لندن: (ویب ڈیسک) سائنس دانوں نے خبردار کیا ہے کہ رچرڈ برینسن، ایلون مسک اور جیف بیزوس کی خلائی سیاحت، بحال ہونے والی اوزون کی تہہ کو خراب کر سکتی ہے۔ سائنس دانوں کی جانب سے کی جانے والی نئی تحقیق میں اسپیس کرافٹ کے زمین سے خلاء میں جانے اور واپس آنے کے ایٹماسفیئر پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ یونیورسٹی کالج لندن، یونیورسٹی آف کیمبرج اور میساچوسیٹس اِنسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی مشترکہ تحقیق میں معلوم ہوا کہ اسپیس کرافٹ سے نکلنے والا دھواں زمین کے گرد موجود حفاظتی تہہ کو نقصان پہنچا رہا تھا اور یہ دوسرے ذرائع کی بہ نسبت 500 گُنا زیادہ حدت رکھتا تھا۔ یو سی ایل سے تعلق رکھنے والے تحقیق کے شریک مصنف ڈاکٹر الوئیس مارائس کا کہنا تھا کہ اسپیس کرافٹ کے اخراج کو ایئر کرافٹ اور زمین پر موجود اخراج دیگر ذرائع جیسا سمجھنا غلطی تھی۔ جیف بیزوس کی کمپنی بلیو اوریجن کے مطابق ان کے نیو شیپرڈ لانچ وہیکل کے BE-3PM انجن کا ایندھن انہتائی کارآمد اور صاف مائع آکسیجن اور ہائیڈروجن پر مبنی ہوتا ہے۔ لہٰذا پرواز کے دوران انجن سے جو فضلہ خارج ہوتا ہے وہ کاربن نہیں بلکہ آبی بخارات ہوتے ہیں۔ محققین نے اس بات کا اعتراف کیا کہ فی الحال اوزون کو پہنچنے والا نقصان معمولی ہے لیکن انہوں تیزی سے بڑھتی خلائی سیاحت کی انڈسٹری کے لیے قواعد کے اطلاق کا مشورہ دیا تاکہ مستقبل کی مشکلات سے بچا جاسکے۔ خلائی سفر کا مطالعہ کرنے والے سائنس دانوں نے 2019ء میں ہونے والے 103 راکٹ لانچز سمیت رچرڈ برینسن کی ورجن گلیکٹک، ایلون مسک کی اسپیس ایکس اور جیف بیزوس کی بلیو اوریجن کے خلائی سفر کے ڈیٹا کا معائنہ کیا۔ مطالعے میں سائنس دانوں کو معلوم ہوا کہ خلائی سیاحت کے صرف تین سال میں اضافی اخراج کی صورت میں دھوئیں کے سبب حرارت دُگنی ہوگئی تھی۔
Monthly Archives: June 2022
برازیلی درخت میں لیوکیمیا کا علاج دریافت
کیمبرج: (ویب ڈیسک) خون کو متاثر کرنے والی کینسر کی ایک مہلک قسم مائی لوئڈ لیوکیمیا ہے جو تیزی سے موت کی وجہ بنتی ہے۔ اب برازیل کے ایک مشہور درخت کی چھال سے ایک مرکب (کمپاؤنڈ) ملا ہے جو علاج میں کام آسکتا ہے۔
اب یہ مرکب آسانی سے استعمال کیا جاسکتا ہے کیونکہ ایک نئے طریقے سے اسے سرطان ذدہ حصوں میں آسانی سے پہنچایا جاسکتا ہے۔ مائی لوئڈ لیوکیمیا میں خون میں بے شکل اور بے کار خلیات تیزی سے بنتے ہیں اور مریض چند برسوں میں ہی لقمہ اجل بن جاتا ہے۔
لاپاچو نامی درخت کے تنے میں ایک مرکب ملا ہے جسے ’بی ٹا لاپاچون‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اگرچہ یہ کینسر سیل کی پیداوار روک سکتا ہے لیکن جلد ہی معلوم ہوا کہ یہ سرطانوی خلیات کو بہت نقصان پہنچاتا ہے۔ اب کیمبرج کے ٹرینٹی ہال کالج سے وابستہ ڈاکٹر گونسیلو بربارڈس کہتے ہیں کہ ’ بہت سے قدرتی مرکبات کینسر ختم کرتے ہیں لیکن ان کا زہریلا پن صحتمند خلیات کو نقصان پہنچاتا ہے اور اسی لیے استعمال کرنا ممکن نہیں۔
ماہرین نے اس مرکب کو کچھ بدل کر اس کے منفی اثرات قابو میں کئے ہیں۔ اس کے لیے دو ٹیکنالوجی سے مدد لی گئ ہے۔ ایک جانب تو کیمیکل شامل کرکے مرکب کے منفی اثرات سے محفوظ بنایا گا ہے جو کسی نقاب کی طرح کام کرتا ہے۔ یہ ماسک تیزابی ماحول بناتا ہے جو خلیے کے اندرونی نظام جیسا ہوتا ہے۔
دوسری مرحلے میں ماہرین نے اس تبدیل شدہ مرکب بی ٹا لاپاچون کو ایک پروٹین (ایک قسم کی اینٹی باڈی) سے جوڑا جو کینسر خلیے کے اندر براہِ راست نفوذ کرجاتا ہے۔
یہ تحقیق نیچر کیمسٹری نامی جریدے میں شائع ہوئی ہےاور امید ہے کہ اس طرح علاج میں مدد مل سکے گی۔ ماہرین کے مطابق مائی لوئڈ لیوکیمیا کی شدید کیفیت کا ایک طاقتور بایو مارکر سی ڈی 33 ہے جو سرطانوی خلیات میں موجود ہوتا ہے۔ یہ نیا مرکب سی ڈی 33 سے چپک کر اس پر دوا ڈالتا ہے۔
بڑھتی مہنگائی کا اثر، موٹرسائیکلوں کی قیمت میں ہوشربا اضافہ
لاہور:(ویب ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور ملک میں بڑھتی مہنگائی کے بعد ہنڈا نے اپنی موٹرسائیکلوں کی قیمت میں ہوشربا اضافہ کردیا ہے۔
ہنڈٓا کی جانب سے جاری کردہ نئی قیمتوں کے مطابق سی ڈی 70 پانچ ہزار اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 6 ہزار 5 سو سے بڑھ کر ایک لاکھ 11 ہزار 5 سو روپے کی ہوگئی ہے۔
اسی طرح ہنڈا سی جی 125 چھ ہزار اضافے کے بعد 1 لاکھ 68 ہزار 5 سو سے بڑھ کر 1 لاکھ 74 ہزار5 سو روپے کی ہوگئی ہے۔
سی ڈی 70 ڈریم کی نئی قیمت 1 لاکھ 19 ہزار 5 سو روپے ہوگئی ہے جو کہ 6 ہزار اضافے سے پہلے 1 لاکھ 13 ہزار 5 سو روپے تھی۔
ہنڈا پرائیڈر بھی 6 ہزار روپے اضافے کے بعد 1 لاکھ 44 ہزار 9 سو سے بڑھ کر 1 لاکھ 50 ہزار 9 سو روپے کی ہوگئی ہے۔
سی جی 125 ایس ای بھی 7 ہزار روپے مہنگی ہوگئی جس کے بعد نئی قیمت 1 لاکھ 98 ہزار 5 سو سے 2 لاکھ 5 ہزار 5 سو تک پہنچ گئی ہے۔
ہنڈا سی بی 125 ایف کی قیمت میں 10 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 35 ہزار 9 سو روپے بڑھ کر 2 لاکھ 63 ہزار 9 سو روپے ہوگئی ہے۔
سی بی 150 ایف کی قیمت کو بھی پر لگ گئے اور 15 ہزار روپے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا، اس اضافے کے بعد موٹرسائیکل کی قیمت 3 لاکھ 8 ہزار 9 سو سے بڑھ کر 3 لاکھ 23 ہزار 9 سو روپے ہوگئی ہے۔
ہنڈا سی بی 150 ایف ایس ای 15 ہزار روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 12 ہزار 9 سو سے بڑھ کر 3 لاکھ 27 ہزار 9 سو روپے کی ہوگئی ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف سے چینی سرکاری کمپنی نورینکو کے وفد کی ملاقات
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف سے چینی سرکاری کمپنی نورینکو کے وفد نے ملاقات کی، چینی وفد کی قیادت نورینکو انٹرنیشنل کے نائب صدر مسٹر وانگ شیاؤ بنگ اور سی ای او نورینکو انٹرنیشنل (پاکستان) مسٹر لی چن نے کی۔
وزیراعظم سے چینی سرکاری کمپنی نورینکو کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق، سید نوید قمر، چودھری سالک حسین، مشیر وزیراعظم احد چیمہ موجود تھے،وزیراعظم نے دونوں دوست ممالک کے باہمی فائدے اور ترقی کے لیے سی پیک کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اعلامیہ نے مطابق وزیراعظم نے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں قابل تجدید توانائی بالخصوص شمسی توانائی کے وسیع امکانات میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔
وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق نورینکو کمپنی پاکستان میں بجلی اور قابل تجدید توانائی، انفراسٹرکچر، ٹیلی کام، کان کنی اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی تعاون کو مضبوط کرنا پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے اہم ہے، لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے میں کمپنی کے کردار کو سراہتے ہیں، اورنج لائن ٹرین لاہور میں روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں مسافروں کو سہولت فراہم کر رہی یہ پہلی بار تھا کہ جی ٹو جی پروجیکٹ یعنی لاہور اورنج لائن میں کھلی بولی لگائی گئی،سب سے کم بولی دینے والی کمپنی کے ساتھ مزید مذاکرات سے 600 ملین ڈالر کی بچت ہوئی۔
وفد نے پاکستان کو موجودہ معاشی بحران سے نکالنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی انتھک کوششوں کی تعریف کی۔
چینی وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی کاروباری دوست پالیسیوں نے اقتصادی تعاون کو مضبوط کیا اور ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو آسان بنایا۔
نورینکو کے وفد نے پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کے وسیع میدان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی ظاہرکی۔
11 ارکان حج پر،7ملک سے باہر ہیں،فیصلےکیخلاف سپریم کورٹ جائیں گے،پرویز الہیٰ
لاہور: (ویب ڈیسک) اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ ہمارے 11 اراکین حج پر اور 7 ملک سے باہر ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب عید کے بعد کرائے جائیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پہلے ہاؤس مکمل کریں پھر گنتی کرائی جائے۔ ہمارے 11 ارکان اسمبلی حج پر چلے گئے ہیں اور 7 اراکین اسمبلی ملک سے باہر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سمجھ نہیں آ رہا 12 گھنٹے دیئے گئے ہیں، کوئی نہیں پہنچ سکتا کیونکہ کسی کو راجن پور اور کسی کو بہاولپور سے پہنچنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزارت اعلیٰ کا انتخاب: 25 ووٹ فارغ، دوبارہ گنتی، کوئی نہ جیتے تو پھر الیکشن، عدالت کا حکم
پرویز الہٰی نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔ اراکین پنجاب اسمبلی کی گنتی کا عمل عید کے بعد کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سب کی مشاورت سے اجتماعی فیصلہ ہو گا اور شریفوں نے ہمیشہ ہر کام الٹا کیا ہے۔
پنجاب کیخلاف عمران خان کے جرائم کی فہرست طویل ہے، مریم نواز
لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے خلاف عمران خان کے جرائم کی فہرست طویل ہے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ منی گالہ گینگ کے ذریعے پنجاب کے پیسہ کے وسائل پر ڈاکہ ڈالا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو ان کے حق سے محروم کر کے مشکلات پیدا کی گئیں۔ پنجاب کے خلاف عمران خان کے جرائم کی فہرست طویل ہے۔ پنجاب کے عوام کو ان کا حق نہیں لینے دیا گیا۔
بلوچستان اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) قائم مقام سپپکر بابر موسیٰ خیل نے ارکان اسمبلی کے اعتراض کے بعد آج محکمہ صحت میں ہونے والے انٹرویو روک دینے کی رولنگ دیتے ہوئے بجٹ کے گوشوارے ایوان کی میز پر رکھنے کے بعد اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا۔
بلوچستان اسمبلی کا اجلاس قائم مقام سپیکر سردار بابر موسیٰ خیل کی صدارت میں منعقد ہوا، ایوان میں وزیر خزانہ سردار عبدالرحمٰن کھتران نے اخراجات کے مصدقہ گوشوارے ایوان کی میز پر رکھے، دوران اجلاس اپوزیشن رکن نصراللہ زیرے نےنقطہ اعتراض پر کہا کہ انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں 9 بنیادی مراکز صحت قائم کئے تھے جہاں اسامیوں کیلئے مقامی افراد کی درخواستیں جمع کرائیں لیکن محکمہ صحت کے اہلکار من پسند افراد کو تعنیات کررہے ہیں۔ رکن اسمبلی نصراللہ زیرے نے بطور احتجاج سپیکر کی کرسی کے سامنے علامتی دھرنا دیا۔
قائم مقام سپیکر بابر موسیٰ خیل نے محکمہ صحت کے انٹرویو روک دینے کی رولنگ دیتے ہوئے سیکرٹری صحت کو اپنے چمبر میں وضاحت کیلئے طلب کرلیا، ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے رکن اسمبلی سلیم کھوسہ نے کہا کہ پٹ فیڈر سیمت کسی کینال میں پانی دستیاب نہیں، پانی نہ ہونے سے نصیر آباد کی بیس لاکھ آبادی متاثر ہورہی ہے جس پر قائم مقام سپیکر بابر موسیٰ خیل نے کہا کہ پانی کا مسئلہ دو صوبوں کے درمیان ہے، وزیر اعلی نے اس معاملے کو اٹھایا ہے، بعدازاں بلوچستان اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا۔
توشہ خانہ کیس عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنےکےلئےاچھالاجا رہا ہے: شوکت یوسفزئی
پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیرشوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کیس عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے اچھالا جا رہا ہے، امپورٹڈ حکومت آئی ایم ایف کے آگے لیٹ گئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان اور صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کا مریم اورنگزیب کے بیان پررد عمل میں کہنا تھا کہ توشہ خانہ کیس عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنےکےلئےاچھالاجا رہا ہے، وزیراعظم ، وفاقی وزراء مہنگائی میں اضافے کا دفاع نہیں کر پا رہے، امپورٹڈ حکمران آج بھی اپنے اثاثوں کا منی ٹریل نہیں دے رہے، امپورٹڈ حکومت آئی ایم ایف کے آگے لیٹ گئی ہے، پٹرولیم لیوی میں 50 روپے اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، عوام 2 جولائی کو عمران خان کی کال پر حکومت کے خلاف نکلیں۔
انہوں نے کہا کہ کنسٹرکشن کاروبار پر 10 فیصد سپر ٹیکس لگا کر عوام سے روزگار چھینا گیا۔ کھاد پر سپر ٹیکس سے کسان متاثر ہوں گے، خیبر پختونخوا سب سے زیادہ بجلی پیدا کرنے والا صوبہ ہے، اس صوبے میں پندرہ سو میگا واٹ بجلی کا شارٹ فال افسوسناک ہے۔
شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ عوام دو جولائی کو عمران خان کی کال پر حکومت کے خلاف نکلیں، امپورٹڈ حکمران عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔
کورونا وائرس نے پھر سر اٹھا لیا ہے، ڈبلیو ایچ او
نیویارک: (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس گیبرئیس نے کہا ہے کہ دنیا میں کورونا وائرس نے مختلف شکلوں میں پھر سر اٹھا لیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈاکٹر ٹیڈروس گیبرئیس نے انکشاف کیا کہ دنیا کے 6 میں سے 3 خطوں میں کورونا کی وجہ سے اموات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ 110 ممالک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، جو وائرس کی بی اے فور اور بی اے فائیو مختلف شکلوں سے چل رہے ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل، ڈاکٹر ٹیڈروس گیبریئس نے جنیوا میں ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر میں اس کا انکشاف کیا کہ مختلف حالتوں میں مجموعی طور پر 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ دنیا کے 6 میں سے 3 خطوں میں اموات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی اس شک میں نہیں رہنا چاہیے کہ کورونا وائرس ختم ہو گیا ہے یا ہونے والا ہے بلکہ یہ وبائی بیماری میں بدل رہی ہے ختم نہیں ہو رہی۔
ڈائریکٹر ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ صرف حکومتوں، بین الاقوامی ایجنسیوں اور پرائیویٹ سیکٹر کے ٹھوس اقدامات سے ہی ہم بدلتے ہوئے چیلنجوں کو حل کر سکتے ہیں۔ وائرس کو ٹریک کرنے کی ہماری صلاحیت خطرے میں ہے کیونکہ رپورٹنگ اور جینومک سیکونسز کم ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں 12 ارب سے زیادہ ویکسین تقسیم کی جا چکی ہیں اور دنیا کے 75 فیصد ہیلتھ ورکرز اور 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
مراد علی شاہ کو امتیاز شیخ کا خط، 200 میگاواٹ بجلی اضافی دینے کیلئے وزیراعظم سے گزارش کی اپیل
کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو وزیر توانائی امتیاز شیخ نے خط میں لکھا ہے کہ این ٹی ڈی سی کو 200 میگاواٹ بجلی اضافی دینے کیلئے وزیراعظم سے گزارش کریں۔
وزیرتوانائی سندھ امتیاز شیخ نے خط میں وزیر اعلیٰ سندھ کو کے الیکٹرک کے اجلاس کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔ کے الیکٹرک افسران ، سندھ حکومت اور اراکین اسمبلی کے اجلاس کی تحریری رپورٹ وزیراعلی سندھ کو پیش کی گئی۔ خط میں وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا کہ این ٹی ڈی سی کو 200 میگاواٹ بجلی اضافی دینے کیلئے وزیراعظم سے گزارش کی جائے، سوئی سدرن کو کراچی کیلئے رات کے وقت گیس پریشر بڑھانے کی ہدایت کی جائے، سوئی سدرن گیس سپلائی پریشر 40 ایم ایم بی ٹی یو مزید بڑھائے۔
امتیاز شیخ نے کہا کہ کے الیکٹرک اور سوئی سدرن کے مابین واجبات ادائیگی کا بھی مسئلہ ہے۔ مسئلے کے حل کے لئے وزیر اعظم اور وفاقی حکومت اقدامات کریں۔
عددی اکثریت موجود، کل حمزہ دوبارہ وزیراعلی منتخب ہونگے: ن لیگ کا دعویٰ
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن نے وزیراعلی پنجاب کے دوبارہ انتخاب میں عددی اکثریت کی برتری کا دعویٰ کردیا اور کہا ہے کہ کل حمزہ شہباز بآسانی دوبارہ وزیراعلیٰ منتخب ہوجائیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے دیگر لیگی رہنماؤں کے ہمراہ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے آج کا یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے تناظر میں دیا جس کے تحت انہوں نے یہ حکم دیا کہ پارٹی کی ڈائریکشن کے خلاف ووٹ شمار نہیں ہوگا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہائی کورٹ نے نہ الیکشن کو کالعدم قرار دیا ہے اور نہ ہی نئے انتخاب کی ہدایت دی ہے، صرف 25 ارکان کے ووٹ مائنس کر کے دوبارہ انتخاب کا حکم دیا گیا ہے۔
عطا تارڑ ںے کہا کہ آئین میں یہ بات درج ہے کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب میں 146 کی سادہ اکثریت حاصل نہیں کرسکے گا تو انتخاب دوبارہ ہوگا، فیصلے میں یہ بھی درج ہے کہ حمزہ کل شام تک وزیراعلیٰ رہیں گے اور کل شام نیا انتخاب ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ووٹوں میں سے 25 مائنس کردیں لیکن ہماری تعداد 177 ہے جب کہ تحریک انصاف اور ق لیگ کے اتحاد کی تعداد 168 ہے اور ہم اس وقت 9 ووٹ کی برتری کے ساتھ ہیں، کسی بھی صورت انتخاب کو کالعدم قرار دیا گیا ہے اور نہ حمزہ شہباز کو ہٹایا گیا ہے، صرف ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی ہدایت دی گئی ہے، حمزہ شہباز اور ان کی کابینہ کے سارے فیصلے اپنی جگہ برقرار رہیں گے انہیں غیر موثر نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب تک حمزہ شہباز ہی وزیراعلیٰ رہیں گے اور کل یہ انتخاب ہم جیتیں گے، آدھے لوگ خوش ہیں اور آدھے لوگ افسردہ ہیں انہیں سمجھ ہی نہیں آرہا کہ فیصلہ کیا آیا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ عدالتی حکم میں درج ہے کہ کل کے انتخاب میں کسی بھی غیرقانونی اقدام اور رکاوٹ ڈالنے والے کے خلاف کارروائی کی جائے گی، چھ ماہ کی قید سنائی جائے گی، ہم یقین دلاتے ہیں کہ اٹھنے والے ہاتھ اور بڑھنے والے قدم کے خلاف توہین عدالت کے لیے رجوع کریں گے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر یہ اجلاس چلائیں گے کیوں کہ اسپیکر پرویز الہی خود وزیراعلیٰ کے امیدوار ہیں، آج تحریک انصاف والے خوشی بھی منارہے ہیں اور فیصلے کے خلاف اپیل میں جانے کا بھی کہہ رہے ہیں، عدالتی فیصلے نے تعداد واضح کردی ہے کہ اب کوئی رکن ٹوٹ کر دوسری پارٹی میں نہیں جاسکتا، کاغذات میں جو تعداد درج ہے اسی پر کل انتخاب ہوگا اور اس میں ہمیں نو ووٹ کی واضح برتری حاصل ہے۔
جولائی میں الیکشن ورنہ جھاڑو، پنجاب کے بعد مرکز بھی گیا، شیخ رشید
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ جولائی میں الیکشن کا اعلان کرنا ہوگا، اگر ایسا نہیں کریں گے تو جھاڑو پھر جائے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں نے پہلے کہا تھا کہ حمزہ شہباز کا فیصلہ بہت اہم تھا، ملک کو اس بحران سے نکالیں اور انتخابات کروائیں، ملک میں بحران در بحران ہے۔ دونوں باپ بیٹے نے منحوس وقت میں حلف اٹھایا ہے، جب سے باپ بیٹے نے حلف اٹھایا ہے نہ یہ لوگ سکون میں ہیں نہ ملک سکون میں ہے۔
یہ اسحاق ڈار کے بجائے بل گیٹس کو بلالیں معیشت ان سے نہیں سنبھلے گی، عمران خان 3 سالوں سے کہتا رہا کہ یہ لوگ کرپٹ ہیں، غریب کے پاس مردے دفنانے کے پیسے نہیں بچے ہیں، غریب باہر نکلے گا تو ملک میں مزید بحران پیدا ہوگا، ملک تباہی کی طرف جارہا ہے، ملک کو بچانا ہے تو انتخابات کا اعلان کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب سے زیادہ مرکز کی فکر ہے، مرکز بھی ان کے ہاتھ سے نکلتا جارہی ہے، موجودہ حالات کو اور کتنے دن دیکھتے رہیں گے۔
اگلی باری میر صادق اور میر جعفر کی ہو گی، شہباز گل
لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ کے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے انتخاب کو کالعدم قرار دینے پر رہنما پی ٹی آئی شہباز گل کا کہنا ہے کہ اگلی باری میر صادق اور میر جعفر کی ہے۔
شہباز گل نے لکھا کہ پنجاب سے امپورٹڈ حکومت کے خاتمے کے بعد اگلی باری میر صادق اور میر جعفر کی ہے انشاء اللہ۔
شہباز گل کا کہنا ہے کہ آج کے فیصلے کے بعد پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں۔ کیوں کہ 20 سیٹوں پر ضمنی الیکشن اس لئے ہو رہا ہے کہ لوگوں کو لوٹا کیا گیا۔ اب اگر یہ سب غلط تھا تو پھر اس اسمبلی کی کوئی حیثیت نہیں رہتی۔ فریش الیکشن کروائیں عوام کو فیصلہ کرنے دیں حکومت کس کی ہو گی۔
فواد حسین چودھری نے لکھا کہ اگر حمزہ وزیر اعلیٰ نہیں رہا تو نگران وزیر اعلی کے طور پر عثمان بزدار اپنے عہدے پر بحال ہیں، اس اسمبلی میں نئے وزیر اعلیٰ کا انتخاب بہت مشکل ہے اب بھی نئے انتخابات ہی راستہ ہیں۔