پی ایس ایل9؛ ٹکٹوں کی فروخت سے قبل ہیکرز کا ویب سائٹ پر حملہ

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں کے ٹکٹوں کی فروخت کے آغاز سے قبل ہیکرز نے ویب سائٹ پر حملہ کردیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر لیگ نے انکشاف کیا ہے کہ پی ایس ایل ٹکٹ پارٹنرز کی ٹیکنکل ٹیم ویب سائٹ پر سائبر اٹیک کی وجہ سے پیدا ہونے والی پریشانیوں کو دور کرنے کی کوشش جارہی ہے۔

(http://pcb.tcs.com.pk) کی ویب سائٹ پر سائبر حملہ ہوا ہے جس کی وجہ سے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز نہیں ہوسکا۔

پی ایس ایل 9 کے آن لائن ٹکٹ بکنگ کی ویب سائٹ پر گزشتہ روز شام 5 بجے سے آن لائن ٹکٹ کی بکنگ شروع ہونی تھی۔

پی سی بی نے پی ایس ایل کے ٹکٹ فروخت کا معاہدہ نجی کوریئر کمپنی کے ساتھ کیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے میچز 17 فروری سے 4 شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کا فائنل 18 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔

عمران عباس نے ووٹرز کو سمجھانے کیلئے شاہ رخ خان کا سہارا لے لیا

پاکستان فلم و ڈراما انڈسٹری کے معروف اداکار عمران عباس نے 8 فروری کو ہونے والے الیکشن سے قبل ووٹ کی اہمیت بیان کرنے کے لیے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی مدد لے لی۔

الیکشن میں صرف ایک دن باقی ہے اور اس وقت پورے ملک میں ہر طرف سیاسی ماحول ہے، سیاسی جماعتیں جگہ جگہ جلسے کرتے نظر آرہی ہیں اور ساتھ ہی الیکشن مہم بھی جاری ہے۔

ایسے میں پاکستانی شوبز اسٹارز بھی ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پیغامات جاری کررہے ہیں، انہی اسٹارز میں عمران عباس بھی شامل ہیں۔

عمران عباس نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بالی ووڈ کے میگا اسٹار شاہ رخ خان کی سُپر ہٹ فلم ‘جوان’ کا ایک سین پوسٹ کیا جس میں کنگ خان ووٹ کی اہمیت بیان کرنے کے ساتھ ہی عوام کو سیاسی رہنماؤں کے انتخاب کے لیے احتیاط سے کام لینے کی اپیل کررہے ہیں۔

شاہ رخ خان کہتے ہیں کہ “جب آپ کوئی بھی اشیا خریدتے ہیں تو اس اشیا سے متعلق دکاندار سے ڈھیروں سوال کرتے ہیں تو پھر ووٹ دینے سے قبل سیاسی رہنما سے سوال کیوں نہیں کرتے؟ آپ کے ایک ووٹ سے ہی پورے ملک کے مستقبل کا فیصلہ ہوتا ہے تو پھر آپ اس اہم فرائض کی ادائیگی سے قبل سوال کیوں نہیں کرتے؟”

یہ ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے عمران عباس نے صارفین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ “یہ دیکھیں، شاید آپ لوگوں کو کچھ سمجھ آجائے”۔

واضح رہے کہ 8 فروری جمعرات کے روز ملک بھر میں عام انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے، ووٹ ڈالنے کے لیے رائے دہندگان کو صبح 8 بجے سے لے کر شام 6 بجے تک کا وقت دیا گیا ہے۔

رضوان کی بی پی ایل کے رواں ایڈیشن میں مایوس کن کارکردگی

ڈھاکا: محمد رضوان کی بی پی ایل کے اس ایڈیشن میں کارکردگی مایوس کن رہی۔

محمد رضوان نے 4 اننگز میں 21.33 کی اوسط اور 85 کے اسٹرائیک ریٹ سے 64 رنز بنائے، اس بارے میں انھوں نے کہا کہ میں بھی ایک انسان ہوں مشین نہیں، اپنی طرف سے ٹیم کیلیے بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔

ہر طرف نُور کے دریا ہیں رواں آج کی رات۔۔! ؛ شبِِ معراج

واقعہ معراج انسانی تاریخ کا وہ عدیم النظیر، پُرشکوہ اور استعجاب آفریں واقعہ ہے جو اپنے دامن میں امام الانبیاء حضور سید المرسلین ، وجہ تزئین و تخلیق ِ کائنات حضرت محمد رسول اﷲ ﷺ کی شان ِ عظمت و رفعت، آپ ؐ کے اوج کمال اور ارتفاع ِ دارین، فوز و فلاح ِ آدمیت اور شفاعت و بخشش ِ انسانی کی نوید جاں فزا لیے ہوئے ہے۔

واقعۂ معراج کا مرصع تاج ِ تمام انبیاء و رُسلؑ میں فقط حضور سید المرسلین ﷺ کی جبین ِ ضوفشاں پر سجایا گیا۔ ایسا متبرک و محتشم تاج جس کی چمک کی تابانی سے آفتاب و ماہ تاب اور تابشِ کہکشاں بھی خجل نظر آتی ہے۔

حضور سرورِ کائناتؐ کو اسرا کی شب انبیاء کی امامت کا وہ ارفع و منفرد اعزاز بخشا گیا جس کی تیاری آدم علیہ السلام سے لے کر حضرت مسیح علیہ السلام تک تسلسل سے کی گئی۔ اس شب حضور ؐ کو حبیب کبریا کا جاں بخش لقب ارزانی ہوا۔ اس شب سردار ملائکہ حضرت جبریل امیںؑ سائیس بن کر تاج دارِ فقر و غنا کے حضور حاضر ہوئے اور رحمۃ اللعالمینؐ کی بارگاہِ جلال میں دعوت کا مژدہ جاں افزا عطا کیا۔
یہی وہ شب تھی جب انبیائے کرامؑ آمنہ کے اُس دُرِیتیم ﷺ کے دیدار پُرانوار کی حسرت و تمنا لیے بیت المقدس میں منتظر تھے جس پر رب ذوالمنن اور اُس کے فرشتے ہمہ وقت درود و سلام کی بارش کیے رہتے ہیں اور پھر قیامت تک اہل ایمان کو بھی حکم دیا کہ تم بھی میری سنت و روایت میں کثرت سے سلام بھیجا کرو۔ جن کے شہر میں انسان قدم رکھتا ہے تو غم ِ حیات کی طلاطم خیز موجیں کپکپاتی، ڈگمگاتی اور لرزتی دُور بھاگ جاتی ہیں۔

تُو حُسن ہے، فیضان ہے، خوش بُو ہے، ضیاء ہے

معمور ترے ذکر سے عالَم کی فضا ہے

اسی شب کائنات رنگ و بُو اور عالم بالا کے مکینوں کو آپ ؐ کی لامحدود رفعت و عظمت کا صحیح اندازہ ہوا کہ ہر بابِ عرش آپ ؐ کے اعزاز میں کُھلتا چلا گیا، ہر آسمان کے مکین ایک لامثال فرحت و انبساط کے ساتھ آپؐ کے جمال جہاں آرا کا نظارہ کرنے کے لیے سراپا استقبال تھے۔

آپ ﷺ اس عالم ارضی میں وہ واحد خیرالخلائق ہستی ہیں جنہیں اسی شب جنت دوزخ کا مشاہد ہ کرایا گیا اور حقائق کو آپ کی چشم سُرمگیں کے سامنے رکھ دیا گیا کہ ان بدیہہ حقائق کی روشنی میں آپ ؐ کی اُمت اپنی زندگی کا لائحہ عمل متعین کرے۔ آقائے دو جہاںؐ نعائم فردوس ِ بریں دیکھ کر فرحت و انبساط سے معمور ہوگئے مگر دوزخ کے مہیب شعلوں میں خطا کاروں کی سزاؤں سے نہایت کبیدہ خاطر ہوئے۔

شافع محشرؐ اپنے خاطی و عاصی امتیوں کی مغفرت و بخشش کی تمنا لیے آگے بڑھتے گئے۔ ایک ایسا مقام بھی آگیا جسے قرآن سدرۃ المنتہاء کے نام سے یاد کرتا ہے وہاں ملائکہ کے رئیس حضرت روح الامینؑ (جنہوں نے فخر و مباہات سے آپؐ کے براق کی مہار تھامی ہوئی تھی) بھی شکستہ پا عرض کرتے ہیں: آقا ﷺ، یہ وہ مقام ہے جو میرے اور خالق کے درمیان حدِفاصل ہے اس سے آگے ایک بھی قدم رکھنے سے تجلیات خداوندی سے میرے پَر جلنے لگتے ہیں۔

جلتے ہیں جس مقام پہ پَر جبرائیل کے

اُس کی حقیقتوں کے شناسا تمہی تو ہو

اس سے آگے کا سفر سرکارِ رسالت مآب ﷺ نے تنہا طے کیا۔ یہی وہ اعزاز و اکرام ہے جو آقا ؐ کو تمام کائنات اور اس کی موجودات پر ایسا ممیز کرتا ہے جس کا تصور بھی کرنا کسی کے بس کی بات نہیں۔ پیش گاہِ عزت و جلالِ خداوندی کے وقت تمام حجابات اٹھا دیے گئے۔

سیدنا موسیٰ کلیم اﷲ جیسا صاحب سطوت پیغمبر کوہ ِ طور پر انوار رب دو جہاں کی ادنیٰ سی جھلک برداشت نہ کرسکا اور اس حقیت پر قرآن شاہد ہے مگر سردارِ دو جہاں ﷺ کی شان ِ رفعت دیکھیے کہ مشاہدہِ حق کے دوران پلک تک بھی نہ جھپکی اور ظرفِ نبوت نے فیضان ِ رب کو پوری طرح سمیٹ لیا۔

بارگاہِ خدا ئے عزوجل سے جو بیش قیمت گراں مایہ تحائف عطا ہوئے اُن میں بالاتفاق نماز پنج گانہ اور دیگر احکامات کے ساتھ یہ نوید جاں فزا بھی مرحمت ہوئی کہ آپؐ کی اُمت کے لیے شرک کے علاوہ دیگر تمام معاصی کی بخشش کا امکان ظاہر کیا گیا اور مقام ِ محمود جیسا لطیف اور باکمال منصب عطا کیا گیا۔

واقعۂ معراج کے پیش آنے کا ایک پس منظر تو یہ تھا کہ حضور سرور کونین ﷺ قریش مکہ کی ایذا رسانیوں سے پریشان و کبیدہ خاطر تھے، مصائب و آلام کی ان آندھیوں میں حبیب کبریا ﷺ کی دل جوئی مقصود تھی، کفار حضورؐ اور آپ ؐ کے رفقا پر جبر و استبداد کا ہر حربہ آزمائے ہوئے تھے، اس لیے یہ ازبس ضروری تھا کہ آپؐ کی تالیف قلب کا اہتمام کیا جائے۔

دوسرے یہ کہ معراجِ نبوت نے انسانی زندگی پر سماجی، اخلاقی اور معاشرتی اعتبار سے گہرے اثرات مرتب کیے، خلق خدا کو ایک لائحہ عمل مل گیا، ضوابطِ حیات کا ایک ایسا خزانہ ملا جو انقلاب و کیف آفرین بھی تھا اور نجات ِ اُخروی کا سبب بھی تمام انبیاء و رُسلؑ کی عملی طور پر امامت سے آپ ؐ کا امام الانبیاء ہونے کا منصب نکھر کا سامنے آگیا۔

سرنگوں ہوگئے ظلمت کے نشاں آج کی رات

ہر طرف نور کے دریا ہیں رواں آج کی رات

گردشِ شام و سحر اپنا چلن بھو ل گئی

جادۂ شوق پہ ہے کون رواں آج کی رات

پی ٹی آئی کے خلاف بیان نہیں دیا 3 کروڑ میں ٹکٹ بکنے کے بیان پر قائم ہوں، شیخ رشید

 راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی درخواست ضمانت پر سماعت 10 فروری تک ملتوی کردی گئی، شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے خلاف پریس کانفرنس نہیں کی لیکن پی ٹی آئی میں ٹکٹ تین کروڑ میں بیچے جانے کے بیان پر قائم ہوں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل میں قائم عدالت میں شیخ رشید کے نو مئی کے حوالے سے قائم مقدمات میں ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق نے دلائل میں کہا کہ صداقت عباسی کا بیان دوران حراست لیا گیا جو جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں لیا گیا، جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں لیا گیا بیان ٹیکسلا کے مقدمات میں استعمال نہیں کیا جا سکتا، شیخ رشید گزشتہ سال چار مئی کو بیرون ملک گئے آٹھ اور نو مئی کے درمیانی شب واپس وطن پہنچے۔

وکیل شیخ رشید نے کہا کہ جس زوم میٹنگ کا حوالہ دیا جا رہا ہے وہ کہاں اور کس کی صدارت میں ہوئی؟ کوئی شواہد موجود نہیں۔

عدالت نے شیخ رشید احمد کی درخواست ضمانت پر سماعت 10 فروری تک ملتوی کردی، ٹیکسلا میں درج تین مقدمات میں شیخ رشید کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد ہوگئی، عدالت نے شیخ رشید کو تینوں مقدمات میں ڈسچارج کر دیا اور شیخ رشید کو پولیس حراست میں دینے کی استدعا بھی مسترد کردی۔

میں نے پی ٹی آئی کے خلاف پریس کانفرنس نہیں کی تھی ٹکٹ بکنے کے شواہد موجود ہیں، شیخ رشید

سماعت کے بعد اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ الیکشن میں دو دن رہ گئے ہیں عوام سے اپیل ہے کہ قلم دوات کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ میں نے پی ٹی آئی کے خلاف کوئی پریس کانفرنس نہیں کی تھی پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدوار کے تین کروڑ روپے دے کر ٹکٹ لینے کے موقف پر آج بھی قائم ہوں، تین کروڑ روپے لے کر ٹکٹ دیا گیا جس کے شواہد موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہیں ہوئی وہ دوسری جانب قید ہیں۔

شیخ رشید کو الیکشن سے باہر رکھنے کے لیے سب کیا جارہا ہے، وکیل

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کے وکیل نے کہا کہ تھانہ ٹیکسلا پولیس نے 9 مئی کے 3 مقدمات میں شیخ رشید کی گرفتاری کی استدعا کی، پولیس کی جانب سے شیخ رشید کے 15 روز کا جسمانی ریمانڈ مانگا گیا ہم نے عدالت کو بتایا کہ پراسیکیوٹر 16 جنوری کو بتا چکے ہیں کہ ان مقدمات میں شیخ رشید مطلوب نہیں ہیں۔

وکیل نے کہا کہ پولیس نے صداقت عباسی کے 164 کے بیان کو بنیاد بنا کر شیخ رشید کی گرفتاری مانگی صداقت عباسی سرکاری ٹارچر سیل اور ایجنسیز اور پولیس کی تحویل میں تھے جب ان سے یہ بیان لیا گیا، 20 ستمبر 2023ء کے بیان پر شیخ رشید کو ان مقدمات میں گرفتار نہیں کیا جاسکتا کوئی بیان ایک مقدمے میں ریکارڈ کیا گیا ہو وہ کسی اور مقدمے میں استعمال نہیں ہوسکتا۔

وکیل کا کہنا تھا کہ ہمارے دلائل پر عدالت نے اتفاق کیا اور 16 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی، عدالت نے شیخ رشید کو ٹیکسلا کے تینوں مقدمات سے بری کر دیا ہے، شیخ رشید کے خلاف نیو ٹاؤن مقدمے میں ہمارے بحث مکمل ہوچکی ہے پولیس کیس جانب سے پھر تاریخ مانگی گئی کہ ان کے پراسیکیوٹر موجود نہیں۔

انہوں ںے کہا کہ شیخ رشید کو 8 فروری کے الیکشن سے باہر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، شیخ رشید کو اس لیے بند کیا گیا کہ وہ انتخابی مہم نہ کر سکیں اور لوگوں سے ووٹ نہ مانگ سکیں، 8 فروری کو الیکشن ہیں اور 6 فروری کو تاریخ رکھنے کا مقصد وقت ضائع کرنا تھا، شیخ رشید کو الیکشن پراسس سے باہر رکھنے کے لیے سب کیا جارہا ہے۔

پی ٹی آئی کے نوجوان نفرت ختم کریں میں بھی سب کچھ بھلادوں گی، مریم نواز

قصور: مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ میں عوام کو گواہ بناکر کہتی ہوں کہ میں سب کچھ بھلانے کو تیار ہوں، پی ٹی آئی کے نوجوانوں کو پیغام دیتی ہوں کہ وہ بھی نفرت کی سیاست کو دفن کردیں۔

قصور کھڈیاں خاص میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کہا گیا کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی آج دیکھو سیاست شروع بھی نواز شریف سے ہورہی ہے اور ختم بھی نواز شریف پر ہورہی ہے، نواز شریف کے مخالفین کی تقریر بھی نواز شریف سے شروع ہوکر ان پر ہی ختم ہوتی ہے انہوں ںے تنقید کا آسان طریقہ ڈھونڈا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی شکر گزار ہوں کہ پاکستان کی بیٹیوں اور بہنوں کو گرفتار کرے چکیاں پیسنے پر لگادیا گیا، نواز شریف کی کردار کشی کی گئی اور مجھے بھی نہیں بخشا گیا، ہم پر کیچڑ اچھالی گئی، لیکن ان کے خلاف فیصلے آئے تو ہم نے ان پر تنقید نہیں کی۔

مریم نواز نے کہا کہ میں نے اسی جدوجہد میں اپنی ماں کھوئی ہے جو کبھی واپس نہیں آئے گی، میں عوام کو گواہ بناکر کہتی ہوں کہ میں سب کچھ بھلانے کو تیار ہوں، میں تحریک انصاف کے نوجوان جو جیلوں میں پڑے ہیں انہیں بھی پیغام ہے کہ نفرت کی سیاست کو دفن کردیں۔

نواز شریف کا تین مرتبہ تختہ الٹا لیکن کسی سپہ سالار کو میر جعفر نہیں بولا، شہباز شریف

قصور: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا تین مرتبہ تختہ الٹا گیا لیکن کبھی کسی سپہ سالار کو میر جعفر نہیں بولا، یہ ہے عوام کا نواز شریف ہے۔

قصور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پورے پاکستان میں ترقیاتی کام کی جس کی تختیاں لگیں وہ نواز شریف ہے، نواز شریف 8 فروری کو چوتھی مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوکر عوام کو مشکلات سے نکالیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سندھ والی پارٹی کراچی میں تو ترقیاتی کام نہیں کر سکی اور کہتی ہے کہ کراچی کو لاہور بنا دیں گے، جنہوں نے کراچی کو لاہور بنانا ہے تو باقی کیا بات رہ گئی!۔

صدر ن لیگ نے کہا کہ ایک طرف 9 مئی کا واقعہ ہے اور دوسری طرف 28 مئی والا نواز شریف ہے، ایک طرف اندھیرے تھے تو نواز شریف روشنی لایا۔

فراڈیوں کو دوبارہ آنے نہیں دینا انہوں نے پاکستان کا ستیاناس کیا ہے، نوازشریف

کھڈیاں خاص: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر ہماری حکومت ختم نہیں کی جاتی تو آج پورے پاکستان میں کوئی بے روزگار نہیں ہوتا اور ملک میں ترقی ہوتی اس لیے اب فراڈیوں کو دوبارہ آنے نہیں دینا انہوں نے پاکستان کا ستیاناس کردیا ہے۔

قصور کے علاقے کھڈیاں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ الیکشن 8 کو ہیں لیکن آج یہاں جشن کا سماں ہے اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے، عوام کا پہاڑ ہے، سفید داڑھی والا بھی یوتھ ہے اور ہم سب یوتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف یہاں سے الیکشن لڑ رہے ہیں، اس کی سمجھ مجھے آرہی ہے اور یہاں جو جذبہ موجود ہے اس کی بھی سمجھ ہے، شہباز شریف کو یقین ہے کہ کھڈیاں کی تقدیر بدلنے والی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف 9 کے بعد تو آئیں گے لیکن یہ بتا کر جائیں کے کھڈیاں اور کوٹ رادھاکشن کو کیا دے کر جا رہے ہوں اور ان کو کچھ دیے بغیر جانے نہیں دینا اور یہاں کی تقدیر بدل جانی چاہیے۔

نواز شریف نے کہا کہ میری حکومت ختم نہیں کی جاتی تو کوئی بھی نوجوان بے روزگار نہیں ہوتا اور سب کے پاس باعزت روزگار ہوتا اور یہ بات میں یقین سے کہہ رہا ہے اور دعوے کے ساتھ کہتا ہوں کہ نواز شریف کا دورہ جاری رہتا تو پورے ملک میں کوئی بے روزگار نہیں رہتا، یہ بات کوئٹہ، پشاور، لاہور اور کراچی کے عوام بھی سن لیں۔

‘پاکستان کو ٹھوکروں اور مشکلوں سے باہر نکلنا ہے’

انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت ٹھوکرے کھائی ہیں لیکن ہمیں ان ٹھوکروں اور مشکلوں سے باہرنکلنا، پھر ترقی کی دوڑ میں شامل ہونا ہے اور ہم نے پھر ایشین ٹائیگر بننا ہے، میرے سامنے بڑے کام کے لوگ بیٹھےہوئے ہیں، ان سے کام لو اور اس جذبے کو پاکستان کے لیے استعمال کرو، یہ جذبہ پاکستان میں انقلاب پیدا کرے گا اور پاکستان کی تقدیر بدل دے گا۔

مسلم لیگ(ن) کے قائد نے کہا کہ شہباز شریف وعدہ کریں کہ کھڈیاں کی سڑکیں پیرس کی سڑکوں کو مات کرے، راستہ کسی موٹروے سے کم نہیں ہونا چاہیے، کھڈیاں کا کیا قصور ہے کہ یہاں یونیورسٹی نہیں ہوسکتی، ان نوجوانوں کو یونیورسٹی ملنی چاہیے اور قصور کو بھی یونیورسٹی ملنی چاہیے، ان نوجوانوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ اور بہترین کمپیوٹر ہونا چاہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں اسٹیڈیم نہیں ہے تو خوب صور اسٹیڈیم بننا چاہیے، کوٹ رادھا کشن کو بھی یہ تمام چیزیں ملنی چاہئیں، ملک رشید میرے پرانے ساتھی ہیں اور ہر مشکل دور میں میرے ساتھ کھڑے رہے ہیں، ان کو وہ تمام چیزیں ملنی چاہئیں جو یہ کوٹ رادھا کشن کے لیے چاہتے ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ دو دن بعد جو سورج طلوع ہونے والا ہے، ان شااللہ وہ پاکستان کے لیے خوش حالی لے کر آرہا ہے، نواز شریف کے دور میں پاکستان میں خوش حالی تھی، یہ دھرنوں میں مصروف تھے اور ہم لوڈ شیڈنگ ختم کرنے، موٹر ویز بنانے، لوگوں کو سستی گیس اور سستی بجلی دینے، ہم دہشت گردی ختم کرنے میں مصروف تھے، ہم کسانوں کو آسانیاں دینے میں مصروف تھے، ہمارے دور میں 8 لاکھ روپے میں ٹریکٹر ملتا تھا اور آج 38 لاکھ روپے کا ملتا ہے تو کس کا دور اچھا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کسانوں کو سولر پینل بنا کر دینا ہے تاکہ ٹیوب ویل سولر پینل پر چلے، نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیں گے، لیپ ٹاپ کے ساتھ ساتھ ان شااللہ ان کو ہنر بھی سکھائیں گے اور باعزت روزگار بھی دیں گے۔

‘وہ 50 لاکھ گھر کہاں گئے’

قائد مسلم لیگ (ن) نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ انہوں نے کہا تھا 50 لاکھ گھر دیں گے، کسی کو کوئی گھر ملا، کہاں گئے وہ 50 لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکریاں کہاں گئیں، کسی کو بھی نوکری نہیں ملی، ایک بلین ٹری کا منصوبہ کہاں گیا، وہ کھو کھاتے میں پڑ گئے اور پاکستان کا اربوں روپے کا نقصان ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ 350 ڈیمز کہاں گئے، کہیں ایک بھی ڈیم نظر آتا ہے، مرغیاں، انڈے، کٹے کہاں گئے، یہ سب فراڈ تھا، آج کل اتنی مہنگائی ہوگئی ہے جبکہ ہمارے زمانے میں 10 روپے میں ایک کلو سبزی ملتی تھی، 5 لاکھ روپے تک کاریں ملتی تھیں جبکہ آج 25 سے 30 لاکھ روپے کی ہوگئی ہیں، موٹرسائیکل 70 ہزار میں ملتا تھااور آج ڈھائی لاکھ روپے کا ملتا ہے۔

‘پاکستان کی دوبارہ تعمیر کریں گے’

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ایک تولہ سونا 50 ہزار روپے میں ملتا تھا اور آج کتنے کا ہے، پاکستان میں یہ ناانصافی نہیں چاہیے، فراڈ لوگ تھے، ان فراڈیوں کو پاکستان میں دوبارہ آنے نہیں دینا، انہوں نے پاکستان کا ستیاناس کیا ہے، ہم ان شااللہ پاکستان کو دوبارہ اپنی ڈگر پر لائیں گے اور اس ملک کی دوبارہ تعمیر کریں گے اور نواجوان ہمارے کندھے سے کندھا ملا کر ملک کی ترقی میں ہاتھ بٹائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف لکھ کر دوکہ قصور، کھڈیاں، کوٹ رادھا کشن اور پورے علاقے میں یونیورسٹی، دانش اسکول، بہترین ہسپتال بنائیں گے، اس میں کتنا خرچہ آئے گا 20 ارب روپے ہوگا عوام کے لیے 20 ارب قربان ہے اور یہ جذبہ پاکستان کے روشن مستقبل کا پیغام دے رہا ہے اور اس کا پیش خیمہ ہے، اسی جگہ پر اسٹیڈیم بنا کر دیں گے، جب اسٹیڈیم بنے گا تو شہباز شریف کے ساتھ میں خود افتتاح کرنے آؤں گا، کرکٹ کا میچ کھیلیں گے اور میں اوپننگ بیٹر کے طور پر کھیلوں گا۔

نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں روٹی 4 روپے کی تھی جبکہ آج کل 20 روپے میں ایک روٹی ملتی ہے، آج ہماری مہم کا آخری جلسہ ہے اور کھڈیاں میں ہوا ہے۔

امریکا نے حملہ کیا تو پوری قوت سے جواب دینے میں لمحہ نہیں لگائیں گے؛ ایران

تہران: ایران نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے ہماری قومی سلامتی اور خود مختاری کو للکارا تو اسے فوری اور قوت کے ساتھ جواب دیں گے۔

عرب میڈیا کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پہلے بھی ہر حملے کا فیصلہ کن جواب دیا ہے اور اگر اب بھی امریکا نے حملہ کیا تو بھرپور جواب دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کیا جس میں ان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا امریکا ایران پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ اردن میں ایک فوجی بیس پر ڈرون حملے میں امریکا کے 3 فوجی ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جس کا الزام امریکا نے ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ پر عائد کیا تھا۔

امریکا نے بعد ازاں شام اور عراق میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں 40 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ امریکا نے یہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ حزب اللہ کو مالی اور فوجی امداد ایران فراہم کرتا ہے۔

تاہم جب امریکی صدر سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ایران پر حملہ کرنا چاہتے ہیں تو انھوں نے جواب دیا تھا کہ یہ اس بات پر منحصر ہے کہ امریکی فوجیوں پر حملے میں ایران براہ راست ملوث تھا۔

امریکی صدر نے یہ بھی کہا تھا کہ فی الحال ایران پر حملے کے حق میں نہیں لیکن ایران کے خلاف ٹھوس شواہد مل گئے تو کچھ بھی ممکن ہے۔

انتخابات شفاف ہونگے عوام فیصلہ کریں قیادت کس جماعت کو دینی ہے، وزیراعظم

 اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات کے لیے ہرممکن قدم اٹھارہے ہیں انتخابات میں یہ فیصلہ عوام کریں گے کہ پاکستان کی قیادت کس جماعت کے حوالے کرنی ہے۔

یہ بات نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے دولت مشترکہ کے مبصر گروپ سے ملاقات میں کہی۔ مبصر گروپ نے سربراہ ڈاکٹر گُڈلَک ایبیلے جانتھن کے وفد کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وزیرِ اعظم نے وفد کی انتخابات کے حوالے سے پاکستان آمد کا خیر مقدم کیا۔

نگراں وزیراعظم نے دولت مشترکہ کی سیکریٹری جنرل پیٹریشیاء اسکاٹ لینڈ کی پاکستان اور دولتِ مشترکہ کے تعلقات میں مضبوطی کیلئے اقدامات کی تعریف کی۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ انتخابات 2024ء کی شفافیت کے لیے بین الاقوامی مبصرین کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں، حکومت بین الاقوامی مبصرین کو انتخابات کے جائزے کیلئے تمام تر سہولیات فراہم کرے گی، نگران حکومت ملک میں شفاف انتخابات کے کامیاب انعقاد کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت ہر جماعت کو اپنی انتخابی مہم کیلئے موزوں ماحول فراہم کر رہی ہے، نگران حکومت یقینی بنا رہی ہے کہ الیکشن کمیشن کو شفاف انتخابات کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام سہولیات فراہم کی جائیں، انتخابات میں یہ فیصلہ عوام کریں گے کہ پاکستان کی قیادت کس جماعت کے حوالے کرنی ہے۔

دریں اثنا وفد نے سیکٹری جنرل دولت مشترکہ کی جانب سے وزیرِ اعظم کو خیر سگالی کا پیغام دیا۔ وفد نے انتخابات کے شفاف انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔

سری دیوی کی موت سے متعلق جعلی خطوط ، یو ٹیوبرکیخلاف قانونی کارروائی

نئی دہلی: بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ سری دیوی کی موت سے متعلق جعلی خطوط دکھانے پر یو ٹیوبر کے خلاف چارج شیٹ جاری کر دی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( سی بی آئی) نے یو ٹیوبر دپتی آر پننیتی کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی۔ یوٹیوبر کے خلاف سری دیوی کی موت سے متعلق جعلی خطوط بنانے کے الزام پر چارج شیٹ جاری کی گئی۔

سی بی آئی حکام کا کہنا ہے کہ خود ساختہ تحقیقاتی صحافی دپتی پننیتی نے بالی ووڈ کی لیجنڈ اداکارہ کی موت سے متعلق اپنے موقف کو مستند بنانے کے لیے وزیراعظم نریندر مودی سمیت دیگر مشہورشخصیات کے نام سے جعلی خطوط جاری کیے۔ سی بی آئی نے گزشتہ سال دپتی اور ان کے وکیل کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔
یو ٹیوبر سوشل میڈیا پر اداکارہ سری دیوی اور اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے حوالے سے کیے گئے متنازع شوز کی وجہ سے مشہور ہوئی تھیں۔ انہوں نے اپنے دونوں اسٹارز کی ہلاکتوں کو مشکوک قرار دیا تھا۔ سری دیوی کی موت میں دپتی نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت اور دبئی کی حکومتوں نے معاملے کو دبا لیا تھا۔

جج محمد بشیر کی چھٹی پر جانے کی ایک اور کوشش ناکام

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی چھٹی پر جانے کی ایک اور کوشش ناکام ہوگئی، ان کی جانب سے دی جانے والی درخواست فی الحال روک دی گئی ہے۔ . توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سزا سنانے والے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ریٹائرمنٹ کی چھٹی کی درخواست دائر کی۔ جج کی حیثیت سے اُن کی چوتھی مدت 14 مارچ کو ختم ہو رہی ہے اور وہ اپریل میں ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچیں گے۔

محمد بشیر نے اس سے قبل 20 جنوری کو جب وہ بانی پی ٹی آئی عمران ؒخان اور ان کی اہلیہ کے خلاف کیس کی سماعت کر رہے تھے تو ریٹائرمنٹ تک طبی چھٹی کی درخواست دی تھی۔

تاہم بعد ازاں انہوں نے درخواست واپس لیتے ہوئے مقدمے کی سماعت جاری رکھی۔ سابق وزیراعظم کو سزا سنانے کے بعد احتساب عدالت کے جج نے یکم فروری کو دوبارہ اسلام آباد ہائی کورٹ اور وزارت قانون کو چھٹی کے لیے خط لکھا تھا۔

خط میں محمد بشیر کا کہنا تھا کہ وہ صحت کی خرابی کی وجہ سے اپنے فرائض سرانجام نہیں دے سکتے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بشیر نے صحت کی وجوہات کی بنا پر ایل پی آر مانگا تھا کیونکہ وہ مبینہ طور پر ہائی بلڈ پریشر اورہائپرٹینشن میں مبتلا ہیں۔

محمد بشیر بدھ (31 جنوری) کو توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سزا سنانے سے ایک دن قبل طبیعت ناساز ہونے پر اچانک کمرہ عدالت سے چلے گئے تھے، پھر اڈیالہ جیل کے اسپتال میں ڈاکٹروں نے ان کا علاج کیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ اور وزارت بشیر کے زیر سماعت مقدمات کی منتقلی کے لیے متبادل جج کی تلاش میں ہے، اسی لیے محمد بشیر کی جانب سے چھٹی کی درخواست روک دی گئی ہےٓ۔

واضح رہے کہ محمد بشیر اسلام آباد کی تینوں احتساب عدالتوں کی نگرانی کرنے والے واحد جج ہیں۔

وزارت قانون و انصاف نے 18 اکتوبر 2023 کو جاری حکم نامے میں جج کی عدم دستیابی کی صورت میں احتساب عدالت کو چلانے کے طریقہ کار کی وضاحت کی تھی۔

احتساب عدالت کے ججز کی عدم دستیابی کی صورت میں عدالتی کام میں خصوصی عدالت اے ٹی سی ون کے جج یا ان کی غیر موجودگی میں خصوصی عدالت اسلام آباد کے جج یا دونوں کی غیر موجودگی میں خصوصی عدالت (سینٹرل ون) یا ان کی غیر موجودگی میں جج اسپیشل کورٹ (سینٹرل ٹو) اسلام آباد معاملات دیکھیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق احتساب عدالت کی سربراہی کرنے والے ججز میں جج ذوالقرنین، جج شاہ رخ ارجمند یا ان کی غیر موجودگی میں جج دلاور شامل ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سے قبل دو ججز جسٹس ذوالقرنین اور جج دلاور سابق وزیراعظم عمران خان کو سزا سنا چکے ہیں۔

گزشتہ سال جج دلاور نے اثاثہ جات کے اعلان میں توشہ خانہ تحائف کی تفصیلات چھپانے پر بانی پی ٹی آئی کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

رواں ہفتے کے اوائل میں جج ذوالقرنین نے عمران خان کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

جج محمد بشیر عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف 190ملین پاؤنڈ کے مقدمے کی سماعت کررہے ہیں ، جس میں 10 فروری کو فرد جرم عائد کی جانی ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف، یوسف رضا گیلانی اور سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس بھی زیر سماعت ہے، اس کے علاوہ آصف علی زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف نیب ریفرنس بھی زیر سماعت ہیں۔

اس سے قبل جج محمد بشیر نے 2018 میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو سزا سنائی تھی۔

وہ 2012 سے احتساب عدالت میں ہیں اور سب سے طویل عرصے تک اس عہدے پر فائز رہنے والے جج ہیں جنہوں نے 12 سال تک اس عہدے کو برقرار رکھا۔

قومی احتساب آرڈیننس کے مطابق ایک جج صرف تین سال تک احتساب عدالت کے جج کا عہدہ سنبھال سکتا ہے۔ تاہم جج بشیر کی تعیناتی کے بعد ان کی مدت ملازمت میں 2 بار توسیع کی جا چکی ہے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بلا مقابلہ چیئرمین پی سی بی منتخب

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بلا مقابلہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منتخب ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی بلا مقابلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے 37ویں چیئرمین منتخب ہو گئے۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بورڈ آف گورنرز کے 10 ارکان نے محسن نقوی پر اگلے 3 سال کے لیے اعتماد کا اظہار کردیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ قائم مقام چیئرمین پی سی بی اور الیکشن کمشنر شاہ خاور محسن نقوی کے چیئرمین منتخب ہونے کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے گورننگ بورڈ کے خصوصی اجلاس میں پیٹرن پی سی بی نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی طرف سے پیٹرن کے 2 نمائندے محسن نقوی اور مصطفیٰ رمدے شامل تھے۔

دوسرے ارکان میں 4 ریجنز آزاد جموں کمشیر، لاڑکانہ، ڈیرہ مراد جمالی اور بہاولپور شامل ہیں۔ 4 محکموں پی ٹی وی، اسٹیٹ بنک، سوئی گیس اور غنی گلاس کے نمائندے بھی اس بورڈ آف گورنرز کا حصہ ہیں۔

سیکرٹری وزات بین الصوبائی رابطہ بھی اس بورڈ آف گورنرز میں ہیں تاہم ان کوووٹ دینے کا حق نہیں دیا گیا۔

محسن نقوی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے لیے مضبوط ترین امیدوار تصور کیا جا رہا تھا جو اس وقت نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی ذمہ داریاں بھی نبھا رہے ہیں۔

رمیز راجہ کی رخصتی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات نجم سیٹھی اور ذکا اشرف کی سربراہی میں قائم مینجمنٹ کمیٹیوں نے چلائے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ کا باقاعدہ چارج سنبھالنے کے بعد محسن نقوی کو پاکستان سپر لیگ اور قومی ٹیم کی بہتری کیلئے کئی اہم فیصلوں کا چینلج درپیش ہوگا۔