بجلی بحران: حکومت نے 10 ایل این جی کارگوز کیلئے ٹینڈرز جاری کردیے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے بجلی بحران سے نمٹنے کے لیے ایل این جی کارگوز کی درآمد کے لیے ٹینڈرز جاری کردیے۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے مطابق 10 ایل این جی کارگوز کی درآمد کے لیے ٹینڈرز جاری کیے گئے ہیں جو جولائی،اگست اور ستمبر کے لیے ہیں۔
جولائی کے لیے 2، اگست کے لیے 5 اور ستمبر کے لیے 3 کارگوز منگوانے کے لیے بولیاں طلب کی گئی ہیں جب کہ بولیوں کی آخری تاریخ 7 جولائی ہے۔

کراچی: گارڈن سے ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار

کراچی : (ویب ڈیسک) پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن سے گرفتار ملزم کاشف نے 30 مئی 2022 کو کے ایم سی کے انسپکٹر محمد علی کو ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کیا تھا،قتل کی واردات اینٹی انکروچمنٹ لینڈ ڈیپارٹمنٹ کے آفس میں کی گئی تھی۔
ترجمان کے مطابق ملزم کاشف کے ساتھی محمد شاکر عرف ڈھیلا کو 12جون کو گرفتارکیا جا چکا ہے جب کہ ملزم کاشف کے قبضے سے تین پستول، گولیاں اور ایک موٹرسائیکل بھی برآمد کی گئی ہے۔

فرح گوگی کو 10 ایکڑ پلاٹ کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے معاملے پر 2 افراد گرفتار

فیصل آباد : (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی کو فیصل آباد اکنامک زون میں 10 ایکڑ انڈسٹریل پلاٹ کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے معاملے پر اینٹی کرپشن نے 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ فیڈمک کے سابق سی ای او رانا یوسف اور سیکرٹری اسپیشل اکنامک زون کمیٹی مقصود احمد کو گرفتار کیا گیا ہے،ملزمان پر فرح گوگی اور ان کی والدہ کی کمپنی کو غیرقانونی طور پر انڈسٹریل پلاٹ دینے کا الزام ہے۔حکام کے مطابق ملزمان نے فیصل آباد اسپیشل اکنامک زون میں قیمتی انڈسٹریل پلاٹ کوڑیوں کے بھاؤ الاٹ کیا، 60 کروڑ مالیت کا پلاٹ صرف 8 کروڑ 30 لاکھ روپےجعلی کمپنی بناکر الاٹ کروایا گیا۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ انڈسٹریل پلاٹ لینے کے لیے کمپنی کی ویلیو 2 ارب روپے ہونی چاہیے تھی، فرح گوگی کے شوہر احسن جمیل گجر نے 2 ارب روپے کی جعلی گارنٹی دی۔
حکام کےمطابق اینٹی کرپشن فرح گوگی اور احسن جمیل گجر کے اثاثوں کی چھان بین بھی کر رہی ہے، گرفتار دونوں ملزمان کے خلاف اینٹی کرپشن فیصل آباد میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

رحیم یار خان: موٹروے پر ٹریفک حادثے میں 2 افراد جاں بحق

رحیم یار خان : (ویب ڈیسک) رحیم یار خان میں موٹروے پر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق رحیم یار خان میں موٹر وے فائیوپر ظاہر پیر انٹر چینج کے قریب تیز رفتار وین ٹریلر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔
حکام کا کہنا ہےکہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔
حکام نے بتایا کہ وین کراچی سے لاہور جارہی تھی اور حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

کراچی: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مون سون کا پہلا اسپیل آج شام یا رات سےشروع ہوسکتا ہے جس دوران شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ 3 اور 4 جولائی کو شہر میں شدید بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ بارش سے قبل آندھی کا امکان ہے اور اس دوران 81 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 7 جولائی دوران مون سون سسٹم ملک پر اثر انداز ہوگا۔

پمز اسپتال اسلام آباد: ڈاکٹر کی لیڈی ڈاکٹر سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کے پمز اسپتال میں ڈاکٹر کی لیڈی ڈاکٹر سے مبینہ زیادتی کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیاگیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم ڈاکٹر نے شادی کا لالچ دے کر متعدد بار زیادتی کی، دوسری جانب پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

جنوبی وزیرستان:دہشتگردوں کی پولیس پر فائرنگ،سی ٹی ڈی کا افسر شہید

جنوبی وزیرستان: (ویب ڈیسک) جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی پولیس پر فائرنگ سے کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کا افسر شہید ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے تھانہ اعظم ورسک کے قریب دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی کا افسر شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گردہلاک ہوا جبکہ ایک زخمی دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
سکیورٹی اہلکاروں کے مطابق علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔

شوٹنگ ادھوری چھوڑنے پر علیزے شاہ کیخلاف شکایت درج

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ علیزے شاہ ایک بار پھر نئے تنازع کی زد میں آگئیں۔
پاکستان فلم اینڈ ٹیلی ویژن پروڈکشن اینڈ ڈسٹری بیوشن کمپنی نے اداکارہ علیزے شاہ کی جانب سے شوٹنگ درمیان میں چھوڑدینے پر ان کے خلاف متحدہ پروڈیوسرز ایسوسی ایشن میں شکایت درج کرا دی ہے۔
شکایت کے مطابق علیزے شاہ نے دوران شوٹنگ غیر مناسب رویہ اختیار کیا اور بغیر بتائے اور وجہ ظاہر کیے شوٹنگ چھوڑدی جس سے ایوری ڈے پکچرز کے کام میں خلل آیا اور انہیں مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق علیزے شاہ کے ڈرامے کی شوٹنگ کشمیر میں چل رہی تھی جس دوران اداکارہ نے شوٹنگ چھوڑدی۔

دفاتر سمیت ہرجگہ بیٹھنے کے دوران سماجی فاصلہ رکھا جائے: وزارت صحت

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) وزارت صحت نے کورونا کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر نئے ایس او پیز جاری کردیے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ دفاتر سمیت ہرجگہ بیٹھنے کے دوران سماجی فاصلہ رکھا جائے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق این سی او سی نے سرکاری دفاتر کے لیے کورونا ایس او پیز جاری کیے ہیں جس کے تحت عبادت اور نمازوں کے دوران بھی سماجی فاصلہ یقینی بنایا جائے جب کہ دفاتر کے داخلی راستوں اور واش رومز میں ہینڈ سینیٹائزرز کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔
وزارت صحت نے کہا کہ تمام دفاتر اور عمارتوں کے داخلی راستوں پرلوگوں کا ٹمپریچر چیک کیا جائے، کورونا کی علامات رکھنے والوں کو دفاتر اور عمارتوں میں داخل نہ ہونے دیاجائے جب کہ نزلہ، زکام اور سانس لینے میں مشکل کی صورت میں کورونا کی تشخیص کےلیے پی سی آر یا اینٹی جن ٹیسٹ کروائے جائیں۔
ترجمان وزارت صحت کا مزید کہنا تھا کہ این سی اوسی کی طرف سے کورونا سے بچاؤ کے طریقہ کارپرسختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزارت صحت نے ہدایت کی ہے کہ ماسک کا استعمال یقینی بنائیں، ہاتھ ملانے سے گریز کیا جائے، و یکسین یا بوسٹر شاٹ لگوانے کو یقینی بنایا جائے۔

چیونٹیاں سونے کی چین لے اڑیں، ویڈیو وائرل

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت شہری نے ایک ویڈیو جاری کی جس میں چیونٹیوں کو سونے کی چین لے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
آپ نے بندروں، طوطوں اور مختلف جانوروں کی ویڈیوز دیکھی ہوں گی جس میں وہ انسانوں کی چیزیں لے بھاگتے ہیں لیکن آج ہم آپ کو دکھا رہے ہیں ایسی چیونٹیاں جو سونے کی چین ہی اٹھا کر چلتی بنیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی انڈین فاریسٹ سروس کے ملازم سوسانتا نندا نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں 50 سے زائد چیونٹیوں کو سونے کی بھاری بھرکم چین لے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
سوسانتا نندا نے شیئر کردہ ویڈیو پر لکھا کہ سونے کے چھوٹے اسمگلر، انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی) کے کس سیکشن کے تحت انہیں پکڑا جاسکتا ہے؟

راولپنڈی کے حالات جان بوجھ کر خراب کیے جا رہے ہیں، شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ راولپنڈی کے حالات جان بوجھ کر خراب کیے جا رہے ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ راولپنڈی کے حالات خراب ہونے کی صورت میں ذمہ دار حکومت اور انتظامیہ ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ رات کو 3 بجے ملزمان نے عمران خان کے پوسٹرز اور بینرز اتارے اور اسی جگہ پر عمران خان کے خلاف اخلاق سے گرے پوسٹرز اور اسکرینیں لگائیں۔ صبح 5 بجے ہم نے ان پوسٹرز کو اتارا اور 3 افراد کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ راولپنڈی میں 50 سال سے سیاست کر رہے ہیں ایسا کبھی نہیں ہوا، راولپنڈی کے حالات جان بوجھ کر خراب کیے جا رہے ہیں۔ انتظامیہ اور پولیس ان کے ساتھ ملی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقتدر حلقوں سے کہتا ہوں یہ لڑائی کرنا چاہتے ہیں اور عمران خان کے بارے میں پوسٹرز بانٹنے کی تحقیقات کی جائے کیونکہ یہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ منظم منصوبے کے تحت ہو رہا ہے۔
پی ٹی آئی کے جلسے میں شرکت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ لال حویلی سے راشد شفیق کے ہمراہ ریلی کے ساتھ اسلام آباد پہنچنا ہے۔

پسند کی شادی کرنیوالی دعا زہرا کیس کا تفتیشی افسر تبدیل کرنے کی درخواست مسترد

کراچی: (ویب ڈیسک) عدالت نے کراچی سے مہدی کاظمی کی لاہور جا کر شادی کرنے والی دعا زہرا کے کیس کا تفتیشی افسرتبدیل کرنے کی درخواست عدالت نے مسترد کردی۔
کراچی کی عدالت نےتفتیشی افسر کی تبدیلی کے لیے دعا کے والد مہدی کاظمی کی درخواست پرفیصلہ سنایا۔
دوران سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ پولیس کےجمع کرائے گئے چالان پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ، اگر کیس کا چالان منظور ہو بھی جائے تو درخواست گزار کے پاس اپیل کا حق ہے۔
عدالت کے مطابق دعا زہرا کی عمر کا تنازع تاحال میڈیکل بورڈ کے پاس زیر التواء ہے۔

مہنگائی کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح 32فیصد پر پہنچ گئی

سوڈان : (ویب ڈیسک) مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا۔ ملک میں مہنگائی کی شرح 32فیصدکی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے۔مہنگائی کی شرح 32.01کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ۔ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 3.63فیصد کا ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے بجلی ،گیس، انڈے،دودھ ، دالیں،ٹماٹر،پیاز سمیت28اشیاء مہنگی ہوئیں۔ جبکہ اسی دوران 6چیزیں ستی ہوئیں اور 17کی قیمتیں مستحکم رہیں ۔
تفصیلات کے مطابق بجلی 27.89فیصد اور ایل پی جی 1.15فیصد مہنگی ہوئی۔ٹماٹر کی قیمت میں 31.53 ، پیاز 7.86 چائے 4.60فیصد مہنگی ہوئی ۔
ادارہ شماریات کے اعدادو شمار کے مطابقانڈے 2.56، دال ماش 2.30، دال چنا 2.17اور دال مونگ 1.83فیصد مہنگی ہوئی۔ دودھ 1.81 فیصد ، آلو 1.67 اور ڈبل روٹی 1.59فیصد مہنگی ہوئی۔ چکن 6.81فیصد ، کیلے 0.78، گھی 0.44فیصد سستا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال میں ڈیزل 129فیصد اور پیٹرول 106فیصد مہنگا ہوا۔پیاز 113 فیصد ، گھی 85اور خوردنی تیل 79فیصد مہنگے ہوئے۔دال مسور 85، دال چنا 50اور دال ماش 30 فیصد مہنگی ہوئی