کرکٹ آسٹریلیا کی پلیئرزکو دی گئی ڈیڈ لائن بھی ختم

سڈنی (آئی این پی)کرکٹ آسٹریلیا اور پلیئرز کے درمیان معاوضوں کا تنازعہ ختم نہیں ہوا لیکن سی اے کی کھلاڑیوں کو دی گئی ڈیڈلائن کا خاتمہ ہوگیا۔ پلیئرز نے اگر ایم او یو قبول نہیں کیا تو معاملہ ثالثی کے لئے چلا جائے گا۔ سابق کپتان مائیکل کلارک نے کرکٹرز کو ثالثی قبول کرنے کا مشورہ دیا ہے۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ نے کرکٹرز ایسوسی ایشن کو پیر تک اپنا دیا ہوا معاہدہ قبول کرنے کو کہا تھا۔ ورنہ ایشو غیر جانبدار ثالث کے حوالے کردیا جائے گا۔ کرکٹر ایسوسی ایشن کے سربراہ السٹر نکولسن اس خدشے کا اظہار کرچکے ہیں کہ ثالثی کی صورت میں نئے معاہدوں میں بہت زیادہ تاخیر ہوجائے گی جس سے اس سال ایشیزسیریز سمیت اہم ٹورز کا انعقاد خطرے میں پڑجائے گا۔سابق کپتان مائیکل کلارک نے کرکٹرز کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ثالثی قبول کرکے کھیل کی جانب توجہ مبذول کریں۔

انہوں نے کہا کہ کسی غیرجانبدار ثالث پر متفق ہونے کے بعد معاملہ اس پر چھوڑ دیا جائے اور کھلاڑی دوبارہ اپنی کرکٹ شروع کردیں۔ اس طرح تنازعہ بہتر طور پر حل ہوجائے گا اور کرکٹ کو بھی نقصان نہیں پہنچے گا۔ کرکٹرز کو اس فارمولے کو قبول کرنا ہی ہوگا کیونکہ ان کا کام کرکٹ کھیلنا ہے۔

آفریدی نے کوہلی کی جانب سے ملنے والی شرٹ نیلام کردی

لندن(آئی این پی)شاہد آفریدی نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے ملنے والی ٹی شرٹ نیلام کردی ۔ ویرات کوہلی نے گزشتہ سال انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کااعلان کرنےوالے شاہد آفریدی کی فانڈیشن ایک شرٹ تحفے کے طور پر دی تھی جس پر بھارتی کھلاڑیوں کے سائن تھے۔

،شاہد آفریدی نے اس تحفے پر ویرات کوہلی کا شکریہ ادا کیا تھا اور اب آل راﺅنڈر نے اپنی فانڈیشن کے لیے امداد اکٹھی کرنے کے لیے اس شرٹ کو 4300یوروز یا تقریبا ساڑھے 5لاکھ روپے میں نیلام کردیا ہے ۔

محمد عامر اور عماد کا آفریدی فانڈیشن کیلئے امداد کا اعلان

لندن(آئی این پی)قومی ٹیم کے آل راﺅنڈر عماد وسیم اور فاسٹ بالر محمد عامر نے شاہد آفریدی کی فانڈیشن کیلئے امداد کا اعلان کردیا۔گزشتہ روز برطانیہ میں شاہد آفریدی فانڈیشن کے زیر اہتمام فنڈ ریزنگ کی تقریب ہوئی جس میں محمد عامر اور عماد وسیم نے بھی شرکت کی ، اس موقع پر دونوں نے ہسپتال کی تعمیر کے پروجیکٹ کے لیے10، 10ہزار یوروز دینے کے ساتھ ساتھ 20بیڈ کی فراہمی کا بھی اعلان کیا ۔

فکسنگ کا دعویٰ: رانا ٹنگاکی حمایت کیلئے مرلی دھرن میدان میں آگئے

کولمبو (یو این پی)بھارت کیخلاف ورلڈ کپ فائنل دوہزار گیارہ کو فکس قرار دینے کے معاملے پر سری لنکا کے سابق کپتان ارجنا رانا ٹنگا کی حمایت کیلئے سابق آف اسپنر متایا مرلی دھرن میدان میں آگئے مرلی دھرن کے مطابق وہ نہیں سمجھتے کہ ٹائٹل میچ فکس تھا اور نہ ہی ارجنا رانا ٹنگا نے ایسا بولا۔ اس مقابلے پر شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ لوگ ارجنا رانا ٹنگا کی بات پر مبالغہ آرائی کر رہے ہیں اور اس معاملے پر ثبوت موجود ہونا چاہئیں۔

سیٹھی کا چئیرمین بورڈ بننا خطرے میں

لاہور(آئی این پی)نجم سیٹھی کا پی سی بی کا چیئرمین بننا خطرے میں پڑگیا۔ ان کی گورننگ بورڈ میں نامزدگی چیلنج ہوگئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی اور فریقین کو 10 اگست کو طلبی کے لئے نوٹس بھی جاری کردیئے۔شہریار خان کی زیرصدارت پی سی بی گورننگ بورڈ کا آخری اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں گورننگ بورڈ کے 8 نئے ارکان کے چنا کے لئے 4 ریجنز اور 4 ڈیپارٹمنٹس کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ جبکہ 2 ارکان نجم سیٹھی اور عارف اعجاز کی نامزدگی سابق وزیراعظم نواز شریف نے کی تھی۔نجم سیٹھی کا نیا چیئرمین پی سی بی منتخب ہونا یقینی تھا لیکن نواز شریف کی سپریم کورٹ کی جانب سے نااہلی کے بعد ان کا انتخاب بھی خطرے میں پڑگیا ہے۔ نجم سیٹھی کی گورننگ بورڈ کے لئے نامزدگی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردی گئی ہے۔ اپیل کنندہ نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ نجم سیٹھی کو سابق وزیراعظم نے گورننگ بورڈ کا رکن نامزد کیا تھا۔ان کی برطرفی کے بعد اس نامزدگی کو منسوخ کرکے گورننگ بورڈ ارکان کا نئے سرے سے انتخاب کیا جائے۔ عدالت نے اپیل کو سماعت کے لئے منظور کرلیا اور کیس کی سماعت کے لئے 10 اگست کی تاریخ مقرر کردی۔ فریقین کو 10 اگست کی سماعت کے لئے نوٹس بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔ شہریار خان کے عہدے کی میعاد 8 اگست کو ختم ہورہی ہے۔

شاہ زیب ای سی ایل سے نام نکلوانے لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے

لاہور ( نیوزایجنسیاں)اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل کرکٹر شاہ زیب حسن نے اپنا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکلوانے کیلیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس یاور علی نے میچ فکسنگ کے الزام میں معطل کرکٹر شاہ زیب کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے خلاف دائر درخواست پر وزارت داخلہ اور پی سی بی سے 7اگست کو جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے سرکاری وکیل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ہر صورت جواب داخل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت پر وزارت داخلہ کے ذمہ دار آفیسر کو بھی طلب کر لیا کہ وہ کرکٹر کے خلاف تمام ریکارڈ پیش کریں جس کی روشنی میں انکا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا، عدالت کے روبرو شاہ زیب کے وکیل بیرسٹرملک کاشف رجوانہ نے موقف اختیار کیا کہ میچ فکسنگ کیس ٹریبونل میں زیر سماعت ہے، انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل دس اے کے تحت کسی بھی شہری کو شفاف ٹرائل کے بغیر مجرم نہیں گردانا جا سکتا اور نہ ہی اس کے خلاف قانون کے برعکس کوئی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میچ فکسنگ کیس ٹربیونل میں زیر سماعت ہونے کے باوجود پی سی بی کے ایماءپر وزارت داخلہ نے شاہ زیب کا نام غیر قانونی طور پر ای سی ایل میں شامل کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہ زیب کا نام کسی مقدمے میں شامل نہیں مگر نام ای سی ایل میں شامل کر کے باہر جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ شاہ زیب کو اپنے اہل خانہ سے ملنے کے لیے انگلینڈ جانے کی اجازت دیتے ہوئے ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔ جس پر عدالت نے وزارت داخلہ اور پی سی بی سے 7اگست کو جواب طلب کر لیا۔

ٹیکس چوری کا الزام، رونالڈو عدالت میں پیش

پرتگال (آئی این پی)لاکھوں یورو ٹیکس چوری کے الزامات میں گھرے پرتگالی فٹبالر کرسچیانو رونالڈو سپین کی عدالت میں پیش ہوئے ہیں۔استغاثہ کا الزام ہے کہ رونالڈو نے سنہ 2010 سے ایک کروڑ 47 لاکھ یورو (ایک کروڑ73لاکھ ڈالر)ٹیکس بچایا ہے۔ہسپانوی فٹبال کلب ریال میڈرڈ کی نمائندگی کرنے والے کرسچیانو رونالڈو کا شمار دنیا کے امیر ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے اور وہ اپنے اوپر عائد الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان کا ‘ضمیر مطمئن ہے۔اس سے قبل بارسلونا کلب کی نمائندگی کرنے والے ارجنٹیا کے لیونل میسی کو بھی ٹیکس چوری کے الزامات کا سامنا تھا اور جرم ثابت ہونے پر انھیں 21 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔تاہم رواں ماہ کے آغاز میں عدالت نے ان کی جیل کی سزا 252000 یورو ادائیگی کے بدلے ختم کر دی تھی۔بہرحال میسی پر 41 لاکھ یورو ٹیکس چوری کا الزام تھا جو رونالڈو سے ایک کروڑ یورو کم ہے۔رونالڈو پیر کو مقامی وقت کے مطابق 11 بجے میڈرد کے نواح میں واقع عدالت میں اپنے ثبوت پیش کرنے کے لیے پہنچے۔استغاثہ کے مطابق رونالڈو نے مبینہ طور پر 2010 میں سپین میں کمانے والی آمدن چھپانے کے لیے ایک کمپنی سٹرکچر کا فائدہ اٹھایا جو کہ سپین میں مالیاتی ضابطہ کار کی خلاف ورزی تھا۔رونالڈو کی انتظامیہ ان الزامات کی تردید کرتی ہے۔

لیڈی ڈیانا کی شادی کیوں ناکام ہوئی ؟

لندن (شوبز ڈیسک) ایک برطانوی ٹیلی ویژن لیڈی ڈیانا سے متعلق عنقریب ایک ایسی ڈاکومنٹری نشر کرے گا جس میں آنجہانی ڈیانا اپنی ناکام شادی اور برطانوی شاہی خاندان کے ساتھ کشیدہ تعلقات کے بارے میں گفتگو کرتی دکھائی دیتی ہیں۔فلم کی تیاری میں شہزادی ڈیانا کی زندگی میں ریکارڈ کیے گئے ایسے ویڈیو کلپ استعمال کیے گئے ہیں جو اس سے قبل برطانیہ میں کبھی نشر نہیں کیے گئے۔ویڈیو میں لیڈی ڈیانا برطانوی شاہی خاندان کے ساتھ کشیدہ تعلقات اور برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس کے ساتھ اپنی شادی کی ناکامی کے بارے میں گفتگو کرتی نظر آتی ہیں۔1990 کی دہائی کے شروع میں ریکارڈ کی گئی اس ویڈیو میں ڈیانا آواز کی کوچنگ کرنے والے شخص سے ان امور کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بتاتی ہیں کہ جب انہوں نے ملکہ الزبتھ ثانی کو اپنی ناکام ہوتی ازدواجی زندگی کے بارے میں بتایا تو ملکہ کا رد عمل کیا تھا۔ ڈیانا کہتی ہیں کہ ملکہ نے جوابا کہا، مجھے نہیں معلوم کہ تمہیں کیا کرنا چاہیے۔لیڈی ڈیانا اس ویڈیو میں یہ بتاتی بھی دکھائی دیتی ہیں کہ کیسے وہ اپنی سیکورٹی پر مامور ایک شخص بیری ماناکی کے عشق میں مبتلا ہوئیں۔جرمن ادارے ڈوئچے ویلے کے مطابق 2004 میں لیڈی ڈیانا کی زندگی میں ریکارڈ کی گئی اس ویڈیو کے کچھ حصے ایک امریکی نشریاتی ادارے نے نشر کیے تھے تاہم برطانوی میڈیا میں کبھی بھی یہ ریکارڈنگ نشر نہیں کی گئی۔ برطانوی ٹی وی چینل فور پر یہ ڈاکومنٹری فلم چھ اگست کو نشر کی جائے گی۔لیڈی ڈیانا اکتیس اگست1997 کو فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں پیش آنے والے ایک کار حادثے میں ہلاک ہو گئی تھیں۔

سچ بولنے پر فنکاروں کو سزا دی جارہی ہے

کوئٹہ (شوبز ڈیسک)فلمی سٹار پاکیزہ خان نے کہا ہے کہ سرکاری ٹی وی مافیا کے ہاتھوں یر غمال بن چکی ہے سچ بولنے پر ہمیں سزا دی جا رہی ہے سرکاری ٹی وی میں جو لوگ ایم ڈی کا ساتھ دے کر پشتون بلوچ عوام کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں سرکاری ٹی وی نے مافیا کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے اپنے جاری کر دہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے اپنے ذاتی مفادات کی بجائے ان لوگوں کے مفادات کے لئے آواز بلند کی جن لوگوں کیساتھ کئی عرصے سے زیادتیاں ہو رہی ہے اور اس پر ہم کسی بھی صورت خاموش نہیں رہیں گے کیونکہ سرکاری ٹی وی کسی کی جاگیر نہیں کہ وہ اپنے پسند اور نا پسند کی بنیاد پر لو گوں کو معاوضہ دے ماضی میں اس طرح ہو تا رہامگر اب نہیں ہونے دینگے ۔مقامی فنکاروں کے معاوضہ میں معمولی اضافہ انہیں لالی پاپ دینے کے مترادف ہے اربوں روپے کے بجٹ ہونے کے باوجود بھی فنکاروں کو جو معاوضہ دیا جا تا ہے وہ فنکاروں کی صلاحیتوں اور دفن کے ساتھ کھلم کھلا مذاق ہے انہوں نے چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ اور قومی احتساب بیورو( نیب) سے اپیل کی وہ پی ٹی وی کوئٹہ مرکز میں فنکاروں کے معاوضوں اور مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کر یں تاکہ فنکاروں کا مزید استحصال نہ ہو سکے۔

انوپم کھیر ٹوائلٹ سے متعلق سوال پر برطانوی صحافی پر برس پڑے

لندن(شوبز ڈیسک) ایک برطانوی صحافی نے بھارت میں ٹوائلٹس کی کمی اور نکاسی آب کے مسئلے پر سوال اٹھایا تو بالی ووڈ ادکار انوپم کھیر غصے میں آگ بگولہ ہو گئے اور اس معاملے کا ذمے دار الٹا برطانیہ کو ہی ٹھہرا دیا۔انوپم کھیر اکشے کمار اور دیگر فنکاروں کے ساتھ اپنی نئی فلم ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا کی تشہیر کے لیے برطانیہ کے دورے پر تھے کہ پریس کانفرنس کے دوران ایک برطانوی صحافی نے ان سے 70 سال گزر جانے کے باوجود بھارت میں بیت الخلا کی قلت اور نکاسی آب پر سوال کیا تو انہوں نے ناراضگی کا اظہار کےا۔

کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ نے اپنے فوائد کے لیے بھارت میں ریلوے لائنیں تو بچھائیں لیکن 200 سال میں بھارتیوں کو نکاسی آب کا بہتر نظام نہ دے سکے۔

اس موقع پر اکشے کمار نے کہا کہ اس فلم کا مقصد بھی یہی ہے کہ بھارت میں نکاسی آب کے مسئلے پرعوامی شعور میں اضافہ کیا جائے۔ واضح رہے کہ یہ فلم اس سال 10 اگست کو ریلیز کی جانی ہے لیکن انٹرنیٹ پر اس کی پائریٹڈ کاپی پہلے ہی آ چکی ہے جس سے فلم کا بزنس کافی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔محتاط اندازوں کے مطابق پورے بھارت میں 60 فیصد آبادی کو رفع حاجت کے لیے مناسب بیت الخلا کی سہولت میسر نہیں جس کے باعث خواتین اور مردوں کو کھلے میدان میں جانا پڑتا ہے، کھلے ماحول میں رفع حاجت سے کئی امراض اور مسائل جنم لے رہے ہیں۔

کئی بار اپنی حرکتوں سے اجے کی مشکلات میں اضافہ کیا

ممبئی (شوبز ڈیسک)نامور اداکارہ کاجول نے کہا ہے کہ انہوں نے کئی بار اپنے شوہر اجے دیوگن کو اپنی حرکتوں اور بےساختہ رویے کے باعث مشکلات سے دوچار کیا جس کی وجہ سے انہیں اجے سے ڈانٹ بھی کھانی پڑی۔بالی ووڈ کے نامور اداکار اجے دیوگن اور کاجول کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کی خوشگوار جوڑیوں میں ہوتا ہے، دونوں گزشتہ 18 برس سے ایک ساتھ ہیں دونوں کے درمیان آج تک کبھی لڑائی جھگڑے یا علیحدگی کی خبر میڈیا پر نہیں آئی لیکن اب کاجول نے خود اپنے اور اجے کے رشتے سے متعلق اندرونی باتیں بتاکر مداحوں سمیت میڈیا کو بھی حیران کردیا۔ ایک انٹرویو کے دوران کاجول نے پہلی بار اپنے اور اجے کے ازدواجی رشتے کے درمیان آنے والے اتار چڑھا کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت ایماندار اور منہ پھٹ خاتون ہوں، اکثر پریس کانفرنس یا تقریبات میں بنا سوچے سمجھے کچھ بھی کہہ دیتی ہوں ۔

جب کہ میرے شوہراجے دیوگن مجھ سے بالکل مختلف ہیں اور ہر بات سوچ سمجھ کر کرتے ہیں، اجے میری بےساختگی سے پریشان رہتے ہیں کیونکہ میں ہربات بنا سوچے سمجھے کہہ دیتی ہوں جس کا خمیازہ اجے کو بھگتنا پڑتا ہے ، میری حرکتوں پر اکثر اجے مجھے ڈانٹتے ہیں اور کہتے ہیں دنیا میں جینا ہے تو سوچ سمجھ کر بولاکرو تمہاری وجہ سے کئی بار میں سنگین حالات سے دوچار ہوا ہوں۔

فلموں کی تعداد میں دن بدن اضافہ خوش آئند ہے

کراچی(شوبز ڈیسک) اداکارہ ماریہ واسطی نے کہا ہے کہ ملکی سطح پر ڈرامہ انڈسٹری مستحکم ہوچکی ہے اب فلم انڈسٹری کا ری وائیول کامیابی سے جاری ہے۔ سال بھر میں چند فلمیں بمشکل بنائی جاتی تھیں اب انکی تعداد میں دن بدن اضافہ خوش آئند امر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لندن روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انکا کہنا تھا بیرون ممالک میں شوز اورڈراموں کی ریکارڈنگ کی مصروفیات کی بناپر آنا جانا لگا رہتا ہے۔ ہمارے فنکاروں کو عالمی سطح پر مواقع مل رہے ہیں۔ ترکی سے لائیو ٹاک شو کرنے کا تجربہ خوشگوار رہا جس سے ہمارے فنکار بھی ترکی و دیگر ممالک میں متعارف ہوئے۔ انہوں نے کہا ترکی جاکر اب فلمساز اور پروڈیوسر ڈرامے اور فلمیں بنارہے ہیں ،ہمیں شوبز انڈسٹری کو مستحکم کرنے کیلئے بین الاقوامی سطح پر فلمو ں اور ڈراموں کی تشہیر کرنی ہوگی۔

فلم فیسٹیولز میں ہماری فلموں نے کئی اعزازات حاصل کئے ہیں اس سے بھی ہمیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے۔

منزل پانے کیلئے جستجو ہونا بہت ضروری ہے

لاہور (شوبز ڈیسک)معروف ماڈل و اداکارہ آرونا رانا کا کہنا ہے کہ ہر کام میں کامیابی کیلئے محنت اور اپنی منزل پانے کیلئے جستجو کا ہونا بہت ضروری ہے اب سفارش کا زمانہ نہیں ہر میدان میں ٹیلنٹ اور معیار ی کام کو ترجیح دی جاتی ہے ۔ آرونا رانا نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلم اور فیشن انڈسٹری میں جو ٹیلنٹ موجود ہے دنیا میں اسکی کسی اور ملک میں مثال نہیں ملتی صرف پاکستان فلم اور فیشن نڈسٹری میں نئے آنیوالوں کو موقع دینے کی ضرورت ہے ۔