گال: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا نے سری لنکا کو گال ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے شکست دے دی، تیسرے روز مہمان ٹیم نے 5 رنز کا ہدف 4 گیندوں پر حاصل کرکے سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کرلی۔
گال ٹیسٹ کے تسیرے روز آسٹریلین ٹیم سری لنکا کے خلاف اپنی نامکمل اننگز میں صرف 8 رنزکا اضافہ کرسکی اور 321 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
کیمرون گرین 77 اور عثمان خواجہ 71 رنز بنا کر نمایاں رہے، سری لنکا کی جانب سے رمیش مینڈس نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
مہمان ٹیم نے سری لنکا کے خلاف پہلی اننگز میں 109 رنز کی برتری حاصل کی، سری لنکن ٹیم کی دوسری اننگز ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔
سری لنکا کے 6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے اور 113 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئے، میزبان ٹیم نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 5 رنز کا ہدف دیا، جو آسٹریلیا نے 4 گیندوں پر حاصل کرلیا۔
آسٹریلیا کو 2 میچز کی سیریز میں ایک۔صفرکی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
Monthly Archives: July 2022
ٹی سی ایل نے پاکستان میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے ساتھ پریمیم منی ایل ای ڈی ٹی وی اور QLEDٹی وی کی تازہ ترین سیریز“سی سیریز“متعارف کرادی
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے نمبر ون ایل ای ڈی ٹی وی برانڈ ٹی سی ایل نے29جون کو پی سی ہوٹل لاہورمیں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں اپنے فلیگ شپ ایل ای ڈی ٹی وی ماڈلز کی نئی لائن کی رونمائی کی،اس تقریب کو ماہرہ خان نے اپنی شرکت سے چار چاند لگائے اور اس میں میڈیا اور پاکستا ن کی با اثر ٹیک کمیونٹی نے بھی شرکت کی۔مصنوعات کی نئی رینج اہم تکنیکی اپ گریڈیشن پیش کرتی ہے،جو خصوصیات اور چشمی اعتبار سے پوری دنیا میں نئے معیارا ت قائم کررہی ہے۔نئی خصوصیات جیسے
144Hz VRR, 1920 Local Dimming Zones اور نیکسٹ جنریشن منی ایل ای ڈی ٹیکنالوجی کو لائن اپ میں شامل کیا گیا ہے۔سی سیریز جس میں چار ٹی وی ماڈلز ہیں،اب ملک بھر میں ٹی سی ایل فلیگ شپ اسٹورز اور مجاذ ریٹیلرز پر دستیاب ہیں۔
2022سی سیریز لائن اپ میں چار ٹی وی ماڈلز شامل ہیں،دو منی ایل ای ڈی ٹی وی ماڈلز C935اورC835اور دو QLEDٹی وی ماڈلز C735اورC635۔
C935جو کہ ٹی سی ایل کا فلیگ شپ منی ایل ای ڈی ٹی وی ہے،عین مطابق گہرے کنٹراسٹ اور زیادہ برائٹنس کیلئے
1920 local dimming zones کے ساتھ Mini-LED OD5 ٹیکنالوجی پیش کرتا ہے،اس میں فرنٹ فائرنگ اسپیکر کے ساتھ ہائی کلاس 2.1.2 ساؤنڈ سسٹم، ایک مخصوصbass اسپیکر اور دو عمودی اپ فائرنگ اسپیکر شامل ہیں تاکہ ڈولبی ایٹموس آواز کی عمودی کیفیت سے لطف اندوز ہوا جاسکے۔اس میں مزید ایک QLED 4K پینل ہے،جس میں Dolby Vision IQاور
Dolby Vision اور HDR 10+. کیلئے سپورٹ موجود ہے،C935فی الحال65انچ کے سائز میں دستیاب ہے۔
C835بھی ایک منی ایل ای ڈی ٹی وی ہے،C935کی زیادہ تر خصوصیات کے ساتھ اس میں
IMAX Enhanced, 144Hz refresh rate, Game Master Pro settings, HDMI 2.1, VRR (متغیر ریفریش ریٹ)،ALLM (auto low latency mode) اور ہینڈ فری ٹی وی کو کنٹرول کرنے کیلئے بلٹ ان گوگل اسسٹنٹ کے ساتھ گوگل ٹی وی موجود ہے۔C835منی ایل ای ڈی ٹی وی 55″, 65اور 75انچ میں دستیاب ہے۔
نیا ٹی سی ایل 4K QLED ماڈل C735ایک QLED TVٹی وی ہے،اس میں بھی ایک QLED 4K پینل ہے،جس میں تمام جدید ترین HDRفارمیٹس کیلئے 144Hzریفریش ریٹ سپورٹ اور بیزل لیس فریم موجود ہے،اس میں گوگل ٹی وی کے ساتھ ساتھ شاندار گیمنگ تجربہ کیلئے ڈولبی وژن سپورٹ کے ساتھ گیمز ماسٹر بھی ہے،یہ 55اور65انچ میں دستیاب ہے۔
C635کی Quantum Dot Display ٹیکنالوجی آپ کو Wide Color Gamutاور گیمز ماسٹر موڈ کے ساتھ ایک ارب سے زیادہ رنگوں کے اعلیٰ معیار اور بصری دعوت دیتا ہے۔C635میں گوگل ٹی وی بھی شامل ہے،جس میں اوکے گوگل کی خاصیتموجود ہے جو کہ C635کو پہلے سے کہیں زیادہ مددگار اور Google Duoبناتا ہے،یہ 75′” 65″, 55″, 50اور43انچ ماڈلز میں آیا ہے،یہ پہلی بار ہے کہ پاکستان میں QLEDٹی وی 43انچ میں متعارف کرایا گیا ہے۔
ٹی سی ایل پاکستان کے جنرل منیجر Sunny Yangکا کہنا ہے کہ ”ہماری نئی شروع کی گئی سی سیریز اس حقیقت کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ ٹی سی ایل اپنے صارفین کو عالمی معیار کی تکنیکی طور پر جدید مصنوعات اور بہترین صارفی تجربہ کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے، تازہ ترین سی سیریز یقینی طور پر معیار زندگی اور ہمارے صارفین کے تفریحی تجربے میں اضافہ کرے گی۔“
ٹی سی ایل کے ہیڈ آف مارکیٹنگ ماجد نیاز ی کا کہنا تھا کہ ”ٹی سی ایل کو اپنی انتہائی انتظار کی جانے والی سی سیریز کی رونمائی پر فخر ہے،نئی سی سیریز میں سب کچھ ہے،جدید ترین ٹیکنالوجی کے ساتھ تصویر کا بہترین معیار،جیسے C935کے
1920 Local Dimming Zonesاور 144Hz VRRکے ساتھ گیمنگ کا بہترین تجربہ،پھر
Dolby Vision IQ, Dolby Atmos اور IMAX enhanced Panel،جو بہترین Google TV OSپر چل رہے ہیں،آپ بس نام لیں اور وہ سب سی سیریز میں موجود ہوگا،سی سیریز 2022میں پاکستان میں صارفین کی تفریح کے تجربہ کو بڑھا دے گی۔
ملک میں سونا مزید سستا ہوگیا
کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں مزید 400 روپے کی کمی ہوئی ہے۔
صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 400 روپے کی کمی سے ایک تولہ سونا ایک لاکھ 41 ہزار 100 روپے کا ہوگیا ہے۔
اس کے علاوہ 10 گرام سونے کی قیمت 343 روپے کم ہوکر ایک لاکھ 20 ہزار 970 روپے ہوگئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں 16 ڈالر کی کمی سے فی اونس سونا 1788 ڈالر کا ہو گیا ہے۔
ضمنی الیکشن میں جیتنے والے کو قائد ایوان منتخب ہونا چاہیے: حمزہ شہباز
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عدالت نے کہا ضمنی الیکشن کے بعد 22 جولائی کو دوبارہ الیکشن ہو گا، 17 جولائی کو جس کے حق میں فیصلہ ہو اس کو قائد ایوان منتخب ہونا چاہیے، 17 جولائی کے دن دودھ کا دودھ اورپانی کا پانی ہوجائے گا، 22جولائی کا الیکشن (ن) لیگ جیتے گی۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب پچھلے کئی ماہ سے آئینی بحران در آئینی بحران کا شکاررہا، کبھی الیکشن ملتوی اور کبھی حلف کا معاملہ التوا کا شکاررہا، کبھی گورنر آ رہا ہے اور جا رہا ہے، کبھی صدر سمری مسترد کر دیتے تھے، گنیزآف بک میں پنجاب کے آئینی بحران کونمبرون ترجیح دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ نہ ہونے کے باوجود ہم نے پنجاب کی عوام کو 200 ارب کی سبسڈی دی، ہم نے 10کلوآٹے کے تھیلے کو سستا کیا۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو میں کینسر سمیت تمام ادویات مفت ملنے جا رہی ہے، میں نے عمران نیازی کی طرح نہیں کہا مجھے تین ماہ دیدیں تو دودھ کی نہریں بہادوں گا، صوبے کی عوام کوریلیف دینے کے لیے دن رات کام کیا، امیدواراور پی ٹی آئی کا عدالت میں موقف الگ تھا، ان کی آپس میں بھی سوچ کا ربط نہیں تھا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ عدالت میں کہا میرے پاس نمبرپورے ہیں، عدالت میں کہا جو بھی فیصلہ کریں گے قبول کروں گا، عدالت نے کہا ضمنی الیکشن کے بعد 22 جولائی کو دوبارہ الیکشن ہو گا، 17 جولائی کو جس کے حق میں فیصلہ ہواس کوقائد ایوان منتخب ہونا چاہیے، مجھے نہیں معلوم کتنے دن ہوں جب تک ہوں صوبے کے عوام کی خدمت کروں گا۔ عدالت میں کہا جوبھی رزلٹ آئے گا قبول کریں گے، اللہ کے فضل سے پنجاب کی عوام نواز شریف، شہباز شریف پر اعتماد کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئر مین نے کہا آئی ایم ایف نہ جانا بڑی غلطی تھی، عمران خان نے آئی ایم ایف نہ جا کر 6 ماہ ضائع کیے، عمران خان نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا اوردوسری طرف عوام کوسستا پٹرول دیا، دل پرپتھررکھ کرپٹرول کی قیمتیں بڑھائئ گئیں، اگرہم سخت فیصلے نہ کرتے تو ایٹمی قوت دیوالیہ ہوجاتا، مشکلات کے باوجود ہم عوام کوریلیف فراہم کررہے ہیں، پٹرول کی قیمت حکومت بچانے کے لیے نہیں بڑھائی، یہ بوجھ ہے جوہم نے اٹھایا ہے،
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈپٹی سپیکر پر اسمبلی میں جان لیوا حملہ کیا گیا تھا، عمران نیازی نے ہمیں انتقام کا نشانہ بنایا کس منہ سے ہراساں کرنے کی باتیں کرتے ہیں، سوشل میڈیا پرعسکری اداروں کے خلاف زہراگلا جارہا ہے، اس سازش کے پیچھے توشہ خانہ کی چوریاں چھپانا تھا، اس آدمی نے اپنی انا کی خاطرآئین وقانون کو توڑا، 17 جولائی کا دن دودھ کا دودھ اورپانی کا پانی ہوجائے گا،22جولائی کا الیکشن(ن)لیگ جیتے گی، دل پرپتھررکھ کرفیصلے کررہے ہیں، سخت فیصلوں کے بعد عوام کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک کو مشکل حالات سے نکالا، ن لیگ نے ملکی مفاد کے لیے سخت فیصلوں کا سیاسی بوجھ اٹھایا، انشااللہ17جولائی کوعوام ایک بارپھر(ن)لیگ کی قیادت پراعتماد کا اظہارکرینگے۔
آریان خان نے اپنے پاسپورٹ کے حصول کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان نے منشیات کیس میں کلین چٹ ملنے کے بعد اپنے پاسپورٹ کے حصول کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق آریان خان نے اپنے وکلا کے ذریعے بھارت کی خصوصی عدالت میں اپنی درخواست جمع کرادی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ منشیات کیس سے بری ہوچکے ہیں لہذا ضمانت کی شرط پر رکھوایا گیا پاسپورٹ انہیں واپس کیا جائے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ معروف اداکار کے بیٹے کی درخواست پر خصوصی عدالت نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی) کو اس ضمن میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔
آریان خان کی درخواست پر خصوصی عدالت میں رواں ماہ(جولائی) کی 13 تاریخ کو سماعت ہوگی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال 3 اکتوبر کو این سی بی نے شاہ رخ خان کے بیٹے کو منشیات کیس میں گرفتار کیا تھا بعد ازاں ناکافی ثبوت ہونے کی بنا پر عدالت نے انہیں مقدمے سے کلین چٹ دی۔
پٹرولیم مصنوعات کے بعد ایل پی جی بھی مہنگی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مخلوط حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کے بعد ایل پی جی بھی مہنگی کردی گئی ہے۔
اوگرا نے جولائی کے لئے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 19 روپے 62 پیسے مہنگا کر دیا گیا، گھریلو سلنڈر 2600 روپے کا ہوگیا ہے، جون میں گھریلو سلنڈر کی قیمت 2581 روپے 35 پیسے تھی۔
معیشت نیچے جائے گی تو کیا نیوٹرلز کے لئے نقصان نہیں ہوگا؟: عمران خان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جو کہتے ہیں ہم نیوٹرلز ہو کر پیچھے ہو گئے ہیں کیا یہ انکا پاکستان نہیں؟ معیشت نیچے جائے گی تو کیا نیوٹرلز کے لئے نقصان نہیں ہوگا؟۔
اسلام آباد پالیسی انسٹی ٹیوٹ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اس وقت یہ بحث جاری ہے کہ اس ملک کے ساتھ ہوا کیا ہے، اکنامک سروے کے مطابق ہمارے دور میں معیشت بہتر ہورہی تھی، تحریک انصاف کے دور میں زراعت انڈسٹری اور دیگر شعبوں میں بہتری آرہی تھی، کونسی ایسی قیامت آگئی تھی کہ ہماری حکومت کو بیرونی سازش کے تحت ہٹایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بتایا گیا کہ ہماری حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے کی اہل نہیں، اب دو مہینے میں اتنی مہنگائی ہو گئی ہے جتنی ہمارے ساڑھے تین سال میں نہیں تھی، جو قیمت اسوقت قوم مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کی صورت میں ادا کر رہی ہے اسکا ذمہ دار کون ہے؟ سب کو خوف ہے کہ ہماری معیشت سری لنکا کے حالات کی طرف جارہی ہے، اگر ایسا ہوا تو سب سے بڑا مسئلہ نیشنل سکیورٹی کے لئے ہوگا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ملٹری سکیورٹی ایک طرف ہے، معاشی سکیورٹی اتنی ہی اہم ہے، جو چور ڈاکو ہم پر مسلط کیے گئے انکے 1100 ارب معاف کیے گئے، امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان میں بیسز مل جائیں اور پاکستان کو اپنے فائدے کے لئے استعمال کریں، کیا ہمارے ملک میں لوگوں کو خوف نہیں؟ جن لوگوں کو ہم پر مسلط کیا گیا انکا پاکستان میں کیا انٹرسٹ ہے؟۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ کرپشن کر کے باہر بھاگنے والے این آر او لے کر واپس آنا چاہتے ہیں، رجیم چینج کا نقصان صرف پاکستان کو ہے، آج ہمیں غلام بنایا جا رہا ہے، ان لوگوں کو ہم پر مسلط کیا جا رہا ہے جنکا پاکستان میں کوئی مفاد نہیں، جیسا ابھی چل رہا ہے ویسا چلتا رہا تو پاکستان کا کوئی مستقبل نہیں۔
حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام، ایک ماہ میں 6.34 فیصد کا اضافہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی، ایک ماہ میں مہنگائی میں 6.34 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا، جون میں شہروں میں مہنگائی 6.19 فیصد اور دیہات میں 6.57 فیصد بڑھی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ماہ میں آلو کی قیمت میں 36.64، انڈے 19.98، دال مسور 17.42، دال چنا 14.03، چنے 13.62، گندم 13.03، خوردنی گھی 12.86، ٹماٹر9.03 اور چاول کی قیمت میں 11.67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہانہ رپورٹ کےمطابق جون میں مرغی کا گوشت 7.83، آٹا 3.76 اور سبزیاں 3.54 فیصد سستی ہوئیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر دیہات میں ٹماٹر 27.70 ، آلو 25.85 ، انڈے 19.96، خوردنی تیل 18.27 فیصد اور خوردنی گھی 17.16 فیصد مہنگا ہوا جبکہ چکن 11.10 ، آٹا 4.01 اور پھلوں کی قیمت میں 3.54 فیصد کمی ہوئی، ایک سال میں شہروں میں پیاز کی قیمت میں 124.30، ٹماٹر 121.72، خوردنی گھی 76.71، دال مسور 74.32 اور خوردنی تیل 70.8 فیصد مہنگا ہوا۔
جاری کردہ رپورٹ کے مطابق شہری علاقوں میں ایک سال میں مصالحوں کی قیمت میں 20.11 ، دال مونگ 18.46 اور چینی 11.28 فیصد سستی ہوئی، دیہی علاقوں میں ایک سال کے دوران پیاز 175.59، ٹماٹر 149.57، خوردنی تیل 88.28 ، خوردنی گھی 86.34، دال مسور 73.93 فیصد مہنگی ہوئی، اس عرصے میں چنے 65.36، پھل 40.93، چکن 33.62 فیصد مہنگا ہوا، دال مونگ 14.64، مصالحے 11.58، چینی 10.3 فیصد سستی ہوئی ہے۔
سندھ بلدیاتی انتخابات کا دوسرامرحلہ ملتوی کرنے کیلئے ایم کیوایم کا الیکشن کمیشن کو خط
کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرامرحلہ ملتوی کرنے کیلئے ایم کیوایم نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔
بلدیاتی انتخابات سے متعلق متحدہ قومی موومنٹ نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرامرحلہ ملتوی کیا جائے۔ کورونا کیسز میں اچانک اضافہ ہو رہا ہے ۔ خط میں مزید کہا گیا کہ سندھ میں حلقہ بندیاں بھی قانونی طور پر ٹھیک نہیں ہیں۔ اسلئے بلدیاتی انتخابات ملتوی کئے جائیں ۔کہا الیکشن ووٹر لسٹوں کی حتمی فہرست اور کورونا کیسز میں کمی تک سندھ بلدیاتی انتخابات موخر کیے جائیں ۔
وزیراعلیٰ کا انتخاب صرف پنجاب اسمبلی میں ہو گا، پرویز الہٰی
لاہور: (ویب ڈیسک) اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کا انتخاب صرف پنجاب اسمبلی میں ہو گا، مجھے ہدایت کی گئی ہے سب کچھ قوانین کے مطابق ہونا چاہئے۔
سپریم کورٹ رجسٹری میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج بہت ہی اچھا فیصلہ ہوا، چیف جسٹس نے بھی کہا بڑا اچھا اجتماعی فیصلہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جمہوریت کی بھی جیت ہے، انصاف کی بھی ، اللہ کو منظور ہو گا تو وزیراعلیٰ بنیں گے،حمزہ شہباز نے یقین دہانی کرائی ہے کہ الیکشن شفاف ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی کیخلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہو گی، وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب 22 جولائی کو ہو گا۔
سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے مؤقف کو درست قرار دیا، اسد عمر
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے مؤقف کو درست قرار دے دیا۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے فواد چودھری اور بابر اعوان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز کبھی بھی منتخب وزیر اعلیٰ تھے ہی نہیں اور ضمنی انتخابات کے بعد ہاؤس مکمل ہو گا۔ پاکستان میں لوٹوں کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام میں عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے اور آج سپریم کورٹ پر پورے پنجاب کی نظر جمی تھی۔ ہمارا پہلے دن سے مؤقف تھا کہ پنجاب میں بننے والی حکومت غیر قانونی ہے اور پہلے لاہور ہائیکورٹ پھر آج سپریم کورٹ نے بھی ہمارے مؤقف کی تائید کر دی۔ ایسے افسران کو لگایا جا رہا ہے جو ٹھیک نہیں ہیں۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ قومی اسمبلی میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے اور حمزہ شہباز محدود اختیارات کے تحت 22 جولائی تک وزیر اعلیٰ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت نے سیاسی معاملات کو آپس میں مل کر حل کرنے کا کہا ہے اور تحریک انصاف کے مؤقف کی جیت ہوئی ہے۔ حمزہ شہباز منتخب نہیں بلکہ سلیکٹڈ وزیراعلیٰ ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے کہا کہ میرے مطابق حمزہ شہباز غیر آئینی مشکوک وزیراعلیٰ ہیں۔
امپورٹڈ حکومت مسلسل عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈال رہی ہے: عمران خان
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت مسلسل عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈال رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ روس سے سستا تیل خریدنے کے بجائے امریکا کی حکومت تبدیل کرنے کی سازش کے نتیجے میں اقتدار میں آنے والی امپورٹڈ حکومت مسلسل عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈال رہی ہے۔
پی ٹی آئی چیئر مین نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے خود کو 1100 ارب روپے کا این آر او 2 دے دیا ہے۔ مجموعی طورپر پٹرول کی قیمت میں 99 روپے، ڈیزل کی قیمت میں 133 روپے اضافہ ہوا۔عوام اس کے خلاف کل ہمارے احتجاج میں شرکت کریں۔
اپنے ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، بدترین لوڈ شیڈنگ کیخلاف انشاء اللہ ہفتے کو امپور ٹڈ حکومت کیخلاف پریڈ گراؤنڈ میں تاریخی جلسہ ہو گا، میں پنڈی سے پریڈ گراؤنڈ تک ریلی کی قیادت کروں گا۔
جیمز ویب خلائی دوربین کی ابتدائی تصاویر 12 جولائی کو جاری ہونگی
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ناسا کی جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ جلد ہی کائنات کی اب تک کی سب سے زیادہ گہرائی کی عکس بند کی جانے والی تصاویر جلد جاری کر دی جائیں گی۔
10 ارب ڈالرز کی لاگت سے بنائی جانے والی یہ ٹیلی اسکوپ زمین سے 12 لاکھ کلومیٹر دور مدار میں کائنات کے ابتدائی وقتوں کا معائنہ کرنے کے لیے موجود ہے۔
ناسا کے ایڈمنسٹریٹر بِل نیلسن کے مطابق اس سے قبل انسانیت نے اس سے آگے نہیں دیکھا اور ماہرین صرف یہ سمجھنا شروع کر رہے ہیں کہ یہ ٹیلی اسکوپ کیا کرسکتی ہے اور کیا کرے گی۔
20 سال کے عرصے میں بننے والی یہ ٹیلی اسکوپ ماضی میں جھانک کر بِگ بینگ کے بعد ہونے والے معاملات کو جاننے کی اور اس معمے کو سلجھانے کی کوشش کرے گی کہ ہم یہاں تک کیسے پہنچے۔
نیلسن کا کہنا تھا کہ ماہرین تاریخ ساز ڈیٹا حاصل کرنے کے مراحل کے وسط میں ہیں۔ ابتدائی تصاویر 120 گھنٹوں کے مشاہدات پر مبنی ہیں۔
ٹیلی اسکوپ کے متعلق یہ سوچنا کہ یہ ٹائم مشین ہے تھوڑا عجیب ہے لیکن یہ ایسے ہی کام کرے گی۔ خلاء میں فاصلے کی پیمائش یہ دیکھ کر کی جاتی ہے کہ روشنی کو سفر کرنے میں کتنا وقت لگتا ہے۔
ناسا کے مطابق ہم سے قریب ترین ستارہ چار نوری سال کے فاصلے پر ہے لہٰذا جب ہم اس ستارے کو دیکھتے ہیں تو وہ آج کا ستارہ نہیں بلکہ چار سال پہلے کا ستارہ ہوتا ہے۔
ناسا کی جانب سے جیمز ویب ٹیلی اسکوپ کی ابتدائی تصاویر 12 جولائی کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے جاری کی جائیں گی۔


















