کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں نیشنل ہائی وے پر پولیس مقابلے کے دوران 5 انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان مختلف مقامات پر ٹرک اور کنٹینرز لوٹنے کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ پانچ رکنی گروہ سے 5 لاکھ روپے، ایم پی 5 گن، رپیٹر اور 2 پستول برآمد کئے گئے۔
وارداتوں کے دوران ملزمان خود کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار ظاہر کر کے ٹرک ڈرائیورز کو دھوکہ دیتے اور پھر لوٹ مار کرتے تھے۔
Monthly Archives: June 2022
بی آرٹی پشاور ورلڈ ریسورسز ایوارڈ کے5 فائنلسٹس کی فہرست میں منتخب
پشاور : (ویب ڈیسک) بی آرٹی پشاور ورلڈ ریسورسز ایوارڈ کے 5 فائنلسٹس کی فہرست میں منتخب ہو گیا۔
عالمی اداروں نے بھی بی آر ٹی پشاور کو دنیا کی بہترین سفری سہولیات میں شمار کر لیا۔بی آرٹی پشاور عالمی ایوارڈ کے 5 فائنلسٹس کی فہرست میں منتخب ہو گیا۔
ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق پرائز فار سیٹیز کیلئے 65 ممالک کے 155 شہروں سے 260 منصوبوں کو جانچا گیا۔ جن میں بی آر ٹی پشاور ٹاپ 5 میں شامل ہو گیا ہے ۔
ترجمان کے مطابق فائنلسٹس کا اعلان 29 جون کو پولینڈ میں ورلڈ اربن فورم کے اجلاس میں کیا گیا۔اب تک تقریباً 9 کروڑ سےزائد مسافر بی آر ٹی پر سفر کر چکے ہیں۔
پی ٹی آئی کے مطابق اس سے قبل بی آر ٹی پشاور کو بین الاقوامی گولڈ سٹینڈرڈ سروس کا درجہ بھی مل چکا ہے۔ اب تک دنیا بھر میں بی آر ٹی گولڈ سٹینڈرڈ سروس ایوارڈ صرف 6 ممالک کو حاصل ہو سکا ہے۔
مقبول گانا”پسوڑی” سپر ہیرو سیریز” مس مارول” کا حصہ بن گیا
لاہور: (ویب ڈیسک) مقبولیت کی بلندیوں کو چھونے والے گانے پسوڑی نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا۔ گانے کو سپرہیرو سیریز،مس مارول، میں شامل کرلیا گیا۔
کوک اسٹوڈیو کے مقبول ترین گانے پسوڑی کی لازوال مقبولیت نے اس کی حیثیت کو سال کے بہترین گانے کے طور پر مستحکم کر دیا ہے۔ یہ گانا اب تک 200 ملین ویوز حاصل کر کے نئی بلندیوں کو چھو چکا ہے۔
ہٹ نمبر اب مسز مارول میں بھی جادو چلا رہا ہے۔پسوڑی کو سیریز کی قسط 4 میں دکھایا گیا ہے۔
علی سیٹھی نے یہ خبر انسٹاگرام پر بھی شیئر کی۔ انہوں نےا پنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ کیا آپ نے ہمیں مس ماررول کے ایپیسوڈ 4 میں دیکھا؟ انہوں نے پوسٹ میں کہا ہے” پسوری پاو”
واضح رہے کہ “مس مارول” کی کہانی کمالہ خان نامی پاکستانی نژاد نیوجرسی کی لڑکی کے گرد گھومتی ہے۔ جو کہ منفرد صلاحیتوں کی مالک ہوتی ہیں مگر اس کا خاندان اور خاص طور پر والد اور والدہ روایتی پاکستانی خاندان کی طرح ہوتے ہیں۔
جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے 20 رکنی قومی ٹیم کا اعلان
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 20 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے 20 رکنی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم کپتان اور محمد رضوان نائب کپتان ہوں گے۔ فاسٹ باؤلر محمد عباس ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے جبکہ حارث سہیل اور شان مسعود کو جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے ڈراپ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امام الحق ابھی ریڈ بال کرکٹ کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ریڈ بال اور وائٹ بال دونوں فارمیٹ کو ترجیح دی گئی ہے۔ ریڈ اور وائٹ بال کیٹگری میں مجموعی طور پر 33 کھلاڑی شامل ہیں۔ کپتان سمیت 5 کھلاڑیوں کو ریڈ اور وائٹ بال کنٹریکٹ مل گئے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی ریڈ اینڈ وائٹ دونوں کی اے کیٹیگری میں شامل ہیں اور اکٹھے کنٹریکٹس سے چند کھلاڑیوں کو اہمیت نہیں دی جاتی۔ ریڈ اور وائٹ بال میں فارمیٹ کو ترجیح دی جائے گی۔
محمد وسیم نے کہا کہ 10 کھلاڑیوں کو صرف ریڈ بال کنٹریکٹ دیا گیا ہے اور 11 کھلاڑیوں کو صرف وائٹ بال کنٹریکٹ ملا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی والے 7 کھلاڑی ایمرجنگ کیٹگری کا حصہ ہیں جبکہ اظہر علی ریڈ بال کنٹریکٹ کی اے اور فواد عالم بی کٹیگری میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عبداللہ شفیق، نسیم شاہ اور نعمان علی ریڈ بال کی سی کٹیگری کا حصہ ہیں جبکہ ڈی کٹیگری میں عابد علی، سرفراز احمد، سعود شکیل، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔ فخر زمان اور شاداب خان وائیٹ بال کنٹریکٹ کی کٹیگری اے میں شامل ہیں اور حارث رؤف بی اور محمد نواز کٹیگری سی کا حصہ ہیں۔
چیف سلیکٹر کے مطابق آصف علی، حیدر علی، خوشدل شاہ، محمد وسیم جونیئر کٹیگری ڈی میں شامل ہیں اور شاہنواز دھانی، زاہد محمود اور عثمان قادر بھی کٹیگری ڈی میں شامل ہیں۔علی عثمان، حسیب اللہ، کامران غلام، محمد حارث ایمرجنگ کنٹریکٹ کا حصہ بن گئے۔ محمد حریرہ، قاسم اکرم اور سلمان علی آغا بھی ایمرجنگ کنٹریکٹ کا حصہ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹس میں 12 ماہ کی کارکردگی کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ ہمارا کیلنڈر مصروف جا رہا ہے اور دو الگ کنٹریکٹس ہوں گے۔ ریڈ بال اسکواڈ اور وائٹ الگ الگ ہو گا۔
اتحادیوں کے تحفظات، وزیراعظم آج آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو ظہرانہ دیں گے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اتحادیوں کے اعتراضات اور تحفظات کے معاملے پر وزیراعظم آج اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کے رہنماوں آصف زرداری اور بلاول بھٹو کےاعزازمیں ظہرانہ دیں گے جس میں پیپلز پارٹی سے متعلق ایم کیو ایم کے خدشات پربات چیت متوقع ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ظہرانے میں ملک کی سیاسی صورتحال پرمشاورت ہوگی، ظہرانےمیں پیپلزپارٹی سےمتعلق ایم کیوایم کےخدشات پربات چیت بھی متوقع ہے۔ ایم کیو ایم اور باپ کے تحفظات پر بھی گفتگو ہوگی، وزیراعظم پیپلز پارٹی سے خدشات دور کرنے اور مطالبات ماننے کی درخواست کرینگے۔
وزیراعظم اور آصف زرداری کی ملاقات کے بعد اتحادیوں کے ساتھ مشترکہ ملاقات بھی چند روز میں ہوگی، ظہرانےمیں چیئرمین نیب کی تقرری سمیت دیگر حکومتی امورپربات چیت بھی کی جائے گی۔
لاہور ہائیکورٹ، وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کا انتخاب کالعدم قرار
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے انتخاب کو کالعدم قرار دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ روز حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے سے ہٹانے کے لیے درخواستوں پر سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سماعت کی تھی۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے وکیل منصور اعوان جبکہ تحریک انصاف کے علی ظفر اور ق لیگ کے وکیل عامر سعید نے عدالت میں پیش ہو کر دلائل دیئے تھے۔ صدر مملکت کی نمائندگی احمد اویس، اسپیکر پرویز الہی کی بیرسٹر علی ظفر اور امتیاز صدیقی نے کی۔
سماعت کے دوران جسٹس شاہد جمیل نے ریمارکس دیئے تھے کہ سپریم کورٹ کی تشریح موجودہ حالات میں لاگو ہو گی، اگر ہم اس نتیجے پر پہنچتے ہیں کہ فیصلے کا اطلاق ماضی سے ہو گا تو ہم فوری احکامات جاری کریں گے۔
پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مزید کمی
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مزید کمی ہو گئی ہے، انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 87 پیسے کمی ہوئی ہے۔
ڈالر کی قیمت میں 87 پیسے کمی ہونے کے بعد امریکی کرنسی 204 روپے 25 پیسے پر فروخت ہو رہی ہے۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 205 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
اہم اتحادی جماعت عوامی نیشنل پارٹی حکومت سے ناراض ہو گئی، علیحدگی پر غور
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت کی اہم اتحادی جماعت عوامی نیشنل پارٹی شہباز انتظامیہ سے ناراض ہو گئی، علیحدگی پر غور شروع کر دیا۔
حکومت کو بڑا دھچکہ، عوامی نیشنل پارٹی نے وعدے پورے نہ ہونے پر علیحدگی کا راستہ ماپنے لگی۔ ایمل ولی خان کی زیرصدارت اے این پی کی مرکزی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں حکومتی اتحاد کے وعدوں اور عمل درآمد سے متعلق تبادلہ خیال کی گاا۔ ذرائع کے مطابق اے این پی رہنماؤں نے حکومت سے علیحدگی کی تجویز دے دی، ایمل ولی خان نے حتمی فیصلوں کے لئے مرکزی قیادت کا اجلاس عید کے بعد طلب کرلیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اے این پی رہنماؤں نے حکومت سے علیحدگی کا اختیار پارٹی سربراہ کو دے دیا، اے این پی کو شکوہ ہے کہ حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدے پور ے نہیں ہو سکے نہ ہی کسی بھی حکومتی فیصلوں پر اعتماد میں لیا گیا ہے۔
بجلی بحران سنگین، شارٹ فال 7 ہزار میگا واٹ سے تجاوز، بدترین لوڈشیڈنگ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں بجلی کا بحران سنگین ہوگیا، بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 674 میگا واٹ تک پہنچنے کے بعد لوڈشیڈنگ کا جن بھی بے قابو ہو گیا۔
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق شدید گرمی کے باعث بجلی کی طلب میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جس کے باعث بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 674 میگا واٹ تک پہنچ گیا۔
ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی کل طلب 29 ہزار 900 میگا واٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ بجلی کی کل پیداوار 22 ہزار 226 میگاواٹ ہے، شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 اور دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے سے تجاوز کرچکا ہے۔
پاور ڈویژن نے بتایا ہے کہ ملک میں پانی سے 5 ہزار 625 میگاواٹ، سرکاری تھرمل پلانٹس ایک ہزار 327 میگا واٹ، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 11 ہزار 500 میگا واٹ، ونڈ پاور پلانٹس ایک ہزار 235 اور سولر پلانٹس سے پیداوار 122 میگاواٹ بجلی تیار کی جارہی ہے۔
سینٹرل کانٹریکٹ کا اعلان، پہلی بار کھلاڑی ریڈ اور وائٹ بال کیٹگری میں تقسیم
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مینز سینٹرل کانٹریکٹ برائے 23-2022 کا اعلان کردیا، پہلی بار کھلاڑیوں کو ریڈ اور وائٹ بال کی کیٹگری میں میں تقسیم کیا گیا ہے، نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔
نئے کانٹریکٹ کے مطابق ریڈ اور وائٹ بال کیٹیگریز میں مجموعی طور پر 33 کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں جبکہ کپتان سمیت 5 کھلاڑیوں کو ریڈ اور وائٹ بال دونوں فارمیٹ کے کانٹریکٹ مل گئے ہیں۔
10کھلاڑیوں کو صرف ریڈ بال اور11 کھلاڑیوں کو صرف وائٹ بال کا کانٹریکٹ ملا ہے، اس کے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 7 کھلاڑی ایمرجنگ کیٹیگری کا حصہ بنے ہیں۔
بابراعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی ریڈ بال اور وائٹ بال دونوں طرز کی کرکٹ کے کانٹریکٹ کی اے کیٹیگریز میں شامل ہیں۔
حسن علی ریڈ بال میں بی اور وائٹ بال میں سی کیٹیگری کا حصہ بنے ہیں جب کہ امام الحق کو ریڈ بال میں سی اور وائٹ بال میں بی کیٹیگری ملی ہے۔
بیٹر اظہر علی ریڈ بال کانٹریکٹ کی اے اور فواد عالم بی کیٹیگری میں شامل ہیں جب کہ عبداللہ شفیق، نسیم شاہ اور نعمان علی ریڈ بال کی سی کیٹیگری کا حصہ ہیں۔
ڈی کیٹیگری میں عابد علی، سرفراز احمد، سعود شکیل، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں جب کہ فخر زمان اور شاداب خان وائٹ بال کانٹریکٹ کی کیٹیگری اے میں شامل ہیں، فاسٹ بولر حارث رؤف بی اور محمد نواز کیٹیگری سی کا حصہ ہیں۔
آصف علی، حیدر علی، خوشدل شاہ، محمد وسیم جونیئر، شاہنواز دھانی، زاہد محمود اور عثمان قادر کو کیٹیگری ڈی میں شامل کیا گیا ہے۔
علی عثمان، حسیب اللہ، کامران غلام، محمد حارث، محمد حریرہ، قاسم اکرم اور سلمان علی آغا ایمرجنگ کانٹریکٹ کا حصہ بنے ہیں۔
حادثاتی طور پر اداکارہ بنی، کم عمری میں شادی کا شوق نہیں تھا، زرنش خان
لاہور: (ویب ڈیسک) ماڈل و اداکارہ زرنش خان نے کہا ہے کہ انہیں کم عمری میں شادی کا کوئی شوق نہیں تھا، کیوں کہ وہ بچپن سے ہی خود کو لڑکا سمجھتی تھیں۔
ادکارہ زرنش خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے کیریئر سمیت ذاتی زندگی پر بھی کھل کر باتیں کیں اور بتایا کہ وہ حادثاتی طور پر اداکارہ بنیں۔
زرنش خان نے بتایا کہ وہ ایک ڈرامے کے سیٹ پر گئی تھیں جہاں انہیں ہدایت کار نے کوئی سکرپٹ پڑھنے کا کہا اور انہوں نے اچھے انداز میں سکرپٹ پڑھا تو انہیں اداکاری کی پیش کش ہو گئی۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ زرنش خان نے بتایا کہ انہوں نے 2014 کے آخر یا 2015 میں اداکاری کا آغاز کیا اور شوہر کی سپورٹ کی وجہ سے وہ بے فکر ہوکر کام کرتی ہیں، ان کی شادی کم عمری میں ہوگئی تھی، ان کے شوہر ان کے بچپن کے دوست ہیں۔
بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر کو بھی قتل کی دھمکیاں ملنے لگیں
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کی معروف اداکارہ سوارا بھاسکر کو بھی دھمکی آمیز خط موصول ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ کی اداکارہ سوارا بھاسکر کو گمنام خط میں قتل کرنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں، دھمکی آمیز خط ان کی ممبئی کی رہائش پر موصول ہوا، خط ملنے کے بعد سوارا بھاسکر نے پولیس میں نامعلوم شخص کے خلاف رپورٹ درج کرا دی۔
دھمکی آمیز خط میں جان سے مارنے کی دھمکیوں اور گالیوں کے ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ سابق بھارتی سیاستدان ویر ساورکر کی بے عزتی برداشت نہیں کریں گے۔
افغان طالبان کا وفد امریکا سے مذاکرات کیلئے قطر پہنچ گیا
دوحہ: (ویب ڈیسک) افغان طالبان کا وفد وزیرخارجہ امیر خان متقی کی سربراہی میں امریکا سے مذاکرات کیلئے قطرپہنچ گیا۔
وفد میں وزارت خارجہ اور افغان بینک کے حکام بھی شامل ہیں۔ مذاکرات میں زلزلے کے پیش نظرامریکا سے افغان فنڈز جاری کرنے کے بارے میں بات چیت ہو گی۔
اگست 2021 میں طالبان کے اقتدارسنبھالنے کے بعد واشنگٹن نے سات ارب ڈالر کے ذخائر منجمد کر دیئے تھے۔ بین الاقوامی برادری نے بھی افغانستان کی براہ راست امداد روک دی تھی۔


















