سوڈان : (ویب ڈیسک) سوڈان میں فوجی بغاوت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے دوران کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔
سوڈان میں ایک مرتبہ پھر آٹھ مظاہرین مارے گئے ۔ مظاہرین فوجی بغاوت کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں شریک تھے۔ جمہوریت نواز تنظیم نے فوجی بغاوت کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہروں کی کال دی تھی۔
سوڈان کے ڈاکٹروں کی کمیٹی کے مطابق خرطوم کے جڑواں شہر اُومدرمان میں پولیس نے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی۔ جس کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک ہوئے۔
ایک اور واقعے میں خرطوم میں دریائے نیل کے کنارے ایک شخص اور ایک بچہ گولی لگنے سے ہلاک ہو گئے۔
احتجاج روکنے کے لیے پولیس نے دارالحکومت میں پُل بند کر دیے اور ہزاروں مظاہرین پر آنسو گیس پھینکی۔ سوڈان کے سب سے بڑے جمہوریت نواز گروپ نے ملک گیر ریلیوں کی کال دے رکھی ہے۔
یاد رہے کہ سوڈان میں گزشتہ برس اکتوبر میں فوج نے بغاوت کرتے ہوئے سویلین حکومت کا خاتمہ کر دیا تھا۔
Monthly Archives: July 2022
کراچی: بدترین بجلی بحران، مستثنیٰ علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کا اعلان، صارفین سراپا احتجاج
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں بدترین بجلی بحران ،کے الیکٹرک نے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے، کراچی کیلئے ایک اور شیڈول جاری کر دیا جس میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھا دیا گیا۔
کراچی میں لوڈشیڈنگ سے مستثنی علاقوں میں دن کے بعد اب رات میں بھی لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔
کے الیکٹرک کی طرف سے صارفین کو کیے گئے ایس ایم ایس کے مطابق رات کے وقت مستثنیٰ علاقوں میں کہیں 2 گھنٹے تو کہیں 3گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جائے گی۔
مختلف علاقوں میں 16 سے 18 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، اب مستثنیٰ علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کی جائے گی جب کہ رات کے اوقات میں بھی بجلی بندش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق اب زیادہ چوری والے علاقوں میں اڑھائی گھنٹے کی 4 بار، کم چوری والے علاقوں میں 2 گھنٹے کی 3 بار اور مستثنیٰ علاقوں میں 3 سے 6 گھنٹے تک کے لئے بجلی بند کی جائے گی۔
بجلی کی طویل بندش کے باعث شہریوں، تاجروں کے معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئے، رات کے اوقات میں بجلی بند کر کے شہریوں کی نیندیں بھی خراب کی جا رہی ہیں۔
قومی ویمن کرکٹ ٹیم کا 10 روزہ تربیتی کیمپ آج سے شروع ہوگا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ویمن کرکٹ ٹیم کا 10 روزہ تربیتی کیمپ آج سے اسلام آباد میں شروع ہوگا۔
قومی خواتین ٹیم لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئی ہے، خواتین کرکٹرز آئرلینڈ میں سہ ملکی سیریز اور کامن ویلتھ گیمز کی تیاریوں کے لیے 10 روزہ ٹریننگ کیمپ میں شرکت کریں گی۔
ٹریننگ کیمپ میں باؤلنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ پریکٹس سمیت 10 پریکٹس میچز بھی کھیلے جائیں گے، قومی اسکواڈ سہ ملکی سیریز اور کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کے لیے 12 جولائی کو آئرلینڈ روانہ ہوگا۔
روس یوکرین صورتحال میں میری ذمہ داری اپنے لوگوں کے مفاد کا خیال رکھنا تھا،عمران خان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیرا عظم عمران خان کا کہنا ہے کہ روس یوکرین کی صورتحال میں میری ذمہ داری اپنے لوگوں کے مفاد کا خیال رکھنا تھا۔ مستقبل میں روس سے تیل، گیس اور گندم لینا چاہتے تھے۔
جرمنی کے نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کو انٹرویو دیتے ہوئےسابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ میں بنیادی طور پر جنگوں کا مخالف شخص ہوں۔ میں فوجی آپریشن پر یقین نہیں رکھتا۔
ان کا کہنا ہے کہ جب آپ ایک مسئلہ فوجی آپریشن کےذریعے حل کرتے ہیں تو کئی اور مسئلے کھڑے ہوجاتے ہیں۔اسی طرح یوکرین،عراق اور افغانستان میں ہوا ہے، یہاں کئی اور مسائل پیدا ہوگئے۔
روس یوکرین جنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاہے کہ روس یوکرین کی صورتحال میں میری ذمہ داری تھی کہ میں اپنے لوگوں کے مفاد کا خیال رکھوں۔ مستقبل میں روس سے تیل، گیس اور گندم لینا چاہتے تھے،روس سےہم گندم امپورٹ کرتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مجھے لوگوں نے اس لئے منتخب کیا کہ میں ان کے مفاد کی بات کروں۔وزیراعظم بننے کے بعد آپ کی ترجیح وہ لوگ ہوتے ہیں جنہوں نے آپ کو وزیراعظم بنایا ہوتا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا ہے کہ گزشتہ 30سال میں ہزاروں کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔مغرب نے کشمیریوں پر ہونے والے تشدد پر اسٹینڈ ہی نہیں لیا، پانچ اگست 2019 کو بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی۔۔کشمیر پر اقوام متحدہ ہیومن رائٹس کی رپورٹس موجود ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ لیکن اس کی کوئی مذمت نہیں کرتا اور نہ ہی پابندیوں کی بات کرتا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ ہمارے طویل تعلقات ہیں۔ چین نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی ہے۔جب میں چین کو سراہتا ہوں تو اس کا مطلب ڈویلپمنٹ ماڈل کو سپورٹ کرنا ہے۔
پاکستان کے 80سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کرنے پر بھارتی ناظم الامور کی طلبی
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے 80سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کرنے پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا۔
دفترخارجہ نے بھارت کے ناظم الامور کو طلب کرلیا۔ بھارت کی طرف سے پاکستان کے 80سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کرنے پر احتجاج کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت نے پاکستان کے سفارتی مشنز سمیت 80 ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کر رکھے ہیں۔ان سفارتی مشنز میں ایران، ترکی، مصر ،اقوام متحدہ سمیت اہم ادارے شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا کہ یہ پابندیاں عالمی قواعد و ضوابط اور معلومات تک رسائی کے حقوق و آزادی رائے کی بنیادی آزادی کیخلاف ہے۔
ایران میں 6.1 شدت کا زلزلہ، 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے جنوبی علاقے میں زلزلے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے، متحدہ عرب امارات میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران کے جنوبی علاقے میں زلزلے سے 5 افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے، زلزلے کی شدت ریکٹراسکیل پر6.1 تھی، زلزلے سے متعدد گھر تباہ ہوگئے اورسڑکیں ٹوٹ گئیں، علاقے میں 6.3 شدت کے آفٹر شاکس بھی محسوس کئے گئے۔
ایرانی ایمرجنسی محکمے کے حکام نے بتایا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں پہنچنا شروع ہوگئی ہیں اورزلزلے سے متاثرین کے لئے امدادی خیمے نصب کئے جارہے ہیں۔
دوسری جانب دبئی اورشارجہ سمیت متحدہ عرب امارت میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔
یورپی بحیرہ روم زلزلہ مرکز کے مطابق 6.3 شدت کا زلزلہ ایران کے جنوب میں آیا جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی ، زلزلہ کا مرکز ایرانی بندرگاہ لنگہ تھا جو شارجہ سے 150 کلومیٹر دورہے۔
زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث شہریوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا اورلوگ کھلی جگہوں پرنکل آئے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج
لاہور: (ویب ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا، درخواست میں اوگرا، وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی جانب سے دائر کی گئی، درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ حکومت نے کابینہ کی منظوری کی بغیر پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا، حکومتی اقدام غیر قانونی ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدالت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کالعدم قرار دے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی بادل برسنے کی پیشگوئی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک کے اکثر علاقوں میں بادل برسنے کی پیشگوئی کردی ہے۔
مون سون سے موسم تبدیل ہو گیا، ٹھنڈی ہواؤں نے بھی رنگ جما دیا، موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج بھی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بادل برسنے کا امکان ہے۔
سندھ اور بلوچستان میں بھی بارش کی پیشگوئی ہے، اسلام آباد اور کشمیر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
مری اور گلیات میں بھی پری مون بارشوں کا نیا سپل شروع ہو گیا، بارش سے موسم خوشگوار ہونے پر سیاح انجوائے کرنے لگے۔
این ڈی ایم اے نے بارش میں انتظامی اداروں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کردیئے، بارشوں کا سلسلہ ایک ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے۔
کورونا کے وار تیز، مثبت کیسز کی شرح 4 فیصد سے متجاوز، مزید 4 افراد چل بسے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان میں کورونا وار میں ایک بار پھر تیزی آنے لگی ہے، مثبت کیسز کی شرح 4 فیصد سے تجاوز بھی کرگئی جبکہ مزید 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 18 ہزار 305 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 818 افراد میں کورونا کے مثبت کیسز کی تشخیص ہوئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق ملک میں مثبت کیسز کی شرح 4.47 فیصد تک پہنچ گئی ہے جب کہ 126 افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔
ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 4 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
فرانس ائیرپورٹ ملازمین کی ہڑتال، پروازیں متاثر ہونے لگیں
پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس میں ائیرپورٹ ملازمین کی ہڑتال کے باعث تین دن سے پروازیں متاثر ہونے لگیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مظاہرین کے باعث سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے جس کے باعث حکام نے مسافروں کو ائیرپورٹ پہنچنے کے لیے ٹرین استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جمعرات کو بھی ہڑتال کے باعث کوچارلس ڈیگال ائیرپورٹ کی 10 فیصد پروازیں منسوخ ہوگئی تھیں۔ ائیر پورٹ ملازمین ماہانہ تنخواہ میں 300 یورو اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ ہفتے کوچارلس ڈیگال ائیرپورٹ کی ہر پانچ میں سے ایک پرواز منسوخ ہوسکتی ہے۔
حج کا خطبہ براہ راست 14 زبانوں میں نشر کرنے کا اعلان
ریاض: (ویب ڈیسک) حرمین الشریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ میدان عرفات سے حج کا خطبہ براہ راست 14 زبانوں میں نشر کیا جائے گا جو 15 کروڑ افراد تک پہنچے گا۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر السدیس نے یہ اعلان انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کی موجودگی میں کرتے ہوئے بتایا کہ جدید ترین ٹیکنالوجی اور آلات کے ذریعے حج کا خطبہ عربی، انگریزی، فرانسیسی، اردو، فارسی، روسی، چینیِ، بنگالی، ترکی، ملاوی، ہندی، سپینی، تامل اور سواحلی زبانوں میں پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میدان عرفات سے حج کے خطبے کا براہ راست ترجمہ پیش کرنے کا پروگرام اپنی نوعیت کا سب سے بڑا عالمی پروگرام ہے اور اس کے ذریعے امن وسلامتی کی سرزمین سے رواداری اور میانہ روی کا پیغام جائے گا۔
ڈاکٹر السدیس کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال دس زبانوں میں میدان عرفات سے حج کا خطبہ نشر کیا گیا تھا، ہمارا ہدف 5 کروڑ افراد تک رسائی کا تھا لیکن اس سے دس کروڑ افراد نے استفادہ کیا تھا۔
سابقہ حکومت نے ہمیں مشکل میں ڈال دیا ہے: یوسف رضا گیلانی
ملتان: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سابقہ حکومت نے ہمیں مشکل میں ڈال دیا ہے، عمران خان کو پتہ تھا کہ حکومت جانے والی ہےانہوں نے قیمتیں کم کر کے بین الاقوامی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ اب اگر ہم انٹرنیشنل کمٹمنٹ نہ نبھاتے تو قدغنیں لگتیں۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ حالات گھمبیر تھے، ہم نے ملک کا سوچا۔ مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں۔ عوام بے وقوف نہیں ہے، سمجھ دار ہے، عوام کو پتہ ہے کہ حالات کے کون ذمہ دار ہیں۔ ہمارے اتحادی بھی سیاسی استحکام چاہتے ہیں کیونکہ سیاسی عدم استحکام سے معاشی استحکام نہیں آ سکتا، اتحادیوں کی بات مانیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر خارجہ نے بیان دیا کہ مجھے میری پارٹی نے ہروایا، انہوں نے دھاندلی کے حوالے سے ہمارے موقف کی توثیق کی ہے۔ عدم اعتماد سے آج تک پی ٹی آئی حکومت کو کام نہیں کرنے دے رہی، ان کا مقصد ہے کہ کام نہ کرنے دیا جائے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم سندھ میں بلدیاتی الیکشن کرا چکے ہیں، یہ نرسری ہے جو سیاستدان پیدا کرتی ہے۔ آئندہ الیکشن کی تیاری کر نے کے لئے پارٹی کو ری آرگنائز کر رہے ہیں، پی پی 217 سے ہمارا امیدوار بھاری ووٹوں سے کامیاب ہو گا۔
جنوبی پنجاب صوبہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کے لئے ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں تھی، ہمارا منشور ہے، جب اکثریت میں آئیں گے تو جنوبی پنجاب صوبہ بنائیں گے۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی مایہ ناز کھلاڑی عادل رشید کو حج کی پیشگی مبارکباد
لندن: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کرکٹ بورڈ(ای سی بی) نے اپنے باصلاحیت لیگ اسپنر عادل رشید کو حج کی پیشگی مبارک باد دے دی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق انگلش کھلاڑی عادل رشید حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے جس پر ای سی بی نے انہیں پیشگی مبارک باد دی ہے۔
انگلش بورڈ نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر حج مبارک راشد لکھا اور دل والا ایموجی شیئر کرتے ہوئے کھلاڑی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں ای سی بی نے تصدیق کی تھی کہ عادم اپنے فیملی کے ہمراہ حج پر جائیں گے۔


















