احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے دوبارہ چھٹیوں کی درخواست دے دی

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایک مرتبہ پھر چھٹیوں کی درخواست دے دی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر مزید کام نہیں کرنا چاہتے اور ایک مرتبہ پھر انہوں نے چھٹیوں کی درخواست دے دی اور یہ چھٹی انہیں مارچ میں اپنی ریٹائرمنٹ تک کے لیے درکار ہے۔

ذرائع کے مطابق جج محمد بشیر نے صحت کو وجہ بتاتے ہوئے اپنی ریٹائرمنٹ تک رخصت کی درخواست جمع کرائی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کام کی نوعیت اور دباؤ کی وجہ سے جج محمد بشیر کو ہائپرٹینشن کا سامنا ہے، گزشتہ دس سے پندرہ روز کے اندر انہوں نے دوسری مرتبہ رخصت کی درخواست جمع کرائی ہے۔

گزشتہ ہفتے انہوں نے چھٹیوں کی درخواست جمع کرائی تھی لیکن وہ اپنی پہلے والی درخواست سے دستبردار ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ جج محمد بشیر نے حال ہی میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں 14 سال قید کی سزا سنائی۔

جج محمد بشیر عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت کر رہے ہیں۔

جنوری 2024 میں سیمنٹ کی فروخت میں 14.79 فیصد کمی

کراچی: جنوری 2024 میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 14.79 فیصد کمی رہی۔

جنوری 2024کے مہینے میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 14.79 فیصد کمی سے 3.414 ملین ٹن رہی جبکہ گزشتہ سال جنوری میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 4.006ملین ٹن رہی تھی۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق جنوری 2024میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 2.967 ملین ٹن رہی جو جنوری 2023 کی فروخت 3.588ملین ٹن سے 17.30 فیصد تک کم رہی۔

جنوری 2024میں سیمنٹ کی ایکسپورٹ 4لاکھ 46 ہزار 595 ٹن رہی جو گزشتہ سال جنوری کی ایکسپورٹ 4 لاکھ 18 ہزار 67ٹن کے مقابلے میں 6.82فیصد زائد رہی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر نے بالآخر 8 سال بعد عہدے سے استعفیٰ دیدیا

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر نے اپنے عہدے سے استعفی دیدیا۔

پی ایچ ایف کے سابق صدر خالد سجاد کھوکھر 8 سال 4 ماہ عہدے پر فائض رہے، انکی جگہ ہاکی کے پیٹرن اِن چیف نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے طارق حسین بگٹی کی نامزدگی کا اعلان کیا تھا جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن آج جاری ہونے کا امکان ہے۔

نگران وزیر اعظم کی ہدایت پر 21 دسمبر کو طارق حسین بگٹی کا بطور ایڈہاک صدر پی ایچ ایف نوٹیفکیشن جاری ہوا تھا، جس پر خالد سجاد کھوکھر عدالت چلے گئے تھے، انکا موقف تھا کہ آئین کے تحت صدر کا عہدہ خالی ہونے پر ہی پیٹرن کو نئے صدر کی نامزدگی کا اختیار ہے۔
مزید پڑھیں: قومی کھیل ہاکی کے کھلاڑی اور ملازمین مالی بدحالی کا شکار

ابھی یہ کیس زیر سماعت ہے تاہم اب خالد سجادکھوکھر کے استعفی کے بعد آئینی طورپر اس عہدے پر نئی نامزدگی ہوسکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزرات بین الصوبائی رابطہ اور سپورٹس بورڈ کی طرف سے خالد سجاد کھوکھر کے استعفی کے ساتھ نئی سمری منظوری ہوچکی ہے۔

طارق حسین بگٹی کی نامزدگی کا نوٹیفکیشن جاری ہونےپر وہ 10 روز میں کانگریس سے اعتماد کا ووٹ لے کر آئینی طور پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بن جائیں گے۔

پاکستان واپسی پر غائب کیے جانے کا خدشہ ہے، گارنٹی چاہیئے، مونس الہیٰ

پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کے صاحبزادے مونس الہیٰ کا کہنا ہے کہ کل ہی وطن واپس آنے کو تیار ہوں، لیکن گارنٹی چاہیئے کہ غائب نہیں کیا جائے گا۔عمران خان کی کبھی خواہش نہیں تھی کہ اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات خراب ہوں۔

ہسپانوی شہر بارسلونا میں جرمن نشریاتی ادارے کو خصوصی انٹرویو میں انہوں نے سائفر اور توشہ خانہ کیسز کے فیصلوں، آئندہ انتخابات اور دیگر اہم معاملات کے بارے میں بات چیت کی ۔

حالیہ فیصلوں کے تناظرمیں عدلیہ پر اعتماد سے متعلق سوال کے جواب میں مونس الہیٰ کا کہنا تھا کہ جوڈیشری پر اعتماد ضرور ہے لیکن وہ کیا کریں، والد صاحب (پرویز الہیٰ) کے لیس میں انہیں ضمانت دی جاتی ہے اور انہیں پھر گرفتارکرلیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ، ’عمران خان کی کبھی خواہش نہیں تھی کہ اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات خراب ہوں، انہوں نے مجھ سے کہا تھا کہ، ’میری اپنی فوج ہے میں کیوں چاہوں گا کہ ان سے لڑائی ہو۔‘

مونس الہیٰ کے مطابق ، ’فوج سے تعلقات خراب ہوئے تو مصالحت کی کوشش کی تھی، ابھی بھی کوشش کرنے کوتیارہیں ، دونوں جانب اچھے لوگ موجود ہیں جن کی خواہش ہے کہ معاملات سیٹل ہوں اور ملک آگے بڑھے۔ اس وقت پورا نظام اس چیزمیں لگا ہے کہ کسی طرح ن لیگ کی حکومت بنائیں۔‘

انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو سارے لوگ باہر نکل کرووٹ کاسٹ کریں،، ووٹ کاسٹ ہوگیا تو کوئی پی ٹی آئی کو نہیں روک سکے گا۔

مقدمات کا سامنا کرنے کے بجائے ملک سے باہر ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں مونس الہیٰ نے کہا کہ، ’میں تو کل جانے کو تیار ہوں، صبح، صرف مجھے اتنی گارنٹی مل جائے کہ مجھے غائب نہیں کیا جائے گا۔ مجھے اگر وزیبل (ظاہر) رکھیں۔۔ ایف آئی اے، نیب، پولیس، اینٹی کرپشن ان کا تو کا کوئی مسئلہ نہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ مسئلہ گرفتاری کا نہیں ہے، 2011 میں ملک سے باہر تھا تو اس وقت تب مجھ پرکیس بنا،واپس آکر گرفتاری دی اورعدالت سے بری ہوا، مسئلہ یہ ہے کہ یہاں لوگوں کو غائب کردیا جاتا ہے۔

کس سے گارنٹی چاہیئے؟ اس سوال کے جواب میں مونس کا کہنا تھا کہ ’گارنٹی۔۔ جو گارنٹی دینے والے ہوتے ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ حلقے کی سیاست کرنے والے سیاستدان ان تمام معاملات سے واقف ہوتے ہیں۔

مونس الہیٰ کا مزید کہنا تھا کہ خواہش ہے والد صاحب اور چوہدری شجاعت کے درمیان معاملات ٹھیک ہوجائیں، والد صاحب نے اسٹینڈ کیا ہے جو نظریاتی ہے اور وہ اس ہپر قائم ہیں، وہ کہتے ہیں یہ جو مرضہ ہے کرلیں، میں نے عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑنا۔

سائفر اور توشہ کیس کے فیصلوں سے متعلق بات کرتے ہوئے مونس الہیٰ نے کہا کہ سائفر کیسے جیسے چلا ، دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوتا کہ اپنی صفائی پیش کرنے کا موقع ہی نہ دیا جائے، توشلہ خانہ میں بھی جس اسپیڈ سے فیصلے سنائے گئے ، یہی ظاہرہوتا ہے کہ ان سب کو اتنا ڈر لگا ہوا ہے کہ اگر یہ فیصلے نہ آئے تو 8 فروری کو پتہ نہیں کیاہوگا،

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے چیزیں لینےکے تمام تقاضے پورے کیے تھے، جیولری خان صاحب کی ملکیت بن گئی تو ان کی مرضی ہے کہ وہ رکھیں یا سمندر میں پھینک دیں، اس میں کسی کو حق نہیں پہنچتا۔ دوسری جانب نواز شریف اور مریم نے توشہ خانہ سے بیشمار تحائف اٹھائے لیکن ان سے کسی نے نہیں پوچھا، یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ ایک قانون عمران خان اور بشریٰ بی بی پر لاگو ہوسکتا ہے لیکن اور کسی پر لاگو نہیں ہوگا۔

مریم نفیس نے اپنے حیران کُن ’حق مہر‘ سے متعلق بتا دیا

مریم نفیس ایک نوجوان اداکارہ ہیں جنہوں نے کم وقت میں انڈسٹری میں جگہ بنائی، وہ ہدایت کار و پروڈیوسر امان احمد کے ساتھ 2022 میں شادی کے بندھن میں بندھی تھیں۔ اداکارہ نے حال ہی میں اپنے حو مہر سے متعلق ایک حیران کن انکشاف کیا ۔

ایک انٹرٹیبنمنٹ سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں مریم نفیس نے اپنے کیرئیر ،سرگرمیوں اور شادی سے متعلق بہت سی باتیں شیئر کی،جنہیں لوگ جاننا چاہتے تھے۔

مریم نفیس کا تعلق اسلام آباد سے ہےاورکام کے سلسلے میں انہیں کراچی آنا پڑا تھا۔ہر ایک کی طرح انہیں بھی اپنا شہر اور وہاں کےلوگ بہت یاد آتے ہیں،یہی وجہ ہے کہ اسلام آباد سے کراچی آنے کا ذکر کر تے ہوئے اداکارہ کی آنکھیں نم ہو گئیں ۔

وہ کہتی ہیں کہ اگرچہ کام کی وجہ سے انہیں کراچی تو آنا پڑا تھا پروہ خودکو ایڈجسٹ نہیں کر پائی تھیں اورشادی کے بعد بھی انہیں کراچی شفٹ ہونا پڑا مگر وہ ابھی تک اسلام آباد کو بہت یاد کرتی ہیں جہاں ان کی فیملی اور پیارے کتے رہتے ہیں۔

اپنے نکاح نامے سے متعلق بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہ نکاح نامے کو پڑھ کر انہیں اپنے طلاق کا حق معلوم ہوا۔ انہوں نے اپنا حق مہر شرعی رکھا تھا جو کہ صرف 2200 روپےتھا۔

مریم نفیس کا کہنا تھاکہ اکثر لوگ مجھ سےمیرا حق مہر زیادہ نہ رکھنے کےمتعلق پوچھتے ہیں مگر میں سمجھتی ہوں کہ مجھے اس کی ضرورت نہیں۔

مریم نفیس اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک پروڈیوسر اورآرٹسٹ بھی ہیں، وہ سوشل میڈیا پر اکثر سیا سی وسماجی معاملات پربھی اپنی رائے دیتی رہتی ہیں ا ور اس حوالے سے ایک واضح موقف رکھتی ہیں۔

آج کل وہ ایک نجی ڈرامہ سیریل ’جام جہاں‘ میں زینت کا کردار ادا کررہی ہیں ،جسے دیکھنے والوں کی جانب سے کافی پذیرائی مل رہی ہے۔

فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی سے اربوں ڈالر کی آمدن، انٹرنیٹ کی رفتار میں 20 گنا اضافہ متوقع

پاکستان میں 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی سے اربوں ڈالر کی آمدن اور انٹرنیٹ کی رفتار میں 20 گنا اضافہ متوقع ہے، ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 5 جی ٹرائل کے دوران ڈاؤن لوڈ کی رفتار 1.685 گیگا بائٹس فی سیکنڈ ریکارڈ کی گئی، 5 جی سپیکٹرم نیلامی سے انٹرنیٹ کی رفتار میں 20 گنا اضافہ متوقع ہے اور یہ دور دراز کے علاقوں میں بہتر رابطے کی سہولت فراہم کر سکتا ہے۔

فائیو جی سپیکٹرم نیلامی پاکستان کے لیے بہت اہم ہے، 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی سے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور ملک کی تکنیکی ترقی میں حصہ ڈالنے کی صلاحیت بھی بڑھے گی۔

ملک میں 5 جی نیٹ ورکس کا تعارف معیشت کو خاص طور پر صحت کی دیکھ بھال، تعلیم اور زراعت جیسے شعبوں میں نمایاں فروغ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، نیٹ ورکس کی بڑھتی ہوئی کنیکٹیویٹی کسانوں کو اپنی فصلوں اور مویشیوں کو دور سے نگرانی اور کنٹرول کرنے کی سہولت فراہم کریگا، جس سے کارکردگی اور پیداواریت میں اضافہ ہوگا۔

یاد رہے کہ اکانومسٹ انٹیلی جنٹ یونٹ کی جانب سے شامل انٹرنیٹ انڈیکس 2021 میں پاکستان کو 120 ممالک میں سے 90 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔

ایکریکسن کی رپورٹ کے مطابق موبائل براڈ بینڈ فی ملک صارفین کی مجموعی تعدادکو 1 سے 10 بلین ڈالر تک بڑھا سکتا ہے۔

حکومت نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تعاون سے گزشتہ سال فائیو جی سپیکٹرم کو نیلام کرنے کا عمل شروع کردیا، جس کی ابتدائی بولی ایک بلین ڈالر مقرر کی گئی تھی، حکومت کو اس نیلامی سے اربوں ڈالر کی آمدن متوقع ہے جو ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرے گی۔

شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی جانب سے آگاہی انسداد منشیات مہم

** شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی جانب سے منشیات سے متعلق آگاہی مہم چلائی گئی، مہم کا مقصد نوجوانوں کو منشیات کے متعلق شعور دلانا اور اس کے تاحیات نقصانات سے آگاہ کرنا تھا۔**

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے زیر اہتمام شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل اور بویا میں منشیات سے متعلق آگاہی مہم چلائی گئی، مہم کا مقصد نوجوانوں کو منشیات کے متعلق شعور دلانا اور اس کے تاحیات نقصانات سے آگاہ کرنا تھا۔

آگاہی مہم میں پاک فوج، سول انتظامیہ اور مقامی افراد کے علاوہ ملک و مشران اور طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

مہم کے دوران سکول کے طالب علموں کو بھی نشے سے بچاؤ کی تدابیر سے آگاہ کیا گیا جبکہ طلباء نے نشہ ایک لعنت کے عنوان پر پرجوش اورعلمی دلائل سے بھرپورتقاریر کیں۔

شمالی وزیرستان کے ڈاکٹروں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت مقامی افراد میں نشے کے نقصانات پر اظہار خیال کیا جبکہ نشے کے منفی اثرات کو اجاگر کرنے کے لیے ریلیاں نکالی گئی۔

اس موقع پر ملک و مشران اور مقامی افراد نے پاک فوج کے منشیات کے خلاف مثبت اقدام کی بھرپور پذیرائی کی، ایسی شعور اجاگر کرنے والی تحریکوں کے شمالی وزیرستان میں مثبت اور دیر پا اثرات مرتب ہوں گے۔

اگر شہر گولیاں چل رہی ہیں تو شہر میں اسلحہ موجود ہے، خواجہ اظہار الحسن

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ اگر شہر گولیاں چل رہی ہیں تو شہر میں اسلحہ موجود ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اورامیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 247 خواجہ اظہارالحسن نے کہا ہے کہ شہر میں انتخابی مہم شروع ہوتے ہی ہمارے سات کارکان شہید کر دیئے گئے تاہم اگر شہر گولیاں چل رہی ہیں تو شہر میں اسلحہ موجود ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اورامیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 247 خواجہ اظہارالحسن نے دیگر امیدواران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمومی طور تو پورے صوبے سکھر، حیدرآباد اور میرپور خاص سے یہ شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ شرپسند دہشت گرد پیپلزپارٹی کا پرچم لیکرہمارے پرچم اتارکراپنے پرچم لگا رہے ہیں ہمارے امیدواروں کی جانب سے شکایات الیکشن کمیشن کوبھیجی جا رہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ آج بھی نیوکراچی سیکٹر الیون جی میں ہماری کارنر میٹنگ پہلے سے شیڈیول تھی اورہماری میٹنگ سے قبل پیپلز پارٹی کے کارکان نے آکر ہمارے پرچم اتارنا شروع کر دیے جس پرہمارے ایک ہمدرد نے انہیں روکنے کی کوشش کی تواسے دھمکی دی گئیں اس سے تلخ کلامی کی گئی جس پرہمارے صوبائی امیدوارعبدالباسط ہمارے ہمدرد شاہد کولیکرنیو کراچی تھانے پہنچ گئے تاکہ شکایات درج کرائیں جائے۔

خواجہ اظہار نے کہا کہ ہمارے امیدوارعبدالباسط بھانپ گئے تھے کہ ہماری میٹنگ سے قبل وہاں کوئی شرپسندی ہونے والی ہے اس لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سہارا لیا جائے جس طرح ایک پرامن شہری لیتا ہے ابھی تھانے میں شکایت درج کرائی ہی جا رہی تھی کہ تھانے اطلاع موصول ہوئی کہ نیو کراچی میں فائرنگ ہوگئی ہے فائرنگ سے 11 سالہ بچہ عبدالرحمن شدید زخمی ہوا جو اس وقت کومے میں ہے اورایک اورنوجوان زخمی ہوا، پولیس نے ہمارے امیدوار کی شکایت کوایک طرف رکھا اور سب اس معاملے کے لیے تھانے سے نکل پڑے۔

انھوں نے کہا کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والا بچہ کسی سیاسی جماعت کا کارکن نہیں سب سے پہلے اپنے والدین کا لخت جگر ہے اوراس کے بعد اس شہر کا بیٹا ہے کسی جماعت کا کارکن ہونا واجب القتل نہیں ہوتا۔

خواجہ اظہار نے کہا کہ شہر میں انتخابی مہم شروع ہوتے ہی ہمارے سات کارکان شہید کر دیئے گئے ہمارے کارکان پہلے شہر بیٹے اور بعد میں ہمارے کارکن تھے،زخمی بچے کے والدین نے بیان دیا ہےکہ ان کا بیٹا کسی جماعت کا کارکن نہیں ہے زخمی بچہ ہمارا کارکن نہیں ہمدرد تھا۔

انھوں نے کہا کہ پورے واقعے کی عینی شاہد جو کہ شکایت درج کرانے تھانے گئے اسے ہی تھانے میں بند کردیا گیا، یہ کون سی پولیس اور کونسا کلچر ہے یہ اندرون سندھ کی راج دھانی نہیں جو تماری شکایت کرنے جائے اس کا پانی بند کردو، اس کی فصلیں اجاڑدو جس طرح پورے سندھ میں کرتے ہو، یہ کراچی شہر ہے۔

رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ پولیس کے رویے پر بہت افسوس ہے جوشکایت کرنے لگا اسے ہی بند کردیا گیا ابھی فائرنگ نہیں ہوئی تھی اس کا کیا مطلب ہے کہ آئندہ پولیس کو کوئی شکایات نہ کی جائے آئندہ پولیس افسران سے توقع نہ کی جائے ؟ ہم یہ سوچ لیں کہ کراچی پولیس کسی ایک جماعت کی ملازم ہوچکی ہے یقیناً اعلیٰ عہدوں پر بیٹھے پولیس افسران اس بات کی حساسیت کو سمجھ رہے ہوں گے اپنی وردی کا پاس رکھتے ہوئے قاتلوں کو عبرت کا نشان بنائیں۔

انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے کہ اگر اسے پولیس متنازع نظر آتی ہے تو پولیس میں ٹرانسفر کرے ،ہٹا دیں ایسے افسران کو جو کسی سیاسی جماعت کی غلامی کر رہے ہیں ، انھوں نے کہا رینجرز یا فوج کو بلانا ہے تو انہیں بلائے، انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکان عدم تشدد پرگامزن ہیں اور شہید بھی وہ ہی ہو رہے ہیں اور پولیس کہتی ہے اسلحہ بھی نہیں ہے، اگر گولیاں چل رہی ہیں تو شہر میں اسلحہ موجود ہے شہرمیں مسلح جھتے اسلحہ لیکرایم کیو ایم کے کارکان کا قتل کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا میں پاکستان رینجرز ، ریاستی ادارے اورآئی جی سندھ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ شہرمیں اسلحہ موجود ہے آپ کو سبوت بھی مل گیا ہے ایم کیو ایم کے سات کارکان شہید ہے یعینی گولی صرف ایک طرف سے چل رہی ہے ہمارے طرف تو ڈنڈا بھی نہیں چل رہا، ایم کیو ایم عدم تشدد اورعدم تصادم کی پالیسی جاری رکھیں گے لیکن ہمارے امن پسند پالیسی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے یہ پیغام دیا گیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف کوئی بھی شکایت درج کرائے گا اسے اندر کردیا جائے گا۔

ایم کیو ایم رہنماؤں کی پریس کانفرنس پیپلز پارٹی کا ردعمل

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے ایم کیوایم رہنماؤں کی پریس کانفرنس درعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ سینڑل میں نیوکراچی کے مقام پرایک افسوسناک واقعہ ہوا ہے جس کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے ایم کیوایم رہنماؤں کی پریس کانفرنس درعمل دیتے ہوئے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ڈسٹرکٹ سینڑل میں نیوکراچی کے مقام پرایک افسوسناک واقعہ ہوا ہے پیپلز پارٹی کے قومی اسمبلی این اے 247 کے امیدوار اپنی کارنر میٹینگ کر رہے تھے تواچانک منتظمین کی جانب انہیں بتایا کہ آپ فوراً یہاں سے چلے جائیں کیوں کہ انھوں نے کچھ ایسی موومنٹ دیکھی تھی کہ کچھ خطرہ ہے امیدوارکو میٹنگ سے نکال کرگاڑی میں بیٹھایا گیا اورامیدوار کچھے فاصلے تک پہ پہنچے تھے کہ انہیں اطلاع موصول ہوئی کہ کارنرمیٹنگ کے مقام پر فائرنگ ہوئی ہے جس کے نتیجے میں 11 سالہ بچہ عبدالرحمن جو کہ میٹنگ میں اپنی فیملی کے ساتھ موجود تھا ایک اور شخص جن کا نام بھی عبدالرحمن وہ بھی زخمی ہوا۔

سعید غنی کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ ان واقعات کا تسلسل ہے جو گزشتہ کئی روز سے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ہو رہے ہیں پاکستان پیپلز پارٹی پردفتر پر حملہ ہوکارکان کو حراساں کرنا ہو، پیپلز پارٹی کے جھنڈے اور بینرز اتارنے کی بات ہویہ تسلسل کے ساتھ واقعات ہو رہے ہیں انھوں نے کہا کہ چند روز قبل ناظم آباد میں ایک واقعہ ہوا جس میں ایم کیو ایم کا ایک کارکن ہلاک ہوا اور تین پیپلز پارٹی کے کارکن زخمی ہوئے اس واقعے کا بھی ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ عدالتی تحقیقات کرائی جائے ہائیکورٹ کے جج سے تحقیقات کرائی جائے لیکن اس پر کچھ نہ ہوا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے تین کارکان زخمی ہوئے ہمارے امیدوار کی دو گاڑیاں جلیں اس کی ایف آئی آر آج تک پولیس نے نہیں کاٹی اور اب ایک اورواقعہ ہو گیا ہے انھوں نے کہا کہ میں یہ سمجھا ہوں کہ پولیس ان واقعات پر بروقت ایکشن لے لیتی تو شاید ہم ان واقعات سے بچ سکتے تھے ملوث افراد کے خلاف پولیس کارروائی کر لیتی شاید ان واقعات سے بچا جاسکتا تھا۔

سعید غنی نے کہا کہ شہر میں جو صورتحال پیدا ہو رہی ہے وہ شہر کے امن امان کے لیے بہتر نہیں ہے پرامن انتخابات بنانے کے راستے میں یہ سب سے بڑی رکاوٹ بن رہے ہیں انھوں نے کہا کہ ہمیں شہر سے اور بھی ایسی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ ہماری کارنر میٹنگز اور انتخابی سرگرمیوں کے راستے میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں ہماری کارکان پرتشدد کیا جا رہا ہے اورانہیں الیکشن مہم چلانے سے روکا جا رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان، نگراں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے یہ مطالبہ کرنا چاہتا ہوں کہ ان واقعات کو روکیں اور ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں اگر یہ سلسلہ اسی طرح چلتا رہا تو مجھے ڈر ہے کہ یہ آگ پورے شہر میں نہ پھیل جائے کسی بھی طور سیاسی عمل کے لیے بہتر ہوگا نہ ہی انتخابات کو پر امن بنانے کی کوششوں کے لیے بہتر ہو گا۔

پی پی رہنما نے کہا کہ جو صورتحال پیدا کی جا رہی ہے اس سے ان طاقتوں کو فائدہ ہوگا جنہیں انتخابات میں اپنی شکست نظر آرہی ہے جو یہ چاہتے ہیں کہ انتخابات متنازع ہوجائیں، انھوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر اپیل کروں گا کہ شہر میں امن امان برقرار رکھنے کے لیے ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے اور خاص کر ناظم آباد واقعے کی تمام ویڈیوز کو دیکھا جائے اور ہائیکورٹ کے جج سے تحقیقات کرائی جائے۔

“راحت فتح علی خان نے شراب کی بوتل کو دم والا پانی بنادیا”، رابی پیرزادہ

لاہور: اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے عالمی شہرت یافتہ گلوکار و قوال راحت فتح علی خان کی حالیہ وائرل ویڈیو پر ردعمل دیا ہے۔

27 جنوری کو سوشل میڈیا پر راحت فتح علی خان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اپنے گھریلو ملازم پر تشدد کررہے تھے، مذکورہ ویڈیو میں گلوکار اپنے ملازم سے کسی بوتل کا پوچھ رہے تھے۔

اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے بعد راحت فتح علی خان نے کہا تھا کہ میں اس بوتل کی حقیقت بتانا چاہتا ہوں جس کا سب سوشل میڈیا پر مذاق بنا رہے ہیں کہ وہ کوئی دوسری بوتل تھی، اُس بوتل میں میرے پیر کا دم کیا ہوا پانی تھا اور وہ بوتل اُس شاگرد سے کھو گئی تھی۔

وائرل ویڈیو کے بعد کئی مشہور شخصیات نے راحت فتح علی خان کے اپنے شاگرد کے ساتھ نامناسب رویے پر غصے کا اظہار کیا اور کہا کہ گلوکار سے اپنی شہرت سنبھالی نہیں جارہی، اسی لیے صرف ایک بوتل کے پیچھے شاگرد پر بدترین تشدد کررہے ہیں۔

اب سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے یوٹیوب پر اپنی ویڈیو اپلوڈ کی جس میں اُنہوں نے راحت فتح علی خان کی وائرل ویڈیو پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

رابی پیرزادہ نے کہا کہ “میں گزشتہ دنوں سے راحت فتح علی خان کی ویڈیو دیکھ رہی تھی، شروعات میں اس معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتی تھی کیونکہ میں اب میوزک انڈسٹری کا حصہ نہیں ہوں تو اس انڈسٹری سے وابستہ فنکار میرے بولنے پر تنقید کرسکتے ہیں لیکن پھر میرے ضمیر نے مجھے خاموش رہنے کی اجازت نہیں دی”۔

اُنہوں نے کہا کہ “میں آپ کو بتاتی چلوں کہ یہ بڑے گلوکار اپنے شاگردوں کو مفت میں رکھتے ہیں، یہ اپنے شاگردوں کو بمشکل ہی معاوضہ دیتے ہیں، یہ نامور گلوکار اپنے شاگردوں کو موسیقی سیکھانے کی لالچ دیکر ان سے اپنے گھر کے تمام کام کرواتے ہیں”۔

رابی پیرزادہ نے کہا کہ “جب کوئی گلوکار کنسرٹ کرتا ہے تو وہ کروڑوں میں معاوضہ لیتا ہے جبکہ وہ اپنے ان شاگرد موسیقاروں کو چند ہزار روپے ادا کرتا ہے اور یہ بڑے گلوکار اپنے شاگرد موسیقاروں کو عزت بھی نہیں دیتے ہیں”۔

اُنہوں نے کہا کہ “بہت سارے لو پروفائل موسیقار ہیں جن کے ساتھ ایسا ہی سلوک کیا جا رہا ہے، موسیقار کے بغیر کنسرٹ نہیں ہو سکتا کیونکہ موسیقار کی وجہ سے ہی کنسرٹ ہٹ یا فلاپ ہوتا ہے لیکن ہمارے یہاں گلوکار کو تو عزت دی جاتی ہے، کروڑوں روپے دیتے جاتے ہیں جبکہ موسیقاروں کو کوئی نہیں پوچھتا اور وہ اپنی ساری زندگی ان گلوکاروں کی خدمت میں گزار دیتے ہیں”۔

رابی پیرزادہ نے کہا کہ “راحت فتح علی خان کی اپنے شاگرد پر تشدد کی ویڈیو دیکھنے کے بعد مجھے یقین ہو گیا کہ اُن کا شاگرد بھی اُن کے گھر میں مفت میں کام کررہا ہے، راحت صاحب نے اپنے شاگرد سے موسیقی سیکھانے کا وعدہ کیا ہوگا اور بدلے میں اپنے گھر کی ملازمت کروارہے ہیں”۔

انہوں نے راحت فتح علی خان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ “آپ نے شراب کی بوتل کو دم کا پانی بناکر سب کے سامنے پیش کیا، آپ اُس بوتل کو کوئی دوسرا نام بھی دے سکتے تھے اور اب آپ کہہ رہے ہیں کہ آپ کی ملازمین پر تشدد کرنے کی دیگر ویڈیوز بھی لیک ہوں گی کیونکہ آپ کے حساب سے آپ کے خلاف پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے”۔

رابی پیرزادہ نے مزید کہا کہ “آپ نے غلطی کی ہے، اسی لیے تو ویڈیوز منظر عام پر آرہی ہیں، ہم سب سے غلطیاں ہوتی ہیں، مجھ سے بھی ماضی میں بہت غلطیاں ہوئی ہیں، میں آپ کو یہی مشورہ دوں گی کہ عوام سے معافی مانگنے کے بجائے اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں”۔

کینیڈین خفیہ ایجنسی نے بھارت کیخلاف رپورٹ جاری کردی

کینیڈا کی اعلیٰ سطح کی بیرونی سیکیورٹی انٹیلی جنس سروس نے احالیہ انٹیلی جنس رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے ملک کے انتخابات میں ممکنہ طور پر دخل دیا ہے۔

جمعرات کو میڈیا کے ذریعہ دستیاب رپورٹ میں بھارت کو ’بیرونی مداخلت کے خطرہ‘ کے طور پر نامزد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومت کو کینیڈا کے مضبوط جمہوری اداروں کی حفاظت کرنے کے لیے زیادہ کرنا چاہئیے۔

کینیڈین میڈیا گلوبل نیوز کو حاصل ہونے والی انتہائی خفیہ بریفنگ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگرنوٹس نہ لیا گیا تو بھارت کی مداخلت مزید بڑھ جائے گی۔

یہ پہلا موقع ہے جب بھارت پر کینیڈا میں انتخابی مداخلت کا الزام لگایا گیا ہے، اس سے قبل ین اور روس پہلے ہی کینیڈا کی سیاست میں مداخلت کے الزامات کا سامنا کررہے تھے۔

24 فروری 2023 کو ’غیر ملکی مداخلت پر جمہوری اداروں کے وزیر کو بریفنگ‘ کے عنوان سے منظر عام پر لائی گئی دستاویز میں چین کا نام بھی شامل کیا گیا اور اسے ’اب تک کا سب سے بڑا خطرہ‘ قراردیا جارہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ، ’“پی آرسی کی ایف آئی سرگرمیاں دائرہ کار میں وسیع اورخرچ کردہ وسائل کی سطح میں اہم ہیں۔ یہ سرگرمیاں اہم، وسیع اور ملک بھر میں حکومت اور سول سوسائٹی کی تمام سطحوں کے خلاف ہیں۔‘

یہاں ’ایف آئی‘ سے مراد غیر ملکی مداخلت ’پی آر سی‘ کا مطلب عوامی جمہوریہ چین ہے۔

تازہ ترین انٹیلی جنس رپورٹ میں صرف بھارت اور چین کو ان کے نام سے شناخت کیا گیا۔

کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے نئی جاری کردہ انٹیلی جنس رپورٹ میں لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

کینیڈین وزیراعظم کی جانب سے ستمبر 2023 میں خالصتان کے حامی سکھ رہنماہردیپ سنگھ نجار کے قتل کا الزام بھارت پر عائد کیے جانے کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات شدید کشیدہ ہیں۔

خالصتان کے حامی سکھ رہنماہردیپ سنگھ نجار 18 جون کو کینیڈا میں قتل کیے گئے تھے۔ 18 ستمبر کو کینیڈا کی حکومت نے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔

اب تک کتنے افغان باشندے پاکستان چھوڑ کر جاچکے؟ اعداد و شمار جاری

ملک کے مختلف شہروں میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 30 جنوری سے 2 فروری تک مزید 2 ہزار 956 غیر قانونی افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے۔

وطن واپس جانے والے افغان شہریوں میں 865 مرد، 793 خواتین اور 1298 سے زائد بچے شامل ہیں۔

افغانستان روانگی کے لیے 121 گاڑیوں میں 148 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی ہے۔

یاد رہے کہ حکومت پاکستان کے اعلان سے قبل بھی غیر قانونی افغان باشندوں کی کثیر تعداد گرفتاری کے ڈر سے پاکستان سے واپس افغانستان جاتی رہی ہے تاہم 2 فروری کو سرکاری اعداد وشمار کے مطابق مجموعی طور پر 4 لاکھ 81 ہزار سے زائد افغان باشندے ملک واپس لوٹ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی بڑی تعداد موجود تھی، غیر قانونی غیر ملکیوں کی وجہ سے کراچی میں اسمگلنگ اور بھتہ خوری بہت عام تھی تاہم قابل اطمینان امر یہ ہے کہ حکومت پاکستان اور عسکری قیادت کی مشترکہ کاوشوں سے ملک سے غیر قانونی افراد کا انخلاء جاری ہے۔

عراق اور شام میں 7 مقامات پر امریکی فوج کے 85 حملے

امریکا نے اپنے تین فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے عراق میں 3 اور شام میں 4 مقامات کے 85 اہداف پر حملے کیے ہیں۔ امریکی صدر جوزف بائیڈن کا کہنا ہے کہ اگر کسی نے امریکا کو نقصان پہنچایا تو بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

جو کچھ امریکی فوج نے عراق اور شام میں کیا ہے وہ کئی مراحل پر مشتمل امریکی جوابی حملوں کا نقطہ آغاز ہے۔

جن مقامات پر حملے کیے گئے ہیں ان کا تعلق مختلف عسکریت پسند گروپوں کے ساتھ ساتھ ایران کے پاس دارانِ انقلاب اور قدس فورس سے بھی ہے۔

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ہم جو کچھ بھی کر رہے ہیں وہ تین امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا انتقام لینے کے لیے ہے۔ حملے جاری رہیں گے اور اہداف بھی ہماری پسند کے ہوں گے۔

امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے بتایا کہ عراق اور شام میں کم و بیش 125 بم گرائے گئے ہیں۔ سینٹرل کمانڈ کے مطابق امریکی فوج نے 85 اہداف پر حملے کیے جن میں امریکا سے اڑان بھرنے والے لڑاکا طیاروں نے بھی حصہ لیا۔

امریکی حملوں نے میں اسلحے اور گولا بارود کے ذخائر کے علاوہ لاجسٹکس اور ٹیلی کمیونی کیشن کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ سینٹرل کمانڈ کے بیان کے مطابق یہ واضح نہیں کہ کتنے اہداف حاصل کرلیے گئے اور کتنے افراد مارے گئے۔

شام میں انسانی حقوق کے ایک نگراں گروپ نے بتایا کہ مشرقی شام میں امریکی حملے سے ایران نواز عسکریت پسند گروپ کے 13 ارکان مارے گئے۔

شام کے مشرقی صوبے دیئر الزور میں امریکی لڑاکا طیاروں نے ایرانی حمایت یافتہ عسکریت پسند گروپ کے 17 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ یہ ٹھکانے عراقی سرحد سے متصل علاقے میں تھے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے امریکی فوجی حکام کے حوالے سے بتایا کہ ایران کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا کیونکہ ایسا کرنے سے خطے کی صورتِ حال انتہائی خطرناک ہوسکتی ہے۔

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کہتے ہیں کہ مزید حملوں کی بھی منصوبہ بندی کی جاچکی ہے اور یہ کہ یہ ہمارے جواب کی ابتدا ہے۔

اردن میں امریکی فوجی اڈے ٹاور 22 پر ڈرون حملے میں تین فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے امریکا نے جمعرات کو عراق میں اسلامی مزاحمتی گروپ کو نشانہ بنایا تھا۔

امریکی صدر اور وزیر دفاع نے دو دن قبل کہا تھا کہ امریکی جوابی کارروائی کئی مراحل پر مشتمل ہوگی اور دشمنوں کے ٹھکانوں پر بھرپور حملے کیے جائیں گے۔