راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ فوری انتخابات کروالیں ورنہ کچھ بھی ہوسکتا ہے۔
سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی، سکھر، حیدرآباد کی قیادت پیپلز پارٹی کبھی ایم کیو ایم کو نہیں دے گی اور الیکشن کمیشن کو ہائیکورٹ فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو 5 مخصوص نشستیں دینے پر دیر نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ روس سے تیل اور افغانستان سے کوئلہ نہیں منگوایا جا رہا بلکہ حکمران عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں جبکہ عنقریب گندم کا بحران بھی آنے والا ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ جس حکومتی اتحادی نے انتخاب لڑنا ہے اسے حکومت کو چھوڑنا ہو گا۔ اگر لوڈشیڈنگ اور مہنگائی ختم نہ ہوئی تو لوگ خود سڑکوں پر ہوں گے۔ سپریم کورٹ کا 63 اے کا محفوظ فیصلہ اہم ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ 50 روپے پیٹرول پر لیوی بھی عنقریب لگے گی اور اسحاق ڈار تو کیا بل گیٹس کو بھی بلا لیں ملک ان سے نہیں چل سکتا۔ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹوں کے لیے سپریم کورٹ جاؤں گا۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ 2 جولائی کو لال حویلی سے پریڈ گراؤنڈ جاؤں گا۔ فوری انتخابات کروالیں ورنہ کچھ بھی ہوسکتا ہے۔
Monthly Archives: June 2022
وزیراعلی کا احسن اقدام، پنجاب میں مزدوروں کی کم از کم اجرت 25 ہزار مقرر
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے مزدوروں کو ریلیف دینے کیلئے احسن اقدام اٹھا لیا، وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی خصوصی ہدایت پر مزدوروں کی کم از کم اجرت میں 5 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا گیا۔
وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے مزدور کی کم از کم اجرت 20 ہزار روپے سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دی ہے، اجرت میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ مزدور کی کم از کم اجرت میں اضافے کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا، مختصر عرصے میں کم وسائل رکھنے والے طبقات کو ریلیف دینے پر فوکس کیا ہے، ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ عام آدمی کی زندگی میں آسانی پیدا ہو۔
چین پاکستان کا قابل اعتماد دوست، اس کے شہریوں کا تحفظ یقینی بنائیں گے: شہباز شریف
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چین پاکستان کا قابل اعتماد دوست ہے، اس نے ہمیشہ ہماری حمایت کی، چینی شہریوں کاتحفظ یقینی بنائیں گے۔
وزیراعظم سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کےڈائریکٹر خارجہ امور کمیشن نے ملاقات کی، اس موقع پر شہباز شریف نے سی پیک منصوبوں کی جلد تکمیل کے عزم کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ چین کے تجربات سے بہت کچھ سیکھا، عوام کی بہبود کے مشترکہ وژن کوعملی جامہ پہنچانے کیلئے چین کے ساتھ مل کرکام کرنے کیلئے تیار ہیں۔
وزیراعظم نے یانگ جی چی کو مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔
لاہور: ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سبزیوں اور پھلوں کے سرکاری ریٹ جاری
لاہور: (ویب ڈیسک) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سبزیوں اور پھلوں کے سرکاری ریٹ جاری کر دیے گئے، آلو درجہ اول 65 روپے، پیاز درجہ اول 78 روپے کلو ہو گا۔
لہسن دیسی 160، ادرک چائینہ 230 روپے کلو، ٹماٹر 90، کھیرا دیسی 73 روپے فی کلو کا ہو گا۔ میتھی کی قیمت 126، بینگن 52، پھول گوبھی 63، شلجم 84 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔
سرکاری نرخنامے میں شملہ مرچ 126 اور بھنڈی کی فی کلو قیمت 74 روپے مقرر، لیموں دیسی کی نئی قیمت 250 روپے کلو مقرر، جبکہ مٹر 178، ٹینڈے دیسی 157، گھیا کدو 84، گاجر چائنہ 95، کریلا 115 اور پھلیاں 115 روپے کلو کی دستایب ہوں گی۔
ضلعی انتظامیہ نے پھلوں کی ریٹ لسٹ بھی جاری کی ہے، سیب کالا کولو اول 288، سیب سفید اول 167، انار قندھاری 380، خوبانی سفید 157 روپے کلو، آڑو 200، کھجور ایرانی 250، خربوزہ اول 73، تربوز 38 روپے کلو، سرکاری ریٹ لسٹ میں کیلا درجہ اول فی درجن 120 روپے
آم سہارنی 120، سندھڑی 152، آم دوسہری 132 روپے فی کلو، اس کے علاوہ لیچی 350، فالسہ 152، جامن 164 اور گرمے فی کلو کی قیمت 63 روپے رکھی گئی ہے۔
گھڑیاں بیچنا عمران خان کا حق تھا، فواد چوہدری
لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کا توشہ خانے والی گھڑیاں بیچنا ان کا حق تھا۔
نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ جس کی گھڑی ہے وہ چاہے بیچے، پھینکے، رکھے، یا کسی کو تحفہ دے، دوسرا کون ہوتا ہے اس سے پوچھنے والا؟
انہوں نے کہا کہ گھڑی بیچنے سے زیادہ عجیب بات ہے کہ ملک کا وزیراعظم 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کرے۔ زرداری صاحب نے بی ایم ڈبلیو لے لی تھی، گیلانی صاحب نے گاڑی لے لی، آپ سب کا توشہ خانہ کھولیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
فواد چودھری نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے عمران خان کو کہا تھا کہ آپ وزیراعظم ہیں، آپ کا حق کا سڑک بنوانا لیکن انہوں نے سرکاری مال استعمال نہیں کیا، اور گھڑی بیچ کر سڑک کی تعمیر کرائی۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے توشہ خانے سے 15 کروڑ 40 لاکھ روپے کی تین قیمتی گھڑیاں خرید کر اسلام آباد کے واچ ڈیلر کو فروخت کیں اور مجموعی طور پر 3 کروڑ 60 لاکھ روپے حاصل کیے، تاہم عمران خان کا موقف ہے کہ انہوں نے یہ گھڑیاں بیچ کر بنی گالہ کی سڑک کا کام مکمل کرایا۔
یہ تینوں گھڑیاں مشرق وسطیٰ کے خلیجی جزیرے کے شاہی خاندان کے ایک فرد اور اسی جزیرے کے ایک معزز شخص نے دی تھیں۔
قربانی کے جانوروں سے بھرا ٹرک الٹنے سے 17 بکرے ہلاک
رائیونڈ: (ویب ڈیسک) قربانی کے لیے لائے گئے جانوروں سے بھرا ٹرک الٹ گیا، جس وجہ سے دو افراد شدید زخمی جبکہ 17 بکرے ہلاک ہو گئے۔
ریسکیوذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرک ڈی جی خان سے لاہور بکر منڈی جا رہا تھا کہ فٹ پاتھ سے ٹکرا گیا، جس وجہ سے حادثہ پیش آیا۔
زخمیوں کو ریسکیو کی ٹیم نے فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کر دیا، تاہم ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، ٹرک ڈی جی خان سے لاہور بکر منڈی جا رہا تھا۔ اطلاع ملنے پر موٹروے پولیس اور مانگا منڈی پولیس نے موقع پر پہنچ کر قانونی کاروائی شروع کر دی ہے۔
جاپان اور آسٹریلیا میں شدید موسمی حالات کے سبب بجلی بحران کے خدشے میں اضافہ
سڈنی: (ویب ڈیسک) جاپان اور آسٹریلیا میں شدید موسمی حالات کی وجہ سے بجلی بحران پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا۔
دونوں ممالک کی حکومتوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کا غیر ضروری استعمال ترک کر دیں۔ جاپان میں سہ پہر کو تین گھنٹے جبکہ آسٹریلیا میں شام چھ سے رات آٹھ بجے تک بجلی کے کم سے کم استعمال پر زور دیا گیا ہے۔
توانائی بحران میں اضافہ شدید موسمی حالات کی وجہ سے ہے، ماہرین نے خدشہ ظاہرکیا ہے کہ اگربروقت اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔
پنجاب اسمبلی، حکومتی اتحاد کا 174 اور اپوزیشن کا 168 سیٹوں کیساتھ کڑا مقابلہ
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی میں نمبر گيم میں کچھ تبدیلی آنے کے بعد صورتحال دلچسپ بن گئی ہے، تاہم حکومتی اتحاد کا پلڑا ابھی بھی بھاری ہے۔
اس وقت پنجاب اسمبلی کا ایوان 371 ارکان پر مشتمل ہے، حکومتی اتحاد کی بات کريں تو ن ليگ کے 164 اور پيپلزپارٹی کے 7 ارکان ہيں، راہ حق پارٹی کا ايک ووٹ اور 4 آزاد اميدوار بھی حکومت کے حامی ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے 25 منحرف ارکان ڈی سيٹ ہونے کے بعد تحريک انصاف کی 158 نشستيں ہيں، ق ليگ کے 10 ارکان کا ساتھ بھی حاصل ہے۔
لاہور ہائیکورٹ، حمزہ شہباز کو وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کی درخواستوں پر آج پھر سماعت
لاہور: (ویب ڈیسک) حمزہ شہباز کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کی درخواستوں پر جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کا پانچ رکنی لارجر بنچ آج پھر سماعت کرے گا۔
گذشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کیخلاف درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، سماعت شروع ہوئی تو ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شہزاد شوکت اور حمزہ شہباز کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے، سابق وزیر قانون راجہ بشارت ، تحریک انصاف کے رہنما سبطین خان سمیت دیگر بھی عدالتی کمرے میں موجود تھے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں لارجر بینچ نے درخواستوں کی سماعت کی جس میں جسٹس شاہد جمیل خان ،جسٹس شہرام سرور چوہدری ، جسٹس ساجد محمود سیٹھی اور جسٹس طارق سلیم شیخ شامل ہیں۔
دوران سماعت جسٹس شاہد جمیل نے نقطہ اٹھایا کہ ڈی سیٹ ہونیوالے ارکان کا ریفرنس بھیج دیا گیا، سپریم کورٹ میں معاملہ زیرسماعت تھا، وزیراعلیٰ کا الیکشن ہوا۔ اس کے بعد سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا، ہم اسے کیسے نظر انداز کر دیں، کیا یہ فیصلہ ماضی پر اطلاق کرتا ہے، آپ اس پوائنٹ پر معاونت کریں۔
حمزہ شہباز کے وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا مستقبل پر اطلاق ہوتا ہے۔ جس پر جسٹس شاہد جمیل نے کہا کہ آپ سپریم کورٹ میں جا کر اس فیصلے پر نظر ثانی کرائیں، اس کے علاوہ ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں۔ ہم تو سپریم کورٹ کا فیصلہ اطلاق ماضی سے سمجھتے ہیں۔ سپریم کورٹ کی تشریح موجودہ حالات میں لاگو ہو گی ۔ اگر ہم اس نتیجے پر پہنچتے ہیں کہ فیصلے کا اطلاق ماضی سے ہو گا تو ہم فوری احکامات جاری کریں گے۔ مخصوص نشستوں کا نوٹیفیکیشن جاری ہوتا ہے یا نہیں یہ معاملہ ہمارے سامنے نہیں۔ ہم الیکشن اور سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کو دیکھ رہے ہیں۔ حمزہ شہباز کے وکیل نے دلائل مکمل کئے تو عدالت نے سماعت کچھ دیر کیلئے ملتوی کر دی۔
سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو پی ٹی آئی کے وکیل امتیاز صدیقی کو روسٹرم پر دلائل کیلئے طلب کیا گیا، جسٹس صداقت علی نے ان سے استفسار کیا کہ اپیلوں پر مزید دلائل دینے ہیں۔ امتیاز صدیقی نے کہا کہ تفصیلی تحریری دلائل عدالت میں جمع کروا دیئے ہیں جس پر جسٹس صداقت علی نے کہا کہ ہم نے ان کا جائزہ لے لیا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے حمزہ شہباز کووزارت اعلی سے ہٹانے کی درخواستوں پر سماعت کل تک ملتوی کردی۔
خان پور، پشاور سے کراچی جانیوالی ٹرین کی 3 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں
خان پور: (ویب ڈیسک) پشاور سے کراچی جانے والی عوامی ایکسپریس کی تین بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس کے باعث ڈاون ٹریک آمدورفت کے لیے معطل ہو گیا۔
حادثہ سٹی پھاٹک کے قریب پیش آیا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ پٹڑی سے ٹرین اترنے کی وجوہات ابھی معلوم نہیں ہو سکیں۔
ریلوے حکام کے مطابق ٹریک کو بحال ہونے میں تین سے چار گھنٹے لگیں گے، ریلیف ٹرین کو روہڑی سے جائے حادثہ کیلئے روانہ کردیا گیا۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے بارشیں متوقع، کراچی میں مون سون کی انٹری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گا، پنجاب اور سندھ کے ساحلی علاقوں بادل برسنے کی توقع ہے۔ کراچی میں مون سون کی انٹری، سپرہائی وے، آئی آئی چندریگر روڈ کےاطراف رم جھم سے فضا نکھر گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، لاہور،گوجرانوالہ، سیالکوٹ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کاامکان ہے۔
سندھ کے ساحلی علاقوں ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر میں بھی چند مقا مات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے، بلوچستان کے مختلف علاقوں اور کشمیر میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب چترال کے علاقے آرکری میں گلیشیئر پھٹ گیا، گلیشیئر پھٹنے سے برساتی نالے میں شدید طغیانی آگئی، شدید طغیانی سے دو لکڑی کے پل مکمل تباہ اور سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔
کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 3 فیصد سے متجاوز، مزید 2 افراد چل بسے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کورونا کے وار دوبارہ تیزی سے بڑھنے لگے ہیں، پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 2 افراد چل بسے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 3.41 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ قومی ادارہ برائے صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 18 ہزار 813 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 641 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی شرح 3.41 فیصد رہی اور 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے مطابق عالمی وباء کورونا وائرس میں مبتلا 119 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ ادھر کوئٹہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 6 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، بلوچستان میں کورونا واٸرس کے پھیلاؤ کی شرح 2.71 ہو گئی۔ محکمہ صحت کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 35 ہزار 546 ہو گئی، اب تک 15 لاکھ 39 ہزار 545 افراد کی سکریننگ میں سے 5 لاکھ 14 ہزار 760 کی رپورٹس منفی آئی ہیں۔ 35 ہزار 141 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں، بلوچستان میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 27 ہے، وائرس سے جاں بحق ہونے والوں تعداد 378 ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف 2.3ارب ڈالر کی سہولت کی تجدید پر چین کے مشکور
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف سے چین کمیونسٹ پارٹی چین کے ڈائریکٹرکمیشن کی ملاقات ہے۔ وزیراعظم نے 2.3ارب ڈالر کی سنڈیکیٹ سہولت کی تجدید پر چین کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف سے چین کمیونسٹ پارٹی چین کے ڈائریکٹرکمیشن کی ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چینی صدر اور ہم منصب کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ڈائریکٹر یانگ کا دورہ پاکستان ، پاک چین دوستی ، اسٹریٹجک شراکت داری کا مظہر ہے۔
وزیراعظم نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات میں مزید بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ اقتصادی تعاون وسیع پیمانے پر پاک چین شرکت داری کی بنیاد بن چکا۔ چین کی غیر متزلزل حمایت ملکی معیشت کو بیرونی جھٹکے سے نمٹنے میں مدد دیتی ہے۔
وزیراعظم نے 2.3ارب ڈالر کی سنڈیکیٹ سہولت کی تجدید پر بھی چین کا شکریہ ادا کیا۔


















