الیکشن اپ سیٹ جاری، خرم دستگیر سمیت روایتی سیاستدان آزاد امیدواروں سے ہار گئے

عام انتخابات کے نتائج مکمل ہونے کو ہیں اور اس بار زبردست اپ سیٹس دیکھنے کو ملے ہیں، کہاں روایتی سیاستدان آزاد امیدواروں سے شکست کھا چکے ہیں۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 54 راولپنڈی تھری سے آزاد امیدوار عقیل ملک 85 ہزار 912 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں۔

عقیل ملک نے چوہدری نثار علی خان اور غلام سرور خان جیسے گھاگ سیاستدانوں کو شکست دی ہے۔

چوہدری نثار این اے 54 سے آزاد حیثیت میں جبکہ غلام سرور استحکام پاکستان پارٹی کے ٹکٹ پر کھڑے ہوئے تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ عقیل ملک کو ن لیگ نے ٹکٹ دینے سے انکار کردیا تھا۔

لیکن یہ واحد بڑا اپ سیٹ نہیں جس میں کسی آزاد امیدوار نے نامور سیاستدان کو ہرایا ہو۔

’وزیراعظم کون ہوگا، فیصلہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کرے گی‘

این اے 78 گوجرانوالہ میں مسلم لیگ ن کے خرم دستگیر خان آزاد امیدوار مبین عارف پاہٹ سے ہارگئے۔

این اے 100 فیصل آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ڈاکٹر نثار جٹ نے مسلم ليگ ن کے رانا ثناء اللہ خان کو ہرایا۔

این اے 32 پشاور میں آزاد امیدوار آصف خان نے اے این پی کے غلام احمد بلور کو پچھاڑا۔

اس سے پہلے سامنے ٓنے والے نتائج کے مطابق مانسہرہ این اے 15 میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف آزاد امیدوار شہزادہ گستاسپ خان سے ہارے۔

مولانا فضل الرحمان ڈیرہ اسماعیل خان کے آبائی حلقے این اے 44 میں علی امین گنڈا پور سے ہارے جو کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتی آزاد امیدوار تھے۔

این اے 122 لاہور میں خواجہ سعد رفیق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ لطیف کھوسہ سے ہار گئے۔

این اے 2 مالاکنڈ پر مسلم لیگ (ن) کے امیر مقام کو آزاد امیدوار امجد خان سے شکست ہوئی۔

این اے 115 شیخوپورہ سے اہم لیگی رہنما جاوید لطیف آزاد امیدوار خرم شہزاد سے ہارے۔

این اے 6 لوئردیر میں آزاد امیدوار محمد بشیر نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کوشکست دی۔

پولیس اہلکار کو تھپڑ مارنے پر فردوس عاشق اعوان کیخلاف مقدمہ درج، ویڈیو

پاکستان تحریک انصاف کی سابقہ رہنما فردوس عاشق اعوان کے خلاف پولیس اہلکار کو تھپڑ مارنے پر مقدمہ درج ہو گیا۔

سابق وزیر اطلاعات اور استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما فردوس عاشق اعوان کی ایک ویڈیو نے اُس وقت سب کی توجہ حاصل کی، جب وہ ایک پولیس اہلکار سے تکرار کرتی دکھائی دیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فردوس عاشق اعوان نے پولیس اہلکار کے منہ پر زور دار تھپڑ رسید کیا، اس دوران دیگر پارٹی ورکرز اور پولنگ اسٹیشن عملہ موجود تھا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فردوس عاشق اعوان بنا کچھ سنے اے ایس آئی امجد کو تھپڑ جڑ دیا، دوسری جانب اے ایس آئی کی مدعیت میں سیالکوٹ کے تھانہ صدر میں مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔

درج ایف آئی آر کے مطابق پولیس اہلکار این اے 70 سیالکوٹ کے پولنگ اسٹیشن گورمنٹ ہائی اسکول گنہ کلاں میں ڈیوٹی پر معمور تھا، فردوس عاشق اعوان نے بدتمیزی کی اور تھپڑ مارا۔

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: عمران خان اور بشریٰ بی بی پر آج فرد جرم عائد ہونے کا امکان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 پاؤنڈ ریفرنس پر آج اڈیالہ جیل میں سماعت ہوگی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کیس کی سماعت کریں گے جبکہ سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عدالت پیش کیا جائے گا۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی پر آج فرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے۔

’لندن منصوبہ ناکام‘، پی ٹی آئی نے عمران خان کی وکٹری اسپیچ جاری کردی

سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کی بڑی تعداد میں کامیابی سے ’لندن منصوبہ‘ ناکام ہوگیا۔

قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے اپنی جماعت کی کامیابی کے اعلان کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کی مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کردہ ’وکٹری اسپیچ‘ جاری کی گئی ہے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا لندن پلانناکام ہو گیا کیونکہ پولنگ کے دن ووٹرز کی بڑی تعداد نے ووٹ ڈالے ۔

اے آئی اسپیچ میں بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ، ’لندن پلان آپ کے ووٹوں کی وجہ سے ناکام ہوا ہے۔ کوئی بھی پاکستانی ان (نواز شریف) پر یقین نہیں کرتا۔سب نے آپ کے ووٹ کی طاقت دیکھی ہے، اب اپنے ووٹ کی حفاظت کرنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کریں۔‘

انہوں نے کہا کہ، ’آپ میرے اعتماد پر پورا اترے اور الیکشن کے دن بڑے پیمانے پربہت سے لوگوں کو حیران کر دیا۔ ’لندن پلان‘ جمہوری عمل میں آپ کی فعال شرکت کی وجہ سے ہے۔‘

عمران خان نے نواز شریف کو ’کم عقل‘ رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 30 نشستوں پر پیچھے رہنے کے باوجود فتح کی تقریر کی۔

بانی پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں ووٹ دے کر اور ”حق رائے دہی کے جمہوری حق“ کا استعمال کرتے ہوئے ’شہریوں کے حقوق کے استعمال کی آزادی کی بحالی کی بنیاد رکھی گئی۔‘

عمران خان نے انتخابات جیتنے میں پی ٹی آئی کی مدد کرنے پر عوام کو مبارکباد بھی دی۔

اس تقریر کے اختتام پر عمران خان نے پیغام دیا، ’’آپ نے گھبرانا نہیں ہے، سیلیبریٹ کریں اور شُکرانے کے نفل پڑھیں۔‘

واضح رہے کہ عام انتخابات 2024 میں سیاسی جماعت کے طور پر پاکستان مسلم لیگ نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں تاہم مجموعی طور پر آزاد امیدواروں کا پلڑا بھاری رہا، یہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار تھے جو بلے کا انتخابی نشان چِھن جانے کے بعد آزادحیثیت سے میدان میں اُترے تھے۔

نوازشریف کا جیت کا دعویٰ
گزشتہ روز لاہور میں کی جانے والی اپنی وکٹری اسپیچ میں نواز شریف نے اپنی جیت کا دعویٰ کرتے ہوئے واضح اکثریت کے حصول میں ناکامی پر ’اتحادی حکومت تشکیل‘ کیلئے دیگر جماعتوں سے ہاتھ ملانے کو کہا۔

مسلم لیگ ن کے قائد کا کہنا تھا کہ، ’ن لیگ انتخابات کے بعد ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے اور یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اس ملک کو بھنور سے نکالیں۔ جنہیں بھی مینڈیٹ ملا ہے، چاہے وہ آزاد ہوں یا پارٹیز۔۔ ہم انہیں ملنے والے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں اورہم دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ بیٹھیں او زخمی قوم کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے میں مدد کریں۔‘

حکومت سازی پر مشاورت کیلئے پی ٹی آئی نے اجلاس طلب کرلیا

عام انتخابات 2024 میں آزاد امیدواروں کی بڑی تعداد میں کامیابی کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا اجلاس طلب کر لیا گیا۔

ذرائع تحریک انصاف کے مطابق اجلاس اسلام آباد میں ہوگا، جس میں پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، رؤف حسن، علی محمد خان اور دیگر رہنماء شریک ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آئندہ وفاقی اور صوبائی حکومت بنانے کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔

پی ٹی آئی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ اتحاد پر بھی غور ہوگا۔

واضح رہے کہ عام انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 99 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔

علاوہ ازیں خیبرپختونخوا اسمبلی کی 90 نشستوں پر بھی آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔

میری اہلیہ پر تنقید کیوں کی؟ جڈیجا والد پر برس پڑے

چنئی: رویندرا جڈیجا اہلیہ کو تنقید کا نشانہ بنانے والے اپنے والد پر برس پڑے۔

بھارتی آل راؤنڈر کے والد انیرد سنہا نے ایک انٹرویو میں کہا کہ میری بہو ریوابا کی وجہ سے بیٹے کا رویہ بہت تبدیل ہوچکا، میں اب الگ رہتا ہوں، ایک ہی شہر میں رہتے ہوئے ہماری ملاقات نہیں ہوتی، اب بول چال بھی بند ہوچکی، میں نہیں جانتا کہ بہو نے بیٹے پر کیا جادو کیا ہے، کاش میں اس کی شادی ہی نہ کرتا، ہماری فیملی میں 50افراد غلط نہیں ہوسکتے۔

سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے رویندرا جڈیجا نے کہا کہ میرے والد نے انٹرویو میں بے بنیاد باتیں کی ہیں، انھوں نے میری اہلیہ کا تاثر بگاڑا، بہتر ہے کہ اس سے باز رہیں، میرے پاس بھی کہنے کو بہت کچھ ہے۔

قوم کو انتشار کی سیاست سے آگےبڑھنےکیلیے شفا بخش رابطے کی ضرورت ہے، آرمی چیف

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوم کو انتشار اورپولرائزیشن کی سیاست سے آگے بڑھنے کے لیے مستحکم ہاتھوں کی ضرورت ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ انتشار اور پولرائزیشن 250 ملین آبادی والے ترقی پسند ملک کے لیے موزوں نہیں ہے۔ قوم کو انتشار اور پولرائزیشن کی سیاست سے آگے بڑھنے کے لیے مستحکم ہاتھوں اور ایک شفا بخش رابطے کی ضرورت ہے۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام کی اپنے حق رائے دہی کے استعمال کے لیے آزادانہ اور بلا روک ٹوک شرکت جمہوریت کے لیے ان کے عزم کا ثبوت ہے۔ انتخابات جیتنے اور ہارنے کا مقابلہ نہیں بلکہ عوام کے مینڈیٹ کا تعین کرنے کی مشق ہے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے آئین پاکستان پر اپنا مشترکہ اعتماد ظاہر کیا ہے۔ اب تمام سیاسی جماعتوں کا فرض ہے کہ وہ سیاسی پختگی اور اتحاد کے ساتھ اس کا جواب دیں۔ عام انتخابات 2024 کے کامیاب انعقاد پر پوری پاکستانی قوم، نگراں حکومت، الیکشن کمیشن آف پاکستان، سیاسی جماعتوں اور تمام جیتنے والے امیدواروں کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قیادت اور اہلکار بے تحاشا مشکلات کے باوجود انتخابی عمل کے لیے محفوظ ماحول بنانے کے لیے ہماری سب سے زیادہ تعریف کے مستحق ہیں۔ جب ہم اس قومی سنگ میل سے آگے بڑھے ہیں تو ہمیں اس بات پر غور کرنا چاہیے کہ آج ملک کہاں کھڑا ہے اور باقی اقوام میں ہمارا صحیح مقام کہاں ہونا چاہیے۔

پی سی بی کے خزانے میں اربوں کا اضافہ جلد متوقع

کراچی: پی سی بی کے خزانے میں اربوں روپے بڑھنے کا وقت قریب آ گیا۔

حکومت نے ذکا اشرف کی زیرسربراہی مینجمنٹ کمیٹی کو بڑے فیصلوں سے روک دیا تھا، اس وجہ سے سوائے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دیگر رائٹس فروخت نہ ہو سکے، اب محسن نقوی کے چیئرمین بننے پر آئندہ چند روز میں اربوں روپے کے ٹینڈرز سامنے آنے والے ہیں۔

باہمی سیریز کے براڈ کاسٹ اور پروڈکشن رائٹس فروخت کیے جائیں گے، کھلاڑیوں کی شرٹ پر اسپانسر ادارے کے لوگو کا معاہدہ بھی رواں ماہ ختم ہو جائے گا، اس کا بھی ٹینڈر جلد جاری ہوگا،2 سال کیلیے لائیو اسٹرئمنگ رائٹس فروخت کیلیے پیش کیے جائیں گے۔

سابقہ ڈیل کی مناسبت اور افراط زر کو مدنظر رکھتے ہوئے 2سالہ براڈ کاسٹ ڈیل سے 6 ارب روپے تک ملنے کا امکان ہے، ہر میچ کی لائیو اسٹریمنگ پر80 لاکھ روپے تک مل سکتے ہیں، 2 سال کیلیے سیریز اسپانسر شپ ایک ارب 10 کروڑ روپے سے زائد میں فروخت ہونے کی توقع ہے، کٹ اسپانسر شپ کے سالانہ 60 کروڑ روپے مل سکتے ہیں،اس میں کھلاڑیوں کا بھی بڑا حصہ ہوتا ہے،2 سالہ پروڈکشن رائٹس کے تقریبا 6 سے 7 ملین ڈالر بنتے ہیں۔

یہ معاہدہ اس لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ فاتح کمپنی کو آئی سی سی سے چیمپئنز ٹرافی کا کنٹریکٹ بھی مل سکتا ہے، ٹی وی کٹ کے اخراجات کم ہونے کی وجہ سے عموما مقامی کمپنی کو ہی ترجیح دی جاتی ہے،نیوزی لینڈ سے سیریز قریب ہونے کی وجہ سے جلد ٹینڈرز جاری کیے جا سکتے ہیں۔

پی ایس ایل رائٹس کی فروخت میں شکایات سامنے آئی تھیں جس کی وجہ سے بعض افسران کو ٹینڈر کے عمل سے دور رکھنے کا امکان ہے، بورڈ خود بھی پروڈکشن کے حوالے سے تنازع سامنے آنے پراب محتاط رویہ اپنائے گا، اس حوالے سے حتمی فیصلہ چیئرمین محسن نقوی ہی کریں گے۔

نور بخاری اپنے شوہر عون چوہدری کا ساتھ دینے میدان میں آگئیں

لاہور: سابقہ اداکارہ نور بخاری نے اپنے شوہر اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے امیدوار عون چوہدری کی کامیابی پر منفی تبصرے کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو کرارا جواب دے دیا۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق لاہور کے این اے 128 سے استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی) کے عون چوہدری ایک لاکھ 72 ہزار576 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

اس کامیابی کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اپنا غصہ نکالنے کے لیے عون چوہدری کی اہلیہ نور بخاری کی انسٹاگرام پوسٹس پر منفی تبصرے کیے جس پر سابقہ اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ایسے صارفین کو منہ توڑ جواب دیا۔

نور بخاری نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ “آپ اپنا غصہ میری پوسٹس پر نہ اُتاریں اور مہربانی کرکے اپنی منفی سوچ کو لوگوں میں نہ پھیلائیں”۔

اُنہوں نے طنزیہ مثال دیتے ہوئے کہا کہ “کسی نے کیا خوب کہا ہے کہ جن لوگوں کو اپنے گھر میں سالن میں دوسری بوٹی نہیں ملتی وہ بھی سوشل میڈیا پر بیٹھ کر معروف شخصیات کے خلاف باتیں کرتے ہیں”۔

نور بخاری نے مزید کہا کہ “ایسے لوگ معروف شخصیات کی پوسٹس پر منفی تبصرے کرکے اپنی زندگی کی بھڑاس نکالتے ہیں”۔

واضح رہے کہ لاہور کے این اے 128 سے عون چوہدری کے مقابلے میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سلمان اکرم راجہ کھڑے ہوئے تھے، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق سلمان اکرم راجہ ایک لاکھ 59 ہزار 24 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

سلمان اکرم راجہ نے این اے 128 کے انتخابی نتائج کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا جس کے بعد عدالت نے الیکشن کمیشن کو 12 فروری تک حلقہ این اے 128 کے نتائج اور عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کرنے سے روک دیا۔

سندھ اسمبلی کی نشستوں کے نتائج مکمل، پی پی پی نے اکثریت حاصل کرلی

کراچی: سندھ اسمبلی کے تمام نشستوں کے نتائج الیکشن کمیشن کے ای ایم ایس سسٹم پر موصول ہوگئے۔

الیکشن کمیشن کو موصول نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی 84 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان 28 نشستیں جیت کر دوسرے نمبر پر رہی۔

نتائج کے مطابق عام انتخابات میں سندھ اسمبلی کی نشستیں جیتنے والے آزاد امیدواروں کی تعداد 14 ہے۔ جی ڈی اے اور جماعت اسلامی 2،2 سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہیں۔
الیکشن کمیشن نے سندھ اسمبلی کے 130 حلقوں کے فارم 47 جاری کردئیے۔

علی امین گنڈا پور خیبرپختونخوا کے اگلے وزیراعلیٰ کے متوقع امیدوار

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبر پختونخوا میں حکومت بنانے کے لیے درکار نشستیں حاصل کرلی ہیں اور پارٹی کے صوبائی صدر علی امین گنڈا پور متوقع طور پر اگلے وزیراعلیٰ ہوں گے۔

خیبرپختونخوا سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر پی ٹی آئی کو اکثریت حاصل ہوگئی ہے جہاں امیدواروں نے چترال، ایبٹ آباد، سوات، چارسدہ، صوابی، نوشہرہ، مہمند، خیبر، مردان اور بنوں سے کامیابی سمیٹی ہے۔

صوبے میں حکومت بنانے کے لیے اسمبلی میں 73 نشستیں درکار ہیں جبکہ غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 76 آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔

پی ٹی آئی نے اکثریت حاصل کرلی ہے اور بغیر کسی اتحادی کے صوبے میں مسلسل تیسری مرتبہ حکومت بنانے کی پوزیشن حاصل ہوگئی ہے اور علی امین گنڈاپور ڈیرہ اسمٰعیل خان سے تیسرے وزیراعلیٰ بن سکتے ہیں، ان سے قبل مفتی محمود اور سردار عنایت اللہ خان گنڈاپور کا تعلق بھی ڈیرہ اسمٰعل خان سے تھا۔

اس سے قبل پی ٹی آئی نے 2013 میں پہلی مرتبہ صوبے میں حکومت بنائی تھی اور پرویز خٹک وزیراعلیٰ بن گئے تھے، جس کے بعد 2018 میں محمود خان وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے تھے۔

علی امین گنڈاپور پہلی مرتبہ صوبائی حکومت میں وزیر بنے تھے اور 2018 میں پی ٹی آئی کی وفاقی کابینہ کا حصہ بن گئے تھے۔

بلوچستان میں حالیہ بم دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ہلاک

راولپنڈی: قلعہ سیف اللہ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں بلوچستان میں حالیہ بم دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ ہلاک ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد داعش کا ایک دہشت گرد عبدالشکور نعمان ابو حمزہ خراسانی ہلاک ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والا دہشت گرد عبدالشکور عرف نعمان ابو حمزہ خراسانی 7 فروری کو قلعہ سیف اللہ اور پشین میں ہونے والے حالیہ بم دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد نے بلوچستان میں مزید ہائی پروفائل خودکش بم حملے کرنے کی منصوبہ بندی بھی کر رکھی تھی جو سیکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی بروقت اور فوری کارروائی کے باعث کامیابی سے ٹل گئے۔

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

یاد رہے کہ عام انتخابات سے ایک روز قبل بلوچستان کے دو اضلاع پشین اور قلعہ سیف اللہ میں جے یو آئی اور آزاد امیدوار کے انتخابی دفاتر کے باہر دھماکوں کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

شہباز شریف کا حکومت سازی کیلئے سربراہ ایم کیو ایم پاکستان سے رابطہ

کراچی: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت سازی کے لیے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے ملاقات کی خواہش کا اظہار کردیا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے خالد مقبول صدیقی سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے انہیں انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔

شہباز شریف نے مرکز میں حکومت سازی کے لیے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے مل کر حکومت بنانے کے لیے ملاقات کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے بہتر مستقبل کے لیے باہمی مشاورت سے راستے نکالے جائیں، ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور جواب دیا کہ انتخابی نتائج کے مکمل حصول اور رابطہ کمیٹی سے مشاورت کے بعد جواب دیں گے۔