 4 لاکھ جرمانہ

لاہور (کورٹ رپورٹر، این این آئی) ہائیکورٹ نے عدلیہ مخالف ریلی نکالنے پر مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم این اے شیخ وسیم اختر سمیت دیگر 4 ملزمان کو ایک ایک ماہ قید اور فی کس ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سناتے ہوئے الیکشن کیلئے نااہل قرار دے دیا۔جسٹس مظاہر اکبر نقوی پر مشتمل تین رکنی فل بنچ نے قصور میں عدلیہ مخالف ریلی نکالنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی، عدالت نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ وسیم اختر اور ان کے 3 ساتھیوں کو ایک ایک ماہ قید کی سزا سناتے ہوئے فی کس ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ عدالت نے (ن) لیگ کے سابق ایم پی اے نعیم صفدر اور حاجی ایاز کو بری کردیا۔کیس میں سزا پانے والے دیگر ملزمان میں مسلم لیگ (ن) قصور کے سینئر نائب صدر جمیل خان، سابق چیئرمین بیت المال قصور ناصر خان اور سابق چیئرمین بلدیات قصور احمد لطیف شامل ہیں۔عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد پولیس نے ملزمان کو کمرہ عدالت سے ہی گرفتار کرلیاجبکہ عدالت نے دو ملزمان ناصر خان اور جمیل خان کی جانب سے رحیم کی اپیل کرنے پر انہیں معاف کردیا، دونوں ملزمان کو معاف کرنے کی ہدایت چیف جسٹس پاکستان نے دی تھی۔ عدالت نے ملزمان کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دے کر سزا کا حکم سنایا،عدالت سے سزا کے بعد ملزمان پانچ سال کےلئے نا اہل بھی ہو گئے ہیں وہ کوئی عوامی عہدہ نہیں رکھ سکیں گے۔واضح رہے کہ قصور میں 13 اپریل کو عدلیہ مخالف ریلی نکالی گئی تھی جس کے خلاف 30 اپریل کو لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔13 اپریل کو سابق رکن قومی اسمبلی وسیم اختر کی کال پر مسلم لیگ(ن) کے متعدد ورکرز شہباز خان روڈ کے قریب ان کی رہائشگاہ کے باہر جمع ہوئے اور ریلی کی صورت میں کشمیر چوک پہنچے جہاں مظاہرین نے 2 گھنٹے روڈ بلاک رکھی اور ٹائر جلائے، جس کی قیادت سابق ایم این اے وسیم اختر اور سابق ایم پی اے نعیم صفدر مظاہرین کی سربراہی کررہے تھے۔بعد ازاں پولیس نے عبدالرشید اور میجر(ر)حبیب الرحمن کی شکایات پر 2 ایف آئی آر درج کیں، جن کے بارے میں کہا جارہے کہ وہ سماجی کارکن بھی ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق 18 اپریل کو سابق رکنِ قومی اسمبلی وسیم اختر، سابق رکنِ صوبائی اسمبلی نعیم صفدر، میونسپل کمیٹی چیئرمین ایاز خان، مارکیٹ کمیٹی چیئرمین جمیل خان اور سوشل سکیورٹی ہیڈ نصر خان نے کمشیر چوک کے پاس فیروز پورہ روڈ بلاک کیا۔ مذکورہ اشخاص نے ججز اور خفیہ اداروں کے خلاف غیر اخلاقی زبان استعمال کی، شکایت کنندگان نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس مشتبہ افراد کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی موجود ہے۔ مقدمے کے اندراج کے بعد پولیس نے سابق رکن قومی اسمبلی وسیم اختر، سابق رکن صوبائی اسمبلی نعیم صفدر، قصور میونسپل کمیٹی چیئرمین ایاز خان، وائس چیئرمین احمد لطیف، یونین کونسل چیئرمین ناصر خان اور جمیل خان سمیت 45 مشتبہ لوگوں کو گرفتار کرلیا تھا۔20 اپریل 2018 کو سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دینے کے عدالتی فیصلے کے خلاف مبینہ طور پر احتجاج کرنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے زیرِ حراست 45 کارکنان کی فی کس ایک لاکھ روپے مچلکے کے عوض ضمانت منظور کرلی تھی۔واضح رہے کہ پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں میں مقامی رکن قومی و صوبائی اسمبلی سمیت 80 افراد کے نام شامل تھے۔2 مئی 2018 کو لاہور ہائی کورٹ نے عدلیہ مخالف تقاریر پر پابندی سے متعلق کیس میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور اس وقت کے وزیر داخلہ احسن اقبال کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔4 مئی کو ہونے والی سماعت میں لاہور ہائی کورٹ نے قصور میں نکالی گئی ریلی میں مبینہ طور پر عدلیہ مخالف بیانات پر وزارت داخلہ کو رکن قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی سمیت مسلم لیگ (ن) کے 6 اراکین کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا حکم دیا تھا۔لاہور ہائی کورٹ نے 11 مئی کو قصور میں عدلیہ مخالف ریلی اور نعرے بازی کے الزام میں مسلم لیگ(ن) سے تعلق رکھنے والے کارکنان پر فردِ جرم عائد کرتے ہوئے ملزمان کو 7 دن میں جواب داخل کرنے کی ہدایت کی تھی۔30 مئی 2018 کو لاہور ہائی کورٹ نے توہین عدالت کیس میں احسن اقبال کو آئندہ سماعت پر تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔لاہور ہائی کورٹ میں 4 جون کو ہونے والی سماعت کے دوران کیس کے ایک گواہ نے عدالت میں اپنا بیان قلمبند کرواتے ہوئے بتایا کہ ریلی میں شامل افراد نے عسکری قیادت اور عدلیہ مخالف تقاریر کیں۔گزشتہ سماعت کے دوران عدالتِ عالیہ نے اس کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

عرفان خان کی نئی ہولی وڈ فلم ’پزلڈ‘

ممبئی (ویب ڈیسک )بولی وڈ کے ٹیلنٹڈ اداکار عرفان خان کی نئی ہولی وڈ فلم ’پزلڈ‘ کا ٹریلر جاری ہوگیا، جسے اداکار نے اپنے ٹوئٹر اکاو¿نٹ پر شیئر کیا۔اس فلم میں عرفان خان ایک ایسے شخص کا کردار ادا کریں گے، جو پزل بنانے کے ماہر ہیں، جس کے بعد وہ ایسی خاتون کے ساتھ ایک چیمپین شپ کا حصہ بنیں گے جو ذاتی زندگی میں مسائل کا شکار ہیں۔تاہم انہیں عرفان خان کا ساتھ دینے کا بعد اس بات کا اندازہ ہوگا کہ وہ کتنے بہترین پزل بناسکتی ہیں۔فلم کی ہدایات مارک ٹرٹلٹب نے دی ہے، جبکہ پروڈکشن اورین موورمین کررہے ہیں۔اس فلم کی کہانی ارجنٹین کی ایک فلم کی کہانی پر مبنی ہے، جسے 2010 میں ریلیز کیا گیا۔

پولیو سے پاک اوقیانوسی ملک میں وائرس نے دوبارہ سر اٹھانا شروع کردیا

لاہور( ویب ڈیسک )18 برس قبل پولیو سے پاک قرار دیے گئے اوقیانوسی ملک پاپوا نیو گنی میں پولیو وائرس نے دوبارہ سر اٹھانا شروع کردیا۔عالمی ادارہ صحت نے پاپوا نیو گنی میں 18 برس بعد پولیو کی وباءدوبارہ پھیلنے کی تصدیق کردی ہے۔ڈبلیو ایچ او کے مطابق پاپوا نیو گنی میں رواں برس اپریل میں ایک چھ سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد اب اسی علاقے میں دیگر صحت مند بچوں میں بھی اس وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔پاپوا نیوگنی کے سیکریٹری صحت پاسکو کاسے کا کہنا ہے کہ ہم ملک میں پولیو کیسز سامنے آنے پر تشویش کا شکار ہیں، یہ حقیقت ہے کہ وائرس پھیل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح دیگر بچوں کو وائرس سے بچانا ہے۔خیال رہے کہ پاپوا نیو گنی میں 1996 سے اب تک پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا تھا جس کے بعد 2000 میں عالمی ادارہ صحت نے اسے پولیو سے پاک ملک قرار دے دیا تھا۔عالمی ادارہ کا صحت کا کہنا ہے کہ چونکہ پاپوا نیو گنی دنیا سے الگ تھلک ملک ہے لہٰذا وائرس کا دوسرے ممالک تک پھیلنے کا امکان کم ہے۔پولیو وائرس کا کوئی علاج نہیں اور اس سے متاثرہ شخص مستقل معذوری کی جانب جاسکتا ہے۔ یہ وائرس خاص طور پر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو زیادہ نقصان پہنچاتا ہے، بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کی متعدد خوراک کے ذریعے اس وائرس سے بچایا جاسکتا ہے۔

2 سیکرٹریوں سمیت پنجاب کی کمپنیوں کے 23 افسروں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش

اسلام آباد (آن لائن‘ آئی این پی) قومی احتساب بیورو (نیب) نے پنجاب کے 2 سیکرٹریز اور 5 کمپنیوں کے سربراہان سمیت 23 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی سفارش کر دی ہے نیب کی جانب سے 23 افراد کے نام ای سی ایل پر ڈالنے سے متعلق وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط مےں پنجاب سے تعلق رکھنے والے افسران اور 2 صوبائی سیکرٹریز کے نام شامل ہیں۔ خط کے مطابق سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ پنجاب علی جان خان، سی ای او جی ڈبلیو ایم سی ڈاکٹر عطاالحق اور گوجرانوالہ ویسٹ مینیجمنٹ کمپنی کے ہارون اشرف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی۔ نیب نے وزارت داخلہ سے ڈی سی او اوکاڑہ اسلم قاسمی، ممبر پرائس کمیٹی فیصل آباد ارشاد احمد، میاں لطیف، علی باجوہ اور محمد اسلم کا نام بھی ای سی ایل میں شامل کرنے کی سفارش کی۔ خط میں سفارش کی گئی ہے کہ لاہور ویسٹ مینیجمنٹ کمپنی کے سربراہ وسیم اجمل، سی ای او نالج پارک کمپنی شاہد زمان، منیجر پیرا گون سٹی شہزاد وحید اور ڈائریکٹر فنانس پیرا گون سٹی فرحان علی کا نام بھی ای سی ایل میں شامل کیا جائے۔ نیب کی جانب سے جن دیگر شخصیات کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی گئی اس میں ڈویلپمنٹ پارٹنر ایل ڈی اے سٹی ملک آصف، میاں طاہر جاوید، عبدالرشید، شاہد شفیق، عمران، رانا محمد عارف، جمیل احمد، خالد مجید، نجم شاہ، راشد مجید، سید فرخ علی شاہ کے نام شامل ہیں۔

بااثر افراد کا معذور شخص کی اراضی پر قبضہ

شیخوپورہ (بیوروپورٹ) تھانہ بھکھی کے علاقہ مہمونوالی میں با اثر افراد نے ایک معذور شخص کی اراضی پر زبردستی قبضہ کرلیا محکمہ مال اور پولیس بھی قبضہ گروپ سے ساز باز ہو کر کاروائی کرنے سے گریزاں ہے اور الٹا معذور شخص کو ہراساں کیا جارہا ہے بتایا گیا ہے کہ مہمونوالی کا رہائشی عالمگیر جو ڈی ایچ کیو ہسپتال میں درجہ چہارم کا ملازم ہے اور معذور ہے اس کے گاﺅں میں وراثتی اراضی ایک کنال پر عبدالرشید اور شہباز وغیرہ نے زبردستی قبضہ کرلیا جس پر معذور شخص نے ڈی سی شیخوپورہ کو تحریری درخواست دی جس پر پٹواری حلقہ پٹوار سرکل عبداللہ نے رپورٹ دینے کی بجائے اسے دبا لیا اور متاثرہ شخص بار بار پٹواری کے پاس جارہا ہے مگر وہ داد رسی نہیںکررہا جبکہ تھانہ بھکھی پولیس کو بھی ملزمان کے خلاف کاروائی کی درخواست دی تو اے ایس آئی شہزاد نے اس درخواست پر کاروائی کی بجائے عالمگیر کو ہی ہراساں کرنا شروع کردیا متاثرہ شخص عالمگیر نے بتایا کہ اسکے والدین وفات پاچکے ہیں اور ایک کنال اراضی اسے والدین کی طرف سے وراثت میں ملی تھی جس میں اسکی بہن بھی حصہ دار ہے جس پر عبدالرشید وغیرہ نے زبردستی قبضہ جما رکھا ہے جبکہ اس کے علاوہ قبضہ گروپ نے اسکے بھائیوں کی چار کنال اراضی پر قبضہ کرلیا ہے وہ ڈی سی اور پولیس کے پاس کئی مرتبہ گیا ہے مگر اس کی داد رسی نہیں ہورہی اس نے اعلیٰ حکام سے امداد کی اپیل کی ہے۔

ٹکٹوں کی تقسیم کسی ’عذاب‘ سے کم نہ تھی، عمران خان

لاہور(ویب ڈیسک ) انتخابات 2018 کے لیے ا±میدواروں کو ٹکٹوں کی تقسیم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے لیے زندگی کا سب سے زیادہ تکلیف دہ کام ثابت ہوا اور انہوں نے نہ صرف اس عمل کو ’عذاب‘ بلکہ اپنی زندگی کا مشکل ترین کام قرار دیا۔زمان پارک میں اپنی رہائش گاہ کے باہر مختصر طور پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ’میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے مجھے پارٹی ٹکٹ تقسیم کرنے کے بحران سے باہر نکال دیا‘۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو پارٹی کے نظریاتی اور مخلص کارکنوں کو مکمل طور پر نظر انداز کرکے ’وفاداریاں تبدیل کرنے والے سیاست دانوں‘ کو پارٹی ٹکٹ دینے پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے لاہور کے مختلف حلقوں کے ساتھ ساتھ دیگر اضلاع کے کارکنوں کی جانب سے زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر 2 روز تک احتجاج کیا گیا تھا۔اس حوالے سے جنید شہزاد کا کہنا تھا کہ ’ہم، کارکنوں نے اس جماعت کو اس کی موجودہ پوزیشن تک پہنچایا لیکن اس کا پھل ’وفاداریاں تبدیل کرنے والے‘ کھا رہے ہیں، جن میں سے متعدد نے حال ہی میں پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔اسی طرح مسلم لیگ (ق) کی حکومت میں پنجاب کے وزیر قانون رہنے والے راجا بشارت کی بیوی ہونے کا دعویٰ کرنے والی سابق ایم پی اے سیمل کامران نے بھی عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کیا تھا۔احتجاج کے دوران انہوں نے الزام لگایا تھا کہ راجا بشارت جھوٹے ہیں، ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ چیئرمین تحریک انصاف ان کو دیا گیا پارٹی ٹکٹ واپس لیں۔

واضح رہے کہ اگرچہ عمران خان کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ ایک نظام کے تحت اس بات کو یقینی بنایا گیا تھا کہ صرف درست امیدواروں کو ٹکٹ دیا جائے، تاہم ٹکٹ کے خواہش مند مختلف لوگوں کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سے منحرف لوگوں کو نوازنے کے لیے زیادہ تر حقدار امیدواروں کو نظر انداز کیا گیا۔

پی آئی اے خسارہ 406 ارب تک پہنچ گیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک )پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) حکام نے انکشاف کیا ہے کہ قومی ایئرلائن کا خسارہ 406 ارب روپے تک جاپہنچا ہے۔ڈان میں شائع رپورٹ کے مطابق قونصل عاصم حفیظ کے ذریعے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی 23 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں بتایا گیا کہ قومی ایئرلائن کے کل اثاثوں کی مالیت 111 ارب روپے ہے اور کرپشن کے باعث 2017 تک مجموعی نقصان 356 ارب روپے ہوا۔ گزشتہ برس جنوری میں پی آئی اے حکام نے سینیٹ کمیٹی کو بتایا تھا کہ قومی ایئر لائن کا خسارہ 300 ارب روپے تک جاپہنچا ہے جبکہ اس خسارے میں ہر ماہ 5 ارب 60 کروڑ کا اضافہ ہورہا ہے۔سینیٹ کمیٹی کو بتایا گیا تھا کہ قومی ایئرلائن ایک ماہ میں 7 ارب 50 کروڑ روپے کما رہی ہے جبکہ اس کے اخراجات 13 ارب 14 کروڑ روپے سے زائد ہیں۔ایئرلائن کے بڑے اخراجات میں 4 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد قرضہ اور مارک اپ کی ادائیگی، 2 ارب 60 کروڑ روپے سے زائد فیول اور 1 ارب 60 کروڑ روپے سے زائد تنخواہوں کی ادائیگی شامل ہیں۔سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پی آئی اے صرف حکومت کی جانب سے ملنے والی امداد پر فعال ہے۔چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں پی آئی اے کے طیاروں پر پاکستانی پرچم کے بجائے قومی جانور مارخور کی تصویر بنائے جانے سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت میں عدالت عظمیٰ نے گزشتہ 10 سال کے خصوصی آڈٹ کا حکم دے دیا تھا.

چین میں غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل غیر ملکی شہریوں کو مستقل رہائش کے سرٹیفکیٹس جاری کرنے کا عمل شروع

بیجنگ(ویب ڈیسک)چین میں رواں سال ”گلوبل ٹیلنٹ پروگرام1000“کے تحت سروس انڈسٹری میں خدمات انجام دینے والے 606غیر ملکیوں کو مستتقل رہائش کے سرٹیفکیٹس جاری کر دیئے ہیں۔ روراں سال 1881غیر ملکی شہریوں کو مستقبل رہائش کے سرٹیفکیٹس جاری کرنے کی منظوری دی گئی تھی جن میں سے 606کو بیجنگ کے مستقل رہائشی کارڈز جاری کر دیئے گئے ہیں۔مذکرہ غیر ملکی بیجنگ میں واقع چونگ کوآن سن سیلیکون ویلی میں خدمات سر انجام دے رہے تھے،2016میں چین کی وزارت پبلک سیکیورٹی افیرز نے بیجنگ کی جدید ترقی کے عمل کو معاونت فراہم کرنے کے لیے شہر میں داخلے اور اخراج کیلئے 20اقدامات متعارف کرائے تھے،اقدامات کا مقصد بیجنگ میں خدمات سرانجام دینے والے غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل غیر ملکی شہریوں،غیر ملکی نڑاد چینی شہریوں،نیا کاروبار شروع کرنے والے غیر ملکیوں اور غیر ملکی طلباءکو مستقل رہائش کے سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے ہیں۔درخواست جمع کرانے کے بعد 50دنوں میں مستقل رہائش کا سرٹیفکیٹس جاری کیا گیا،2018میں بھی بیجنگ کی حکومت نے چونگ کوآن سن میں کام کرنے والے غیر ملکی شہریوں کو معاونت فراہم کرنے کے لیے 7پالیسی اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔

پٹرول 5 روپے 40 پیسے مہنگا کرنیکی تیاری

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اوگرا نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کردی۔ نگراں حکومت نے ایک ماہ کے دوران دوسری مرتبہ عوام پر پیٹرول بم گرانے کی تیاری شروع کردی ہے، اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کی گئی ہے اور اس حوالے سے وزارت خزانہ کو باضابطہ سمری ارسال کردی گئی ہے جس میں پیٹرولیم مصنوعات میں 12 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔ وزارت خزانہ کو ارسال کی گئی سمری میں پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے جب کہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 20 پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 50 پیسے فی لیٹر اور مٹی کا تیل 12 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے وزارت خزانہ حتمی منظوری کل دیگی اور نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے نئی ہوگا۔

ن لیگ نے پی ٹی آئی کی بڑی وکٹ گرا دی ، ساتھ ہی ٹکٹ بھی جاری کر دیا

جھنگ (ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی سینئر نائب صدر آصف علی ڈھڈی نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیاہے۔تفصیلات کے مطابق ن لیگ نے جھنگ کے حلقہ پی پی 126 سے آصف علی ڈھڈی کو ٹکٹ بھی جاری کر دیاہے۔ واضح رہے کہ 25 جولائی کو عام انتخابات ہونے جارہے ہیں اور اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے امیدواروں کو ٹکٹیں جاری کر دیں جبکہ الیکشن مہم کا آغاز کر دیا گیاہے۔

پریانکا چوپڑا چوتھی بار دنیا کی پرکشش ترین خاتون قرار

ممبئی( ویب ڈیسک )بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کو جریدے ‘میگزم’ نے چوتھی مرتبہ دنیا کی پرکشش ترین خاتون قرار دے دیا۔پریانکا چوپڑا نہ صرف بالی وڈ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں بلکہ انہوں نے ہالی وڈ میں بھی امریکن ٹی وی سیریز کوائنٹکو کے ذریعے اپنی کامیابی کا لوہا منوالیا ہے۔بین الاقوامی جریدے میگزم کی ہاٹ 100 فہرست میں پریانکا چوتھی بار بھی اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہیں، جس میں انہیں دنیا کی سب سے پرکشش خاتون قرار دیا ہے۔اس سے قبل 2011، 2013 اور 2016 کی فہرست میں بھی پریانکا کا نام شامل تھا۔میگزم میگزین کے خصوصی شمارے کے سرورق پر بھی پریانکا منفرد انداز میں جلوے بکھیرتی نظر آرہی ہیں۔

نابینا امام مسجد کی بیوی سے اجتماعی زیادتی ، ویڈیو ، تصاویر بنا لیں ، متاثرہ نے ” خبریں ہیلپ لائن “ سے مدد مانگ لی

پتوکی (تحصیل رپورٹر) پتوکی کے نواحی گاﺅں داﺅ کے چک9میں مسجد کے نابینا امام مسجد کی بیوی 6بچوں کی ماں سے چارافراد کا گینگ ریپ ۔ ملزمان نے بلیک میل کرنے کیلئے ویڈیو اور تصاویر بھی بنا لیں ۔مقدمہ درج۔تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر کے علاقے داﺅ کے میں نابینا امام مسجد مولوی عمر کی بیوی اپنی بھتیجی کے گھر جارہی تھی کہ جب وہ دکان کے قریب پہنچی تو مسلح ملزمان عبدالحمید ، محمد صدیق ،شکیل اور اسکے نامعلوم ساتھی نے روک لیا۔مزاحمت اور انکار پر ملزمان نے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور کہا کہ وہ تجھے گولی مار کر دفن کر دیں گے ملزمان خاتون کو اٹھا کر قریبی حویلی میں لے گئے وہاں لے جاکر ملزم عبدالحمید ، محمد صدیق ، شکیل نے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا جبکہ ان کا ایک نامعلوم ساتھی تصویریں اور مووی بناتا رہا ۔ملزمان نے گینگ ریپ کا شکار ہونے والی خاتون کو دھمکی دی کہ اگر شور مچایا یا اگر کسی کو بتایا تو پورے گاﺅں میں تمہاری تصویریں اور موووی دکھا دیں گے تم کہیں بھی منہ دکھانے کے قابل نہ رہو گی اور جب تمہیں ہم بلائیں گے تمہیں آنا پڑے گا ملزمان نے اگلے روز پھر روکنے کی کوشش کی اس کے انکار پر ملزمان نے پورے گاﺅں میں امام مسجد کی بیوی کی تصویریں اور مووی پوری گاﺅں کو دکھا دی ۔خاتون اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی کی داستان لیکر تھانہ صدر پتوکی پہنچ گئی پولیس نے خاتون کی تحریری درخواست پر چاروں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔نابینا امام مسجد کی بیوی نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ میرے ساتھ درندگی کا کھیل کھیلنے والے ملزمان کو جلد ازجلد گرفتار کر کے انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں درندوں نے میری زندگی برباد کر دی اب وہ مجھے مقدمات کی پیروی سے روکنے کیلئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں لہذا حکومت مجھے فوری تحفظ فراہم کرے۔

پنجاب بھر میں ایک ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی

لاہور (ویب ڈیسک)پنجاب حکومت نے صوبے بھر ایک ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی،صوبے میں وال چاکنگ، اسلحے کی نمائش، لاوڈ سپیکر کے غیر ضروری استعمال اور پٹاخے چلانے پر 28 جولائی تک پابندی ہو گی۔پولنگ سٹیشنز پر 5 سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی ہو گی اور الیکشن آفس کے باہر جشن بھی نہیں منایا جا سکے گا۔نگران وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی۔