ورکنگ باوٴنڈری پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ، جوابی کارروائی میں بھارتی فوجی ہلاک

 راولپنڈی(ویب ڈیسک ) بھارتی فورسز نے ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کی ہے جب کہ پاکستانی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی سے ایک بھارتی فوجی ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے ورکنگ باؤنڈری کے ظفر وال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی اشتعال انگیزی سے 3 شہری زخمی ہوگئے۔بھارتی اشتعال انگیزی کا پاکستانی فورسز کے جوانوں نے بھی بھرپور جواب دیا اور بھارتی بندوقوں کو خاموش کرادیا۔ جوابی کارروائی میں ایک بھارتی اہلکار جب کہ 2 زخمی ہوگئے۔

چیف جسٹس کے ریمارکس نے سب کی آنکھیں کھول دیں

اسلام آباد(ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے مارگلہ ہلزاسٹون کرشنگ ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران کہا ہے کہ ہمیں اپنے اختیارات کاعلم ہے،ہم ان سے باہر نہیں جائیں گے، فرائض میں کوتاہی پر ایکشن لیں گے،افسران معاملات کو نظرانداز نہ کریں تو سرکاری زمین کی ایک انچ پر قبضہ نہیں ہوسکتا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے مارگلہ ہلزاسٹون کرشنگ ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی، عدالت نے اسٹون کرشنگ سے متعلق سی ڈی اے کے قواعد و ضوابط نہ ہونے پر وزیرکیڈ کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت کے روبروعذر پیش کیا کہ پنجاب اوراسلام آباد کے درمیان کچھ حدود کاتنازع ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ 1960 سے آج تک سی ڈی اے کے قوانین کیوں نہیں بنائے گئے، ہم نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں، ہمیں جوڈیشل ایکٹوزم کا بالکل شوق نہیں، ہمیں اپنے اختیارات کاعلم ہے اور ہم ان سے باہر نہیں جائیں گے لیکن فرائض میں کوتاہی پر ایکشن لیں گے۔ افسران معاملات کو نظرانداز نہ کریں تو ایک انچ سرکاری زمین پر قبضہ نہیں ہوسکتا، پنجاب اور اسلام آباد کی حکومتیں توبھائی بھائی ہیں، دونوں بھائی بیٹھ کرمسئلہ کو حل کریں۔ عدالتی احکامات سرد خانے میں نہیں جانے چاہئیں، ہم جو معاملہ اٹھائیں گےاسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

امریکی دعویٰ ،وزیر خارجہ نے حقائق سے پردہ اٹھا دیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ نے پاکستان سے متعلق حقائق کونظراندازکیا،اپنے وقارپرکوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،4سال سے دہائیوں کا ملبہ صاف کررہے ہیں،امریکی صدرکے بیان پرسیاسی اورعسکری قیادت ایک پیج پرہے، افغانستان کی جنگ پاکستان میں کسی صورت نہیں لڑ سکتے، 33 ارب ڈالر امداد کا امریکی دعوی بے بنیاد ہے۔ جمعرات کو یہاں پارلیمنٹ ہاﺅس میں قومی سلامتی سے متعلق پارلیمنٹ کی مشترکہ قومی سلامتی کمیٹی کاان کیمرااجلاس ہو اجس کی سربراہی سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کی ۔اجلاس میں ٹرمپ کے حالیہ بیان اور پاکستان کے موقف پر تفصیلی غور کیاگیا ۔ ، اجلاس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر دفاع خرم دستگیر، سید نوید قمر، غلام احمد بلور، بیرسٹر ظفر اللہ، سینیٹر مشاہداللہ، شاہ محمود قریشی، آفتاب شیر پا اور صاحبزادہ طارق اللہ سمیت دیگر سیاسی رہنماﺅں نے شرکت کی ۔قومی سلامتی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے ان کیمرہ اجلاس میں وزیر خارجہ خواجہ آصف نے شرکا کو کابینہ اور قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا اور بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امریکی صدر کے بیان پر سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے، امریکا نے پاکستان سے متعلق حقائق کو نظر انداز کیا۔ انہوں نے کہا افغانستان میں اپنی ناکامی کا ملبہ امریکا ہم پر نہ ڈالے، ہم اپنے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، چار سال سے دہائیوں کا ملبہ صاف کر رہے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا افغانستان کی جنگ پاکستان میں کسی صورت نہیں لڑ سکتے، 33 ارب ڈالر امداد کا امریکی دعوی بے بنیاد ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے بھی شرکاءکو بریفنگ دی ۔ذرائع کے مطابق ارکان کو قومی سلامتی کمیٹی کے منگل کو ہونے والے اجلاس کے فیصلوں پر اعتماد میں لیا گیا جبکہ سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرزکی سفارشات وفاقی حکومت کو پیش کی گئیں ۔اس سے پہلے بدھ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں واضح کیا گیا کہ سول اور فوجی قیادت ایک پیج پر ہے ، امریکا کے امداد بند کرنے سے فرق نہیں پڑتا ، پاکستان کے پاس بھی کئی آپشن ہیں۔وزیردفاع خرم دستگیر نے کہا کہ پاکستان کے پاس امریکا کی لائن آف کمیونی کمیشن اور انٹیلی جینس شیئرنگ بند کر نے کے ساتھ ساتھ دیگر آپشنز موجود ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے بھی امریکا کو آڑے ہاتھو ں لیا اور کہاکہ دنیا اورامریکا طعنہ دینے سے پہلے یہ ضرور سوچے کہ پاکستان اسی کے بکھیرے ہوئے کانٹوں کی قیمت چکا رہا ہے۔وزیراعظم کے مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے مطابق امریکا نے 28 ارب روپے کی امداد روکی ۔ اس سے زیادہ رقم تو پاکستانی حکومت کا صرف ایک دن کا خرچہ ہے، امریکا پچیس ،تیس ارب روپے نہیں دیتا تو نہ دے ، پاکستانی معیشت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

امریکی دھمکی کے بعد عمران خان نے حکومت آئندہ کا لائحہ عمل بتا دیا

 اسلام آباد(ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نئی امریکی قومی سلامتی پالیسی کے بعد پاکستان خود کو امریکا سے الگ کرے۔عمران خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ پرائی جنگ میں حصہ بننے کی مخالفت کی ہے، ہمیں سبق ملا ہے کہ کبھی بھی قلیل المدتی مالی مفادات کی خاطرکسی کے لئے استعمال نہیں ہونا چاہئیے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ پاکستانی قوم اورریاست کی توہین کی سوچی سمجھی کوشش ہے، ہم امریکا سے الجھنا نہیں چاہتے مگرافغانستان میں اس کی ناکامیوں کا بوجھ بھی برداشت کرنے کا بھی کوئی جوازنہیں، نئی امریکی قومی سلامتی پالیسی کے بعد پاکستان خود کو امریکا سے الگ کرے.

دھرمیندر نئے سال کے جشن میں ہیمامالنی کو ہی بھول گئے

ممبئی (ویب ڈیسک )بالی ووڈ اداکار دھرمیندر کو بالا ٓخر اپنی پہلی بیوی کی یاد آگئی اور انہوں نے نئے سال کا جشن اپنی چہیتی بیوی ہیمامالنی کے بجائے اپنی پہلی بیوی کے ساتھ منایا۔دھرمیندر اور ڈریم گرل ہیمامالنی کی جوڑی کی مثالیں پوری بھارتی انڈسٹری میں دی جاتی ہیں، دونوں کئی برسوں سے خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔ دھرمیندر کو ہیمامالنی سے بےحد محبت ہے، دونوں ہمیشہ ایک ساتھ ہی نظر آتے ہیں۔ بالی ووڈ میں تقریباً تمام لوگ اس بات سے واقف ہیں کہ دھرمیندر نے ہیمامالنی سے دوسری شادی کی تھی جب کہ ان کی پہلی شادی 19 سال کی عمر میں پرکاش کور سے ہوئی تھی جس سے ان کے دو بچے سنی دیول اور بوبی دیول ہیں تاہم ہیمامالنی سے شادی کے بعد دھرمیندر کے تعلقات اپنی پہلی بیوی سے کیسے ہیں یہ بات کبھی منظر عام پر نہیں آئی اور نہ ہی پرکاش کور کبھی خود میڈیا پر آئیں تاہم اس سال دھرمیندر کو اپنی بھولی ہوئی بیوی کی یاد آہی گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق دیگر اداکاروں کی طرح اداکار دھرمیندر نے بھی نئے سال کا جشن بھرپور طریقے سے منایا لیکن اس بار انہوں نے ہیمامالنی اور اپنی دونوں بیٹیوں ایشااور آہانا دیول کے بجائے اپنی پہلی بیوی پرکاش کور اور اپنے دونوں بڑے بیٹوں سنی اور بوبی دیول کے ساتھ مل کر 2018 کو خوش ا?مدید کہا۔ برسوں بعد یہ پہلی بار ہوا ہے جب دھرمیندر نے ہیمامالنی کے بجائے اپنی پہلی بیوی کو ترجیح دی ہو۔اس موقع پر بوبی دیول اتنے خوش تھے کہ انہوں نے ان خوشیوں بھرے لمحات کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے تمام لوگوں کو نئے سال کی مبارکباد دی ہے ساتھ ہی اپنی بے پناہ خوشی کا اظہار کیا ہے۔

لوگ میرا پیچھا کرتے ہیں تو اچھا لگتا ہے، پریانکا چوپڑا

ممبئی (ویب ڈیسک )بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کا کہنا ہے کہ جب لوگ ان کا پیچھا کرتے ہیں تو انہیں اچھا لگتا ہے۔دنیا بھر میں خواتین اس بات سے سخت پریشان رہتی ہیں کہ لوگ ان کا پیچھا کرتے ہیں جب کہ بھارت میں تو خواتین کا پیچھا کرنے اور انہیں تنگ کرنے کی شرح اتنی زیادہ ہے کہ وہاں خواتین کا اندھیرا ہونے کے بعد گھر سے نکلنا تک مشکل ہوگیا ہے تاہم سابق ملکہ حسن اور نامور بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کا کہنا ہے کہ انہیں اچھا لگتا ہے جب لوگ ان کا پیچھا کرتے ہیں ۔اداکارہ پریانکا چوپڑا نے حال ہی میں ایک بھارتی شو میں ہدایت کار روہت شیٹھی اورکرن جوہر کے ساتھ بطور مہمان شرکت کی۔ شو کے دوران ایک شخص نے ان سے کہا کہ وہ پریانکا سے بے حد متاثر ہیں اور انسٹاگرام پر انہیں فالو (پیچھا) کرتے ہیں اور ان کی روزانہ کی اپ ڈیٹس سے باخبر رہتے ہیں۔ جس پر پریانکا چوپڑا نے جواب دیا کہ میں بھی یہ جان کر بہت زیادہ متاثر ہوئی ہوں کہ آپ میرے بارے میں بہت زیادہ جانتے ہیں۔ اس کے علاوہ مجھے بہت اچھا لگتا ہے جب لو گ انسٹاگرام پر میرا پیچھا کرتے ہیں اور میں ہمیشہ اس بات پر گہری نظر رکھتی ہوں کہ میری پوسٹ اور اسٹوریز پر کتنے لوگوں نے ردعمل دیا۔واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا ہالی ووڈ پروجیکٹس سے بریک لے کر کچھ دنوں کے لیے بھارت آئی ہوئی تھیں تاہم اب وہ واپس ہالی ووڈ جاچکی ہیں جہاں اپنے مقبول ترین ٹی وی سیریل ’کوانٹیکو سیزن3‘ کی شوٹنگ میں حصہ لیں گی۔

برطانیہ کا بجلی پیدا کرنے کا انو کھا طریقہ

کراچی (خصوصی رپورٹ) برطانیہ یورپ کا ایک ایسا ملک بن گیا ہے جہاں کتے کے فضلے سے گلیوں میں بلب (سٹریٹ لائٹس) روشن کی جائیں گی اور اس سلسلے میں کیے جانے والے تمام تجربات کامیاب ہو چکے ہیں۔برطانوی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کتے کے فضلے سے سٹریٹ لیمپ جلانے کا کامیاب تجربہ برطانوی کاﺅنٹی ووسٹرشر میں کیا گیا۔ اپنے پالتو کتوں کو ٹہلانے کیلئے نکلنے والے افراد مالورن ہلز میں اپنے کتوں کا فضلہ واشنگ مشین جیسے ایک ڈبے میں جمع کریں گے جو متعلقہ سٹریٹ لائٹ کے ساتھ جڑا ہوتا ہے۔یہ فضلہ گزرتے وقت کے ساتھ خورد بینی جر ثوموں میں تبدیل ہوجاتا ہے جس سے نہ صرف کسانوں کیلئے قدرتی کھاد بنتی ہے بلکہ اس عمل کے دوران بننے والی میتھین گیس سے سٹریٹ لائٹ جلتی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کتے کے فضلے کی 10 تھیلیوں سے یہ مشین جیسا ڈبا دو گھنٹوں تک بلب جلانے کیلئے کافی سمجھی جانے والی میتھین گیس بناتی ہے۔اس مشین کا خیال تین سال قبل ووسٹرشر کاﺅنٹی کے شہری برائن ہارپر کو آیا تھا۔ انہوں نے ہی یہ مشین ایجاد کرکے مالورن ہلز نامی علاقے میں نصب کی اور اسے سٹریٹ لائٹ کے ساتھ جوڑ دیا۔ برطانوی اخبار گارجین سے بات چیت کرتے ہوئے برائن ہارپر کا کہنا تھا کہ کتوں کے فضلے سے بجلی پیدا ہوتی دیکھ کر لوگوں کی توجہ حاصل کرکے انہیں یہ بتایا جا سکتا ہے کہ یہ فضلہ بھی کام کی چیز ہے۔

63 کمپنی سکینڈل ،حکومت کا بڑا فیصلہ

لاہور (ملک مبارک سے) پبلک سیکٹر میں 63 کمپنیوں کا سیکنڈل سامنے آنے پر حکومت پنجاب ان ایکشن بھرتی کئے جانے والے افسران کی اسناد کو تصدیق کرنے ساتھ ساتھ بھاری بھر کم تنخواہوں سے خزانے پر بوجھ بڑھنے کی وجہ سے مارکیٹ سے بیسڈ سیلری اور پروفیشنل سکیل افسران کی خدمات لینے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق آڈٹ جنرل آف پاکستان کی رپورٹ کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان افسران کی اسناد بھی چیک کی جائیں اس پر کچھ اعلیٰ افسران نے اعتراض کیا تھا لیکن چیف سیکرٹری پنجاب نے اس پر ایک کمیٹی بنادی ہے جو ان افسران اور ملازمین کی اسناد کے ساتھ ساتھ ان کے میرٹ معیار کو بھی چیک کرے گی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کی پبلک سیکٹرز میں کام کرنے والی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹیو افسران کو مارکیٹ بیسڈ سیلری کو جواز بنا کر ہوشربا پیکج دینے پر سخت تنقید کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب نے مستقبل میں اوپن مارکیٹ سے افراد کی خدمات مارکیٹ بیسڈ سیلری اور منیجمنٹ پروفیشنل سکیل پر حاصل کرنے کا فیصلہ کرنے کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب کی سربراہی میں ایک بورڑ بنا دیا ہے۔ بورڈ مارکیٹ بیسڈ سیلری اور ایم پی سکیل پر تعیناتی کے ہر کیس کا باریک بینی سے جائزہ لیا کرے گا اور اپنی سفارشات دے گا کیونکہ موجودہ طریقہ کار میں بندربانٹ کی پالیسی پر عمل کیا جارہا تھا۔ صوبہ میں پبلک سیکٹر میں 63 کمپنیاں کام کرتی ہیں جن کے چیف ایگزیکٹیو افسران کو 10لاکھ سے 24 لاکھ تک سرکاری خزانہ سے ماہانہ پیکج دیا جارہا ہے۔ ان کمپنیوں میں تعینات چیف ایگزیکٹیو افسران زیادہ تر جونئیر افسران ہیں جو پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس سے تعلق رکھتے ہیں اور یہ کمپنیاں مختلف صوبائی محکموں اور مقامی حکومتوں کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ میڈیا، عوامی تنقید، لاہور ہائی کورٹ کی برہمی کی وجہ سے اور صوبے مین تعینات سینئر بیوروکریٹس کی طرف سے ناراضگی کے بعد چیف سیکرٹری پنجاب کی سربراہی میں 7 رکنی سلیکشن بورڈ بنایا ہے۔ محکمہ خزانہ کے حکم نامے کے مطابق دیگر ممبران میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی، سیکرٹری ریگولیشن، محکمے کا سیکرٹری اور ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ شامل ہیں۔ بورڈ کے ٹرمز آف ریفرنس کے مطابق یہ پورا پنجاب حکومت کے کسی بھی محکمے یا ادارے میں مارکیٹ بیسڈ سیلری اور ایم پی سکیل پر نئی بھرتی کرنے کے ہرکیس کا جائزہ لے گا اور ماضی میں بھرتی ہونے والے افراد کے کنٹریکٹ میں توسیع کا بھی جائزہ لے کر اپنی سفارشات وزیر اعلیٰ کو منظوری کےلئے بھجوائے گا۔ تمام صوبائی محکموں کے سربراہان کو حکم دیا گیا ہے کہ آئندہ ایسی برھتیاں جن مین بھرتی کے لئے ا±میدواروں کو مارکیٹ بیسڈ سیلری یا ایم پی سکیل دینا مقصود ہو کے ورکنگ پیپرز کے 7سیٹ ہر ماہ کی 10تاریخ سے قبل محکمہ خزانہ کو بھجوائے جائیں تاکہ ہر ماہ بورڈ کی میٹنگ رکھی جاسکے اور ان کیسز پر حتمی سفارشات وزیر اعلیٰ کو منظوری کے لئے بھجوائی جاسکیں۔ ایک سینئر بویروکریٹ نے کہا کہ موجودہ حکومت میں بیوروکریسی میں دو قباحتوں کو فروغ ملا ہے، جس میں سے ایک یہ کہ ہر سینئر پوزیشن پر تعینات افسر گزارہ نہ ہونے کو جواز بنا کر سپیشل الاو¿نس کا مطالبہ کرلیتا ہے اور وہ حاصل بھی کرلیتا ہے۔ اس طرح افسران میں پریشانی اور بے چینی پھیل رہی تھی حکومت پنجاب افسران کو میرٹ کی بنیادوں پر مراعات دے۔

ن لیگ کا جوابی وار

لاہور (نیااخبار رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سینٹ انتخاب کا راستہ روکنے کیلئے خیبر پختونخوا اسمبلی توڑنے کے پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ اقدام کو ناکام بنانے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے اور اس ماہ کے آخر میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے خلاف تحریک عدم اعتماد اسمبلی میں پیش کرنے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور شروع کر دیا ہے۔ اس مقصد کیلئے مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے سرکردہ رہنماﺅں نے جمعیت علمائے اسلام (ف)‘ اے این پی‘ قومی وطن پارٹی‘ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے ناراض ارکان سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر امیر مقام نے گورنر خیبر پختونخوا ظفر اقبال جھگڑا‘ سابق وزیراعلیٰ پیر صابر شاہ‘ وزیراعظم کے مشیر سردار مہتاب خان عباسی اور دیگر مسلم لیگی اکابرین کو اعتماد میں لے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سینٹ کے انتخابات سے قبل ملک میں سیاسی بحران پیدا کرنے اور سینٹ کے انتخابات کا راستہ روکنے کیلئے فروری کے پہلے ہفتے میں خیبر پختونخوا اسمبلی توڑنے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ اس طرح سینٹ کے الیکشن کا الیکٹورل کالج از خود ٹوٹ جائے گا اور نامکمل الیکٹورل کے باعث 5مارچ کو سینٹ کے 52اراکین کے الیکشن کا انعقاد ناممکن ہو جائے گا اور حکومت پر اسمبلیاں توڑ کر نئے انتخابات کرانے کا اپوزیشن کا دباﺅ بھی بڑھ جائے گا۔ وزیراعلیٰ کے خلاف ایوان میں عدم اعتماد کی تحریک جمع ہوجائے تو آئینی طور پر وہ اسمبلی نہیں توڑ سکتے۔ خیبر پختونخوا میں صوبائی حکومت کی اتحادی جماعت اسلامی اور وفاقی حکومت کی اتحادی جے یو آئی (ف)کے درمیان ایم ایم اے کی بحالی کے بعد قربتیں بڑھ گئی ہیں جو پاکستان تحریک انصاف کیلئے بڑا سیاسی دھچکا ہو سکتا ہے۔ اس وقت خیبر پختونخوا اسمبلی کے ارکان کی مجموعی تعداد 123ہے جن میں پاکستان تحریک انصاف کے 61‘ جے یو آئی (ف) کے 16‘ مسلم لیگ (ن) کے 16‘ قومی وطن پارٹی کے 10‘ جماعت اسلامی کے 7‘ عوامی نیشنل پارٹی کے 5اور 2آزاد ارکان ہیں۔ پی ٹی آئی کے کئی ارکان جو اسمبلی توڑنے کی تجویز کو غیرسنجیدہ قرار دے رہے ہیں ‘وہ پی ٹی آئی کے اسمبلی توڑنے کی بھرپور مخالف کر سکتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے ذمہ دار ذرائع نے کہا ہے کہ سینٹ کے انتخابات سے قبل خیبر پختونخوا اسمبلی توڑنے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ موجودہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں اور انتخابات کے نتیجے میں جو بھی اسمبلیاں وجود میں آئیں انہیں تسلیم کیا جائے۔

حکومت کی نا اہلی،بڑا ادارہ دیوالیہ

لاہور (نیااخبار رپورٹ) اورنج لائن میٹرو ٹرین کو ایک اور جھٹکا‘ پراجیکٹ کی وجہ سے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی دیوالیہ ہو گئی اور 6ماہ گزرنے کے باوجود اس منصوبے کی تعمیر کیلئے پنجاب حکومت سے لیا گیا 10ارب روپے کا قرض واپس کرنے میں ناکام ہو چکی ہے جس پر صوبائی محکمہ خزانہ نے جاری سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تکمیل خطرے میں پڑنے کا وزیراعلیٰ پنجاب کو عندیہ دے دیا ہے۔ ایل ڈی اے نے پنجاب حکومت سے اورنج لائن میٹرو ٹرین کی تعمیر شروع کروانے کیلئے مارچ 2017ءتک 10ارب کا قرض بطور ریوالونگ فنڈز لیا تھا جو جون 2017ءتک واپس کرنا تھا لیکن ایگزمین بینک چائنہ کی طرف سے منصوبے کی تعمیر کیلئے قرض کی فراہمی میں تاخیر اور ناقص مالیاتی حکمت عملی کی وجہ سے اتھارٹی ابھی تک قرض واپس نہ کر سکی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور چیئرمین نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن آف چائنہ نے مئی 2014ءمیں ایک معاہدہ کیا جس کے تحت لاہور میں 27کلومیٹر اورنج لائن میٹرو ٹرین تعمیر کی جانی تھی اور یہ منصوبہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کا حصہ ہے۔ اس منصوبہ کیلئے پنجاب حکومت نے تین ہزار سے زائد راستے میں آنے والی سرکاری و نجی کمرشل و رہائشی املاک کو ایکوائر کیا اور اس پر کام کا آغاز اکتوبر 2015ءمیں کیا گیا جو 21ماہ میں مکمل ہونا تھا۔ اس منصوبے کیلئے ایک ارب 62کروڑ ڈالر کا قرض لینے کیلئے ایگزمین بینک چائنہ سے دسمبر 2015ءمیں معاہدہ ہوا جس کے تحت پنجاب حکومت نے یہ قرض 20سال میں 2ارب 36کروڑ ڈالر واپس کرنا تھا۔ ایگزمین بینک کی طرف سے کچھ ایشوز واضح نہ ہونے کی وجہ سے قرض کا اجراءبروقت نہ ہو سکا اور ایل ڈی اے کی درخواست پر محکمہ ٹرانسپورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ایک سمری بھجوائی جس میں مو¿قف اختیار کیا گیا کہ سول ورک کی ادائیگی کیلئے ایل ڈی اے کو 10ارب کا قرض فراہم کیا جائے۔ محکمہ خزانہ پنجاب نے وزیراعلیٰ اور کیبنٹ سٹینڈنگ کمیٹی برائے خزانہ و ترقیات کی منظوری کے بعد مارچ 2017ءتک ایل ڈی اے کو 10ارب کا قرض اس شرط پر فراہم کیا کہ وہ جون تک اس کو واپس کردیگا، مئی 2017ءمیں محکمہ خزانہ نے محکمہ ٹرانسپورٹ سے کہا کہ وہ ایل ڈی اے سے کہے کہ وہ قرض ہمراہ سودا ادا کرے جس کے جواب میں ایل ڈی اے نے موقف اختیار کیا کہ ایگزمین بنک کی طرف سے قرض جاری کرنے میں تاخیر کی وجہ سے ٹھیکیداروں کو محکمہ خزانہ سے لئے گئے قرض سے ادائیگی کردی گئی ہے اور ایل ڈی اے کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے، وہ قرض واپس نہیں کرسکتا۔ اس منصوبہ پر لاہور ہائیکورٹ نے اگست 2016ءمیں کام روک دیا تھا۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ کام روکنے پر ایگزمین بنک نے فنڈز کی فراہمی روک دی تھی۔ اب دسمبر میں سپریم کورٹ نے منصوبہ پر کام دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی ہے۔ ایل ڈی اے جون 2017ءمیں قرض واپس نہ کرنے پر ڈیفالٹ ہوگیا جس پر محکمہ خزانہ پنجاب نے اس کی درخواست پر ادائیگی کی تاریخ کو دسمبر 2017ءتک بڑھادی۔ محکمہ خزانہ کے ایک سینئر افسر نے نام نہ ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ محکمے نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ایک سمری کے ذریعہ مطلع کردیا ہے کہ اگر ایل ڈی اے نے قرض بمعہ منافع واپس نہ کیا تو جاری سالانہ ترقیاتی پروگرام پر بہت اثر پڑے گا اور ترقیاتی منصوبہ جات تاخیر کا شکار ہوجائیں گے۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ ایل ڈی اے کو ایگزمین بینک کی طرف سے اختیار کئے گئے طویل طریقہ کار کی وجہ سے فنڈز کی فراہمی میں تاخیر کا سامنا ہے اور اس کو بنیاد بنا کر محکمے نے وزیراعلیٰ پنجاب کو سمری بھجوائی جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت سے لئے گئے 10ارب کے قرض کی واپسی کی مدت کو جون 2018ءتک بڑھا دیا جائے۔
ایل ڈی اے دیوالیہ

شریف فیملی کے لیے بڑا دھچکہ

اسلام آباد (آئی این پی) سابق وزیراعظم نواز شریف نے قومی احتساب بیورو کے نوٹس کا جواب دیدیا۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف فیملی نے نیب سے تعاون نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نوازشریف نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ ٹرائل کے دوران کسی قسم کے بیانات قلمبند کرانا مناسب نہیں ہوگا، نیب کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو احتساب عدالت کے سامنے پیش کرے، پیش کردہ شواہد اور دستاویزات کا جواب عدالت میں دیا جائے گا۔نیب نے مزید تحقیقات کیلئے نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو نوٹسز بھیجے تھے۔دورہ لندن کے بعد نیب کی جانب سے ملزمان کو پیش ہونے کیلئے نوٹس بھیجا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف، مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر نے مزید تعاون نہ کرنے سے متعلق نیب کو آگاہ کردیا ہے ۔

ٹی 20،کیویزنے پاکستان سے پہلی پوزیشن چھین لی

لاہور(این این آئی)نیوزی لینڈ نے عالمی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان کو پہلی پوزیشن سے محروم کر دیا،نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو آو¿ٹ کلاس کرتے ہوئے 119 رنز سے شکست دے کر تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز2-0سے جیت لی جس کے ساتھ ہی قومی ٹیم عالمی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر سے دوسرے نمبر پر آگئی۔کیویز نے 126 پوائنٹس کےساتھ ٹاپ پوزیشن پر جگہ بنائی۔گرین شرٹس 124 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں، بھارت 121 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

عامر اور فریال تنازعات کی اصل وجہ سامنے آگئی

لاہور(آئی این پی) پاکستانی نژاد باکسر عامر خان نے اہلیہ فریال مخدوم کے ساتھ اپنی ازدواجی زندگی میں تنازعات کی وجہ رابطے کا فقدان جبکہ باکسنگ رِنگ سے باہر ہونے کی وجہ اپنی ہاتھ کی چوٹ کو قرار دے دیا۔ایک انٹرویو دیتے ہوئے دونوں نے اپنی ازدواجی زندگی کے مسائل پر گفتگو کی جبکہ عامر خان کا کہنا تھا کہ یہ ساری غلطی ان کی اپنی تھی۔ عامر خان نے اعتراف کیا جو کچھ بھی ہوا وہ رابطے کے فقدان کی وجہ سے ہوا۔