بشریٰ بی بی نے بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کیلیے عدالت سے رجوع کرلیا

اسلام آباد: توشہ خانہ کیس میں سزا یافتہ بشریٰ بی بی نے سب جیل قرار دی گئی بنی گالہ سے واپس اڈیالہ جیل منتقلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اپنی درخواست میں استدعا کی ہے کہ بنی گالہ کو سب جیل قرار دینے کا انتظامیہ کا 31 جنوری کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دیا جائے، میں کسی بھی عام قیدی کی طرح اپنی سزا اڈیالہ جیل میں کاٹنا چاہتی ہوں۔

بشری بی بی ںے کہا کہ تمام شہری قانون کی نظر میں برابر ہیں، دوسرے سیاسی ورکرز جیلوں میں عام قیدیوں کے ساتھ ہیں، بنی گالہ سب جیل میں منتقلی مساوی حقوق کے منافی ہے، 31 جنوری کو صبح 10 بجے سے لے کر رات 9 بجے تک مجھے اڈیالہ جیل میں انتظار کروانے کے بعد سب جیل میں منتقل کیا گیا، پوچھنے پر مجھے بتایا گیا بنی گالہ رہائش کو سب جیل قرار دے دیا گیا ہے۔
انہوںے ہائی کورٹ سے استدعا کی ہے کہ چیف کمشنر آفس اسلام آباد کا اکتیس جنوری کا نوٹی فکشن کالعدم قرار دیا جائے۔

برطانوی بادشاہ چارلس سوئم کینسر میں مبتلا ہوگئے

برطانوی بادشاہ چارلس سوئم کینسر میں مبتلا ہوگئے۔ برطانوی وزیراعظم رشی سوناک نے اپنی ٹویٹ میں کنگ چارلس کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بکنگھم پیلس کے بیان کے مطابق برطانوی بادشاہ چارلس کینسر میں مبتلا ہوگئے ہیں، بادشاہ کا پیر کو باقاعدہ علاج شروع کردیا گیا ہے، وہ اپنے علاج کے بارے میں مکمل پراُمید اور جلد اپنی عوامی ڈیوٹی پر واپس آنے کے منتظر ہیں۔

یادر ہے کہ کنگ چارلس III نے بتایا ہے کہ انہیں کینسر ہے۔ شاہی خاندان کی طرف سے باضابطہ طور پر جاری کردہ اعلان پیر 5 فروری کی شام 6 بجے کیا گیا۔

کنگ کو گزشتہ پیر کو لندن کلینک سے ڈسچارج کیے جانے کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ انھیں کینسر ہے۔

برطانوی بادشاہ چارلس سوئم نے بڑھے ہوئے پروسٹیٹ کا علاج کروایا تھا جس میں انھیں صحت یاب ہونے میں تین دن لگے۔

بکنگھم پیلس کے مطابق یہ پروسٹیٹ کینسر نہیں لیکن بیان میں کینسر کی قسم یا اسکی اسٹیج کے بارے میں تفصیلات شیئر نہیں کی گئیں۔

واضح رہے کہ بادشاہ چارلس صحت یاب ہونے کیلئے اپنے سرکاری کاموں سے ایک ماہ کی چھٹی لے سکتے ہیں۔

الیکشن پر موبائل سروس، انٹرنیٹ بند کرنے کی گائیڈ لائن نہیں دی گئی، وزیراطلاعات

اسلام آباد: نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کے موقع پر موبائل سروس اور انٹرنیٹ بند کرنے کی کوئی گائیڈ لائن نہیں دی گئی۔

نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بیان میں کہا کہ سیکورٹی سنجیدہ مسئلہ ہے۔ حکومت کی جانب سے انتخابات کے موقع پر موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ بند کرنے کی کوئی گائیڈ لائن نہیں دی گئی۔ کسی جگہ امن و امان کی صورتحال خراب ہوتی ہے تو مقامی انتظامیہ صورتحال کا جائزہ لے کر فیصلہ کرسکتی ہے۔

مرتضیٰ سولنگی کا مزید کہنا تھا کہ غیر معمولی صورتحال غیرمعمولی حل کا تقاضا کرتی ہےلیکن اب تک ایسی کوئی غیر معمولی صورتحال موجود نہیں۔ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں، فیک نیوز اور پروپیگنڈا کیا جاتا ہے جبکہ سیکورٹی سنجیدہ مسئلہ ہے۔ دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے لیے پاکستان کے عزم میں کوئی کمی نہیں آئی۔
نگراں وزیر اطلاعات کے مطابق کابل میں افغان طالبان کی عبوری حکومت قائم ہونے کے بعد پاکستان میں مختلف دہشت گرد گروہوں کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ صرف گذشتہ برس دہشت گردی کے تقریباً 1500 واقعات ہوئے۔

مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ مقامی، غیر ملکی صحافیوں اور مبصرین کی سہولت کے لیے وزارت اطلاعات نے ایک آن لائن ہیلپ لائن قائم کی ہے۔

نشے میں دھت بھارتی گلوکارکی سنگاپورمیں خاتون سے بدتمیزی پرجرمانہ

سنگاپور میں بھارتی گلوکار کو نشے میں دھت ہو کر خاتون سے بدتمیزی کرنا مہنگا پڑ گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنگاپور میں 42 سالہ بھارتی نژاد گلوکار شیوا بالن پرساد کو نشے میں دھت ہو کر خاتون سے بدتمیزی کرنے پر 3 ہزار سنگاپورین ڈالرز جرمانے کی سزا سنائی گئی۔

حکام کے مطابق بھارتی نژاد گلوکار نے شو ختم ہونے کے بعد لفٹ میں پروڈکشن کمپنی کی خاتون اہلکارپر جنسی حملے کی کوشش کی تھی تاہم خاتون اور ان کے ساتھ موجود ان کی دوست کی جانب سے اسے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

خاتون نے واقعہ سے اپنی پروڈکشن کمپنی اور پولیس کو مطلع کیا جس کے بعد کے کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ گلوکار شیوا بالن نے واقعہ کے وقت بہت زیادہ شراب پی رکھی تھی۔ بدتمیزی کا واقعہ 2022 میں پیش آیا تھا جس پر فیصلہ گزشتہ روز سنایا گیا۔ سنگاپورین حکام نے خاتون کی شناخت ظاہر نہ کرنے کے باعث واقعہ کی تاریخ اور مقام کی تفصیلات جاری نہیں کی تھیں۔

ویسٹ انڈین پلئیر فیبین ایلن کو ٹیم ہوٹل میں گن پوائنٹ پر لوٹ لیا گیا

ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر فیبین ایلن کو ٹیم ہوٹل میں گن پوائنٹ پر لوٹ لیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ویسٹ انڈیز کے معروف کرکٹر فیبین ایلن کو جوہانسبرگ میں ٹیم ہوٹل میں گن پوائنٹ پر لوٹ لیا گیا، وہ رواں سیزن میں پارل رائلز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکوؤں نے ایلن کا فون اور ذاتی سامان بھی لوٹ لیا، واقعہ سینڈٹن سن ہوٹل میں پیش آیا۔ کرکٹر نے واقعے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ میں پروفیشنل کرکٹرز کی ایسی سیکیورٹی پر سوالات اٹھادیئے ہیں۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز اور پارل رائلز ٹیم نے واقعہ کی تصدیق کردی ہے۔

دوسری جانب لیگ ترجمان نے واقعہ پر تحقیقات کیلئے پولیس انکوائری شروع کردی ہے جبکہ فیبین ایلن نے کوئی بیان دینے سے انکار کردیا ہے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی سعودی وزیر دفاع سے ملاقات

چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں پاک سعودی اسٹرٹیجک تعلقات کا جائزہ لیا گیا، عسکری اور دفاعی شعبوں میں تعاون کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں کے درمیان باہمی امور پر بھی گفتگو کی گئی۔

دونوں رہنماوں نے پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانے پراتفاق کیا۔

نو مئی فوجی تنصیبات حملہ کیس: 498 نامزد ملزمان کے ٹرائل کا آغاز آج سے اڈیالہ جیل میں

نومئی کو فوجی تبصیبات پرحملوں سے متعلق 12مقدمات کی سماعت راولپنڈی کی انسداددہشت گردی عدالت میں آج ہوگی۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج اعجاز آصف نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی سمیت پی ٹی آئی کے سیکڑوں کارکنوں کو طلب کر رکھا ہے۔ جج اعجازآصف نامزد 498 ملزمان کےخلاف جیل ٹرائل کا آغازکریں گے۔

بانی پی ٹی آئی،شاہ محمود،شیخ رشید کو اڈیالہ جیل سے ہی حاضری کیلئے پیش کیا جائے گا جبکہ بضمانت پر موجودہ تمام ملزمان حاضری کے لیے اڈیالہ جیل کمیونٹی ہال کمرہ عدالت پہنچیں گے۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے اڈیالہ جیل میں گزشتہ سماعت پر عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو مقدمات کی نقول فراہم کرتے ہوئے فرد جرم عائد کرنے کیلئے 6 فروری کی تاریخ مقرر کی تھی۔

واضح رہے کہ 9 مئی سے متعلق بانی پی ٹی آئی کے خلاف 12 اور شاہ محمود قریشی کے خلاف 6 مقدمات درج ہیں اور دونوں نے ان میں درخواستِ ضمانت دائر کر رکھی ہے۔

پی سی بی کے نئے چیئرمین کا انتخاب آج ، محسن نقوی مضبوط امیدوار

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے چیئرمین کا انتخاب آج ہوگا، ممبر گورننگ بورڈ نگراں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نئے چیئرمین پی سی بی کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

پی سی بی گورننگ بورڈ کا خصوصی اجلاس دو پہر 2 بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوگا جس میں چیئرمین پی سی بی کا انتخاب کیا جائے گا، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نئے چیئرمین پی سی بی کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

پی سی بی گورننگ بورڈ کا خصوصی اجلاس الیکشن کمشنر شاہ خاور نے طلب کیا ہے، جس میں 10 ارکان میں سے کوئی بھَی انتخاب لڑسکتا ہے مگر روایت ہے کہ پیٹرن بورڈ وزیراعظم کی طرف سے نامزد 2 ممبران میں سے ہی ایک کا چناؤ ہوتا ہے۔

گورننگ بورڈ میں پیٹرن کے 2 نمائندے محسن نقوی اور مصطفیٰ رمدے شامل ہیں، ان کے علاوہ آزاد جموں کشمیر ، ڈیرہ مرآد جمالی ، لاڑکانہ، بہاولپور ، سوئی ناردرن گیس ، غنی گلاس ، اسٹیٹ بینک اور پی ٹی وی گورننگ بورڈ کا حصہ ہیں ۔

اجلاس میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کے سیکرٹری یا کوئی اور نمائندے نان ووٹنگ ممبر کی حیثیت سے شریک ہوں گے۔

ںگراں وزیر اعظم انوار الحق کی جانب سے محسن نقوی کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ قوی امکان ہے کہ وہ بلامقابلہ چئرمین بورڈ منتخب ہوں گے اور پھر جلد پی سی بی کے چیئرمین کا جلدچارج سنبھالیں گے جبکہ وہ اس وقت نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔

الیکشن مہم کا آج آخری روز، بیلٹ پیپرز اور دیگر سامان کی ترسیل مکمل

ملک بھر میں 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے الیکشن مہم کا آج آخری روز ہے جبکہ انتخابی مہم کا وقت آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گا، خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اس کے علاوہ بیلٹ پیپرز اور دیگر سامان کی ترسیل کا کام مکمل کرلیا۔

الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں انتخابات کے لیے7 لاکھ بیلٹ باکس کا انتظام کر لیا جبکہ ووٹنگ کے لیے 2 لاکھ 76 ہزار سے زائد پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے، ہر پولنگ بوتھ پر 2 بیلٹ باکس رکھے جائیں گے، ایک بیلٹ باکس میں قومی اسمبلی اور دوسرے میں صوبائی اسمبلی کے لیے ووٹ کاسٹ ہوں گے۔

ملک بھرمیں 5 لاکھ 52 ہزار بیلٹ باکس استعمال ہوں گے جبکہ ڈیڑھ لاکھ ریزرو رکھے جائیں گے، بیلٹ باکس بھرجانے پر دوسرا بیلٹ باکس فراہم کیا جائے گا، بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کا کام مکمل ہو چکا ہے، صوبائی سطح پر سکیورٹی، ٹرانسپورٹ، مواصلاتی اور ایمرجنسی پلان بھی تیار ہے۔

26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام مکمل
الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام مکمل کرلیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل زمینی اور ہوائی راستوں سے مکمل کیا گیا، تمام بیلٹ پیپرز، سرکاری پریس سے متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفسران اور ان کے نمائندوں کے حوالے کیے گئے، موسم کی خرابی کے باعث بھی بیلٹ پیپرز کی ترسیل میں مسائل درپیش رہے۔

عام انتخابات کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم قائم
عام انتخابات کی مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم قائم کردیا گیا، 32 ریجنل اور 144 ضلعی مانیٹرنگ ٹیمیں شکایات کے ازالے لیے کام کررہی ہیں۔

الیکشن کمیشن کا میڈیا نمائندگان کو انتخابات کےلئے قائم نیٹورک آپریشن سینٹر کا دورہ تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ایڈیشنل ڈی جی مرکزی کنٹرول روم ہارون شنواری نے بریفنگ میں بتایاسٹیٹ آف ارٹ سسٹم میں مانیٹرنگ کے لیے خصوصی اقدامات کیے، شکایات درج کرانے کے لیے پہلی مرتبہ واٹس ایپ استعمال کر رہے ہیں، 26 دسمبر سے اب تک 625 افراد کو نوٹسز، 252 امیدواروں کو شوکاز نوٹس اور 156 لوگوں کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانے کیے، اب تک 221 شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 198 شکایات کو حل کرلیا گیا ہے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن ڈاکٹر آصف حسین کا کہنا تھا کہ پریذائیڈنگ افسر نے ای ایم ایس پر صرف فارم کی تصویر لیکر بھیجنی ہے، زائد المعیاد شناختی کارڈز والے شہری ووٹ ڈال سکتے ہیں۔

ڈی جی آئی ٹی خضر حیات نے بتایا کہ ای ایم ایس کی ٹیکنالوجی کو اپگریڈ کیا گیا، پریذائیڈنگ افسر ای ایم ایس کے ذریعے ریٹرننگ افسر کو نتائج بھجوائے گا، نتائج ترسیل میں کوئی ایشو ہوا تو پریذائیڈنگ افسر ذاتی حیثیت میں ریٹرننگ افسر کو نتائج پہنچائے گا۔

پنجاب میں فوجی دستوں کی تعیاتی شروع
پنجاب میں عام انتخابات پرامن بنانے کے لیے مختلف شہروں میں فوجی دستوں کی تعیاتی شروع ہوگئی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق لاہور، قصور،شیخوپورہ میں فوجی دستے پہنچ چکے ہیں، ننکانہ صاحب، جھنگ، منڈی بہاوالدین، چکوال، جہلم سمیت دیگراضلاع میں آج فوجی دستے پہنچ جائیں گے۔

حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب بھی جاری ہے۔

پولیس کی پنجاب میں سیکیورٹی، ٹریفک اور لاجسٹکس انتظامات کی فل ڈریس ریہرسل
پنجاب پولیس نے لاہور سمیت صوبے کے تمام ریجنز اور اضلاع میں سیکیورٹی، ٹریفک اور لاجسٹکس انتظامات کی فل ڈریس ریہرسل کی، الیکشن میٹریل کی بحفاظت ترسیل، پولنگ سٹیشنز و کلسٹرز پر پولیس نفری کی تعیناتی، سی سی ٹی وی کیمروں کی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا گیا۔

ریہرسل کے دوران صوبہ بھر میں خصوصی ناکہ جات، سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کئے گئے، پولیس افسروں نے لا اینڈ آرڈر کی مجموعی صورتحال پولنگ کے عمل کو پرامن رکھنے کی ریہرسل کا جائزہ لیا، پولنگ ڈیوٹی پر تعینات نفری کی ذمہ داریوں بارے بریفنگ بھی دی گئی۔

لاہور سمیت تمام اضلاع میں سپروائزری افسران کی زیر قیادت فلیگ مارچز کا انعقاد بھی کیا گیا، فلیگ مارچز میں ضلعی پولیس، ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ، ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس کی موبائلز اور جوانوں نے حصہ لیا۔

پاکستان میں الیکشن کے دوران پابندیاں تشویش ناک ہیں، امریکا

امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان کے انتخابی عمل کو قریب سے دیکھ رہے ہیں، پرتشدد واقعات اور میڈیا پر عائد پابندیوں پر تشویش ہے۔ چاہتے ہیں اس عمل میں اظہار رائے کی آزادی کا احترام ہو۔

واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکا پاکستان کے انتخابی عمل کو کلوز مانیٹرنگ کر رہا ہے، پاکستان کے عوام کو انتخابات میں خوف اور تشدد کے بغیر اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے۔

نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں پرتشدد واقعات اور میڈیا پر عائد پابندیوں پر تشویش ہے، پاکستان میں انٹرنیٹ کی بندش اور آزادی اظہار رائے میں رکاوٹوں کو بھی دیکھ رہے ہیں۔

میڈیا بریفنگ کے دوران صحافی نے ویدانت پٹیل سے سوال کیا تھا کہ، ’پاکستانی انتخابات میں ابھی چند دن باقی ہیں۔ انتخابی عمل کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے کیونکہ سابق وزیر اعظم اور مقبول رہنما عمران خان کو انتخابات لڑنے کی اجازت نہیں ہے، ان کی سیاسی جماعت کے نشان کرکٹ بیٹ پر بھی پابندی عائد ہے۔ امریکہ نے ہمیشہ جمہوری اقدار اور اظہار رائے کی آزادی کی حمایت کی ہے۔ اس منظر نامے سے متعلق آپ کی کیا رائے ہے؟‘

جواب میں نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے انتخابی عمل پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، اور یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ یہ عمل اس طرح سے ہو جس میں اظہار رائے، اجتماع اور انجمنوں کی آزادی کے احترام کے ساتھ وسیع تر شرکت کی سہولت ہو۔ ہمیں تشدد کے تمام واقعات اور میڈیا کی آزادی پر پابندیوں پر تشویش ہے۔’

انہوں نے کہا کہ ، ’پاکستانی بلا خوف و خطر آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے اپنے مستقبل کے رہنماؤں کا انتخاب کرنے کا بنیادی حق استعمال کرنے کے حقدار ہیں اور بالآخر یہ پاکستان کے عوام پر منحصر ہے کہ وہ اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریں۔‘

واضح رہے کہ ملک میں 8 فروری کو عام انتخابات شیڈول ہیں تاہم آج انتخابی مہم کا آخری روز ہے۔

لاہور ٹریفک پولیس نے عام انتخابات کیلئے ٹریفک پلان جاری کردیا

لاہور ٹریفک پولیس نے ملک بھر میں 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے ٹریفک پلان جاری کردیا۔

کانسٹیبل سے لے کر سی ٹی او تک تمام افسران شہریوں کی مدد و رہنمائی کے لیے موجود ہوں گے۔

سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کے مطابق اے کیٹگری کی 320 اور بی کیٹگری کی 1248 پولنگ بلڈنگز پر ڈیوٹی لگا دی گئی، ایس پی سہیل فاضل، ایس پی شہزاد خان اور ایس پی ملک اکرام مکمل سپرویژن کریں گے۔

عمارہ اطہر نے بتایا کہ 12 ڈی ایس پیز،500 سینئر وارڈنز اور 03 ہزار سے زائد وارڈنز فرائض سرانجام دیں گے، 136 لیڈی وارڈنز بھی پولنگ ڈے پر ضلعی پولیس کے ساتھ ملکر فرائض سرانجام دیں گیں۔

سی ٹی او لاہور نے مزید بتایا کہ 20 فوک لفٹرز اور 04 بریک ڈاؤن بھی 03 شفٹوں میں تعینات ہوں گے، ضلعی پولیس اور دیگر لاء انفورسمنٹ ایجینسز سے مکمل تعاون رکھا جائے گا، مشکوک افراد اور لاوارث اشیاء پر خصوصی نظر رکھی جائے گی۔

آج کل لوگ طلاق کو پریشانیوں سے چھٹکارا سمجھتے ہیں , جُگن کاظم

آج کے دور میں طلاق لینا آسان ہے، شادی شدہ زندگی کو بچانے کے لیے آخری حد تک کوشش نہیں کی جاتی، اداکارہ جگن کاظم کا موقف سوشل میڈیا پر وائرل۔

اکثر سوشل میڈیا پر مشہور اداکاروں کی جانب سے کیا جانے والا تبصرہ سوشل میڈیا صارفین کو بھا جاتا ہے، جبکہ کچھ کو ایک آنکھ بھی نہیں بھاتا۔

تاہم اداکارہ جگن کاظم کا موقف ضرور معاشرے کی ایک تلخ حقیقت کو عیاں کر رہا ہے۔

معاشرے میں ہونے والی طلاقوں اور دوسری شادی پر جگن کاظم کا کہنا تھا کہ کوئی بھی خاتون جو ماں ہے، وہ کبھی بھی دوبارہ ارینج میرج نہ کرے۔ دوسری شادی کرنے والی خاتون کو مرد سے ملاقات کرنی چاہیئے، اسے سمجھنا چاہیے، اور اپنے بچوں کو بھی اس فیصلے میں شامل کرنا چاہیے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہی کچھ میں نے اور فیصل نے بھی کیا اور ہمیں شادی کا فیصلہ کرنے میں 6 ماہ لگے تھے۔ جگن کاظم نے مزید بتایا کہ فیصل کے بچوں کو بھی اس رشتے کو اپنانے میں وقت لگا تھا مگر اب صورتحال بہت اچھی ہے۔

معاشرے میں طلاق کے بڑھتے کیسز سے متعلق اداکارہ کا موقف تھا کہ میں خود بھی طلاق یافتہ ہوں اور اس عمل سے گزری ہوں، یہ لمحات انسان کو اندر سے توڑ دیتے ہیں۔

جگن کاظم کا کہنا تھا کہ لوگوں کو طلاق کو بدنام نہیں کرنا چاہیے، مگر آج کل لوگ آسان طریقے اپنا رہے ہیں اور یہی کچھ والدین بھی بچوں کو نصیحت کر رہے ہیں۔

دوسری جانب اداکارہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہم سفر کو اپنا رشتہ بچانے کے لیے آخری کوشش تک کرنی چاہیے، جو کہ آج کے وقت میں نظر نہیں آ رہا ہے۔

’آمنے سامنے بات کریں‘ عامر خان کی سابقہ اہلیہ کا فلم اینیمل کے ڈائریکٹر کو مشورہ

بالی ووڈ ڈائریکٹر اور ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ عامرخان کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ نے اداکار کی حمایت میں آواز اٹھاتے ہوئے فلم ’اینیمل‘ کے ڈائریکٹر سندیپ ریڈی وانگا کو جواب دیا ہے۔

فلم ’اینیمل‘ پر عامرخان کی تنقید اور کرن کے ایک بیان سے متعلق سندیپ ریڈی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے سابق شوہر اور اداکار عامر خان کی 90 کی دہائی کی فلموں میں خواتین سے نفرت کو اجاگر نہیں کیا۔ میری ہدایت کاری میں بننے والی فلموں پر تنقید کرنے سے پہلے کرن کو ارد گرد کا جائزہ لینا چاہیے۔

اس سے پہلے کرن نے سندیپ کی 2019 کی رومانٹک فلم ’کبیر سنگھ‘ اور ایس ایس راجمولی کی 2015 کی ایکشن فلم ’باہوبلی: دی بگننگ‘ جیسی فلموں کا ذکر کیا تھا۔سندیپ نے اس کے جواب میں ان سے ’دل‘ جیسی فلموں میں عامر کے ماضی کے کام پر تبصرہ کرنے کو کہا تھا۔

ردعمل دیتے ہوئے ’دی کوئنٹ‘ کو انٹرویو دینے والی کرن راؤ نے دلیل دی کہ عامر خان ان چند اداکاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے اپنے ماضی کے کام میں صنفی تعصب پر خواتین سے معافی مانگی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اُ کے ٹی وی شو ’ستیہ میو جیتے‘ کی ایک قسط میں انہوں نے اندرا کمار کی 1990 کی رومانٹک فلم ’دل‘ میں عامر اور مادھوری ڈکشٹ پر فلمائے گئے گانے ’کھمبے جیسی کھڑی ہے‘ کے لیےمعافی مانگی تھی جو کہ واقعی قابل ستائش ہے۔

عامر خان کی سابقہ اہلیہ کا ماننا ہے کہ سندیپ اور عامر دونوں کو ایک دوسرے سے بات کرنی چاہیئے۔

کرن راؤ کے مطابق، ’ اگر مسٹر وانگا کے پاس عامر کو بتانے کے لیے کچھ ہے،تو انہیں آمنے سامنے بتانا چاہئیے۔ میں عامر خان یا اُن کے کام کا ذمہ دار نہیں ہوں۔ میری خواہش ہے کہ مسٹر ریڈی اپنے سوالات براہ راست مسٹر خان سے پوچھیں۔’

انٹرویو میں کرن نے یہ بھی واضح کیا کہ انہوں نے کبھی سندیپ ریڈی وانگا کی فلموں کا براہ راست ذکر نہیں کیا کہ انہوں نے بالی ووڈ میں خواتین سے نفرت دکھائی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ خواتین سے صنفی تعصب پر آواز اٹھائی ہے اور ایسا کرتی رہوں گی۔

پیر کے روز اینیمل کے آفیشل ایکس ہینڈل نے کرن کے اس تبصرے کے جواب میں لکھا، ’ مس کرن، نہ تو ہم نہ ہمارے ڈائریکٹر کوئی مفروضہ قائم کررہے ہیں، یہ ایک بہت بڑے میڈیا چینل کی رپورٹنگ ہے۔

عامر خان اور کرن کے درمیان شادی کے 16 سال بعد 2021 میں طلاق ہو گئی تھی۔ ان دونوں کا ایک بیٹا آزاد ہے۔ عامر خان کرن کی آنے والی فلم ’لاپتا لیڈیز‘ کے شریک پروڈیوسر ہیں، کرن نے حال ہی میں عامر کی پہلی اہلیہ سے ان کی بیٹی رینا دتی کی شادی کی تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔