ریلوے کا عید الاضحیٰ پر تین اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان ریلوے انتظامیہ نے ہر سال کی طرح اس سال بھی عیدالاضحیٰ پر تین اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کردیا۔
ترجمان ریلوے کے مطابق پہلی عیداسپیشل ٹرین 8جولائی کو صبح 10 بجے کوئٹہ سے روانہ ہوگی، یہ ٹرین کوئٹہ سے روانہ ہوکر ملتان،ساہیوال اورلاہور سے ہوتی ہوئی پشاورپہنچے گی۔
دوسری اسپیشل ٹرین 8 جولائی کو کراچی سے شام 6 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہوگی، یہ ٹرین ملتان اور فیصل آباد سے ہوتی ہوئی لاہور پہنچے گی۔
عید کے موقعے پر تیسری اسپیشل ٹرین لاہور سے کراچی کے لیے چلائی جائے گی، عید اسپیشل ٹرین 13 جولائی کولاہورسےصبح 11 بج کر 30 منٹ پرروانہ ہوگی۔

اب عمران خان کو کوئی نہیں روک سکتا، فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ اب عمران خان کو کوئی نہیں روک سکتا۔ لوگ بھوک برداشت کر لیں گے لیکن غلامی نہیں۔
سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ اب عمران خان کو کوئی نہیں روک سکتا۔ لوگ بھوک بھی برداشت کر لیتے ہیں، لیکن غلامی قبول نہیں۔ پاکستان کو غیرت مند لوگ چاہیے۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کا ساتھ دینا پاکستان کی ضرورت ہے۔ سب کو عمران خان کا ساتھ دینا ہے۔ بینر اور پوسٹر اتارنے والوں کو کہتا ہوں دل سے کیسے اتارو گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے وزیر دفاع کا نفسیاتی علاج کروائیں، وہ کہہ رہا ہے امریکا نے ہمیں ڈریپیں لگائی ہوئی ہیں، انہوں نے ہمیں نہیں آپ کو ڈریپیں لگائی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو میں شرم ہو تو آج استعفیٰ دے دیں، چھوٹے لوگوں کو بڑی کرسیاں مل گئی ہیں، کرسیاں نیچے آئی ہیں، یہ اوپر نہیں گئے۔

وزیراعلی پنجاب کا 22 جولائی کو دوبارہ انتخاب سپریم کورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیر اعلی پنجاب کے انتخاب سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف کی اپیل پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے 10 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا جس میں عدالت نے تینوں سیاسی جماعتوں کے رویے کو سراہا، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کا دوبارہ انتخاب 22 جولائی کو شام 4 بجے صوبائی اسمبلی میں ہوگا جس کی صدارت ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کریں گے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد وزیر اعلی پنجاب کے انتخاب کا نوٹی فکیشن جاری کریں گے، سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ مخصوص نشستوں پر ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق ایک ہفتے میں نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔
فیصلے کے مطابق ضمنی انتخابات جاری کردہ شیڈول کے مطابق ہوں گے اور ضمنی انتخابات والے حلقوں میں نئی ڈویلپمنٹ سکیموں کے لیے یا دیگر فنڈز جاری نہیں کیے جائیں گے، انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق ضمنی انتخابات کے حلقوں میں ٹرانسفرز ،پوسٹنگ پر مکمل پابندی ہوگی اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن قانون کے مطابق کاروائی کرے گا۔
سپریم کورٹ نے فیصلے میں لکھا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور سپیکر اسمبلی پرویز الہٰی نے ووٹنگ اور نتائج کے مراحل پرامن کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے، حمزہ شہباز نے یقین دلایا ہے کہ وہ اور ان کی صوبائی کابینہ آئین کے مطابق اپنے اختیارات استعمال کرے گی ساتھ ہی عدالت کو یقین دلایا گیا ہے کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔
عدالت عظمی کے تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ تحریک انصاف کی درخواستوں پر تفصیلی حکم جاری کرے، عدالت نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو ترامیم کے ساتھ نمٹاتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر کسی کو اعتراضات ہوں تو اس کو متعلقہ فورم پر چیلنج کیا جاسکتا ہے۔

وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں بڑھانے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں بڑھانے کا اعلان کر دیا۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جتنے بڑے شہر ہیں وہاں سیف سٹی کیمرے وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ اسلام آباد سیف سٹی منصوبہ خامیوں کے باعث صحیح طور پر نہ چل سکا۔ اہم جگہوں اور زیادہ ضرورت کی چیزوں کے لیے 4 کروڑ روپے مہیا کر دیئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کو فوری فزیبلٹی بنانے کا کہا ہے اور اسی سال میں سو فیصد سیف سٹی کوریج کی جائے گی۔ وزیر اعظم نے قطعاً اس کی ادائیگی میں کوئی حیل و حجت نہیں کی اور کوشش کریں گے اس مالی سال میں اسے مکمل کریں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ایک ارب 22 کروڑ روپے کی رقم شہدا کے لیے بقایا جات تھے اور افسوس ہے جنہوں نے قربانیاں دیں ان کے اہلخانہ دھکے کھاتے پھر رہے ہیں۔ شہدا کے لواحقین سے معذرت خواہ ہوں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے مطالبہ کیا تھا کہ ان کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے کا تھا تو حکومت نے اسلام آباد پولیس کا مطالبہ پورا کر دیا ہے۔ اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں اور مراعات پنجاب پولیس کے برابر کر دیئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بدنام زمانہ دہشت گرد کو جہنم واصل کرنے پر تمام افراد اور ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں اور جس ٹیم نے اس دہشت گرد کو مارا ہے انہیں بھی میڈل اور ایوارڈ دیئے جائیں گے۔ 140 ملین کی ابتدائی رقم اسلام آباد پولیس کو دی گئی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ فسادی ٹولے کو پسپا کرنے پر اسلام آباد پولیس اور سیکیورٹی اداروں کو ہر سہولت دی جائیں گی جبکہ اسلام آباد 3 طرف سے ایسے معاملات کا شکار ہو سکتا ہے۔ 25 مئی کو فسادی ٹولہ اسلام آباد پر حملہ آور ہونا تھا لیکن پولیس، رینجرز اور دیگر سیکیورٹی حکام نے فسادی ٹولے کو پسپا کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ سیف سٹی صرف سڑکوں پر نہیں بلکہ سب کچھ کیچ ہو گا اور کارروائی بھی ہو گی۔ کسی کو تشدد کی قطعاً کوئی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ فیصل آباد کی سیٹ ہم جیت رہے ہیں تاہم کچھ مشکلات بھی ہیں۔ بتائیں کیا انہوں نے بینرز کی اجازت لی تھی ؟ فیس ادا کی تھی؟

سابق صدر آصف زرداری سے چوہدری شجاعت کی ملاقات

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق صدر آصف زرداری اور مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت کے درمیان ملاقات ہوئی۔
سابق صدر آصف زرداری اور (ق) لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین کے درمیان ملاقات لاہور میں ہوئی جس میں چوہدری شجاعت نے سابق صدر سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
آصف زرداری سے چوہدری سالک، چوہدری شافع، طارق بشیر چیمہ، ذکا اشرف، ملک احمد خان اور گوہر اعجاز نے بھی ملاقات کرکے تعزیت کا اظہار کیا۔

پیٹرولیم ڈیلرز کی 18 جولائی سے ہڑتال کی دھمکی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 18 جولائی سے ملک بھر میں ہڑتال کی دھمکی دے دی۔
چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جب تک مطالبات نہیں مانتے پمپس نہیں کھلیں گے اور حکومتی نمائندوں کو کچھ پتہ ہے نہ ہی کچھ سننا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے ہمیں فائدہ نہیں نقصان ہو رہا ہے اور سب سے زیادہ موٹر سائیکل والے پریشان ہیں۔ سابق حکومت نے جون تک 4 فیصد منافع بڑھانے کا وعدہ کیا تھا لیکن منافع نہیں بڑھایا گیا۔
عبدالسمیع خان نے مطالبہ کیا کہ ہم سے کیا گیا وعدہ پورا کیا جائے۔ وزارت پیٹرولیم کو کہا ہے کہ اگر ایک ہفتے میں منافع نہ بڑھایا گیا تو سخت فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری انویسٹمنٹ بڑھ گئی ہے اور بینک سود 13 فیصد ہوچکا ہے۔ ہم پر ڈیلرز کا بہت پریشر ہے اور اب کوئی فیصلہ بہت ضروری ہے۔

پاکستان سامراجی،استعماری،دجالی تہذیب کے محاصرے میں ہے،سراج الحق

پشاور: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان سامراجی، استعماری اور دجالی تہذیب کے محاصرے میں ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی وڈیرے یا جنرل نے نہیں بلکہ وکیل نے بنایا ہے اور وکلا تنظیموں کی طرح جماعت اسلامی میں بھی جمہوریت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وکلا نے کالے کوٹ پہن کر پرویز مشرف کی آمریت کا خاتمہ کیا اور مدینہ منورہ کے بعد اگر روئے زمین پر کوئی پاک ملک ہے تو وہ پاکستان ہے۔ اس ملک کو اللہ نے بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ دعوے سے کہتا ہوں الگ تہذیبوں کے باوجود پاکستان دنیا کا مہذب ترین ملک ہے اور پاکستان نے 40 سال تک افغانیوں کا ساتھ دے کر روس اور امریکہ کو شکست دی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم ملک اور پاکستانی ایک عظیم قوم ہیں۔ پاکستان سامراجی استعماری اور دجالی تہذیب کے محاصرے میں ہے۔

پی ٹی آئی آج اسلام آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج اسلام آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کریں گے۔ عمران خان نے پیٹرول کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ، بڑھتی مہنگائی اور موجودہ حکومت کے اقدامات کے خلاف جلسے کا اعلان کیا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لوگوں کو بڑی تعداد میں جلسے میں شرکت کی دعوت دے رکھی ہے۔ عمران خان خود بھی راولپنڈی کے علاقے رحمان آباد سے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے پریڈ گراؤنڈ پہنچیں گے۔
عمران خان کے علاوہ تحریک انصاف کے دیگر رہنما بھی پریڈ گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کریں گے۔ ملک کے مختلف شہروں میں بڑی اسکرینیں نصب کرنے کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے جس پر جلسے کی براہ راست کوریج دکھائی جائے گی۔
تحریک انصاف نے پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کے حوالے سے تیاریاں مکمل کر لی ہیں جبکہ گزشتہ روز عمران خان نے جلسہ گاہ کا دورہ بھی کیا تھا۔
واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے بند نہ کرنے اور رات 12 بجے سے قبل جلسہ گاہ خالی کرنے کی یقین دہانی پر جلسے کی اجازت دی ہے۔

پی ٹی آئی کی ریلی کے راستے میں عمران خان کے خلاف بینرز آویزاں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی ریلی کے راستے میں عمران خان کے خلاف بیانات پر مبنی بینرز آویزاں کردئیے گئے۔
بینرز پر سابق وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت میں ہونے والی کرپشن کے الزامات لکھے گئے ہیں، رنگ روڈ پر لگے بینر پر “کرپشن میں ملوث پی ٹی آئی بے نقاب” لکھا ہے۔
ایک دوسرے بینر پر “پاکستان کا قرض 80 فیصد بڑھا کر خودمختاری کی باتیں کرنے والا بہروپیا ” تحریر ہے جبکہ ایک بینر پر “کمیشن ایجنٹ فرح گوگی عوام کا پیسہ لے کر کہاں گئی، عمران خان جواب دو” تحریر ہے۔
دوسرے بینرز پر بھی سابق وزیر اعظم کے خلاف الزامات تحریر ہیں، جن میں 5 سال میں عمران خان کے اثاثوں میں 250 فیصد اضافہ ہوا، میرا تحفہ میری مرضی سرٹیفائیڈ چور، توشہ خانہ کی چوری ریکارڈ پر ہے جو کرنا ہے کرلو، راولپنڈی اسلام آباد کے عوام عمران خان کو مسترد کرتے ہیں تحریر ہیں۔

ایک ارب ڈالر کیلئے آئی ایم ایف تگنی کاناچ نچا رہا ہے: رانا ثناء اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ایک ارب ڈالر کے لئے آئی ایم ایف تگنی کا ناچ نچا رہا ہے، معاہدے کو پچھلے 3 سال میں اچھے طریقے سے ڈیل کیا جاسکتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں شہدا پولیس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ایک ارب ڈالر کے لئے آئی ایم ایف نے تگنی کا ناچ نچا دیا، ہر قیمت پر آئی ایم ایف سے مذاکرات کرنا لازمی تھا، آئی ایم ایف سے غلط معاہدہ کیا گیا جو خامیوں سے بھرپور تھا اور شرائط بھی صحیح نہیں تھیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کوشش کی پیٹرول کی قیمتیں نہ بڑھانا پڑیں، یہ بھی سوچا کہ کہ قیمتیں بڑھانے کے بجائے الیکشن میں چلے جائیں لیکن الیکشن میں جاتے اور ملک کو نگران سیٹ کے حوالے کیا جاتا تو ملک ڈیفالٹ کی طرف جا سکتا تھا، پاکستان کی معیشت اور امن و امان کی صورتحال ساری قیادت کے مل بیٹھ کربات کرنے سے حل ہوگی۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے صرف فرح گوگی اوراحسن گجر کی تقدیر بدلی، ملک کے لئے کچھ کرسکتے تو 4 سالوں میں کرلیتے، ایک شخص کے علاوہ سب اکٹھے ہیں، ایک شخص ہرایک کو گالی دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس شخص کی آنکھ کے اشارے سے ملک ہل جاتا تھا آج وہ خود ہل بھی نہیں سکتا، شہدا کی قربانی قوموں کی تقدیر کو بدلتی ہے، شہید کا قرض تو پوری قوم پر ہوتا ہے۔
رانا ثناء نے کہا کہ ایک فرد واحد انتشارپھیلانے پر تلا ہوا ہے، تکبر اور غرور انسانوں کو تباہ کرتا ہے، عمران خان کسی کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں، عمران خان کہتے ہیں وہ کسی کو نہیں چھوڑیں گے اورلوگوں کوگالیاں دیتے ہیں، یہ کہتے ہیں فلاں کو نہیں چھوڑوں گا ، ایک انسان کی اوقات کیا ہے ؟ اس قسم کی گفتگو قوم کو نقصان پہنچاتی ہے۔

شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ برآمد

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کلے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔
فورسز کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے جب کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں سرگرم تھے۔

سی ٹی ڈی کا پنجاب میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 9 دہشتگرد گرفتار

لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کارروائیوں کے دوران 9 دہشت گرد گرفتار کر لیے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد ، اسلحہ ، خودکش جیکٹس برآمد ہوئی ہیں۔
سی ٹٰی ڈی ترجمان نے مزید بتایا کہ کارروائیاں گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، ملتان، راولپنڈی میں کی گئی ہیں، گرفتار دہشت گردوں کے خلاف 7 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
گرفتار دہشت گردوں میں یعقوب، عبدالصمد، بلال، عارف، امین ، فاروق اور آصف شامل ہیں اور ان میں سے 2 کا تعلق لاہور سے ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا ہے کہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے، اہم انکشافات متوقع ہیں۔

رمضان شوگر مل ریفرنس، شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کا تحریری فیصلہ جاری

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کی احتساب عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کی رمضان شوگر ملز ریفرنس میں مستقل حاضری معافی کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد ساجد علی اعوان نے تین صفحات پر مشتمل حکم نامے میں فیصلہ کہا کہ شہباز شریف 2021ء سے باقاعدگی سے عدالت میں پیش ہوتے رہے ہیں، اب شہباز شریف وزیر اعظم پاکستان بن چکے ہیں اور آئینی ذمہ داریاں ادا کرنی ہیں، یہ حقیقت ہے کہ شہباز شریف کا ہر پیشی پر عدالت پیش ہونا مشکل ہے۔
تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کی غیر موجودگی میں ٹرائل میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوگی۔
فیصلے میں جج محمد ساجد علی اعوان نے کہا کہ تمام حقائق اور حالات کے پیش نظر شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کی جاتی ہے، تاہم شہباز شریف کا ذاتی حیثیت میں جب پیش ہونا عدالت کو درکار ہوگا تو وہ پیش ہونے کے پابند ہوں گے۔
لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہباز شریف کی جانب سے ان کے نمائندے محمد نواز ایڈووکیٹ کو حاضری کے لیے مقرر کرلیا۔