ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک اہلکار شہید

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک کے علاقے کوٹ اعظم میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک سیکیورٹی اہلکار شہد ہوگیا۔

ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے جاری پولنگ کے موقع پر خیبرپختونخوا کے علاقے ٹانک میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔

کوٹ اعظم میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی الیکشن کی ڈیوٹی پر سیکورٹی دے رہی تھیو جس دوران اہلکاروں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جبکہ واقعے میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگیا۔

ڈپٹی کمشنر ٹانک محمد شعیب نے بتایا کہ کوٹ اعظم میں پولنگ جاری ہے، کوٹ اعظم میں کسی بھی جگہ پولنگ اسٹیشن پر حملہ نہیں ہوا، حملہ سیکورٹی فورسز کی گشت پارٹی کی گاڑی پر ہوا ہے، میڈیا پرپولنگ کے عملے پر حملے کی خبریں غلط ہیں۔

خیال رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل حکومت کی جانب سے ملک بھر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں جاری عام انتخابات کے دوران کسی بھی غیرمتوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر عام انتخابات کے دوران ملک بھر میں سکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر 5 لاکھ سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

انتخابات کے دوران سکیورٹی کیلئے پہلے درجے پر پولیس، دوسرے درجے پر پیرا ملٹری فورسز، آخری اور تیسرے درجے میں پاک فوج کو بطور کوئیک رسپانس فورس تعینات کیا گیا ہے۔

بلوچستان دھماکوں میں جاں بحق افراد کراچی سے ووٹ ڈالنے پہنچے تھے

گزشتہ روز بلوچستان بم دھماکوں میں شہید ہونے والے افراد ووٹ ڈالنے کراچی سے آئے تھے۔

پاکستان میں جہاں عام انتخابات 2024 ہو رہے ہیں وہیں دہشتگردی کے واقعات میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔

گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے پشین اور قلعہ سیف اللہ میں بم دھماکوں میں 25 سے زائد افراد شہید ہو گئے تھے، تاہم اب موصول شدہ اطلاعات کے مطابق ان حملوں میں کراچی سے تعلق رکھنے والے شہری بھی دہشتگردی کا نشانہ بن گئے۔

کراچی سے بلوچستان کے علاقے خانوزئی اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے طویل سفر طے کر کے آنے والے شہری اب واپس اپنے پیاروں سے ملنے نہیں آ سکیں گے۔

اسی بم حملے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے امین اللہ کاکڑ کا کہنا تھا کہ اس حملے میں جاں بحق ہونے والے 4 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ بھائی، بھتیجا، بھانجا اور کزن اللہ کو پیارے ہوئے جبکہ خاندان کے کچھ افراد زخمی بھی ہوئے۔

بی بی سی سے بات چیت کے دوران امین اللہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ لوگ ہمارے دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ ووٹ ڈالنے کے لیے آج کراچی سے پہنچے تھے اور وہ یہاں پہنچنے پر بہت زیادہ خوش تھے۔

امین اللہ کا مزید کہنا تھا کہ اس حملے نے نہ صرف ہمارے خاندان کو اجاڑ کر رکھ دیا ہے بلکہ علاقے کو سوگ میں بھی مبتلا کر دیا ہے۔

دوسری جانب کاریزات سے تعلق رکھنے والے ٹیچر عبدالحنان کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی اور رشتہ دار بھی دہشتگردی کے اس واقعے میں جاں بحق ہو گئے۔

اگرچہ عبدالحنان نے کئی کالز کی تاہم ان کے بھائی نے فونز کالز کا جواب نہیں دیا، جس پر انہیں اس بات کا اندیشہ ہو گیا تھا کہ کچھ ایسا ضرور ہوا ہے جو کہ پریشان کن ہے۔

ملک بھر میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ

ملک بھر میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے، امن و امان قائم رکھنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں، اس لیے ملک بھر میں موبائل سروس کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کراچی، لاہور ، اور کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں موبائل سروس متاثر ہونا شروع ہو گئی ہے، پشاور میں بھی پولنگ شروع ہونے سے پہلے موبائل سروس متاثر ہونا شروع ہو گئی ہے، پشاور کے علاقے صدر، نوتھیہ اور گلبرگ سمیت مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس متاثر ہو رہی ہے۔

اس کے علاوہ جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروس بھی متاثر ہوئی ہے، سکھر کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس معطل ہو گئی ہے۔

انٹرنیٹ سروس سے متعلق نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے گزشتہ روز وی نیوز کو بتایا تھا کہ الیکشن کے دن پولنگ اور دیگر عوامل کے دوران انٹرنیٹ کی بندش سے متعلق کوئی بھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے، سیکیورٹی صورت حال قابو میں ہے اور کسی بھی قسم کی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

لائیو نیٹ ورک کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان میں موبائل انٹرنیٹ میں خلل پڑا ہے جس کا دوسرے سب سے بڑا آپریٹر زونگ پر بہت زیادہ اثر پڑا ہے۔

س سے صارفین کی جانب سےبڑے پیمانے پرموبائل سروس بندش کی رپورٹس کی تصدیق ہوتی ہے۔

ملک بھر میں الیکشن کمیشن کی 8300 ایس ایم ایس سروس بھی متاثر

دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس متاثر ہیں اور سگنلزغائب ہیں، جس کے باعث ملک بھر میں الیکشن کمیشن کی 8300 ایس ایم ایس سروس بھی متاثر ہیں۔

ذرائع کے مطابق ووٹ سے متعلق تمام معلومات فراہم کرنے والے 8300 ایس ایم ایس سروس بھی متاثر ہونے سے ملک بھر میں کروڑوں ووٹرز اپنے ووٹ کی معلومات حاصل کرنے سے محروم ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ 8300 سروس کی معطلی تشویش ناک ہے۔

ادھر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات ہوئے، امید ہے انتخابات کا عمل بخیریت مکمل ہوگا، الیکشن کمیشن وزارت داخلہ کو انٹرنیٹ سروسز کے حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دے گا، ہم کہیں موبائل سروس کھول دیں اور دہشتگرد کا کوئی واقعہ ہوجائے تو کون ذمہ دار ہوگا۔ ہے۔

مکران میں انٹرنیٹ سروسز بند کر دی گئی ہیں، سربراہ ای ایم ایس

گوادر: الیکشن منیجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس )کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کرنل ریٹائرڈ سعد نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ضلع مکران میں سیکیورٹی خدشات کے باعث انٹرنیٹ سروسز بند کر دی گئی ہیں۔

اسلام آباد میں صحافیوں کو بریفنگ کے دوران ای ایم ایس کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کرنل ریٹائرڈ سعد کا کہنا تھا کہ پہلے دن الیکشن کمیشن کو رزلٹ نہ ملے تو دوسرے دن آجائیں گے، اس میں کوئی بڑی بات نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیپرا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ الیکشن کے دن لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی اور آج پریزائیڈنگ افسران کو ای ایم ایس میں لاگ ان کروا رہے ہیں، آر اوز، فیلڈ آفیسرز کو یہاں کنٹرول روم سے مانیٹر کیا جارہا ہے۔

کرنل (ر) سعد نے کہا کہ تمام 859 آر اوز کی 24 گھنٹے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، اگر انٹرنیٹ بند ہوتا ہے تو پریزائیڈنگ افسر کو نتائج بھیجنے میں مسئلہ ہوگا، انٹرنیٹ بند ہونے پر ریٹرننگ افسر کو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف یہ ہے کہ فارم 45 بروقت ریٹرننگ افسران تک پہنچیں، پریزائیڈنگ افسر اور ریٹرننگ افسر کے درمیان رابطہ انٹرنیٹ سے ہوگا اور آر او کو جب نتائج موصول ہوں گے تو وہ اسی وقت اعلان کردے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 10 فیصد ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے نتائج آنے میں تاخیر ہوسکتی ہے، پنجاب، اندرون سندھ اور بلوچستان میں کمیونیکیشن کے مسائل ہیں، توقع ہے 60 سے 70 فیصد نتائج ای ایم ایس سے موصول ہوجائیں گے۔

پنجاب پولیس میں11 ہزار کانسٹیبل بھرتی کرنے کی منظوری

لاہور: آئی جی پنجاب پولیس نے 11 ہزار کانسٹیبل بھرتی کرنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ بھرتیوں کی منظوری مل گئی تمام بھرتیاں صرف میرٹ پر ہوں گی۔

آئی جی پنجاب پولیس عثمان انور نے اس حوالے سے پنجاب پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ویڈیو بیان جاری کردیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کو 11 ہزار کانسٹیبل بھرتی کرنے کی اجازت مل گئی ہے بھرتیاں صرف میرٹ پر ہوں گی اور بہادر و فرض شناس جوان ہی بھرتی کے عمل کا حصہ بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس میں بھرتی کے لیے اپلائی کرنے والے تمام امیدواران اپنی پولیس ویری فکیشن لازمی کروائیں، چھوٹے شہروں اور گاؤں میں شریکہ، برادری اور جھوٹی گواہی کی بنیاد پر اکثر و بیشتر لڑائی جھگڑا ہو جاتا ہے، ان چھوٹے واقعات کی بنیاد پر اکثر اوقات بے گناہ لوگوں کو ایف آئی آر میں نامزد کر دیا جاتا ہے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس بھرتی کے خواہش مند نوجوان اپلائی کرنے کے ساتھ اپنا ویری فیکیشن سرٹیفیکیٹ لازمی حاصل کر لیں جو کسی بھی پولیس خدمت مرکز سے باآسانی حاصل کیا جا سکتا ہے اس سرٹیفیکیٹ کی بدولت امیدوار کو اپنے پولیس ریکارڈ کی کلیئرٹی کے بارے میں آگاہی حاصل ہوجاتی ہے۔

انہوں ںے بتایا کہ یہ سرٹیفکیٹ اس لیے ضروری ہے کہ بعض اوقات بھرتی کے آخری مرحلے پر امیدوار کے کرمنل ریکارڈ کا پتا چلتا ہے جسے کلئیر کروانے میں امیدواروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، امیدواروں سے درخواست ہے کہ خدمت مرکز سے کلیرنس سرٹیفیکیٹ حاصل کرکے اپنی دستاویزات کے ساتھ جمع کروائیں۔

آئی جی پنجاب عثمان انور نے مزید کہا کہ اگر کسی نوجوان کو کلیئرنس رپورٹ ملنے میں مشکل کا سامنا ہے تو وہ اسے عدالت کے ذریعے بھی کلئیر کروا سکتا ہے۔

پاکستان میں انتخابات سے قبل دہشتگردانہ حملے تشویشناک ہیں، برطانوی ہائی کمشنر

 اسلام آباد: برطانوی ہائی کمشنر نے اپنے سوشل میڈیا بیان  میں کہا ہے کہ انتخابات سے قبل پاکستان میں دہشت گردانہ حملوں پر تشویش ہے۔

سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان میں کل (8 فروری کو) ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں تیاریاں جاری ہیں اور اس سے قبل آج ہونے والے دہشت گردانہ حملے تشویش ناک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں  ان لوگوں کی مذمت کرتی ہوں جو لوگوں کو ووٹ ڈالنے سے روکنا چاہتے ہیں۔   میری ہمدردیاں متاثرہ افراد کے پیاروں کے ساتھ ہیں۔

جمائما نے بیٹوں کی پی ٹی آئی کے جھنڈے کیساتھ تصویرشئیر کردی

  لندن: بانی پی ٹی آئی عمران خان  کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ  نے اپنے بیٹوں کی پی ٹی آئی کے جھنڈے کے ساتھ تصویر شئیر کردی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ” ایکس” (ٹوئٹر) پر جمائما نے اپنے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان  کی تصویر شئیر کی جس میں وہ دونوں پی ٹی آئی کا جھنڈا اٹھائے ہوئے کھڑے ہیں۔

عمران خان کی سابق اہلیہ نے تصویر کے ساتھ ہیش ٹیگ پاک الیکشن 8 فروری کا پیغام بھی شئیر کیا۔پی ٹی آئی کے بانی کو مختلف مقدمات میں سزا سنائی جا چکی ہے اور وہ اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

امن و امان سبوتاژ کرنے کی ہرکوشش کو ناکام بنایا جائے گا، وزیراعظم

اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔

وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بلوچستان کے علاقوں پشین اور قلعہ سیف اللہ میں دھماکوں کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اوراہلخانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے پر عزم ہے۔ امن اور امان کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔

متھرا کی عیدگاہ مندر توڑ کر بنائی گئی، بھارتی ادارے کا دعویٰ

آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا نے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اتر پردیش کے شہر متھرا میں جہاں اس وقت شاہی عیدگاہ قائم ہے وہاں ایک مندر تھا۔ یہ رپورٹ انتہا پسند ہندوؤں کی طرف سے دائر کی جانے والی ایک درخواست کے جواب میں جاری کی گئی ہے۔

ہندو تنظیم شری کرشنا جنم بھومی مکتی نیاس کے سربراہ نے کہا ہے کہ وہ الٰہ آباد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں ثبوت فراہم کریں گے کہ یہ مسجد مندر کو توڑ کر بنائی گئی تھی۔

ہندوؤں کے عقیدے کے مطابق متھرا میں وشنو کے اوتار کرشنا کی پیدائش ہوئی تھی۔ ہندوؤں کی قدیم داستانوں میں درج ہے کہ شری کرشنا کے پڑ پوتوں ورج اور ورج نبھا نے پانچ ہزار سال قبل متھرا میں مندر تعمیر کیا تھا۔

شری کرشنا جنم بھومی مکتی نیاس کے سربراہ کا دعویٰ ہے کہ مغل شہنشاہ اورنگ زیب عالمگیر نے 1670 میں متھرا کا مشہورِ زمانہ مندر گرانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد وہاں شاہی عیدگاہ تعمیر کی گئی۔

واضح رہے کہ متھرا کی عیدگاہ کی تاریخی حیثیت کے تعین سے متعلق مقدمے کی سماعت 22 فروری کو ہونی ہے۔

ارجنٹائن کا اسرائیل میں اپنا سفارتخانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل کرنے کا فیصلہ

بیونس آئرس: ارجنٹائن نے اسرائیل میں اپنے ملک کے سفارت خانے کو تل ابیب سے یروشلم منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ارجنٹائن کے صدر جیویر ملے غزہ جنگ میں حمایت کا یقین دلانے کے لیے اسرائیل کے دورے پر پہنچ گئے جہاں وہ وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے۔

ارجنٹائن کے صدر نے اسرائیل پہنچنے پر اعلان کیا کہ انھوں نے ملکی سفارت خانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اگر ایسا ہوجاتا ہے تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ارجنٹائن نے امریکا کی طرح اسرائیل کے یروشلم کے دارالحکومت ہونے کے متنازع دعوے کو تسلیم کرلیا۔

خیال رہے کہ اسرائیل یروشلم کو اپنا دارالحکومت کہتا آیا ہے تاہم عالمی سطح پر یہ ایک متنازع معاملہ ہے اسی لیے تمام ممالک نے اپنے سفارت خانے یروشلم کے بجائے تل ابیب میں کھولے ہوئے ہیں۔

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلی بار باضابطہ طور پر یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرکے امریکی سفارت خانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل کیا تھا جس کی پیروی میں چند ایک ممالک نے بھی ایسا ہی کیا۔

تاہم اب بھی ممالک کی اکثریت تل ابیب کو ہی اسرائیل کا دارالحکومت مانتی ہے اور اپنے سفارت خانوں کی تل ابیب سے یروشلم منتقلی کے حق میں نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں ارجنٹائن کی وزیر خارجہ ڈیانا مونڈینو نے کہا تھا کہ ان کا ملک اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل کر سکتا ہے تاہم اس پر عمل درآمد میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر تاخیر ہوسکتی ہے۔

امریکا؛ ایک ماہ میں پانچواں بھارتی طالبعلم پُراسرار طور پر ہلاک

واشنگٹن: امریکا میں بھارتی نژاد طالب علم 23 سالہ سمیر ایک پارک میں پُراسرار طور پر مردہ حالت میں پایا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی وارین کاؤنٹی کورونر کے دفتر سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ انڈیانا کی پرڈیو یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کرنے والا بھارتی طالب علم کی لاش نیچر ریزرو پارک سے ملی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی نژاد 23 سالہ سمیر کامتھ نے اگست 2023 میں مکینیکل انجینئرنگ میں ماسٹر ڈگری مکمل کی تھی اور 2025 میں اپنا ڈاکٹریٹ پروگرام مکمل کرنے والا تھا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے فرانزک لیب بھیجا گیا ہے جس کی رپورٹ کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔

یہ واقعہ پرڈیو یونیورسٹی میں ہی زیر تعلیم بھارتی نژاد ایک اور طالب علم انیل اچاریہ کے مردہ پائے جانے کے چند دن بعد پیش آیا ہے۔ انیل اچاریہ کی لاش کیمپس گراؤنڈ سے ملی تھی۔

اسی طرح پچھلے ہفتے ہی ایک اور بھارتی طالب علم 19 سالہ شریاس ریڈی ریاست اوہائیو میں پُراسرار حالت میں مردہ پایا گیا تھا۔

ایک اور واقعے میں ریاست جارجیا کی لیتھونیا یونی ورسٹی سے ایم بی اے کرنے والے بھارتی طالب علم وویک سینی 16 جنوری کو ایک بے گھر شخص کے حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

اسی طرح ایک اور بھارتی طالب علم اکول دھون گزشتہ ماہ جنوری میں یونیورسٹی آف الینوائے اربانا کے باہر مردہ پایا گیا تھا۔

یاد رہے کہ امریکا میں 30 لاکھ سے زائد بھارتی طلبا موجود ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ذہنی تناؤ، تنہائی اور نشہ آور اشیاء کا استعمال بہت سے واقعات میں جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔

اداکار اسد صدیقی کے والد انتقال کرگئے

شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اسد صدیقی کے والد اور اداکارہ زارا نور عباس کے سُسر انتقال کرگئے۔

اسد صدیقی نے اپنے والد کے انتقال کی افسوسناک خبر شیئر کرنے کے لیے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام کا رُخ کیا جہاں اُنہوں نے اسٹوری میں نوٹ جاری کیا۔

اداکار نے اپنے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “میں نے 6 فروری کی شب اپنے خاندان کا سب سے طاقتور آدمی، اپنی ہمت، اپنی طاقت اور اپنا سب کچھ کھودیا”۔

اُنہوں نے کہا کہ “میرے والد کے اس دنیا سے چلے جانے سے ہماری زندگی میں ایک بہت بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے اور ہم شدت غم سے نڈھال ہیں، ابا ہماری طاقت، حکمت اور غیر مشروط محبت کا ستون تھے”۔

اسد صدیقی نے کہا کہ “ابا کی موجودگی ہمارے خاندان کی روشنی تھی جبکہ اُن کی غیر موجودگی نے ہمیں گہرے غم سے دوچار کردیا ہے، اُن کی 85 سالہ زندگی ہمیشہ ہمیں متاثر کرتی رہے گی”۔

اداکار نے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ “اس مشکل وقت میں میرے مرحوم والد اور ہمارے خاندان کے لیے لازمی دُعا کریں”۔

دوسری جانب زارا نور عباس نے بھی اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر اپنے والد اور مرحوم سُسر کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے اُن سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا صارفین اور شوبز شخصیات کی جانب سے اسد صدیقی کے والد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔

آئی سی سی رینکنگ؛ بابراعظم ون ڈے، بمراہ نے ٹیسٹ میں پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا

آئی سی سی ون ڈے رینکنگ بابراعظم کی پہلی پوزیشن برقرار جبکہ ٹیسٹ بولرز رینکنگ میں جسپریت بمراہ نے پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا۔

انٹڑنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں سابق کپتان بابراعظم کی بادشاہت برقرار ہے وہ 824 پوائنٹس کے ہمراہ پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔

بھارتی بیٹر شبمن گل 801 پوائنٹس کے ساتھ دوسری، ویرات کوہلی 768 پوائنٹس کے ساتھ تیسری جبکہ روہت شرما 746 پوائنٹس کے ہمراہ چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں۔

دوسری جانب ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمراہ نے اپنے ہم وطن روی ایشون سے پہلی پوزیشن چھین لی ہے، وہ 881 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ روی ایشون کی 2 درجہ تنزلی ہوئی ہے اور وہ تیسری پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔

ون ڈے میں شاہین آفریدی 7 ویں پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ ٹیسٹ میں کوئی پاکستانی فاسٹ بولر ٹاپ 10 میں شامل نہیں۔