عام انتخابات 2024 میں بڑے بڑے نام ناکام

کراچی: عام انتخابات 2024 میں نامور سیاستدانوں کو آزاد امیدواروں کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

الیکشن میں خواجہ سعد رفیق ، فضل الرحمان، پرویز خٹک، جہانگیر ترین اور سراج الحق سمیت بڑے بڑے ناموں کو شکست ہوئی۔

(ن) لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق حلقہ این اے 122 سے ہار گئے۔ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ جہانگیر ترین قومی اسمبلی کی لودھراں اور ملتان سے دونوں نشستیں ہار گئے۔

گجرات میں پی ٹی آئی کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہٰی کو سالک حسین کے ہاتھوں شکست ہوئی جبکہ خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے سربراہ پرویز خٹک کو قومی اور صوبائی اسمبلی کی دونوں نشستوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق لوئر دیر سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 6 سے ہار گئے۔عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی سینئر نائب صدر حیدر خان ہوتی کو مردان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 22 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پی ٹی آئی کے سابق رہنما اور وزیراعلیٰ خیبرپخونخوا محمود خان بھی سوات کے حلقے سے ہار گئے۔

ملتان میں سابق وزیرخارجہ اور رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہربانو قریشی بھی نشست نہ جیت سکیں۔ ن لیگ کے حمزہ شہباز نے پی ٹی آئی کی رہنما عالیہ حمزہ کو حلقہ این اے 118 میں شکست دی۔

انڈر 19 ورلڈکپ کے بہترین پلیئر کی دوڑ میں عبید شاہ بھی شامل

کراچی: انڈر 19 ورلڈکپ کے بہترین پلیئر کی دوڑ میں عبید شاہ بھی شامل ہو گئے۔

انڈر 19 ورلڈکپ کے بہترین پلیئر کا اعلان جلد متوقع ہے، ایونٹ میں کئی کھلاڑیوں نے غیرمعمولی کارکردگی سے صلاحیتوں کا اظہار کیا، اس میں سب سے پہلے جنوبی افریقی پیسر کیوینا ماپاکھا ہیں، انھوں نے 9.71 کی اوسط سے 21 وکٹیں حاصل کیں، وہ محض ایک وکٹ کی کمی سے بنگلہ دیشی انعم الحق جونیئر کا ریکارڈ نہیں توڑپائے جو 2014 میں 22 شکار کے ساتھ نمایاں ترین تھے۔

پاکستانی پیسر عبید شاہ 12.38 کی اوسط سے 18 وکٹیں اڑانے میں کامیاب رہے، بھارت کے سومے پانڈے نے 17 پلیئرز کو میدان بدر کیا، مشیر خان نے 67.60 کی اوسط سے 338 رنز اسکور کیے۔

ویسٹ انڈیز کے جیول اینڈریو 69 کی اوسط سے 207 رنز بنانے میں کامیاب رہے، آسٹریلیا کے ہگ ویبگین51.2 کی اوسط سے 256 رنز بناکر نمایاں ہیں، بھارتی ادے سہارن 64.83 کی اوسط سے 389 رنز بناچکے، جنوبی افریقہ کے اسٹیو اسٹولک 38 کی اوسط سے 228 رنز اسکور کر چکے ہیں۔

رفاہ بارڈر پر اسرائیلی حملے میں خواتین و بچوں سمیت 13 افراد شہید

مصر سے ملحق رفاہ بارڈر کراسنگ پر اسرائیلی فوج کے حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 13 افراد شہید ہوگئے۔ دوسری طرف لبنان کے علاقوں سے اسرائیل کے علاقے میرون پر راکٹ داغے گئے ہیں۔

غزہ پر اسرائیلی فوج کی سفاکانہ کارروائیوں کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 27 ہزار سے زائد ہے۔ غزہ کے ایک چوتھائی باشندے فاقوں کا شکار ہیں۔

7 اکتوبرسے شروع ہونے والی اس لڑائی میں اسرائیل کے اندر 1200 سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں۔

اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے جنوب میں واقع رفاہ بارڈر سے ملحق علاقے کو نشانہ بنایا۔ اس علاقے میں غزہ کی نصف سے زائد آبادی پناہ لیے ہوئے ہے۔

جمعرات کی شام اسرائیلی ٹینکوں نے بھی رفاہ بارڈر کے نزدیک پناہ لیے ہوئے فلسطینیوں کو نشانہ بنایا جس کے بعد فلسطینیوں میں اسرائیلی فوج کے زمینی حملے کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے۔

جمعرات کو اسرائیل نے جنوبی لبنان کے شہر نباتیہ میں بھی ایک کار پر ڈرون حملہ کیا۔ اس حملے میں تین افراد زخمی ہوئے۔ یہ علاقے میدانِ جنگ سے بہت دور ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے این اے 128 کا نتیجہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ سلمان اکرم راجہ نے لاہور کے حلقے این اے 128 کے نتائج لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیے۔

سلمان اکرم راجہ لاہورہائیکورٹ میں درخواست جمع کروانے پہنچے جہاں رجسٹرار آفس نے سلمان اکرم راجہ کی درخواست سماعت کی لیے مقرر کردی۔

جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں سلمان اکرام راجہ کی درخواست پر سماعت جاری ہے، جسٹس علی باقع نجفی کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔

دوران سماعت سلمان اکرم راجہ کے وکیل نے کہا کہ تمام پولنگ اسٹیشنز کے آر اوز نے امیدوارں کے سامنے فارم 45 پر سائن کیے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ووٹنگ کی گنتی کا عمل جب شروع ہوا تو میں وہی تھا، مھجے گورنمنٹ اسکول آر اوز آفس سے باہر دھکے دے کر نکال دیا گیا، مھجے 11 بج کر 30 منٹ پر سی سی پی لاہور نے بھی باہر نکل دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری بیگم پولنگ ایجنٹ تھی، جب انہوں نے فارم 45 مانگا تو انہیں بھی نہیں دیا گیا، میں نے سی سی پی لاہور کو لیٹر بھی لکھا۔

جسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیا کہ کیا تب رزلٹ سنا دیا گیا تھا؟ جس پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ نہیں تب تک رزلٹ جاری نہیں کیے گئے تھے، آر اوز نے مھجے پولیس پولنگ اسٹیشن سے پولیس کو کہہ باہر نکلوا دیا، الیکشن ایکٹ تحت امیدوار کا آر اوز افس میں ہونا لازمی ہیں۔

ووٹوں کی گنتی میں بیٹھنے کی اجازت نہ دینے کا اقدام چیلنج
اس سے قبل سلمان اکرم راجہ نے ووٹوں کی گنتی میں بیٹھنے کی اجازت نہ دینے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا، دائر درخواست میں ریٹرنگ آفیسر سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔

سلمان اکرم راجہ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ این اے 128 سے آزاد حیثیت سے انتخاب لڑ رہا ہوں، الیکشن ایکٹ کے تحت انتخابی نتائج میں امیدوار کی موجودگی ضروری ہوتی ہے، ریٹرنگ آفیسر نے ووٹوں کی گنتی کےعمل سے باہر کر دیا ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت آر او کو امیدوار کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی کرنے کا حکم دے۔

عروہ اور فرحان سعید کی بیٹی کی تصاویر وائرل

ٹیکساس: شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی عروہ حسین اور فرحان سعید کی بیٹی ایک ماہ کی ہوگئی جس کا جشن اُنہوں نے اپنی فیملی کے ساتھ منایا۔

3 جنوری کو عروہ حسین اور فرحان سعید کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا اعلان اس جوڑی نے 5 جنوری کو اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر کیا تھا۔

عروہ حسین اور فرحان سعید نے اپنی ننھی پری کا ہاتھ تھامے ہوئے تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ خوشی، نعمت اور ہماری زندگی کا سب سے قیمتی تحفہ اس دنیا میں آ گیا ہے جس کا نام ہم نے ‘جہاں آرا سعید’ رکھا ہے، یہ ہماری آنکھوں کا تارا ہے جسے ہم پیار سے ‘آرا’ کہہ کر پکاریں گے۔

عروہ اور فرحان سعید کی بیٹی کو دنیا میں آئے ایک ماہ ہوگیا ہے اور اس خوشی میں اُنہوں نے کیک کاٹا اور اپنی فیملی کے ساتھ جشن منایا۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی فیملی فوٹوز پوسٹ کیں جن میں اُن کی ننھی پری ‘جہاں آرا سعید’ کو بھی دیکھا جاسکتا ہے لیکن تصاویر میں عروہ اور فرحان نے بیٹی کا چہرہ نہیں دکھایا۔

اس خوشی کے موقع پر عروہ اور فرحان سعید نے کیک بھی کاٹا جس پر لکھا تھا کہ “آرا کو ایک ماہ کی سالگرہ مبارک ہو”۔

عروہ حسین نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ “آرا کی ایک ماہ کی سالگرہ کی تقریب کے ساتھ ہمارا امریکا کا سفر اختتام پذیر ہوا”۔

اداکارہ نے پاکستان واپس آنے کا اعلان کرتے ہوئے اچھا سُسرال ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شُکر بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ عروہ حسین اور فرحان سعید نے دسمبر 2016 میں شادی کی تھی جبکہ سال 2020 میں اس جوڑی کے درمیان علیحدگی کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

سال 2023 میں عیدالفطر کے موقع پر عروہ حسین اور فرحان سعید نے انسٹاگرام پر اپنی تصاویر پوسٹ کی تھیں جس کے بعد اس جوڑی کی علیحدگی کی افواہیں دم توڑ گئی تھیں۔

نگراں وزیر داخلہ نے انتخابی نتائج میں تاخیر پر وضاحت جاری کردی

نگراں وفاقی وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے انتخابی نتائج میں تاخیر پر وضاحت جاری کردی اور کہا کہ جنرل الیکشن 2024 کا مشکل ترین سیکورٹی حالات میں انعقاد ملک کے لیے ایک بہت بڑی کامیابی ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہونا چاہیئے۔

نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے اہم بیان میں انتخابی نتائج میں تاخیر پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ عملے اور بیلٹ کے تحفظ کےاقدامات میں بھی خاصا وقت لگا، اب صورتحال اطمینان بخش ہے، نتائج میں روانی متوقع ہے، نتائج کی پروسیسنگ میں تاخیر سے متعلق خدشات کا جائزہ لیا گیا، تاخیر سے متعلق خدشات کی وجہ رابطہ کی کمی کو قرار دیا گیا، صورت حال اب تسلی بخش ہے اور توقع ہے کہ نتائج کی آمد کا سلسلہ مسلسل جاری رہے گا۔

گوہراعجاز نے کہا کہ اس الیکشن کے پر امن انعقاد کا سہرا قانون نافذ کرنے والے اداروں، افواج پاکستان، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور ریاستی اداروں کے سر ہے، انہی کی کاوشوں سے انتخابات کے دن دہشت گردی کے واقعات کے باوجود کامیاب انعقاد یقینی بنا۔

وزارت داخلہ نے کہا کہ الیکشن 2024 کا انعقادعام حالات میں نہیں ہوا بلکہ داعش، ٹی ٹی پی اور بلوچستان میں دیگر دہشت گرد تنظیموں کی طرف سے انتخابی عمل میں خلل ڈالنے اور عوام کو نشانہ بنانے کی بھرپور کوشش کی گئی، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہترین حکمت عملی کے تحت جامعہ سیکیورٹی پلان تشکیل دیا۔

وزارتِ داخلہ کے مطابق سیکیورٹی پلان میں انتخابات کے انعقاد کے دوران سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تفصیلی تعیناتی، انتخابی عملے اور پولنگ کے مواد کو پولنگ سٹیشنوں تک اور واپس بحفاظت لے جانااس پلان کا حصہ تھا، اس کے ساتھ ساتھ دہشتگردوں کو مواصلات کے ذرائع اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات کے ساتھ موبائل فون سمز کے استعمال سے روکنے کے لیے موبائل فون سروس کی معطلی بھی شامل ہے۔

نگران وفاقی وزیرداخلہ گوہراعجاز نے اہم بیان میں کہا کہ بڑے پیمانے پر پھیلے ہوئے پولنگ اسٹیشنوں اور خاص طور پر بلوچستان، کے پی کے اور یہاں تک کہ پنجاب کے دیہی علاقوں سے انتخابی نتائج کی ترسیل اور ان تمام حفاظتی اقدامات کے ساتھ ایک وقت طلب مشقت تھی، یہ تمام حفاظتی اقدامات پاکستان کے عوام کی سلامتی اور تحفظ کے وسیع تر مفاد میں کیے گئے ہیں، اس تاریخی الیکشن کے انعقاد میں شامل تمام ادارے، خاص طور پر الیکشن کمیشن آف پاکستان تنقید کے بجائے تعریف اور ستائش کے مستحق ہیں۔

وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ ذاتی مفادات رکھنے والے عناصر تفرقے کو بھڑکاتے رہیں گے کیونکہ وہ انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، ہم شہریوں اور سیاسی رہنماؤں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ انتخابی عملے کو بغیر رکاوٹ اپنے فرائض سرانجام دینے دیں، پولنگ اسٹیشنز سے آر او آفس جانے والی سڑکوں کو بند کر کے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے کام میں مزید تاخیر نہ کریں، امید کرتے ہیں کہ یہ الیکشن قوم کے لئے خوش آئند ہو گا اور پاکستانی عوام کے لیے خوشحالی کا مرکز بنے گا۔

اسرائیلی فوج غزہ میں اپنی حدود سے تجاوز کر رہی ہے؛ امریکی صدر بول پڑے

واشنگٹن: امریکا کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں ضرورت سے زیادہ اور اپنے حد سے تجاوز کرنا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں ایک سوال کے جواب میں امریکی صدر جوبائیڈن کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں جنگ کے آغاز سے ہی شہریوں کی حفاظت اور اس کی ہولناکی کو کم کرنے کی کوشش کی ہے اور اب مکمل جنگ بندی کے لیے اسرائیل پر سخت دباؤ ڈال رہے ہیں۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے صحافی کو کہا کہ میرے خیال میں، جیسا کہ آپ جانتے ہیں، غزہ میں اسرائیل کا فوجی ردعمل شدید اور اپنی حدود سے تجاوز پر مبنی رہا ہے۔

غزہ تک امدادی سامان کی ترسیل کے حوالے سے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ مصری صدرعبد الفتاح السیسی پہلے تو غزہ میں انسانی امداد کے داخلے کے لیے رفح کراسنگ کھولنا نہیں چاہتے تھے تاہم میں نے انھیں راضی کرلیا۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ میں نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے بھی بات کی کہ وہ اسرائیل کی حدود میں واقع کراسنگ کو بھی کھولیں تاکہ امدادی سامان کی ترسیل ہوسکے۔

ٰیاد رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن ان دنوں اپنی انتخابی مہم میں مصروف ہیں اور انھیں غزہ میں اسرائیل کی حمایت کرنے پر بھی کافی دباؤ کا سامنا ہے جو صدارتی الیکشن پر اثر انداز ہوسکتا ہے

مستحکم پاکستان کیلیے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ضروری ہیں؛ امریکی ارکان پارلیمنٹ

واشنگٹن: امریکا کے ارکان پارلیمنٹ نے پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں جمہوری عمل جاری رہنا چاہیے اور عوام کو اپنی پسندیدہ قیادت کو لانے کا پورا حق ہونا چاہیے۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں کانگریس کے رکن بریڈ شرمین نے کہا کہ الیکشن کے نتیجے میں کون اقتدار میں آتا ہے، یہ اتنا اہم نہیں بلکہ زیادہ اہم یہ ہے کہ اقتدار میں کیسے آئے۔

بریڈ شرمین نے کہا کہ امریکا دنیا بھر کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کی حمایت کرتا ہے چاہے اس کے نتیجے میں کوئی بھی منتخب ہوکر اپنی حکومت بنائے۔

اسی طرح کانگریس کی رکن شیلا جیکسن نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے انتخابات وہاں کے عوام کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کسی بھی ملک کے استحکام کے لیے نہایت ضروری ہوتے ہیں۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے بھی پاکستان میں عام انتخابات اور جمہوری عمل کے جاری رہنے کو خوش آئند قرار دیا تاہم انھوں نے موبائل فون اور انٹرنیٹ کی بندش پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔

دوست تھے اور دوست رہیں گے، انتخابات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، چین

بیجنگ: چین نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے الیکشن اور اس کے نتیجے میں بننے والی حکومت ان کا اندرونی معاملہ ہے، پاکستان کے ساتھ ہمیشہ سے اسٹریٹیجک تعلقات قائم تھے اور آئندہ بھی رہیں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاکستان میں ہونے والے الیکشن اور بننے والی نئی حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین اور پاکستان ایک دوسرے کے تمام موسموں کے اسٹریٹیجک شراکت دار ہیں۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے الیکشن مہم کے دوران ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کے لیے حکومت پاکستان اور عوام کی انتھک کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔

دہشت گردی کے واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات پر تشویش اور قیمتی جانوں کے ضیاں پر افسوس ہے۔ لواحقین اور زخمیوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

کل رات میڈیا نے جان بوجھ کر انتخابی نتائج کے متعلق غلط تاثر پیدا کیا، مریم نواز

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ کل رات میڈیا نے جان بوجھ کر الیکشن کے نتائج کا غلط تاثر پیدا کیا۔

مریم نواز نے ٹوئٹ کیا کہ کل رات میڈیا کے ایک حصے نے جان بوجھ کر بنائے گئے غلط تاثر پیدا کیا، جس کے برعکس ن لیگ الحمدللہ مرکز اور پنجاب میں واحد سب سے بڑی جماعت بن کر ابھر رہی ہے۔ بس کچھ ہی نتائج کا انتظار ہے۔

انہوں نے کہا کہ حتمی نتائج موصول ہوتے ہی نواز شریف فتح کی تقریر کرنے کے لیے ن لیگ کے مرکزی دفتر کا رخ کریں گے۔ انشاء اللہ. دیکھتے جائیں۔

کامیاب آزاد امیدوار 72 گھنٹوں میں (ن) لیگ کی حمایت کا اعلان کریں گے، اسحاق ڈار

سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ عام انتخابات 2024 میں جیت حاصل کرنے والے آزاد امیدواروں نے مسلم لیگ ن کی حمایت کا یقین دلایا ہے۔

نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق وزیر خرانہ اور مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں عام انتخابات میں کامیابی سیمٹنے والے امیدواروں نے ہم نے رابطہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں آزاد امیدواروں کیلئے مسلم لیگ ن میں شمولیت کے دروازے کھلے ہیں، آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران امیدواران اہم اعلان کریں گے۔
مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) قومی اسمبلی میں واحد سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئے گی، قبل از وقت اور متعصبانہ قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیے جب کہ ہم الیکشن کمیشن کے مکمل سرکاری نتائج کے منتظر ہیں۔

الیکشن میں شکست؛ اے این پی کے سینئر نائب صدر امیر حیدر ہوتی مستعفی

پشاور: انتخابات میں شکست کے بعد اے این پی کے سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی پارٹی عہدے سے مستعفی ہو گئے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ میرے آبائی ضلع مردان کے تمام حلقوں پر اے این پی کی شکست کی ذمے داری کھلے دل سے تسلیم کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میرے حلقہ اور مردان کے عوام نے اگر ہم پر اعتماد نہیں کیا تو پارٹی کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔ پارٹی کے ادنیٰ رکن کی حیثیت سے باچاخان کے قافلے کا حصہ رہوں گا۔

ارباز خان نے سابقہ گرل فرینڈ کا جھوٹ بےنقاب کردیا

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف فلمساز اور اداکار ارباز خان نے اپنی سابقہ اطالوی گرل فرینڈ جارجیا اینڈریانی کے حالیہ بیان کو جھوٹا قرار دے دیا۔

ارباز خان کی سابقہ گرل فرینڈ جارجیا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں یہ ظاہر کیا تھا کہ اداکار کی دوسری شادی سے کچھ ماہ قبل ہی اُن کا بریک اَپ ہوا اور وہ بریک اَپ کے بعد بھی اپنے دل میں ارباز خان کے لیے محبت بھرے جذبات رکھتی ہیں۔

جارجیا کے اس بیان پر اب ارباز خان کا ردعمل سامنے آگیا ہے، بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ارباز خان نے کہا کہ “میری سابقہ گرل فرینڈ نے اپنے انٹرویو میں یہ ظاہر کیا کہ میری دوسری شادی سے کچھ ماہ قبل تک ہم دونوں تعلقات میں تھے جبکہ ایسا کچھ نہیں ہے، یہ سب جھوٹ ہے”۔
ارباز خان نے کہا کہ ” یہ میری بدقسمتی ہے کہ مجھے یہاں بیٹھ کر ایسی وضاحت کرنی پڑ رہی ہے کہ جارجیا کے ساتھ میرا تعلق دو سال پہلے ہی ختم ہوچکا تھا اور ہم نے صرف ایک سال ڈیٹ کیا”۔

اُنہوں نے کہا کہ “جارجیا سے بریک اَپ کے ڈیڑھ سال بعد شوریٰ خان میری زندگی میں آئیں اور اب جب ہماری شادی ہوگئی ہے تو مجھے اپنے ماضی کے تعلق کے بارے میں بات کرنی پڑ رہی ہے جوکہ میرے لیے نامناسب ہے لیکن میں مجبور ہوں”۔

فلمساز نے کہا کہ “مجھے لگتا ہے کہ جارجیا کو اپنے تعلقات پر بات نہیں کرنی چاہیے تھی کیونکہ اب میری شادی ہوچکی ہے، میں آگے بڑھ چکا ہوں لہٰذا اب ماضی کے بارے میں بات کرنا درست نہیں ہے”۔

ارباز خان نے مزید کہا کہ “میں نہیں جانتا کہ جارجیا کو ایسا کرنے پر کس نے مجبور کیا لیکن میں یہی کہوں گا کہ اُنہوں نے انٹرویو میں اپنے بریک اَپ کے بارے میں بات کرکے اچھا نہیں کیا”۔

یاد رہے کہ ارباز خان اور جارجیا اینڈریانی سال 2018 سے ڈیٹ کر رہے تھے اور دسمبر 2023 میں ایک انٹرویو کے دوران جارجیا نے ارباز کے ساتھ بریک اپ کی تصدیق کی تھی۔

جارجیا کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے اور ارباز خان نے باہمی طور پر الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے لیکن اُن کے دل میں ہمیشہ ارباز کے لیے جذبات رہیں گے۔

واضح رہے کہ ارباز خان نے سال 2023 میں 24 دسمبر کو ممبئی میں چند قریبی دوستوں اور اہلخانہ کی موجودگی میں میک اپ آرٹسٹ شوریٰ خان سے دوسری شادی کی تھی، ان کے نکاح کی تقریب اُن کی بہن ارپیتا خان شرما کے گھر منعقد کی گئی تھی۔

ارباز خان کی پہلی شادی دسمبر 1998 میں ملائکہ اروڑا سے ہوئی تھی، اُن کی پہلی شادی کامیاب نہ ہوسکی اور 19 سال بعد مئی 2017 میں دونوں میں طلاق ہوگئی تھی، ان دونوں کا 21 سالہ بیٹا بھی ہے جس کا نام ارہان خان ہے۔