فوج نہ تو گنتی میں شامل ہوگی نہ پولنگ عملے کی ذمہ داری سنبھالے گی

انتخابات 2024کے حوالے سے سول آرمڈ فورسز اورافواجِ پاکستان کی ڈپلوائمنٹ سے متعلق اہم معلومات سامنے آگئیں۔

عام انتخابات 2024 میں آئین پاکستان کے آرٹیکل 245 کے تحت افواج پاکستان آئین پاکستان کے آرٹیکل 245 کےتحت الیکشن کے انعقاد میں معاونت کرتے ہوئے متعلقہ علاقوں میں تھرڈ ٹیئر کے طور پر Quick Reaction Force جیسی ڈیوٹی سر انجام دیں گی۔

الیکشن کے دوران امن عامہ کی صورتحال کو بہتر رکھنے کی پہلی ذمہ داری پولیس کی ہے جبکہ سول آرمڈ فورسز جیسے کہ رینجرز اور فرنٹئیر کور دوسرے مرحلے میں سیکورٹی کی ذمہ دار ہوں گی۔

پاک فوج کو تھرڈ ٹیئر میں پولنگ کے جنرل علاقوں میں سیکیورٹی کی ممکنہ خطرناک صورت حال سے نپٹنے کے لیے تعینات کیا جائے گا۔

سول آرمڈ فورسزاورافواجِ پاکستان آئین پاکستان کے آرٹیکل 220، 245 (بشمول تمام شقوں اور ذیلی شقوں کے) اور اینٹی ٹیرارزم ایکٹ کے سیکشن 4 اور 5 (بشمول ترامیم) اور الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ 193 کے ساتھ ساتھ سیکشن 5 کے تحت اپنے فرائض انجام دیں گی۔

اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سول آرمڈ فورسز اور افواج پاکستان کا عملہ محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے تعاون کرے گا تاکہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ریٹرنگ آفیسر پریذائیڈنگ آفیسر اور پولنگ عملہ اپنے فرائض خوش اسلوبی سے انجام دے سکے۔

بیلٹ پیپر کی چھپائی کے دوران صرف سول آرمڈ فورسز پر نٹنگ پریس کی حفاظت پر مامور ہوں گی ۔

انتخابی سامان کی ریٹرننگ آفیسرز کے دفاتر سے پولنگ اسٹیشنز تک ترسیل، گنتی اور انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد انتخابی سامان کی واپس ریٹرنگ آفیسرز کے دفاتر تک منتقلی کے لیے سیکیورٹی مہیا کی جائے گی۔

الیکشن کے روز دفعہ 144 کے تحت ہتھیاروں کی نمائش پر پابندی ہو گی ۔ آفیسر اور جے سی او الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت اپنے اختیارات کا بر وقت استعمال کریں گے۔ محفوظ ماحول یقینی بنانے کیلئے پولیس ٹئیر ون کی ذمہ دار، جسول آرمڈ فورسز اور افواج پاکستان بالترتیب ٹئیر ٹو اور ٹئیر تھری درجے کی ذمہ دار ہوں گی۔

اس حوالے جاری کی جانے والی مزید تفصیلات کے مطابق سول آرمڈ فورسز اور افواجِ پاکستان بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ پریس سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے دفاتر تک کی ترسیل کے دوران حفاظت پر مامور ہو نگی

سول آرمڈ فورسزاور افواجِ پاکستان پریذائیڈنگ آفیسر، اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسر یا پولنگ آفیسر کے کام میں کسی بھی طرح کی مداخلت نہیں کریں گی اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن کے باہر فرائض سر انجام دیں گی۔

پولنگ اسٹیشن کی حدود میں داخل ہونے والوں کی پہلے جامہ تلاشی لی جائے گی تا کہ کوئی ہتھیار / دھما کہ خیز موادیا ممنوعہ چیز پولنگ اسٹیشن کے اندر نہ لے جانا یقینی بنایا جاسکے۔

اس طرح سے گنتی کے عمل میں کسی بھی طرح کی مداخلت نہیں کی جائے گی بلکہ گنتی کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے فورسز پولنگ اسٹیشن کے باہر اپنی ڈیوٹی مستعدی کے ساتھ انجام دیں گی تا کہ گنتی کا عمل پر امن طریقے سے مکمل ہو

سول آرمڈ فورسزاورافواجِ پاکستان پولنگ اسٹیشن کے باہر کسی بھی بے ضابطگی، مسئلے یا بد انتظامی کی اطلاع پریذائیڈنگ آفیسر اور اپنے بالا کمانڈر کو دینے کے ساتھ ساتھ جاری کردہ ہدایات کے مطابق کام کریں گی۔

سول آرمڈ فورسزاورافواجِ پاکستان کسی بھی اہل ووٹر کو پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے سے نہیں روکیں گی، ماسوائے ایسے اشخاص جن کے پاس ہتھیار یاد ھما کہ خیز مواد یا ممنوعہ مواد پایا جائے یا وہ لوگ جو شر انگیزی پھیلانے یا ملکی مفاد / سلامتی کے خلاف کوئی حرکت کرتے پائے جائیں گے۔

جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ سول آرمڈ فورسزاورافواجِ پاکستان پولنگ عملے کی ذمہ داریاں نہیں سنبھالیں گی بلکہ اگر پولنگ اسٹیشن پر بے قاعد گی یا بد انتظامی جاری رہتی ہے تو پنے انچارج آفیسر کو فوری مطلع کریں گی تا کہ ضروری قانونی کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔

الیکشن کمیشن کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ عام انتخابات ہر صورت 8 فروری کو ہی ہوں گے، الیکشن ملتوی ہونے کا کوئی جواز ہی نہیں ہے، پر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کو سیکیورٹی فراہم کریں گے۔

عام انتخابات 2024 کے دوران بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر الیکشن کمیشن کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی۔

اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن ڈاکٹر آصف حسین اور الیکشن کمیشن کے اعلیٰ حکام ، نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز، سیکریٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹریز اور آئی جیز نے شرکت کی۔

اجلاس میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ کے لیے انٹیلی جنس اداروں کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک رہے۔

اجلاس میں نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے الیکشن کمیشن کو بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی جبکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں امن و امان سے متعلق رپورٹ الیکشن کمیشن کے سامنے رکھی گئی۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے دونوں صوبوں میں خصوصی سکیورٹی اقدامات کی ہدایت کی۔

الیکشن کمیشن اجلاس کا اعلامیہ جاری
الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمیشن نے کہا کہ عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے، سیکیورٹی چیلنجز موجود ہیں تاہم الیکشن کمیشن پوری طرح تیار ہے، انتخابات میں رخنہ ڈالنے اور امن و امان کی صورت حال خراب کرنے والے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، اس سلسلے میں کسی سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا دہشت گردی، سیکیورٹی کے چیلنجز اور انتخابی عمل کو متاثر کرنے والے واقعات کے باوجود الیکشن کا عمل نہیں رکے گا۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورت حال اور الیکشن کمیشن کے دفاتر اور سیاسی جلسوں پر حملوں کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے، کسی کو وہم یا گمان نہیں ہونا چاہیئے۔

اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی انتخابی عمل کی سب سے بڑی دشمن ہے، عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے ضروری حفاظتی انتظامات لیے جائیں گے، سیاسی جماعتوں کے امید واروں اور ووٹرز کو بلا خوف خطر انتخابی مہم کے لیے ساز گار ماحول فراہم کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور سیکورٹی اداروں کو انتخابات کے دن قانون ہاتھ میں لینے کی کوششوں سے خبردار رہنے کی تلقین کی۔

الیکشن کے انعقاد پر کسی کو ابہام نہیں ہونا چاہیئے، نگراں وزیر داخلہ
الیکشن کمیشن میں سیکیورٹی سے متعلق اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے کہا کہ الیکشن 8 فروری کو ہیں، اس کے انعقاد پر کسی کو ابہام نہیں ہونا چاہیئے، الیکشن کمیشن اور نگران حکومت ہر حال میں انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں گے اور 8 فروری کو ہر صورت انتخابات ہوں گے۔

نگراں وزیر داخلہ ںے کہا کہ نگران حکومت کو جو ذمہ داری ملی وہ اس میں سرخ رو ہوگی، سیکیورٹی اداروں نے چاروں صوبوں میں سیکیورٹی کے بہتر انتظامات کر رکھے ہیں، عوام اطمینان سے اپنا ووٹ کاسٹ کریں، اس الیکشن سے ملک میں استحکام آئے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں پیش آنے والے واقعات کا تعلق الیکشن سے نہیں بلکہ یہ دہشت گردی کے واقعات ہیں، بلوچستان میں کسی قسم کی کوئی سیاسی پولزائزیشن نہیں بلوچستان میں ہمارا زیادہ بڑا چیلنج دہشت گردی ہے، سیکیورٹی ادارے جس طرح ملک کی حفاظت کر رہے ہیں وہ قابل فخر ہے۔

بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں حالات نارمل نہیں، چیف الیکشن کمشنر
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ کوئی ابہام نہ رہے الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے، واضح کیا پولنگ ڈے پر انٹرنیٹ کی بندش کے حوالے سے کوئی بات زیر غور نہیں

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا الیکشن کمیشن میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہنا تھا کہ الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے، کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیئے، سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنایا جارہا ہے۔

سکندر سلطان راجہ واضح کیا کہ پولنگ ڈے پر انٹرنیٹ کی بندش کے حوالے سے کوئی بات زیر غور نہیں، انٹرنیٹ سروس کا معاملہ سامنے آیا تو ہمارا ای ایم ایس آف لائن کام کرے گا۔

چیف الیکشن کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے میں حالات نارمل نہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ایفرٹس پوری کر رہے ہیں، آج ہمیں بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز نے امن وامان کے حوالے سے یقین دہانی کروائی ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بیلٹ پیپر کے سائز کو چھوٹا کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، بیلٹ پر جہاں ٹھپہ لگانا ہے وہ متعلقہ خانہ اس مہر لگانے کے لئے چھوٹا نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں ایک امیدوار کی ہلاکت اور بلوچستان میں بے امنی کے واقعات کے بعد الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس طلب کیا گیا تھا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اجلاس میں وزیر داخلہ، سیکریٹری داخلہ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے چیف سیکریٹریز و آئی جیز اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کے نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر نے کہا تھا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں الیکشن ملتوی کرنے کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز کا کہنا تھا یقینی بنایا جارہا ہے کہ انتخابات کے لیے پرامن اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔

بھارتی اداکارہ پونم پانڈے کینسر کے باعث چل بسیں

 ممبئی: بھارتی اداکارہ و ماڈل پونم پانڈے کینسر سے جنگ لڑتے ہوئے 32 سال کی عُمر میں دنیا سے کوچ کرگئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ پونم پانڈے گزشتہ کچھ عرصے سے سروائیکل کینسر سے جنگ لڑ رہی تھیں، اُن کا علاج جاری تھا اور آج صبح اداکارہ کی موت ہوگئی جس کی تصدیق اُن کی ٹیم نے انسٹاگرام کے ذریعے کی ہے۔

پونم پانڈے کی ٹیم نے اداکارہ کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مداحوں کے لیے افسوسناک خبر پوسٹ کی جس میں کہا گیا کہ “آج کی صبح ہمارے لیے بہت مشکل ہے، آپ کو یہ بتاتے ہوئے بہت دُکھ ہورہا ہے کہ ہم نے اپنی پیاری پونم پانڈے کو سروائیکل کینسر کی وجہ سے کھو دیا ہے”۔

اداکارہ کی ٹیم نے کہا کہ “غم کی اس گھڑی میں، ہم آپ سب سے پرائیوسی کی درخواست کررہے ہیں، پونم پانڈے کے لیے دُعا کریں اور اُنہیں یاد کریں”۔

پونم پانڈے کی اچانک موت پر بھارتی شوبز انڈسٹری کو گہرا صدمہ پہنچا ہے جبکہ مداحوں کی جانب سے بھی اداکارہ کی موت پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔

افغانستان میں القاعدہ کے 8 بڑے تربیتی کیمپ قائم ہیں، اقوام متحدہ

نیویارک: اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ افغانستان میں القاعدہ کے مزید 8 بڑے تربیتی کیمپ قائم ہیں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی رپورٹ کے مطابق القاعدہ نے افغانستان میں فعال موجودگی برقرار رکھی ہے۔ القاعدہ نے افغانستان کے کئی صوبوں میں تربیتی کیمپ، مذہبی اسکول اور اسلحہ ذخیرہ کرنے کی سہولیات قائم کی ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ القاعدہ طالبان کی حکمرانی ہولڈنگ پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔القاعدہ کے تقریباً 10 سابق ارکان کے طالبان کے ساتھ تاریخی اور قریبی تعلقات ہیں۔القاعدہ نے غزنی، لغمان، پروان اور اروزگان صوبوں میں 8 نئے تربیتی کیمپ قائم کیے ہیں۔
رپورٹ میں ٹی ٹی پی اور القاعدہ کی درمیان بھی روابط کی تشویش ظاہر کی گئی۔ القاعدہ کا ایک تسلیم شدہ رکن حکیم المصری کنڑ میں تربیتی کیمپوں اور خودکشی کی تربیت کا ذمہ دار ہے جو ٹی ٹی پی کو بھی تربیت فراہم کرتا رہا ہے۔

پی ایس ایل 9 کا ترانہ، علی ظفر اور آئمہ بیگ اپنی آواز کا جادو جگانے کیلئے تیار

لاہور: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر اور گلوکارہ آئمہ بیگ ایچ بی ایل پی ایس ایل (پاکستان سُپر لیگ) کے سیزن 9 کا ترانہ گائیں گے۔

ہر سال کی طرح، 2024 کے بھی پی ایس ایل کا میلہ سجنے والا ہے جس میں چند دن باقی ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایونٹ کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے جبکہ شائقین اس انتظار میں ہیں کہ اس سیزن کا ترانہ کونسے گلوکار کی آواز میں سامنے آئے گا۔

شائقین کے انتظار کو ختم کرتے ہوئے گلوکارہ آئمہ بیگ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کے ترانے کے حوالے سے اہم خبر سوشل میڈیا پر شیئر کردی ہے۔

آئمہ بیگ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام کی اسٹوری میں ایک خبر شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ “پی ایس ایل کے سیزن 9 کا ترانہ علی ظفر اور آئمہ بیگ گائیں گے”۔

پنجاب میں نمونیہ مزید 7 بچوں کی زندگیاں نگل گیا

 لاہور: پنجاب میں نمونیہ مزید 7 بچوں کی زندگیاں نگل گیا۔محکمہ صحت پنجاب کے مطابق لاہور میں رواں سال نمونیہ سے 58 اموات اور 3 ہزار 520 کیسز رپورٹ ہوئے۔ پنجاب میں نمونیے سے رواں سال 303 اموات ہوئیں جبکہ 18 ہزار 804 کیسز سامنے آئے۔لاہور میں ایک روز میں 178 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نمونیہ کے 764 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور میں نمونیہ سے ایک شخص کا انتقال ہوگیا۔

آئندہ 10روز میں صرف 3 دن بینک کھلے رہیں گے

اسلام آباد: ملک میں یوم کشمیر، عام انتخابات اور ہفتہ وار تعطیلات کے باعث آئندہ 10 روز میں صرف 3 دن بینک کھلیں رہیں گے۔
ملک بھر میں تمام بینک 3 فروری سے 5 فروری تک بند رہیں گے، 3 اور 4 فروری کو ہفتہ وار اور 5 فروری کو یوم کشمیر کی عام تعطیل ہو گی۔
دوسری جانب 6 اور 7 فروری منگل اور بدھ کو بینک کھلیں گے تاہم 8 فروری کو الیکشن ڈے پر پھر بینک بند ہونگے، 9 فروری جمعہ کو کھلیں گے، 10 اور 11 فروری کو پھر ہفتہ اتوار کو بینکس بند رہیں گے۔
جمعہ کے بعد آئندہ 10 روز میں صرف 3 دن بینک کھلیں گے اور 7 دن بند رہیں گے۔

پاکستانی 6 ماہ میں 9 کھرب 42 ارب کی چائے پی گئے

اسلام آباد: پاکستانی 6 ماہ کے دوران 9 کھرب 42 ارب کی چائے پی گئے۔

ادارہ شماریات کے مطابق پاکستان میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی جولائی تا دسمبر چائے کی درآمدات میں گزشتہ سال اسی عرصے کی نسبت 5.53 فیصد اضافہ ریکار ڈکیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر) کے دوران ملک میں چائے کی درآمدات 318 ملین ڈالر کے مقابلے میں 336 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں۔

سولر پینل منی لانڈرنگ اسکینڈل، ماسٹر مائنڈ مزاحمت کے بعد گرفتار

کراچی: ایف بی آر کے ماتحت ڈائریکٹوریٹ پوسٹ کلئیرنس آڈٹ کسٹمز کو سولر پینل منی لانڈرنگ اسکینڈل میں نامزد گروہ کے افراد کی گرفتاری میں زبردست مزاحمت کا سامنا ہے۔

ڈائریکٹوریٹ پوسٹ کلئیرنس آڈٹ کسٹمز ساؤتھ کراچی ڈائریکٹر شیراز احمد نے ایکسپریس کو بتایا کہ جمعرات کو بھی سولر پینل کی درآمدات کی آڑ میں 80ارب روپے سے زائد کی منی لانڈرنگ میں ملوث ملزم رب نواز کی گرفاری میں مزاحمت کا سامنا رہا تاہم ٹیم نے طویل جدوجہد کے بعد کسٹم کورٹ کراچی کے احاطے سے ملزم رب نواز کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
ڈائریکٹر پوسٹ کلئیرنس آڈٹ ساؤتھ شیراز احمد نے بتایا ہے کہ کسٹمز پوسٹ کلئیرنس آڈٹ کی ٹیم نے کسٹمز کورٹ میں سماعت کے بعد ایک اور مقدمے میں ملزم رب نواز کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو ٹیم سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔
انھوں نے بتایا کہ ملزم گرفتاری سے بچنے کیلیے کسٹمز کی عدالت کے احاطے میں کئی گھنٹے موجود رہا جبکہ کسٹم پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کی ٹیم ملزم رب نواز کو گرفتار کرنے کیلیے کسٹمز کورٹ کے باہر موجود ہے۔
ڈائریکٹر پی سی اے نے بتایا کہ اس دوران ملزم رب نواز کی جانب سے کسٹم عملے کو دھمکیاں بھی دی گئیں اور عدالت کے باہر اس کے مسلح گارڈز بھی موجود رہے۔ ڈائریکٹر پی سی اے نے بتایا کہ ملزم رب نواز کے وکلا کی کسٹم حکام سے تکرار بھی ہوئی۔
ڈائریکٹر پی سی اے کے مطابق ملزم رب نواز کے خلاف 80 ارب روپے سے زائد مالیت کی منی لانڈرنگ کے مقدمات درج ہیں ، انکا کہنا ہے کہ ملزم رب نواز سولر پینل کی درآمدات کی آڑ میں منی لانڈرنگ کا ماسٹر مائنڈ ہے اور ملزم کے خلاف کئی مقدمات درج ہیں۔

نئی کرنسی کا فیصلہ آئی ایم ایف کے کہنے پر نہیں کیا، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک

اسلام آباد: ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ نے کہا ہے کہ نئے کرنسی نوٹوں کا فیصلہ آئی ایم ایف کے کہنے پر نہیں کیا۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ نے کہا ہے کہ بہتر سکیورٹی فیچرز کیساتھ نئے کرنسی نوٹ اگلے 2سال میں متعارف کرائے جائیں گے، نئے کرنسی نوٹوں کا فیصلہ آئی ایم ایف کے کہنے پر نہیں کیا، سیکیورٹی کے مقاصد کیلیے ہر15 سے20 سال بعد نئے کرنسی نوٹ متعارف کرانا ایک مستقل عمل ہے۔

سندھ ریونیو بورڈ نے 126.8 بلین روپے وصول کیے

کراچی: سندھ ریونیو بورڈ نے رواں مالی سال24-2023 کے پہلے سات مہینوں میں 126.8 بلین روپے وصول کرلیے۔

نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس(ر) مقبول باقر نے کہا کہ سندھ ریونیو بورڈ نے رواں مالی سال24-2023 کے پہلے سات مہینوں میں 126.8 بلین روپے وصول کرلیے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال 23-2022 کے پہلے سات مہینوں کے دوران وصولی کی شرح 94.6 بلین روپے تھی جوکہ 34 فیصد اضافے کی نمایاں شرح کو ظا کرتا ہے۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایس آر بی مشکل معاشی حالات کے باوجود بھی ٹیکس وصولی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

پنجاب؛ قتل کی وارداتوں میں مطلوب 6 خطرناک اشتہاری دبئی سے گرفتار

لاہور: قتل کی مختلف وارداتوں میں مطلوب 6 خطرناک اشتہاری ملزمان کو دبئی سے گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں برس بیرون ملک سے گرفتار کیے گئے خطرناک اشتہاری مجرموں کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔ حالیہ کارروائی میں انسپکٹر خالد نواز وریاہ کی قیادت میں اسپیشل آپریشن سیل کی ٹیم گرفتار 6 اشتہاریوں کو دبئی سے لے کر پاکستان روانہ ہوئی۔

گرفتار کرکے لائے گئے اشتہاری مجرموں میں حماد شہباز ، ابو بکر ، امتیاز احمد ، محمد رضوان، بلال مصطفی اور علی رضا شامل ہیں۔ اشتہاری حماد شہباز 2022 میں گوجرانوالہ میں شہری کو قتل کرکے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔ اشتہاری محمد رضوان نے 2023 میں فیصل آباد میں شہری کو قتل کیا تھا۔ اشتہاریوں ابوبکر اور امتیاز احمد گزشتہ برس گوجرانوالہ میں شہری کو قتل کرنے کے بعد بیرون ملک فرار ہو گئے تھے۔
پولیس کے مطابق اشتہاری بلال مصطفی سیالکوٹ پولیس کو 2015 سے قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا۔ اشتہاری علی رضا 2022 میں جہلم میں شہری کو قتل کرکے 02 برس سے بیرون ملک مفرور تھا۔

اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کے لیے پنجاب پولیس اسپیشل آپریشن سیل کی ٹیم نے انٹرپول سے تمام اشتہاریوں کے ریڈ نوٹسز جاری کروائے اور متحدہ عرب امارات پولیس سے مستقل رابطہ کاری کے ذریعے تمام اشتہاریوں کو گرفتار کیا۔ قانونی مراحل پورے کرنے کے بعد ٹیم پاکستان کے لیے روانہ ہوئی جب کہ پاکستان پہنچتے ہی ائرپورٹ سے متعلقہ اضلاع کی پولیس ٹیمیں اشتہاریوں کو تحویل میں لیں گی۔

کوویڈ کے باوجود جوش انگلس کی ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ میں شرکت

ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ سے قبل آسٹریلوی کرکٹر جوش انگلس کا کوویڈ-19 کا شکار ہوگئے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق آسٹریلوی وکٹ کیپر جوش انگلس کورونا وائرس کا شکار ہیں تاہم وہ میچ کا حصہ ہوں گے لیکن انہیں کھلاڑیوں ساتھ (فاصلہ) رکھنا ہوگا جبکہ الگ ڈریسنگ روم میں قیام کریں گے۔

کوویڈ-19 کے شکار کرکٹر کو کھلائے جانے پر سوشل میڈیا پر شائقین آسٹریلوی بورڈ پر کڑی تنقید کررہے ہیں، انکا کہنا ہے کہ دیگر کھلاڑیوں کے بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے خدشات بڑھ جائیں گے۔

واضح رہے کہ یہ تیسری مرتبہ ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا نے کوویڈ کے شکار پلئیر کو میچ کھیلنے کی اجازت دی۔