واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں 86 سالہ خاتون نے دنیا کی معمر ترین ایئر ہوسٹس ہونے کا عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی شہر بوسٹن سے تعلق رکھنے والی بیٹ نش نامی ضعیفہ گزشتہ 65 سالوں سے ’امیریکن ایئرلائنز‘ میں بحیثیت ایئر ہوسٹس کام کررہی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے بیٹ نش کو کسی ایئرلائن میں طویل عرصے تک کام کرنے اور معمر ترین ایئر ہوسٹس ہونے پرعالمی ریکارڈ ہولڈرز کی فہرست میں شامل کرلیا۔
مذکورہ خاتون نے 1957 میں ایئرلائن میں ملازمت اختیار کرکے اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ وہ ہر سال جہاز میں ہزاروں میل کا سفر طے کرتی ہیں۔
Monthly Archives: July 2022
یوکرین کا روس پر غلہ چوری کرنے کا الزام
کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین نے روس پر غلہ چوری کرنے کا الزام عائد کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوکرینی وزارت خارجہ نے ترکی کو خط لکھ کر جہاز کی تفصیلات فراہم کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہاز ساڑھے چار ہزار ٹن غلہ لے کر یوکرین کے شہر بیردیانسک کی بندرگاہ سے روانہ ہوا ہے، یہ شہر اب روس کے قبضے میں ہے۔
یوکرین نے ترکی سے جہاز کو عملے سمیت قبضے میں لینے اور غلہ یوکرین کو واپس کرنے کی درخواست کی ہے۔
روس کی بلغاریہ سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کی دھمکی
ماسکو: (ویب ڈیسک) بلغاریہ کی جانب سے 70 روسی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کے ردعمل میں روس نے بلغاریہ کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کی دھمکی دیدی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس نے بلغاریہ سے سفارتی تعلقات کرنے کی دھمکی دی ہے جس پر یورپی یونین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کا یہ اقدام اسے دنیا میں مزید تنہا کردے گا۔
ترجمان یورپی یونین نے یورپی ممالک کی جانب سے بلغاریہ کو ہر ممکن مدد اور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے دوست ملک کو ایک جارحیت پسند ملک کا نوالہ نہیں بننے دیں گے۔
یورپی یونین کے ترجمان نے مزید کہا کہ بلغاریہ نے جن 70 روسی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کے حکم دیا وہ ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے تھے۔
قبل ازیں فرانس نے بھی جاسوسی کے الزام میں روسی سفارت کاروں کو ملک بدر کردیا تھا۔
واضح رہے کہ بلغاریہ نے جاسوسی کے الزام میں 70 روسی سفارت کاروں کو فوری طور پر اپنے ملک واپس جانے کا حکم دیا تھا۔
لاہور میں سینیئر صحافی ایاز امیر پر نامعلوم افراد کا حملہ، وزیراعظم کا نوٹس
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور میں سینیئر صحافی ایاز امیر پر نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا جس سے وہ زخمی ہوگئے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایاز امیر نجی ٹی وی کے دفتر سے نکلے تو نامعلوم افراد نے روکا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے تشدد کر کے ایاز امیر سے موبائل فون اور پرس بھی چھین لیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں ایاز امیر کے کپڑے پھٹے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب سی سی پی او نے ایس پی سول لائنز سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق سی سی پی او نےسینیئرصحافی پر مبینہ تشدد کے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ سینیئر صحافی ایاز امیر نے گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر ان ہی کی تقریب میں تنقید کی تھی۔
ایاز امیر نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو کھلواڑ اب پاکستان میں ہو چکا ہے اس میں خان صاحب کا بھی حصہ ہے، ہمیں بتایا گیا تھا کہ ایسا کپتان ہے، کپتان نے کرکٹ ٹیم میں یہ کر دیا۔
ایاز امیر کا کہنا تھا کہ آپ نے پاکستان کو پراپرٹی ڈیلرز کے حوالے کر دیا تھا،صحافی ایاز امیر کی تنقید پر عمران خان جواباً مسکراتے رہے۔
سینئر تجزیہ کار ایاز امیر پر نامعلوم افراد کی جانب سے حملے کا وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب نے حمزہ شہباز نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
دو غیر ملکی خواتین کوہ پیماؤں نے بلند ترین چوٹیوں میں سے ایک نانگا پربت سر کرلی
لاہور: (ویب ڈیسک) دو غیر ملکی خواتین کوہ پیماؤں نے کوہ ہمالیہ میں واقع دنیا کی بلند ترین چوٹیوں میں سے ایک نانگا پربت سر کرلی۔
دنیا بھرکے کوہ پیماؤں کی پاکستانی چوٹیاں سر کرنے کی مہم جاری ہے، جمعے کے روز ناروے اور تائیوان کی خواتین کوہ پیماؤں نے پہلے سیزن میں نانگا پربت سرکرلی۔
پاکستان میں کوہ پیمائی سیزن کی پہلی سمٹ میں دو غیر ملکی خواتین کوہ پیماؤں ناروے کی کرسٹن ہریلا اور تائیوان کی گریس ٹینگ نے دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت سر کی ۔
نیپالی ٹیم کے اراکین نے بھی کوہ پیماؤں کے ساتھ سمٹ مکمل کیا جبکہ پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف بھی نانگا پربت پرموجود ہیں۔
ناروے کی کرسٹن ہریلا نے اس سیزن کی ساتویں 8 ہزار میٹر سے بلند چوٹی سر کی ہے ، وہ 6 ماہ سے کم وقت میں تمام 14 بلند ترین چوٹی سر کر کے نرمل کا ریکارڈ توڑنا چاہتی ہیں۔
کاجول پہلی بار ویب سیریز میں جلوے بکھیرنے کیلئے تیار
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی اسٹار اداکارہ کاجول معروف ڈائریکٹر سوپرن ورما کی ہدایت کاری میں بننے جارہی ویب سیریز میں پہلی بار اپنے جلوے بکھیریں گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کاجول بھارتی فلم انڈسٹری پر راج کرنے کے بعد اب ویب سیریز کی دنیا میں قدم رکھنے جارہی ہیں۔ سوپرن ورما کی ویب سیریز میں اداکارہ کا ڈیبیو ہوگا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس پروجیکٹ میں کاجول کے شوہر اداکار اجے دیوگن بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے، یہ سیریز اسٹریمنگ پلیٹ فارم ’’ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار‘‘ پر ریلیز ہوگی۔ کہا جارہا ہے کہ اداکارہ سیریز میں نئی دور کی مضبوط خاتون کا کردار نبھائیں گی۔
ویب سیریز میں سیاست اور جرائم کا بھی تڑکا ہوگا جبکہ اسے پروڈکشن کمپنی ’بنیجے ایشیا‘ پروڈیوس کرے گی۔ پروجیکٹ اگلے سال ریلیز ہوگی۔ کاجول کے مداحوں کو انہیں پہلی بار ویب سیریز میں دیکھنے کا بے صبری سے انتظار ہے۔
امریکی سفیر کا پاکستان کیساتھ دوطرفہ تعاون کو مضبوط کرنےکے عزم کا اعادہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مضبوط اور مستحکم کرنے کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے امریکی سفیر کو اسناد پیش کرنے پر مبارکباد پیش کی جبکہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کا عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے باہمی احترام، اعتماد اور مفاد کی بنیاد پر تعلقات کو مزید فروغ دینے کی پاکستان کی خواہش پر زور دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ امید ہے ڈونلڈ بلوم دو طرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی کوشش کرینگے، رواں سال پاک امریکا تعلقات کی 75ویں سالگرہ ہے، دونوں ممالک اس تاریخی موقع کو بھرپور طریقے سے منائیں گے۔ جس سے دوطرفہ اور عوام کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔ پاکستان میں معاشی اور آبادیاتی صلاحیت بہت زیادہ ہے اور امریکی کمپنیوں کو پاکستان کی بڑی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔
انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے فریم ورک معاہدے کی وزارتی میٹنگ اس سال کے آخر میں منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مختلف ڈائیلاگ تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی، موسمیاتی تبدیلی، توانائی، صحت اور صحت کے شعبوں میں ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر مزید تبادلوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعاون سے افغانستان میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا اور زلزلے سے متاثرہ ملک میں انسانی بحران کو روکنے میں مدد ملے گی۔
ملاقات کے دوران شہباز شریف نے بی جے پی کے دو عہدیداروں کی جانب سے نبی ﷺ کی ہستی کے بارے میں توہین آمیز ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔
وزیراعظم نے بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔
خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے جموں و کشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔
شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اخلاقی اور معیاری ذمہ داریوں کو پورا کرے، بھارت سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرنے کا بھی مطالبہ کرتے ہیں۔
وزیر اعظم نے سفیر کو اسناد پیش کرنے پر مبارکباد دی اور امید کا اظہار کیا کہ سفیر پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور بڑھانے کے لیے اپنا کردار اد اکرینگے۔
سفیر بلوم نے وزیر اعظم کا استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے کے لیے امریکہ کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے افغانستان سے انخلاء میں سہولت فراہم کرنے میں پاکستان کی فوری اور موثر مدد پر بھی شکریہ ادا کیا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کو پاکستان میں زیر حراست 682 بھارتی قیدیوں کی فہرست فراہم کردی ہے جن میں 49 شہری اور 633 ماہی گیر شامل ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جمعہ کوجاری بیان کے مطابق یہ اقدام پاکستان اور بھارت کے درمیان قونصلر رسائی کے معاہدے کی شق (i) سے مطابقت رکھتا ہے جس پر 21 مئی 2008 کو دستخط کیے گئے تھے، اس کے تحت دونوں ممالک کو ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو ایک دوسرے کی تحویل میں قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرنا ہوتا ہے۔
ترجمان کے مطابق بھارتی حکومت نے بھی نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن کو بھارت میں 461 پاکستانی قیدیوں کی فہرست فراہم کردی ہے جن میں 345 شہری اور 116 ماہی گیر شامل ہیں۔
بھارتی پنجاب میں 300 یونٹ تک بجلی مفت دینے کا اعلان
امرتسر: (ویب ڈیسک) بھارتی وزیراعلیٰ پنجاب بھگونت مان نے کہا کہ حکومت ریاست کے لوگوں کو دی گئی ضمانت کو پورا کر رہی ہے کیونکہ جمعہ سے ہر گھر کو ہر ماہ 300 یونٹ مفت بجلی ملے گی۔
یاد رہے کہ عام آدمی پارٹی کی پنجاب حکومت نے پہلے 1 جولائی سے ہر گھر کو 300 یونٹ مفت بجلی دینے کا اعلان کیا تھا۔
بھگونت مان نے کہا کہ پچھلی حکومتیں انتخابات میں وعدے کرتی تھیں وعدوں کی تکمیل میں 5 سال گزر جاتے تھے لیکن ہماری حکومت نے پنجاب کی تاریخ میں ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ آج ہم پنجابیوں کو دی گئی ایک اور گارنٹی پوری کرنے جا رہے ہیں۔ آج سے پنجاب میں ہر خاندان کو ماہانہ 300 یونٹ مفت بجلی ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہر گھر کو ہر ماہ 300 یونٹ مفت بجلی دینا عام آدمی پارٹی کے 2022 کے پنجاب اسمبلی انتخابات کے دوران کیے گئے کلیدی وعدوں میں سے ایک تھا۔
اے اے پی لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ راگھو چڈھا نے کہا کہ لوگوں کو مفت بجلی فراہم کرنے والی دہلی کے بعد پنجاب دوسری ریاست بن گئی ہے۔ آج ایک تاریخی دن ہے کیونکہ پنجاب دہلی کے بعد دوسری ریاست بن گیا ہے جہاں لائف لائن بجلی مفت ملتی ہے۔
وزیر خزانہ ہرپال سنگھ چیمہ نے 27 جون کو اے اے پی حکومت کا پہلا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ 300 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے سے ریاستی خزانے پر 1,800 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ عام آدمی پارٹی حکومت پنجاب کے عوام کو دی گئی اپنی پہلی گارنٹی کو پورا کر رہی ہے جو کہ یکم جولائی سے پنجاب کے تمام شہریوں کو ماہانہ 300 یونٹ گھریلو بجلی کی فراہمی مفت فراہم کر رہی ہے۔ اس سے پنجابیوں کو بڑی راحت ملے گی، جو بجلی کے بے تحاشا بلوں کی زد میں ہیں۔ ریاستی حکومت نے پہلے ہی فضول خرچی کو کم کرکے اور اپنے ٹیکس ریونیو میں اضافہ کرکے اس اسکیم کو فنانس کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
3 روزہ شندور پولو فیسٹیول کا رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ آغاز
چترال: (ویب ڈیسک) صوبہ خیبر پختونخوا میں 3 روزہ شندور پولو فیسٹیول کا رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ آغاز ہوگیا، 12 ہزار 5 سو فٹ دنیا کے بلند ترین پولو میدان میں کھیلا جانے والا یہ فیسٹیول اپنی نوعیت کا اہم فیسٹیول ہے۔
اس موقع پر مقامی فنکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیلاشی، چترالی، خٹک ڈانس اور مقامی نغمے پیش کئے گئے، حکومت خیبر پختونخوا اور فرنٹیئر کور نارتھ کے باہمی اشتراک سے منعقدہ افتتاحی تقریب میں پیرا گلائیڈرز اور پیرا ٹروپرز نے وہاں موجود شائقین سے خصوصی داد وصول کی۔
شندور پولو فیسٹول کے پہلے دن مختلف ٹیموں کے درمیان تین میچز کھیلے گئے، فیسٹول کو دیکھنے کے لئے بڑی تعداد میں ملک بھر سے سیاحوں نے علاقے کا رخ کیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سول اور ملٹری عہدیداران سمیت مقامی انتظامیہ کے عہدیداران اور بڑی تعداد میں علاقے کے عوام نے شرکت کی۔
3 روزہ فیسٹیول میں پولو کے میچز کے ساتھ ساتھ شرکاء کے لئے رات کے وقت خصوصی طور پر آتش بازی اور کیمپ فائر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جبکہ اس موقع پر علاقائی فنکار بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
فاروق ستار ایم کیو ایم پاکستان میں مشروط واپسی پر آمادہ
کراچی: (ویب ڈیسک) این اے 245 کی نشست پر ضمنی انتخاب، ایم کیو ایم پاکستان کو پرانے ساتھی کی تلاش، ڈاکٹر فاروق ستار نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان میں واپسی کی مشروط آمادگی کا اظہار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار اور خالد مقبول صدیقی کی ایک اور ملاقات جلد متوقع ہے، فاروق ستار اپنے دیگر ساتھیوں کو خالد مقبول صدیقی سے ملاقات میں مدعو کریں گے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ فاروق ستار این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں بھی ایم کیو ایم کے امیدوار کی حمایت کے لئے راضی ہیں، خالد مقبول صدیقی سے ہونے والی پہلی ملاقات میں فاروق ستار نے پارٹی میں اصلاحات پر زور دیا تھا۔
جڑواں بہنیں ایک دوسرے کے پاسپورٹس پر درجنوں بار سفر کرنے میں کامیاب
ہربن: (ویب ڈیسک) اگر جڑواں بچے ہم شکل ہوں تو وہ اکثر مذاق میں لوگوں کے سامنے اپنی شناخت بدل کر پیش کرتے ہیں۔
مگر چین سے تعلق رکھنے والے جڑواں بہنوں نے تو اس معاملے کو ایک ‘نئی بلندی’ پر پہنچا دیا۔
ان بہنوں نے 30 سے زیادہ بار ایک دوسرے کے پاسپورٹس پر بیرون ملک کا سفر کیا جس کے بعد ہی انہیں پکڑنا ممکن ہوسکا۔
چین کے شہر ہربن سے تعلق رکھنے والی زوہو سسٹرز کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
یہ سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب ہونگ (یہ اصل نام نہیں بلکہ حکام نے شناخت چھپانے کے لیے دیا ہے) اپنے جاپانی شوہر کے ساتھ جاپان جانا چاہتی تھی، مگر اس کی ویزا کی درخواست کو مسلسل مسترد کیا جارہا تھا۔
مگر اس کی جڑواں بہن وائی (یہ بھی اصل نام نہیں) کے پاس جاپانی ویزا موجود تھا تو ہونگ نے ہم شکل ہونے کا فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا اور جاپان جانے کے لیے بہن کا پاسپورٹ لے لیا۔
اس کے بعد بھی ہونگ نے چین، جاپان اور روس کے درمیان کم از کم 30 بار سفر کیا۔
دوسری جانب وائی نے اپنی بہن کے پاسپورٹ پر تھائی لینڈ اور ‘دیگر ممالک’ کا 4 بار سفر کیا۔
چینی حکام کو اس معاملے کا علم 2022 کے شروع میں ہوا تھا مگر یہ واضح نہیں کہ انہیں اس کا علم کیسے ہوا۔
حکام کے کہنے پر ہی دونوں بہنیں مئی میں چین واپس آئی تھیں اور ان کی کہانی رواں ہفتے چینی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
بیشتر افراد حیران تھے کہ آخر یہ جڑواں بہنیں کس طرح اتنی بار امیگریشن حکام کو دھوکا دینے میں کامیاب ہوئیں۔
کچھ نے کہا کہ موجودہ دور کی جدید ترین ٹیکنالوجی میں بھی ایسا ہونا ناقابل یقین ہے۔
بھارت میں 20 روپے کے چائے کے کپ پر 50 روپے سروس چارجز
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں ریلوے انتظامیہ کی جانب سے چائے کا کپ 70 روپے میں دیا جا رہا ہے جب کہ چائے کی ایک پیالی قیمت 20 روپے فی کپ ہے جس پر 50 روپے سروس چارجز ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریلوے نے ایک مسافر سے چائے کے ایک کپ کے 70 روپے وصول کیے جب کہ قیمت 20 روپے ہے۔ یہ معاملہ سوشل میڈیا پر آنے کے بعد سب کی توجہ حاصل کرگیا۔
ٹوئٹر پر ایک صارف نے بھارتی ریلوے کی جانب سے چائے کے بل شیئر کیے جس میں فی کپ قیمت 20 روپے اور سروس چارجز 50 روپے لکھے ہوئے ہیں۔ صارف نے احتجاج کیا کہ 20 روپے کی چائے پر 50 روپے سروس چارجز کہاں کا انصاف ہے۔
دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر بھارتی ریلوے کے خلاف شکایتوں کا انبار لگ گیا اور اس ناانصافی پر ریلوے انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیا۔
سوشل میڈیا صارفین کے دباؤ پر ریلوے انتظامیہ کو وضاحت پیش کرنا پڑی کہ جو صارفین ٹکٹ بک کرواتے وقت کھانے پینے کی سروس بک نہیں کرواتے انہیں حکومت سبسڈی نہیں دیتی، اس لیے انہیں ہر آڈر پر 50 روپے سروس چارجز ادا کرنے ہوتے ہیں۔


















