بیروت کی فرح دخل اللہ نیٹو کی ترجمان مقرر

نیٹو نے لبنان سے تعلق رکھنے والی خاتون فرح دخل اللہ کو تنظیم کی نئی ترجمان مقرر کر دیا ہے، فرح دخل اللہ نے کئی عالمی اور معروف میڈیا اداروں کے ساتھ کام کیا ہے۔

نارتھ اٹلانٹک آرگنائزیشن (نیٹو) کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ کی جانب سے فرح دخل اللہ کی تعیناتی کا اعلان کیا گیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ خطرات سے دوچار دنیا میں واضح اور بروقت مواصلات کے علاوہ میڈیا کے ساتھ روابط زیادہ اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔

جبکہ لبنانی نژاد برطانوی شہری فرح دخل اللہ اب برطانیہ میں رہائش اختیار کیے ہوئے ہیں، فرح نے کئی سرکاری اور نجی شعبوں میں اہم ذمہ داریاں نبھائی ہیں، جبکہ اس عہدے سے متعلق بھی وہ وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔

فرح دخل اللہ اس سے قبل اقوام متحدہ، برطانوی حکومت اور آسٹرازینکا سمیت کئی میڈیا تنظیموں کے ساتھ کام کر چکی ہیں، آسٹرازینکا جیسی تنظیم میں وہ مشرقی وسطیٰ اور افریقہ کے لیے میڈیا ریلیشنز ڈائریکٹر کے طور پر ذمہ داریاں نبھا رہی تھیں، جبکہ عالمی ادارہ صحت میں کمیونیکیشن مینیجر اور برطانوی فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس میں عربی ترجمان کے طور پر بھی خدمات سر انجام دے چکی ہیں۔

اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر فرح کی جانب سے لکھنا تھا کہ اس نازک دور میں نیٹو تنظیم کی ترجمانی اور پریس و میڈیا کی قیادت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

فرح کا مزید کہنا تھا کہ نیٹو اتحاد نے ایک ارب سے زائد لوگوں کی حفاظت کی ہے، ان کی آزادی اور جمہوریت کی حفاظت یقینی بنائی ہے، جبکہ دنیا کو پُر امن رکھنے میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔

جبکہ فرح نے کیمبرج یونی ورسٹی سے بین الاقوامی تعلقات عامہ میں اور لندن اسکول آف اکنامکس سے میڈیا اور مواصلات میں ماسٹر کی ڈگریاں حاصل کی ہیں، جبکہ بیروت کی یونی ورسٹی سینٹ جوزف سے آڈیو ویژول آرٹس کی تعلیم حاصل کی تھی

’پاکستان کی نئی حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار کریں‘ ، ڈیموکریٹس قانون سازوں کا بائیڈن کو خط

امریکی قانون سازوں نے صد جو بائیڈن اور وزیرخارجہ انٹونی بلنکن پر زور یا ہے کہ وہ پاکستان کے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی مکمل تحقیقات ہونے تک نئی حکومت کو تسلیم کرنے سے گریز کریں۔

تمام ڈیموکریٹس قانون سازوں نے اپنے مشترکہ خط میں پاکستان کے حالیہ پارلیمانی انتخابات میں انتخابات سے قبل اور بعد میں دھاندلی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے انتخابات کے دن خلاف ورزیوں اور رکاوٹوں کے شواہد کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان کی نئی حکومت کو تسلیم کرنے سے پہلے ایک شفاف اور قابل اعتماد تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

تمام 33 دستخط کنندگان صدر بائیڈن کی دوسری مدت کے حصول کے لیے اہم ترقی پسند ڈیموکریٹس ہیں۔ مشی گن کے حالیہ پرائمری انتخابات میں امریکی صدر کو غزہ جنگ کے حوالے سے اپنے موقف سے غیر مطمئن کارکنوں کی قیادت میں ایک زبردست ’غیر وابستہ‘ مہم کا سامنا کرنا پڑا، یہ پیش رفت بائیڈن کیمپ کے لیے خاصی تشویش کا باعث بن رہی ہے، خاص طور پر اس لیے کہ مشی گن کے بااثر مسلم قانون سازوں نے بھی پاکستان تحریکِ انصاف کے حق میں لکھے گئے اس خط کی حمایت کی ہے۔

مشی گن میں اثر و رسوخ رکھنے والے مسلمان ارکان میں راشدہ طلیب، الہان عمر اور آندرے کارسن شامل ہیں۔

پروگریسو کاکس کی چیئرپرسن اور اکثر کشمیر کاز کی وکالت کرنے والی پرمیلا جے پال نے اس خط کی تائید کی ہے۔ اس کے علاوہ چیئر ایمریٹس باربرا لی اور وہپ گریگ کاسر نے بھی اپنے دستخط شامل کیے ہیں۔ کاکس کے نائب صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے الہان عمر بھی دستخط کنندگان میں شامل ہیں۔

امریکی قانون سازوں نے وزارت خارجہ کے حکام پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں زیر حراست سیاسی کارکنوں اور میڈیا اہلکاروں کے بارے میں معلومات اکٹھی کریں اور ان کی رہائی کی وکالت کریں۔

انہوں نے پاکستانی حکام کو یہ بتانے کی اہمیت پر زور دیا کہ امریکی قانون انسانی حقوق کی خلاف ورزی، جمہوریت کو کمزور کرنے یا بدعنوانی کو فروغ دینے والے اقدامات کے لئے احتساب کا حکم دیتا ہے۔

قانون سازوں نے انتخابات کے بعد دھاندلی کے بارے میں خدشات کی طرف بھی توجہ مبذول کرائی اور نتائج کی رپورٹنگ میں تاخیر، بدسلوکی کے ویڈیو ثبوت اور ووٹوں کی مجموعی تعداد میں تضادات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے غیر جانبدار مبصرین کی رپورٹس کا بھی حوالہ دیاجس میں پاکستان کی نئی حکومت کو تسلیم کرنے سے پہلے شفاف اور قابل اعتماد آڈٹ کے عمل کی ضرورت پر روشنی ڈالی گئی۔

قانون سازوں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کا تحفظ اور اس بات کو یقینی بنانا کہ انتخابات کے نتائج حقیقی معنوں میں اشرافیہ اور فوج کے بجائے عوام کے مفادات کی عکاسی کرتے ہیں، امریکی مفادات سے مطابقت رکھتا ہے۔

چین جدید گاڑیوں سے جاسوسی کا کام لے سکتا ہے، امریکی صدر

امریکی صدر جو بائیڈن نے خبردار کیا ہے کہ معاشی معاملات میں غیر معمولی احتیاط لازم ہے۔ چین کے عزائم بہت خطرناک ہیں۔ اس معاملے میں ذرا سی بھی کوتاہی کسی بہت بڑے نقصان سے دوچار کرسکتی ہے۔

برطانوی جریدے دی اکنامسٹ نے ایک تجزیے میں بتایا ہے کہ صدر بائیڈن امریکا اور یورپ کی مارکیٹ میں بہت تیزی سے لائی جانے والی چینی گاڑیوں کے حوالے سے بہت پریشان ہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ چین کی بنائی ہوئی گاڑیاں امریکا اور یورپ میں حساس نوعیت کا ڈیٹا جمع کرنے کے بعد اس کی ترسیل کے لیے بھی استعمال کی جاسکتی ہیں۔

صدر بائیڈن کا کہنا ہے کہ چین کی الیکٹرک کاریں اور دیگر جدید ترین گاڑیاں حساس آلات سے مزین ہوتی ہیں اور جاسوسی کے لیے استعمال کی جاسکتی ہیں۔

صدر بائیڈن نے امریکا میں تیار کی جانے والی گاڑیوں میں بیرونی سوفٹ ویئرز کی تنصیب کے حوالے سے تحقیقات کا بھی حکم دیا ہے۔

صدر بائیڈن کا دعویٰ ہے کہ چین کی تیار کردہ جدید ترین الیکٹرک اور روایتی گاڑیاں دور سے کنٹرول کرکے غیر فعال بھی بنائی جاسکتی ہیں۔

اگر امریکی صدر کے احکامات کے تحت تحقیقات کی گئی تو امریکا میں چین کی گاڑیوں پر مزید پابندیاں عائد کی جاسکتی ہیں۔ چین کی تیار کردہ گاڑیوں پر پہلے ہی اضافی 25 فیصد درآمدی ڈیوٹی عائد کی جاسکتی ہے۔

کرینہ کپور کی کاپی کرنے پر سجل علی کو تنقید کا سامنا

کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سجل علی نے بالی ووڈ کی ‘بیبو’ کرینہ کپور کو کاپی کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تو صارفین نے اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

سوشل میڈیا پر سجل علی کی نئی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں اداکارہ کو شوبز انڈسٹری میں اپنے بہترین دوستوں اور پسندیدہ شخصیت سے متعلق بات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

وائرل ویڈیو میں سجل علی نے کہا کہ ہماری شوبز انڈسٹری میں میرا کوئی بھی اچھا دوست نہیں ہے، اُنہوں نے کہا کہ میں سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگز اور ٹرینڈ کو نہیں دیکھتی۔

جب سجل علی سے پوچھا گیا کہ شوبز انڈسٹری میں اُن کی پسندیدہ شخصیت کون ہیں؟ تو اس پر اُنہوں نے بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور کے کردار ‘گیت’ کو کاپی کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی پسندیدہ ہوں۔

کرینہ کپور نے یہ ڈائیلاگ ‘میں اپنی پسندیدہ ہوں’ فلم ‘جب وی میٹ’ میں کہا تھا جوکہ کافی مشہور ہوا تھا، اس ڈائیلاگ پر کافی میمز بھی بنی تھیں۔

بالی ووڈ اداکارہ کی کاپی کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے سجل علی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کبھی اپنا مواد بھی لیکر آیا کرو، ہمیشہ دوسروں کو ہی کاپی کرتی رہتی ہو۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد توہین عدالت کے مرتکب قرار

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دے دیا۔

عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو توہین عدالت پر 6 ماہ قید کی سزا سنائی تاہم مختصر ہونے کے باعث سزا ایک ماہ کے لیے معطل کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایک ماہ کے دوران اپیل دائر کرنے اور فیصلے کی کاپی وزیراعظم کو بھجوانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔ ایس پی فاروق بٹر کو عدالت نے کیس سے ڈسچارج کر دیا۔

نگران وزیر خزانہ کا نئی حکومت پر آئی ایم ایف سے نئے معاہدے پر زور

اسلام آباد: نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے نئی حکومت پر زور دیا ہے کہ آئی ایم ایف کیساتھ نیا طویل المدتی معاہدہ جلد ہونا چاہیے تاکہ حکومت اصلاحات کرسکے۔

معاشی جائزہ رپورٹ میں ایک نوٹ میں انھوں نے کہا کہ مارکیٹ میں اعتماد کی حالیہ بحالی سے دوسری سہ ماہی میں جی ڈی پی کی شرح 3 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، جوکہ پہلی سہ ماہی میں2.1 رہی۔

انھوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت جن بڑے مسائل کا سامنا ہے، ان میں ایک بڑھتے ناپائیدار قرضوں کا حجم ہے۔ نئی حکومت پر لازم ہے کہ آئی ایم ایف کا جائزہ پروگرام مکمل کرے ، اس سے1.2 ارب ڈالر کی نئی قسط ملنے سے معاشی اصلاحات کیلئے حکومت کو ایک سہارا میسر آجائے گا۔
انہوں نے نئی حکومت پر ایف بی آر کی تشکیل نو اور پی آئی اے سمیت نقصان میں چلنے والے اداروں کی نجکاری، گورننس بہتر بنانے پرزور دیا اور کہا کہ نگران حکومت کے غیر مقبول فیصلوں سے سرکاری کھاتوں میں بہتری ہوئی، مہنگائی کی شرح زیادہ رہی، تاہم امید ہے اس میں کمی آئی گی جس کی وجہ بہتر فصلیں اور سپلائی میں بہتری ہے۔

ادھر وزارت خزانہ کی معاشی جائزہ رپورٹ کے مطابق رواں سال کے پہلے7 ماہ ترسیلات زر 50 کروڑ کی کمی کیساتھ 15 ارب 80کروڑ ڈالر رہیں، برآمدات 9.3 فیصد اضافے سے 18 ارب ڈالر، درآمدات 11.1 فیصد کمی کیساتھ 29.8 ارب ڈالر تک رہیں، کرنٹ اکائونٹ خسارہ میں71.2 فیصد ، براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں21.4 فیصد کمی ہوئی، زرمبادلہ کے ذخائر 13ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے۔

پہلی ششماہی میں ریونیو میں 29.8 فیصد اضافے سے5149 ارب رہا، پرائمری بیلنس میں 103.6فیصد اضافہ ہواجوکہ آئی ایم ایف کے0.5 فیصد ہدف کے برعکس1.5فیصد ہے۔

گیس نرخ بڑھنے سے فرٹیلائزر سیکٹر میں تفریق پیدا ہوگئی

کراچی: فرٹیلائزر مینو فیکچررز کیلیے گیس کی قیمتوں میں تفریق سے مارکیٹ میں عدم استحکام پیدا ہورہا ہے تاہم حکومت کو یوریا کی قیمتوں میں استحکام لانے اور زائد ریونیو سے فائدہ اٹھانے کیلیے کھاد بنانے والے کمپنیوں کے درمیان موجودہ قیمت کے امتیاز کو دور کرنا ہوگا۔

ٹاپ لائن سیکیوریٹیز کی رپورٹ کے مطابق گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے فرٹیلائزر سیکٹر میں تفریق پیدا ہوگئی ہے کیونکہ حکومت نے سوئی ناردرن گیس کمپنی اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے نیٹ ورکس پر چلنے والے فرٹیلائزر مینوفیکچررز کیلیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے جس سے انڈسٹری کی60فیصد پیداواری صلاحیت متاثر ہوئی ہے جبکہ اس کے مقابلے میں ماڑی گیس پر انحصار کرنے والی فرٹیلائزر کمپنیوں کیلیے گیس ٹیرف بدستور برقرار ہیں۔

اینگرو فرٹیلائزرز، فوجی فرٹیلائزر بن قاسم اور اور ایگری ٹیک سوئی ناردرن گیس کمپنی اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے نیٹ ورکس پر ہیں، ان پلانٹس کیلیے فیڈ گیس کی شرح 580 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھا کر 1597 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کر دی گئی ہے۔

بنگلا دیش کے ریسٹورنٹ میں آتشزدگی ، 43 افراد ہلاک

ڈھاکا: بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے ایک ریسٹورنٹ میں آگ لگنے سے 43 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق بنگلا دیش کی وزیر صحت سمانتا لال کا کہنا ہے کہ آگ ڈھاکا کے متمول علاقے میں واقع بریانی کے ریسٹورنٹ میں لگی ۔ آگ سے 40 افراد جھلس کر زخمی ہوئے جن کا برن اسپتال میں علاج جاری ہے۔

فائر ڈپارٹمنٹ کے حکام کے مطابق آگ بریانی ریسٹورنٹ میں لگی جس نے 7 منزلہ عمارت کے اوپر والے فلورز کو بھی لیپٹ میں لے لیا۔ آگ میں گھرے 75 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ فائرفائٹرز نے 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔
آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام نے اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

ٹیسٹ رینکنگ؛ بابراعظم کی تنزلی کو بریک نہ لگ سکا

کراچی: ٹیسٹ رینکنگ میں بابراعظم کی تنزلی کو بریک نہ لگ سکا۔

سابق قومی کپتان ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں نمبر پر پہنچ گئے جب کہ ٹی 20 میں چوتھی پوزیشن برقرار ہے۔

کیوی بولرز کی آسٹریلیا کے خلاف مایوس کن پرفارمنس کا فائدہ حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی نے اٹھالیا، دونوں بالترتیب 18 ویں اور 20 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔