نیٹو سمٹ میں ممبر ممالک روس اور چین کے خلاف کھل کر سامنے آگئے

میڈرڈ: (ویب ڈیسک) اسپین کے شہر میڈرڈ میں جاری نیٹو سمٹ میں ممبر ممالک روس اور چین کے خلاف کھل کر سامنے آگئے۔
نیٹو سمٹ کے دوسرے روز جاری اعلامیہ میں روس سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ یوکرین سے اپنی افواج فوری واپس بلائے اور یوکرین کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان کرے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ نیٹو ممالک یوکرین کے ساتھ کھڑے ہیں اور روسی جارحیت کے خلاف تعاون جاری رکھیں گے جبکہ چین کے بارے میں کہا گیا کہ وہ قواعد پر مبنی عالمی نظام کو کمزور کر رہا ہے۔
نیٹو اعلامیہ میں چین کو مغرب کے مفادات، سکیورٹی اور اقدار کے لیے چیلنج قرار دیا گیا، فن لینڈ اور سویڈن کو تنظیم میں باضابطہ شمولیت کی دعوت بھی دی گئی۔

پاکستان واپسی کیلئے کسی لیگی رہنما کی اجازت نہیں چاہئے: اسحاق ڈار

لندن: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان واپسی کیلئے کسی لیگی رہنما کی اجازت نہیں چاہئے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سینئر رہنما نے کہا کہ نواز شریف کا حکم کافی ہے، جولائی کے چوتھے ہفتے میں پاکستان جارہا ہوں۔ اور اپنی پارٹی کے قائد کے حکم پر پاکستان واپسی کا فیصلہ کیا ۔ میری وطن واپسی میں وزیراعظم شہباز شریف کی رضامندی شامل ہے۔ پاکستان واپسی کیلئے کسی لیگی رہنما کی اجازت نہیں چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے خلاف ایک ہی کیس ہے کو جھوٹ پر مبنی ہے، مجھے تحریک انصاف کی حکومت نے انتقام کا نشانہ بنایا، پاکستان پہنچ کر سینیٹر کا حلف اٹھاؤں گا، وزیر خزانہ بنانے کا فیصلہ پارٹی کریں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق وزیر خزانہ نے کہا تھا کہ جولائی میں پاکستان واپس جاؤں گا، فی الحال تیاریوں میں مصروف ہوں۔ میری کی صحت کو درپیش چند مسائل کا علاج اگلے 12 روز میں مکمل ہونے کی توقع ہے، ڈاکٹرز اگلے چند روز میں اُن کے علاج کے مکمل ہونے کے بارے میں پُرامید ہیں۔
پاکستان میں کیسوں اور ضمانت کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں لیگی سینیٹر نے کہا کہ اُن پر پاکستان میں ایک ہی کیس ہے جو عمران نیازی کی جانب سے دائر کیا جانے والا جعلی مقدمہ ہے۔مجھ پر جعلی کیس بنایا گیا اس کی کوئی بنیاد نہیں۔ یہ میرے ٹیکس ریٹرن پر بنایا گیا۔ ایسا شخص ہوں جو ٹیکس ریٹرن جمع کرانے میں کبھی تاخیر نہیں کرتا۔

لودھراں میں سابق وفاقی وزیر ناصر بیگ تحریک انصاف میں شامل

لودھراں: (ویب ڈیسک) جھنگ میں سابق وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم کی حمایت کے بعد لودھراں میں بھی پی ٹی آئی کو مقامی سطح پر کامیابی ملی ہے، پی پی 224 اور 228 کےضمنی الیکشن سے قبل سابق وفاقی وزیر مرزا ناصر بیگ نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
خیال رہے کہ ناصر بیگ 40 سال سے زائد عرصے تک پیپلز پارٹی کا حصہ رہے اور پیپلز پارٹی کے دور ہی میں وفاقی وزیر بھی رہے۔ 2015 میں انہوں نے پیپلز پارٹی چھوڑ کر ن لیگ میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔
پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ناصر بیگ کی شمولیت سے پی ٹی آئی کی قوت اور طاقت بڑھے گی، ایک زمانے میں سیاست کا محور ذوالفقار علی بھٹو تھے،آج عمران خان ہیں۔ پاکستان فیصلہ کن موڑ پر آگیا ہے، عمران خان روشنی اور امید کی آخری کرن ہیں۔ پنجاب کی 20 نشستوں پر پی ٹی آئی بھاری اکثریت سےکامیاب ہوگی۔

قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان جمعرات کو ہوگا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان جمعرات کو کرے گا، کھلاڑیوں کی تعداد 20 سے بڑا کر 33 کر دی گئی۔
چیئرمین سلیکشن کمیٹی محمد وسیم پنڈی میں پریس کانفرنس میں تفصیلات سے آگاہ کریں گے، ریڈ بال اور وائٹ بال کرکٹ میں کھلاڑیوں کو الگ الگ کنٹریکٹ دیے جائیں گے، نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اضافی کیٹگری ڈی متعارف کرائی گئی ہے۔
نان پلیئنگ الیون کی میچ فیس بھی بڑھائی جائے گی، ویمنز کرکٹ میں بھی کھلاڑیوں کی تعداد 20 سے 25 کر دی گئی اور کنٹریکٹ میں 15فیصد اضافہ ہوگا جبکہ مرد کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ میں دس فیصد اضافہ ہوگا، یہ کنٹریکٹ یکم جولائی 22 20 سے 30 جون 2023 تک دیے جائیں گے۔

عالمی، علاقائی معاملات میں چینی کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں: آرمی چیف

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چائنیز کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن اور سی پی سی کے خارجہ امور کمیشن کے ڈائریکٹر نے جنرل یانگ جیچی ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا۔
آرمی چیف سے چائنیز کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی، دفاعی تعاون اور سی پیک منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
یانگ جیچی نے پاکستان میں چینی شہریوں کے تحفظ، علاقائی استحکام کی کاوشوں پر آرمی چیف سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید وسعت لائی جائے گی۔
سپہ سالار نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنے عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے لیے پرعزم ہے، پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان اپنی تزویراتی شراکت داری کو بڑھانے کا منتظر ہے۔

پاکستان نے اودے پور قتل کیس تحقیقات سے متعلق بھارتی رپورٹس مسترد کر دی

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان نے بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع اودے پور میں قتل کیس کی تحقیقات سے متعلق بھارتی میڈیا کی رپورٹس مسترد کردی
ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخاراحمد کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا رپوٹس میں اودے پور قتل کیس کی تحقیقات میں ملزمان کو پاکستان میں ایک تنظیم سے جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے مگر ہم واضح طور پر اس طرح کے کسی بھی اشارے کو مسترد کرتے ہیں۔
عاصم افتخاراحمد کا کہنا تھا کہ ایسے ہتھکنڈے بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ بی جے پی حکومت اپنے اندرونی مسائل کو چھپانے کیلئے پاکستان پر الزام تراشی کرتی رہی ہے مگر اس طرح کی بدنیتی پر مبنی کوششیں عوام کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گی۔
پاکستان نے سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر جیسے طویل مدتی تنازعات سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدگی سے غور کرے اور بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے 15رکنی سلامتی کونسل کو مزید شفاف، جوابدہ، جامع اور جمہوری بنایا جانا چاہیے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل نمائندہ عامر خان نے سلامتی کونسل کے کام کرنے کے طریقہ کار پر بحث کے دوران کہا کہ سلامتی کونسل کی ساکھ کے لیے اس کی قراردادوں پر ’’سلیکٹیو‘‘ عمل درآمد اور عدم نفاذ سے زیادہ نقصان دہ کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد میں ناکامی اس کی ساکھ کو نقصان پہنچاتی ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور تنازعات کے پیسفیک حل کے لیے ریاستوں اور عوام کے عزم کو ختم کردیتی ہے۔
انہوں نے سلامتی کونسل کی جامع اصلاحات پر جنرل اسمبلی کے بین الحکومتی مذاکرات (آئی جی این ) کے عمل کے ذریعے جلد اتفاق رائے کی امید ظاہر کی اور اس دوران اس کے کام کرنے کے طریقوں میں بہتری لانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں کونسل کے کام کرنے کے طریقے اور عمل ایک ایسی سمت پر گامزن جو بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ کی جنرل رکنیت کی توقعات پر پورا نہیں اترتے۔
انہوں نےاقوام متحدہ کی وسیع تر رکنیت کے ساتھ اس کی بڑھتی ہوئی مصروفیت کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ بند دروازوں میں کم سے کم اجلاس ہونے چاہیئں کیونکہ ہم سب کا بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے میں برابر کا حصہ ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کونسل کے کام کی اوپن نیچر خاص طور پر سرد جنگ کے خاتمے کے بعد ختم ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیصلہ سازی کے عمل میں کونسل کے مباحثوں میں جائز حصہ رکھنے والی ریاستوں کی بامعنی شرکت کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی اشرافیہ نوعیت پر عدم اطمینان اور اس کے ویٹو کے استعمال سے مایوسی بڑھ رہی ہے۔
پاکستانی سفیر عامر خان نے کہا کہ سلامتی کونسل کے جنرل اسمبلی اور اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل کے ساتھ تعلقات کو بھی اقوام متحدہ کے چارٹر کی روح کے مطابق لایا جانا چاہیے۔

امریکا کا افغانستان کے زلزلہ زدگان کیلیے 55 ملین ڈالر امداد کا اعلان

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) افغانستان میں آنے والے خوفناک زلزلے کے متاثرین کے لیے امریکا نے پانچ کروڑ اور پچاس لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن نے افغانستان کے زلزلہ زدگان کے لیے 5 کروڑ 50 لاکھ کی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان عوام کی اب 77 کروڑ سے زائد ڈالرز کی مدد کی جا چکی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے بتایا انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دی گئی امداد طالبان حکومت کو نہیں دیں گے بلکہ افغانستان میں کام کرنے والی این جی اوز کے ذریعے افغان عوام تک پہنچائی جائے گی۔
امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امدادی سامان میں پینے کا صاف پانی، متوازن غذا اور صفائی ستھرائی کے لیے استعمال ہونے والی چیزیں فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ پچھلے ہفتے افغانستان میں آنے والے 6.5 شدت کے زلزلے میں ساڑھے گیارہ سو افراد جاں بحق اور 1600 زخمی جب کہ لاکھوں لاپتہ ہوگئے تھے

برطانوی شہری حج کیلئے 11 ماہ پیدل سفر کے بعد مکہ پہنچ گیا

ریاض: (ویب ڈیسک) 59 سالہ برطانوی مسلمان آدم محمد 11 ماہ سفر کے بعد برطانیہ سے مکہ حج کے لیے پہنچ گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آدم کے مکہ پہنچنے پر ایک بڑے مجمع نے ان کا استقبال کیا جس پر آدم نے استقبال کرنے والے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔
آدم نے کہا کہ انہوں نے 10 ماہ اور 26 دن قبل برطانیہ سے مکہ کے لیے پیدل سفر کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد وہ 9 ملکوں کا سفر کرتے ہوئے اب رواں برس حج کی ادائیگی کے لیے مکہ پہنچے ہیں۔
آدم کے مطابق انھوں نے مکہ پہنچنےکے لیے سخت موسم سمیت ہر مشکل اور پریشانی کو برداشت کیا اور 6500 کلو میٹرکا سفر طےکیا کیوں کہ حج ان کی اولین خواہشات میں سے ایک ہے۔

سعودی عرب میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک میں ذوالحج 1443 ہجری کا چاند نظر آگیا۔
عرب میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایت پر شہریوں اور سرکاری کمیٹی نے ذوالحج 1443 ہجری کے چاند کی تلاش کی، جس میں ماہرین بھی شریک تھے۔
بعد ازاں سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے عیدالاضحیٰ کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔
اعلان کے مطابق مملکت میں یکم ذوالحجۃ 1443 ہجری کا آغاز تیس جون سے ہوگا، اس حساب سے حج کا رکن اعظم وقوفِ عرفہ 8 جولائی بروز جمعہ جبکہ عیدالاضحیٰ 9 جولائی 2023 بروز ہفتے کو منائی جائے گی۔
سعودی حکومت نے حج کی مناسبت سے مملکت میں سرکاری و نجی اداروں میں 8 ذوالحجۃ سے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

سرگودھا خوشاب روڈ پر کوچ، موٹر سائیکل رکشہ میں تصادم، ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

سرگودھا: (ویب ڈیسک) سرگودھا خوشاب روڈ پر عزیز بھٹی ٹاؤن کے قریب تیز رفتار کوچ اور موٹر سائیکل رکشہ میں تصادم کے نتیجہ میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا، مرنے والوں کا تعلق قصبہ دھریمہ اور زخمی کا تعلق بلاک نمبر 29 سے بتایا جاتا ہے
نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کی مسافر بس میانوالی سے سرگودھا آ رہی تھی کہ عزیز بھٹی ٹاﺅن کے قریب دھریمہ سے سرگودھا آنے والے موٹر سائیکل رکشہ کو سامنے سے ٹکر مار دی، جس سے موٹر سائیکل رکشہ تباہ اور اس میں سوار رکشہ ڈرائیور 48 سالہ فلک شیر، 50 سالہ ممتاز حاکم، 55 سالہ فوجی ممتاز، 47 سالہ غلام شبیر، 45 سالہ مظہر حیات، 55 سالہ محمد عبداللہ ساکن دھریمہ موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
بلاک نمبر 29 کا خواجہ محمد یٰسین زخمی ہو گیا، جسے علاج معالجہ کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، حادثہ بس ڈرائیور کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، مرنے والوں کا تعلق ایک ہی علاقہ دھریمہ اور گردونواح سے بتایا جاتا ہے، حادثہ کے بعد ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا۔
پولیس نے گاڑی قبضہ میں لے کر ڈرائیور کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا میں ضروری کارروائی کے بعد مرنے والوں کی لاشیں ورثاءحوالے کر دی گئیں۔ مرنے والوں کی اکثریت آپس میں قریبی تعلق دار بتائی جاتی ہے، المناک حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں جونہی آبائی علاقے دھریمہ پہنچی تو علاقہ میں کہرام مچ گیا، ہر آنکھ اشکبار دکھائی دے رہی تھی، گاﺅں میں یک مشت اتنی میتیں دیکھ کر کئی خواتین پر سکتہ طاری ہو گیا۔
نماز جنازہ کے بعد میتوں کو گاﺅں کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے، علاقہ میں سوگ کی سی فضا پائی جا رہی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا بلال ظفر شیخ نے اس المناک حادثہ کا سبب بننے والے بس ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے ڈی ایس پی صدر سرکل کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے کر ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

سود سے متعلق عدالتی فیصلہ، وزیراعظم کی فضل الرحمان کو اپیل واپس لینے کی یقین دہانی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو سود کے متعلق عدالتی فیصلے کے خلاف نیشنل بینک کی اپیل واپس لینے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں انہوں نے سود کے متعلق عدالتی فیصلے کے خلاف نیشنل بینک کی اپیل کے حوالے سے شہباز شریف کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلوں کے خلاف بینکوں کی اپیل سے امت مسلمہ کے دل رنجیدہ ہوئے ہیں، امت مسلمہ سود کو ملک میں معاشی نظام کے تباہی کا سبب سمجھتی ہے۔
وزیر اعظم نے مولانا فضل الرحمن کو یقین دہانی کروائی کہ نیشنل بینک عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل واپس لے گی جبکہ شہباز شریف نے ٹاسک فورس کو حکم دیا کہ نیشنل بینک کی اپیل واپس لینے کے حوالے سے فوری اقدامات کئے جائیں۔

ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالاضحٰی 10 جولائی کو ہوگی: مرکزی رویت ہلال کمیٹی

کراچی: (ویب ڈیسک) چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کہیں سے بھی ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، اس لئے عید الاضحیٰ 10 جولائی کو ہوگی۔
ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کے زیر صدارت کراچی میں ہوا، اجلاس میں مرکزی اور زونل کمیٹیوں کے ارکان، محکمہ موسمیات و دیگر متعلقہ اداروں کے ارکان بھی شریک تھے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ملک بھر میں کہیں سے بھی ذی الحج کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی اور یکم ذی الحج یکم جولائی 2022 کو ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ اتوار 10 جولائی 2022 کو ہوگی۔ اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک بھر میں کہیں سے بھی ذی الحج کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی اور ملک بھر میں کہیں سے کوئی شہادت موصول نہ ہونے کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا عیدالاضحیٰ 10 جولائی کو منائی جائے گی۔
دوسری طرف زونل کمیٹی لاہور نے اعلان کیا تھا کہ یکم ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالاضحٰی 10 جولائی بروز اتوار کو ہو گی۔
قبل ازیں محکمہ موسمیات کے مطابق ذی الحج کا چاند آج صبح 7 بج کر 52 منٹ پر پیدا ہوا،غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر 11 گھنٹے اور 49 منٹ ہے، پنجاب میں غروب آفتاب کا وقت 7 بج کر 13 منٹ ہے، چاند 7 بج کر 45 منٹ یعنی 32 منٹ تک دیکھ جا سکتا ہے، چاند کی عمر 19گھنٹے سے کم ہو تو ملک کے کسی کونے میں کہیں نظر نہیں آتا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا کہ چاند کی عمر 26 گھنٹے تک ہو جائے تو وہ نظر آ سکتا ہے۔

مصر: اینکر بیوی کو قتل کرنے اور چہرہ تیزاب سے جلانے والا جج گرفتار

قاہرہ: (ویب ڈیسک) مصری پراسیکیوٹرز نے ایک جج کو اپنی 32 سالہ بیوی ٹی وی اینکر شائمہ جمال کو قتل کرنے کے بعد چہرہ تیزاب سے جلانے اور المنصوریہ کے علاقے میں ایک ولا میں دفن کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق الجیزا حکام کو پیر کے روز شائمہ جمال کی لاش ولا کے ایک فارم کے نیچے دبی ہوئی ملی جب اس کے شوہر نے ایک ہفتہ قبل لاپتہ ہونے کی اطلاع دی تھی۔
بتایا گیا کہ شوہر نے اپنی بیوی کی گمشدگی رپورٹ میں کہا کہ اسے آخری بار 6 اکتوبر کو ایک کمرشل کمپلیکس میں دیکھا گیا تھا۔
الحدث ٹوئٹر پیج پر پوسٹ کی گئی 3 منٹ کی ویڈیو میں معروف براڈکاسٹر عمرو ادیب نے کہا کہ شائمہ ایک کوفیر شاپ میں داخل ہوئی اور کبھی باہر نہیں آئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً ایک ہفتے تک لاپتہ رہنے کے بعد مصری حکام نے اس کی لاش کو صوبہ الجیزا کے ایک ولا فارم میں تلاش کرلیا جہاں اس کو گولی مار کر قتل کرنے کے بعد دفن کیا گیا تھا۔
اس کیس کے گواہ کے وکیل ابراہیم طنطاوی نے بتایا کہ قتل کا یہ واقعہ فارم ہاؤس پر پیش آیا، شائمہ ٹی وی پر کام کرتی تھیں اور ان کے شوہر ایمن حجاج نے 20 جون کو ان کی گمشدگی کی جھوٹی رپورٹ درج کروائی تھی، اس رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ وہ ہیئر ڈریسر کے پاس گئیں تھیں جس کے بعد ان کا کوئی پتہ نہیں چلا۔
وکیل کا مزید کہنا تھا کہ ایمن اور شائمہ کی شادی 8 برس قبل ہوئی تھی اور وہ ان کے دوسری بیوی تھی، ایمن نے یہ شادی خفیہ رکھی اور شائمہ نے دھمکی دی تھی کہ وہ ایمن کی پہلی بیوی کو اس شادی سے متعلق بتادے گی۔
ابراہیم طنطاوی نے بتایا کہ قتل کے اس واقعے کے بعد ایمن حجاج نے ان کو موکل کو بھی زدوکوب کیا اور حراست میں رکھا تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوا اور اس نے پولیس کو اس واقعے کی اطلاع دی، پولیس نے اس جرم میں حصہ دار ہونے کی بنیاد پر ان کے موکل کو حراست میں رکھا ہوا ہے تاہم مرکزی ملزم ایمن حجاج فرار ہے اور شبہ ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات میں روپوش ہے۔