تحریک انصاف نے راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے کی درخواست دے دی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے کی درخواست دے دی۔

پی ٹی آئی نے راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے کی منظوری کے لیے ڈپٹی کمشنر سے رجوع کرلیا۔

قومی اسمبلی کی نشست کے لیے پی ٹی آئی کے امیدوار شہریار ریاض کی جانب سے جلسے کے این اوسی کے لیے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی گئی۔

درخواست میں چار، پانچ یا 6 فروری کو جلسے کی اجازت مانگی گئی۔ واضح رہے کہ شہریار ریاض این اے 56 سے امیدوار ہیں۔

 

مچھ اور کولپور میں آپریشن کلین اَپ مکمل، 24 دہشت گرد ہلاک، چار اہلکار اور دو شہری شہید

کوئٹہ: بلوچستان کے شہروں مچھ اور کولپور میں حملہ آوروں کے خلاف آپریشن مکمل ہوگیا، دو طرفہ لڑائی میں 24 دہشت گرد مارے گئے، چار سیکیورٹی اہل کار اور دو شہریوں نے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 29 اور 30 جنوری کی درمیانی رات دہشت گردوں نے بلوچستان میں مچھ اور کولپور کمپلیکس پر حملہ کیا،
سیکیورٹی پر تعینات قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سخت مزاحمت کی اور حملہ آوروں کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا، ان دہشت گردوں کو اس کے بعد آنے والے سینی ٹائزیشن اور کلیئرنس آپریشنز میں تلاش کیا گیا تھا اور آپریشن کلین اَپ علاقے کو کلیئر اور محفوظ بنانے کے بعد مکمل کیا گیا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فائر فائٹ اور سینی ٹائزیشن/کلیئرنس آپریشنز کے دوران، گزشتہ تین دنوں میں، چوبیس دہشت گردوں کو جہنم میں بھیج دیا گیا، ہلاک ہونے والوں میں دہشت گرد شہزاد بلوچ، عطا اللہ، صلاح الدین، عبدالودود اور ذیشان جیسے اہم دہشت گرد شامل ہیں باقی دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے چار اہل کار بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے اور دو معصوم شہریوں نے شہادت کو گلے لگا لیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کا موثر جواب دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کے بے لوث عزم کا ثبوت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نےمزید کہا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہیں۔

پریانکا چوپڑا اور نک جونس کیلئے 20 ملین ڈالر کے گھر میں رہنا ناممکن

لاس اینجلس: عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا اور اُن کے شوہر نِک جونس نے 20 ملین ڈالر کا اپنا پُرتعیش گھر چھوڑ دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پریانکا چوپڑا اور نک جونس نے اپنی شادی کے چند ماہ بعد ستمبر 2019 میں لاس اینجلس میں 20 ملین ڈالر کا پرتعیش گھر خریدا تھا، ان کے اس عالی شان گھر میں 7 بیڈ رومز، 9 باتھ رومز، 1 شیف کا کچن، 1 انڈور باسکٹ بال کورٹ، ٹمپریچر کنٹرول وائن روم، 1 انٹرٹینمنٹ لاؤنج، 1 ہوم تھیٹر، 1 اندرونی بولنگ ایلی، 1 مکمل سروس جم، بلیئرڈ روم اور اسٹیم شاور کے ساتھ 1 سپا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس کے اس عالی شان گھر میں سال 2020 سے ہی ‘غیر محفوظ واٹر پروفنگ’ اور آلودگی کے مسائل پیدا ہونا شروع ہوگئے تھے جس کے بعد اس اسٹار جوڑی نے اس گھر کے سابق مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا جبکہ قانونی کارروائی کے دوران عدالت نے اس پُرتعیش گھر کو ناقابل رہائش قرار دے دیا تھا۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ پریانکا چوپڑا اور اُن کے شوہر نے یہ گھر خالی کردیا ہے، وہ اپنی بیٹی مالتی کے ہمراہ دوسرے گھر منتقل ہوگئے ہیں۔

رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ جوڑی اپنے گھر میں واپس کب آئے گی جبکہ ابھی اُس گھر میں کوئی نہیں رہ رہا اور نہ اس گھر کو کرائے پر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پریانکا چوپڑا نے 2018 میں امریکی گلوکار نک جونس سے شادی کی تھی جس کے 4 سال بعد 2022 میں ان کے ہاں سروگیسی کے زریعے بیٹی کی پیدائش ہوئی۔

دورانِ عدت نکاح کیس خارج کرنے کی درخواست نمٹانے کا تحریری فیصلہ جاری

اسلام آباد ہائی کورٹ نے دوران عدت نکاح کیس خارج کرنے کی درخواست نمٹانے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے 16 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ فراڈ سے نکاح کے الزام میں سمن جاری کرنے میں قانون کی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔ ناجائز تعلقات کے الزام میں جاری سمن میں قانونی طریقہ کار پر عمل نہیں کیا گیا۔

عدالت نے دھوکہ دہی سے نکاح کے الزام میں جاری سمن کالعدم قرار دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ دھوکہ دہی سے نکاح کی حد تک ملزمان ٹرائل کورٹ میں میرٹ پر کیس لڑیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلوں کے مطابق فردِ جرم عائد ہونے کے بعد کیس خارج نہیں کیا جا سکتا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواستیں جزوی منظور کی جاتی ہیں۔عمران خان اور بشریٰ بی بی نے کیس خارج کرنے کی درخواستیں دائر کی تھیں۔ درخواستوں میں کیس قابلِ سماعت قرار دے کر طلبی کے جاری سمن خارج کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے استعفیٰ دے دیا

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد جمیل خان اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔

جسٹس شاہد جمیل خان نے استعفیٰ صدر پاکستان عارف علوی کو ارسال کردیا۔ جسٹس شاہد جمیل خان نے 2029 میں ریٹائر ہونا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس شاہد جمیل خان نے ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دیا، جسٹس شاہد جمیل خان گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے چھٹیوں پر تھے۔

عام انتخابات: 2کروڑ سے زائد نوجوان پہلی بار اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے

اسلام آباد: ملک میں عام انتخابات میں اس بار بڑی تعداد میں نوجوان پہلی بار اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے، 2کروڑ سے زائد نئے ووٹرز کے لیے ضروری ہے وہ درست انداز میں اپنا ووٹ کاسٹ کریں۔

اتنی بڑی تعداد میں ووٹ بینک کسی بھی سیاسی جماعت کو اقتدار کی کرسی پر بٹھا سکتا ہے، اس لیے ضروری ہے ان نوجوانوں کو ووٹ ڈالنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے۔

سب سے پہلے جب ووٹ ڈالنے جائیں تو پہلے مرحلے میں پولنگ افسر اصل قومی شناختی کارڈ اور انتخابی فہرست میں درج تفصیلات چیک کرے گا۔ آپ کا نام اور سلسلہ نمبر بلند آواز سے پولنگ ایجنٹس کو پکارا جائے گا اور انتخابی فہرست سے نام کاٹ دیا جائے گا، اس کے بعد انگوٹھے کا نشان لیا جائے گا اور انگوٹھے پر انمٹ سیاہی کا نشان لگا دیا جائے گا۔

دوسرے مرحلے میں اسسٹنٹ پریزائڈنگ افسران بیلٹ پیپرز کی پشت پر دستخط اور مہر ثبت کرنے کے بعد قومی اسمبلی کے لیے سبز رنگ اور صوبائی اسمبلی کے لیے سفید رنگ کا بیلٹ پیپر جاری کرے گا۔ اس کے بعد ووٹنگ اسکرین کے پیچھے جائیں اور اپنے بیلٹ پیپرز پر اپنی پسند کے کسی ایک امیدوار کے انتخابی نشان پر درست طریقے سے مہر لگائیں، سبز رنگ کا بیلٹ پیپر سبز ڈھکن والے بیلٹ باکس اور سفید رنگ کا بیلٹ پیپر سفید ڈھکن والے بیلٹ باکس میں ڈال دیں۔

ووٹ ڈالنے جانے سے پہلے چند ضروری ہدایات پر عمل درآمد ضرور کریں۔ اپنا اصل قومی شناختی کارڈ ہمراہ لائیں، زائد المعیاد قومی شناختی کارڈ بھی قابل قبول ہوگا، ووٹ کی رازداری کا ہر حال میں خیال رکھیں۔ پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون اور کیمرہ لانے کی اجازت نہیں ہے۔

ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوگا اور شام 6 بجے ختم ہوجائے گا۔ پولنگ کے مقررہ وقت کے اختتام کے بعد بھی پولنگ اسٹیشن کی حدود میں موجود ووٹرز اپنا ووٹ ڈال سکتے ہیں۔

الیکشن 2024، اداکارہ میرا کی خواتین سے ووٹ کاسٹ کرنے کی اپیل

نیویارک: پاکستانی فلم اسٹار میرا نے 8 فروری کو ہونے والے الیکشن کے لیے خواتین سے ووٹ کاسٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اداکارہ میرا کا ویڈیو پیغام وائرل ہورہا ہے جس میں اُنہوں نے کہا کہ “میں اپنی فیملی کے ہمراہ نیویارک میں موجود ہوں اور یہاں بھی الیکشن کا سماں ہے، میری فیملی میں بھی سب 8 فروری کو پاکستان میں ہونے الیکشن کے حوالے سے گفتگو کررہے ہیں”۔

میرا نے کہا کہ “میں اپنے والد صاحب کے ساتھ یہی گفتگو کررہی تھی کہ پاکستانی خواتین کو لازمی ووٹ ڈالنا چاہیے کیونکہ معاشرے کی تبدیلی میں خواتین کا کردار بہت اہم ہوتا ہے”۔

اداکارہ نے پاکستانی خواتین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ “آپ اپنی فیملیز کے ہمراہ 8 فروری کو لازمی ووٹ ڈالیں، اپنے پسندیدہ لیڈر کو ووٹ دیں اور اپنے حق کا استعمال کریں”۔

اُنہوں نے کہا کہ “ووٹ ڈالنا آپ کا حق ہے، آپ ہی اپنے ووٹ کے ذریعے پاکستان اور اپنا مستقبل تبدیل کرسکتی ہیں لہٰذا میری اپیل ہے کہ آپ لازمی ووٹ ڈالیں”۔

میرا نے نیویارک کے موسم سے متعلق کہا کہ “یہاں موسم بہت زبردست ہے، میرے گھر میں خواتین کھانا پکا رہی ہیں جبکہ میرے والد صاحب جامن کھا رہے ہیں کیونکہ وہ شوگر کے مریض ہیں”۔

فلم اسٹار نے پاکستان کی خواتین سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ “آپ بھی اپنی صحت کا خیال رکھیں، اپنے مستقبل اور پاکستان کا بھی خیال رکھیں”۔

غزہ پر اسرائیلی بمباری؛ ترکیہ میں احتجاجاً امریکی ملازمین کو یرغمال بنالیا گیا

استنبول: ترکیہ میں ایک شخص نے غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری پر احتجاجاً معروف ملٹی نیشنل امریکی کمپنی پراکٹر اینڈ گیمبل میں داخل ہوکر ملازمین کو یرغمال بنالیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق استنبول کے صنعتی ایریا میں واقع پراکٹر اینڈ گیمبل کمپنی میں بارودی جیکٹ اور بندوق تھامے حملہ آور داخل ہوگیا جس نے غزہ کی حمایت اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور نے ایک دیوار پر فلسطینی اور ترکیہ ک پرچم بنایا ہوا ہے اور سرخ رنگ سے ’’غزہ کے لیے” تحریر ہے۔

’’اے ایف پی‘‘ سے بات کرتے ہوئے کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ تاحال معلوم نہیں ہوسکا کہ کتنے ملازمین کو یرغمال بنایا گیا ہے تاہم مزدو یونین کے رہنما نے دعویٰ کیا کہ حملہ آور نے 7 افراد کو یرغمال بنا رکھا ہے جب کہ باقی کو رہا کر دیا۔

امریکی کمپنی میں ملازمین کو یرغمال بنانے کی خبر ملنے پر جائے وقوعہ پر خصوصی آپریشن ٹیمیں اور ایمبولینسیں پہنچ گئیں۔ پولیس اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے فیکٹری کا محاصرہ کرلیا۔

آپریشن کے نتیجے میں یرغمالیوں کو آزاد اور حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا جو کہ فیکٹری کا ہی ایک سابق ملازم تھا اور اس کارروائی سے اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری کی جانب دنیا کی توجہ دلانا چاہتا تھا۔

ٹیم ڈائریکٹر کا عہدہ کیسے لیا گیا! مکی آرتھر نے لب کشائی کردی

قومی ٹیم کے سابق ڈائریکٹر مکی آرتھر نے اپنے عہدے سے اچانک ہٹائے جانے پر لب کشائی کردی۔

کرک انفو کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق ڈائریکٹر مکی آرتھر نے پاکستان کرکٹ کی موجودہ حالات کے بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ورلڈکپ کے بعد لاہور واپس آئے تو دورہ آسٹریلیا کیلئے منصوبہ بندی شروع کردی تھی اور ٹیم کمبینیشن کے بارے میں بھی سوچ لیا تھا لیکن جب پاکستان پہنچے تو یہاں مکمل خاموشی تھی۔

مکی آرتھر نے کہا کہ چیئرمین ذکا اشرف ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہتے تھے، میں نے، گرانٹ بریڈ برن اور مینجر ریحان الحق نے انہیں پریزینٹیشن دی، اس اجلاس میں وقفہ آیا اور میں نے ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ سے لاجسٹک پر بات کی لیکن میں حیران تھا کہ اس ریویو میں اتنی بریک کیوں آگئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران مجھے کان میں آہستہ سے بتایا گیا کہ ذکا اشرف مجھے اکیلے میوزیم میں ملنا چاہتے ہیں، جہاں انہوں نے بہت سوالات پوچھے اور پھر کہا کہ ہم سپورٹ اسٹاف اور کپتان کو ہٹانے جارہے ہیں۔

سابق ڈائریکٹر نے کہا کہ ریویو اجلاس محض ایک بہانہ تھا، میرے لیے ذکا اشرف کی زیادہ عزت ہوتی اگر وہ مجھے سیدھا بول دیتے، مجھے یہ اس وقت سب ڈرامہ لگا جب محمد حفیظ پہلے ہی پی سی بی آفس میں بیٹھے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کنٹریکٹ کے مطابق تین ماہ کی سیٹلمنٹ حاصل کی اگر فوری استعفیٰ دیتے تو ہمیں کچھ نہ ملتا۔

ارباز خان کی دوسری شادی پر سابقہ گرل فرینڈ کا ردعمل

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف فلمساز اور اداکار ارباز خان کی دوسری شادی پر اُن کی سابقہ اطالوی گرل فرینڈ جارجیا اینڈریانی کا ردعمل سامنے آگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ماڈل جارجیا اینڈریانی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ارباز خان اور شوریٰ کی زندگی کے نئے سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ساتھ ہی کسی دوسرے اداکار کے ساتھ اپنی ڈیٹنگ کی افواہوں پر بھی ردعمل دیا۔

جارجیا اینڈریانی نے کہا کہ “ارباز خان ایک اچھے انسان ہیں، ہم دونوں کا بریک اَپ ضرور ہوگیا ہے لیکن میری زندگی میں وہ خالی پن ہمیشہ موجود رہے گا جو ارباز کے جانے سے ہوا”۔
اُنہوں نے کہا کہ “جب ہم کسی کے ساتھ ایک گہرے تعلق میں ہوتے ہیں تو اُس سے علیحدگی اختیار کرنا آسان نہیں ہوتا لیکن رشتہ ختم ہونے پر آگے بڑھنا پڑتا ہے”۔

جارجیا اینڈریانی نے ارباز خان کی دوسری شادی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ “میں اُن کی اور شوریٰ خان کے نئے سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہوں”۔

انہوں نے مزید کہا کہ “حال ہی میں، یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ میں کسی دوسرے اداکار کو ڈیٹ کر رہی ہوں اگرچہ یہ خبر میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل رہی ہے لیکن میں یہ کہنا چاہوں گی کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے”۔

یاد رہے کہ ارباز خان اور جارجیا اینڈریانی سال 2018 سے ڈیٹ کر رہے تھے اور دسمبر 2023 میں ایک انٹرویو کے دوران جارجیا نے ارباز کے ساتھ بریک اپ کی تصدیق کی تھی۔

جارجیا کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے اور ارباز خان نے باہمی طور پر الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے لیکن اُن کے دل میں ہمیشہ ارباز کے لیے جذبات رہیں گے۔

واضح رہے کہ ارباز خان نے سال 2023 میں 24 دسمبر کو ممبئی میں چند قریبی دوستوں اور اہلخانہ کی موجودگی میں میک اپ آرٹسٹ شوریٰ خان سے دوسری شادی کی تھی، ان کے نکاح کی تقریب اُن کی بہن ارپیتا خان شرما کے گھر منعقد کی گئی تھی۔

ارباز خان کی پہلی شادی دسمبر 1998 میں ملائکہ اروڑا سے ہوئی تھی، اُن کی پہلی شادی کامیاب نہ ہوسکی اور 19 سال بعد مئی 2017 میں دونوں میں طلاق ہوگئی تھی، ان دونوں کا 21 سالہ بیٹا بھی ہے جس کا نام ارہان خان ہے۔

امریکا میں مسافر بردار طیارہ گھر پر گر کر تباہ؛ متعدد ہلاکتیں

واشنگٹن: امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک انجن والا چھوٹا طیارہ ایک گھر پر گر کر تباہ ہوگیا جس سے مسافر اور گھر میں موجود افراد میں سے متعدد ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں ایک انجن والے طیارے کے پائلٹ نے کنٹرول ٹاور سے اپنے آخری رابطے میں بتایا تھا کہ انجن فیل ہوجانے کے باعث اسے ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑے گی۔

اس کے فوری بعد پائلٹ کی جانب سے مے ڈے کا پیغام آیا اور طیارے کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ یہ طیارہ ایک ایسے علاقے میں گرا جہاں موبائل ہوم (نقل و حمل کے قابل گھر) بنے ہوئے تھے۔

طیارہ ایک گھر پر جس سے خوفناک آگ بھڑک اُٹھی اور گھر کے کسی فرد کو باہر نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ یہ آگ دیکھتے ہی دیکھتے دیگر تین گھروں تک بھی پہنچ گئی تاہم ان گھروں کے مکین باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔

آگ نے قریبی درختوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ریسکیو کے کاموں کے دوران آگ پر قابو پالیا گیا۔ طیارے میں موجود مسافر سمیت گھر میں موجود افراد کے اس حادثے میں ہلاک ہوجانے کا خدشہ ہے۔

تاحال ملبے سے لاشیں نہیں نکالی جا سکیں ہیں تاہم متعدد ہلاکتوں اور کئی کے زخمی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ٹرانسپورٹ سیفٹی کنٹرول نے طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی۔

تحریک انصاف کا انٹرا پارٹی الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: پی ٹی آئی نے اپنے انٹرا پارٹی الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے تاریخ کا اعلان کیے جانے کے اگلے ہی دن انٹرا پارٹی الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نے چیف آرگنائزر سے رابطہ کیا، جس میں انٹرا پارٹی الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی۔ پارٹی ارکان نے بھی عام انتخابات میں مصروفیت کے باعث انٹرا پارٹی الیکشن ملتوی کروانے کی درخواست کی ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے عام انتخابات کے بعد انٹرا پارٹی الیکشن کا نیا شیڈول جاری کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات کا باضابطہ شیڈول جاری کیا گیا تھا، جس کے تحت انتخابات 5 فروری پیر کو منعقد کروانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی کے فیڈرل الیکشن کمشنر رؤف حسن کی جانب سے انٹراپارٹی انتخابات کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا تھا۔

الیکشن سے قبل قومی ائرلائن کی نجکاری کا عمل مکمل کرنے کی تیاری

نگراں حکومت نے عام انتخابات سے قبل قومی ایئر لائن کی نجکاری کے معاملے کو حتمی شکل دینے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ نگراں حکومت ڈیل مکمل کرکے جائے گی۔ نئی حکومت کے پاس اس ڈیل کو صرف منظور کرنے کا آپشن رہ جائے گا۔ یہ بات متعلقہ نگراں وفاقی وزیر اور اعلیٰ حکام نے بتائی ہے۔

ماضی میں حکومتیں ایسے اقدامات سے گریز کرتی رہی جو ان کی مقبولیت پر اثر ہوسکتے ہوں۔ پی آئی اے کی نجکاری بھی ایسا ہی معاملہ رہا ہے۔ گزشتہ جون میں حکومت نے شدید مالیاتی بحران کے پیش نظر آئی ایم ایف کے نئے قرضے کی ایک شرط کے طور پر قومی ایئر لائن کی نجکاری پر آمادگی ظاہر کی۔ آئی ایم ایف سے سمجھوتے پر دستخط کے بعد حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ کیا۔

اگست 2023 میں ملک کا نظم و نسق سنبھالنے والی نگراں حکومت کو پارلیمنٹ کی طرف سے یہ اختیار دیا گیا تھا کہ آئی ایم ایف سے طے شدہ بجٹ اہداف حاصل کرنے کے لیے ضروری سمجھے جانے والے تمام اقدامات کرے۔

نگراں وزیرِ نجکاری فواد حسن فواد نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ہمارا کام 98 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ کابینہ کی منظوری کے بعد معاملات کو دستاویزی شکل دینے کا 2 فیصد کام بھی کرلیا جائے گا۔

فواد حسن فواد کا کہنا ہے کہ اس ڈیل کے مشیر ارنسٹ اینڈ ینگ کے تیار کردہ نجکاری منصوبے کو نگراں حکومت کی میعاد ختم ہونے سے قبل منظوری کے لیے، الیکشن کے بعد، وفاقی کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا۔ کابینہ طے کرے گی کہ قومی ایئر لائن کو ٹینڈر کے ذریعے فروخت کیا جائے یا بین الحکومتی سطح پر سودا کیا جائے۔

گزشتہ برس 30 جون تک پی آئی اے کے واجبات 785 ارب روپے تھے جبکہ خسارہ 713 ارب روپے تھا۔ سی ای او نے کہا تھا کہ 2023 کا خسارہ 112 ارب روپے ہوسکتا تھا۔ خریدار کو 51 فیصد کے ساتھ انتظامی کنٹرول بھی دیا جائے گا۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان نے بتایا کہ ادارہ نجکاری کے عمل میں بھرپور تعاون کر رہا ہے۔

پارلیمنٹ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیے گئے ایک مسودہ قانون کے مطابق 2016 کے ایک قانون میں ترمیم کے ذریعے حکومت نے قومی ایئر لائن میں اکثریتی حصص کی فروخت کی راہ میں رکاوٹ دور کی ہے۔

جنوری کے وسط میں آئی ایم ایف نے سرکاری اداروں کی نجکاری کا عمل تیز کیے جانے کو سراہا تھا۔ آئی ایم ایف نے پی آئی اے کی نجکاری کے قانون کا بھی حوالہ دیا تھا۔

پی آئی کے واجبات اور قرضوں وغیرہ کے بھگتان کے لیے ملک کے سات بینکوں کا کنسورشیم بنایا گیا تھا۔ نجکاری منصوبے کے مطابق واجبات اب ایک ہولڈنگ کمپنی میں پارک کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پہلے بینکوں نے پانچ سال کے لیے 16.5 فیصد کی شرحِ منافع والے بونڈز جاری کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ وزارتِ خزانہ 10 فیصد منافع کی پیشکش کر رہی تھی۔ بینکوں نے اس ڈیل پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

قرضوں اور خساروں کے علاوہ کئی ملکوں کے اور عالمی ہوا بازی اداروں نے پی آئی اے کے سفیٹی اسٹینڈرڈ پر بھی تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ 2020 کے اوائل میں چیک جمہوریہ اور ہنگری کے جیٹ طیاروں نے پی آئی اے کی ایک پرواز کا تعاقب کیا تھا کیونکہ وہ کسی انسانی غلطی کے نتیجے میں اپنے راستے سے ہٹ گئی تھی۔ اس پرواز میں 300 افراد سوار تھے۔

مئی 2020 میں پی آئی اے کا ایک مسافر بردار طیارہ کراچی ایئر پورٹ پر لینڈنگ سے چند لمحات پہلے آبادی پر گر گیا تھا جس کے نتیجے میں 100 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ اسی سال کے اواخر میں پائلٹس کے جعلی لائسنس کا اسکینڈل بھی سامنے آیا تھا۔ اس اسکینڈل کے نتیجے میں فضائی سفر کی سلامتی سے متعلق یورپی یونین کے ادارے نے یورپ میں انتہائی پرکشش روٹس پر پی آئی اے کی پروازیں روک دی تھیں۔

یہ پابندی اب تک برقرار ہے اور اس کے نتیجے میں قومی ایئر لائن کو سالانہ 40 ارب روپے تک کا نقصان پہنچ رہا ہے۔

پی آئی اے کی نجکاری سے سب خوش نہیں۔ چند اعلٰی افسران کا کہنا ہے کہ نجکاری سے قومی ایئر لائن کی ساکھ خراب ہوگی۔ علاوہ ازیں اس ڈیل کے شفاف نہ ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

پی آئی اے کے بعد سلاٹ ترکیہ اور قطر کی ایئر لائنز سے مفاہمت کے ذریعے برقرار رکھے گئے ہیں۔ اس وقت 150 ملکوں سے پی آئی اے کا ایئر سروس ایگریمنٹ ہے جس کے تحت، یورپی یونین کی پابندی کے باوجود، سالنہ 280 روپے کی آمدنی ہوتی ہے۔

لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے لیے 10 سلاٹ ہیں جن سے سالانہ 70 ارب روپے تک کی آمدنی ہوتی ہے۔

ریکارڈ کے مطابق پی آئی اے کے طبعی اثاثے (طیارے، نیو یارک اور پیرس میں ہوٹل اور دیگر املاک) تقریبا 105 ارب 60 کروڑ روپے کے ہیں۔ پی آئی اے کے حکام کہتے ہیں کہ تمام طبعی اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو ایک ارب ڈالر سے زیادہ ہوسکتی ہے۔ ہوتل اور دیگر املاک بہرحال فروخت نہیں کی جائیں گی۔