الیکشن کے دن انٹرینٹ بند ہو گا یا نہیں؟ پی ٹی اے نے بتادیا

پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے موقع پرانٹرنیٹ بند نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن(پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا ہر انٹرنیٹ کی بندش سے متعلق خبروں پر وضاحت جاری کردی۔

پی ٹی اے نےواضح کیا ہے کہ حکومت پاکستان الیکشن کے دن انٹرنیٹ بند نہیں کرے گی۔

اس حوالے سے جاری وضاحت میں کہا گیا ہے کہ ، ’انتخابات کے دن صارفین کو انٹرنیٹ کی سہولت میسر ہو گی۔‘

کاغذات نامزدگی واپس نہ لینے والے ابرار الحق نے بڑا اعلان کردیا

پاکستان کے مقبول گلوکار ابرار الحق نے الیکشن میں حصہ لینے سے متعلق وضاحتی بیان جاری کر دیا۔

سوشل میڈیا پر اپنے اکاؤنٹ سے پوسٹ کرتے ہوئے گلوکار اور پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما ابرار الحق کی جانب سے پوسٹ میں کہنا تھا کہ ’میں الیکشن 2024 نہیں لڑ رہا ہوں، میں اپنے کاغذات بروقت واپس نہیں لے سکا۔

جبکہ مزید اظہار خیال کرتے ہوئے گلوکار کا کہنا تھا کہ میرے لیے ضروری تھا کہ میں ایک سنگل ووٹ کی اہمیت کا یہ میسج آپ تک پہنچاؤں۔ اللہ پاکستان اور پاکستانیوں کا حامی و ناصر ہو۔ ابرار الحق سے متعلق سوشل میڈیا پر خبر گردش کر رہی تھی کہ وہ اس بار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، جس پر گلوکار کا وضاحتی ٹوئیٹ سامنے آ گیا ہے۔

دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ ابرار الحق نے حلقہ این اے 117 سے ابرار الحق آزاد امیدوار جبکہ علیم خان استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے اس حلقے میں علیم خان کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے۔

واضح رہے ابرار الحق پاکستان تحریک انصاف کا حصہ تھے تاہم 9 مئی کے واقعات کے بعد انہوں نے پی ٹی آئی سے اظہار لاتعلقی کا اعلان کر دیا تھا۔

پشین: پی بی 47 میں انتخابی دفتر کے قریب دھماکہ، 8 افراد جاں بحق

بلوچستان کے ضلع پشین میں حلقہ پی بی 47 میں سیاسی جماعت کے انتخابی دفترکے قریب دھماکے سے 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔

انتخابی دفتر میں ہونے والے دھماکے میں 10 افراد زخمی بھی ہوئے۔

زخمیوں کو فوری طور پراسپپتال منتقل کیاجا رہا ہے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنیوالے اداروں نےعلاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

الیکشن کمیشن نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔

میرے پاکستانیو، مجھے آپ کی حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے پر 24 سال کی سزا سنائی گئی،عمران خان قوم کے نام جیل سے پیغام

“میرے پاکستانیو، مجھے آپ کی حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے پر 24 سال کی سزا سنا دی گئی۔
مجھے اور پاکستان کو آپ کے بس 24 گھنٹے چاہئیں!
لوگوں کے زیادہ سے زیادہ ووٹ ڈلوائیں، پولنگ ایجنٹ کو فارم 45 ملنے تک پولنگ سٹیشن پر رکیں، اور پھر مکمل رزلٹ آنے تک ریٹرننگ افسر کے دفتر کے باہر پرامن طریقے سے بیٹھیں-“

الیکشن کا پرامن انعقاد، ملک بھر میں لاکھوں سیکورٹی اہلکار تعینات

اسلام آباد: عام انتخابات کو پرامن بنانے کے لیے ملک بھر میں لاکھوں سیکورٹی اہلکار تعینات کردئیے گئے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی درخواست پر کوئیک رسپانس فورس کے 106942 اہلکار تعینات کیے گئے جبکہ 23940 سیکورٹی اہلکار مستقل طور پر الیکشن کے دروان ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے مجموعی طور پر130882 اہلکار الیکشن ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔ ملک بھر میں مجموعی طور پر پولیس کے 465736 اہلکار تعینات ہوں گے۔

امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے آرمی، سول آرمڈ فورسز اور پولیس کے مجموعی طور پر 596618 اہلکار الیکشن ڈیوٹی سرانجام دینگے۔ پنجاب میں الیکشن کے پرامن انعقاد کے لیے پولیس کے 216000 اہلکار تعینات ہوں گے۔

صوبہ سندھ میں 110720، خیبرپختونخوا میں 92535 اور بلوچستان میں 46481 پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دینگے۔ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ووٹرز کو پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں

درگاہ اجمیر شریف ایک مندر پر بنائی گئی تھی؛ انتہاپسند ہندو رہنما

نئی دہلی: بھارت میں ہندوتوا تنظیم کا دعویٰ ہے کہ بھارتی ریاست راجستھان میں واقع معروف صوفی بزرگ حضرت خواجہ معین الدین کی معروف درگاہ اجمیر شریف کسی زمانے میں ہندوؤں کا ایک مقدس مندر ہوا کرتی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہندوتوا تنظیم مہارانا پرتاپ سینا نے دعویٰ کیا ہے کہ اجمیر شریف درگاہ بھی بابری مسجد کی جگہ مندر کو گراکر بنائی گئی تھی یہی وجہ ہے کہ درگاہ بن جانے کے باوجود بھی ہندو یہاں بڑی تعداد میں منت مرادیں مانگنے آتے ہیں۔

یہ دعویٰ مہارانا پرتاپ سینا کے قومی صدر راج وردھن سنگھ پرمار نے راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما کو لکھے ایک خط میں کیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ان کی تنظیم طویل عرصے سے درگاہ کی حقیقت جاننے کے لیے تحقیق کر رہی تھی۔

مہارانا پرتاب سینا نے وزیراعلیٰ راجستھان سے بابری مسجد اور گیانواپی مسجد کی طرح درگاہ اجمیر شریف کے مندر ہونے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہماری ان کوششوں کو کانگریس حکومت نے سنجیدگی سے نہیں لیا تھا لیکن مودی حکومت سے ہمیں کافی امیدیں ہیں۔

انتہاپسند ہندو رہنما نے وزیراعلیٰ راجستھان بھجن لال شرما کو ایک میمورنڈم بھی پیش کیا جس میں آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) سے اجمیر شریف درگاہ کی تحقیقات کی درخواست کی گئی تھی۔

راجستھان میں بی جے پی کی حکومت بننے سے پہلے بھی اسی انتہا پسند ہندو رہنما نے اُس وقت کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت کو خط لکھ کر محکمہ آثار قدیمہ سے درگاہ کا سروے کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ تاریخی شواہد سے اس مقام پر ہندو مندر کی موجودگی کا پتہ چل سکتا ہے۔

یاد رہے کہ مودی سرکار بابری مسجد کی جگہ رام مندر تعمیر کرچکی ہے اور 700 سال قدیم گیانواپی مسجد کو مندر ثابت کرانے کے لیے آرکیالوجیکل سروے کروا رہی ہے۔

پٹرول کی فروخت میں7 ماہ کے دوران 7 فیصد کمی

اسلام آباد: ملک بھر میں پٹرول کی فروخت میں رواں مالی سال کے پہلے7ماہ میں 7فیصد کمی جبکہ گزشتہ ہفتے سیمنٹ کی قیمتوں میں مجموعی طور پر استحکام ریکارڈ کیا گیا۔

رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ پٹرول کی فروخت 4.18 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کی 4.58 ملین ٹن فروخت کے مقابلہ میں 7فیصد کم ہے۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق یکم فروری کو ختم ہونیوالے ہفتے میں شمالی علاقوں میں فی بوری سیمنٹ کی اوسط قیمت 1221 روپے ریکارڈ کی گئی جوکہ پیوستہ ہفتے کی اوسط قیمت 1227 روپے سے 0.48 فیصد کم جبکہ جنوبی علاقوں میں اوسط 1188 روپے قیمت برقرار رہی۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں فی بوری اوسط قیمت 1187، گوجرانوالہ میں 1260 ، سیالکوٹ میں1267، لاہور میں 1280، فیصل آباد 1240، ملتان میں 1228، پشاور میں 1180، کراچی 1172، حیدر آباد 1180، سکھر 1250، کوئٹہ1205 اور خضدار میں 1150 روپے رہی۔

101 ڈالر کی سلامی ملنے پر ندا یاسر لائیو شو میں رو پڑیں

کراچی: پاکستان کی معروف مارننگ شو میزبان ندا یاسر امریکا میں پاکستانی بزرگ خاتون کی جانب سے 101 ڈالر کی سلامی ملنے پر لائیو شو کے دوران رو پڑیں۔

سوشل میڈیا پر ندا یاسر کے مارننگ شو کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں وہ امریکا میں ملنے والی 101 ڈالر کی سلامی کی کہانی سُنا رہی ہیں، ندا یاسر نے کہا کہ میں امریکی شہر شکاگو گئی تھی جہاں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا اور اس تقریب میں ساڑھے تین سو لوگ آئے ہوئے تھے، اسی دوران ایک بزرگ پاکستانی خاتون میرے پاس آئیں اور میرے شو کی تعریفیں کرنے لگیں۔

ندا یاسر نے کہا کہ اُس بزرگ خاتون نے مجھے بتایا کہ وہ اپنے گھر میں اکیلی ہوتی ہیں، وہ اپنی تنہائی دور کرنے کے لیے میرا مارننگ شو دیکھتی ہیں اور بہت خوش ہوتی ہیں۔
اُنہوں نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ بزرگ خاتون نے مجھے گلے سے لگاتے ہوئے کہا کہ وہ مجھ سے بہت پیار کرتی ہیں، اُنہوں نے مجھے دعائیں دیں اور ساتھ ہی 101 امریکی ڈالر کی سلامی بھی دی۔

میزبان نے کہا کہ جب بزرگ خاتون نے مجھے گلے سے لگایا تو میری آنکھوں میں آنسو آگئے تھے اور مجھے اپنا والدہ یاد آگئی تھیں۔

ندا یاسر نے کہا کہ پاکستان میں خواتین اپنی تنہائی دور کرنے کے لیے اپنے رشتہ داروں کے گھر یا محلے میں کسی کے گھر چلی جاتی ہیں لیکن پاکستان سے باہر ممالک میں کوئی کسی کا نہیں ہوتا، وہاں آپ کو خود ہی اپنی تنہائی دور کرنی ہوتی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ جب امریکا میں خواتین نے میرے شو کی تعریف کی تو مجھے بہت خوشی ہوئی اور اپنے شو کی قدر ہوئی۔

بنوں؛ تھانے پر حملہ آور دہشتگرد جوابی فائرنگ کے بعد پسپا

بنوں: دہشت گردوں کی جانب سے بنوں میں تھانہ میریان پر حملہ کیا گیا، تاہم جوابی فائرنگ سے حملہ آور پسپا ہو گئے۔

پولیس کے مطابق تھانہ میریان پر دہشت گردوں کی جانب سے دُور سے فائرنگ کی گئی، جس کی زد میں آکر وہاں نصب تھرمل کیمرے ناکارہ ہو گئے۔

جوابی فائرنگ کے بعد حملہ آور پسپا ہو گئے۔ واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں نے تھانے پر دو اطراف سے حملہ کیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: بنوں میں پولیس پارٹی پر حملہ، اے ایس آئی سمیت 2 پولیس اہلکارشہید، دہشتگرد ہلاک

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی ضلع بنوں کے علاقے تھانہ میریان کی حدود میں پولیس پارٹی پر حملے میں ملوث ایک دہشت گرد کو آپریشن کے دوران ہلاک کردیا گیا تھا۔آپریشن کے دوران 2 پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔

تھانہ میریان کی حدود ٹیری رام میں پولیس پارٹی پر ایک دہشت گرد نے حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ اس دوران جوابی فائرنگ میں دہشتگرد زخمی بھی ہوا، جو فرار ہوکر ایک گھر میں جا چھپا تھا۔ بعد ازاں آپریشن کے دوران پولیس اہل کار گھر میں داخل ہوئے تو دہشت گرد نے فائرنگ کردی، جس کی زد میں آکر اے ایس آئی سمیت 2 اہلکار شہید ہو گئے تھے۔

انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ، اسٹاک ایکسچینج میں 64 ہزار کی حد بحال

امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کے مستحکم ہونے کا سلسلہ بتدریج جاری ہے۔

آج بھی انٹر بینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

انٹربینک میں قیمت میں 17 پیسے اضافے کے بعد ڈالر کی نئی قیمت 279.25 روپے پر آگئی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر ایک پیسے مہنگا ہوا تھا۔

انٹربینک میں منگل 6 جنوری کو کاروبار کے اختتام پر ڈالر 279 روپے 42 پیسےپر بند ہوا تھا۔

ڈالر کی قیمت گرنے کی پیشگوئی
چیئرمین پاکستان فاریکس ایکس چینج ایسوسی ایشن ملک بوستان نے ڈالر کی قیمت مزید گرنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے ڈالر رکھنے والوں کو خبردار کیاہے۔

ملک بوستان کے مطابق ڈالرز کی بڑی تعداد لاکرز میں رکھی گئی تھی اور بینکوں کا عملہ بلیک مارکیٹنگ میں ملوث افراد کے ساتھ مل کر یہ ڈالرز حوالہ اور ہْنڈی میں استعمال کرتے تھے اگر بلیک مارکیٹنگ میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی جاری رہی تو ڈالر 250 روپے سے نیچے آجائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 307 روپے کی سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم نگراں حکومت کی جانب سے کریک ڈاؤن کے بعد ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور ستمبر سے اب تک ڈالر کی قدر میں مجموعی طور پر تقریباً 28 روپے کی کمی دیکھی گئی ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں تیزی
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں تیزی دیکھی گئی اور کاروبار کا مثبت آغاز ہوا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں270 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد 64 ہزار کی حد بحال ہو گئی ہے۔

سعودی قیادت نے فلسطینی ریاست کے قیام تک اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کا عزم دُہرا دیا

سعودی عرب نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ اسرائیل سے سفارتی تعلقات اس وقت ہی قائم کیے جاسکتے ہیں جب فلسطینیوں کی آزاد ریاست قائم کردی جائے۔

سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب اپنے جائز حقوق کے حصول کی جدوجہد میں فلسطینیوں کے ساتھ ہے۔

سعودی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ مملکت نے امریکی قیادت پر بھی واضح کردیا ہے کہ اسرائیل سے باضابطہ سفارتی تعلقات اُسی وقت قائم کیے جائیں گے جب فلسطینیوں کو مقبوضہ مشرقی بیت المقدس سمیت 1967 کی حدود کے مطابق ایک آزاد ریاست کے قیام کا حق نہیں دے دیا جاتا۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملوں اور ان کے نتیجے میں 25 ہزار سے زائد فلسطینیوں کی شہادت سے قبل سعودی قیادت اسرائیل سے باضابطہ سفارتی تعلقات قائم کرنے کے بہت نزدیک تھی۔

جنوبی وزیرستان: پاکستان تحریک انصاف پارلیمینٹرین کی گاڑی کے قریب دھماکہ

جنوبی وزیرستان میں پی کے 110 سے انتخابی امیدوار نصیراللہ وزیر کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا ہے۔

بم دھماکے میں دو افراد زخمی ہوئے جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دھماکے کے وقت گاڑی میں نصیراللہ موجود نہیں تھے۔

نصیراللہ وزیر سابقہ ایم پی اے اور پاکستان تحریک انصاف پارلیمینٹرین کے امیدوار ہیں۔a

آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب، پی آئی اے نجکاری پلان منظور

اسلام آباد: آئی ایم ایف حکام کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے جب کہ پی آئی اے کی نجکاری کرنے کے پلان کی منظوری دیدی ہے۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری سے متعلق وزارت نجکاری اور وزارت خزانہ کے حکام کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) حکام کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں جب کہ آئی ایم ایف نے ایک سال کے اندر پی آئی اے کی نجکاری کرنے کے پلان کی منظوری دیدی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں پی آئی اے کی نجکاری کیلیے قرض ری شیڈولنگ پلان کی اصولی منظوری لے لی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے قرض ری شیڈول پلان کیلئے حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائیگی۔

نجکاری کمیشن اور وزارت خزانہ پلان کے مطابق آئی ایم ایف نے پی آئی اے کی نجکاری کاپلان منظورکرلیا ہے۔