انتخابی مہم آج رات 12 بجے ختم ہوگی، خلاف ورزی پرکارروائی کی جائیگی، الیکشن کمیشن

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ عام انتخابات 2024 کے لیے انتخابی مہم ختم ہونے کا وقت آج رات 12 بجے ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں اور جماعتوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ 182 کے تحت انتخابی مہم کا وقت آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وقت ختم ہونے کے بعد کسی بھی امیدوار یا جماعت کو جلسے، جلوس، کارنرمیٹنگ یا اسی نوعیت کی سیاسی سرگرمی کے انعقاد کی اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وقت ختم ہونے کے بعد انتخابی مہم ، اشتہارات اور دیگر تحریری مواد کی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر تشہیر پر جس سے کسی خاص سیاسی پارٹی یا امیدوار کی حمایت یا مخالفت کا شبہ ہوپابندی ہے ۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی عمل کے انعقاد تک میڈیا پر ہر قسم کے پول سروے پر بھی پابندی ہوگی۔ میڈیا پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد نتائج دینا شروع کرسکتا ہے جس میں واضح طور پر یہ بتایا جائے گا کہ یہ نتائج غیرحتمی اور غیر سرکاری ہیں۔ ریٹرننگ افسر پولنگ اسٹیشنوں کے نتیجے کا اعلان کریں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کرے گا اور خلاف ورزی پر پیمرا اور پی ٹی اے کو قانونی کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے 2 ترجمان مقرر کرنے کا نوٹفیکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نگہت صدیق اور حامد رضا خان کو ترجمان الیکشن کمیشن تعینات کیا گیا ہے۔ دونوں ترجمان صوبائی ترجمانوں سے رابطے میں رہیں گے اور انتخابی عمل مکمل ہونے تک 24 گھنٹے دستیاب ہوں گے۔

زمین کو تپش سے بچانے کیلئے خلا میں دیوہیکل چھتری بھیجنے کی تیاریاں

سائنس دانوں نے زمین کو سورج کی تپش سے بچانے کے لیے خلا میں ایک بہت بڑی چھتری لگانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔

زمین کے ماحول کو بچانے کے لیے سائنس دان جو کچھ بھی سوچتے ہیں وہ عام آدمی کے لیے بہت حیرت انگیز ہوتا ہے۔

نیو یارک ٹائمز نے بتایا ہے کہ ماہرین نے خلا میں ایک بہت بڑی چھتری چھوڑنے کا منصوبہ بنایا ہے جو سورج کی غیر معمولی تپش کو زمین تک پہنچنے سے روکے گی۔

ٹیکنین اسرائیل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ایشر اسپیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں فزکس کے پروفیسر یورام روزن کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کے ساتھی مل کر ایک ایسی شیلڈ تیار کریں گے جس سے سورج کی ایک سے دو فیصد تک تپش سے زمین کو بچایا جاسکے گا۔

اس منصوبے پر اچھی خاصی رقم خرچ ہوگی۔ 100 اسکوائر فٹ کا ایک پروٹو ٹائب پنانے پر تقریبا 2 کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے۔

پروفیسر یورام روزن نے جس شیلڈ کی بات کی ہے وہ کم و بیش ارجنٹائن کے رقبے کے مساوی ہوگی۔ زمین سے اِتنی چھتری کو خلا میں بھیجنا ممکن دکھائی نہیں دیتا۔

نیو یارک ٹائمز کا کہا ہے کہ زمین کو سورج کی تپش سے بچانے کے لیے چھتری یا پردہ لگانے کے متعدد منصوبوں پر کام ہو تا رہا ہے اور اس حوالے سے تجربے کامیاب بھی ہوتے رہے ہی

تاج محل کا وہ سیاہ کمرہ، جہاں روحیں بھٹکتی ہیں

قدیم اور تاریخی عمارتوں کے در و دیوار جہاں اپنی آپ بیتی کو سنا رہے ہوتے ہیں ، وہیں ان میں موجود پراسراریت بھی سب کو عجیب خوف میں مبتلا کر رہی ہوتی ہے۔

آج آپ کو ایک ایسی ہی مقبول ترین عمارت تاج محل کے بارے میں کچھ ایسی معلومات فراہم کریں گے جو صارفین کی دلچسپی کا باعث بن رہی ہے۔

مغل بادشاہ شاہ جہاں نے اپنی بیگم ممتاز کی یاد میں تاج محل تعمیر کرایا تھا، جس میں ممتاز کا مقبرہ بھی موجود ہے۔ سفید رنگ کے پتھر سے تعمیر کیے گئے تاج محل کے چار مینار تو اپنی مثال آپ ہیں ہی، ساتھ ہی گنبد بھی سب کو اپنی جانب توجہ مبذول کراتا ہے۔

لیکن بیرونی طور پر سفید اور دلکش دکھائی دینے والے تاج محل کا اندرونی منظر اتنا ہی خوفناک معلوم ہوتا ہے۔

تاج محل کے مشرقی حصے کی طرف کچھ ایسے راستے ہیں جو کہ متعدد کمروں کی طرف لے جاتے ہیں۔ ان کمروں میں کیا ہے اور کون رہتا تھا، آج تک کسی کو معلوم نہیں۔

اسی عمارت کی پہلی منزل پر موجود چند ایسے راستیں ہیں، جنہیں سیل کر دیا گیا ہے، جنہیں کسی کو کھولنے کی اجازت نہیں ہے۔

مقامی افراد کا ماننا ہے کہ سیل شدہ دروازوں کے پیچھے شاہ جہاں کی بیگم ممتاز کے ہیروے، جواہرات اور دیگر سامان موجود ہے، انہیں سیل کرنے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ ان قیمتی سامان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

لیکن کچھ ایسے بھی ہیں، جن کا ماننا ہے کہ ان بند کمروں میں شاہ جہاں کے ملازمین کی روحیں بھٹک رہی ہیں، جو آج بھی یہاں موجود ہیں۔

واضح رہے مغل بادشاہ سے متعلق یہ بات بھی عام ہے کہ تاج محل کی تعمیر کے بعد مزدوروں کے ہاتھ کٹوا دیے گئے تھے، تاہم اس بات کا تاریخی طور پر کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔

’شادی شدہ شخص سے تعلقات‘ ، مس جاپان نے ٹائٹل واپس کردیا

مس جاپان منتخب ہونے والی کیرولینا شینو ایک جریدے کے اس الزام کے بعد کہ ان کے ایک شادی شدہ شخص کے ساتھ تعلقات تھے، اپنے ٹائٹل سے دستبردار ہوگئی ہیں۔

مس جاپان مقابلے کی یوکرین میں پیدا ہونے والی فاتح ن اپنے مداحوں اور عوام سے معافی مانگتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ ’مجھے اس بڑے مسئلے پر افسوس ہے جو میرا پیدا کردہ ہے، میں نے ان لوگوں کو دھوکہ دیا جنہوں نے میری حمایت کی۔‘

مس جاپان ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کیرولینا کی جانب سے معافی مانگے جانے کے بعد منتظمین نے ان کا استعفیٰ قبول کر لیا تھا۔ مس جاپان کا ٹائٹل اب اگلے مقابلے تک خالی رہے گا۔

26 سالہ شینو نے گزشتہ ماہ 2024 مس جاپان کا ٹائٹل جیتا تھا لیکن ان کی جیت نے عوامی بحث کو جنم دیا۔

اگرچہ کچھ نے اس پیشرفت کا خیرمقدم کیا تھا لیکن بیشترنے روایتی جاپانی خوبصورتی کے نظریات کے پیش نظر کیرولینا کو قبول نہیں کیا۔

اس دوران ایک مقامی میگزین نے اُن کے مبینہ افیئر کا انکشاف کیا۔

ری شوکان بنشن کی رپورٹ کے مطابق کیرولینا شینو نے ایک شادی شدہ بااثر شخص اور ڈاکٹر کے ساتھ تعلقات قائم کیے ، تاہم مذکورہ شخص کی جانب سے کوئی عوامی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

مقابلہ کے منتظمین نے گزشتہ ہفتے اپنے بیان میں فاتح کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیرولینا اس حقیقت سے واقف نہیں تھیں کہ وہ شخص شادی شدہ تھا۔

تاہم تازہ ترین بیان میں منتظمین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کیرولینا مئ اس شخص کی شادی اور خاندان کے بارے میں جاننے کا اعتراف کیا ہے۔

اوگرا نے گیس کا اوسط ٹیرف مزید بڑھانے کی منظوری دے دی

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی ایک اور شرائط پورا کرنے کی تیاری کرتے ہوئے گیس کا اوسط ٹیرف مزید 35.13 فیصد تک بڑھانے کی منظوری دے دی۔

الیکشن سے قبل ہی گیس مزید مہنگی کرنے کے اقدامات کر لیے گئے، اوگرا نے گیس کا اوسط ٹیرف مزید 35.13 فیصد تک بڑھانے کی منظوری دے دی جبکہ گیس کی قیمت میں اضافے کی منظوری یکم جنوری سے دی گئی ہے۔

اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے گیس صارفین کے لیے ٹیرف میں اوسطاً 35.13 فیصد اضافہ منظور کیا گیا۔

سندھ اور بلوچستان کے گیس صارفین کے لیے ٹیرف میں اوسطاً 8.57 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔

سوئی ناردرن کا ٹیرف 435.14 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تک بڑھانے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ سوئی ناردرن کے لیے نیا ٹیرف 1673.82 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ سوئی سدرن کا ٹیرف 115.72 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو بڑھا کر 1466.40 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو بھیج دیا ہے، وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد اوگرا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

سورج میں دھماکا، 14 لاکھ کلومیٹر فی گھنٹہ کی لہر سے آسٹریلیا میں ریڈیائی خلل

سورج میں ہونے والے ایک بڑے دھماکے نے آسٹریلیا میں ریڈیائی خلل پیدا کردیا۔ اس دھماکے کی لہر نے 14 لاکھ کلومیٹر کی رفتار سے سفر کیا۔

سورج کے دھماکے کی لہر نے غیرمعمولی الٹرا وایولیٹ ریڈی ایشن کے ذریعے کرہ ارض کی اوپری تہوں کو شدید متاثر کیا جس کے نتیجے میں آسٹریلیا میں شارٹ ویو ریڈیو بلیک آؤٹ ہوگیا۔

سورج میں ہونے والے دھماکے نے پلازما کی ایک بڑی لہر بھی پیدا کی۔ سورج میں یہ دھماکا 6 فروری کی صبح رونما ہوا۔

سورج کے جس حصے میں یہ دھماکا ہوا اسے AR3575 کہا جاتا ہے۔ دھاکے سے جو لپٹ نکلی اسے ایم فور کلاس کا نام دیا گیا ہے۔

عام انتخابات: فوجی دستے مختلف اضلاع میں الیکشن ڈیوٹی کے لیے روانہ

لاہور: عام انتخابات کے پُرامن انعقاد کے لیے پاک فوج کے دستے پنجاب بھر سے مختلف اضلاع میں الیکشن ڈیوٹی کے لیے روانہ ہوگئے۔

عام انتخابات کے پُرامن انعقاد کے لیے پاک فوج کے چاق و چوبند دستے لاہور، ملتان، اوکاڑہ، بہاول پور اور گوجرانوالہ گیریژن سے پنجاب کے دیگر اضلاع میں الیکشن سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے روانہ ہوگئے۔

فوجی دستوں کی تعیناتی کا مقصد عام انتخابات کے دوران سول حکومت کی معاونت کرتے ہوئے انتخابی عمل کی شفافیت اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانا ہے۔
فوجی اہل کار پولنگ اسٹیشنز کے باہر سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے تھرڈ ٹیئر پر سیکیورٹی کے لیے تعینات ہوں گے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بروقت نمٹا جائے۔ پولنگ کے دوران پولیس فرسٹ ٹیئر جبکہ سول آرمڈ فورسز سیکنڈ ٹیئر سیکورٹی مُہیا کریں گی۔

آسٹریلیا نے بالز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح سمیٹ لی

آسٹریلیا نے ون ڈے کی تاریخ میں بالز کے اعبتار سے سب سے بڑی فتح سمیٹ لی۔

کینبرا میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم محض 24.1 اوورز میں 86 رنز بناکر آل آؤٹ ہوئی، محض تین کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل ہوسکے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایلک ایتھنیز 32، کیسی کارٹی 10 جبکہ روسٹن چیس 12 رنز بناکر نمایاں رہے۔

کینگروز کی جانب سے زیویر بارٹلیٹ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلوی ٹیم نے 87 رنز کا ہدف محض 6.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، (259) بالز کے اعتبار سے جیت کینگروز کی ابتک کی سب سے بڑی فتوحات میں سے ایک ہے۔

سابق سفیر اور حوثیوں کے مخالف احمد عوض یمن میں آئینی حکومت کے سربراہ مقرر

واشنگٹن: امریکا میں یمن کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے احمد عوض بن مبارک کو آئینی حکومت کا سربراہ مقرر کردیا۔

عرب میڈیا کے مطابق یمن میں آئینی حکومت میں تبدیلی کی گئی ہے۔ یمن کی آئینی حکومت کے سربراہ بن مبارک معین عبدالمالک سعید کو کونسل کے صدر رشاد العلیمی کا مشیر مقرر کیا گیا اور ان کی جگہ آئینی حکومت کے سربراہ کی ذمہ داری احمد عوض سنبھالیں گے۔

تاحال اس تبدیلی کی وجہ سامنے نہیں آئی لیکن احمد عوض کی بطور آئینی حکومت کے سربراہ کی تعیناتی حیران کن ہے کیوں کہ ان کی تعیناتی سے حوثی باغیوں کے حملوں میں شدت کا خدشہ ہے ۔
یاد رہے کہ یمن میں تنازع کے بعد اقوام متحدہ کے ذریعے عالمی سطح پر تسلیم شدہ آئینی حکومت ’’صدارتی کونسل‘‘ حکومتی امور سرانجام دے رہی ہے۔

دارالحکومت صنعا میں صدارتی کونسل کو حوثی باغیوں نے بیدخل کرکے اپنی حکومت قائم کرلی تھی جس کے بعد صدارتی کونسل نے جنوبی شہر عدن کو دارالحکومت بنایا ہے۔

خیال رہے کہ آئینی حکومت نے نو مقرر کردہ سربراہ احمد عوض بن مبارک حوثیوں کے سخت مخالف سمجھے جاتے ہیں اور انھیں 2015 میں حوثی باغیوں نے اغوا کرکے کئی روز تک اپنی قید میں بھی رکھا تھا۔

احمد عوض بن مبارک امریکا اور اقوام متحدہ میں بھی یمن کے سفیر رہ چکے ہیں اور ملکی وزیر خارجہ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہے تھے۔

یمن میں حکومتی تنازع 2014 میں شروع ہوا تھا اور تب سے سعودی عرب کی سربراہی میں فوجی اتحاد اور حوثیوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم اپریل 2022 میں جنگ بندی کے بعد سے جنگ کی شدت میں نمایاں کمی آئی ہے۔

پہلا سیمی فائنل؛ جنوبی افریقا کی بھارت کیخلاف بیٹنگ جاری

انڈر-19 ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا نے بھارت کیخلاف 14 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 68 رنز بنالیے۔

جنوبی افریقا کے شہر بینونی میں کھیلے جارہے میچ میں بھارتی کپتان اودے سہارن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر فائنل میں اچھا پرفارم کرکے ٹائٹل جیتنا ہدف ہے۔

دوسری جانب جنوبی افریقی کپتان نے کہا کہ کوشش کریں گے حریف کیخلاف بڑا ٹارگٹ سیٹ کرکے میچ میں فتح سمیٹیں۔
واضح رہے کہ ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

بھارت کا اسکواڈ:

کپتان اودے سہارن، آدرش سنگھ، ارشین کلکرنی، پریانشو مولیا، سچن داس، مشیر خان، ارویلی اوینیش، مروگن ابھیشیک، راج لمبانی، نمن تیواری، سومی پانڈے

جنوبی افریقا کا اسکواڈ:

لہوان پریٹوریئس، اسٹیو اسٹوک، ڈیوڈ ٹیگر، رچرڈ سیلٹسوین، دیوان ماریس، جوآن جیمز، اولیور وائٹ ہیڈ، ریلی نارٹن، ٹرسٹن لوس، نکوبانی موکوینا، کوینا مافاکا

عاطف اسلم کی بالی ووڈ میں واپسی کی خبروں پرہندو انتہاپسند تنظیم کی دھمکی

ممبئی: ہندو انتہاپسند تنظیم نے عاطف اسلم کی بالی ووڈ میں واپسی کی خبروں پردھمکی دے دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندو انتہا پسند تنظیم مہاراشٹر نونریمان سینا کے رہنما راج ٹھاکرے نے دھمکی دی ہے کہ بالی ووڈ میں پاکستانی آرٹسٹوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ہندو انتہاپسند رہنما کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ کے جو پروڈیوسرز عاطف اسلم کو دوبارہ بالی ووڈ میں لانے اور ان کے لیے ریڈ کارپٹ بچھانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں انہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔

ہندو انتہاپسند کے ایک اور رہنما نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ بالی ووڈ میں پاکستانی آرٹسٹوں کو لانے والوں کو ان کی اوقات دکھانا ضروری ہے۔ چیلنج کرتا ہوں کہ کوئی بھی پروڈیوسر فلم میکر پاکستانی آرٹسٹ کو اپنے پروجیکٹ میں لینے کی غلطی نہ کرے۔

ہندو انتہاپسندوں نے عاطف اسلم کی حمایت کرنے پر بالی ووڈ کے مشہور گلوکار ارجیت سنگھ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔کچھ روز قبل بالی ووڈ کے ایک فلم میکر نے اپنی نئی فلم کے گانے عاطف اسلم سے گوانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ عاطف اسلم کی 7 سال بعد بالی ووڈ میں واپسی خوشی کی خبر ہے۔

انتخابات میں کسی بھی جگہ قانون کو ہاتھ میں نہیں لینے دیا جائے گا، وزیر داخلہ

اسلام آباد: نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے کہا کہ 48 گھنٹوں میں الیکشن ہونے جا رہا ہے اور کسی بھی جگہ قانون کو ہاتھ میں نہیں لینے دیا جائے گا، تمام امیدواروں کے درمیان تناؤ نہیں ہے۔

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ ابھی تک کسی جگہ موبائل یا انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا، سیکیورٹی حالات کے پیش نظر کسی ضلع یا صوبے کی درخواست آئی تو سروس بند کرنے پر غور کیا جائے گا۔

گوہر اعجاز نے کہا کہ ہر پولنگ اسٹیشن پر 7 سے 8 سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے، حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی ہوگی، ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار عوام کی حفاظت کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔
نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ یقین ہے کہ انتخابات پر امن ہوں گے، مجموعی طور پر انتخابات کی سیکیورٹی کے لیے ساڑھے چھ لاکھ سے زائد وفاقی اور صوبائی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمیں ان فورسسز سے خطرہ جو پاکستان کو مستحکم نہیں دیکھنا چاہتے، باجوڑ واقعے کے پیچھے اصل مقصد صرف ہمیں ڈرانا تھا۔

ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان کا نام اور عزت ہمارے میڈیا کے ہاتھ میں ہے، یہ 25 کروڑ لوگوں کی امانت میڈیا کے پاس ہے۔ حکومت نے 5 ماہ اور 18 دن محنت سے کام کیا ہے، اس الیکشن میں آپ اپنی ایمانداری سے ووٹ دیں۔

نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ جہاں جہاں سی سی ٹی وی موجود ہے ہم نے لگائے ہیں، ہمارے پاس 90 ہزار 777 پولنگ اسٹیشن ہیں، 40 ہزار پولنگ اسٹشن نارمل پولنگ اسٹیشن ہیں لیکن یہاں پر بھی سیکیورٹی تعینات ہے۔ 16 ہزار 786 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس ہیں جبکہ وفاقی حکومت کے 135 حساس پولنگ اسٹیشن ہیں۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پچھلے سال 17 اگست 2023 کو کابینہ کے حلف اٹھانے کے بعد اگلے روز پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ہی انتخابات کرانے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بارے میں بہت سی قیاس آرائیاں تھیں جس کے باوجود 8 فروری 2024 کو انتخابات ہو رہے ہیں، ملکی اور غیر ملکی صحافیوں کی سہولت کے لیے کل وزارت اطلاعات نے آن لائن ہیلپ لائن کا آغاز کیا، آئین کے دیباچے میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ انتخابات پرامن طور پر منعقد ہوں گے، 2018 کے انتخابات 2008 اور 2013 کی نسبت زیادہ پرامن تھے لیکن اس کے باوجود 666 لوگ جان سے گئے البتہ 2013 میں صورتحال زیادہ خراب تھی اور 2008 میں بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ایک مہینے انتخابات میں تاخیر ہوئی۔

نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے لڑ رہے ہیں، پاکستانی عوام کے حوصلے پست نہیں ہوئے اور اکا دکا واقعات کی وجہ سے پاکستانی عوام اپنے گھروں میں نہیں بیٹھیں گے، 8 فروری کو عوام اپنا حق رائے دہی لازمی استعمال کریں گے۔

شمالی وزیرستان میں مقابلہ، دہشت گردوں کا سرغنہ ایوب منصور ساتھی سمیت ہلاک

راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے دہشت گردوں کا سرغنہ ایوب اللہ منصور ایک ساتھی سمیت مارا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا جس میں فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، نتیجے میں دہشت گردوں کے سرغنہ ایوب اللہ منصور سمیت دو دہشت گردوں جہنم واصل ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے، ہلاک دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ ساتھ بھتہ خوری اور بے گناہ شہریوں کے اغوا سمیت دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گرد وں کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، علاقے کے مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا ہے اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔