عوام کیلئے بری خبر، نیپرا نے بجلی کی قیمت میں بڑا اضافہ کردیا

حکومت نے ایک بار پھر عوام پر بجلی گراتے ہوئے قیمت میں بڑا اضافہ کر دیا۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے 56 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کردیا۔

نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافہ دسمبر کی ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے جبکہ قیمتوں کا اطلاق صرف ایک ماہ کے لیے ہو گا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بجلی مہنگی ہونے سے صارفین پر 39 ارب 80 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا جبکہ اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہو گا۔

حکام کے مطابق بجلی صارفین کو فروری کے بلوں میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔

واضح رہے کہ پہلے بھی نومبر کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4.13 روپے فی یونٹ مہنگی کی گئی تھی۔

اس سے قبل سی پی پی اے نے بجلی کی قیمتوں میں 5 روپے 62 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، نیپرا اتھارٹی نے سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت کی تھی۔

کسی امیدوار کی مہم میں نہیں بلکہ 9 مئی ملزمان کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے گئے، محسن نقوی

راولپنڈی: نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کی کارنر میٹنگز پر پولیس چھاپوں کا تاثر درست نہیں ہے البتہ جہاں نو مئی واقعات میں ملوث افراد موجود ہوں گے وہاں کارروائی کی جائے گی۔

راولپنڈی دورے کے موقع پر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس صرف اُن مقامات پر پہنچ رہی ہے جہاں نو مئی واقعات میں ملوث افراد موجود ہوتے ہیں، اگر وہ کسی جلسے یا کارنر میٹنگ میں ہوں گے تو پولیس ایکشن لے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی امیدواروں کے کارنر میٹنگز میں پولیس چھاپوں کا تاثر درست نہیں ہے، اگر کہیں سے بھی ایسی کوئی شکایت ملے گی تو میں نے خود نوٹس لے کر وہاں کے آفیسر کو تبدیل کیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ اگر کسی بھی امیدوار کو شکایت ہو تو وہ الیکشن کمیشن پنجاب میں شکایت درج کرائے، ہر ایک شکایت کو خود دیکھوں گا، نو مئی واقعہ میں ملوث عناصر کے علاوہ کہیں ایسے چھاپے نہیں مارے جارہے بلکہ کابینہ کی میٹنگ میں ایک امیدوار کی نظر بندی کا کیس اسکو رجیکٹ کردیا کیونکہ نہیں چاہتے امیدوار ہو اور اسکو نظر بند کردیا جائے۔

اس موقع پر محسن نقوی نے راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال، بے نظیر بھٹو اسپتال کی اپ گریڈیشن مکمل ہوگئی آر آئی یو کو بھی پی کے ایل آئی ہسپتال ڈکلیئر کیا۔

غیر ملکی تو کیا اچھے مقامی کوچز بھی پی سی بی کے ساتھ کام کرنا نہیں چاہتے، مصباح الحق

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے بورڈ کی عدم تسلسل کی پالیسی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ملکی تو کیا اچھے مقامی کوچز بھی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ کام کرنا نہیں چاہتے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ہیڈ کوچ اور سابق چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا کہ عالمی کپ میں امریکا اور ویسٹ انڈیز کی کنڈیشنز پاکستان کے لیے ساز گار رہیں گی لیکن پاکستان کواچھا کامبی نیشن بنانا ہوگا۔

ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے حوالے سے تجاویز دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس اچھے فاسٹ باؤلرز ہیں اور بہتر بیٹرز بھی دستیاب ہیں تاہم اسپن کے شعبے میں توجہ کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ سے پہلے لیگز کی این او سی نہیں دینی چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کا اپنا مقام ہے، ٹی20 کرکٹ سے ٹیسٹ نہیں ون ڈے کرکٹ متاثر ہوسکتی ہے، ٹیسٹ میں کارکردگی کی بدولت ویسٹ انڈیز کا شمر جوزف سب کا ہیرو بن گیا ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ پی سی بی ٹیکنیکل کمیٹی کا اب وجود نہیں،کمیٹی اس وقت تک تھی جب ڈائریکٹر نہیں تھا، پاکستان کرکٹ میں ایڈہاک ازم نقصان دہ ہے، اعلیٰ سطح پر تبدیلی سے دیگر تبدیلیاں نہیں ہونی چاہئیں، عدم تسلسل کی وجہ سے طویل منصوبہ بندی ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں ایک سیریز کی بنیاد پر گھر بھیج دیتے ہیں، یہ طریقہ درست نہیں ہے، آج غیر ملکی کوچ تو کیا، سرفہرست مقامی کوچز بھی پی سی بی کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتے۔

سابق قومی سلیکٹر کا کہنا تھا کہ ٹی 20 ورلڈکپ میں ہمارے پاس اچھے چانسز ہیں، ہماری ٹیم اچھی ہے، اسپن کے حوالے سے تھوڑا سوچنا ہے، ایس پی ایل میں کھلاڑیوں کو پیسے ملنے میں تھوڑی تاخیر ہوٸی ہے، معاہدوں کے مطابق جلد کھلاڑیوں کو ان کی رقم مل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہر فارمیٹ میں الگ کپتان بنانے میں بھی کوئی قباحت نہیں ہے، ایک سے زاٸد کپتان ہونا کوئی بری بات نہیں۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ دو لیگز کی شرط درست نہیں، اگر بڑا ایونٹ نہیں تو کھیلنے دیں، لیگز کی پالیسی حالات کو دیکھ کر بنائی جائے، فرصت کے اوقات میں کھلاڑیوں کو لیگز میں شرکت کا موقع ملنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی توجہ مختصر فارمیٹ پر زیادہ ہے، ٹیسٹ میں ایک میچ کی پرفارمنس سے آپ اسٹار بن جاتے ہیں۔

اٹک جیل میں مجھے تین سال تک خاموش بیٹھنے کی ڈیل آفر ہوئی تھی، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین نے کہا ہے کہ آرمی چیف ملک کے 25 کروڑ عوام کے بارے میں سوچیں، مجھے تین سال تک خاموش ہوکر پیچھے ہٹنے اور بنی گالہ میں بیٹھنے کی پیش کش کی گئی۔

اڈیالہ جیل میں دوران عدت نکاح کیس کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آرمی چیف سے مطالبہ کرتا ہوں اس ملک کے پچیس کروڑ عوام کے بارے میں سوچیں، یہ ملک کے مستقبل کی بات ہے ورنہ تاریخ آپ کو معاف نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح کے یہ الیکشن کرانے جارہے ہیں ملک کی معیشت تباہ ہوجائے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے تین سال تک خاموش ہوکر بنی گالہ میں بیٹھنے کے بدلے رہا اور مقدمات سے بری کرنے کی پیش کش کی گئی تھی۔ میں نے ڈیل آفر کے جواب میں نے وہی جواب دیا، جو حقیق آزادی کے نعرے لگانے والے کو دینا چاہیے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ آفر مجھے اس وقت کی گی جب اٹک جیل میں بند تھا، اس پیغام سے اسٹیبلیشمینٹ کی شرائط سامنے آگئیں کہ باریاں باریاں کھیلوں، پہلے تم مزے لو پھر ہم مزے لیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ مستحکم جمہوریت کے بغیر کسی ملک کی معیشت اوپر نہیں جاتی، انٹرا پارٹی انتخابات ملتوی اس لیے کیے کیونکہ ہمارے لوگ ابھی روپوش ہیں۔

عمران خان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’بشری بی بی سے پوچھا تک نہیں 6 گھنٹے بٹھایا اور پھر بنی گالا لے گے، ڈیل ہوتی تو کیا وہ چل کر جیل آتیں البتہ نواز شریف کے کیسز ختم کرنا ڈیل تھی۔

انہوں نے کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات کے علاوہ کوئی ڈیل منظور نہیں، بولا گیا باری بعد میں دیں گے پہلے تم اچھے بندے بن کر دکھا جس پر میں نے جواب دیا کہ قانون سب سے بڑا ہے۔ بشری بی بی کو بنی گالا کے ایک کمرہ تک محدود کردیا ہے، کمرے کے شیشے بند کرکے اندھیرا کردیا گیا، ادھر سے تو جیل میں بہتر ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ’میں نے سائفر کیس میں 342 کے بیان پر دستحط نہیں کیا تو فیصلے میں کیسے لگایا، مطلب ہے اس کو ایڈیٹ کیا گیا، انتخابات کا نیا سسٹم ن لیگ اور الیکشن کمیشن نے ہیک کرلیا ہے، ساری جماعتیں تیار رہیں انھوں نے پولنگ ایجنٹس کو اٹھانا ہے اور نتائج کا اعلان کردینا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اپنے پولنگ ایجنٹس کو فارم بی ملنے سے پہلے پولنگ اسٹیشنز نے نہ نکلنے کی ہدایت کریں۔

بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ تیسری دنیا اسی لیے بنی کہ طاقتور قانون کے اوپر ہے، 60 سال سے اوقتدار میں بیٹھی کلاس کے سارے پیسے باہر ہیں، جس دن زرداری سے کہوں گا مجھے بچا لو وہ قیامت کا دن ہوگا، شہباز شریف اور باجوہ کا قریبی تعلق ہے، خواجہ آصف، باجوہ کے سسر کے ساتھ بیٹھا رہتا تھا اس کا بیان دیکھ لیں، باجوہ کو بتایا تھا فوج میں مداخلت نہیں کروں گا۔

شیخ رشید کی طرف سے شہریار ریاض سے 3 کروڑ روپے لے کر ٹکٹ دینے کے سوال پر کچھ نہیں کہوں گا، ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے رجسٹر اندر نہیں لانا دیا گیا کیسے ٹکٹوں پر مشاورت کروں۔

بانی پی ٹی آئی نے شیخ ریحان کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ وہ جنونی کارکن تھا، بہت افسوس ہوا، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔

عمران خان نے کہا کہ میں نے مینار پاکستان جلسہ میں بھی کہا تھا کہ 3 سال چپ رہنے کی تلقین ہوئی ہے، باجوہ نے قریشی کو بھی کہا، میں نے کہا اس میں ملک کا فائدہ ہے تو پیچھے ہٹ جاؤں گا، اگر طاقت کے زور پر پیچھے کرنا چاہتے ہو تو پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان دو بڑی پارٹیوں سے یہی پوچھ لیں کیا کبھی اپنی فیملی میں بھی الیکشن کرایا، ورکر 8 فروری کو جہاد کے لیے نکلیں، ووٹ کے ذریعے آزادی حاصل کریں گے، امریکا اور طاقت کی غلامی کرنا چاہتے ہیں تو غلام کا کوئی مستقبل نہیں، اصل جہاد پولنگ ایجنٹس کا ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ خدا کے واسطے ملک کے 25 کروڑ لوگوں کا سوچو، جسطرح کا الیکشن کرانے جارہے ہو ملکی معیشت تباہ ہوجائے گی سیاسی استحکام ہی معیشیت مضبوط کرے گا، ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کا اختیار وزیر اعظم کے پاس ہوتاہے، اگر اس پر ملک کے ساتھ ایسا ہورہاہے تو بہتر نہیں ہے، جنرل فیض کو آرمی چیف لگانا تو میرے ذہن میں ہی نہیں تھا۔

کراچی میں الیکشن کمیشن کے آفس کے باہر دھماکا

  کراچی: شہر قائد میں قائم الیکشن کمیشن کے آفس کے باہر دھماکا ہوا ہے جس میں خوش قسمتی سے کوئی زخمی یا جانی نقصان نہیں ہوا۔

تفصیلات کے مطابق صدر میں قائم الیکشن کمیشن کے آفس کے باہر مغرب کے بعد زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز صدر اور اطراف کے علاقوں میں سنی گئی۔

پولیس کے مطابق دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ الیکشن کمیشن آفس کی دیوار متاثر ہوئی ہے۔

ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ دھماکا خیز مواد شاپنگ بیگ میں الیکشن کمیشن کی عمارت کے باہر رکھا گیا تھا، رش نہ ہونے کی وجہ سے کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مقام کو سیل کر کے شواہد اکھٹے کرلیے ہیں جبکہ دھماکے کی نوعیت کیلیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ دھماکے میں 500 گرام دیسی ساختہ بارودی مواد استعمال کیا گیا، دھماکا تخریب کاری ہے جو مکمنہ طور پرخوف و ہراس پھیلانے کیلیے کیا گیا۔

ساجد سدوزئی

ن لیگ اور آئی پی پی عوام کی قسمت بدل دینگے، جہانگیر ترین

سربراہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ مسلم ن لیگ اور آئی پی پی عوام کی قسمت بدل دینگے، مل کر لوگوں کی خدمت کرنی ہے۔

ملتان میں جلسے سے خطاب میں جہانگیر ترین نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہوتی ہے ملتان آکر، یہ حلقہ میرا آبائی گھر ہے،میں سیاست میں حادثاتی طور پر آیا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ میرے بہنوئی احمد محمود نے مجھے رحیم یار خان سے الیکشن لڑنے کا کہا، مجھے ایوان میں جاکر پتا چلا کہ یہاں تو سیاست ہی مختلف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے لوگوں نے میرے اوپر مہربانی کی اور میں لودھراں سے 40 ہزار ووٹوں سے جیتا۔

انھوں نے کہا کہ مجھ سے کہا گیا کہ آبائی گھر میں جاکر الیکشن لڑیں آپ وہاں سے جیتیں گے، جب سے میں نے کاغذات جمع کروائے ہیں آپ کی محبت دیکھ کر بہت خوش ہوں۔

سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین نے کہا کہ آپ نے مجھے کامیاب کیا تو میں ملتان کو کبھی نہیں چھوڑوں گا۔

انھوں نے کہا کہ لودھراں میں بہت کام کیے ہیں پہلے جو 100 کام کیے تھے اب 500 کروں گا۔ اگر عوام مجھے الیکشن جیتوائیں گے تو اپنے حلقے میں کام شروع ہی 500 سے ہوگا۔

مسلم لیگ(ن) الزامات کی نہیں خدمت کی سیاست کرتی ہے، مریم نواز

فیصل آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہماری جماعت گالم گلوچ اور الزامات کی سیاست نہیں کرتی بلکہ خدمت اور کارکردگی پر یقین رکھتی ہے۔

فیصل آباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حکیم رانا ثنااللہ نے ایسا علاج کیا اور ایسی حکمت دکھائی کہ نہ بیمار نظر آتا ہے اور نہ بیماری نظر آرہی ہے، نہ مرض نظر آتا ہے اور نہ ہی مریض نظر آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) بدتمیزی کا مقابلہ نہیں کرتی، بدتہذیبی کا جواب نہیں دیتی، مسلم لیگ (ن) گالی گلوچ نہیں کرتی، الزامات کی سیاست نہیں کرتی، کسی کو چور چور نہیں کہتی، مسلم لیگ (ن) اگر مقابلہ کرتی ہے تو خدمت میں مقابلہ کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خدمت اور کارکردگی میں مسلم لیگ (ن) کی ٹکر کا کوئی نہیں ہے اور مسلم لیگ خدمت پر یقین رکھتی ہے۔

جلسے میں نوجوانوں کی جانب سے اٹھائے گئے پلے کارڈز پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں کسی کو غدار نہیں کہنا چاہتی لیکن پلے کارڈ پر لکھا ہوا ہے کہ نواز شریف کو حکومت سے تین بار نکالا گیا ، آدھی ادھوری حکومتوں کے باوجود نواز شریف کے بیان میں کوئی ایک لائن ایسی نہیں ملتی، جس سے قومی سلامتی کو داؤ پر لگایا ہو۔

اسرائیل اور حماس قیدیوں کے تبادلے اور جنگ بندی معاہدے پر متفق ہوگئے؛ قطر

دوحہ: قطر نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا سمیت دیگر فریقین کی ثالثی کے نتیجے میں اسرائیل اور حماس سیز فائر معاہدے کے قریب پہنچ گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں قطر، امریکا، مصر اور اسرائیل کے حکام کے درمیان غزہ پر ہونے والی ملاقات میں اہم امور طے پاگئے اور اسرائیل نے جنگ بندی پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔

اس حوالے سے قطر کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پیرس میں ہونے والی اس ملاقات میں اسرائیل کو جنگ بندی کے بدلے اسرائیلی یرغمالی اور فلسطینی قیدیوں کے تبادلے کی نئی پیشکش کی گئی جو اس نے قبول کر لی۔

قطر کے وزیر خارجہ نے بتایا کہ حماس نے بھی اس نئی پیشکش پر آمادگی کا اظہار کیا ہے جس کے بعد اگلے چند ہفتوں میں معاہدہ طے پاجانے کا قوی امکان ہے۔ جنگ بندی معاہدے سے متعلق تفصیلات جلد سامنے آجائیں گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اسرائیل نے فریقین کی جانب سے پیش کی گئی جنگ بندی اور یرغمالیوں کے تبادلے سے متعلق معاہدے کے کچھ نکات پر اعتراض کرتے ہوئے معاہدے سے انکار کردیا تھا۔

اسرائیل کے غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری وحشیانہ بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 27 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ 60 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

خاور مانیکا بشری بی بی کیساتھ جسمانی تشدد کرتے تھے ،مریم وٹو کے سنسنی خیز انکشافات

 

خاورمانیکاشراب کے عادی ،انکے الزامات ان کی اصلیت وخاندان کاپس منظرظاہرکرتے ہیں
ہراسگی کے واقعات میرے علاوہ خاندان کے بچوں اورملازمین کے سامنے ہوتے رہے

لاہور( ویب ڈیسک)سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی بہن مریم وٹو نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیاہے کہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاورمانیکا ان کی شادی کے دوران جسمانی اور ذہنی تشدد کرتے تھے وہ ایک عادی شرابی ہے اور جس قسم کے الزامات انہوں نے لگائے ہیں وہ ان کی اصلیت اور خاندانی پس منظر کوواضح کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حراسگی کے واقعات میرے سامنے بلکہ ان کے خاندان کے باقی لوگوں’بچوں حالانکہ ملازمین کے سامنے ہوتے رہے۔ انہوں نے یوٹیوب چینل کو دبئی میں انٹرویو دیتے ہوئے مزید بتایا کہ بشریٰ بی بی کی خاورمانیکاکے ساتھ شادی 16برس کی عمرمیں ہوئی اور ان کی حرکات کی وجہ سے میری بہن بشریٰ بی بی اللہ اور تصوف کی طرف مائل ہوتی چلی گئی۔ انہوں نے کہاکہ طلاق ایک ناپسندیدہ فعل ہے لیکن یہ ایک ماہ میں نہیں بلکہ اس کی وجوہات کئی سال کی ناچاقیوں پر مبنی ہوتی ہے۔

حکومت بنی تو نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کروں گا، بلاول بھٹو

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نفرت اور تقسیم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، حکومت بنی تو نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کروں گا۔ آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت میں آکر ملک بھر میں 30 لاکھ گھربنا کردیں گے۔

جیکب آباد میں جلسے سے خطاب میں بلاول نے کہا ہے کہ کوئی مذہب کوئی لسانیت کے نام پر تقسیم چاہتا ہے، عوام 8 فروری کو تیر پر ٹھپہ لگا کر پی پی کو کامیاب کروائیں۔

انھوں نے کہا کہ مجھے شکارپور سے 100فیصد ووٹ چاہئیں، مجھےاکثریت ملی تومسائل کا حل کرنا آسان ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی بلاتفریق خدمت کریں گے، ہم سب مل کر مہنگائی، غربت کا مقابلہ کریں گے، عوام کے ساتھ بیٹھ کر تمام مسائل کا حل نکالوں گا

جلسے سے خطاب میں آصفہ بھٹو نے کہا کہ پورے پاکستان کے لوگ علاج کروانے سندھ آتے ہیں۔

نوجوان پارٹی رہنما نے کہا کہ 8فروری کو تیر پرنشان لگا کربلاول کو موقع دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشی انقلاب چاہتے ہو تو بلاول کو وزیراعظم بنانا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ حکومت میں آکر ملک بھر میں 30 لاکھ گھربنا کردیں گے۔

آصفہ بھٹو نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کی نمائندہ جماعت ہے، سیلاب کے بعد بلاول بھٹوعوام کےساتھ کھڑے رہے۔

ہم بلین ٹری والے نہیں، جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں، نواز شریف

فیصل آباد: مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے 50 لاکھ گھروں اور ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا، کیا کسی کو گھر ملا؟ کیا بے روزگاری ختم ہوگئی؟ ہم بلین ٹری والے نہیں ہیں، ہم جو بات کہتے ہیں وہ کرنا جانتے ہیں۔

فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا کسی کو گھر ملا؟  جلسے میں موجود کوئی ایک شخص ہاتھ اٹھادے جسے گھر ملا ہو؟ ہم بلین ٹری والے نہیں ہیں، ہم جو بات کہتے ہیں وہ کرنا جانتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ یوتھ ممی ڈیڈی والی نہیں ہے، کہتے ہیں یہ یوتھ کسی اور کے ساتھ ہے، نہیں یہ یوتھ ن لیگ کے ساتھ ہے، میرے پاس الفاظ نہیں ہیں بس یہ کہوں گا فیصل آباد زندہ باد۔

نواز شریف نے کہا کہ کہتے تھے ایک کروڑ نوکریاں دیں گے اور کسی کو نہیں ملی، یہاں ہر بندے کے پاس روزگار ہونا چاہے،
شہباز شریف صاحب! پانچ سال بعد یہاں کوئی بے روزگار نظر نہیں آنا چاہیے، شہاز صاحب آپ نے صرف میٹرو پر ٹرخادیا، یہاں میٹرو بس ہی نہیں بلکہ اورنج لائن بس بھی ہونی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد کے دائیں اور بائیں موٹر وے ہیں اور آپ کو کتنی موٹر وے چاہئیں؟ آپ نہیں بھی کہیں گے تب بھی ہم بنائیں گے، حکومت میں آکر روٹی، گیس، پیٹرول، چینی اور آٹا سستا کریں گے۔

سائبرکرائم انکوائری : ایف آئی اے نے علیمہ خان کو کل طلب کرلیا

بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کیخلاف ایف آئی اے کا سائبرکرائم انکوائری کا نوٹس جاری کردیا گیا۔ علیمہ خان کیخلاف ریاست کی مدعیت میں انکوائری کا حکم دیا گیا۔

نوٹس کے مطابق علیمہ خان 3 فروری 2024ء کو صبح گیارہ بجے ایف آئی اے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر میں پیش ہو کر وضاحت پیش کریں۔

علیمہ خان کیخلاف انکوائری کا حکم، دھمکیاں دینے، معاشرے میں انتشار پھیلانے اورعوام میں خوف و ہراس پھیلانے کے نتیجے میں کیا گیا۔

نوٹس میں کہا گیا کہ عدم پیشی کی صورت میں یہ خیال کیا جائے گا کہ علیمہ خان کے پاس اپنے دفاع میں کہنے کیلئے کچھ نہیں ہے۔

نوجوان آٹھ فروری کو شیر پر ٹھپہ لگائیں اور اپنے لیے تعلیم کا انتظام کریں، شہباز شریف

فیصل: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان آٹھ فروری کو شیر پر ٹھپہ لگائیں اور تعلیم کا انتظام کریں۔

فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج کا ٹھاٹھے مارتا سمندر گواہی دے رہا ہے کہ عوام کی محبت  نواز شریف کے ساتھ ہے، نواز شریف نے فیصل آباد کو ہمیشہ اپنا شہر سمجھا اور ترقیاتی منصوبے لے کر آئے، وہ سڑکیں آج بھی قائم ہیں جو ہم نے یہاں بنائی تھیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ نوجوان اور بچے ملک کی طاقت اور سرمایہ ہیں، نوجوانوں کے لیے تعلیم کا انتظام کریں گے، نوجوان 8 جنوری کو شیر پر مہر لگائیں اور تعلیم کا انتظام کریں۔

انہوں ںے مزید کہا کہ ن لیگ فیصل آباد کے عوام کے لیے یہاں آئی ٹی یونیورسٹی بناکر دے گی، 8 فروری کو ہیر پھیر نہیں کرنی شیر پر ہی مہر لگانی ہے۔