ملک کو ہر لحاظ سے آگے لے کر جانا ہے، وزیر اعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو ہر لحاظ سے آگے لے کر جانا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو قابل بنانے کے لیے ہماری کاوشیں جاری ہیں اور جدید دور سے ہم آہنگ ہونے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جدید علوم عصر حاضر کی ضرورت ہے کیونکہ تعلیم، تحقیق اور مباحثے سے ہی قومیں آگے بڑھتی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو ہر لحاظ سے آگے لے کر جانا ہے اور انوویشن ہب کو ذاتی طور پر پروموٹ کروں گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی آرمی چیف سے ون آن ون ملاقات

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ملکی سیکیورٹی کی صورتحال پر گفتگو ہوئی، ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور پربھی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے آرمی چیف کو سعودی اعلی سول ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی۔

شیری رحمان کی گلگت بلتستان کے ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے پر الرٹ رہنے کی ہدایت

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ برف پگھلنے کی وجہ سے پہاڑی ندی نالوں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں انتظامیہ الرٹ رہے۔
وزیر موسمیاتی تبدیلی نے گلگت بلتستان میں موسم کی تبدیلی پر انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ شیری رحمان کا کہنا ہے کہ ندی نالوں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ڈی ڈی ایم اے صورتحال پر نظر رکھے، بروقت ٹیم ورک سے جانوں کے ضیاع کو روکا جاسکتا ہے۔

بھارتی سپریم کورٹ کا نوپورشرما کو گستاخانہ بیانات پرمعافی مانگنے کا حکم

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی سپریم کورٹ نے نوپورشرما کو گستاخانہ بیانات پرمعافی مانگنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے سابق بی جے پی رہنما پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گستاخانہ بیانات نے پورے ملک کو آگ میں جھونک دیا ہے۔
گستاخانہ بیانات کا معاملہ، بھارتی سپریم کورٹ نے نوپورشرما پر کڑی تنقید کرتے ہوئے سابق بی جے پی رہنما کو قوم سے معافی مانگنے کا حکم دے دیا۔ سماعت کے دوران سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ سابق بی جے پی رہنما کے بیانات نے پورے ملک کو آگ میں جھونک دیا، امن وامان کی صورتحال کو بھی شدید خطرات لاحق ہو گئے۔
نوپورشرما کے گستاخانہ بیانات پربھارت کی کئی ریاستوں میں متعدد ایف آئی آر کاٹی جا چکی ہیں۔ سابق بی جے پی رکن نے سپریم کورٹ میں دیگر ریاستوں میں درج مقدمات کو دلی منتقل کرنے کی درخواست دائرکی تھی۔

یورپ ،امریکہ جانے کا لالچ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے والے انسانی سمگلر گرفتار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) یورپ اور امریکہ جانے کا لالچ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے والے انسانی سمگلرز گرفتار کر لئے گئے۔
ایف آئی اے پنجاب زون نے انسانی سمگلروں کے خلاف گوجرانوالہ اور گجرات میں بڑی کارروائی کی جس کے دوران 9 انسانی سمگلرز گرفتار اور ریڈ بک میں شامل ملزم بھی پکڑ لیا گیا۔ گرفتارانسانی سمگلروں میں ریاست، شمشاد، نوید ارشد شامل ہیں جبکہ علیبی حسین، حافظ شاہد، محمد آصف، ملک آفتاب کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ اصغر علی اور ریڈ بک میں شامل وزیر احمد بھی گرفتار کر لیا گیا۔
وزیر احمد ایجنٹ 70 مقدمات میں نامزد ہے۔ تارکین وطن کو زمینی راستوں سے یورپ بھجوانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورے تھے۔ ملزمان شہریوں کی آنکھوں پر پٹی باندھ کر پسنی اور گوادر کے ساحل پر چھوڑ دیتے تھے۔

سری لنکن آل راؤنڈر انجیلومیتھیوز بھی کورونا وائرس کا شکار

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر و سابق کپتان انجیلومیتھیوز بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے میتھیوز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کرکٹر کے ریپڈ ٹیسٹ میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
بورڈ کا مزید کہنا ہے کہ انجیلو میتھیوز کا ٹیسٹ طبیعت ناساز ہونے پر کیا گیا اور کورونا مثبت آنے پر انہیں آئسولیٹ کردیا گیا ہے۔
سری لنکا کرکٹ بورڈ کے مطابق اوشادا فرنینڈو کو کوویڈ ری پلیسمنٹ کے طور پر پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

اداکارہ زارا نور عباس بھی عالیہ کی حمایت کے لیے میدان میں آگئیں

کراچی: (ویب ڈیسک) اداکارہ زارا نور عباس بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کے امید سے ہونے کے بعد بھارتی میڈیا پر گردش کرتی افواہوں سے متعلق بول پڑیں۔
زارا نور عباس نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ میں سمجھتی تھی کہ شاید پاکستان کے لوگ ہی ایسی ذہنیت رکھتے ہیں، خاص طور پر جب برانڈز نے مجھے کام دینا بند کردیا کیونکہ انہیں پتا چلا تھا کہ میں امید سے ہوں۔
معروف اداکارہ نے کہا کہ جب اداکارہ کے ہاں بچے کی آمد متوقع ہو تو معاشرہ سمجھتا ہے کہ اب یہ کسی کام کے قابل نہیں ہے، خواتین ہر چیز اور کام میں ماہر ہوتی ہیں، وقت آ گیا ہے کہ اپنا فیصلہ دوسروں پر تھوپنے والوں کو یہ بات سمجھ آ جائے۔

‘مس مارول’ میں فواد خان کا کیا کردار؟ پہلی جھلک سامنے آگئی

کراچی : (ویب ڈیسک) پاکستانی کلچر کی عکاسی کرتی مارول سٹوڈیوز کی نئی سیریز ‘مس مارول’ نے کامیابی کےجھنڈے گاڑتے ہوئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں دھوم مچا رکھی ہے۔
ویب سیریز میں پاکستانی کچلر کو بہترین انداز میں پیش کیا گیا ہے، سندھی شادی کی رسم لاؤں کو بھی سیریز میں شامل کیا گیا ہے جس سے پاکستانی ناظرین میں حیرت اور خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
سیریز میں پاکستانی ستاروں ثمینہ احمد، مہوش حیات اور نمرہ بچہ کی اداکاری کو شائقین نے خوب سراہا ہے جبکہ فواد خان کی انٹری نے بھی لوگوں کو خوش کردیا ہے۔
گزشتہ روز ریلیز ہونے والی قسط میں کمالہ ایک پرانی تصویر دیکھ رہی ہوتی ہیں اور اس بلیک اینڈ وائٹ تصویر پر فواد خان ایک بچی کے ساتھ کھڑے نظر آرہے ہیں۔
قسط کے کریڈٹس میں بھی فواد خان کا نام نظر آیا جس کے بعد مداحوں کو یقین ہوگیا کہ آنے والی قسطوں میں وہ فواد خان کو دیکھ سکیں گے۔

منی لانڈرنگ کیس، شہباز، حمزہ کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور

لاہور: (ویب ڈیسک) منی لانڈرنگ ریفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں وزیراعظم شہباز شریف حمزہ شہباز سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔
احتساب عدالت نے کیس کی مزید سماعت 26 جولائی تک ملتوی کردی، عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے گواہوں کو بھی طلب کر لیا۔

پی ایچ ایف نے پاکستان ہاکی لیگ کروانے کا اعلان کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ایچ ایف نے پاکستان ہاکی لیگ کروانے کا اعلان کر دیا ، افتتاحی سیزن میں پانچ ٹیمیں شرکت کریں گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے رواں سال نومبر اور دسمبر میں لیگ کروانے کا اعلان کیا ہے۔ ایونٹ میں اسلام آباد، لاہور، کراچی ، پشاور اور کوئٹہ کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
ہاکی مقابلے تین ہفتے تک جاری رہیں گے، لیگ میں دیگر ممالک کے سٹار کھلاڑی بھی شرکت کریں گے، ہاکی لیگ کا پہلا سیزن لاہور میں منعقد کیا جائے گا۔

جوبائیڈن کا یوکرین کو مزید آٹھ سو ملین ڈالر کی فوجی امداد دینے کا اعلان

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن نے یوکرین کو مزید آٹھ سو ملین ڈالر کی فوجی امداد دینے کا اعلان کر دیا۔
یوکرین کو دئیے گئے امدادی پیکج میں جدید ترین فضائی دفاعی نظام اور دیگر ہتھیار شامل ہیں۔ نیٹو اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکا اور نیٹو ممالک اُس وقت تک یوکرین کی امداد جاری رکھیں گے جب تک یہ یقینی بنایا جاسکے کہ کیف کو ماسکو کے ہاتھوں شکست نہیں ہو گی۔

سپریم کورٹ، پی ٹی آئی کی درخواست پر 3 رکنی بنچ آج دوپہر سماعت کرے گا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعلی پنجاب کے انتخاب سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف پی ٹی آئی کی اپیل پر سپریم کورٹ کا 3 رکنی بنچ آج دوپہر ڈیڑھ بجے سماعت کرے گا۔
سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کی اپیل پر 3 رکنی بنچ تشکیل دے دیا جو چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس جمال خان مندوخیل پر مشتمل ہے۔ تحریک انصاف کی درخواست میں وزیراعلی پنجاب کے انتخاب سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو غیر قانونی و غیر آئینی قرار دیکر مسترد کرنے کی استدعا کی گئی ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فریقین کو صاف اور شفاف الیکشن کا آئینی حق حاصل ہے، حمزہ شہباز کو عہدے سے ہٹایا جائے تاکہ صاف شفاف الیکشن ہو سکے، درخواست پر فیصلے تک وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب روکا جائے، وزیراعلیٰ پنجاب کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی معطل کیا جائے۔

عنقریب ڈمی حکومت کا جنازہ دھوم سے نکلے گا: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ یہ ایک ڈمی حکومت ہے جس کا ایجنڈہ صرف اپنے کیس ختم کرنا اورآئی ایم ایف کے اشاروں پر ناچنا ہے، عنقریب ڈمی حکومت کا جنازہ دھوم سے نکلے گا۔
شیخ رشید سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ حکومت کو کوئی غرض نہیں کہ غریب پر کیا بیت رہی ہے، یہ اپنا ملبہ دوسروں پر ڈال کر خود چلے جائیں گے، یہ ملک کو شدید ترین معاشی،سیاسی اور اقتصادی بحران میں ڈال جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران ضمنی الیکشن چوری کرنے کی کوشش کریں گے، پٹرول میں 15 روپے اور ڈیزل میں 14 روپے اضافے کے بعد جولائی میں مہنگائی کے اور ٹیکے لگیں گے، عوام کو ریلیف نہیں تکلیف ملے گی۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ لوگ گھریلو سامان بیچ کر گزارہ کررہے ہیں اور ابھی بجلی کا بل بھی آنا ہے، ووٹ بیچنے والے کو عہدے اور پارٹی ٹکٹ مل رہے ہیں، عنقریب حکومت کا سیاسی جنازہ دھوم سے نکلے گا۔